وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہرنائی میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید جوان ہمارے ہیرو ہیں

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہرنائی میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید جوان ہمارے ہیرو ہیں۔

حملے میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شہداء نے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے دے کر وطن میں امن قائم کیا ہے، ہماری تمام ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں، مٹھی بھر عناصر دہشت گردی کے ذریعے قوم کے بلند حوصلے پست نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف یکجان اور یک زبان ہے۔

بلوچستان کے علاقےہرنائی میں دہشتگردوں کا حملہ، 7 اہلکار شہید

راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں ہرنائی کے قریب شارق کے علاقہ میں ایف سی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، دہشتگردوں سے لڑتے 7اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  بلوچستان میں ہرنائی کے قریب شارق کے علاقہ میں ایف سی پر دہشت گردوں کا حملہ ہوا،  گذشتہ رات ہونے ولے حملہ میں دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے 7 ایف سی جوان شہید ہوگئے۔ نائب صوبیدار گلزار، سپاہی فیصل، سپاہی عبدالوکیل ، سپاہی زیر زمان، سپاہی جمال، عبدالرؤف اور فقیر محمد بھی شہداء میں شامل ہیں ۔آپریشن میں بڑی تعداد میں اسلحہ ، گولیاں تحویل میں لے لی گئیں ۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ  دہشتگردوں کو پکڑنے کیلئے علاقہ کو گھیرے میں لے کر فرار کے تمام راستے مسدود کر دئیے گئے ہیں اور  دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانہ پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بلوچستان کا امن کسی کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے

پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کا مقبوضہ کشمیر میں جمہوریت کا دعویٰ مسترد کر دیا

پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا مقبوضہ کشمیر میں جمہوریت کا دعویٰ مسترد کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کی نام نہاد جمہوریت صرف بندوق کے زور پر کشمیریوں کی آوازد بانے کے لیے ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی قیادت کے جھوٹے دعوے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز نہیں دبا سکتے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت معاملات کو اُلجھانے کی بجائے مقبوضہ کشمیر سے غیر قانونی قبضہ ختم کرے۔

یورپی یونین کا PIA کو پروازوں کی اجازت دینے سے انکار

یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے سیفٹی آڈٹ کے بغیر پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کو یورپ اور برطانیہ کیلئے پروازوں کی اجازت دینے سے انکار کردیاہے۔

پی آئی اے نے آڈٹ کلیئر ہونے تک عبوری اجازت دینے کی درخواست کی تھی،شہری ہوابازی کے یورپی ادارے ایاسا نے پی آئی اے کے خط کا جواب دے دیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق یورپ اور برطانیہ کیلئے پی آئی اے پر عائد پابندی کے خاتمے کی آخری امید بھی ختم ہوگئی ہے،یورپی ادارے کی جانب سے پی آئی اے کے آڈٹ سے مطمئن نہ ہونے کے بعد سی ای او پی آئی اے کی جانب سے خط لکھا گیا تھا۔

سی ای او نے پی آئی اے کو سول ایوی ایشن سے غیر منسلک کرکے آزادانہ آڈٹ کرنے اور آڈٹ کلیئر ہونے تک عبوری اجازت دینے کی درخواست کی تھی،یورپی یونین کے ادارے ایاسا نے خط کے جواب میں سی اے اے کے سیفٹی آڈٹ کے بغیر پی آئی اے کو پروازوں کی اجازت سے انکار کر دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے معاملات کی درستگی کا جلد امکان نہیں ہے اور یورپ اور برطانیہ کیلئے پی آئی اے کی پروازوں پر عائد پابندی برقرار رہے گی۔پی آئی اے انتظامیہ نے ایاسا کا جواب موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی پائلٹوں کے جعلی لائسنسوں سے متعلق وفاقی وزیر ہوا بازی کے بیان کے بعد یورپی یونین نے یکم جولائی سے 6 ماہ کیلئے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کردی تھی لیکن اب بروقت اقدامات نہ کیے جانے پر یہ پابندی غیرمعینہ مدت تک برقرار رہے گی۔

سڑکوں پر گھسیٹنے کے اعلان کرنیوالے آج ایک دوسرے کے مہمان بن گئے: شبلی فراز

اسلام آباد:   وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ مریم نواز کا لاڑکانہ جانا “اوپر سے لڑائی اندر سے بہن بھائی” کی تاریخی حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنے کے اعلان کرنے والے ایک دوسرے کے مہمان بن گئے۔

سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آج ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کی روح کو تکلیف پہنچ رہی ہوگی کہ ان کے فلسفے اور نظریات کے بد ترین مخالف آج ان کے گھر براجمان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ایجنڈا اپنی ذات سے شروع ہو کر اپنی ذات پر ختم ہو جاتا ہے، ان کے پاس عوام کے لیے کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کے تابعدار اور چوروں لٹیروں کیلئے تھانے دار ہیں۔

موجودہ کرونا کی صورتحال میں اجتماعات عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف : عثمان بزدار

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ طبیعت روز بروز بہتر ہو رہی ہے – ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق آئسولیشن میں ہوں تاہم صوبے کے ضروری انتظامی امور گھر سے باقاعدگی سے نمٹا رہا ہوں – صحت یابی کیلئے دعاؤں پر عوام کا شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ  کورونا کی موجودہ صورتحال میں اجتماعات کرنا عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ اپوزیشن کے عوامی اجتماعات کے باعث کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا- ہمیں بحیثیت قوم اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے -عوام کی زندگیوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے – وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کورونا ایس او پیز پر من وعن عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو کورونا سے محفوظ رکھنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے- متعلقہ محکمے ایس او پیز کی خلاف ورزیاں روکنے کیلئے موثر اقدامات کریں – کابینہ کمیٹی صورتحال کو مانیٹر کرتے ہوئے عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھائے- دوسری لہر شدت اختیار کررہی ہے، عوام سے احتیاط کی اپیل ہے- کورونا سے بچاؤ کے لئے کسی کوبھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیئے- حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہی کورونا وائرس سے نمٹنے کا موثر ذریعہ ہے۔  سردار عثمان بزدارنے یوم قائدؒ اور کرسمس کی تقریبات کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان‘ پولیس،انتظامیہ اور قانو ن نافذ کرنیوالے اداروں کو شاباش دی ہے – وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ قیام امن سے متعلقہ تمام ادارے بہترین کارکردگی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متعلقہ اداروں اور حکام نے شاندار طریقے سے فرائض سرانجام دیئے۔اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پنجاب حکومت کے موثر اقدامات کے باعث صوبے بھر میں یوم قائدؒ اور کرسمس کی تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہوئیں۔نئے پاکستان میں مسیحی برادری نے محفوظ اوربہترین ماحول میں کرسمس کی تقریبات منائیں۔ یوم قائدؒ کی تقریبات کیلئے بھی شاندار انتظامات کئے گئے، جس پر میں متعلقہ اداروں کو مبارکباد دیتا ہوں اورتقریبات کے دوران ایس او پیز پر عمل کرنے پر مسیحی برادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

2028ءمیں چین دنیا کی سب سے بڑی معیشت‘ امریکہ کو پیچھے چھوڑ دیگا

کرونا وباءمیں چینی معاشی حکمت عملی مضبوط ترین معیشت بننے میں معاون ثابت ہوگی: رپورٹ
اس سے قبل یہ اندازہ 2033 میں متوقع تھا‘ امریکہ کا عالمی جی ڈی پی میں حصہ 2021 کے بعد سے کم ہوتا جائیگا
امریکہ میں وباءکے خاتمے کے بعد نموکی شرح سست ہوکر 1.9 سے 1.6 فیصد ہونے کا امکان
چینی شرح نمو 2021 سے 2025ءتک 5.7 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا گیا ہے: رپورٹ
2030ءتک جاپانی معیشت بدستور تیسرے نمبر پر رہے گی، جس کے بعد بھارت یہ جگہ لے سکتا ہے
جرمنی اس وقت چوتھی بڑی معیشت جو پانچویں نمبر پر چلی جائیگی، برطانوی تھینک ٹینک
گزشتہ برس کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان دنیا کی 40ویں بڑی معیشت ہے۔

آمروں کو للکارتے رہیں گے، بینظیر کا ویژن پی ڈی ایم کی شکل میں زندہ ہے بینظیر آج بھی دلوں پر راج کر رہی ہیں: بلاول بھٹو کا یوم شہادت پر پیغام

اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کے 13 ویں یوم شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گو کہ جسمانی طور پر وہ ہمارے درمیان نہیں ہیں، لیکن وہ جمہوری قوتوں کو متحد رکھنے والی قوت اور پارٹی رہنماوَں خواہ کارکنان کے لیئے رہنمائی کرنے والی روشنی کی صورت میں موجود ہیں۔ شہداء کے یومِ شہادت پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ

شہید محترمہ بینظیر بھٹو اسلامی دنیا میں ایک بیٹی، بہن، اہلیہ، والدہ اور دلوں پر راج کرنے والی ایک رول ماڈل رہی ہیں اور جن کا جانی نقصان غیر جانبدار تاریخ صدیوں تک محسوس کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پدرانہ معاشرے کی نہ صرف خواتین کو متاثر کیا، بلکہ پوری قوم کو متحد کیا اور جمہوریت کی بحالی خواہ انسانی حقوق کی جدوجہد میں بڑی بہادری سے قیادت بھی کی۔ ان کا وژن پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی شکل میں زندہ ہے، کیونکہ انہوں نے آمرانہ قوتوں کو للکار کر کہا تھا کہ آپ کسی شخص کو پابندِ سلاسل تو کرسکتے ہو، لیکن نظریئے کو نہیں۔ آپ کسی فرد کو جلاوطن تو کرسکتے ہو، لیکن فکر کو نہیں۔ آپ کسی آدمی کا قتل تو کر سکتے ہو، لیکن اس کی سوچ کو نہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ بیلسٹک میزائل ٹکنالوجی کی فراہمی سے لے کر قومی دفاع کو مزید مظبوط بنانے تک، بے زمین خواتین کاشتکاروں کو زمین کے مالکانہ حقوق دینے سے لے کر فرسٹ ویمن بینک کے قیام تک، انسدادِ پولیو ویکسینیشن متعارف کروانے سے لے کر خواتین کے لیئے علحیدہ پولیس اسٹیشنز قائم کرنے تک، روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے عوام کی بنیادی آزادیوں کے لیئے جدوجہد تک، انہوں نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ اپنی قوم اور اس کے غریب شہریوں، نوجوانوں، بچوں اور خواتین کے لئے کام کرنے میں صرف کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پسماندہ طبقات، خواتین کو بااختیار بنانے اور محروم عوام کے لیئے جدوجہد کے دوران بڑی بہادری سے قید و بند، ظلم اور کردار کشی جیسے ہتھکنڈوں کا سامنا کیا، لیکن کبھی خاموش ہوکر نہیں بیٹھیں۔ انہوں نے مزید کہا سیاہ طاقتوں نے بالاخر ایک سازش کے تحت انہیں قتل کر دیا، لیکن شہید کرنے کے باوجود وہ اُن سے جیت نہیں سکے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو ہر قربانی دے کر بھی پایئہ تکمیل پر پنہچانے کے لیئے جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی، آئین و پارلیمان کی بالادستی کے ساتھ ساتھ عوام کو مکمل خودمختار بنانے کے لیئے ایک بڑی تحریک کے لیئے کمر کس لیں۔

گلگت بلتستان: پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ‘ 2 میجر‘2جوان شہید

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 2 میجرز سمیت 4 فوجی شہید ہوئے ہیں۔

 آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہیلی کاپٹر کو حادثہ گلگت بلتستان کے علاقے منی مرگ میں تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں پائلٹ میجر محمد حسین سمیت 4 جوان شہید ہوئے ہیں۔

حادثے میں کوپائلٹ میجر ایاز حسین، نائیک انضمام عالم، سپاہی محمد فاروق بھی شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر شہید سپاہی عبدالقدیر کی میت لے کر سی ایم ایچ اسکردو جا رہا تھا۔ سپاہی قدیر کامری سیکٹر میں برفانی تودے کی زد میں آ کر شہید ہوئے تھے۔

ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید میجر ایاز کا تعلق کراچی کے علاقے ملیر سے ہے جبکہ  میجر حسین شہید اسکردو کے علاقے خپلو کے رہائشی تھے۔

اس کے علاوہ نائیک انضمام کا تعلق چکوال اور سپاہی فاروق شہید ساہیوال کے رہائشی تھے۔

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے بعد 75 افراد کو حراست میں لے لیا

بھارتی حکومت نے علاقائی سیاسی جماعتوں کے اتحاد کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد سیاسی بدامنی پھیلانے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں کم از کم 75 سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے اوائل میں ضلعی کونسل کے انتخابات ختم ہوے جو گزشتہ سال بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کی جانب سے بھارت کے زیر کنٹرول مسلم اکثریتی علاقے کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے بعد یہ پہلے اس طرح کے انتخابات تھے۔

اس کے بعد نئی دہلی نے اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاون کیا اور سینکڑوں افراد کو حراست میں لیا تاکہ احتجاج اور تشدد کو ختم کیا جاسکے۔

ایک سینئر پولیس عہدیدار سرکاری پالیسی کے مطابق نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ حراست میں لیے گئے افراد، جن میں علیحدگی پسند رہنما اور کالعدم جماعت اسلامی گروپ کے ممبران شامل ہیں، کو احتیاطی تحویل میں لیا گیا ہے۔

