ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں، برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں حالیہ سسٹم کے تحت بارشوں کے بعد 8 جنوری سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے اور درجہ حرارت واحد عدد تک گر سکتا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق رواں موسم سرما کا طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان پر اثر انداز ہوگیا جس کے تحت جنوبی بلوچستان میں اچھی برسات ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی شہر میں آج شام یا رات سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور اس کے بعد 45 سے 54 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی سرد ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق نئے سسٹم کے تحت شہر میں 5جنوری کی دوپہر تک وقفے وقفے معتدل اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے جس کے بعد اس میں وقفہ آجائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ 6 جنوری کی دوپہر سے ایک بار پھر سرگرم ہوگا اور 6 جنوری کی دوپہر سے 7 جنوری کی صبح یا دوپہر تک بارش وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا کہ اس عرصے کے دوران شہر میں 40 سے 50 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے

بلوچستان میں بارشوں، برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں برف باری اور موسلا دھار بارشوں سے پارہ نقطہ انجماد تک گر گیا اور صوبے کو سردی کی شدید لہر نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

بارشوں اور برف باری سے متعدد علاقوں میں گیس اور بجلی کی فراہمی معطل ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بلوچستان میں اتوار کے روز داخل ہونے والے نئے سسٹم سے آئندہ 5 روز تک صوبے میں تیز بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا۔

حالیہ بارشوں اور برفباری نے صوبے میں طویل خشک سالی کا خاتمہ کردیا، گزشتہ برس بارش اور برفباری نہ ہونے کی سبب کوئٹہ کی معروف ہنہ جھیل اور دیگر آبی ذخائر سوکھ گئے تھے۔

علاوہ ازیں ضلع کیچ کے علاقے مند میں سیلابی ریلے کے باعث بند ٹوٹ جانے سے پانی آبادی میں داخل ہوگیا، جس پر مقامی باشندوں نے اپنی مدد آپ کے تحت رات گئے نکل مکانی شروع کردی۔

طوفانی بارشوں کے سبب تربت اور مند کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے جبکہ گوادر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بھی گھروں میں پانی داخل ہوگیا اور کئی کچے مکانات منہدم ہو گئے۔

ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش و برف باری سے پیدا صورتحال کا جائزہ لینے کے اجلاس طلب کرلیا، جس میں امداد و بحالی کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایت پر تربت گوادر اور مکران ڈویژن میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور متاثرہ افراد کو خیمے کمبل اور اشیا خورونوش کی فوری فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ برف باری سے متاثرہ علاقوں میں شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے عملہ بھاری مشنری کے ساتھ موجود ہے۔

ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نصیر ناصر کے مطابق متاثرہ علاقوں کے عوام کے لیے ٹیمیں روانہ کردی گئیں اور کمبل، خیمے، سلنڈرز، ادویات اور کھانے کی اشیا بھی بھجوا دی گئی ہیں۔

کراچی میں اومی کرون کیسز کی شرح 8.9 فیصد ہے: معاون خصوصی برائے صحت

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ صحت کارڈ کے حامل افراد کراچی سمیت ملک کے کسی بھی شہر میں مخصوص نجی اسپتالوں میں علاج کروا سکتے ہیں۔

 گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ مخصوص اسپتالوں میں علاج کروالے والے مریضوں کو علاج کی رقم کے لیے ادائیگی نہیں کرانی، اسپتال اور حکومت کا مقرر کردہ محکمہ خود معاملات طے کرے گا۔

پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر کی تصدیق کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ اومی کرون کے کیسز  ہر جگہ سے آ رہے ہیں، کراچی میں مثبت اومی کرون ویرینٹ کیسز کی شرح 8.9 فیصد جبکہ لاہور اور پشاور میں 2.2 فیصد ہے۔

معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ ویکسین شدہ افراد بھی کورونا کا شکار ہو رہے ہیں لیکن شرح کم ہے، این سی او سی کے اجلاس میں موجودہ صورت حال کا جائزہ لیں گے

ہیٹی؛ قومی دن کی تقریب میں وزیراعظم قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

پورٹ او پرنس: 

