سابق افغان سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت اور گمشدگی پر امریکا اور یورپ کی طالبان پر تنقید

افغانستان میں طالبان کے ہاتھوں سابق سکیورٹی اہلکاروں کی مبینہ ہلاکتوں کی اطلاعات پر  امریکا اور مغربی ممالک نے طالبان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

امریکا سمیت یورپ نے بھی سابق اہلکاروں کی گمشدگی اور ہلاکتوں کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر  رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین، برطانیہ، امریکا اور جاپان سمیت کئی ممالک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں سابق سکیورٹی اہلکاروں کی جبری گمشدگیاں اور ہلاکتیں رپورٹ کر رہی ہیں جس پر شدید تشویش ہے۔

بیان میں ان ممالک نے مؤقف اختیار کیا کہ ہم اس بات پر  زور دیتے ہیں کہ یہ کارروائی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور  یہ طالبان کی جانب سے عام معافی کے اعلان کے برعکس ہے۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے ایک رپورٹ پیش کی گئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ طالبان نے افغان سکیورٹی فورسز کے 100 سے زائد سابق اہلکاروں کو ہلاک اور جبری طور پر لاپتہ کیا تھا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا تھا کہ ان سابق اہلکاروں کے خاندانوں کو بھی ہدف بنایا جا رہا ہے۔

جرمنی میں ایک گھر سے 3 بچوں سمیت 5 افراد کی لاشیں برآمد

جرمنی میں ایک مکان سے 3 بچوں سمیت 5  افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  لاشیں جرمنی کے دارالحکومت برلن کے قریب جنوبی قصبےکےگھر سے ملی ہیں۔

جرمن پولیس نے پانچوں لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کردیا ہے ۔

پولیس کے مطابق، پانچوں افراد کو فائرنگ اور چاقو کے وار سے ہلاک کیا گیاہے دوسری جانب  واقعے کی  تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے لانگ مارچ اور استعفوں سے متعلق سفارشات تیار کر لیں

حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے لانگ مارچ اور اسمبلیوں سے استعفے دینے سے متعلق سفارشات تیار کر لیں۔

مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں سینیٹر میر کبیر، حافظ حمداللہ، کاشف رندھاوا اور ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں لانگ مارچ اور مہنگائی مارچ سمیت پی ڈی ایم کی آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اسمبلیوں سے استعفوں کے آپشن پر بھی غور کیا گیا اور اسٹیئرنگ کمیٹی نے لانگ مارچ اور استعفوں سے متعلق سفارشات تیار کر لیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اسٹیئرنگ کمیٹی نے لانگ مارچ اور استعفوں کی حمایت میں سفارشات تیار کی ہیں اور کمیٹی نے اتفاق کیا ہے کہ لانگ مارچ بھی ہونا چاہیے اور استعفے بھی دینے چاہئیں۔

ذرائع کے مطابق لانگ مارچ سے پہلے چاروں صوبوں میں کنونشن اور احتجاجی جلسے کرنے پر اتفاق کیا گیا اور یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ لانگ مارچ اور استعفوں کے وقت اور تاریخ کا تعین پی ڈی ایم سربراہی اجلاس کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات کل مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہونے والے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔

سابق سری لنکن کپتان جے سوریا بھی سانحہ سیالکوٹ پر بول پڑے

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز سنتھ جے سوریا بھی سیالکوٹ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر بول پڑے۔

دو روز قبل سیالکوٹ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر جہاں پوری پاکستانی قوم افسردہ ہے وہیں دیار میں رہنے والے بھی اس افسوسناک واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

پنجاب پولیس کے مطابق سیالکوٹ کی فیکٹری میں پیش آنے والے واقعے کے 13 مرکزی ملزمان سمیت 120 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور گرفتار ملزمان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے سری لنکن صدر اور وزیراعظم نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا تھا تاہم اب سابق سری لنکن کپتان سنتھ جے سوریا نے بھی سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔

