امتنان شاہد کی قائد حزب اختلاف پنجاب حمزہ شہباز سے ملاقات،دادی کے انتقال پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا،

لاہور(ویب ڈیسک) امتنان شاہد کی پنجاب اسمبلی کے قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز سے جاتی عمرہ میں ملاقات کی اور انکی دادی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور مرحومہ کی ایصال ثواب کے لیے دعائے مغفرت کی۔ اس موقع پر امتنان شاہد کا کہنا تھا کہ بیگم شمیم اختر کی وفات شریف خاندان کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے اللہ صبر جمیل عطاءکرے۔

مصباح الحق کی مدت ملازمت ختم، قومی سلیکشن کمیٹی تحلیل کر دی گئی

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ  مصباح الحق کی بطور چیف سلیکٹر مدت ملازمت ختم ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق ہیڈ کوچ  مصباح الحق کی بطور چیف سلیکٹر مدت ملازمت ختم ہونے پر   صوبائی کوچز پر مشتمل  قومی سلیکشن کمیٹی  بھی تحلیل کر دی گئی ہے۔

ہیڈ کوچ مصباح الحق 30 نومبر تک قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر  بھی تھے۔ تاہم اب وہ صرف ہیڈ کوچ کی حیثیت سے کام کریں گے۔

پی سی بی  نے پرانی طرز پر نئی سلیکشن کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی سلیکشن کمیٹی چیف سلیکٹر اور تین ممبران پر مشتمل ہوگی جو ٹیم کے انتخاب میں صوبائی کوچزکی رائے  لے گی۔

نئے چیف سلیکٹر کے لیے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد اکرم مضبوط امیدوار ہیں ۔نئے چیف سلیکٹر کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

بھٹو کا نظریہ گٹھ جوڑ کی سیاست میں دفن ہو گیا:فردوس عاشق اعوان

لاہور(ویب ڈیسک)بھٹو کی سوچ اور نظریہ عام آدمی سے جڑا ہوا تھا آج مک مکا کی سیاست سے بھٹو کا نظریہ دفن ہو گیا۔ پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر بھٹو کے قاتلوں کو دائیں بائیں کھڑا کر کے جیالوں کو کیا پیغام دیا جا رہا ہے ۔ پیپلز پارٹی کا جیالہ پی ڈی ایم کے بیانیہ کو مسترد کر چکا ہے ۔ آج یوم تاسیسی پر پی ڈی ایم کا غیر فطری گٹھ جوڑ بھٹو کے نظریے کی نفی ہے ۔ ڈی جی پی آر آفس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کے اظہار رائے کی آزادی پر کوئی قدغن نہیں لیکن پنجاب میں متعدی امراض کی روک تھام کے قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 300 افراد کے اجتماع پر پابندی نہیں اور 300 افراد کیلئے سٹیڈیم کی ضرورت نہیں ہوتی۔ یہ لوگ سٹیڈیم میں جلسہ کرنے سے خود بھی خوفزدہ ہیں اس لئے چوکوں چوراہوں میں شو لگا رہے ہیں۔ تھکی ہاری اپوزیشن کی سانسیں اکھڑی چکی ہیں۔ راجکماری صاحبہ کی سیاست اپنی ذات سے شروع ہو کر اسی پر ختم ہوتی ہے ۔ معاون خصوصی نے کہاکہ جب بھی کوئی قانون ہاتھ میں لے گا تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ ہم نہیں چاہتے کہ سکیورٹی ادارے ان کے ساتھ گتھم گتھا ہوں اور کوئی سانحہ رونما ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملتان جلسہ میں پی ڈی ایم کی ناکامی انکے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔ ملتان میں پی ڈی ایم کا کھاؤ پیو پروگرام جاری ہے اور مولانا کی قیادت میں یہ لوگ سوہن حلوے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ لاہور جلسے میں بھی اگر اس طرح کی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا تو حکومت اپنی رٹ قائم کرے گی۔

کرونا: 5 کروڑ سے زائد امریکی بھوک کا شکار

2 ماہ کے اندر 3 کروڑ 60 لاکھ افراد بیروزگار ہوچکے ہیں
لاکھوں گھرانے خیراتی اداروں سے ملنے والی امداد سے گھر چلا رہے ہیں
ٹیکساس میں روزانہ 10 ہزار سے زائد افراد فوڈ بینکس کے باہر قطاروں میں کھڑے ہوتے ہیں۔
فوڈ بینکوں سے خوراک حاصل کرنے والوں گاڑیوں کی کئی میل لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں
خوراک حاصل کرنے والوں میں 5سوفیصد اضافہ ہوگیا: فوڈ بینک اہلکار

مکمل لاک ڈاﺅن کا نعرہ لگانے والوں نے کرونا ایس او پیز بلڈوز کر دئیے:عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن کے نعرے مارنے والے کورونا ایس او پیز کو بلڈوز کر رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی، معاشی اور پارلیمانی امور سمیت قانونی و آئینی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ معیشت سے متعلق تازہ اعدادوشمار حوصلہ افزاء ہیں، کورونا سے زندگیاں بچانا پہلی اور معیشت کو اوپر اٹھانا دوسری ترجیح ہے، مکمل لاک ڈاؤن کے نعرے مارنے والے کورونا ایس او پیز کو بلڈوز کر رہے ہیں۔

