پاکستان کو مزید ‘گرے لسٹ’ میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے پاس پاکستان کو مزید ‘گرے لسٹ’ میں رکھنے کا کوئی جواز ہیں ہے۔

ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے اپنے بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ‘ایف اے ٹی ایف ایک تکنیکی فورم ہے، ٹاسک فورس کے حوالے سے پاکستان تکنیکی لوازمات پورے کر چکا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہمیں 27 ایکشن آئٹمز دیے گئے جن میں سے 26 پر کام مکمل کر چکے ہیں جبکہ ستائیسویں نکتے پر بھی بھرپور کام ہو چکا ہے، اس صورت حال میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا، لیکن اگر پاکستان پر محض ایک تلوار لٹکانا مقصود ہے تو یہ اور بات ہے تاہم دیکھتے ہیں کہ پلینری اجلاس میں کیا فیصلہ ہوتا ہے’۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ‘بھارت اس فورم کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے، بھارت کو اس فورم کے سیاسی استعمال کی اجازت نہیں ملنی چاہیے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘پاکستان کو مزید گرے لسٹ میں رکھنا نامناسب ہوگا، پاکستان نے عالمی رائے اور قومی مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے اہم فیصلے کیے اور دیگر ممالک کو اعتماد میں لیا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘وزیر اعظم عمران خان نے اپنی سطح پر مختلف ممالک کی قیادت سے رابطے کیے اور جو قانون سازی درکار تھی وہ ہم نے کی’۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ‘پاکستان نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘گرے لسٹ کا تحفہ ہمیں ورثے میں ملا، ہماری حکومت آنے سے پہلے پاکستان گرے لسٹ میں جاچکا تھا، تاہم ہم نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، آج دنیا اعتراف کر رہی ہے کہ ایسے ٹھوس اقدامات پاکستان میں پہلے کسی حکومت نے نہیں اٹھائے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میری نظر میں پاکستان ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کر چکا ہے، وزارت خارجہ اپنا واضح موقف پیش کر چکی ہے اور بہت سے ممالک پاکستان کے موقف کو تسلیم بھی کر چکے ہیں، چاہتے ہیں کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکل کر وائٹ لسٹ میں آجائے’۔

لاہور دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے، پولیس

لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہو گئی جبکہ 17 افراد زخمی ہیں۔

جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکا ایک گھر میں ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی،  دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے سے ایک گھر زیادہ متاثر ہوا جبکہ دیگر گھروں کو بھی دھماکے سے نقصان پہنچا۔

ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 16 افراد زخمی ہوئے جن میں پولیس اہلکار، ایک خاتون اور دو بچے بھی شامل ہیں اور جلنے کے باعث تمام زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

بعد ازاں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔

ایک شخص موٹر سائیکل کھڑی کر کے گیا، پھر دھماکا ہو گیا: عینی شاہد

ذرائع کے مطابق اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ آیا دھماکا کسی ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا یا پھر یہ گیس پائپ لائن کا دھماکا تھا تاہم سکیورٹی فورسز  اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے علاقے کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کی ایک عینی شاہد خاتون کا کہنا ہے کہ ایک آدمی موٹر سائیکل کھڑی کر کےگیا،پھر موٹر سائیکل دھماکےسے پھٹ گئی جبکہ اس قسم کی اطلاعات بھی ہیں کہ دھماکا خیز مواد ایک رکشے میں رکھا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دھماکے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے جناح اسپتال اور دیگر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

دوسری جانب وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے جناح اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور  ان کے علاج و معالجے کا جائزہ بھی لیا۔

وزیر اعظم کا مصنوعی مہنگائی کے زمہ دار بیورو کرریٹس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

سرمایہ کاروں کے راستے میں روکاوٹیں ڈالنے والے بیورو کریٹس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی: عمران خان انتخابی اصلاحات کے لئے سیاسی رابطے بڑھانے کی ہدایت