سنتھ جے سوریا نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں لکھا کہ جو کچھ پاکستان میں ہوا وہ بہت ہی حیران کن ہے اور میری دلی ہمدردی متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے۔

سابق سری لنکن کپتان نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا لیکن مجھے یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان سیالکوٹ واقعے میں انصاف کے تقاضوں کو پورا کریں گے۔

’وزیراعظم 10 دسمبر کو کراچی کے پہلے جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم کا افتتاح کریں گے‘

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 10 دسمبر کو کراچی کے پہلے جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم کا افتتاح کریں گے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اسد عمر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان 10 دسمبر کو گرین لائن بی آر ٹی کا افتتاح کریں گے۔یاد رہے کہ اس سے قبل اسد عمر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان 25 دسمبر کو کراچی گرین لائن بس منصوبے کو کمرشل بنیادوں پر چلانے کا افتتاح کریں گے۔

ڈھاکا ٹیسٹ؛ دوسرے روز کا کھیل بارش سے متاثر

ڈھاکا: ڈھاکا ٹیسٹ کے دوسرے روز پہلی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے تاہم بارش کے باعث میچ روک دیا گیا ہے۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جاری 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ ڈھاکا میں کھیلا جارہا ہے، ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور ابھی اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔

پہلا دن؛ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اننگز کا آغاز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے کیا تاہم دونوں کھلاڑی بالترتیب 39 اور 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، قومی ٹیم نے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنالیے تھے۔

واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان بنگلادیش کو وائٹ واش کرچکا ہے۔

انڈونیشیا میں آتش فشاں پھٹنے سے 13 افراد ہلاک، 100 کے قریب زخمی

جکارتا: انڈونیشیا کےجزیرے جاوا میں ماؤنٹ سیمیرو  (Semeru) کا آتش فشاں پھٹ گیا جس سے 13 افراد ہلاک اور  درجنوں زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی ادارے کےمطابق  آتش فشاں پھٹنے  کے دوران نکلنے والے لاوے اور دھویں سے 13افراد ہلاک جبکہ 90 سے زائد   افراد زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آتش فشاں پھٹنے کے بعد نکلنے والا دھواں 40 ہزار فٹ کی بلندی تک گیا۔

دوسری جانب آتش فشاں پھٹنے کے باعث ہزاروں افراد  کو محفوظ مقام پرمنتقل کر دیا

ترک صدر طیب اردگان پر قاتلانہ حملے کی کوشش ناکام

انقرہ:  سیکیورٹی فورسز نے ترک صدر طیب اردگان پر قاتلانہ حملے کی کوشش ناکام بنادی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک صدر رجب طیب ارگان پر صوبے سیرت میں بم دھماکے کے ذریعے حملے کی کوشش کو ترک سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا۔

ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ طیب اردگان صوبے سیرت میں ایک ریلی میں شریک تھے، اس دوران پولیس کی گاڑی جو ریلی کی حفاظت پر مامور تھی، سیکیورٹی فورسز نے گاڑی کے نیچے سے بم برآمد کیا جس کو فوراً بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا۔

ترک میڈیا کے مطابق واقعہ کے بعد فرانزک ٹیموں نے کار کو گھیرے میں لیکر انگلیوں کے نشانات اور دیگر شواہد جمع کرلیے ہیں جب کہ اس حوالے سے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

