فارن فنڈنگ کیس تاریخ میں قانون کی تذلیل کی بدترین مثال ہے: نواز شریف

لندن: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے فارن فنڈنگ کیس تاریخ میں قانون کی تذلیل کی بدترین مثال ہے۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں فارن فنڈنگ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک صاف اور سیدھا مقدمہ گزشتہ 6 سال سے الیکشن کمشن میں لٹکا ہوا ہے، فیصلہ صرف اس لیے نہیں ہو رہا کیونکہ سامنے میں نہیں عمران خان ہے، فنڈنگ کے مقدمے میں ملوث جماعت کا نام مسلم لیگ ن نہیں پی ٹی آئی ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ 2017ء میں منتخب وزیراعظم کو نکالنے کیلئے تیز رفتاری سے کارروائی کی گئی، سپریم کورٹ کے ججز نے وٹس ایپ کے ذریعے جے آئی ٹی قائم کی، 60 دنوں میں جے آئی ٹو کو رپورٹ دینے کا حکم دیا گیا اور پھر کس تیزی سے پانامہ کیس میں میرے خلاف فیصلہ آیا۔
مسلم لیگ ن کے قائد کا مزید کہنا تھا کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر ایک وزیراعظم کو نااہل کر دیا گیا، پھر احتساب عدالت کو پابند کیا گیا 6 ماہ کے اندر فیصلہ دیا جائے، چابک مارنے کے انداز میں ایک نگران جج بٹھا دیا گیا۔
نواز شریف نے کہا کہ اس کے بعد یہ حکم صادر کیا گیا احتساب عدالت ہفتہ وار چھٹی بھی نہ کرے، جج محمد بشیر کو توسیع بھی دی گئی۔ یہ تصویر کا ایک رخ ہے جبکہ دوسرا رخ بالکل مختلف ہے، پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے 2014ء میں مقدمہ قائم ہوا، یہ مقدمہ مسلم لیگ ن نہیں ان کی جماعت کے اپنے پارٹی عہدیدار نے دائر کیا، اس سادہ مقدمے کی 70 سماعتیں ہو چکی ہیں، صادق و امین کے نعرے لگانے والا عمران خان کہتا تھا احتساب مجھ سے شروع کیا جائے، اب انصاف کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ عمران خان خود ہے، اس نے 30 بار کیس ملتوی کروایا، 8بار وکیل بدلے۔ الیکشن کمشن کے 20احکامات کو ردی کی توکری میں ڈال دیا گیا، پی ٹی آئی کا فارن فنڈنگ کیس تاریخ میں قانون کی تذلیل کی بد ترین مثال ہے، مارچ 2018ء میں الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے جائزے کیلئے سکروٹنی کمیٹی بنائی۔ عمران خان نے تسلیم کیا فارن فنڈنگ میں خرابیاں ہوئیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ امریکا میں رجسٹرڈ کمپنیاں عمران خان کے حکم پر وجود میں آئیں، یہ کمپنیاں عمران خان کی نگرانی میں چلائی جاتی رہیں، سٹیٹ بنک نے 23 بنک اکاونٹس کی تفصیلات دیں، عمران خان نے اکاونٹس چھپائے جو قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، شفافیت کا ڈھول پٹنے والا عمران خان کے مالی معاملات میں شفافیت کا نام و نشان نہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کیخلاف ٹھوس ثبوت ہیں، قوم جاننا چاہتی ہے جو پیسہ جمع ہوا وہ کہاں گیا، الیکشن کمشن کیوں اس معاملے پر فیصلہ نہیں کر رہا، اگر ان پیسوں میں کرپشن نہیں ہوئی تو چھپایا کیوں گیا، یہ غیر شفاف اکاونٹس منی لاڈرنگ کے زمرے میں نہیں آتے، اس میں کوئی شک نہیں عمران خان مجرم ہے، فرار کی خاطر اپنا جرم ایجنٹوں پر ڈال رہا ہے۔

