پنج شیر میں طالبان کے گورنر بم حملے میں بال بال بچ گئے

افغانستان کے علاقے پنج شیر میں طالبان کے گورنر مولوی قدر اللہ سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں محفوظ رہے تاہم ان کے محافظ شدید زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے پنج شیر میں سڑک کنارے نصب اُس وقت زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے طالبان کے گورنر مولوی قدر اللہ کی گاڑی گزر رہی تھی۔ حملے میں مولوی قدر اللہ محفوظ رہے تاہم ان کے محافظ شدید زخمی ہوگئے اور گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد طالبان اہلکاروں نے علاقے کا گھیراؤ کرلیا۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ پنج شیر وہ واحد صوبہ ہے جہاں اب تک طالبان کی عمل داری مکمل طور پر نافذ نہیں ہوسکی ہے۔ احمد شاہ مسعود کے صاحبزادے کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کی طالبان کے ساتھ وقتاً فوقتاً جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ طالبان کا دعویٰ ہے کہ پنج شیر کے اکثریتی علاقے کا انتظام سنبھال لیا ہے تاہم علمائے کرام اور علاقے کے معززین کی ثالثی کے نتیجے میں پیش قدمی کو روک دیا گیا اور اب تقریباً جنگ بندی ہے۔

ایف آئی اے نے جعلی سمز رجسٹریشن میں ملوث نادرا ملازمین سمیت 8 افرادگرفتارکرلیے

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبرکرائم ونگ نے سکھر اور گھوٹکی میں جعلی موبائل سِمز کی رجسٹریشن میں ملوث نادرا کے 2 ملازمین سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ عمران ریاض نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اندرون سندھ میں کچےکے ڈاکو جعلی رجسٹریشن کرا کے سِمز استعمال کر رہے ہیں جو بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان سمیت قتل اور اقدام قتل اور لوٹ مار کی وارداتوں میں استعمال ہوتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا ملازمین بھی جعلی سمز رجسٹریشن کے دھندے میں ملوث پائےگئےہیں، ملزمان نادراکےفارمز کا اسکرین شاٹ لےکر دیگر ملزمان کو دیتے تھے۔ عمران ریاض کے مطابق سکھر اور گھوٹکی میں کارروائی کے دوران 2 فرنچائز سِیل کرکے بڑے پیمانے پر آلات، موبائل فونز ، سمز اور لیپ ٹاپ برآمد کرلیے، اس کے علاوہ 10 ہزار انگوٹھوں کا ریکارڈ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ بھر میں چائلڈ پورنوگرافی میں بھی اسی قسم کے ذرائع سےکی جاتی ہے جس کی وجہ سے ملزمان ٹریس نہیں ہو پاتے۔

سری لنکن منیجر کو بچانے کیلئے اس کی ڈھال بن کر خود مار کھانے والے شخص کی شناخت سامنے آگئی

سیالکوٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن) سیالکوٹ واقعہ میں سری لنکن شہری پریانتھا کو بچانے کی کوشش کرنے والے فیکٹری ورکر کی شناخت ہوگئی ۔

سیالکوٹ واقعہ کی ایک فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں فیکٹری ورکرز کی جانب سے سری لنکن شہری پریانتھا کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ورکرز پریانتھا کو چھت پر لے جاتے ہیں مگر ہجوم وہاں بھی پہنچ جاتا ہے اور چند افراد کی پریانتھا کو بچانے کی کوشش رائیگاں چلی جاتی ہے۔پریانتھا کو بچانے کے کوشش کرنے والے فیکٹری ورکر کی شناخت عدنان ملک کے نام سے ہوئی ہے جو کہ فیکٹری میں پروڈکشن مینجر کے طور پر کام کرتے تھے اور گزشتہ 15 سالہ سے فیکٹری میں کام کررہے ہیں۔پولیس اب تک اس واقعہ میں ملوث 118 ملزمان کو گرفتار کرچکی ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ بھی جار ی ہے۔ پاکستان کے ہر طبقہ فکر کی جانب سے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔

اعصام الحق اور عقیل خان کی جوڑی نے حسن طارق رحیم نیشنل رینکنگ ٹینس ٹورنامنٹ میں فائنل کے لے کوالیفائی کر لیا۔

حسن طارق رحیم نیشنل رینکنگ ٹینس ٹورنامنٹ لاہور کے جیم خانہ ٹینس کورٹس پر جاری ہے۔