بحیرہ کریبیئن کی ریاست ہیٹی کے قومی دن کی تقریب کے میں مسلح شخص نے وزیر اعظم آریئل ہنری  قاتلانہ حملہ کردیا تاہم خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کریبیئن کے یوم آزادی کی مناسبت سے ایک تقریب میں نامعلوم مسلح شخص نے حملہ کردیا۔ حملہ آور نے وزیراعظم کو نشانہ  بنایا تاہم وہ بال بال بچ گئے۔ فائرنگ کے بعد وزیراعظم کو تقریب سے خطاب کیے بغیر واپس جانا پڑا۔

وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح شخص کے حملے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ ہیٹی کے قومی دن کے موقع پر سیکیورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان مختلف مقامات پر جھڑپیں ہوئیں جس میں جانی نقصان بھی ہوا تاہم سرکاری سطح پر ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کی گئی۔

میڈیا سے ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم آریئل ہنری نے کہا کہ انھیں معلوم ہے کہ وہ خطرہ مول لے رہے ہیں۔ ملک پر شدت پسندوں اور جرائم پیشہ افراد کو مسلط نہیں ہونے دیں گے۔

حفیظ کی اہلیہ نے ریٹائرمنٹ پر کیا کہا؟

گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے قومی کرکٹر محمد حفیظ کی اہلیہ نے شوہر کے اس فیصلے کے بعد اپنا پہلا پیغام جاری کیا ہے۔

محمد حفیظ کی اہلیہ نازیہ حفیظ نے ٹوئٹر پر کرکٹر کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس سے قبل لی گئی ایک تصویر شیئر کی جس پر انہوں نے لکھا کہ جب آپ اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے لیے پریس کانفرنس میں جانے کے لیے تیار ہو رہے تھے تو میں اُس وقت  کافی جذباتی تھی۔

 

انہوں نے شوہر سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے آپ پر فخر ہے، نازیہ نے خود کو حفیظ کا سب سے بڑا مداح قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی نمبر 1 پرستار  پاکستان گرین ٹاپ میں آپ کی کمی محسوس کرے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان کے لیے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی 20 کھیلنے والے محمد حفیظ نے گزشتہ روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا

سرحدی باڑ پر افغان طالبان کامؤقف تبدیل کرانے کیلئے بات چیت جاری ہے، وزیر خارجہ

 اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سرحدی باڑ پر افغان طالبان کا مؤقف تبدیل کرانے کیلئے بات چیت جاری ہے۔

 گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سرحدی باڑ پر افغان طالبان کامؤقف تبدیل کرانے کیلئے بات چیت جاری ہے، افغانستان کیلئےجوہم کر سکتےتھے کررہےہیں،افغانستان میں ہم امن اور بہتری چاہتےہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں خون کی ہولی کھیلنےپرہمارےبھارت کےساتھ کوئی تعلق تو نہیں ہے،مودی کو اگر پاکستان میں آنے سےدقت ہےتونہ آئیں ویڈیو لنک سے اجلاس میں شرکت کرلیں، بھارت پاکستان کو نیچادکھانے کیلئے ہٹ دھرمی پر اتراہواہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سارک فورم کو آگے لےکرچلناچاہتاہے،بھارت نے اس فورم پر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہاہے جب کہ پاکستان سارک کی میزبانی کیلئے مکمل تیارہے

انگلش کرکٹر الیکس ہیلز پی ایس ایل کھیلنے کیلئے بے تاب

 کراچی:  انگلش بیٹر الیکس ہیلز انتہائی مسابقتی پاکستان سپر لیگ کھیلنے کیلیے بے تاب ہیں۔

33 سالہ کرکٹر کی خدمات اسلام آباد یونائیٹڈ نے حاصل کرلی ہیں، انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل ایک ہائی کوالٹی لیگ ہے، انتہائی باصلاحیت مقامی کرکٹرز، خاص طور پر بولرز اسے انتہائی مسابقتی ٹورنامنٹ بناتے ہیں، اس لیگ میں آپ کو آخری روز تک معلوم نہیں ہوتا کہ کون سی 4 ٹیمیں پلے آف میں جگہ بنائیں گی۔

