سعودی عرب: جیزان کے شاہ عبداللہ ایئرپورٹ پر 2 ڈرون حملے، 10 افراد زخمی

سعودی عرب کے جنوبی شہر جیزان میں شاہ عبداللہ ایئرپورٹ پر دھماکا خیز مواد کے 2 ڈرون حملوں میں 10 افراد زخمی ہوگئے۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سعودی فوجی اتحاد نے بتایا کہ حملے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کیے گئے۔

یاد رہے کہ فوجی اتحاد نے سال 2015 میں یمن میں مداخلت کرتے ہوئے معزول صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حکومتی فورسز کی معاونت اور ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں سے لڑائی کا آغاز کیا تھا۔

سعودی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پہلے حملے کے نتیجے میں 6 سعودی، 3 بنگلہ دیشی اور ایک سوڈانی شہری زخمی ہوا۔

فوجی اتحاد کے ترجمان نے بتایا کہ حملے سے ایئرپورٹ کے کچھ حصے کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

ساتھ ہی ترجمان نے نقصان اور زخمیوں کی بغیر کوئی تفصیل فراہم کیے بتایا کہ دوسرا دھماکا خیز مواد سے لدا ڈرون ہفتے کو روک دیا گیا۔

سرکاری ٹیلی ویژن چینل کا کہنا تھا کہ شاہ عبداللہ ایئرپورٹ پر فضائی ٹریفک معمول کے مطابق ہے۔

ڈرون حملوں کے حوالے سے فوری طور پر حوثی باغیوں کی جانب سے ذمہ داری نہیں قبول کی گئی۔

لبتہ یہ باغی گروپ اکثر ڈرون اور میزائل حملوں سے سعودی عرب کو نشانہ بناتا ہے۔

اس سے قبل 31 اگست کو سعودی عرب کے صوبہ اسیر میں واقع ابھا ایئرپورٹ پر ڈرون حملے کے نتیجے میں 8 افراد زخمی اور ایک طیارے کو نقصان پہنچا تھا۔

یمن کی جنگ 2014 میں شروع ہوئی تھی جب باغیوں نے دارالحکومت صنعا اور ملک کے شمال میں واقع بیشتر حصے پر قبضہ کر لیا تھا، سعودی قیادت میں فوجی اتحاد نے کئی مہینوں بعد حوثیوں کے خاتمے اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی بحالی کے لیے مداخلت کی۔

اس جنگ سے تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور دنیا کے بدترین موجودہ انسانی بحران کو جنم دیا ہے۔

2015 سے یمن کے حوثی باغیوں اور سعودی عرب کی حمایت یافتہ اتحادی افواج کے درمیان لڑائی جاری ہے جس میں حوثی سعودی عرب کے اندر فوجی تنصیبات اور تیل کے اہم انفرا اسٹرکچر کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو بھی نشانہ بناتے ہیں۔

ان حملوں میں اکثر جنوبی شہروں ابھا اور جیزان کو نشانہ بنایا گیا، جن میں شاذ و نادر ہی نقصان پہنچا اور برسوں کے دوران کم از کم ایک شخص ہلاک، درجنوں زخمی ہوئے لیکن تیل کی عالمی منڈیوں میں ہلچل پیدا ہوئی۔

البتہ یمن میں سعودی اتحاد بمباری سے شہریوں کی ہلاکت، ہسپتالوں اور شادی کی تقریبات جیسے غیر فوجی اہداف کو نشانہ بنانے پر سعودی عرب کو تنقید کا سامنا رہا ہے۔

