پنجاب کارڈیالوجی میں دل کا مریض 3 گھنٹے فرش پر تڑپتا رہا

لاہور : (جنرل رپورٹر) زندگی اور مت کی کشمکش میں میں مبتلا افراد بے یارو مددگار زمین پر لیٹ کر علاج کو ترسنے پر مجبور ہو گئے۔

حکومت کے 3 سال مکمل ہوگئے مگر محکمہ صحت پنجاب کی کا رکردگی آج بھی صفر ہے۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے صوبہ کے ہسپتالوں کو بہتر بنانے کے دعوے محض اعلانات تک محدود ہو کر رہ گئے۔

بستروں کی کمی کے باعث زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا افراد بے یارومددگار زمین پر لیت کر علاج کروانے پر مجبور۔

چیک اپ کا کہا جائے تو ڈاکٹرز ڈانٹتے ہیں ، ادویات بھی نہیں ملتیں ، مریضوں کے لواحقین کا وزیراعلیٰ اور وزیر صحت سے نوٹس کا مطالبہ

مفت ادویات ختم، قیمتوں میں 500 فیصد اضافہ، ڈاکٹروں پر لاٹھی چارج : شہباز شریف

لاہور، کراچی : ( نمائندگان خبریں) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا پڑھے لکھے لوگوں پر لاٹھیاں برسا کر حکومت جہالت کا مظاہرہ کررہی ہے ،مسئلہ سننے ، سمجھنے اور خوش اسلوبی سے حل کرنے کی بجائے لاٹھی اور آنسو گیس استعمال کرنا افسوسناک ہے۔

مفت دوائی ختم کرنے اور قیمت میں 500 فیصد اضافے کے بعد اب ڈاکٹرز پر لاٹھیاں برسائی جارہی ہیں،تین سال سے اساتذہ، طالب علم، مزدور، خواتین، پنشنرز ، ظلم پر آواز اٹھانے والا ہر شہری حکومت سے لاٹھیاں کھارہا ہے ،پولیس گردی کا شکار ہونے والے ڈاکٹرز سے ہمدردی ہے ، ان کے ساتھ یک جہتی کرتے ہیں۔

 مرکزی ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ مہنگائی کے جہنم کو عمران خاں اپنی جعلسازی اور جھوٹ سے جنت ثابت نہیں کرسکتے ، مہنگائی نے ریکارڈ توڑ دیئے لیکن مافیا ز،اے ٹی ایمز، آٹا چینی بجلی گیس دوائی ، ایل این جی چوروں کے ساتھ کپتان ڈٹ کر کھڑا ہے ۔ عمران کا مینڈیٹ جھوٹ، دعوے جھوٹ، کارکردگی جھوٹ، معاشی اعدادوشماربھی جھوٹ ہے ، تین سال میں مہنگائی کی شرح3 فیصد سے بڑھ کر 17 فیصد ہوگئی ،35 روپے کلو والا آٹا 100 روپے ہوگیا ،52 روپے کلو چینی تین سال میں 120 روپے ہوگئی ،بجلی کی فی یونٹ قیمت 11 روپے سے 22 روپے ہوگئی ، گیس کی قیمت میں 146 فیصد اضافہ ہو گیا ۔

تنخواہوں ، مراعات میں اضافہ کیلئے ارکان اسمبلی کی لابنگ شروع

ملتان: (جنرل رپورٹر) قومی اسمبلی کے 340 ارکان مین بمشکل 40 فیصد حاضر ہوتے ہیں۔

سال میں 26 بار کورم پورا نہہونے کے باعث اجلاس ملتوی ہوئے۔

وزرا کی عدم شرکت پر حکومتی و اپوزیشن ارکان احتجاج کرتے رہے۔

زیادہ غیر حاضر ارکان بھی تنخواہوں ، مراعات کے اضافہ کیلئے سر گرم

موجودہ تنخواہ سے گزارا مشکل ، حکومت زیادہ ریلیف دے : اپوزیشن ارکان

کابل میں 7 خود کش بمباروں کی موجودگی کی اطلاع

کابل: (نیٹ نیوز) افغان خفیہ اداروں کے مطابق کابل میں مزید 7 خودکش طیاروں کی موجودگی کی اطلاع ہے۔

خودکش بمبار کابل کی سڑکوں پر اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے تلاش کر رہے ہیں۔