یہی بات اسے بہت زیادہ دلچسپ بناتی ہے، انھوں نے کہا کہ میں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پاکستان میں پہلا میچ پی ایس ایل 4 میں کھیلا تھا، تب پاکستان میں کنڈیشنز بہت ہی اچھی تھی، گیند بیٹ پر آرہی تھی، یہاں کی کنڈیشنز باقی ایشیائی وینیو کے مقابلے میں کافی مختلف ہیں۔

خواجہ آصف کے خلاف کیس میں حقِ جرح ختم ہونے پر وزیراعظم سے جواب طلب

ہائیکورٹ میں وزیراعظم کے بیان پر جرح کا حق ختم کرنے کے سیشن کورٹ فیصلے کے خلاف خواجہ آصف کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو سماعت کی کارروائی آگے بڑھانے سے روک دیا۔

خواجہ آصف کے وکیل نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کے جج نے عمران خان کے بیان پر جرح کا حق ختم کر دیا، یہ کیس 2012 کا ہے اور 2021 میں سوالات وضع کیے گئے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا آپ کہتے ہیں کہ التواء عمران خان کی طرف سے ہوا؟ ہتک عزت کا کیس تو دو ماہ میں فیصلہ ہو جانا چاہیے تھا۔

خواجہ آصف کے وکیل نے کہا کہ دونوں فریقین کی جانب سے التواء لیا گیا۔ عدالت نے وزیراعظم سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 جنوری تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ شوکت خانم ہسپتال سے متعلق الزامات پر وزیراعظم عمران خان نے سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کے خلاف ہرجانے کا کیس دائر کیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ جاری، مزید 2 نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی  کا سلسلہ جاری  ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے سری نگر میں 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔

کے ایم ایس کے مطابق کشمیری نوجوانوں کو محاصرے اور سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کیا گیا۔

خیا ل رہے کہ چند روز کے دوران قابض بھارتی فورسز  کی جانب سے جموں کشمیر میں نام نہاد سرچ آپریشنز میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور بھارتی فورسز کی جانب سے 10 سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا گیا ہے۔

گوادر میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، مواصلاتی نظام درہم برہم

گوادر  سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں رات سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری  ہے جس سے نشیبی علاقے  زیر آب آگئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گوادر میں اب تک 57.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جبکہ طوفانی بارش سے مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ ضلع گوادر سمیت مختلف علاقوں میں بارش برسانے والا سسٹم تاحال موجود ہے جس کے باعث مزید بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 24گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش پسنی میں 70  ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، گوادر میں 57 ملی میٹر، اورماڑہ میں 27 ملی میٹر،کیچ اور جیوانی میں 24 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ کوئٹہ میں 8 ، قلات میں 4، خضدار، دالبندین اور پنجگور میں 3ملی میٹر  بارش ریکارڈ ہوئی۔

پاکستان سے پہلی مال بردار ٹرین 13 روز بعد ترکی پہنچ گئی

تہران کے ذریعے استبول اور اسلام آباد کے درمیان ایک دہائی بعد چلنے والی ٹرین لاہور، تفتان، اور زاہدان سے ہوتی ہوئی انقرہ پہنچ گئی، مال بردار ٹرین نے اپنے 17 روز کا سفر 13 روز میں مکمل کیا جبکہ دوسری ٹرین بھی ترکی کے راستے پر رواں ہیں۔

 پاکستان ریلوے ڈائریکٹر (آپریشنز) امتیاز احمد نے ڈان کو بتایا کہ ’21 دسمبر کو اسلام آباد سے پہلے مال بردار ٹرین روانہ ہوئی، جو پیر کی شام انقرہ (ترکی) پہنچی، جس میں دیگر سازو سامان کے ساتھ بڑی تعداد میں پنک نمک بھی بڑی تعداد میں موجود تھا۔

انہوں نے بتایا کہ منزل پر پہنچنے سے قبل ٹرین میں موجود سامان کو ایرانی، ترک ریل گیج سسٹم کے ذریعے دوسری بوگیوں میں منتقل کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرین 8 ویگنز پر مشتمل ہے جس میں 150 ٹنز پنک نمک موجود ہے۔

