جس تیزی سے افغانستان سے انخلا ہو رہا ہے اس تیزی سے بات چیت نہیں ہو رہی، شاہ محمود

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وہ نہ افغان طالبان کے ترجمان ہیں نہ وکیل، افغان مشیر سلامتی کے بیان پر ردعمل بطور پاکستانی دیا۔

اپنے بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جس تیزی سے افغانستان سے غیر ملکی افواج کا انخلا ہو رہا ہے اس تیزی سے بات چیت نہیں ہو رہی۔

وزیرخارجہ نے نئی دلی میں مقبوضہ کشمیر پر ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ 24 جون کا اے پی سی اجلاس غیرمعمولی عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ  در پردہ اعتراف دکھائی دیتا ہے کہ سب اچھا نہیں، مقبوضہ کشمیر کی قیادت نے اس اے پی سی کو مسترد کیا ہے۔

سابق امریکی صدر کی بدنام شہرت،رونالڈو کو ٹرمپ ٹاورمیں اپارٹمنٹ بیچنا مشکل

نیویارک: دنیائے فٹبال کے ممتاز کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو ان دنوں عجیب مشکل میں پھنسے ہوئے ہیں، وہ یہ کہ انھیں نیویارک میں واقع ٹرمپ ٹاور میں موجود اپنا اپارٹمنٹ اچھے داموں میں بیچنا مشکل ہو چکا ہے۔ معاشی ماہرین اس کی وجہ سابق صدر کی بدنام شہرت کو قرار دے رہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صورتحال اس قدر عجیب ہو چکی ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اس اپارٹمنٹ کو نصف قیمت پر بھی بیچنے کو تیار ہیں لیکن انھیں کوئی خریدار نہیں مل رہا

اس سے قبل قرار دیا جا رہا تھا کہ اس اپارٹمنٹ کا فرنیچر بہت بھاری ہے، اس لئے خریدار اس میں کم دلچسپی لے رہے ہیں تاہم بروکرز نے ان افواہوں کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ رونالڈو کو اپارٹمنٹ نہ بکنے کی وجہ کوئی اور نہیں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود ہیں۔

خیال رہے کہ پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے اس اپارٹمنٹ کو معروف ڈیزائنر جان پیبلو مولینیکس نے خوبصورتی سے مزین کیا تھا۔ اب خبریں ہیں کہ کوشش کی جار ہی کہ کہ کوئی خریدار مل جائے تاکہ یہ اپارٹمنٹ اسے اونے پونے داموں دے دیا جائے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ رونالڈو اس اپارٹمنٹ سے اس قدر اکتا چکے ہیں کہ وہ اسے 10 ملین ڈالر کے نقصان میں بھی فروخت کرنے کو تیار ہیں۔

رونالڈو نے یہ اپارٹمنٹ 2015ء میں خریدا تھا۔ اس وقت 2 ہزار 500 مربع فٹ کے اس اپارٹمنٹ کیلئے انہوں نے اٹھارہ اعشاریہ پانچ ملین کی خطیر رقم خرچ کی تھی۔

اس اپارٹمنٹ میں تین بیڈ رومز ہیں جہاں سے نیویارک کے سینٹرل پارک کا 360 ڈگری زاویے سے نظارہ کیا جا سکتا ہے۔

حالیہ جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں واقع یہ ٹرمپ ٹاور اپنے مالک کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے بیس فیصد سے زیادہ قدر کھو چکا ہے۔

امریکا کو انخلا سے قبل افغان مسئلے کا سیاسی حل نکالنا ہو گا: عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکا کو انخلا سے قبل افغان مسئلے کا سیاسی حل نکالنا ہوگا۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پار  انسداد دہشت گردی مشن کے لیے پاکستان سی آئی اے کو ہوائی اڈے نہیں دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا افغان جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا، امریکا افغان جنگ میں 70 ہزار سے زائد پاکستانی شہید ہوئے، پاکستان نے دیگر ممالک کی نسبت سب سے زیادہ قربانیاں دیں، پاکستان میں اس وقت 30 لاکھ افغان پناہ گزین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں محاذ آرائی نہیں چاہتے، ہم اب کسی بھی قسم کی محاذ آرائی کا حصہ بننا نہیں  چاہتے، امریکا کو انخلا سے قبل افغان مسئلے کا سیاسی حل نکالنا ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جوہری ہتھیاروں کے خلاف ہوں لیکن پاکستان کا جوہری پروگرام صرف ملک کے دفاع کے لیے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نائن الیون کے بعد یورپ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت میں اضافہ ہوا، مغرب اور ہماری ثقافت میں بہت زیادہ فرق ہے، ہمارے معاشرے میں عورت کے پردے کا تصور فتنہ سے بچنا ہے۔

