ھارتی میڈیا کے مطابق کے مطابق بھارتی ائیر فورس کے لڑاکا میراج طیارے کے ٹائر لکھنؤ ائیر بیس کے نزدیک سے چوری ہوا جس کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی طیاروں کے ٹائر ٹرک کے ذریعے لکھنؤ ائیر پورٹ شفٹ کیے جا رہے تھے شدید ٹریفک جام کے دوران ٹائر ٹرک ہی سے چوری کیے گئے، لکھنؤ پولیس کا کہنا ہے کہ تا حال چوروں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا لیکن بھارتی ائیر فورس کی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان ضرور لگ گیا ہے۔
Monthly Archives: December 2021
جرمنی نے ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کردیا
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی نے ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کردیا، جرمنی نے ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی لگادی ۔اگلے سال فروری تک ہر شہری کے لیے ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا جائے گا۔
جرمنی میں تقریباً 68.7 فیصد آبادی کو مکمل طور پر ویکسین لگائی گئی ہے، جو کہ حکومت کے ہدف کی کم از کم 75 فیصد سے بہت کم ہے۔
جرمنی میں ماضی میں وبائی امراض کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے ہیں اور امکان ہے کہ ویکسین کے لازمی قرار دینے کو اقلیت کی طرف سے مخالفت کی جائے گی، حالانکہ رائے عامہ کے جائزوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ زیادہ تر جرمن اس کے حق میں ہیں۔
جرمنی کی بیماریوں پر قابو پانے والی ایجنسی کے مطابق جمعرات کو 73,209 نئے تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ رابرٹ کوچ انسٹی ٹیوٹ نے بھی کورونا سے 388 نئی اموات کی تصدیق کی ہے۔ جس سے وبائی امراض کے آغاز سے اب تک مجموعی تعداد 102,178 ہوگئی ہے۔
افغان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کنسلٹنٹ نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کے سابق کرکٹر لانس کلیوزنرنے گزشتہ روز بطور ہیڈ کوچ افغان کرکٹ ٹیم اپنے کانٹریکٹ میں توسیع سے انکار کردیا تھا جس کے بعد اب اچانک بولنگ کنسلٹنٹ نے بھی عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق شان ٹیٹ افغان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولنگ کنسلٹنٹ کے فرائض انجام دے رہے تھے جن کا بورڈ سے سال کے آخر تک معاہدہ تھا لیکن گزشتہ روز وہ اچانک ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوئے اور فوری طور پر عہدے سے استعفیٰ دیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق اپنے مختصر بیان میں شان ٹیٹ نے کہا کہ افغان ٹیم کے ساتھ کام کو انجوائے کیا اور خاص طور پر نوجوانوں نے متاثر کیا جس سے ذاتی طورپر سمجھتا ہوں کہ افغان ٹیم کا مستقبل اچھا ہے جب کہ اپنے دور میں لانس کلیوزنرجیسے کرکٹ کی سمجھ بوجھ رکھنے والے ہیڈ کوچ کا ساتھ بھی خوشگوار رہا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے سابق آسٹریلوی کرکٹر شان ٹیٹ کو افغان کرکٹ بورڈ نے رواں سال اگست میں بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا تھا اور ان کے کانٹریکٹ کی معیاد پانچ ماہ تک تھی۔
منی بجٹ تیار، ملک میں مہنگائی کے نئے طوفان کا خطرہ منڈلانے لگا
منی بجٹ تیار ہے اور ملک میں مہنگائی کے نئے طوفان کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔
منی بجٹ میں کاسمیٹکس، ڈبہ بند خوراک اور لگژری آئٹمز مہنگے ہوں گے، امپورٹڈ گاڑیوں کی قیمتیں بھی اوپرجائیں گی۔
چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد کا کہنا ہےکہ منی بجٹ تیار ہوچکا ہے، حکومت جب کہےگی پیش کردیں گے، سیلز ٹیکس کی چھوٹ کو واپس لیا جارہا ہے ، لگژری اشیاء کی درآمدات پر ٹیکس لگائےجائیں گے،درآمدی گاڑیوں پر اضافی ٹیکس کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