صدر مملکت کا نئے اسلامی سال پر قوم کے نام پیغام

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر عارف علوی نے ہجری سال نو پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے ماہ محرم امت مسلمہ میں حق وباطل سےمتعلق صحیح فہم وشعور بیدار کرتا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہجری سال نو 1444 کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماہ محرم امت مسلمہ میں حق وباطل سےمتعلق صحیح فہم وشعور بیدار کرتا ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ اسلامی ہجری سال مسلمانوں کو عظیم ہجرت کی یاد دلاتا ہے۔ ہجری سال یاد دلاتا ہے کہ اسلام اور ایمان کے لیے اگر اپنا گھر بار بھی چھوڑنا پڑے تو چھوڑ دو۔
عارف علوی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ محرم الحرام کی اسلامی تاریخ میں بے پناہ اہمیت اور فضیلت ہے۔ دین اسلام کی سربلندی کیلئے بندۂ مومن کو حتی الامکان کوشش کرنی چاہیے اور اللہ تعالیٰ کی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کرنا چاہیے۔

نئے اسلامی سال پر وزیراعظم شہبازشریف کا قوم کے نام پیغام

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف کی تمام مسلمانوں کو نئے اسلامی سال کی مبارک . اسلامی سال کا پہلا مہینہ محرم ہے،اس کے آغاز پر اللہ تعالی سے خصوصی دعائیں کی جائیں .اسلام میں محرم الحرام ایک عظیم مہینہ ہے.چار مقدس مہینوں میں محرم الحرام کا مہینہ بھی شامل ہے.دنیا ان چار مقدس مہینوں میں لڑائی اورجنگ بندی کی روایت اپنائے.ان چار مقدس مہینوں میں جنگ بندی کرکے پوری دنیا کو امن کا گہوارہ بنایاجاسکتا ہے

آزمائشوں نے مضبوط اور میرا عزم مزید پختہ کر دیا ہے: مریم نواز

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آزمائشوں نے مجھے مضبوط اور ہمارا عزم مزید پختہ کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ ظلم و ستم کے خلاف 1999میں بھی کھڑے تھے اور 23 سال بعد بھی ڈٹے ہیں۔
مریم نواز نے لکھا کہ فرق یہ ہے آزمائشوں نے مجھے مضبوط اور ہمارا عزم مزید پختہ کر دیا ہے۔
لیگی نائب صدر نے لکھا کہ ظالمانہ اور غیر منصفانہ سلوک کے لئے میاں نواز شریف کو اکیلا کرنا تب سے ختم نہیں ہوا ہے۔ ہمت نہیں ہاریں گے، انشاء اللہ

7 سالہ بچی نے ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والی 7 سالہ بچی نے 20 گاڑیوں کے نیچے تیز ترین ’لمبو اسکیٹنگ‘ کرکے عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پونے شہر کی دشنا نہار نے 13.74 سیکنڈ کے اندر بیس گاڑیوں کے نیچے لمبو اسکیٹنگ کرکے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرایا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی بچی نے 14 سالہ چینی لڑکی کا ریکارڈ توڑا جس نے 2015 میں 14.15 سیکنڈ میں بیس گاڑیوں کا فاصلہ طے کیا تھا۔
دشنا پرائمری کی طالبہ ہے جسے پانچ سال کی عمر سے ہی اسکیٹنگ کا شوق تھا اور بچی اپنے جذبے کی بدولت عالمی اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئی۔

