وزیراعظم کا پٹرول 10 روپے فی لیٹر اور بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 10، 10 روپے اور بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ تک قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ روس اور یوکرین کی جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمت نیچے آنے کا امکان نہیں ہے مگر ہم عوام کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے مستقبل میں پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں اضافہ نہیں کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکل حالات سے نکل رہےتھے کورونا آگیا، اس دوران عالمی سطح پر مہنگائی بڑھ گئی، امریکا میں مہنگائی سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ہم چونکہ تیل،گھی اور دالیں سترفیصد امپورٹ کرتے ہیں، اس وجہ سے پاکستان میں مہنگائی ہوئی مگر پاکستان اُن ممالک میں سے تھا جس نے کورونا کے ساتھ مہنگائی پر بھی قابو کیا، جس کی تصدیق عالمی جریدوں میں شائع ہونے والی رپورٹس ہیں۔
پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ماحولیات، کورونا وبا کے دوران معیشت کو سہارا دینے، 38 ارب ڈالر کی ریکارڈ ایکسپورٹ اور شرح نمو پر ٹیکس محصولات 31 فیصد حاصل کیں، کسانوں نے چار فصلوں گندم، گنا، مکئی، چاول، کپاس کی ریکارڈ فصلوں پر پہلی بار 1100 ارب روپے کا نفع کمایا، جس کی وجہ قومی اسمبلی میں قانون سازی ہے جبکہ پچھلے سال سے بیس فیصد زیادہ ٹریکٹر فروخت ہوئے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے ماضی میں غلط سفارتی پالیسیاں بنائیں،ہم سوویت یونین کے خلاف افغان جہاد میں شریک ہوئے اور پھر نائن الیون کے بعد افغانستان میں امریکا کے ساتھ جنگ کا حصہ بنے، اس کی وجہ سے 80 ہزار پاکستانیوں کی شہادتیں ہوئیں، ہمیں ڈیڑھ سو ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا جبکہ قبائلی علاقوں سے شہریوں کو نقل مکانی کرنا پڑی۔
’ہم نے جس ملک کے لیے جنگ لڑی اُس نے 400 سے زائد ڈرون حملے کیے، یہ ہمارے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے بہت شرمناک تھا، مشرف کے دور میں ڈرون حملے ہوئے جو جمہوری لیڈر نہیں تھا مگر نوازشریف اور زرداری کے دور میں بھی جمہوری رہنماؤں نے ڈرون حملوں پر کوئی آواز نہیں اٹھائی‘۔
انہوں نے خارجہ پالیسی پر بات کرتے ہوئےدعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ ڈرون حملے اور اس میں شہریوں کی ہلاکت سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اگر ملک میں آزاد خارجہ پالیسی چاہتے ہیں تو کبھی ایسی پارٹی کو ووٹ نہ ڈالیں جس کے قائدین کے اثاثے بیرون ملک میں ہوں، جب سے سیاست کی تب سے خواہش رہی کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی آزاد ہو جس سے کسی دوسرے کو فاہدہ نہ پہنچے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین اور روس کے دورے سے پاکستان کوعزت ملی، روس کےدورے کا مقصد 20 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنا ہے جبکہ چین کے دورے کا مقصد سی پیک منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہے، جس کے اثرات اور نتائج آئندہ دنوں میں قوم کے سامنے آجائیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آزادی صحافت پر پابندی سے متعلق گمراہ کن باتیں ہورہی ہیں، پیکا قانون 2016 میں بنا لیکن ہم صرف ترمیم کررہے ہیں، جو ملک کا سربراہ ہے اور اس نے کبھی کرپشن نہیں کی اسے کبھی بھی آزاد صحافت سے خطرہ نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً 70 فیصد خبریں ہمارے خلاف ہیں، پیکا ترمیمی قانون میں آرڈیننس کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان سوشل میڈیا پر ایسا گند آرہا ہے جو ناقابل برداشت ہے، ایف آئی اے کے پاس 54 ہزار کیس رجسٹرڈ ہیں، لوگوں کے گھر اجڑ رہے ہیں،خواتین اور بچوں سے متعلق فیک نیوز آرہی ہیں، مجھے بھی نہیں بخشا گیا اور میری اہلیہ کے گھر چھوڑنے سے متعلق غلط باتیں کی گئیں، آزادیٔ صحافت کے نام پر لوگ بلیک میل کررہے ہیں، ماضی میں جب ایک صحافی نے مسلم لیگ ن کے بارے میں لکھا تو اُسے تین روز تک کمرے میں بند کیا گیا، اب ہم ان ساری باتوں کو روکنے کے لیے قانون لارہے ہیں‘۔
عمران خان نے کہا کہ میں نے صحافی کی جھوٹی خبر کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی مگر تین سال گزر جانے کے باوجود اںصاف نہیں مل سکا، یہاں ایسے صحافی بیٹھے ہیں جوپیسےلے کرگندا چھالتے ہیں، آزادکشمیرکا وزیراعظم نامزد کرنے پر تین اخباروں نے لکھا جادو ٹونے سے نامزد کیا گیا، میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پیکا قانون سےآزادی صحافت متاثرنہیں ہورہا‘۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں آزاد صحافت کے ںام مافیا بیٹھا ہے جس کا ایجنڈا کچھ اور ہے، ایسے صحافی بھی موجود ہیں جو پیسہ لے کر گند اچھال رہے ہیں، پیکا ترمیمی آرڈینس بہت ضروری ہے، اچھے صحافی معاشرے کا اثاثہ ہیں، سچ لکھنے والے صحافی جعلی خبروں کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہ شوکت خانم ہسپتال کی انتظامیہ جنگ گروپ کے خلاف لندن میں جھوٹی خبر پر مقدمہ کرنے جارہی ہے۔