چیئرمین ایف بی آر کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پرسیلز ٹیکس ریفائنری اسٹیج پر لاگو ہوگا،کھانے پینے کی اشیاء اورادویات پر ٹیکس چھوٹ برقرار رہےگی۔
دوسری جانب ،ایف بی آرنےکراچی،لاہور اور اسلام آباد سمیت 40 بڑے شہروں میں غیر منقولہ جائیداد کی ویلیو بڑھادی ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہےکہ منی بجٹ لانے کے اعلان سے ثابت ہواکہ قومی بجٹ کے موقع پر جھوٹ بولا گیا، منی بجٹ لانے والے کہتے تھے کہ کوئی منی بجٹ نہیں آئےگا، عمران نیازی نے ایک اور یوٹرن لیا ہے۔
شہبازشریف کاکہنا تھا کہ یہ منی بجٹ نہیں، معاشی تباہی اور مہنگائی کا سیاہ طوفان ہے، منی بجٹ قومی معیشت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا
(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی والے الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے خوفزدہ: ترجمان پنجاب حکومت
حسان خاور نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی والے الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے خوفزدہ ہیں، یہ دونوں جماعتیں ٹھپہ مافیا کی ماسٹر مائنڈ ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی نے ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے الیکشن جیتے ہیں، ای وی ایم کے ذریعے ووٹنگ سے اپوزیشن کی دھاندلی زدہ سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہوجائے گی، ای وی ایم سے الیکشن کے اعلان پر دھاندلی سے الیکشن جیتنے والی جماعتوں پر لرزہ طاری ہے، شفاف الیکشن ووٹ کی حرمت کیلئے ضروری ہیں۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ قوم ای وی ایم کے ذریعے ووٹنگ کی حامی ہے، انتخابات میں ای وی ایم تھرڈ امپائر کا کردار ادا کرے گی، الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے خوفزدہ اپوزیشن کو اپنا سیاسی مستقبل تاریک نظر آرہا ہے۔
کرپشن کو سپورٹ کرنیوالے کسی شخص سے رعایت نہ برتی جائے: وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کو سپورٹ کرنے والے کسی شخص سے رعایت نہ برتی جائے۔
وزیراعظم عمران خان سے پی اے سی میں شامل حکومتی ممبران کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ سب سینئر سیاستدان ہیں، کرپشن سے متعلق معاملات سامنے لانے کی توقع ہے، سابقہ حکومت کی کرپشن کے کیسز کو منظر عام پر لایا جائے۔ موجودہ دور حکومت کی کرپشن کو بھی بے نقاب کریں، کرپشن کو سپورٹ کرنے والے کسی شخص سے رعایت نہ برتی جائے۔
ان کا کہنا تھا جو کوئی کرپشن کے معاملات پر مٹی ڈالنے کی کوشش کرے، مجھے بتائیں، کرپشن کے خاتمے کی پالیسی سے کسی صورت پیچھے نہ ہٹیں۔
وزیراعظم عمران خان نے پی اے سی ممبران کو ہدایت کی کہ کرپشن کرنے والا جو کوئی بھی ہے اسے قانون کی گرفت میں لائیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت کے پی اے سی ممبران نے کرپشن سے متعلق تمام معاملہ بیوروکریسی پر ڈالتے ہوئے کہا کہ بیوروکریسی کرپشن کے معاملات پر سنجیدہ نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق پی اے سی ممبران کا کہنا تھا کہ تمام فائلز بیوروکریسی کے پاس سے گزرتی ہیں، جتنےکرپشن کے معاملات ہائی لائٹ کرتے ہیں بیوروکریسی دبا دیتی ہے، معاملات نیب کو بھجواتے ہیں وہاں بھی کرپشن کیس پر بڑا قدم سامنے نہیں آتا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ریاض فتیانہ اور نور عالم خان نے پی اے سی کی کارکردگی سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان ریاض فتیانہ کی بطور ممبر پی اے سی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون انڈیا پہنچ گیا انڈیا میں کووڈ کی نئی قسم کے دو کیسز کی تشخیص
انڈیا میں پہلی بار کووڈ 19 کی نئی قسم اومیکرون کے دو کیسز سامنے آئے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ جن دو مردوں میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ان کا تعلق کرناٹک سے ہے۔