چین سے متعلق سوال پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، چین نے ہمیں معاشی طور پر مستحکم ہونے کے لیے بھی ریسکیو کیا۔

مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کمشیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں لاکھوں کشمیری شہید ہو چکے، مغربی دنیا میں کشمیریوں کو کیوں نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 8 لاکھ بھارتی فوجیوں نے کشمیر کو کھلی جیل بنا رکھا ہے، مغرب میں کشمیر کا مسئلہ کیوں نہیں اٹھایا جاتا، میرے خیال سے یہ منافقت ہے۔

عالمی وبا کورونا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جب کورونا آیا تو کئی سیاسی رہنماؤں نے مکمل لاک ڈاؤن کا کہا، ملک کی 70 فیصد سے زائد آبادی دیہاڑی دار ہے، ان پر لاک ڈاؤن نہیں لگا سکتے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے ملک میں کورونا کے خلاف اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا، ملک میں کورونا سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا، این سی او سی کی سفارشات پر ہاٹ اسپاٹ والے علاقوں میں لاک ڈاؤن لگایا، اللہ پر یقین اور فوری اقدامات کی وجہ سے کورونا پر قابو پایا۔

قیام امن کیلئے دنيا کے ساتھ تعاون جاری رکھيں گے، وزیرخارجہ

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہم امن کی کوششوں میں حصہ دار رہیں گے، اور واضح کہہ چکے ہیں کہ قیام امن کیلئے دنيا کے ساتھ تعاون جاری رکھيں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغان امن عمل نازک مرحلے ميں داخل ہوچکا ہے، افغانستان ميں امن کئی ممالک کی ترجيح ہے، انطالیہ سفارتی فورم میں پاکستان کو اپنا نکتہ نظر پيش کرنے کا موقع ملا، افغانستان کی اعلیٰ سطحی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے مفيد نشست رہی، اور افغانستان کی اندرونی صورتحال کا اندازہ ہوا، جب کہ پاکستان کو دوٹوک مؤقف پيش کرنے کا موقع ملا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ قیام امن کیلئے دنيا کے ساتھ تعاون جاری رکھيں گے، ہم امن کی کوششوں ميں پارٹنر رہيں گے، اور افغانستان ميں قیام امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، پاکستان کے کردار کو آج ساری دنيا مثبت نگاہ سے ديکھ رہی ہے۔

وزیرخارجہ نے بتایا کہ فلسطين کے وزير خارجہ سے مسئلہ فلسطين پر تفصیلی تبادلہ خيال ہوا، قطر کے وزير خارجہ سے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بات ہوئی، يورپی يونين کے وزير خارجہ نے وزيراعظم کو دورہ برسلز کی  اور ترک صدر نے وزيراعظم عمران خان کو دورہ ترکی کی دعوت دی ہے، وزيراعظم کے دورہ ترکی کے خدوخال تيار ہورہے ہيں۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی تمام جماعتوں کی کانفرنس بلانے کے حوالے سے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ نريندر مودی کا اجلاس بلانا غير معمولی ڈيولپمنٹ ہے، تمام کشمیری 5اگست کے فيصلے سے ناخوش تھے۔

پی ڈی ایم کے جلسے جلوس بے وقت کی راگنی ہیں: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