وفاقی کابینہ: آٹا سستا کرنے کلیئے10 لاکھ ٹن گندم در آمد کرنے کا فیصلہ، پبلک پراپرٹی کا قبضہ چھڑانے کابل منظور اسلم خان پی آئی اے کے نئے چیئرمین مقرر، عاصم رؤف کی بطور چئرمین ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی 3 ماہ کی توسیع

سی پیک پراجیکٹس تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہیں، عاصم سلیم باجوہ

سی پیک پراجیکٹس تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہیں، عاصم سلیم باجوہسی پیک کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک پراجیکٹس تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں پنجاب میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں اور کارپوریٹ زرعی فارمنگ پر ہونے والی پیش رفت پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے-

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں سی پیک پراجیکٹس کو شفافیت اور تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے۔

سردار عثمان بزدار نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں سپیشل اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیں اور ان زونز میں چینی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزید کہا کہ سی پیک پراجیکٹس سے معیشت بہتر ہو گی۔

ملاقات میں پاکستان اکنامک کوریڈور اتھارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ سی پیک کے منصوبے پاکستان کی معیشت کیلئے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔

عاصم سلیم باجوہ نے یہ بھی کہا کہ سی پیک کے تحت کارپوریٹ زرعی فارمنگ کو فرو غ دینے کی ضرورت ہے۔

پاکستان اکنامک کوریڈور اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ نے مزید کہا کہ پنجاب میں زرعی شعبے میں بے پناہ پوٹنشل ہے، پنجاب میں سی پیک پراجیکٹس کی صورتحال پر پیشرفت اطمینان بخش ہے۔

کینیڈا نے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کردیں

کینیڈا نے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کردیں۔

کینیڈین وزیرٹرانسپورٹ کے مطابق کینیڈا اور پاکستان کے درمیان پی آئی اے کی فلائٹس بھی بحال کردی گئی ہیں تاہم بھارت پر سفری پابندیاں برقرار رہیں گی۔

دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے ترجمان کے مطابق سی ای او ارشد ملک کی وضع کردہ ایس او پیز سے مطمئن ہونے کے بعد کینیڈین حکام کی جانب سے پی آئی اے کو دوبارہ براہ راست پروازیں شروع کرنے کی اجازت موصول ہوگئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے پہلے مرحلے میں ہفتہ وار تین پروازیں اتوار سے شروع کرے گا جبکہ پروازیں کراچی،لاہور اور اسلام آباد سے روانہ ہوں گی۔

ترجمان کے مطابق پروازوں پربکنگ کھول دی گئی ہے اور لوگ بآسانی نشستیں حاصل کرسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ پی آئی اے کا کورونا کے باعث کینیڈا کیلئے فضائی آپریشن صرف کارگو تک محدود تھا۔

چیئرمین نیب جسٹس کے زیر صدارت نیب سکھر کی کارکردگی سے متعلق اجلاس

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے زیر صدارت ڈی جی نیب سکھر مرزاعرفان بیگ کی کارکردگی سے متعلق اجلاس ہوا۔

تفصلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے زیر صدارت کارکردگی سے متعلق اجلاس میں ڈی جی نیب سکھر مرزاعرفان بیگ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، نیب سکھر کی 2018 سے 2020 تک کی کارکردگی رپورٹ اجلاس میں پیش کی گئی۔

ڈی جی نیب سکھر نے کہا کہ 67 نیب ریفرنسز میں اب تک 32 ملزمان کو سزائیں مل چکی ہیں، پلی بارگین کے دوران 77. 2 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ محکمہ جنگلات سندھ کی ڈھائی لاکھ ایکڑ ایراضی قابضین سے خالی کرائی،: بجلی چوروں اور نادہندگان سے واجبات کی وصولیابی سیپکو کی مدد کی گئی، سیپکو کی نادہندگان سے بڑے پیمانے پر واجبات کی وصولیابی کرائی گئی۔