جمعے کو ہونے والے سیمی فائنل میں اعصام الحق اور عقیل خان کی جوڑی نے احمد چوہدری اور عبدالحیدر کو شکست دی۔ اعصام الحق اور عقیل خان کی کامیابی کا اسکور 2-6  اور 3-6  رہا۔

دوسرے سیمی فائنل میں محمد عابد اور وقاص ملک کی جوڑی نے مزمل مرتضیٰ اور مدثر مرتضیٰ کی جوڑی کو 3-6 ، 6-4 اور 10-5 سے شکست دی۔

حسن طارق رحیم نیشنل رینکنگ ٹینس ٹورنامنٹ بوائز انڈر 18 سنگل کے  سیمی فائنلز میں عبداللہ نے ہشیش کمار اور سیمی زیب نے حامد اسرار کو شکست دی۔

یوکرائن کے معاملے پر امریکا اور روس آمنے سامنے

صدارتی انتخابات میں مداخلت کے بعد اب امریکا اور روس کے درمیان تنازع اور کشیدگی کی وجہ یوکرائن بن گیا ہے جس پر دونوں ممالک کا ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ اور دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرائن میں روسی مداخلت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر روس نے عسکری کارروائی کی تو یوکرائن کی مدد کریں گے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے روس کو حملوں سے باز رہنے کی تاکید کرتے ہوئے مزید کہا کہ یوکرائن پر روسی حملے کو ناکام بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اُٹھائیں گے۔ خیال رہے کہ امریکی کی خفیہ ایجنسی نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر اطلاع دی تھی کہ روس نے آئندہ برس کے اوائل میں یوکرائن پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ قبل ازیں یوکرائن اور نیٹو بھی روسی حملے کے خطرات کا اظہار کرتے آئے ہیں۔ ادھر روس نے امریکی دھمکیوں کو داخلی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرائن پر حملے کا بہانہ بناکر کچھ لوگ روس کی قومی سلامتی پر حملہ آور ہونا چاہتے ہیں، ایسے لوگوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ واضح رہے کہ روس اور یوکرائن کے درمیان تنازع کا آغاز 2014 سے ہوا تھا جب روس نے یوکرائن کے مشرقی صنعتی علاقے ڈونباس میں علیحدگی پسندوں کی بغاوت کی حمایت کی تھی۔

ملکی سیاست میں انقلاب آنے والا ہے:اسد عمر

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ چند خاندانوں نے ترقی کی اور پاکستان پیچھے چلا گیا اب ہم اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کریں گے،ماضی کے بلدیاتی انتخابات میں میئر کے پاس کوئی اختیار نہیں تھا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں میئر کا انتخاب براہ راست ہو گا اور میئر کو بااختیار بنائیں گے،عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والا میئر عوام کو جوابدہ ہو گا اور اب لیڈر نہیں بلکہ عوام بااختیار ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں 5 شہروں میں کچھ خاندانوں کا مکمل قبضہ رہا ہے جبکہ گوالمنڈی میں رہنے والوں کے اربوں کے فلیٹس لندن اور دبئی میں بن جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ مریم نواز کہتی تھیں لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے لیکن خرم شیر زمان نے ٹھیک کہا آپ کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی عزت نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی سیاست میں انقلاب آنے والا ہے اور جو ماضی میں سینما کے ٹکٹ بیچتے تھے آج ان کے محل بن گئے ہیں جبکہ گوالمنڈی میں گھومنے والے آج لندن کے محلوں میں مزے کر رہے ہیں۔

چین نے اپنی جمہوریت کے حوالےسے وائٹ پیپر جاری کردیا

 تفصیلات کے مطابق “فائدہ مند جمہوریت” کے عنوان سے جاری کیے گئے وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ جمہوریت انسانیت کی مشترکہ قدر ہے اور ایک ایسا آئیڈیل ہے جسے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور چینی عوام نے ہمیشہ پسند کیا ہے۔

وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سو سالوں کے دوران پارٹی نے چین میں عوامی جمہوریت  کے استحکام  کے لیے عوام کی رہنمائی کی ہے۔ چینی عوام، معاشرے اور ملک کا مستقبل اب چینی عوام کے ہاتھوں میں ہے۔

اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عوام کا اپنے ملک کا مالک ہونا ہی عوامی جمہوریت کا نچوڑ ہے۔

وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ چین کا عوامی جمہوریت کا مکمل ڈھانچہ نتائج پر مبنی جمہوریت کے ساتھ، نظام پر مبنی جمموریت کے ساتھ مربوط ہے، مضبوط بنیادوں کے ساتھ جموریت  جو نظام پر مبنی جمہوریت ہے،بالواسطہ جموریت کے ساتھ براہ راست جمہوریت اور ریاست کی منشا کے ساتھ عوام کی جمہوریت ہے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ چینی جمہوریت سوشلسٹ جمہوریت کا ایک نمونہ ہے جو جمہوری عمل کے تمام پہلوؤں اور معاشرے کے تمام شعبوں کا احاطہ کرتا ہے۔ یہ ایک حقیقی جمہوریت ہے جو کام کرتی ہے۔

وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ جمہوریت ایک ٹھوس رجحان ہے جو مسلسل ارتقا پذیر ہے۔ تاریخ، ثقافت اور روایت سے جڑی ہوئی یہ مختلف ممالک کے عوام کی دریافتوں اور جدت کی بنیاد پر ان کے اختیار کردہ راستے پر متنوع اشکال کے ساتھ آگے ترقی کرتی ہے۔

وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ جمہوریت کوئی آرائشی زیور نہیں بلکہ عوام کے مسائل کو حل کرنے کا ایک نظام ہے،جمہوریت چند قوموں کے استحقاق کی بجائے  ہر ملک کے عوام کا حق ہے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ کوئی ملک جمہوری ہے یا نہیں اس کا فیصلہ باہر کے مٹھی بھر لوگوں کی بجائے اس کے عوام کو کرنا چاہیے اور یہ کہ آیا کوئی ملک جمہوری ہے اس کا اعتراف بین الاقوامی برادری کو کرنا چاہیے، نہ کہ من مانی طور پر چند خود ساختہ ججوں کے ذریعے فیصلہ کیا جائے۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ  جمہوریت کا کوئی طے شدہ ماڈل نہیں۔ یہ خود کو کئی شکلوں میں پیش کرتی ہے۔ دنیا کے بے شمار سیاسی نظاموں کا ایک ہی پیمانے پر جائزہ لینا اور متنوع سیاسی ڈھانچوں کو ایک ہی نظر سے جانچنا  خود  ایک غیر جمہوری عمل  ہے۔

گجرات میں 4 افراد کا اندوہناک قتل

  کھاریاں   کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں  گھر سے 4 افراد کی لاشیں بر آمد ہوئی  ہیں ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ۔

ڈی پی او عمر سلامت کے مطابق مقتولین کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے ،  قتل ہونیوالوں میں 2 بہنیں اور ایک کا شوہر شامل ہے۔

ڈی پی او کے مطابق قتل کی ورادات گھر کے اندر ہوئی ، پولیس نے جائے وقوعہ سے اڑھائی سالہ بچے کو بھی ریسیکو کر لیا ہے ۔

پولیس کی ابتدائی تحقیق کے مطابق قاتل نے تین افراد کوقتل کر کے خودکشی کی ہے ۔ ابتدائی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ  واردات دو روز پہلے ہوئی،  محلے والوں نے بچے کے رونے کی آواز پر پولیس کو اطلاع آج دی ۔

پولیس کی جانب سے واقعےکی  تفتیش کی جارہی ہے ۔

نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی کیلئے وزارت قانون پیر تک سمری صدر کو بھجوائے گی

قومی احتساب بیورو (نیب) کے نئے چیئرمین کی تعیناتی کیلئے وزارت قانون پیر تک سمری صدر  مملکت کو  بھجوائے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے وزیر قانون کو  اس حوالے سے احکامات جاری کردیے  ہیں۔

نئےقانون کے تحت صدر مملکت وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر سے تحریری مشاورت کریں گے جس کے بعد نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی عمل میں آئے گی۔

ذرائع کے مطابق نئے چیئرمین نیب کے لیے صدر مملکت پہلے وزیراعظم سے بذریعہ خط نام طلب کریں گے۔

صدر مملکت وزیراعظم سے موصول نام قائد حزب اختلاف کوبھیجیں گے، نام پر اتفاق نہ ہوا تو تعیناتی کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو جائے گا۔

ضلعی عدلیہ میں غیرقانونی بھرتیاں، 5 ججز کیخلاف انکوائری شروع

اسلام آباد: ضلعی عدلیہ میں نو سال قبل غیرقانونی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد پانچ ججز کیخلاف باقاعدہ انکوائری شروع کردی گئی ہے۔

جسٹس بابر ستار کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی کے فریقین کو نوٹسز جاری کردئے گئے ہیں۔