چوہدری شجاعت کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا معاملہ، بیٹے سالک کا ردعمل سامنے آگیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم (ق) کی ورکنگ کمیٹی کی جانب سے پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت کو صدارت سے الگ کرنے کے فیصلے پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
گزشتہ دنوں مسلم لیگ ق کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں پارٹی کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کو صدارت سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
تاہم اس اجلاس پر ان کے چھوٹے بھائی چوہدری شفاعت نے بھی اعتراض کیا تھا۔
اب چوہدری شجاعت کے بیٹے و وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے بھی ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
چوہدری سالک کا کہنا تھاکہ چوہدری شجاعت کو پارٹی سے نکالنے کی بات کر نا اپنی ذہنی حالت بتانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت نے ملکی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دینے اور فرد واحد کو نوازنے کے بجائے سیاسی شعور کے مطابق ملک و قوم کو انتشار سے بچانے کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ چوہدری شجاعت کی ذہنی صحت غلامانہ ذہنیت سےکہیں زیادہ بہتر ہے۔

عدالتوں میں طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قانون ہے، سراج الحق

لاہور: (ویب ڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپشن حکومتی ایوانوں میں سرایت کرچکی ہے اور ملک میں احتساب نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔
جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ عدالتوں میں طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قانون ہے، اربوں کھربوں کی چوری کرنے والوں کو کوئی نہیں پوچھتا، غریب کو معمولی غلطی پر دھر لیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن حکومتی ایوانوں میں سرایت کر چکی، ملک میں احتساب نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی، تینوں جماعتوں نے مل کر نیب کو ختم کیا، بہتری آئی ایم ایف کے قرضوں سے نہیں گڈ گورننس سے آئے گی۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ مہنگائی سے عوام رُل گئے جبکہ حکمران جماعتیں مفادات کی جنگ میں مصروف ہیں، سیاسی و معاشی بحران ہر آنے والے دن کے ساتھ گھمبیر صورت حال اختیار کر رہے ہیں، حالات اسی طرح رہے تو ملک کو دیوالیہ ہونے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نااہل ثابت ہوچکیں، اگر مشکلات ہیں تو اس بار عوام کی بجائے مراعات یافتہ طبقہ قربانی دے۔

قتل کی دھمکیوں کے بعد سلمان خان نے بلٹ پروف گاڑی خرید لی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے ’’سلطان‘‘ سلمان خان نے قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد خود کی حفاظت کے لیے بلٹ پروف گاڑی خرید لی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد سلو میاں کو بھی قتل کی دھمکیاں ملیں جس کے پیش نظر اداکار اپنی سیکورٹی پر سخت توجہ دے رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دبنگ خان نے نئے ماڈل کی بلٹ پروف گاڑی تو نہیں لی تاہم یہ پرانی گاڑی اداکار اور ان کے خاندان کو کسی بھی حملے سے محفوظ رکھے گی۔
حالیہ دنوں اداکار نے اسلحے کے لائسنس کے حصول کیلئے بھی ممبئی پولیس اسٹیشن میں اپنی درخواست جمع کرائی تھی۔
واضح رہے کہ سلمان اپنی اور خاندان کی حفاظت کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

‘مسلسل شکستوں نے مسلم لیگ ن کا مورال گرا دیا، فواد چوہدری کا بیان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ن لیگ کا مسلسل شکستوں سے مورال گر گیا ہے۔
ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ اس وقت اس پوزیشن میں نہیں کہ مقابلہ کرسکے، اسے لگتا ہے کہ اُن کے ارکان بھی اُنہیں ووٹ نہیں دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نوجوانوں کو آگے لانا چاہتے ہیں، واثق قیوم ملک کی تاریخ کے سب سے نوجوان ڈپٹی سپیکر ہوں گے۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ واثق قیوم کردار والا ہے، یہ کبھی بھی دوست مزاری کی طرح لوٹا نہیں بنے گا۔

