مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی، ایک اور نوجوان شہید

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ وادی میں قابض فورسزکی ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ تھم نہ سکا، ایک اور نوجوان کو شہید کر دیا گیا۔
ضلع بارہمولہ میں ایک اورنوجوان کو بنیر کے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کردیا گیا۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے علاقے میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دیں۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک فوجی آپریشن جاری تھا۔ گزشتہ روز بھی ظالم بھارتی فورسزنے ایک نوجوان کو بارہمولہ میں شہیدکردیا تھا۔

برطانوی شہزادہ چارلس اسامہ بن لادن کے بھائیوں سے عطیات لینے پر تنقید کا نشانہ بن گئے

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی شہزادہ چارلس اسامہ بن لادن کے بھائیوں سے عطیات لینے پر تنقید کی زد میں آ گئے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شہزادہ چارلس کی چیریٹی فاؤنڈیشن نے القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے بھائیوں بکر اور شفیق سے مبینہ طور پر دس لاکھ پاؤنڈ وصول کیے تھے۔
دونوں افراد کا تعلق سعودی عرب کے امیر ترین خاندان سے ہے، تاہم کلیئرنس ہاؤس نے وضاحت کی کہ یہ عطیہ پرنس آف ویلزنے بذات خود قبول نہیں کیا بلکہ ان کے چیریٹی فنڈ نے قبول کیا تھا۔

پشاور میں گھی، چینی اور دالوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ، شہریوں کی قوت خرید سے باہر

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کو روکا نہ جا سکا، گھی، چینی اور دالوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا، شہریوں کی قوت خرید جواب دے گئی۔
پشاور میں اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں میں کمی نہ آ سکی، کھانے پینے کی اشیاء بھی دسترس سے باہر ہونے لگیں۔ پشاور کی اوپن مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، دال چنا کے نرخ 20 روپے اضافے کے بعد 240 روپے فی کلو ہوگئے ہیں، دال ماش کی قیمت بڑھ کر 270 فی کلو ہوگئی ہے، دال مسور 220 سے بڑھ کر 280 روپے فی کلومیں فروخت کی جارہی ہے۔
شہری کہتے ہیں حکومت اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی لانے کے اقدامات اٹھائے۔ شہر میں 5 کلو گرام چینی کے نرخ 430 روپے جبکہ فی کلو گھی 450 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

پاک فوج کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاک فوج کی بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، متاثرہ علاقوں سے ڈی واٹرنگ اور متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی کی جا رہی ہے۔
متاثرین کو طبی امداد اور خوراک بھی فراہم کی گئی جبکہ مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپ بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بولان، لسبیلہ، اوتھل، جھل مگسی اور غذر میں سیلاب کے دوران پھنسے 700 سے زائد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔

سری لنکن صدارتی محل سے پرچم چرانے والا شخص گرفتار

سری لنکا: (ویب ڈیسک) سری لنکن پولیس نے صدارتی محل سے پرچم چرانے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار شخص نے صدارتی محل سے دو پرچم چرائے تھے جنہیں وہ بیڈ شیٹ اور دھوتی کے طور پر استعمال کر رہا تھا۔
سری لنکن پولیس کے مطابق گرفتار شخص ٹریڈ یونین لیڈر ہے جسے سوشل میڈیا پوسٹ کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں ملزم کو سرکاری صدارتی پرچموں کو بیڈ شیٹ اور دھوتی کے طور پر استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
ملزم سےصدارتی محل سے چرایا گیا ایک پرچم بر آمد کر لیا گیا جبکہ اس نے اعتراف کیا ہے کہ دوسرا پرچم اس نے جلا دیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بدترین معاشی بحران کے خلاف احتجاج کرنے والے ہزاروں مظاہرین نے صادرتی محل پر دھاوا بول دیا تھا۔ ملزم نے اسی احتجاج کے دوران پرچم چرائے تھے۔
احتجاج کے بعد سابق سری لنکن صدر کو ملک سے فرار ہونا پڑا تھا اور انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ بھی دے دیا تھا۔

مدد کے بجائے کمپنی کی مشہوری کو لوگ خوب سمجھتے ہیں، شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ چین، دبئی، قطر اور سعودیہ عرب نے بھی اس مرتبہ مدد نہیں کی اور نہ ہی عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا بیل آؤٹ ابھی تک آیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی امداد کی شرائط پر چین کو شدید تحفظات ہیں اور 90 دن کی بجائے صرف 45 دن کے زر مبادلہ کے ذخائر رہ گئے ہیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور ٹی ٹی پی کا فاٹا کے انضمام پر ایک ہی مؤقف ہے جبکہ سیلاب میں مدد کے بجائے کمپنی کی مشہوری کو لوگ خوب سمجھتے ہیں۔

لاہورمیں کہیں ہلکی کہیں تیزبارش ،سلسلہ ہفتہ بھر جاری رہنے کی پیشگوئی

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہورمیں کہیں ہلکی کہیں تیزبارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، محکمہ موسمیات نے بارش کا نیا سلسلہ ہفتہ بھر جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
بارش برسانے والے نظام نے اپنے رنگ ڈھنگ دکھانے شروع کردیے، لاہور میں کہیں ہلکی تو کہیں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ شہر میں باٹا پور،مناواں ،مال روڈ ،کینال روڈ ،ایبٹ روڈ ،گڑھی شاہو ،شملہ پہاڑی کے علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ اندرون لاہور،شادباغ ،کینال بینک سکیم ،ہربنس پورہ ،داروغہ والا میں ہلکی بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے موسم کی موجودہ صورت حال ہفتہ بھر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