جمعرات کو وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لو اگروال نے انڈیا میں اومیکرون انفیکشن کے دو کیسز کی تصدیق کی ہے۔
وزارت صحت کی پریس کانفرنس میں لو اگروال نے کہا کہ کل رات کرناٹک میں کورونا وائرس کے اومیکرون قسم کے انفیکشن کے دو کیسز کی تصدیق کی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ یہ انفیکشن ایک 66 سالہ اور ایک 46 سالہ شخص میں پایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کی شناخت ظاہر نہیں کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ان دو متاثرہ افراد کے رابطے میں آیا ہے انہیں ٹریس کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں مرنا بھی مشکل قبر 40 ہزار روپے کی ہوگئی
پیسے ادا نہ کرنے پر ورثہ کو تدفین کے لیے جگہ نہ ہونے کا کورا جواب
مغلپورہ کے سائیں صادق قبرستان پر مافیا دیہاڑیاں لگانے لگا،
نذرانے کے بعد تدفین کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا
اومی کرون وائرس کی تصدیق: سعودی عرب کا لاک ڈاؤن سے متعلق اہم اعلان
سعودی حکومت نے اومی کرون کیس رپورٹ ہونے پر مکمل لاک ڈاؤن کا امکان مسترد کردیا۔
سعودی عرب میں گزشتہ روز کورونا وائرس کا افریقی ویرینٹ اومی کرون کا پہلا کیس رپورٹ ہوا جس کےبعد حکام نے اس حوالے سے تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔
تاہم سعودی وزارت صحت نے اومی کرون سامنے آنے پر ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کے امکان کو مسترد کیا۔
سعودی وزارت صحت کاکہنا ہےکہ کورونا کے آغاز پر خدشات بہت زیادہ تھے کیونکہ اس وقت ویکسین نہیں تھی لیکن اب سعودی عرب میں 22 ملین سے زیادہ افراد نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لے لی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی معاشرے میں وائرس سے متعلق مدافعتی نظام بہترین ہے لہٰذا لوگ حفاظتی تدابیرکی پابندی کریں، پرُہجوم مقامات سے دور رہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ جو لوگ ملک سے باہر جانے کا پروگرام بنا رہے ہوں وہ سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔
سمندر میں ایک اور طوفان بننے کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں موجود ہوا کا کم دباؤ کچھ دن میں سمندری طوفان بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بننے کی صورت میں اسے ’جواد ‘ کا نام دیا جائے گا جو سعودی عرب کا تجویز کردہ ہے۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ سمندری طوفان سے پاکستان کے ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں۔
دوسری جانب ماہر موسمیات جیسن نکلولس کا کہنا ہےکہ آندھرا پردیش،اڑیسہ، مغربی بنگال اوربنگلا دیش طوفان سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
ناروے کے کارسٹن وارہوم مین اور ایلین تھامسن ویمن اتھلیٹ آف دی ایئر قرار
ناروے کے کارسٹن وارہوم کو مین اتھلیٹ آف دی ایئر قرار دے دیا گیا، ویمن اتھلیٹ آف دی ایئر کا ایوراڈ جمیکا کی ایلین تھامسن نے جیت لیا۔
ٹوکیو اولپکس 2020 میں گولڈ میڈل جیتنے والے نارویجین رنر کارسٹن وارہوم سال 2021 کے بہترین اتھلیٹ کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہو گئے، 25 سالہ کھلاڑی نے 45 سیکنڈ میں400 میٹر ٹریک مکمل کر کے 29 سالہ ریکارڈ توڑ دیا تھا۔
دوسری جانب ویمن اتھلیٹ آف دی ایئر کا ایواڑ 2 مرتبہ گولڈ میڈل جیتنے والی جمیکن کھلاڑی ایلین تھامسن کے نام رہا۔
وسیم اکرم کو دبئی کا گولڈن ویزا مل گیا
کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کو دبئی کا گولڈن ویزا مل گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دبئی کا گولڈن ویزا ملنے کی اطلاع دی۔
انہوں نے لکھا کہ ’کرکٹ میں میری خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے حکومت دبئی کی طرف سے گولڈن ویزا دیا گیا ہے۔