فرانس میں زیرِتعمیر یورپ کی سب سے بڑی مسجد کو شہید کرنے کی دھمکی

فرانس میں زیر تعمیر یورپ کی سب سے بڑی مسجد کی انتظامیہ کو ایک خط موصول ہوا ہے جس میں مسجد پر حملے اور شہید کرنے کی ناپاک دھمکی دی گئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے شہر اسٹراسبرگ میں ترکی جانب سے تعمیر کی جانے والی یورپ کی سب سے بڑی مسجد ’’آئپ سلطان مسجد‘‘ کو اعلان جنگ کے عنوان سے دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے۔
خط میں مسجد کی تعمیر کرنے والی اسلامی تنظیم کی چیئرپرسن کو قتل اور زیر تعمیر مسجد پر بمباری کی دھمکی دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اچھی طرح سے تیاری کرو، بدلہ شروع ہوتا ہے۔ ہم مساجد کے خلاف ہیں اور انھیں بڑے حملوں سے نشانہ بنائیں گے۔
گمنام خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فرانس میں اسلام کے لیے کوئی جگہ نہیں اور ملک میں رہائش پزیر مسلمانوں کو اپنے مذہب یا فرانس میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا اور ہمیں یقین ہے اکثریت اسلام کا انتخاب کرے گی۔ پھر کیوں آپ لوگ فرانس میں رہ رہے ہیں؟
واضح رہے کہ فرانس میں زیر تعمیر سلطان مسجد سال کے آخر تک مکمل ہوجائے گی۔ مسجد کے اندرونی حصے کی گنجائش ڈھائی ہزار افراد کی ہے جب کہ بیرونی حصے میں مزید ڈھائی ہزار نمازی عبادت کرسکتے ہیں اس کے علاوہ مسجد کے احاطے میں میوزیم، لائبریری اور ریسٹورینٹ بھی ہوں گے۔

احتساب آرڈيننس پارلیمنٹ پر عدم اعتماد اور عدلیہ پر حملہ ہے، شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے قومی احتساب آرڈیننس کو پارلیمنٹ پر عدم اعتماد اور عدلیہ پر حملہ قرار دے دیا۔

اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ آرڈیننس کے ذریعے بڑی قانونی ترامیم پارلیمنٹ پر عدم اعتماد اور غیر آئینی و غیر جمہوری رویہ ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ یہ پارلیمنٹ ہی نہیں عدلیہ پر بھی حملہ ہے، حکومت نے خود کو بچا کر اداروں کی آئینی آزادی چھیننے کا قدم اٹھایا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ نیب کے پہلے سے متنازعہ قانون میں آرڈیننس کے ذریعے 18 بڑی ترامیم حکومت کا جوابدہی سے فرار ہے اور یہ سیاہ آرڈیننس ملک میں رہی سہی جمہوریت کا گلا گھونٹ کر شخصی حکمرانی قائم کرنے کی طرف قدم ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ متحدہ اپوزیشن آئین میں اداروں کے متعین اختیارات حکومت کو چھننے نہیں دے گی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حکومتی اقدامات روکیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی احتساب دوسرا ترمیمی آرڈیننس 2021 جاری کیا تھا جس کے تحت جسٹس (ر)جاوید اقبال کو نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی تک توسیع دے دی گئی ہے۔

14اگست کو ©’ریمبو’مینارپاکستان لے کر گیا تھا، وہ مجھے نا زیبا ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کر رہا ہے ٹک ٹاکر عائشہ اکرام کا نیا انکشاف

رواں برس یوم آزادی کے موقع پر پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مینار پاکستان کے قریب درجنوں افراد کے ہاتھوں ہراساں ہونے والی ٹک ٹاکر عائشہ اکرام نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں قریبی دوست پارک لے گئے تھے۔

ساتھ ہی عائشہ اکرم نے انکشاف کیا کہ جس ساتھی کے کہنے پر وہ اقبال پارک گئی تھیں، اس کے پاس ٹک ٹاکر کی کچھ نازیبا ویڈیوز بھی ہیں، جن کے ذریعے وہ انہیں بلیک میل کر رہا ہے۔

عائشہ اکرم نے 8 اکتوبر کو ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور شارق جمال کو تحریری درخواست دی کہ انہیں ان کا دوست ’ریمبو‘ بلیک میل کر رہا ہے۔

درخواست میں عائشہ اکرم نے بتایا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر مینار پاکستان کے گریٹر اقبال پارک جانے کا منصوبہ بھی ان کے دوست ’ریمبو‘ نے بنایا تھا۔

ک ٹاکر کے مطابق ’ریمبو‘ نے ساتھیوں کے ہمراہ ان کی کچھ نازیبا ویڈیوز بنا رکھی ہیں، جن کے ذریعے وہ انہیں بلیک میل کرتا رہا ہے اور ان سے اب تک 10 لاکھ روپے بھی وصول کر چکا ہے۔

خاتون نے درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ وہ ریمبو کو اپنی نصف تنخواہ بھی دیتی ہیں۔

عائشہ اکرم نے تحریری درخواست میں ایک حیران کن انکشاف بھی کیا کہ ’ریمبو‘ کے ایک اور ساتھی ’بادشاہ‘ نے ٹک ٹاکرز کا ایک گینگ بنا رکھا ہے جو دوسرے لوگوں کو بلیک میل کرتا ہے۔