امتیاز احمد نے مزید بتایا کہ دوسری ٹرین 28 دسمبر کو بندرگاہ پہنچی جس میں 525 ٹن صابن کے پتھر موجود تھے، یہ ٹرین ایران میں داخل ہوچکی ہے اور جلد ہی زاہدان پہنچ جائے گی، جہاں ترسیل سے متعلق دیگر کام مکمل کیا جائےگا۔

ایک سوال کے جواب میں استنبول، تہران، اسلام آباد (آئی ٹی آئی) کے ترجمان امتیاز احمد نے بتایا کہ پاکستان ریلوے نے پہلی ٹرین سے 8 لاکھ اور دوسری ٹرین سے 22 لاکھ روپے کمائے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران صرف راستہ فراہم کرنے والے ملک کےطور پر استعمال ہوگا اور پاکستان سےلوڈ کیے جانے والے تمام سازو سامان کی ترسیل ترکی میں ہی کی جائے گی۔

پنک سالٹ سرگودھا سے ٹرک میں لوڈ کرکے اسلام آباد میں آئی ٹی آئی ٹرین تک منتقل کیا گیا جبکہ صابن کے پتھر جلال آباد (افغانستان)سے خریدے گئے اور فریٹ بھیجنے والوں نے اسے خریداروں کےمطالبے کے مطابق آئی ٹی آئی پر بُک کیا۔

امتیاز احمد نے مزید کہا کہ تیسری ٹرین بھی جلد ہی ترکی کے لیے روانہ ہوگی، اسے مال بردار ٹرین بھیجنے والوں کی جانب سے لوڈ کیا جارہا ہے۔

ڈیڑھ کروڑ افراد کا ڈیٹا مل چکا، اسی ماہ نوٹسز بھیجنا شروع کردیں گے، وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے اعلان کیا ہے کہ ڈیڑھ کروڑ افراد کا ڈیٹا مل چکا ہے اور اسی ماہ لوگوں کو نوٹسز بھیجنا شروع کردیں گے۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے سال 2019کی پارلیمنٹرینز ٹیکس ڈائریکٹری کا افتتاح کیا اور اس موقع پر تقریب سے خطاب میں کہا کہ ٹیکس کلچر بنانا ہے تو شروعات پارلیمنٹیرین سے ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ ٹیکس سسٹم میں شفافیت اور آسانی لانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، معاشرے کی ترقی میں ٹیکس کا بڑا اہم کردار ہے، کرنٹ اخراجات بھی اپنے ریونیو سے پورا نہیں کرپارہے ادھار لینا پڑتا ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ انکم ٹیکس سمیت صرف 2 قسم کا ٹیکس ہونا چاہیے، صرف انکم ٹیکس اور کنزامپشن ٹیکس ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ ہر آدمی کی آمدنی کے مطابق اس کا ٹیکس کاٹا جائے گا، ہمارے پاس ڈیڑھ کروڑ افراد کے نام ہیں، انہیں استعمال کریں گے، اسی ماہ لوگوں کو نوٹسز بھیجنا شروع کردیں گے، نادرا کے ساتھ مل کر ٹیکس کا دائرہ کار بڑھا رہے ہیں۔

پانچ عالمی جوہری طاقتوں کا ایٹمی جنگ شروع نہ کرنے پر اتفاق

پانچ عالمی جوہری طاقتیں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ روکنے کیلئے متحدہو گئیں، ایٹمی جنگ شروع نہ کرنے کے معاہدے پر اتفاق کر لیا۔
پی فائیو گروپ میں شامل امریکا، روس، برطانیہ، چین اور فرانس نے اتفاق کیا ہے کہ جوہری جنگ کبھی نہیں جیتی جا سکتی، اس کے دور رس نتائج نکلتے ہیں لہٰذا رکن ممالک ایک دوسرے اور کسی دوسرے ملک کے خلاف جوہری جنگ نہیں لڑیں گے۔
رکن ممالک نے اتفاق کیا کہ جوہری ہتھیار جب تک رہیں گے وہ دفاعی مقاصد اور جارحیت کو روکنے کیلئے استعمال ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ، تخفیف اسلحہ اور ہتھیاروں کے کنٹرول کے معاہدوں کی پاسداری جاری رکھی جائے گی، رکن ممالک تنازعات کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالیں گے۔