افغان خفیہ ادارے ، امریکہ اور برطانیہ نے بھی حملوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔

طالبان افغانستان میں داعش کے نیٹورک کیخلاف تحقیقات کریں : نیٹو کامطالبہ

دہشتگردوں سے خوف زدہ نہیں ہوںگے ضرورت پڑی تو افغانستان میں مزید فوجی بھجیں گے، داعش کامیاب نہیں ہوگی: امریکی صدر کا رد عمل

پاکستان کا افغانستان میں کوئی فریق پسندیدہ نہیں،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی:  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا افغانستان میں کوئی فریق پسندیدہ نہیں، افغانستان میں پائیدار امن واستحکام اور ترقی بنیادی مقاصد ہیں۔ افغانستان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا رنج ہوا۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر کیساتھ اہم ملاقات کے موقع پر کہی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کابل ائیرپورٹ پر دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان کا افغانستان میں کوئی فریق پسندیدہ نہیں، افغانستان میں پائیدار امن استحکام اور ترقی بنیادی مقصد ہیں۔ پاکستان دہشتگردی اور انتہا پسندی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا رنج ہوا۔ امریکی ناظم الامور نے خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کابل سے انخلا میں تعاون پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز میں داخلے کیلئے ویکسینیشن لازمی قرار

محکمہ داخلہ سندھ نے شاپنگ مالز،ریسٹورٹس اور شادی ہالز میں داخلے کے لئے ویکسینیشن لازمی قرار دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی ہدایت پر محکمہ داخلہ سندھ نے تعلیمی اداروں، ریسٹورنٹس، ہوائی جہاز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے کے لئے ویکسینیشن لازمی قرار  دے دی ہے۔

اس کے علاوہ ہوٹل، شاپنگ مالز اور شادی ہالز میں داخلے کے لئے بھی ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے ویکسینیشن کے لیے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے تاہم پبلک ڈیلنگ کے تمام ادارے، ٹرین اور بذریعہ سڑک سفر کے لئے ویکسینیشن کی ڈیڈ لائن 15 اکتوبر رکھی گئی ہے۔

ججز اور سول سرونٹس کو اضافی پلاٹس کی الاٹمنٹ غیرقانونی قرار

 اسلام آباد ہائی کورٹ نےگریڈ 22 کے افسران، ججز اور سول سرونٹس کو اضافی پلاٹس کی الاٹمنٹ غیر قانونی قرار  دے دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے جیورسٹ فاؤنڈیشن کی درخواست منظور کرنےکا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے قرار دیا کہ ججز اور سول سرونٹس کو پلاٹ الاٹمنٹ کے حوالے سےکوئی قانون موجود نہیں، حکومت اگر اعلیٰ عدلیہ کے ججز اور سول سرونٹس کو ایک سے زائد پلاٹس دینا چاہتی ہے تو پہلے قانون سازی کرے۔عدالت نے معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم  بھی دیا ہے۔

خیال رہےکہ سول سرونٹس اور ججز کو اضافی پلاٹس کی الاٹمنٹس کے خلاف جیورسٹ فاؤنڈیشن کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 27جون 2006 کو وزیراعظم نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کی بھجوائی گئی سمری منظور کی، سمری منظور کرنےکی وجوہات  قانونی نہیں بلکہ خواہشات پر مبنی ہیں، اضافی پلاٹس دینے کی منظوری کالعدم قرار دی جائے۔

وزیراعظم نے الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کیلئے شہباز شریف کو خط لکھ دیا

وزیراعظم  عمران خان نے الیکشن کمیشن ارکان کی خالی اسامیوں پر تقرری کیلئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وزیراعظم کی جانب سے خط لکھنے کی تصدیق کی اور کہا کہ خط میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ارکان کیلئے 3، 3 نام تجویز کیے گئے ہیں۔

ان کا کہناتھا کہ وزیراعظم نے ممبر پنجاب کیلئے احسن محبوب، راجا عامر خان اور سید پرویز عباس جبکہ خیبر پختونخوا کے رکن کیلئے جسٹس (ریٹائرڈ) اکرام اللہ خان، فرید اللہ خان اور مزمل خان کے نام تجویز کیے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ  وزیراعظم نے آئین کے آرٹیکل 213 اور 218 کے تحت اپوزیشن لیڈر کو خط لکھا اور اپوزیشن کے جواب کے بعد ممبران کی تعیناتی ہوسکے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن کے ممبر خیبر پختونخوا ارشاد قیصر اورممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی مدت پوری ہونے پر ریٹائر ہوگئے تھے۔

