ملک معاشی لحاظ سے استحکام کی طرف جا رہا ہے: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک معاشی لحاظ سے استحکام کی طرف جا رہا ہے۔ تیز تر معاشی ترقی کے لیے سرمایہ کاری اہم ترین جزو ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں اجلاس ہوا، اجلاس میں سرمایہ کاری اور کاروبار میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ نے اجلاس کو ان تمام اقدامات کے بارے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو کاروبار کرنے کے لیے آسانیاں فراہم کی جائیں۔ اس وقت ملک معاشی لحاظ سے استحکام کی طرف جا رہا ہے۔ اس استحکام کو برقرار رکھنے اور تیز تر معاشی ترقی کے لیے سرمایہ کاری اہم ترین جزو ہے۔

عمران خان نے کہا کہ تمام وفاقی وزارتیں اور صوبائی حکومتیں سرمایہ کاری کو فروغ دیں، اس ضمن میں طے شدہ اہداف بروقت مکمل کریں۔

چین کے ساتھ مسابقت میں صلاحیت بڑھانے کیلئے امریکی سینیٹ سے بل منظور

واشنگٹن:  امریکی سینیٹ نے چینی ٹیکنالوجی سے مقابلہ کرنے کے لیے ملک کی صلاحیت کو بڑھانے کے مقصد سے ایک بل کو 32 کے مقابلے میں 68 ووٹوں سے منظور کرلیا۔

 رپورٹ کے مطابق چین نے ووٹ کا جواب یہ کہتے ہوئے دیا کہ اسے امریکا کا ‘خیالی’ دشمن سمجھے جانے پر اعتراض ہے۔

چین کے ساتھ معاملات میں سخت موقف امریکی کانگریس کے جذبات میں سے ایک ہے جس پر امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھی ڈیموکریٹس کا کنٹرول ہے۔

اس اقدام کے تحت امریکی ٹیکنالوجی اور تحقیق کو مستحکم بنانے کے لیے 190 ارب ڈالر مختص کیے جائیں گے اور سیمی کنڈکٹرز اور ٹیلی کمیونکیشن کی اشیا کی امریکی پیداوار اور تحقیق کو بڑھانے کے لیے 54 ارب ڈالر کے اخراجات علیحدہ طور پر منظور کیے جائیں گے، جس میں گاڑیاں بنانے والوں کی جانب سے استعمال ہونے والی چپس کے لیے 2 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں جن کی پیداوار میں بڑے پیمانے میں کمی دیکھی گئی ہے۔

چین کی پارلیمنٹ نے اس بل پر ‘سخت غصے اور اس کی مخالفت’ کا اظہار کیا۔

ایک بیان میں کہا گیا کہ امریکی بل میں ‘اکیلے جیتنے کی خواہش کے بے بنیاد فریب’ کا اظہار کیا گیا ہے، اس نے جدت میں مسابقت کی اصل روح کو مسخ کردیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے بیجنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم امریکا کی جانب سے چین کو خیالی دشمن کی حیثیت سے دیکھنے پر سخت اعتراض کرتے ہیں’۔

اس قانون پر جو بائیڈن کے دستخط کے لیے وائٹ ہاؤس بھیجنے سے قبل اسے امریکی ایوان نمائندگان سے منظوری درکار ہوگی۔

اس بل میں چین سے متعلق متعدد دوسری شقیں موجود ہیں جن میں سوشل میڈیا ایپ ‘ٹک ٹاک’ کو سرکاری ڈیوائسز پر ڈاؤن لوڈ کرنے سے روکنا، چینی حکومت کی حمایت یافتہ کمپنیوں کی جانب سے تیار کردہ اور فروخت ہونے والے ڈرون کی خریداری کو روکنا شامل ہے۔

اس کے تحت امریکی اداروں سے امریکی املاک کی چوری اور سائبر حملوں میں ملوث چینی اداروں پر بھی نئی پابندیاں سامنے آئیں گی۔