کھاریاں میں ہولناک واقعہ، گھر کے اندر 4 افراد قتل، بچہ معجزانہ طور پر بچ گیا

لالہ موسیٰ (سٹی ر پورٹر خبریں) کھاریاںمیں خون کی ہولی چار افراد گھر کے اندر قتل بچہ معجزانہ طور پر بچ گیا تفصیل کے مطابق کھاریا ں ڈنگہ روڈ پلازے میں چار افراد قتل دو مرد اور دو خواتین شامل ہے جب کہ ایک بچہ معجزانہ طور پر بچ گیا قتل ہونیوالوں میں اسرامرتضی اور ربیہ اسرا، زینب بی بی نعمان شامل تھے بچ جانے والے بچے نے کھڑکی میں آکر آوازیں دیں تو پڑوسیوں کو علم ہوا تو انہوں پولیس کو اطلاع دی کہ فلیٹ کے اندر بچہ رو رہا ہے جب پولیس نے گرل کاٹ کر دیکھا تو اندر دو خواتین اور دو مرد وں کی لاشیں پڑی تھیں۔ڈی پی او عمر سلامت اور ڈی ایس پی کھاریاں افتخار تارڈ موقع پر پہنچ گیا۔۔۔

ووٹ خریداری ویڈیوز سیکنڈل، کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن کا امتحان۔رپورٹ: ستار خان

پاکستان میں جب بھی انتخابات ہوئے ہیں ہارنے والا دھاندلی کا الزام لگاتا ہے۔ اب جبکہ این اے 133 کا ضمنی الیکشن ہونے جارہا ہے تو الیکشن سے چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں حلقہ کے لوگوں کو ووٹ خریدنے کے 2,2 ہزار روپے دیئے جارہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ تو کاغذات نامزدگی میں غلطی کے زمرے میں الیکشن سے فی الحال آﺅٹ ہیں اور ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے امیدوار میدان میں ہیں۔ دونوں پارٹیاں ایک دوسرے پر ووٹ خریدنے کا الزام لگا رہے ہیں۔ یہ بات کس حد تک درست ہے۔ یہ تو شاید یہ ثابت نہ ہوسکے مگر ن لیگ کی جو ویڈیو سامنے آئی ہے۔ اس میں ایک مبینہ طور پر ایک انتخابی کیمپ میں کچھ لوگ ماسک پہنے خواتین وحضرات کو پیسے دے رہے ہیں باقاعدہ میز پر نوٹوں کی گٹھیاں بھی پڑی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا اس ضمن الیکشن میں ووٹ کو اس طرح عز ت دی گئی ہے۔ دوسری طرف پیپلز پارٹی ہی اس کوشش میں ہے ان کا امیدوار زیادہ سے زیادہ ووٹ لے جائے تاکہ یہ تاثر دیا جاسکے کہ پیپلز پارٹی پھر سے پنجاب میں اپنی ساکھ بحال کر رہی ہے۔ سوال یہ ہے کہ ہم دھاندلی کا رونا تو روتے ہیں مگر زمینی حقائق یہ ہیں ووٹ خریدنے سے باز نہیں آئے۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی سامنے آنے والی ویڈیو الیکشن کمیشن کا امتحان ہے۔

مجرموں کو عبرتناک سزادی جائیگی، عمران خان کی سری لنکن صدر کو یقین دہانی

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعے پر سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجاپاکسے سے رابطہ کیاہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ انہوں نے سری لنکن صدر گوٹابایا راجا پاکسے سے بات کی اور بتایا کہ سیالکوٹ میں پریانتھا دیاودانا کے قتل پر پاکستانی قوم کو بھی غصہ ہے اور قوم سری لنکا سے شرمندہ ہے۔وزیراعظم کے مطابق انہوں نے سری لنکن صدر کو بتایا کہ اب تک 100سے زائد ملزم گرفتار ہوچکے ہیں۔عمران خان کے مطابق انہوں نے سری لنکن صدر کو یقین دلایا کہ مجرموں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے گی۔ سری لنکن وزیر اعظم مہندا راجاپاکسے نے کہا ہے کہ انہیں اورسری لنکن عوام کو وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد ہے وہ سیالکوٹ واقعہ میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں سری لنکن وزیر اعظم مہندا راجا پاکسے نے کہاکہ پاکستان میں سری لنکن منیجر کا شدت پسند ہجوم کے ہاتھوںمہلک اور پر تشدد حملے میں مارا جانا تکلیف دہ عمل ہے، جسے دیکھ کر وہ ابھی تک صدمے میں ہیں۔ ا نہوں نے کہاکہ سری لنکن حکومت مقتول کی اہلیہ اور ان کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ سری لنکن وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ اور سری لنکن عوام پر امید ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان واقعہ میں ملوث تمام ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے حوالہ سے وعدہ پورا کریں گے۔