خاتون کے مطابق ’بادشاہ‘ نامی ٹک ٹاکر کی سربراہی میں قائم ٹک ٹاکرز کا گینگ دوسرے لوگوں کو بلیک میل کرکے ان سے رقم بٹورتا ہے۔

عائشہ اکرم کی جانب سے پولیس کو دی گئی نئی درخواست پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال نے بتایا کہ مذکورہ معاملہ انتہائی حساس ہے، اس پر ٹیم بنا کر تفتیش کی جائے گی۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ عائشہ اکرم کی درخواست کے تناظر میں ’ریمبو اور بادشاہ‘ کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ عائشہ اکرم رواں برس 14 اگست کو قریبی دوست ریمبو کے ہمراہ مینار پاکستان کے پارک گریٹر اقبال پہنچی تھیں، جہاں ان کے دست درازی کی گی تھی اور انہیں ہراساں کیے جانے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیا تھا۔

بعد ازاں مذکورہ واقعے کا کیس داخل کرکے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ابتدائی طور پر 503 افراد کو گرفتار کیا تھا اور پھر گرفتار ملزمان کی پریڈ شناخت ہوئی تھی، جس میں سے 104 کو شناخت پریڈ کے لیے بھجوایا گیا تھا۔

عائشہ اکرم نے 104 میں سے صرف 6 ملزمان کو شناخت کیا تھا جب کہ 98 افراد کی شناخت نہ ہونے پر عدالت نے انہیں ستمبر کے آغاز میں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

سارہ اور فلک کے ہاں ننھے مہمان کی آمد

پاکستان کی مقبول  اداکارہ سارہ خان  اور گلوکار فلک شبیر کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گلوکار فلک شبیر کی جانب سے اپنے اور سارہ خان کے ہاتھ کے ہمراہ بچی کے ہاتھ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو والدین بننے سے متعلق خوشخبری دی گئی۔

فلک شبیر نے اپنی پوسٹ میں مداحوں کو ربیع الاول کے چاند کی مبارکباد دی اور لکھا کہ ’ا اس بابرکت مہینے کے بابرکت دن کے موقع پر اللّہ تعالیٰ نے ہمیں اپنی رحمت سے نوازا ہے۔‘

فلک شبیر نے اپنی پوسٹ میں بیٹی کی پیدائش  پر محسوس کی جانے والی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کو بیٹی کی محبت سے بھی آگاہ کیا۔

فلک شبیر نے اس خوبصورت موقع پر اللہ کا شکر اداکرتے ہوئے بیٹی کے نام سے متعلق بھی مداحوں کو آگاہ کیا اور بتایا کہ اُنہوں نے اپنی بیٹی کا نام ’عالیانہ فلک‘ رکھا ہے۔

گلوکار نے  پوسٹ کے کیپشن میں  مداحوں کی جانب سے ملنے والی دُعاؤں اور محبت کے لیے اُن کا بھی شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ رواں برس جون میں سارہ خان نے اپنے ہاں ننھے مہمان کی جلد آمد متوقع ہونے کی خوشخبری سُنائی تھی۔

مغلیہ دور کے ہیرے جواہرات سے لیس نایاب چشموں کی برطانیہ میں نیلامی

بر صغیر کے نامعلوم شاہی خزانے سے ملنے والے نایاب ہیرے اور زمرد سے بنے چشموں کو رواں ماہ کے آخر میں لندن میں ایک نیلامی میں فروخت کیا جائے گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق نیلام گھر سوتھبائیز کے مطابق یہ چشمے مغل دور کے 1890 کے آس پاس کے ہیں۔

نیلام گھر نے بتایا کہ چشموں کو نیلامی کے لیے 15 لاکھ سے 25 لاکھ پاؤنڈ (20 لاکھ ڈالر سے 34 لاکھ ڈالر) میں پیش کیا جائے گا۔

فروخت سے پہلے ان کی نمائش اکتوبر میں پہلی بار ہانگ کانگ اور لندن میں کی جائے گی۔

سوتھبائیز کے مشرق وسطیٰ اور انڈیا کے چیئرمین ایڈورڈ گبز کا کہنا ہے کہ ‘یہ غیر معمولی چشمے ہیں جو تکنیکی مہارت اور کاریگری کی ذہانت سے لے کر بنانے والے کی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں جو پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا تھا’۔

یہ واضح نہیں ہے کہ یہ چشمے کس نے پہنے تھے تاہم یہ ممکنہ طور پر مغلوں سے تعلق رکھتے ہیں جن کے خاندان نے 16 ویں اور 17 ویں صدیوں میں برصغیر پر حکمرانی کی اور فنکارانہ اور تعمیراتی کامرانیوں کے لیے جانے جاتے تھے۔