اس اقدام کے اسپانسر سینیٹ کی اکثریت کے رہنما چک شومر نے چین کے ساتھ تعاون برقرار رکھنے کے لیے تحقیق کو فنڈ نہ دینے کے سنگین نتائج سے خبردار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اگر ہم کچھ نہیں کریں گے تو غالب سپر پاور کی حیثیت سے ہمارے دن ختم ہو سکتے ہیں، ہمارا مقصد اسے روکنا ہے، ہم امریکا کو اس صدی میں ایک درمیانی قوم کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتے’۔

جو بائیڈن نے اس بل کی تعریف کی اور کہا کہ ‘ہم اکیسویں صدی کو جیتنے کے مقابلے میں ہیں اور اس مقابلے کا آغاز ہو چکا ہے، ہم پیچھے ہٹنے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے ہیں’۔

سرفرازاحمد کا پی ایس ایل میں کم بیک کرنے کا عزم

ابو ظہبی:  کوئٹہ گلیڈی ایٹرکے کپتان سرفراز احمد نے پی ایس ایل میں کم بیک کرنے کےعزم کے ساتھ یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ ان کے پاس غلطلی کی گنجاش نہیں، ہرمیچ کو فائنل سمجھ کرکھیلنا پڑے گا۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں سرفرازاحمد نے کہا کہ لڑکوں کا مورال بلند ہے، سب لڑکوں کو اپنے اپنے رول سے آگاہ کردیا ہے، کوشش کریں گے کہ کراچی میں میچز کے دوران ہونے والی غلطیاں نہ دہرائیں، پاکستان سے ابوظہبی کی پچز مختلف ہے، وکٹ پر رکیں گے تواسکور ہوگا۔ ہمارے پاس چانسز بہت کم ہیں، ہرمیچ میں تینوں شعبوں میں پرفارم کریں گے تو بات بنے گی، لڑکوں میں ایسا کرنے کی اہلیت ہے، فینز بھی یہ ہی چاہتے ہیں کہ ٹیم کی کارکردگی کا گراف بلند ہو۔

اعظم خان کو پاکستانی ٹیم میں شمولیت پر مبارکباد یتے ہوئے سرفراز نے کہا کہ اعظم پر اب زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ہر میچ میں اچھی کارکردگی دکھائے، اس نے بہت محنت کرکے یہ مقام پایا ہے، مجھے یقین ہے کہ اعظم سب کے دل جیتنے میں کامیاب ہوگا۔

ویوین رچرڈز کی بطور مینٹور ساتھ عدم موجودگی کےسوال پر سیفی بھائی کے نام سے مشہور کپتان نے کہا کہ ویوین رچرڈز ہم سب کو اٹھا کررکھے تھے، خراب پرفارمنس پر بھی وہ حوصلہ بڑھاتے، ان کی موجودگی سے ہمیں بہت فائدہ ہوا، ان کی کمی بہت محسوس ہوگی،  ان سے ہم سب نے بہت کچھ سیکھا۔ سرفراز نے کہا کہ  قرنطینہ میں رہنا کبھی آسان نہیں ہوتا،  ذاتی پرفارمنس کے حوالے سے سرفراز نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ ٹیم کے لیے جتنا اچھا وہ کرکے جیت میں کردار ادا کرسکوں۔

آئی ایم ایف کا تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس لگانے کا مطالبہ، پاکستان کا ماننے سے انکار

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) بجلی اور گیس کے ریٹ مزید بڑھانے جبکہ تنخواہ دار طبقے پر 150 ارب کے نئے ٹیکس لگانے کا کہہ رہا ہے، حکومت نے یہ دونوں شرطیں ماننے سے انکار کردیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات چل رہے ہیں، دونوں کی منزل ایک ہے، ہم غریب طبقے پر مزید بوجھ نہیں ڈالیں گے، عالمی مالیاتی ادارے کو ریونیو بڑھانے کیلئے متبادل پلان پیش کر دیا ہے۔