مرزاعرفان بیگ نے مزید کہا کہ شہر کے غیرفعال 109 واٹر پلانٹس فعال کروائے گئے، اندرون سندھ گندم کی اربوں روپے کی خورد برد کا انکشاف کیا اور تحقیقات کیں، ایرانی تیل کی اسمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات سے پی ایس او کو 9۔316 ملین روپے کی بچت ہوئی، نیب چیئرمین نے سکھر نیب کارکردگی کو سراہا، نیب کا کسی ادارے ،جماعت یا گروہ سے کوئی تعلق نہیں، ہمارا مقصد کرپشن سے پاک پاکستان ہے۔

اس موقع پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے بلاتفریق کاروائی کی جائے۔

ترکی کا کورونا لاک ڈاؤن کے خاتمے، اٹلی کا فیس ماسک کی پابندی ختم کرنے کا اعلان

انقرہ: ترک صدر طیب اردوان نے کورونا لاک ڈاؤن مکمل اٹھانے کا اعلان کردیا دوسری جانب اٹلی نے کورونا کیسز اوراموات میں خاطرخواہ کمی کے بعد فیس ماسک کی پابندی ختم کردی۔

انقرہ میں خطاب کرتے ہوئے طیب اردوان نے کہا کہ ہفتہ اوراتوار کے روز عائد لاک ڈاؤن یکم جولائی سے ختم کردیا جائے گا، ہر ویک اینڈ پر شام سات بجے سے عائد کرفیو بھی ختم کردیا جائے گا، میوزیکل شوز پر رات 12 بجے کے بعد پابندی برقرار رہے گی۔

دوسری جانب اٹلی کی وزارت صحت کے مطابق 28 جون کے بعد فیس ماسک پہننا لازم نہیں ہو گا، حکام کے مطابق وبا میں کمی کے بعد ماسک کی پابندی ختم کرنےکا فیصلہ کیا گیا۔ اٹلی کورونا کے آغازمیں بدترین لہر کے شکار ممالک میں سے ایک تھا ،اٹلی میں کورونا سے ایک لاکھ 27ہزار981اموات ہوچکی ہیں۔

تاریخی پیداوار کے باوجود مزید 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری

وفاقی کابینہ نے مستقبل میں ملک میں گندم کی ضرورت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اور وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنانے کے لیے مزید 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ اس سے قبل 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کی اجازت دی گئی تھی۔

کابینہ اجلاس کے بعد نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ملک میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے اس کے باوجود درآمد کرنے کی منظوری اس وجہ سے دی گئی ہے کیوں کہ ہماری آبادی تیزی سے بڑھنے کی وجہ سے ہماری ضرورت بڑھ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ ہمارے ملک کی آبادی بڑھنے کی رفتار اتنی تیز ہے کہ فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہونے کے باوجود ہماری ضرورت بڑھ رہی ہے۔

پاکستان کا فائزر سے کورونا ویکسین کی 13 ملین خوراکیں خریدنے کا معاہدہ

اسلام آباد : پاکستان نے فائزر  سے کورونا ویکسین کی 13 ملین خوراکیں خریدنے کا معاہدہ کرلیا ، معاہدے کے تحت 2021 کے آخر تک خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور فائزر بائیو این ٹیک کے درمیان ویکسین فراہمی کا معاہدہ طے پاگیا ، جس کے تحت اس سال کے آخر تک فائزر پاکستان کو ویکسین کی 13 ملین ڈوز فراہم کرے گی۔

اس حوالے سے وزیر صحت فیصل سلطان نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ویکسین کی فراہمی کا ابھی تک کوئی درست ٹائم لائن دستیاب نہیں لیکن حکومتی معاہدے کے تحت 2021 کے آخر تک خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی۔

خیال رہے گذشتہ ماہ پاکستان نے بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن مہم شروع کی تھی ، جس کے بعد ملک بھر میں اب تک ویکسین کی 12.9 ملین (1 کروڑ 29 لاکھ) ڈوز لگائی جا چکی ہیں۔