لاہور:  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے جلوس بے وقت کی راگنی ہیں، وطن عزیز کو جلسے جلوسوں سے آگے نہیں لے جایا جا سکتا۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ اس موقع پر انتشار پھیلانے کی سیاست کرنا ملک اور قوم سے دشمنی کے مترادف ہے، احتجاجی سیاست ملک اور قوم دونوں کیلئے نقصان دہ ہے، اپوزیشن کو ملک کی ترقی کا احساس نہ عوام کی خوشحالی کا، یہ بے حس ٹولہ کورونا کے دوران انسانی زندگیوں پر بھی سیاست چمکاتا رہا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اب پاکستان کی معیشت جب مضبوط ہو رہی ہے تو یہ عناصر نیا روپ دھار کر سامنے آ رہے ہیں، پی ڈی ایم والے اپنی ناکامیوں کا بدلہ پاکستان کے عوام سے لینا چاہتے ہیں، قوم بہروپئے سیاستدانوں کے عزائم سے بخوبی واقف ہے، عوام مسترد شدہ عناصر کے جھانسے میں کبھی نہیں آئیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے آئندہ ماہ اپنا دورہ برطانیہ ملتوی کردیا

وزیراعظم عمران خان نے آئندہ ماہ اپنا دورہ برطانیہ ملتوی کردیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ملک کی داخلی، سیاسی اور علاقائی صورتحال کے پیش نظر ازخود برطانیہ نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کاکہنا ہےکہ وزیراعظم نے افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کی تکمیل کو خود مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے باعث وہ آئندہ ماہ برطانیہ کے دورے پر نہیں جائیں گے تاہم رواں سال کے آخر تک وزیراعظم کا دورہ برطانیہ شیڈول ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو دورے کی دعوت حال ہی میں برطانوی ہم منصب بورس جانسن نے دی تھی جب کہ انہیں آئندہ ماہ ہونے والی پاک انگلینڈ سیریز کا پہلا میچ دیکھنے کے لیے بھی مدعو کیا گیا تھا۔

سندھ میں کرپشن کے ساتھ صلاحیت کا بھی فقدان ہے، فرخ حبیب

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ میں کرپشن کے ساتھ صلاحیت کا بھی فقدان ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول صاحب، وفاق سندھ حکومت کو اب تک این ایف سی کی مد میں 1900 ارب سے زائد دے چکا ہے، بتائیں وہ پیسے کہاں خرچ ہوئے؟

انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب،  سندھ حکومت کی غفلت اور لاپرواہی پرسندھ کی عوام سے کب معافی مانگ رہے ہیں؟

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ سندھ کی عوام نے پیپلز پارٹی کو جو مینڈیٹ دیا وہ پورا کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ صوبائی حکومت ہدف کے مطابق  53 فیصد محصولات بھی جمع نہیں کرپائیں ، اس کے بعد بھی حکومت کرنے کا کوئی جواز بچتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان  کرپشن ہونا چاہئے کیونکہ وہ اس کے علاوہ کچھ کرنے کے قابل ہی نہیں ، بلاول صاحب، پیپلز پارٹی تو کرپشن میں ماہر تھی لیکن سندھ کے چوہے 14 ارب کی گندم کھا کر آگے نکل گئے۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ بلاول صاحب گندم چوری کی تحقیقات کہاں تک پہنچیں؟  کیا کسی چوہے نے اعتراف جرم کیا یا معاملہ داخل دفتر ہوگیا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ میں تعلیم کاشعبہ بھی آخری ہچکولے کھاتا نظر آرہا ہے ، سندھ میں ایک کروڑ 25لاکھ (12.5ملین) فیصد بچے ہیں، 50 فیصد سکول سے باہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تھر کے لوگ صاف پانی، بنیادی صحت اور ضروری سہولیات سے محروم ہیں ، سندھ میں حکومت پیپلز پارٹی کی ہے لیکن نئی گاج ڈیم،رینی کینال، سندھ بیراج،ملتان سکھر موٹر وے،گرین لائن، کے فور وفاق بنا رہا ہے۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ عمران خان کی دانشمندانہ پالیسیوں اور فیصلوں سے ملک ترقی اور عوام خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہے ، جمہوریت کا راگ الاپنے والے بلاول بتائیں سندھ میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت قائمہ کمیٹیوں میں اپوزیشن کی کتنی نمائندگی ہے؟

فرخ حبیب نے کہا کہ میثاق جمہوریت جس پر بے نظیر اور مفرور نواز شریف کے دستخط ہیں اس میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین شپ اپوزیشن کودینے کا عہد کیا گیا ، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں اپوزیشن کی نمائندگی نہ ہونے سے سندھ حکومت پرکسی قسم کا چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے۔