پاکستان کو سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر موصول، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان کو سعودی عرب سے 3ارب ڈالرموصول ہوگئے ،سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر موصول ہونے کے بعدزرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا، مشیر خزانہ شوکت ترین نے سعودی قیادت سے اظہار تشکر کیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے3ارب ڈالرموصول ہوگئے،ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے اسٹیٹ بینک ذخائر میں 3ارب ڈالر کے ڈیپازٹس جمع کرائے گئے۔سعودی عرب نے پاکستان کو تیل ادھار دینے کا بھی اعلان کررکھاہے ، سعودی عرب ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کاتیل ایک سال کی ادائیگی پر دے گا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کاپیکیج معیشت کی بہتری اور روپے کے استحکام میں معاون ہوگا۔دوسری جانب مشیر خزانہ شوکت ترین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ سعودی عرب کی جانب سے3ارب ڈالر کے ڈیپازٹس اسٹیٹ بینک کوموصول ہوگئے ہیں ، ڈپازٹ کی رقم موصول ہونے پر سعودی مملکت اورولی عہدمحمدبن سلمان کے شکرگزارہیں۔یاد رہے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا تھا ، جس میں کہا تھا کہ سعودی فنڈفارڈیولپمنٹ اور اسٹیٹ بینک میں ڈپازٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے ، دستخط سعودی فنڈچیف ایگزیکٹوآفیسرہزایکسی لینسی سلطان بن عبدالرحمن المرشد نے کئے۔گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے بینک دولت پاکستان کراچی میں دستخط کئے تھے ، معاہدے کے تحت سعودی فنڈاسٹیٹ بینک کے پاس 3ارب ڈالر رکھوائے گا اور ڈپازٹ رقم اسٹیٹ بینک زرمبادلہ ذخائر کا حصہ بنے گی۔