سوتھبائیز کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ہیرے اور ایک زمرد کو دو چشموں کی شکل دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘جواہرات کا معیار اور پاکیزگی غیر معمولی ہے اور اس سائز کے پتھر کوئی شک نہیں کہ ایک شہنشاہ کا ذخیرہ ہوں گے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘اگرچہ عام عینک محض بینائی کو بہتر بنانے کے لیے کام کرتے ہیں، یہ فلٹر روحانی روشن خیالی کے لیے بھی مددگار تھے، ہیرے کے بارے میں خیال کیا جاتا تھا کہ یہ روشن کرنے کے لیے ہیں جبکہ زمرد کے بارے میں خیال تھا کہ یہ شفا یابی اور برائی سے بچانے کے لیے معجزاتی قوت رکھتی ہیں’۔

حکومت نے بجلی مزید 1روپیہ 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی

نیپرا نے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 95 پیسےفی یونٹ مزید اضافے کی منظوری دے دی۔

 نیپرا نے اگست کے ماہانہ فیول چارجز ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 95 پیسےفی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے، اور اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سی پی پی اے جی نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 7 پیسےفی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے 30 ستمبر 2021 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی، جس میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپیہ 95 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے اطلاق صرف اکتوبر کے مہینے کے بلوں پر ہوگا، اور ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا، جب کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔

افغانستان میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکا، 50 افراد جاں بحق

افغانستان کے شہر قندوز میں نماز جمعہ کے دوران زوردار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شہر قندوز میں ایک مسجد میں اس وقت زوردار دھماکا ہوا ہے جب وہاں نماز جمعہ کی ادائیگی کی جارہی تھی۔
ترجمان طالبان نے دھماکے میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے لیکن مقامی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ 50 سے زائد افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہیں۔
ریسکیو ادارے کے ایمبولینس اور اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ طالبان اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
تاحال دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ جس جگہ دھماکا ہوا وہاں زیادہ تر شیعہ آبادی مقیم تھی۔ حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔
ترجمان طالبان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹ میں مسجد دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ قندوز کے خان آباد بندرگاہ کے علاقے میں شیعہ مسجد میں دھماکا ہوا ہے جس میں ہمارے متعدد ہم وطن جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ طالبان کے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے داعش خراسان نے متعدد بم اور خود کش دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے ان میں طالبان کی گاڑی پر حملے بھی شامل ہیں۔

رمیزراجا کی حکمت عملی کامیاب؛ نیوزی لینڈ دورہ پاکستان کے لئے رضامند

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ ری شیڈول ہونے کا فیصلہ ایک ہفتے میں متوقع ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو اپنی غلطی کا احساس ہوگیا ہے، اس حوالے سے کیوی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے سربراہ ڈیوڈ وائٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ سے رابطہ کیا ہے اور پاکستان کو دورہ ری شیڈول کرنے کے حوالے سے بات کی۔

یوزی لینڈ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کا دورہ ری شیڈول ہونے کا فیصلہ ایک ہفتے میں متوقع ہے، اور فیوچر ٹور پروگرام 2023 سے پہلے ہی دورہ ری شیڈول ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 17 ستمبر کو شیڈول تھا اور پاکستان 18 سال بعد اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ ٹیم کی میزبانی کے لیے تیار تھا تاہم اچانک نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ ختم کرکے ٹیم کو واپس بلانے کا اعلان کردیا۔  پاکستان کرکٹ بورڈ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اور آفیشلز کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی جس پر انھوں نے اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا تاہم اچانک نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخ کردیا۔