یاد رہے 29 مئی کو امریکی کورونا ویکسین فائزر کی ایک لاکھ ڈوز پاکستان پہنچی تھی ، فائزر ویکسین پاکستان کو کوویکس کی جانب سے فراہم کی گئی، ذرائع کا کہنا تھا کہ فائزر کوویکس سے پاکستان کو ملنے والی دوسری کورونا ویکسین ہے، رواں ماہ کوویکس سے پاکستان کو آسٹرازنیکا ویکسین کی پہلی کھیپ ملی تھی۔

پاکستان میں کورونا ویکسینیشن مہم میں بنیادی طور پر چینی ویکسین ، سائنوفرم ، کینسو بائیو اور ساینوواک ، آسٹرا زینیکا کا استعمال کیا جارہا ہے،آسٹرا زینیکا صرف بیرون ملک جانے والوں کو لگائی جارہی ہے۔

واضح رہے حکومت نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے 1 ارب ڈالر کی منظوری دی تھی ، 70لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کیلئے ویکسین خریداری کی منظوری دی گئی۔

امریکا کو ایئر بیسز فراہم کیں تو ملک میں دہشتگردی کی لہردوبارہ آسکتی ہے: وزیراعظم

اسلام آباد:  وزیراعظم نے امریکا کو ایک بار پھر اڈے دینے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امریکا کے ساتھ مل کر امن کا شراکت دار بننے کیلئے تیار ہیں، افغان جنگ کے لیے امریکا کو اڈے نہیں دیں گے، اگر امریکا کو اڈے فراہم کیے تو پاکستان میں دوبارہ دہشتگردی ہوسکتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں لکھے گئے مضمون میں کہا کہ افغانستان میں جنگوں کے دوران پاکستان نے بہت نقصان اٹھایا، 70 ہزار سے زائد پاکستانی جاں بحق ہوئے، امریکا نے پاکستان کو 20 ارب ڈالر امداد فراہم کی جبکہ پاکستان کی معیشت کو 150 ارب ڈالرز کا نقصان پہنچا، امریکا کے ساتھ شامل ہونے کے بعد پاکستان کو دہشتگردی کا سامنا کرنا پڑا، امریکی انخلا کے بعد کسی بھی تنازع میں پڑنے سے گریز کریں گے، ہم اس کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

مضمون میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا طاقت ور فوج کے ساتھ افغانستان میں 20 سال میں نہیں جیت سکا، تو ہمارے ملک سے اڈوں کے ساتھ کیسے جیتے گا، تاریخ گواہ ہے افغانستان کو باہر سے کنٹرول نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا امریکا اور پاکستان کے افغانستان میں مشترکہ مفادات ہیں، دونوں ممالک چاہتے ہیں افغٖانستان دہشت گردوں کی آمجگاہ نہ بنے، افغانستان میں ہمارا کوئی پسندیدہ گروپ نہیں، افغان عوام کی حمایت سے بننے والی ہر حکومت کے ساتھ چلیں گے۔

وزیراعظم نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ اگر خانہ جنگی بڑھی تو پاکستان پر مزید پناہ گزینوں کا بوجھ بڑھے گا۔

پشاور میں دو بڑے اسٹیڈیم بنا رہے ہیں ، کامران بنگش

مشیر اطلاعات کامران بنگش نے کہا کہ پشاور میں دو بڑے اسٹیڈیم بنا رہے ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات کامران بنگش نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا خوش قسمت صوبہ ہے، ہم دھشتگردی کے خلاف جنگ جیت گئے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز  کی  پراپرٹیز اونے پونے دامو دے دی گئی ہیں ، نو ماہ میں ساڑھے چار کروڑ لوگوں نے سفر کیا۔

مشیر اطلاعات کامران بنگش نے کہا کہ اگلے دو سال میں صرف پشاور کیلئے ایک ارب سے زائد کے فنڈز دیں گے۔