گرمی میں گرم، سردی میں سرد فیصلے نہیں دیتے، چیف جسٹس پاکستان

لاہور (ویب ڈیسک) عدلیہ کا کوئی ذہن نہیں ہے بلکہ ہر جج قانون کے مطابق اپنا فیصلہ دیتا ہےچیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ عدلیہ کا کوئی ذہن نہیں ہے بلکہ ہر جج قانون کے مطابق اپنا فیصلہ دیتا ہے۔عدالتیں آزاد ہیں اور آزاد رہیں گی۔ہفتے کولاہور میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے پنجاب بار کونسل کی تقریب سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ وکلا کا کام ججوں کی معاونت کرنا ہے اگر وکلا ججوں کی معاونت کی بجائے جج کے ساتھ بدتمیزی کریں تو یہ وکالت کے شعبہ کے خلاف ہے۔ وکلا کو معلوم ہونا چاہیے کہ عدالت میں کس طرح سے پیش آنا ہے اور بار کونسل کو چاہیے کہ نئے آنے والے وکلا کو قوانین کا اردو میں ترجمہ کروا کردیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ نئے آنے والے وکلا کو علم ہونا چاہئے کہ انھیں کس کے ساتھ کیسے پیش آنا ہے۔ بار کونسل کی کمیٹی ہونی چاہیے جو وکیل کا لائسنس ملنے کے وقت اس وکیل سے سوالات پوچھے اور اس کا وژن جانے۔اگر کسی نئے وکیل کو علم نہ ہو تو بار کونسل کمیٹی فوری اس کو گائیڈ لائن فراہم کرے۔قانون سازی سے متعلق چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ کا کوئی ذہن نہیں ہے بلکہ ہر جج قانون کے مطابق اپنا فیصلہ دیتا ہے۔عدالتیں آزاد ہیں اور آزاد رہیں گی۔عدلیہ کا سب سے بڑا مسئلہ زیرِالتوا کیسز کا ہے۔ کرونا کے باعث عدالتیں میں کام کا بوجھ مزید بڑھا تاہم اب پاکستان میں کرونا کے حالات بہتر ہیں لیکن آنے والے دنوں کا علم نہیں کہ کیا ہوگا۔چیف جسٹس پاکستان نے مزید کہا کہ ملک میں ماتحت عدالتوں کا بہت برا حال ہے اور حکومت کو اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ متعلقہ چیف جسٹس صاحبان اس حوالے سے اقدامات کریں کیوں کہ ہر شہری کے بنیادی حقوق کو تحفظ ملنا چاہیے اوراس میں کوئی دوسری رائے نہیں ہے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ وکلا اور ججوں کے درمیان جھگڑوں کا کوئی جواز نہیں۔ وکلا برادری کا کام ججز اور عدالت کی معاونت کرنا ہے، لیکن وہ اپنا کام کرنے کی بجائے جج سے بدتمیزی کرتے ہیں، یہ وکیل کے کام کے خلاف ہے کہ وہ جج سے بدتمیزی کریں، نازیبا زبان، اور ان پر تشدد کریں، وکلااورججوں کے درمیان جھگڑوں کا کوئی جوازنہیں، ہمارے وکیل صاحبان نے شاید دیکھنا پڑھنا چھوڑ دیا ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ بار کونسل جب وکیل کو انرول کرے تو اسے باقاعدہ کوڈ آف کنڈکٹ پڑھانا چاہیے، وکلا اور عدالت کا چولی دامن کا ساتھ ہے جو کبھی ایک دوسرے سے الگ نہیں ہو سکتے، وکلا نے عدالت کی حفاظت کا کام کرنا ہوتا ہے، جج کے فیصلے کے خلاف اپیل کی جا سکتی ہے ، فیصلے پر تبصرہ ہو سکتا ہے لیکن اس پر جھگڑا نہیں کر سکتے، وکیل اور جج کے درمیان ٹینشن نہیں سمجھ آتی کیسے ہوتی ہے ، یہ نہیں ہونی چاہیے۔چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ کا کوئی رجحان نہیں ہوتا ،ایسا نہیں کہ سردی آئی تو ججز سردی والے فیصلے دے دیں، عدالتیں آزاد ہیں آزاد رہیں گی اور آزادی سے فیصلے دیں گی، اپنے ججز کو دیکھتا ہوں وہ بھی یہی کر رہے ہیں، میری دعا ہے سب ادارے ایسے ہی اچھی طرح چلتے رہیں۔ اللہ کرے کورونا سے جان چھوٹ جائے ،وبا کی وجہ سے مقدمات میں التوا بڑھا ہے ، اور بھی وجوہات ہیں جن کا ذکر کرنا مناسب نہیں ہے، ہماری خواہش ہے کہ التوا ختم ہو کیونکہ اس کا نقصان سائل کا ہوتا ہے۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ججز کی تعیناتی کے بارے میں آئین میں لکھا ہوا ہے، وہ دور بھی دیکھا ہے جب چیف جسٹس اپنے چیمبر میں بلا کر بتا دیتے تھے کہ اس اس کو جج بنانا ہے، مگر اب جوڈیشل کمیشن میں ہر ممبر کو اپنی رائے دینے کا حق ہے۔جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور بنیادی حقوق کا تحفظ ہمارا کام ہے اسے ہم چھوڑ نہیں سکتے، اگر ہم اسے چھوڑ دیتے ہیں تو ہم حلف کی خلاف ورزی کریں گے، ہر شخص کے بنیادی حقوق ہر صورت ملنے چاہئیں۔