کامن ویلتھ گیمز: پاکستانی باکسر الیاس حسین نے حریف کو ناک آوٹ کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی باکسر الیاس حسین نے شاندار کاکردگی دکھا کر کامیابی اپنے نام کر لی۔
پاکستانی باکسر الیاس حسین نے لیسوگو کے موکھوٹو مورون کو شکست دی۔قومی باکسرالیاس حسین نے 57کلوگرام کیٹیگری کی فائٹ میں فتح حاصل کی۔
پاکستانی باکسر الیاس حسین نے حریف کو ناک آوٹ کر دیا۔ ریفری نے 2 منٹ 55 سیکنڈز میں فائٹ روک کر الیاس کو فاتح قرار دیا۔لیاس حسین نے دوسرے روانڈ میں حریف باکسر کو ناک آوٹ کیا۔

وزیراعظم کا آج سیلاب سے متاثرہ ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ شیڈول

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف آج خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف آج خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک اور ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کاموں کا جائزہ لیں گے۔
وزیر اعظم کے دورے کے موقع پر ان کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے مواصلات مولانا اسعد محمود اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز بھی ہوں گے۔
گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کا دورہ کیا تھا اور بارشوں سے ہونے والی تباہی کا جائزہ لیا تھا۔

سیلاب:بلوچستان میں ہلاکتوں کی تعداد 124 ہو گئی

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) سیلابی ریلوں نے بلوچستان، پنجاب، سندھ اور خیبر پختون خوا میں تباہی مچا دی. بلوچستان میں سیلابی ریلے 124 جانیں لے گئے۔
ملک بھر میں سیلاب کے باعث سیکڑوں دیہات ڈوب گئے، بستیاں اجڑ گئیں، لاکھوں افراد بے یار و مددگار ہو گئے۔ ہزاروں جانور سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی زیر آب آ گئیں۔خیبر پختون خوا میں ایک روز میں 10 افراد دم توڑ گئے۔بلوچستان میں ہلاکتوں کی تعداد124 ہو گئی۔
بلوچستان میں خضدار، نصیر آباد، لسبیلہ میں ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں، سندھ میں ٹھٹھہ، خیرپور سمیت دیگر علاقوں میں سیلابی پانی سب بہا لے گیا۔
دریائے چناب میں طغیانی پنجاب کے کئی علاقوں میں سیلاب کا باعث بن گئی۔ جھنگ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی سطح میں میں کمی نہ آسکی۔ ستر سے زائد دیہات زیر آب آگئے۔ شہر سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا۔
سرگودھا کے کئی علاقے بھی سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ سیلاب متاثرین شدید مشکلات کا شکار ہیں،، سیلابی پانی سے فصلیں زیر آب آ گئیں۔ کئی علاقوں میں ابھی تک تین سے چار فٹ تک پانی کھڑا ہے۔ پنجاب میں ڈیرہ غازی خان، راجن پور ، ڈی آئی خان، مردان میں بھی سیلاب نے تباہی مچا دی۔

پاکستان میں کورونا سے مزید ایک شخص جاں بحق

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ 661 سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 20 ہزار 800 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں 661 افراد میں کورونا کے مثبت کیسز کی تشخیص ہوئی۔
ملک میں مثبت کیسز کی شرح 3.29 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ 171 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے ایک بار پھر سر اٹھانے پر حکومت کی جانب سے ٹیسنگ کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف نے سری لنکا کو قرض دینے سے انکار کر دیا

واشنگٹن:(ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے سری لنکا کو قرض دینے سے انکار کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آئی ایم ایف نے شدید مالی بحران کے شکار ملک سری لنکا کو نیا قرض دینے سے انکار کرتے ہوئے کہ جب تک تباہ حال معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے سخت اور ناگزیر اصلاحات نہیں کر لیتے تب تک مالی امداد ناممکن ہے۔
آئی ایم ایف نے دیوالیہ ملک سری لنکا کو نئے قرض کی فراہمی کو اصلاحات سے مشروط کر دیا کہ ان اصلاحات میں کافی وقت لگے گا اور جب کہ کئی ماہ سے مہنگائی اور خوراک و ایندھن کی قلت کے شکار سری لنکا کے حالات مخدوش ہوتے جا رہے ہیں۔
آئی ایم ایف نے کہا کہ سری لنکا میں بحرانی کیفیت پر فکرمند ہیں لیکن ایک مناسب میکرو اکنامک پالیسی فریم ورک بننے سے قبل نئی مالی امداد کی فراہمی ناممکن ہے۔ سری لنکا کو دیرپا اصلاحات اور اقتصادی استحکام پر توجہ مرکوز رکھنے کی ضرورت ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اصلاحات کے بجائے سری لنکا اس وقت قرض میں سے 16 کروڑ ڈالر ادویات، گیس اور دیگر ضروری اشیا پر خرچ کر چکا ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا 51 ارب ڈالر کا غیر ملکی قرض ادا کرنے کی سکت نہ رکھنے کے باعث اپریل میں دیوالیہ ہوگیا تھا۔

امریکی صدر جو بائیڈن کا کورونا ٹیسٹ ایک بار پھر مثبت آگیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن کا کورونا ٹیسٹ ایک بار پھر مثبت آگیا۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر بائیڈن میں کورونا کی علامات نہیں ہیں، ان کی طبیعت بہتر ہے۔
خیال رہے کہ 21 جولائی کو بھی بائیڈن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد وہ آئسولیشن میں چلے گئے تھے تاہم 27 جولائی کو ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے کا اعلان کیا گیا تھا۔