اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن کی ووٹرز لسٹوں سے متعلق بڑا انکشاف سامنے آیا ہے، الیکشن کمیشن نے دوبادرہ تصدیقی عمل کے بعد مردہ قرار دئیے گئے 1 لاکھ 15 ہزار 100 ووٹرز کو زندہ تسلیم کرلیا۔۔
سرکاری دستاویز کے مطابق پہلی تصدیقی مہم میں کل 32 لاکھ 8895 ووٹرز کو مردہ قرار دیا تھا، تاہم دوبارہ تصدیقی مہم میں 30 لاکھ 93 ہزار 877 ووٹرز کی مردہ تصدیق ہوئی۔
دستاویز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ فیلڈ دفاتر کی دوبارہ تصدیقی مہم میں 1 لاکھ 15 ہزار ووٹرز کو ٹائیپنگ کی غلطی کی وجہ سے مردہ افراد کی لسٹ میں شامل کیا گیا تھا،دوبارہ تصدیق کے بعد ووٹرز کو انتخابی فہرست میں شامل کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے تمام فیلڈ دفاتر کو چیکنگ کے بعد ووٹر لسٹوں کی حتمی اشاعت 25 اگست کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
Monthly Archives: August 2022
پی ٹی آئی کا 14 اگست کو اسلام میں آباد میں جلسے کا فیصلہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قبل از وقت انتخابات کا الٹی میٹم دیئے جانے کے بعد 14 اگست کو اسلام آباد میں بڑا جلسہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت سابق وزیراعظم عمران خان نے کی، جبکہ اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے بھی شر کت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ 14 اگست کو حکومت مخالف وفاقی دارالحکومت میں بڑا جلسہ کیا جائے گا۔ یہ جلسہ پریڈ گراؤنڈ میں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق میگا پاور شو میں ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ جلسے کے حوالے سے مرکزی قیادت سمیت دیگر ذمے داران کو بھرپور تیاریوں کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ پاور شو میں شرکت کرنے کیلیے پنجاب، کے پی سمیت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر ودیگر علاقوں سے قافلے اسلام آباد کا رخ کرینگے اور امکان ہے یہ جلسہ پریڈ گراؤنڈ میں کیا جائے گا۔ پاور شو کے ذریعے پی ٹی آئی نئے انتخابات کے لیے راہ ہموار کرے گی اور حکومت کو اسمبلیوں کی تحلیل کیلیے واضح پیغام دے گی۔
اسکواڈ سے ڈراپ کیوں کیا؟ سابق کپتان حسن علی کی حمایت میں بول پڑے
لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ ایشیاکپ اور نیدرلینڈز کے خلاف سیریز میں ڈراپ کیے گئے حسن علی کی حمایت میں سامنے آگئے۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق کپتان محمد حفیظ نے سلیکشن کمیٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ حسن علی کو سالوں سے جانتا ہوں، کیریئر کے بعض مراحل ایسے آتے ہیں جب کھلاڑی پرفارم نہیں کرپارہا ہوتا لیکن اسے کچھ وقت آرام دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی نے حسن علی کو غیر ضروری میچز کھلائے جس میں انہیں آرام دیا جاسکتا تھا لیکن ٹیم مینجمنٹ نے فاسٹ بولر کو ہر میچ کھلایا، جس کے لیے وہ ذہنی طور پر تیار نہیں تھے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ میرے خیال میں ٹیم سے ڈراپ ہونے پر حسن علی کو مثبت پہلو میں سوچنا چاہیے اور اس وقت کو وہ اپنی فیملی کے ساتھ گزاریں۔ 3-4 ہفتے کا آرام انہیں کم بیک کرنے میں مدد دے گا۔
واضح رہے کہ حسن علی 21 ٹیسٹ، 60 ون ڈے انٹرنیشنل اور 49 ٹی20 میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جس میں انہوں نے بالترتیب 77، 91 اور 60 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔
قبل ازیں پی سی بی نے دورہ نیدلینڈ اور ایشیاکپ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جس میں تجربہ کار بلےباز شعیب ملک اور حسن علی کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔
بالی ووڈ اداکار اکشے کمار اپنی بہن کے پیغام پر رو پڑے