شوکت ترین نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث معیشت مستحکم ہوئی، بیشتر اہداف حاصل کر لئے ہیں۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ایک بلین ڈالر سے زائد ہو چکے ہیں۔ گیس بجلی، تعمیراتی اور زرعی شعبے میں مراعات دیں۔ اب مہنگائی کو روکنے کی کرکوشش کر رہے ہیں۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے اقتصادی سروے جاری کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے 2 کروڑ افراد بے روزگار ہوئے، تاہم ان میں سے بیشتر بحال ہو چکی ہیں۔ ہم بروقت اقدامات نہ کرتے تو کورونا کی تیسری لہر خطرناک ہو سکتی تھی۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا، امید ہے ترسیلات زر 29 بلین ڈالر ہو جائیں گی۔ ترسیلات زر بڑھنا اوورسیز پاکستانیوں کا وزیراعظم پر اعتماد ہے۔ ترسیلات زر کی وجہ سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس چل رہا ہے جبکہ زرمبادلہ ذخائر 16 ارب ڈالر کیساتھ 4 سال کی بلند ترین سطح پر ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ایف بی آر کی ٹیکس کلیکشن بہتر جا رہی ہے۔ زرعی شعبے میں 2.7 فیصد ترقی ہوئی۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں بھی ایک بلین ڈالر سے زائد آ چکے ہیں۔ کروڈ آئل کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود عوام کو ریلیف دیا، قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئےانتظامی انفراسٹرکچر ٹھیک کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں غیر ملکی قرض 700 ارب روپے کم ہے۔ کامیاب جوان پروگرام سے 9 ہزار افراد مستفید ہو چکے جبکہ خسارے میں چلنے والے اداروں پر بڑے وسائل خرچ ہو رہے ہیں۔

پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ قومی مقصد اور کاوش ہے، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ  پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ قومی مقصد اور  کاوش ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاوَنڈیشن گلوبل ڈویلپمنٹ پروگرام کے صدر کرسٹوفر ایلیس نے  آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے امور پر بات چیت ہوئی۔

آرمی چیف نے ملینڈا اینڈ بل گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے پولیو کے خاتمہ کی کوششوں کو سراہا اور فاؤنڈیشن کو پاک فوج کی جانب سے مسلسل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ قومی کاز اورقومی کوشش ہے۔

اس موقع پر کرسٹوفر ایلیس نے کہا کہ پاک فوج نے قومی انسداد پولیو مہم میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، پاک فوج نے رواں  سال ملک بھر میں پولیو مہم کو یقینی بنایا۔ اس کے علاوہ پاک فوج نے بذریعہ کمیونٹی، بااثر افراد آگہی میں بھی کلیدی کردار ادا کیا، پاکستان نے کورونا سے نمٹنے کےلیے خلاف بھی کامیاب مہم چلائی۔

وزیراعظم کا آئندہ ماہ دورہ برطانیہ کا امکان

وزیراعظم کا آئندہ ماہ دورہ برطانیہ کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کو دورہ برطانیہ کی دعوت برطانوی وزیراعظم نے ٹیلیفون کال پر دی ، وزیراعظم ممکنہ دورہ برطانیہ میں برطانوی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جس میں افغان امن عمل سمیت خطے کی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو آٹھ جولائی کو ہونیوالے پاکستان اور انگلینڈ کےدرمیان  پہلے ون ڈے میچ دیکھنے کی دعوت دی ، وزیراعظم کے ممکنہ دورہ برطانیہ کے حوالے سے شیڈیولنگ کا عمل جاری ہے ، حتمی طور پر فی الحال وزیراعظم کا دورہ برطانیہ طے نہیں ہوا۔

وزیراعظم ممکنہ دورہ برطانیہ میں دو طرفہ تعلقات ، تجارت اور برطانیہ میں مقیم پاکستان کو مطلوب سیاسی شخصیات کے حوالے سے بھی بات چیت کریں گے۔

پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور نہ ہی آئیں گی: گورنر پنجاب

لاہور: گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور نہ ہی آئیں گی، حکومت تمام اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلے گی، ان کے تحفظات بھی دور کئے جائیں گے، تمام اتحادی بجٹ میں حکومت کا ساتھ دیں گے۔

گورنر پنجاب سے سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے ملاقات کی۔ اس موقع پر چودھری سرور کا کہنا تھا کہ (ق) لیگ سمیت تمام اتحادی بجٹ میں حکومت کا ساتھ دیں گے، حکومتی اتحادیوں کے بعض معاملات پر تحفظ جمہوریت کا حسن ہے، اپوزیشن بجٹ منظور نہ ہونے کے خواب دیکھتی رہ جائے گی اور بجٹ منظور ہو جائے گا۔