پی ٹی آئی مارچ جوکروں کا مارچ، اسد عمر معیشت کے گورکن ہیں: سعید غنی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے رہنما اور وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی مارچ جوکروں کا مارچ اور اسد عمر معیشت کے گورکن ہیں، شاہ محمود کے خطاب کے دوران لوگ دکھائے جائیں تو حقیقت کھل جائے گی، بلاول بھٹو کے لانگ مارچ کا تاریخی استقبال کیا گیا۔
سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے پی ٹی آئی سندھ حقوق مارچ کو’’جوکرمارچ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کا پانی بند کرنے والے مارچ کررہے ہیں، یہ کس منہ اورکس نعرے کے ساتھ مارچ کرنا چاہتے ہیں؟ بلاول کہہ رہا ہے وزیراعظم نے معیشت کا جنازہ نکال دیا، لوگ ساتھ چلیں، بلاول لوگوں کو کہہ رہا ہے چینی، آٹا، ادویات مہنگی ہوگئیں، میرا ساتھ دو، بلاول کے مارچ میں عوام نکل رہے ہیں، پندرہ سال سے کچھ نہیں کیا تولاکھوں لوگ استقبال کیوں کررہے ہیں، جب یہ کہتے ہیں 2023 میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی توہنسی آتی ہے۔
سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مارچ میں کرسیوں کی قطاریں خالی تھیں، میڈیا بلاول بھٹو اور پی ٹی آئی کی گاڑیوں کو بھی دکھایا جائے، شاہ محمود قریشی عمران خان کو ایک آنکھ نہیں بھاتا، عمران خان شاہ محمود قریشی سے نفرت کرتا ہے، گھوٹکی میں شاہ محمود قریشی کے مرید موجود ہیں، جوکر مارچ میں مرید شاہ محمود قریشی کا دیدار کرنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسری طرف جوکر مارچ کا آغاز گھوٹکی سے ہوا ہے، پیپلزپارٹی کی ریلی میں گاڑیاں بھی گنی جاتی ہیں، ہرشہر سے قافلے میں لوگ شریک ہوتے جائیں گے۔

عوام کو ایک اور جھٹکا، ایل پی جی کی قیمت میں 27 روپے فی کلو کا اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو ایک اور جھٹکا لگ گیا اور حکومت نے ایل پی جی کی قیمت میں 27 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا ہے۔
اوگرا نے مارچ کے لیے ایل پی جی کی نئی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق ایل پی جی کی قیمت 207 روپے سے بڑھا کر 234 روپے فی کلو کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فی کلو قیمت بڑھنے سے گھریلو سلنڈر 319 روپے اور کمرشل سلنڈر 1226 روپے مہنگا ہوگیا، گھریلو سلنڈر 2759 روپے اور کمرشل سلنڈرکی قیمت 10613 روپے ہوگئی۔
چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمت میں 2 سال میں 160 فیصد تک اضافہ ہوا، قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