وسیم اکرم نے لکھا کہ دبئی کاروبار، چھٹیاں اور دیگر ممالک کے عوام سے جُڑنے کے لیے دنیا کی بہترین جگہوں میں سے ایک ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ یہاں کا گولڈن ویزا ملنے پر فخر محسوس کررہا ہوں۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو بھی دبئی کی حکومت نے گولڈن ویزا جاری کر رکھا ہے۔
اسی مہینے جواب دیں ورنہ کیس کا فیصلہ محفوظ کریں گے: الیکشن کمشنر کا واوڈا کو حکم
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کو دہری شہریت سے متعلق تحریری جواب جمع کرانے کے لیے ایک اور موقع دے دیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار عبدالقادر مندوخیل اور فیصل واوڈا الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ ابھی تک جوابدہ نے تحریری دلائل نہیں جمع نہیں کرائے، جس پر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ہمیں تھوڑی مہلت دی جائے، وکیل کے گھر میں کوئی بیماری ہے، بیماری پر پہلے بھی بات ہوئی ہے، میری والدہ بھی بیماری کے باعث انتقال کر گئیں۔
سکندر سلطان راجا کا کہنا تھا کہ کیس میں پہلے ہی اتنی زیادہ تاخیر ہو گئی ہے، آپ تحریری دلائل جمع کرائیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا درخواست گزاروں میں کسی کے تحریری دلائل آئے ہیں؟ جس پر انہیں بتایا گیا کہ وکیل آصف محمود کے تحریری دلائل جمع ہیں جبکہ عبدالقادر مندوخیل کا کہنا تھا کہ میں اپنے دلائل دے چکا ہوں۔
سکندر سلطان راجا کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس آپ کے نکات لکھے ہوئے ہیں، آپ تحریری دلائل دینا چاہتے ہیں تو ٹھیک ورنہ ہم آپ کے دلائل پر انحصار کرتے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے تحریک انصاف کے رہنما کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا واضح آرڈر تھا کہ آپ کوتحریری دلائل جمع کرانے تھے، آپ تحریری دلائل جمع کرا دیں۔
سکندر سلطان راجا نے فیصل واوڈا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار آپ کا شہریت چھوڑنے کا سرٹیفیکٹ لائے ہیں، آپ اسے مان رہے ہیں؟ آپ کے پاس بھی شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ ہو گا۔ فیصل واواڈا نے جواب میں کہا کہ یہ تو فوٹو کاپی ہے، یہ تو درخواست گزار کہیں سے بھی لے آئیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے پوچھا کہ جب کاغذات نامزدگی جمع کرائے تو کیا آپ شہریت چھوڑ چکے تھے؟ جب شہریت چھوڑتے ہیں تو سرٹیفکیٹ ملتا ہے، آپ درخواست گزاروں کا شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ نہیں مان رہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں یہ کہاں سے لائے ہیں، درخواست گزار7 سرٹیفکیٹ لے آئے، کسے مانوں، میں نے پاسپورٹ آر او کے سامنے پیش کر دیا تھا۔
سکندر سلطان راجا نے پھر استفسار کیا کہ آپ شہریت چھوڑنے کا سرٹریفیکٹ نہیں مانتے؟ جس پر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ مجھے یہاں اور وہاں کے پیپر ورک کا زیادہ پتہ نہیں ہے، مجھ پر الزام ایم این اے کی نشست پر آیا، وہ میں چھوڑ چکا ہوں، آپ مجھے 5 جنوری تک مزید مہلت دیں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں 60 دن کا کہا ہے، ہمیں کیس ختم کرنا ہے اور اگلے الیکشن کی تیاری کرنی ہے، کمیشن نے تو آپ کو کہا ہے کہ تحریری دلائل جمع کرا دیں۔
الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو دہری شہریت سے متعلق جواب جمع کرانے کا ایک اور موقع دیتے ہوئے کیس کی سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کا کہنا تھا کہ 23 دسمبر تک جواب نہ آیا تو معاملے کو آرڈر کے لیے محفوظ کر لیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا پر کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت جھوٹا حلف نامہ جمع کرانے کا الزام ہے۔
درخواست گزار عبدالقادر مندوخیل کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا نے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے وقت دہری شہریت چھپائی۔