چودھری سرور نے کہا کہ کینیڈین وزیراعظم کا اسلامو فوبیا کو حقیت قرار دینا پاکستان کے موقف کی جیت ہے، عمران خان کا ذاتی کوئی ایجنڈا نہیں وہ ملک و قوم کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں، آئندہ بجٹ میں ہر شعبے میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے، اپوزیشن کے پہلے بھی ناکام ہوچکی ہے، آئندہ بھی ان کو ناکامی کے سواکچھ نہیں ملے گا۔

‘اپوزیشن نے مخالفت برائے مخالفت میں ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سیاست کی’

لاہور:  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے مخالفت برائے مخالفت میں ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھٹیا سیاست کی، عوام کے سامنے بلند و بانگ دعویٰ کرنے والوں کی قلعی کھل چکی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے کورونا کے غیر معمولی حالات میں بھی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا، مایوس اپوزیشن نے ہر قومی مسئلے پر عوام کو مایوس کیا ہے، اپوزیشن نے اپنی تمام توانائی صرف زبانی جمع خرچ پر صرف کی، اپوزیشن کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ بیان بازی سے عوام کی خدمت نہیں ہوتی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کیلئے ان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے، تحریک انصاف کی قیادت عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے، ہم کل بھی عوام کے ساتھ تھے، آج بھی ساتھ ہیں، آئندہ بھی ساتھ رہیں گے، اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔

‘ہر شہری کو کورونا سے بچاؤ ویکسین لگا کر عوام کی زندگیاں محفوظ بنائی جائیں گی’

لاہور:  فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہر شہری کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگا کر عوام کی زندگیاں محفوظ بنائی جائینگی، آنے والے دنوں میں ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز اور بہتر کیا جائے گا۔

معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ایک کروڑ شہریوں کی انسداد کورونا ویکسینیشن کرچکی ہے، وزیراعظم نے کورونا کے محاذ پر جو بہترین حکمت عملی اختیار کی پوری دنیا اس کی معترف ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایک جانب قیمتی جانوں کا تحفظ تو دوسری جانب روزگار، خوراک کی فراہمی کا دوہرا چیلنج درپیش تھا، پی ٹی آئی حکومت نے دانشمندانہ فیصلوں سے عوام کی جانوں کا تحفظ، روزگار و خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا۔

پی ایس ایل 6: لاہور قلندر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹ سے شکست دیدی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹ سے شکست دیدی۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے 15ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 144 رنز بنائے جس کے جواب میں لاہور قلندرز نے مطلوبہ ہدف آخری گیند پر پورا کیا۔لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان سہیل اختر اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم فخر 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد محمد فیضان بیٹنگ کیلئے آئے مگر وہ بھی 9 رنز ہی بناسکے ۔ سہیل اختر نے 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ حفیظ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ بین ڈنک 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ، ٹم ڈیوڈ 23 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ۔راشد خان نے 5 گیندوں پر 15 رنز بنائے ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں ۔

اس سے قبل میچ کا ٹاس لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے جیت کر پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کولن منرو اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا۔ جیمز فالکنر نے منرو 11، روحیل نذیر 8 اور شاداب خان کو 7 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔عثمان خواجہ 18 رنز پر حارث رؤف کا شکار بنے ،یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 143 رنز بنائے ۔قلندرز کی جانب سے جیمز فالکنر نے 3 شکار کئے ۔راشد خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا

آرمی چیف سے چینی سفیر کی ملاقات

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سی پیک کی پیش رفت پر بات چیت کی گئی  ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت افغان امن عمل کی پیش رفت سے متعلق امور پر بھی بات کی گئی۔

چینی سفیر نے خطے میں امن و استحکام سمیت افغان امن عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے کورونا کے خلاف جنگ میں چین کے کردار اور ویکسین کی فراہمی پر چین کا شکریہ ادا کیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے آئرن برادر کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی نہایت قدر کرتا ہے۔

اس کے علاوہ آرمی چیف نے چینی سفیر کو پاک چین سفارتی تعلقات کے ستر سال مکمل ہونے پر بیجنگ میں گرینڈ تقریب کے انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی۔