ان خالی نشستوں پر آئین کے تحت حکومت کو 45 دن کے اندر نئے ممبران کی تعیناتی کرنا ہوتی ہے تاہم الیکشن کمیشن 3 ارکان کے ساتھ فعال رہ سکتا ہے۔

100 ملین ڈالرز کے پراجیکٹ کے باوجود بلند و بالا عمارت زمین میں دھنسنے لگی

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں ملینیم ٹاور نامی پرُ کشش، مہنگی اور  بلند ترین رہائشی عمارت لاکھوں ڈالرز  خرچ کرنے کے باوجود زمین میں دھنس رہی ہے۔

دی گارڈین کی ایک رپورٹ کے مطابق سان فرانسسکو کے وسط میں واقع ملینیم ٹاور کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کے لیے 100 ملین امریکی ڈالرز کے پراجیکٹ کو  بھی روک دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پراجیکٹ انجینئرز کی جانب سے عمارت کی بنیاد کو مزید ایک انچ دھسنے کی اطلاع کے بعد روک دیا گیاہے۔

خیال رہے کہ 2009 میں تیار ہونے والی 58 منزلہ رہائشی عمارت کے تمام 419 یونٹس مقبول شخصیات سمیت دیگر افراد نے خرید لیے تھے لیکن 2014 میں ملینیم ٹاور کی بنیاد 18 انچ دھنس گئی تھی جبکہ عمارت کے جھکاؤ  میں بھی 14 انچ کی تبدیلی رونما ہوئی تھی۔

ٹاور کے اس مسئلے نے فلیٹ مالکان، عمارت کے ڈویلپرز اور آس پاس کے تعمیراتی منصوبوں کے مابین ایک نئی قانونی جنگ چھیڑ دی ہے تاہم ملینیم پارٹنرز اور ڈویلپر نے عمارت کے دھنسنے کا ملبہ قریبی ٹرانز بے نامی ٹرانزٹ سینٹر پر ڈالا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس عمارت کے مسائل کو ٹھیک کرنے اور اپارٹمنٹس کے مالکان کو نقصان کی تلافی کے لیے 100 ملین امریکی ڈالر کی رقم مختص کی گئی تھی اور رواں برس مئی میں عملے کی جانب سے عمارت کی بہتری کے لیے کام کے آغاز کے کچھ عرصے بعد ہی ملینیم ٹاور میں 22 انچ کا جُھکاؤ آگیا تھا۔

اس ضمن میں ترجمان ملینیم ٹاور ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ عمارت بالکل محفوط ہے تاہم کام کو مسائل کے بہتر تعین کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

پاکستانی فائٹر نے پھر بھارتی فائٹر کو مات دے دی

مکس مارشل آرٹس آرٹس چیمپئن شپ میں مقابلے میں پاکستانی فائٹر نے بھارتی فائٹر کو دھول چٹادی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی فائٹر نے پھر بھارتی فائٹر ایک منٹ 13 سیکنڈ میں کو مات دے دی، کرغستان میں مکس مارشل آرٹس چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔

پاکستانی فائٹر شاہ زیب نے بھارت کے یادو سویششی کی ایک نہ چلنے دی۔ شاہ زیب نے حریف کھلاڑی کو صرف ایک منٹ 13 سیکنڈز میں ہی آؤٹ کلاس کردیا۔

لبنان میں جاری ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں قومی فائٹرز کی خراب پرفارمنس کی وجہ سے پاکستان کو 54، 68 اور 87 کلوگرام کیٹگری میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

شاہ زیب کو لبنان کے مارک خلیفے نے 14-16 پوائنٹس سے ہرایا تھا۔ پاکستان کے فائٹر عمار کو تاجکستان کے محمد خوسین نے 4-17 سے شکست دی تھی۔

کوریا کے سیونگ ہان نے پاکستانی کھلاڑی تیمور سعید کیخلاف 0-20 سے فتح حاصل کی۔ خواتین کیٹیگری میں بھی پاکستان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ 46 کلوگرام کیٹیگری میں ازبکستان کی آزامووانے پاکستان کی سیدہ ہانا کو 45-8 پوائنٹس سے ہرایا تھا۔