عالمی یومِ والد: بلاول بھٹو کا سابق صدر آصف علی زرداری کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار

کراچی:  چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ والد کے موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے اپنے والد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری نے جمہوریت کی بحالی کے لئے بغیر کسی فرد جرم کے 12 برس جیل میں گزارے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے 18ویں ترمیم کے ذریعے 1973ء کا آئین بحال کیا، انہون نے ہی پاک چین اقتصادی راہداری کی بنیاد رکھی۔ اس کے علاوہ نے غریبوں کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کرنے سمیت بہت کچھ کیا۔

بھارت نے افغانستان کی سرزمین کو پاکستان میں تخریب کاری کیلئے استعمال کیا، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں رونما ہونے والی سیاسی صورتحال پر خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے افغانستان کی سرزمین کو پاکستان میں تخریب کاری کے لیے استعمال کیا ہے۔

سرکاری نیوز ایجنسی ‘اے پی پی’ کی رپورٹ کے مطابق افغان ٹی وی ‘طلوع’ کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے افغانستان میں امریکی افواج کے انخلا کے بعد سیاسی صورتحال، افغان مفاہمتی عمل اور اس میں پاکستان کے کردار پر بات کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کابل کی سرزمین کو پاکستان میں شر انگیزی کے لیے استعمال کرنے پر سخت تکلیف ہوتی ہے۔

وزیر خارجہ نے اس امر کی تردید کی کہ امریکی افواج کے انخلا کے بعد افغانستان میں کارروائیوں کے لیے پاکستانی سرزمین استعمال ہوگی۔

پاک افغان تعلقات کے حوالے سے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک خود مختار، جمہوری اور پرامن افغانستان کا خواہاں ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں اس وقت جو صورت حال ہے اس کا ذمہ دار پاکستان نہیں ہے۔

انہوں نے پاکستان میں طالبان کے ٹھکانوں کی موجودگی کے امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت کی جڑیں افغانستان میں ہیں۔

‘افغانستان میں دوبارہ خانہ جنگی کا امکان نہیں’

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انٹرویو کے دوران افغانستان کے ساتھ شراکت کے لیے آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم امن کے لیے شراکت داری پر یقین رکھتے ہیں’۔

انہوں نے خطے میں امریکی افواج کی واپسی اور انتظامی امور پر افغان دھڑوں میں اختلاف کی بنیاد پر دوبارہ خانہ جنگی کے امکان کو مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن کی شراکت داری کے لیے تیار ہیں اور توقع ہے کہ لینڈلاک ملک میں ایک اور خانہ جنگی نہیں ہوگی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرامن، محفوظ اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے واحد راستہ افغانوں میں مفاہمت، بقائے باہمی اور بات چیت ہے۔

انہوں نے افغانستان میں مستقل بنیادوں پر امن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام افغان رہنماؤں کو لچک کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ ہم افغانستان میں امن اور اس کے استحکام کے خواہاں ہیں اور سمجھتے ہیں اس طرح علاقائی روابط کو فروغ ملے اور دونوں ممالک کے لیے معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں اقتصادی سلامتی، سرمایہ کاری، دوطرفہ اور علاقائی تجارت، امن اور استحکام نہ صرف افغانستان بلکہ ہماری بھی خواہش ہے اور یہ ہمارے لیے بھی ناگزیر ہے۔

’فلائنگ سنگھ‘ کا لقب حاصل کرنے والے بھارتی ایتھلیٹ ملکھا سنگھ کورونا کے باعث چل بسے

نئی دہلی:  بھارت میں ’فلائنگ سنگھ‘ کا لقب حاصل کرنے والے ایتھلیٹ ملکھا سنگھ 91 برس کی عمر میں کورونا وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملکھا سنگھ کے چل بسنے سے ایک ہفتہ قبل ہی ان کی اہلیہ نرمل کور بھی 85 برس کی عمر میں کورونا کے باعث ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث چل بسی تھیں۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ملکھا سنگھ چند ہفتوں سے کورونا سے مقابلہ کر رہے تھے اور انہیں ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔

رپورٹ میں بھارتی ریاست چندی گڑھ کے پوسٹ گریجویٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (پی جی آئی ایم ای آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملکھا سنگھ 18 جون کو کورونا کے بعد ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث چل بسے۔