آپ دباؤ کا شکار ہیں، اپنا دماغی توازن کھو چکے ہیں: شہبازگل کی بلاول پر تنقید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول فرما رہے ہیں کہ وزیراعظم ان کو خود ہی استعفیٰ بھیج دیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ دباؤ کا شکار ہیں اور اپنا دماغی توازن کھو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو استعفے کی نہیں علاج اور مدد کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل نے کہا کہ ہمیں اس بات کا اندازہ ہے کہ آپ کے مارچ میں لوگ نہیں نکلے ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ استعفی ٰتو نہیں لیکن آپ کو ماہر نفسیات بھیج رہے ہیں۔

وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات، سکیورٹی صورتحال کا جائزہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی جس میں ملکی اندرونی و بیرونی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی، دوران ملاقات پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات میں قومی سلامتی کے امور پر بھی مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم آج 61 ویں مرتبہ تقریر کریں گے: شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم آج 61 ویں مرتبہ تقریر کریں گے، وزیردفاع کہتے ہیں وہ پٹرول 10 روپے سستا کریں گے یہ نہیں بتایا کیسے ہوگا؟۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں مسلسل مہنگائی بڑھ رہی ہے، اگر یہ 10روپے پٹرول سستا کریں گے ٹیکس لگا کر بوجھ بھی عوام پر پڑے گا، قرضے دگنا ہوچکے ہیں، حکومت کو کوئی پرواہ نہیں ہے، وزیراعظم، چیئرمین نیب بتائیں کتنے سیاست دانوں کوانتقام کا نشانہ بنایا گیا، چیئرمین نیب بھی کیمروں کے سامنے کھلی کچہری لگا کر بتائیں کونسی کرپشن ہوئی؟ ان کی ناکامی کی صورت میں سزا عوام کو مل رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام بھی چاہتے ہیں اورہم بھی حکومت گھرجائے، حکومت کوعوام کی پرواہ نہیں، عدم اعتماد کے معاملات جلد سامنے آئیں گے، پیپلزپارٹی کے ساتھ سپورٹ اورنیک خواہشات بھی ہیں، پی ڈی ایم 23 مارچ کو اپنا لانگ مارچ کرے گی، پی ڈی ایم کو اے این پی اور پیپلزپارٹی نے خود چھوڑا تھا۔

پیکا آرڈیننس کیخلاف عدالت اور ایوان میں بھرپور مخالفت کرینگے: شہباز شریف

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیکا آرڈیننس کے خلاف عدالت اور ایوان میں بھرپور مخالفت کرینگے۔
میڈیا مالکان اور مدیران سے بات چیت میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ملکی اقتصادی حالات بہت خراب ہیں، نمبر گیم پر دن رات کام ہورہا ہے۔
شہبازشریف نے جہانگیر ترین سے ملاقات کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ترین سے ملاقات یا تردید نہیں کرسکتا اور تحریک عدم اعتماد کیلئے ٹائم فریم نہیں دے سکتے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیکا آرڈیننس کیخلاف عدالت اور ایوان میں بھرپور مخالفت کرینگے، اس آرڈیننس کیخلاف قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن کی ہدایت کردی ہے۔

عمران خان اپنے خطاب میں استعفی کا اعلان کریں ورنہ ہم اسلام آباد آرہے ہیں، بلاول

حیدر آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے خطاب میں اسمبلی توڑںے اور مستعفی ہونے کا اعلان کریں ورنہ ہم اسلام آباد آرہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کا کراچی سے شروع ہونے والا حکومت مخالف لانگ مارچ ٹنڈو آدم سے ہوتا ہوا حیدر آباد پہنچ گیا جہاں فتح چوک پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، آصفہ بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
بعدازاں حیدرآباد پٹھان کالونی چوک پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ ہم نئے الیکشن کے لیے تیار ہیں، ابھی تو سندھ سے نکلے ہی ہیں کہ بنی گالا سے چیخ و پکار شروع ہوگئی، وزیراعظم میں ہمت ہے تو آج اپنے خطاب میں اسمبلی توڑنے اور اپنے استعفے کا اعلان کریں ورنہ جیالے آ رہے ہیں استعفی لینے کے لیے۔
بلاول بھٹو نے پیکا آرڈیننس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی خود پر تنقید برداشت نہیں کرسکتا، جو وزیراعظم کو گالی دے گا وہ جیل جائے گا، عمران خان نے چینی چوری کیا، آٹا چوری کیا سب کچھ چھینا ہے عوام سے اور اب سلیکٹڈ جو آرڈیننس لایا ہے اس کے تحت جو سوشل میڈیا پر حکومت کو گالی دے گا وہ جیل جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے اترے ہیں اس سلیکٹڈ سے حساب لینے، حکومت نے صرف سندھ بلکہ چاروں صوبوں کے ساتھ زیادتی کی، عمران خان نے آئینی ترمیم پر ڈاکا مارا، پانی پر ڈاکا مارا، بلوچستان، خیبر پختونخوا کے ساتھ ناانصافی کی، سندھ کے وسائل، فنڈ اور پانی پر تبدیلی سرکار نے ڈاکا مارا ہے، جب سے یہ پی ٹی آئی بجٹ آیا ہے تب سے پیپلز پارٹی احتجاج کر رہی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم نے اسٹوڈنٹس یونین کو بحال کروایا، واحد سندھ حکومت نے آمدنی 25 ہزار کی، نالائق حکومت مہنگائی بڑھانے کے سوا کچھ نہیں کررہی، ہمارا مارچ سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ہے، ایک ہی جماعت ہے جو مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے وہ پیپلز پارٹی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ سلیکٹڈ کو گھر بھیجا جائے۔