پاک ۔ افغان سرحد پر صورتحال ہمارے کنٹرول میں ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ افغانستان میں اشرف غنی کی حکومت کا خاتمہ سب کی امیدوں کے برعکس تھا۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ابھرتی ہوئی صورتحال اور ہمیں درپیش قومی سلامتی کے مسائل اور کسی قسم کے عدم استحکام سے نمٹ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے سب ہی کو معلوم ہے، امریکا اور نیٹو افواج کا انخلا پہلے سے طے شدہ تھا، پاکستان نے پہلے ہی افغانستان سرحد کے تحفظ کے لیے اقدامات کردیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرحد محفوظ اور مستحکم ہونے کے مثبت اثرات پڑوسی ملک پر بھی آئیں گے۔

پڑوسی ملک میں ہونے والے واقعات کی ٹائم لائن دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 15 اگست سے قبل افغان نیشنل آرمی سے تعلق رکھنے والے کئی فوجی دو سے زائد مواقع پر پاکستان میں محفوظ راستے کی تلاش میں داخل ہوئے کیونکہ وہ خوفزدہ تھے کہ ان کی پوسٹوں پر طالبان حملہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘انہیں قبول کیا گیا اور فوجی اصولوں کے تحت محفوظ راستہ دیا گیا’۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے اندازہ لگایا تھا کہ حالات کس طرف بدلنے جا رہے ہیں اور عدم استحکام کا امکان ہے جس کی وجہ سے کنٹرول کو یقینی بنانے کے لیے فوجیوں کو اہم سرحدی گزرگاہوں پر منتقل کردیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ’78 میں سے سترہ سرحدی گزرگاہوں کو (مزید تعیناتی کے لیے) نوٹیفائی کیا گیا تھا اور تمام غیر قانونی تجاوزات کو بند کر دیا گیا تھا، 15 اگست کے بعد ٹرمینلز اور سرحدی گزرگاہیں کھلی رکھی گئیں، قافلے بھی دونوں اطراف میں مسلسل آرہے اور جارہے ہیں’۔

این ایل ای ٹیسٹ کے خلاف لاہور میں کلمہ چوک پر ڈاکٹرز کا احتجاج

لاہور :  این ایل ای ٹیسٹ کے خلاف لاہور میں کلمہ چوک پر ڈاکٹرز نے احتجاج کیا۔

این ایل ای امتحان کیخلاف میڈیکل کے طلباء اور ینگ ڈاکٹرز سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے کلمہ چوک پر احتجاج کرتے ہوئے برکت مارکیٹ روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ مظاہرین نے امتحانی مراکز میں داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج شروع کر دیا۔

پولیس کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی جس سے متعدد ڈاکٹرز زخمی جبکہ 15 سے زائد مظاہرین کی طبیعت خراب ہو گئی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج کیلئے آئے تھے جو ہمارا حق ہے۔

ادھر احتجاج کے باعث شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔

بعدازاں صورتحال خراب ہونے پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں اوپی ڈیز بند کر دینگے۔

لاہور میں خاتون کو نوکری کا جھانسہ دیکر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا

لاہور: گڑھی شاہو میں ملزمان نے خاتون کو نوکری کا جھانسہ دیکر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔

لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں خاتون کو نوکری کا جھانسہ دیکر ملزمان نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنادیا، مغلپورہ کی رہائشی خاتون کو سیف نامی ملزم نے نوکری دلوانے کے لیے بلوایا اور پھر رکشہ میں بٹھاکر گڑھی شاہو پہنچ گیا، ملزم نے رکشہ کو ناچ گھر گراؤنڈ کے قریب کھڑا کیا اور خاتون کو گراونڈ میں لے گیا جہاں پہلے سے ہی دو افراد موجود تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق ایک شخص نے گن پوائٹ پر خاتون سے بچی چھین کر اسے یرغمال بنایا جب کہ باقی دونوں افراد نے باری باری خاتون کے ساتھ زیادتی کی اور موقع سے فرار ہوگئے جب کہ پولیس نے روایتی کارروائی کا مظاہرہ کرتے مقدمہ درج کرلیا۔