تازہ ترین نیوز پڑہنے کے لیے ڈاؤن لوڈ کریں بول نیوزایپ

جہانگیر خان اگلے 5 سال بھی عمران خان کی حکومت دیکھنے کے خواہشمند

اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے اگلے 5 سال کے لیے بھی وزیر اعظم عمران خان کو حکومت میں دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

جیو نیوز کے پرو گرام “جشن کرکٹ “میں گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ جب عمران خان اور جاوید میاندار کرکٹ کھیلا کرتے تھے تو میں میچ دیکھنے گراؤنڈ جایا کرتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ایمانداری پر کوئی شک نہیں لیکن ان کی ٹیم اچھی نہیں، انہوں نے اگلے 5 سال بھی وزیراعظم عمران خان کو ملنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

شعیب اختر، عبدالرزاق اور سکندر بخت نے بھی اپنے تجزیے پیش کیے جبکہ علی میر نے کرکٹ لیجنڈ جاوید میانداد کے پرستار کے روپ میں خوب ہنسایا۔

سودے بازی نہیں کریں گے، وفاق سے صوبوں کے حقوق چھین کر لیں گے: بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آئینی حقو ق پر سودے بازی نہیں کریں گے اور صوبوں کے حقوق وفاق سے چھین کر لیں گے۔

سابق وزیراعظم بےنظیربھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں عوام سے روٹی کپڑا اور مکان چھینا جارہا ہے، ہم ایسا پاکستان بنائیں جہاں روٹی کپڑا اور مکان ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ناصرف سندھ بلکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے حقوق کے لیے بھی آواز اٹھائی، ہر ضلع میں جا کر عوام کو بتائیں  گےکہ کس طرح ان کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے، آپ کے حق پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے، آپ کے وسائل نہیں دیے جا رہے، این ایف سی ایوارڈ نہیں دیا جارہا ہے، این ایف سی ایوارڈ نا دے کر ظلم کیا جا رہا ہے لیکن کب تک ظلم برداشت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں ہمارے لوگوں کو بے روزگار کیا جارہا ہے، ہم نے اپنے دور میں کسی سے نوکری نہیں چھینی، کراچی اسٹیل مل کے 10 ہزار خاندانوں کو بےروزگاری کا سامنا کرنا پڑے گا، سندھ پبلک سروس کمیشن بند پڑا ہے، باقی صوبوں میں چل رہا ہے، سندھ کے حق روزگار پر حملے ہورہے ہیں، وعدہ کیا گیا کہ بجٹ میں ایک کھرب روپے کراچی کو ملیں گے، مجھے کہیں ایک کھرب کراچی کے لیے نظر نہیں آئے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بڑے بڑے لوگ مانیں یا نہ مانیں صوبہ سندھ میں کام ہوا ہے، صوبے میں ایسا کام ہوا جو بزدار اور عمران خان نہیں کر سکتے، آئینی حق اور شیئر دیا جاتا تو اور بہتر کام کرتے، ہم جی ڈی پی میں دیگر صوبوں سے آگے ہیں، ہم چاہتے ہیں کامیابی کا اثر کاغذ کے بجائے عام آدمی کی زندگی میں نظر آئے، غربت سے انکار نہیں کر سکتے لیکن سندھ میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں غربت میں کمی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے خان صاحب کی طرح معاشی ترقی کے نعرے نہیں لگائے، سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر تھر میں معاشی انقلاب لائے ہیں، 18 ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو زیادہ ذمہ داری دی گئی لیکن این ایف سی نہیں دیا گیا، ہم یہ طعنہ برداشت نہیں کریں گے کہ گورننس کا مسئلہ ہے، جب تک آپ حقوق نہیں دیں گے تو گورننس کا مسئلہ رہے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، آئینی حقو ق پر سودے بازی نہیں کریں گے، صوبوں کے حقوق وفاق سے چھین کر لیں گے۔