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سپر اسٹار اکشے کمار ریالٹی پروگرام ’’سپر اسٹار سنگر 2‘‘ کے دوران اپنی بہن الکا بھاٹیہ کا پیغام سننے پر آبدیدہ ہوگئے۔
اکشے کمار جو آج کل اپنی آنے والی فلم رکھشا بندھن کی پروموشن میں مصروف ہیں، گانوں کے ریالٹی شو میں خصوصی مہمان کی حیثیت سے مدعو تھے، جہاں انھیں ان کی بہن الکا بھاٹیہ کا سرپرائز آڈیو پیغام سنایا گیا۔
چینل کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر وہ کلپ بھی شیئر کیا گیا ہے جس میں اکشے کمار اپنی بہن کا پیغام سننے کے بعد آبدیدہ دکھائی دے رہے ہیں۔ کلپ میں پروگرام میں حصہ لینے والی ایک گلوکارہ کو بہن بھائی کی محبت کا گانا ’’پھولوں کا تاروں کا سب کا کہنا ہے‘‘ گاتے دکھایا گیا ہے جس کے فوری بعد اکشے کمار کی بہن الکا کی آواز میں ایک پیغام آتا ہے جسے سن کر اکشے کمار رونے لگتے ہیں۔
اکشے کمار کی بہن انھیں ’’راجو‘‘ کے نام سے پکارتے ہوئے پنجابی میں پیغام دیتی ہیں کہ ’’اچھا وقت ہو یا برا، تم ہمیشہ میرے ساتھ رہے۔ ایک بھائی کے ساتھ، باپ اور دوست کا رشتہ بھی تم نے ہمیشہ میرے لیے نبھایا ہے۔ ہر چیز کےلیے شکریہ‘‘۔
یہ آڈیو پیغام سننے کے بعد جذباتی ہوجانے والے اکشے کمار نے بتایا کہ ہم ایک چھوٹے سے گھر میں رہتے تھے، لیکن بہن کے آنے کے بعد ہماری زندگی بدل گئی۔ دنیا میں ایک بہن کے تعلق سے بڑا کوئی نہیں ہے۔ ایسا کوئی نہیں ہے جو ایک بہن سے زیادہ آپ کو پیار کرسکے۔
اکشے کمار کے یوں جذباتی ہونے کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔ واضح رہے کہ اکشے کمار کی فلم ’’رکھشا بندھن‘‘ 11 اگست کو ریلیز ہوگی جس کی کہانی بھائی اور بہنوں کی محبت پر مبنی ہے۔
ڈپریشن کی وجہ سے لمبی نیند سونا چاہتی تھی لیکن ماں نے جینا سکھایا، دیپیکا
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈاداکارہ سپر اسٹار دپیکا پڈوکون کا کہنا ہے کہ ڈپریشن کی وجہ سے لمبی نیند سونا چاہتی تھی لیکن ماں نے جینا سکھایا۔
ممبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں ماضی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بالی وڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ماں باپ کی بدولت آج انہیں یہ مقام ملا، دپیکا کا کہنا تھا کہ ان پر ایک وقت ایسا بھی گزرا کے وہ جینا نہیں چاہتی تھیں لیکن ان کی والدہ نے انہیں جینے کی امید دلائی۔
بالی وڈ سپر اسٹار کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کامیابیوں سے مطمئن تھیں لیکن ان سب کے باوجود ڈپریشن کا شکار رہیں۔
دپیکا نے بتایا کہ ڈپریشن نے انہیں بلکل تنہائی کا شکار کردیا لیکن ماں باپ نے کبھی تنہا نہیں چھوڑا، مایوسی کے سبب ہمیشہ چاہتی تھی زیادہ سے زیادہ سوکر اپنا وقت گزاروں اور نیند سے کبھی نہ اٹھوں کیوں کہ میں اسی کو نجات کاذریعہ سمجھتی تھی۔
دپیکا کا کہنا تھا کہ میری والدہ اجوالا پڈوکون نے ڈپریشن کے باعث میرے اندر آنے والی تبدیلی کو محسوس کیا اور مجھے مشکلات سے لڑنا سکھایا۔
دپیکا پڈوکون جیو مھبت کرو اور ہنسو(Live Love Lough) نامی فلاحی تنطیم کی بانی رکن ہیں جس کا مقصد معاشرہ میں موجود ذہنی مسائل کا شکار افراد کی مدد کرنا ہے۔
میکسیکو میں 242.7 فٹ طویل ٹورٹا سینڈوچ بنانے کا ریکارڈ
میکسیکو سٹی: (ویب ڈیسک) میکسیکو کے دارالحکومت میں باورچیوں نے 242.7 فِٹ طویل ٹورٹا سینڈوچ بنا کر نیا ریکارڈ قائم دیا۔
میکسیکو سٹی کے وینوسٹیانو کیرینزا ضلع میں منعقد ہونے والے 17ویں سالانہ ٹورٹا میلے میں سینڈوچ کا کاروبار کرنے والے مختلف افراد نے 2 منٹ اور9 سیکنڈ کے اندر ریکارڈ ساز سینڈوچ بنایا۔
شہر کی میئر ایویلین پیرا کا کہنا تھا کہ 242.7 فٹ کا سینڈوچ میکسیکو سٹی کا نیا ریکارڈ ہے۔