عمران ہاشمی نے اداکارہ میرا کو شادی کی آفرکر دی

بالی ووڈ اسٹارعمران ہاشمی نے پاکستانی اداکارہ میرا کو شادی کی آفرکر دی۔

پاکستانی اداکارہ میرا نے دعویٰ کیا ہے کہ بالی ووڈ اسٹار عمران ہاشمی نے انہیں شادی کی آفر کی تھی۔

گزشتہ دنوں سے اداکارہ میرا کا نجی چینل کو دیے گئے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھ جا سکتا ہے کہ اداکارہ میرا نے ایک پروگرام میں شرکت کی  جہاں اداکارہ  نے مختلف سوالوں کے جواب دئیے۔

پروگرام میں اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ عمران ہاشمی نے انہیں شادی کی آفر کی تھی۔

اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ مہیش بھٹ نے بھی اشمیت پٹیل کے ذریعے شادی کی پیشکش کی تھی لیکن وہ ہندو ہے اس لیے میں نے منع کردیا۔

دوسری جانب اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں میرے دوست اور دشمن بھی ہیں، مجھے بہادر لوگ پسند ہیں۔

آئیڈیل شخصیت کے حوالے سے میرا نے کہا کہ وہ جو آپ کے سامنے سگریٹ، اور شراب نہ پئیے آپ کا خیال رکھے۔

اداکارہ نے کہا کہ خوف ان لوگوں کے اندر ہوتا ہے جن کے اندر ٹیلنٹ نہیں ہوتا، میرے پاس ٹیلنٹ ہے تو میں پیسے کما سکتی ہوں۔

 میزبان کے جانب سے کیے جانے والے سوال پر میرا نے کہا کہ مجھے بچے بہت پسند ہے۔

اداکارہ میرا نے کہا کہ میری پسندیدہ اداکارہ عائزہ خان ہے۔

میرا نے کہا کہ میں سوچ سمجھ کر فیصلے نہیں کرتی ہوں بس جو دل میں آیا ہے وہ کردیتی ہوں اور اس ہی وجہ سے کچھ فیصلے ایسے ہوتے ہیں جو پھنسا دیتے ہیں۔

اداکارہ میرا نے کہا کہ سیاست میں آنا چاہتی ہوں، اگر سیاست میں آئی تو فلم انڈسٹری کے لیے اقدامات کرنا چاہوں گی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 628 نئے کیسزز رپورٹ ہوئے ، سیدمراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق بیان دیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 628 نئے کیسز زرپورٹ ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق بیان دیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13972 نمونوں کی جانچ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 19 اموات رپورٹ ہوئیں ، اموات کی مجموعی تعداد 5183 ہوچکی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج مزید 574 مریض صحتیاب ہوئے ہیں ، صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 296821 ہوچکی ہے۔

سیدمراد علی شاہ نے کہا کہ اب تک 4236179 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے ، اب تک 235721 کیسززرپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ اس وقت 23717 مریض زیر علاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 22915 گھروں میں، 20 آئسولیشن سینٹرز اور 782 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ، 725 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے اور 69 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے کے 628 نئے کیسزز میں سے 317   کا تعلق کراچی سے ہے ، ضلع شرقی 121 ، ضلع وسطی 67 ،ضلع جنوبی 62 ، کورنگی 44 ، ملیر 13 اور ضلع غربی 10 نئے کیسزز رپورٹ ہوئے۔

سیدمراد علی شاہ نے کہا کہ حیدرآباد 46 ، شہید بینظیرآباد 28 ، بدین 27 ، میرپورخاص 23 ، جیکب آباد 20 ، جامشورو 15 ، عمرکوٹ 14 ، شکارپور 1، دادو 12 ، نوشہروفیروز 10 ، ٹھٹہ 9 ، سانگھڑ 9 ، مٹیاری 8 ، ٹنڈو محمد خان 7 ، تھرپارکر 7 ، گھوٹکی 5 ، کشمور 5 ، لاڑکانہ 5 ، سکھر 4 ، خیرپور 3 ، سجاول 2 اور ٹنڈوالہیار میں 13 کیسزز رپورٹ ہوئے ہیں۔