ملکھا سنگھ کو چند ہفتے قبل کورونا ہونے پر ہسپتال داخل کرایا گیا تھا، جہاں انہیں آکسیجن پر بھی رکھا گیا تھا جب کہ زائد العمری کے باعث بھی ان میں کئی طبی پیچیدگیاں تھیں۔

ملکھا سنگھ کے انتقال پر بھارتی صدر اور وزیر اعظم سمیت اہم حکومتی، سیاسی و شوبز شخصیات سمیت عام افراد نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا جب کہ ان کی موت پر پاکستان کی بھی معروف شخصیات نے دکھ کا اظہار کیا۔

رائٹرز کے مطابق ملکھا سنگھ تقریبا ڈیڑھ ماہ سے کورونا میں مبتلا تھے اور دوران علاج ہی ہسپتال میں 18 جون کو چل بسے۔ بھارت کو کئی تمغے دلانے اور اس کا نام روشن کرنے والے ایتھلیٹ کی موت پر لوگوں نے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملک کے لیے نقصان قرار دیا۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق ملکھا سنگھ کی موت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب کہ ایک ہفتہ قبل ہی ان کی اہلیہ نرمل کور بھی 85 سال کی عمر میں کورونا کے بعد ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث چل بسی تھیں۔ ملکھا سنگھ کی اہلیہ نرمل کور بھی 13 جون کو چل بسی تھیں۔

یاد رہے کہ تقسیم ہند کے وقت ملکھا سنگھ پاکستان سے ہندوستان چلے گئے، جہاں انہوں نے ابتدائی سالوں میں غربت دیکھی اور بعد ازاں بڑی کاوشوں کے بعد ایتھلیٹ بنے۔

ملکھا سنگھ کی زندگی پر فلم ساز راکیش پرکاش مہرا نے 2013 میں ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ فلم بھی بنائی تھی، جس میں فرحان اختر نے ان کا کردار ادا کیا تھا۔

انہیں کیریئر کے ابتدائی سالوں میں ہی اس وقت کے پاکستانی صدر ایوب خان نے ’فلائنگ سنگھ‘ کا لقب اس وقت دیا تھا، جب انہوں نے پاکستانی ایتھلیٹ کو دوڑنے کے مقابلے میں پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری

کراچی کے مختلف علاقوں میں چھٹی روز بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی اور پی اینڈ ٹی سوسائٹی میں صبح 9 بجے سے بجلی غائب ہے۔

ذرائع کے مطابق کورنگی میں 70 گھنٹوں سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

پہلی بار جنوبی پنجاب کا ترقیاتی پروگرام الگ سے ترتیب دیا گیا ہے، فردوس عاشق اعوان

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ پہلی بار جنوبی پنجاب کا ترقیاتی پروگرام الگ سے ترتیب دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ ‏ماضی کے حکمرانوں کی مفاد پرست غلط پالیسیوں کے باعث پنجاب طویل عرصے سے وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم کا شکار رہا۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں نے جان بوجھ کر نظرانداز کئے جانے والے اضلاع کی عوام میں احساس کمتری کو پیدا کیا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار قیادت میں پی ٹی آئی حکومت عوام کی محرومیوں کا ازالہ کررہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شوباز اعلیٰ نے ترقی کے نام پر بھی عوام سے ہاتھ کیا ، پنجاب کے دور دراز اضلاع خصوصاً جنوبی پنجاب کی عوام کو انکا جائز حق دیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کیلئے 189ارب روپے مختص کئے جو پنجاب کے ترقیاتی پروگرام کا %34 ہے۔

آئندہ ہفتے پاکستان میں کورونا ویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ بنائیں گے: اسد عمر

اسلام آباد:  وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے روزانہ 3 لاکھ 32 ہزار افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی، اگلے ہفتے نیا ریکارڈ قائم کریں گے۔

کورونا ویکسین کی قلت سے متاثر شہریوں کیلئے اچھی خبر، 15 لاکھ خوراکیں آج پاکستان پہنچ جائیں گی۔ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ گزشتہ ہفتے روزانہ 3 لاکھ 32 ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی، آئندہ ہفتے مزید ریکارڈ بنائیں گے۔