ایک سو تین غیر قانونی بھرتیوں میں پانچ ججز اور ڈپٹی رجسٹرار کیخلاف انکوائری کا آغاز ہوچکا ہے۔

سیشن جج واجد علی، ایڈیشنل سیشن جج عبدالغفور کاکڑ، ڈپٹی رجسٹرار امتیاز احمد، سینئیر سول جج عامر عزیز کیخلاف انکوائری شروع کی جاچکی ہے۔

سابق سیشن ججز کوثر عباس زیدی اور عتیق الرحمان کے خلاف بھی انکوائری کا آغاز کردیا گیا ہے۔

2012ء میں اسلام آباد کی ضلعی عدلیہ میں 103 ریڈر، ناظر، ریکارڈ کیپر بھرتی ہوئے تھے۔

اکاونٹس کمیٹی نے بھرتیوں میں بڑے پیمانے پر بےضابطگیوں کا انکشاف کیا تھا۔

جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے انکوائری میں تاخیر پر نوٹس لیتے ہوئے فوری ریگولر انکوائری کا حکم دیا تھا۔

جنوبی کوریا میں کورونا کے وار جاری،اومیکرون کے 9 کیسز رپورٹ

جنوبی کورونا میں عالمی وباء کورونا کے باعث ریکارڈ 5352 نئے کیسز ظاہر، جبکہ اومیکرون کے بھی 9 کیسز مثبت آنے کی اطلاع ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا میں بیماریوں کو کنٹرول اور روک تھام کی ایجنسی KDCA   کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کووڈ سے بچاؤ کی مہم اور پابندیوں کے بعد پہلا موقع ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں کیسز درج ہوئے ہیں، جبکہ اومیکرون کے 9 کیسز کی رپورٹ نے ہلا کر رکھ دیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 14 دن کے دوران کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور 55596 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو بڑی تشویشناک بات ہے۔

جنوبی کوریا کی حکومت سے جمعے سے ملک بھر میں کورونا کے حوالے سے نئی ایڈوائزری جاری کر دی تھی ، جس کے مطابق ریستوران ، سینما گھروں اور دیگر تفریح مقامات پر جانے والے افراد کو ویکسینیش سرٹیفیکیٹ لازمی دکھان ہو گا۔ جبکہ سیول میں نجی تقریبات کو بھی صرف چھ افراد تک محدود کر دیا گیا ہے۔

KDCA کے ترجمان کے مطابق کووڈ کے کیسز میں اضافے کی وجہ سے اسپتالوں میں مریضوں کے داخل ہونے کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، اور اسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے، اور اس وقت 752 کورونا مریض انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل ہیں۔

ترجمان کے مطابق نائجیریا سے آنے والے تین مسافروں میں اومیکرون وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد اومیکرون سے متاثرہ افراد کی تعداد نو ہو گئی ہے۔۔

جونیئر عالمی ہاکی کپ، پاکستان نے آخری میچ میں پولینڈ کو شکست دیدی

ایف آئی ایچ جونیئر عالمی ہاکی کپ میں پاکستان نے آخری میچ میں پولینڈ کو پانچ گول سے شکست دے دی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق انڈیا کے شہر بھوبنیشور میں جاری ایف آئی ایچ جونیئر عالمی ہاکی کپ مقابلوں میں 11/12ویں پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے پولینڈ کو 0-5 گول سے شکست دیکر 11ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

 پاکستان کی جانب سے تین گول پینلٹی کارنرز کے ذریعہ اور دو فیلڈ گول اسکور کئے گئے۔

 پاکستان کی جانب سے رضوان علی نے پہلے دو پینلٹی کارنرز پر تیزرفتار ڈریگ فلک کے ذریعہ گول اسکور کئے جبکہ کپتان رانا وحید نے ساتھی کھلاڑی رضوان علی کے پاس پر گول اسکور کیا۔

 پاکستان کی جانب سے معین شکیل اور حماد الدین انجم نے فیلڈ گول اسکور کئے۔

 ایف آئی ایچ میگا ایونٹ میں 16 ٹیموں نے شرکت کی۔

 جونیئر عالمی ہاکی کپ کا فائینل کل پانچ دسمبر کو ارجنٹائن اور جرمنی کے مابین کھیلا جائیگا ۔

آٹھ سال بعد عالمی جونیئر ہاکی کپ میں شرکت کرنے والی پاکستان ٹیم اس ایونٹ میں فائینل کھیلنے والی دونوں ٹیموں جرمنی اور ارجنٹائن کے ہمراہ پول ڈی میں شامل تھی۔