دنیا کے سب سے بڑے سینڈوچ کا ریکارڈ رکھنے والے سینڈوچ کی لمبائی 2411 فٹ 5 انچز ہے جبکہ یہ سینڈوچ دنیا کا سب سے بڑا ٹورٹا سینڈوچ شمار کیا جارہا ہے تاہم، گنیز ورلڈ ریکارڈ میں ایسی کوئی فہرست فی الحال موجود نہیں ہے جس میں اس سینڈوچ کا شمار کیا جاسکے۔
ٹورٹا کے حصے میلے میں شریک لوگوں کو فروخت کردیے گئے۔ سینڈوچ میں بیف اور چکن کے علاوہ شترمرغ، مگرمچھ اور بھینس کا گوشت استعمال کیا گیا۔
جھینگے کے خول سے مضبوط ترین سیمنٹ بنانے میں کامیابی
ڈیوس: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں نے عام سیمنٹ کو مزید مضبوط بنانے کا کم خرچ اور ماحول دوست طریقہ دریافت کیا ہے جس میں جھینگوں کے خول یا چھلکے کو شامل کیا گیا ہے۔
جھینگے (شرمپ) کے نینو ذرات انسانی بال سے بھی 1000 گنا باریک ہوتے ہیں اور اگر انہیں سیمنٹ میں ملایا جائے تو سیمنٹ کی مضبوطی 40 فیصد تک بڑھ سکتی ہے جس کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا ہے۔ اس سے ایک جانب تو سیمنٹ کی تیاری ماحول دوست ہوجائے گی اور دوم جھینگا صنعت کے فضلے کا بہترین مصرف بھی سامنے آئے گا۔
جھینگے کا بیرونی خول کائٹن کہلاتا ہے جس کے نینو ذرات کو کنکریٹ سازی میں بہت آسانی سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ ایک طرح کا بایو پالیمر ہے جو قدرت میں وسیع مقدار میں عام پایا جاتا ہے۔
جامعہ کیلی فورنیا، ڈیوس کی سائنس داں سمیعہ نصیری اور ان کے ساتھیوں نے اس حوالے سے تحقیق کی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ دنیا بھر میں تیل و گیس کی طرح سیمنٹ سازی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کیونکہ یہ ماحول دشمن اور آلودہ عمل کا ایک سلسلہ ہے جس کے بعد سیمنٹ تیار ہوتا ہے۔ اب جھینگوں کے خول سے اس عمل کو کچھ سبز ضرور بنایا جاسکتا ہے۔
جب جھینگے کے خول کے باریک ذرات سیمنٹ میں ملائے گئے تو وہ 40 فیصد مضبوط ہوگیا اور سیمنٹ میں 12 فیصد بہتری بھی آئی۔ دوسری جانب کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں بھی کمی آجائے گی۔
کنکریٹ یا سیمںٹ کی ضرورت اور افادیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ گھر ہو یا بڑی عمارتیں، سب سیمنٹ سے ہی بنتی ہیں لیکن دوسری جانب اس صنعت کے ماتھے پر ماحول دشمنی کا داغ ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ پوری دنیا کی صنعتی بجلی کا 15 فیصد اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں اس کا 5 فیصد حصہ ہے پھر 1500 درجے سینٹی گریڈ پر سیمنٹ بنانے کے لیے ایندھن کی بڑی مقدار خرچ ہوتی ہے۔
پوری دنیا میں جھینگے کے چھلکے کی 60 سے 80 لاکھ پاؤنڈ مقدار پیدا ہوتی ہے جسے ماحول میں پھینکا جاتا ہے جس کی جائے پناہ سمندر ہی ہے۔ جھینگوں میں کائٹن کی بڑی مقدار کیلشیئم کاربونیٹ پر مشتمل ہوتی ہے اور اسے آسانی سے سیمنٹ میں ملایا جاسکتا ہے۔
پی ٹی آئی کا پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کو تحلیل نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کو تحلیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پی ٹی آئی کو خدشہ ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کیں تو وفاقی حکومت گورنر راج لگا سکتی ہے، قومی اسمبلی تحلیل نہ ہوئی تو دونوں صوبائی اسمبلیاں مدت پوری کریں گی، دو صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہوئیں تو الیکشن کمیشن انتخابات کرا دے گا۔
قانونی ٹیم نے رائے دی ہے کہ اگر پی ٹی آئی وفاقی حکومت کو انتخابات کے لیے پریشر میں ڈالنے کے لیے اسمبلیاں تحلیل کرتی ہے تو وفاقی حکومت آئنی طور پر ان صوبوں میں گورنر راج لگا سکتی ہے۔
جبکہ حکومت صوبائی سطح پر الیکشن کروا سکتی ہے، اس لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسمبلیاں اپنی آئنی مدت پوری کریں۔
کامن ویلتھ گیمز: پاکستانی ریسلر شریف طاہر، طیب رضا کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