چوہدری شجاعت حسین کا خط کب ملا تھا؟ دوست محمد مزاری نے بتادیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کا کہنا ہے کہ ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا خط وزیراعلیٰ کے انتخاب والے دن تقریباً ساڑھے 4 بجے ملا تھا۔
دوست محمد مزاری نے کہا کہ خط ملنے سے قبل مجھ سے مونس الہیٰ نے پوچھا تھا کہ کیا آپ کو خط ملا ہے؟
دوست محمد مزاری نے بتایا کہ مونس الہیٰ نے دوپہر کو تقریباً ایک بجے پوچھا کیا آپ کو چوہدری شجاعت کا خط ملا؟ میں نےجوفیصلہ کیا تھا وہ عدالتی حکم کے تحت کیا تھا۔
خیال رہے کہ 22 جولائی کو ہونے والی ووٹنگ کے نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار پرویز الہیٰ نے 186 ووٹ لیے جبکہ مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے 179 ووٹ لیے۔
تاہم ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت کے خط کو پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے ق لیگ کے ارکان کو حمزہ شہباز کو ڈالنے کی ہدایت کی تھی۔
ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ اس خط کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جتنے بھی ووٹ ق لیگ کے کاسٹ ہوئے ہیں وہ مسترد ہوتے ہیں اور میں اس بات کا اعلان کرتا ہوں کہ 10 ووٹ ختم ہونے کے بعد حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے ہیں۔
اس فیصلے کو پرویز الہیٰ نے سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا جس نے وزیراعلیٰ کے الیکشن سے متعلق دوست مزاری کی رولنگ کالعدم قرار دے کر پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ پنجاب قرار دے دیا تھا۔

تربت: ایئر پورٹ روڈ پر فٹبال سٹیڈیم کے قریب دھماکا، 3 افراد زخمی ہوگئے

تربت: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے شہر تربت میں فٹ بال اسٹڈیم کے باہر دھماکے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تربت اسٹیڈیم کے باہرکریکر دھماکا ہوا جس میں 3 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ دھماکا ائیرپورٹ روڈ پر ہوا، دھماکےکے وقت فٹبال اسٹیڈیم میں میچ جاری تھا۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے افرادکو قریبی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے جب کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقےکو گھیرے میں لے لیا ہے۔

منڈی بہاؤ الدین: مبینہ غیرت کے نام پر لڑکی اور لڑکا قتل

منڈی بہاؤ الدین: (ویب ڈیسک) مبینہ غیرت کے نام پر لڑکی اور لڑکے کو قتل کردیاگیا،لاشیں پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔
پولیس کے مطابق مقتول دلاور مقتولہ سمیرابی بی سے ملنے ان کے گھر آیا ہوا تھا کہ اس کے بھائی نے دیکھ لیا اور فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں لڑکی اور لڑکا دونوں موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق لاشوں کو قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیاہے۔ ملزم حسن کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

شعیب اختر کے بیان نے مداحوں کو پریشانی میں مبتلا کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کے سوشل میڈیا پر جاری بیان نے مداحوں کو پریشانی میں مبتلا کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر راولپنڈی ایکسپریس کہلانے والے شعیب اختر نے ویڈیو شیئر کی اور ساتھ ہی ایک کیپشن بھی لکھا جسے پڑھ کر مداح تشویش میں مبتلا ہوگئے۔
انہوں نے لکھا کہ آسٹریلیا کی یہ خوبصورت صبح، خود کو چند روز میں چھری کے نیچے جانے کے لیے تیار کررہا ہوں۔ اس وقت تک سڈنی میں خوبصورت وقت گزار رہا ہوں، اس سے قبل بھی آسٹریلیا میں بہت اچھا وقت گزار چکا ہوں۔
سابق فاسٹ باؤلر کے ٹویٹ کے ساتھ ویڈیو بھی شیئر کی جسے دیکھنے کے بعد مداحوں کی پریشانی دور ہوگئی۔
شعیب اختر نے ویڈیو بیان میں طبیعت پوچھنے والے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میری سرجری کے لیے دعا کریں امید ہے جلد ٹھیک ہوجاؤں گا۔
انہوں نے اپنی رہائشگاہ سے سڈنی شہر کا خوبصورت نظارہ کرواتے ہوئے کہا کہ صبح جلدی اٹھ گیا تھا اس لیے ویڈیو بنالی۔