اسمبلی سے استعفیٰ دے چکا‘ پی ٹی آئی بھی چھوڑ دی: عامر لیاقت

کراچی(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما ڈاکٹرعامر لیاقت نے کہاہے کہ جن وزیروں اور مشیروں کے نام پنڈورا پیپر میں آئے ہیں وہ تاحال پاکستان چلارہے ہیں، انہیں کیوں نہیں ہٹایا جا رہا،اگر نام آنا کافی نہیں ہے تو پھر نوازشریف کے ساتھ جو ہوا وہ کیوں ہوا، تحریک انصاف کو ان لوگوں نے ووٹ دیا ہے جو کرپشن کے خلاف ہیں،وہ قلم کے آدمی تھے لیکن دوستوں نے ان کے ہاتھ میں بندوق تھمادی،اگر انہوں نے استعفے کی وجہ بتادی تو پورا پاکستان دہل جائے گا۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹرعامرلیاقت نے کہاکہ تحریک انصاف کراچی میں عمران اسماعیل، علی زیدی اور فیصل واوڈا کے الگ الگ گروپ ہیں۔جنہوں نے کراچی کو تباہ کرنا تھا انہوں نے تباہ کردیا، اللہ پاکستان کی حفاظت کرے ورنہ جو کچھ ہورہا ہے بہت برا ہورہا ہے۔انہوں نے تو الیکشن جیت کر پیسے نہیں کمائے لیکن باقی لوگوں نے بہت کچھ کمایا ہے۔انہوں نے کہاکہ انہیں دیوار سے لگایا اور نظرانداز کیا جارہا ہے، انہیںنیشنل بینک نے ایک سال سے کسی کے کہنے پر قرضہ تک نہیں دیا۔

مسجد بے حرمتی کیس‘ صبا قمر اور بلال سعید پر فرد جرم کے لئے تاریخ مقرر

لاہور (خبر نگار) مسجد وزیر خان میں شوٹنگ اور ویڈیو بنانے کے معاملے پر اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید پر فرد جرم عائد کے لیے تاریخ مقرر کردی گئی۔لاہور کی ضلع کچہری میں مسجد وزیر خان میں شوٹنگ اور ویڈیو بنانے کے معاملے پر اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کے کیس کی سماعت ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ نے کیس پر سماعت کی۔ عدالت میں اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید نے اپنے وکیل بیرسٹر حامد لغاری کے ہمراہ پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔ اس موقع پر اداکارہ صبا قمر برقع پہنے عدالت آئیں۔ پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت میں چالان جمع کرا دیا گیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کردی۔خیال رہے کہ گزشتہ برس اگست میں سوشل میڈیا پر صبا قمر اور بلال سعید کے گانے کی ریکارڈنگ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان کے تقدس کو پامال کیا گیا تھا۔ ویڈیو پر سماجی اور مذہبی حلقوں سمیت سوشل میڈیا پر اس کی بھرپور مذمت کی گئی تھی۔

افغانستان کی صورتحال‘ امریکی نائب وزیرخارجہ آج اسلام آباد پہنچیں گی

واشنگٹن(این این آئی)امریکی محکمہ خارجہ نے کہاہے کہ امریکا کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین افغانستان کے معاملے پر امریکہ اورپاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے شگاف کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات کی غرض سے آج (جمعرات کو) اسلام آباد پہنچیں گی،امریکی ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ وینڈی شرمین دوطرفہ ملاقاتوں، سول سوسائٹی کی تقریبات اور انڈیا آئیڈیاز سمٹ میں شرکت کے لیے 6 اکتوبر کو نئی دہلی پہنچیں۔وہ 7 اکتوبر کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے اراکین سے ملاقاتوں کے لیے ممبئی کا دورہ کریں گی۔محکمہ خارجہ کے ترجمان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈپٹی سیکریٹری وینڈی شرمین سینئر حکام سے ملاقاتوں کے لیے 7 سے 8 اکتوبر تک اسلام آباد کا سفر کرنے کے بعد اپنا دورہ مکمل کریں گی۔واشنگٹن میں موجود دیگر سفارتی ذرائع نے کہا کہ یہ ایک اہم اور بائیڈن انتظامیہ کے آنے کے بعد کسی بھی اعلی امریکی عہدیدار کا پہلا دورہ ہوگا۔وینڈی شرمین، امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن کے بعد محکمہ خارجہ کی سب سے سینئر عہدیدار ہیں۔اسلام آباد کی جانب سے اس دورے کو اہم سمجھے جانے کے سوال پر سینئر سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ دورہ افغانستان اور پورے خطے میں پیشرفت دونوں کے تناظر میں بہت نازک وقت میں ہو رہا ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ بائیڈن انتظامیہ ایک ساتھ بھارت اور پاکستان کے دوروں میں تذبذب کا شکار نہیں نظر آتی، جیسا کہ ماضی میں ہوتا تھا۔امریکیوں کا خیال ہے کہ ان معاملات پر موقف میں تبدیلی سے طالبان کی ساکھ پر مثبت اثر پڑے گا اور اقوام متحدہ میں انہیں تسلیم کیے جانے کی راہ ہموار ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تک پاکستان اور دیگر ممالک کو طالبان کو تسلیم کرنے میں تاخیر کرنی چاہیے۔