برمنگھم: (ویب ڈیسک) کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ریسلر شریف طاہر اور طیب رضا نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ریسلر شریف طاہر نے 74 کلو کیٹگری میں کامیابی حاصل کر لی۔ قومی ریسلر شریف طاہر نے ٹونگا کے ریسلر کو زیر کر دیا۔ انہوں نے ٹونگا کے ریسلر کو 0-11 سے شکست دی۔
کامن ویلتھ گیمز میں ریسلنگ کے مقابلوں میں ٹونگا کے ریسلر کو شکست دینے کے بعد شریف طاہر کواٹر فائنل میں پہنچ گئے۔
دوسری جانب طیب رضا نے بہماس کے ریسلر کو صفر کے مقابلے میں 10 پوائنٹس سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ طیب رضا نے 2018 کامن ویلتھ گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
کامن ویلتھ گیمز کے ایک اور مقابلے میں پاکستانی ریسلر اسد علی نے کامیابی حاصل کر لی۔ اسد علی نے انگلینڈ کے ریسلر کو صفر کے مقابلے میں 10 پوائنٹس سے شکست دی۔
فیاض الحسن چوہان کی پنجاب کابینہ میں انٹری
لاہور: (ویب ڈیسک) فیاض الحسن چوہان پنجاب کابینہ میں انٹری دینے کے لیے تیار ہیں۔ سابق صوبائی وزیر کو وزیراعلی پنجاب کا ترجمان مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان کی بطور ترجمان وزیراعلی پنجاب تقرری کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔
فیاض الحسن چوہان بزدار کابینہ میں بطور وزیر اطلاعات ذمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں۔
اس وقت تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کے میڈیا ایدوائزر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
سابق اسپیکر اسد قیصر کو ایف آئی اے نےطلب کرلیا
پشاور : (ویب ڈیسک) سابق اسپیکر اسد قیصر کو ایف آئی اے نےطلب کرلیا، اسد قیصر کو پشاور خیبرپختواہ میں 11 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسد قیصر سے ایف آئی اے نے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگیں ہیں، جس کے لیے اسد قیصر کو نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اسد قیصر انکوائری ٹیم کے سامنے ذاتی حیثیت میں حاضر ہوں اور اِن دو بینک اکاونٹس کے بارے میں سوالات کے جواب دیں۔
ایف بی آر کا ملک کے 100سے زائد بڑے ریٹیلرز کے خلاف ایکشن کا فیصلہ
لاہور: (ویب ڈیسک) ایف بی آر نے ملک بھر کے 100سے زائد بڑے ریٹیلرز کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کرلیا۔
پوائنٹ آف سیل سے غیر منسلک ریٹیلرز کا ان پٹ ٹیکس کلیم ضبط کر لیا جائے گا۔پی او ایس سے منسلک ہونے کیلئے بڑے ریٹیلرز کو 10 اگست کی ڈیڈ لائن دے دی گئی۔
ایف بی آر کے مطابق 10اگست تک ریٹیلرز منسلک نہ ہوئے تو ان پٹ ٹیکس کلیم تصور نہیں ہو گا۔ریٹیلرز کو 60 فیصد تک ان پٹ ٹیکس کلیم کرنے کی اجازت تھی۔
بڑے ریٹیلرز کو جولائی 2021 سے منسلک ہونے کی ہدایت کی تھی۔ریٹیلرز کے خلاف نوٹس جاری کر کے کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔پی او ایس سے غیر منسلک ریٹیلرز کی بڑی تعداد کراچی، لاہور، فیصل آباد کی ہے
راول ڈیم سپل ویز کے گیٹ کھول دیے گئے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) راول ڈیم سپل ویز کے گیٹ ایک بار پھر کھول دیے گئے۔
حسن عباس ایس ڈی او کا کہنا ہے کہ ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر سپل ویز کے گیٹ اوپن کئے گئے ہیں، ڈیم میں پانی کی سطح 1751.30 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ پانی کے لیول کو کم کرکے 1750.50 فٹ کیا جائے گا۔
راول ڈیم انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی کل گنجائش 1752 فٹ ہے، پانی کا لیول کم کرنے کے لئے گیارہ بجے تک اسپل ویز اوپن رہیں گے، اسپل ویز اوپن کرنے سے قبل سائرن بھی بجائے گئے، سائرن کا مقصد قریبی آبادی اور نشیبی علاقے کے مکینوں کو الرٹ کرنا تھا۔