عدم اعتماد کا ڈرامہ ناکام ہوگا، شاہ محمود قریشی

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کا ڈرامہ ناکام ہوگا۔پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا اور پنجاب میں ناکام ہو گئی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے سندھ حقوق مارچ میں خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ سندھ کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔بلاول کہتے ہیں کہ میں عمران خان سے حساب لینے جارہاہوں۔ہم بھاگیں گے نہیں حساب دیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بلاول سے یہ پوچھنے آیا ہو ں15سال میں آپ نے کیا کیا؟عمران خان سے ساڑھے3سال کا حساب لے لیں۔آصف زرداری سے 15سال کا حساب لیں ۔
ان کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں شہید بھٹو کی مقبولیت کے باوجود یہ ناکام کیوں ہو ئے۔سندھ کے عوام اپنے حقوق کیلئے اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کر سکتے،کب تک غلامی کی زنجیروں میں جکڑے رہو گے؟
انہوں نے کہا ہے کہ آج شام کو لاڑکانہ میں بتاوں گا میں کون ہوں۔شام کو بتاوں گا میرا بھٹو خاندان سے کیا تعلق ہے۔تم کیا جانو شاہ محمود قریشی اور بھٹو کا رشتہ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہےکہ لاڑکانہ کے عوام کو تحریک انصاف کا نظریہ پیش کریں گے۔عمران خان کے ہاتھ میں پی ٹی آئی کا منشور اور فلسفہ ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اب بھٹو کی نہیں آصف زرداری کی جماعت بن گئی ہے آج لاڑکانہ کے لوگوں کو ترازو میں تولنا ہوگا ،اصلی کیا ہیں اور نقلی کیا۔2023میں سندھ میں تحریک انصاف کی حکومت ہوگی۔

روس نے یوکرین میں موجود دنیا کے سب سے بڑے جہاز کو تباہ کردیا

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین پر حملے کے چوتھے روز روس نے دارالحکومت کیف کے نواح میں دنیا کے سب سے بڑے جہاز کو تباہ کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کی جانب سے تباہ کیا گیا جہاز گوستومل کے ایئرپورٹ پر موجود تھا، جو دارالحکومت سے تقریباً 20 کلومیٹر پر واقع ہے۔ یوکرین میں تباہ ہونے والے جہاز کا نام ماریہ تھا جس کا یوکرینی زبان میں مطلب “خواب” بنتا ہے۔
یوکرین کے وزیر خارجہ دمیترو کولیبا نے ٹویٹ میں لکھا کہ “ماریہ اے این 225 دنیا کا سب سے بڑا جہاز تھا۔ روسی اس کو تباہ کر سکتے ہیں مگر ہمارے یورپ کی آزاد، مضبوط اور جمہوری ریاست بننے کے خواب کو تباہ نہیں کرسکتے، ہم غالب آئیں گے”۔
روس کے حملے کے آغاز سے ہی گوستومل ایئرپورٹ کے قریب لڑائی جاری ہے۔ روسی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ اسٹریٹیجک انفراسٹرکچر کو بند کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
دوسری جانب یوکرینی ادارے کا اندازہ ہے کہ جہاز کی مرمت پر تین ارب ڈالر کا خرچہ آئے گا اور اسے اڑنے کے قابل بنانے میں پانچ سال سے زائد کا عرصہ لگ سکتا ہے۔
یاد رہے کہ یہ جہاز بنیادی طور پر روس کے ایروناٹیکل پروگرام نے ہی تیار کیا تھا اور اس نے 1988 میں اپنی پہلی پرواز بھری تھی جبکہ سوویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد یہ کئی سال پرواز نہ کرسکا تاہم بعدازاں کچھ تکنیکی تبدیلیاں کی گئیں، اس کے بعد اس نے 2001 میں پرواز کے قابل بنایا گیا۔
واضح رہے کہ ماریہ جہاز 84 میڑ لمبا (276 فٹ) تھا اور 250 ٹن یعنی (5 لاکھ 51 ہزار پانڈز) کا وزن اٹھاسکتا تھا جبکہ اس کی رفتار 850 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔

امریکا میں تمغۂ بہادری پانے والے پاکستانی نژاد مزاحمت پر راہزنوں کے ہاتھوں قتل

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں کار چھیننے کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر پاکستانی نژاد عبدالرؤف کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں میری لینڈ کے علاقے آکس ہل میں راہزنوں نے پاکستانی نژاد شخص سے کار چھیننے کی کوشش کی، اس دوران مزاحمت کرنے پر راہزنوں نے عبدالرؤف کو 3 گولیاں مار کر قتل کردیا۔
راہزنی کے دوران مزاحمت پر قتل ہونے والے پاکستانی نژاد عبدالرؤف نے 2 سال قبل مقامی غنڈوں کے چنگل سے ایک خاتون پولیس افسر کو اُس وقت بچایا تھا جب غنڈے خاتون افسر کو لوہے کی سلاخوں سے مار رہے تھے۔
اس بہادری پر الیگزینڈریہ پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پاکستانی نژاد عبدلارؤف کو تمغہ بہادری بھی دیا گیا تھا۔ عبدالرؤف 18 سال سے واشنگٹن ڈی سی میں ’’چٹنی‘‘ کے نام ریسٹورینٹ چلاتے تھے جو پاکستانیوں اور بھارتیوں کا پسندیدہ ریستوران ہے۔
علاوہ ازیں عبد الرؤف سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں بھی مصروف عمل رہتے تھے جس کے باعث وہ پاکستان، بنگلادیش، بھارت سمیت اردو سمجھنے والے دیگر شہریوں میں کافی مقبول تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی 66 سالہ پاکستانی نژاد امریکی محمد انور کو واشنگٹن میں کار چھیننے کی واردات کے دوران قتل کردیا گیا تھا۔

اے ٹی ایم اسکیمنگ کرکے شہریوں کو لوٹنے والا گینگ گرفتار

راولپنڈی: (ویب ڈیسک)پولیس نے بینک اے ٹی ایم مشین اسکیمنگ کرکے شہریوں کو لاکھوں روپے سے محروم کرنے والا انتہائی متحرک تین رکنی گینگ گرفتار کرلیا۔
گینگ کے تمام افراد جدید ٹیکنالوجی میں تعلیم یافتہ ہیں، ملزمان سے ٹریکنگ ڈیوائسز، بیٹریاں، سادہ اے ٹی ایم کارڈز سمیت وارداتوں میں استعمال ہونے والا دیگر سامان برآمد کرلیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق ٹیکسلا پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے اے ٹی ایم مشین اسکیمنگ میں ملوث تین رکنی گینگ گرفتار کیا ہے، ملزمان عمران، فرحان اور خالد جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مہارت رکھتے ہیں، ملزمان بینک کے باہر نصب اے ٹی ایم مشین اسکیمنگ ڈیوائس سے شہریوں کے پیسے لوٹتے تھے۔
ملزمان کے قبضے سے ایک گاڑی، 3 موبائل فونز، اے ٹی ایم ٹریکنگ ڈیوائسز، بیٹریاں ، اے ٹی ایم سادہ کارڈ، نقدی اور دیگر سامان برآمد کرلیا، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان سائبر کرائم میں ریکارڈ یافتہ نکلے ہیں، مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کررہے ہیں۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں 650 روپے کا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج 650 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں 24 قیراط کے ایک تولہ سونے کا بھاؤ ایک لاکھ 28 ہزار 600 روپے ہوگیا ہے۔
اسی طرح دس گرام سونے کا بھاؤ 558 روپے اضافے سے 110254 روپے ہے۔ طلائی زیورات کی تیاری میں استعمال ہونے والے 22 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ ایک ہزار 66 روپے ہے۔
عالمی صرافہ بازار میں سونے کی فی اونس قیمت 15 ڈالر اضافے کے بعد 1905 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