بھارت اور پاکستان نے 1947 میں برطانوی حکمرانی سے چھٹکارا پانے کے بعد سے ہی کشمیر کے خطے کا دعویٰ کرتے آئے ہیں۔

دونوں ممالک میں جو 3 جنگیں لڑی گئی ہیں ان میں سے دو ہمالیہ کے خطے میں لڑی گئی ہیں۔

علاقائی پارٹی اور اتحاد کے ایک اہم رکن نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے کہا کہ حراست میں لیا جانا عوام کے فیصلے کو مجروح کرتی ہیں۔

سابق وزیر اعلی اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ عمر عبداللہ نے کہا کہ اتحاد کی فتح سے پتہ چلتا ہے کہ کشمیریوں نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے مودی کے فیصلے کو قبول نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ طویل نظربندی سے رہائی کے بعد جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے اکتوبر میں مقبوضہ کشمیر کی خودمختاری کی پرامن بحالی کے لیے اتحاد کا اعلان کیا تھا۔

پنجگور میں فٹبال اسٹیڈیم کےقریب دھماکے سے 2 افراد جاں بحق

بلوچستان کے علاقے پنجگورمیں فٹبال اسٹیڈیم کےقریب دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بوائز ہائی اسکول عیسیٰ پنجگور میں فٹبال میچ کے بعد زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری پہنچ گئی ہے جبکہ سیکورٹی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

بینظیر بھٹو کی برسی: فضل الرحمٰن کا جلسے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

جمعیت علمائے اسلام (ف) و پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فجل الرحمٰن نے بینظیر بھٹو کی برسی کی تقریب اور جلسے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جے یو آئی (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے بیان میں کہا کہ 27 دسمبر کو بینظیر بھٹو کی برسی کی تقریب اور جلسے میں جمعیت علمائے اسلام کا وفد مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی قیادت میں شریک ہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ وفد میں مرکزی سالار انجینیئر عبدالرزاق عابد لاکھو، مولانا سعود افضل، مولانا سراج احمد شاہ اور مولانا عبداللہ مہر شامل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وفد مولانا فضل الرحمٰن کی ہدایت پر بینظیر بھٹو کی برسی میں شریک ہو گا۔

ترجمان کی جانب سے مولانا فضل الرحمٰن کی جلسے میں شرکت نہ کرنے کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

مولانا فضل الرحمٰن انتہائی مصروفیت کے باعث شرکت نہیں کر رہے، راجہ پرویز اشرف

تاہم دوسری جانب جیکب آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم و پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ‘مولانا فضل الرحمٰن انتہائی مصروفیت کے باعث بینظیر بھٹو کی برسی میں شرکت نہیں کر رہے اور ان کی طرف سے اعلیٰ سطح کا وفد شرکت کرے گا’۔

مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما محمد علی درانی کی حالیہ دنوں شہباز شریف سے جیل میں ملاقات سے متعل انہوں نے کہا کہ ‘محمد علی درانی کی شہباز شریف سے ملاقات تعزیت تھی یا کسی کا پیغام پتہ نہیں، جبکہ کسی نے اپوزیشن سے بات کرنی ہے تو اپوزیشن لیڈر کو پارلیمان میں لائیں’۔

سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کی حکومتی خواہش پر راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ‘اس حوالے سے کئی ایسے معاملات ہیں جن پر بات چیت کی ضرورت ہے کیونکہ سینیٹ انتخابات، عام انتخابات یا قومی اسمبلی کے الیکشن کی طرح نہیں ہوتے، یہاں ووٹ منتقل ہوسکتا ہے اور اراکین کی ترجیحات ہوتی ہیں اس لیے اس پر بیٹھ کر تفصیلی بات ہونی چاہیے’۔

خیال رہے کہ دو روز قبل سابق صدر و پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمٰن کو 27 دسمبر کو سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدابخش لاڑکانہ میں ہونے والے جلسے میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سابق صدر نے مولانا فضل الرحمٰن کو ٹیلی فون کال کرکے جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔

اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پی ٹی ایم رہنماؤں کو جلسے میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

بائیں ہاتھ کے اوپنر امام الحق نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر

بائیں ہاتھ کے اوپنر امام الحق نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر .ٹیم منیجمنٹ نے امام الحق کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔ امام الحق کل شام ساڑھے چھ بجے آکلینڈ سے لاہور روانہ ہوجائیں گے۔ ٹریننگ کے دوران امام الحق کے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر گیند لگی تھی