بابر اعوان نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری میں 2016 کی نسبت غیر معمولی بہتری دیکھنے میں آئی ہے، حکومت کی معاشی پالیسیاں درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں، سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی نے بھی اعتماد کا اظہار کیا ہے، معاشی بہتری اور کورونا سے بچاو کیلئے حکومتی کوششوں کو ریورس نہیں ہونے دیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے ڈاکٹر شاہد کاردار نے ملاقات کی، اس موقع پر وفاقی وزیر حماد اظہر مشیرِ خزانہ حفیظ شیخ اور معاونِ خصوصی وقار مسعود بھی ملاقات میں موجود تھے، ملاقات میں منی لانڈرنگ کی روک تھام، لوٹی ہوئی رقم کے واپسی کیلئے اقدامات اور مجموعی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب ممالک سے پیسوں کی غیرقانونی منتقلی پسماندگی اور غربت کی بنیادی وجہ ہے، لوٹی ہوئی رقم کی واپسی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

لاہور جلسے سے حکومت ختم ہو جا ئے گی،پی ڈی ایم کا جمعہ اور اتوار کو پورے ملک میں احتجاج کا اعلان

(ویب ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کے پیچھے چھپ رہی ہے لیکن یہ کورونا نہیں حکومت جانے کا رونا ہے جبکہ کووڈ 19 سے پہلے کووڈ 18 کو گھر بھیجنا ضروری ہے۔

ملتان کے گھنٹہ گھر چوک پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ‘ملتان والوں، آپ کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہوں، آج چادر اور چار دیواری کی پامالی ہو رہی ہے، ہمارے نہتے کارکنوں کی گرفتاریاں ہو رہی ہیں، اسٹیڈیم کو تالے لگا دیے گئے لیکن میں نےکہا جلسہ ہو یا نہ ہو عوام کے پاس ضرور پہنچوں گی’۔

انہوں نے کہا کہ ‘آج شریف خاندان پر ایک بار پھر دکھ کا پہاڑ ٹوٹا ہے لیکن 22 کروڑ عوام کے دکھ کے سامنے ہمارے دکھ کچھ نہیں، نواز شریف نے کہا عوام کے دکھوں پر اپنے ذاتی دکھ قربان کیونکہ آج عوام کے روزگار چھن جانے، کاروبار کو تالا لگ جانے کا غم ہے، آج روٹی 30 روپے ہوجانے اور چولہے ٹھنڈے ہو جانے کا غم ہے، عوام کے گھروں میں غموں نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، اللہ تعالیٰ دشمن بھی کسی کو دے تو ظرف والا دے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہمیں دشمن بھی ملا تو کم ظرف ملا، ایک خاتون وزیر نےکہا کہ نواز شریف نے اپنی ماں کی لاش پاکستان پارسل کردی، میرے والد لندن میں کاؤنٹی کرکٹ نہیں کھیل رہے تھے، نواز شریف جیسا فرمانبردار بیٹا پورے پاکستان میں ڈھونڈ کر لاؤ، ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے بعد ان کے خاندان کو جنازہ پڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی، اکبر بگٹی کو قتل کیا جاتا ہے اور ان کے اہل خانہ کو جنازہ پڑھنے کی اجازت نہیں دی جاتی، بےنظیر بھٹو کو شہید کیا جاتا ہے اور قاتلوں کو ملک سے باہر فرار کرا دیا جاتا ہے’۔

مریم نواز نے کہا کہ ‘کیا کوئی مشرف کوایک دن بھی جیل میں رکھ سکا؟ کیا کسی میں اتنی جرات ہے کہ مشرف کو پاکستان واپس لاسکے؟ اب یہ حکومت کورونا وائرس کے پیچھے چھپ رہی ہے لیکن یہ کورونا نہیں حکومت جانے کا رونا ہے، یہ کیسا وائرس ہے جو حکومت کے جلسوں میں نہیں صرف پی ڈی ایم کے جلسوں میں آتا ہے، کورونا پہلے پوچھتا ہےکہ پی ڈی ایم کا جلسہ ہےتو میں اندر آجاؤں اور اگر تحریک انصاف کا جلسہ ہے تو واپس چلا جاؤں’۔

انہوں نے کہا کہ اب عوام عمران خان کا لاک ڈاؤن کرنے والے ہیں، کووڈ 19 سے پہلے کووڈ 18 کو گھر بھیجنا ضروری ہے، کووڈ 18 گھر چلا جائے تو کووڈ 19 بھی چلا جائے گا، پاکستان کو لگے وائرسوں کا علاج ضروری ہے اور پاکستان کو لگے اس مہلک وائرس کا پہلے علاج کیا جائے، ملک کی ترقی، نظام عدل اور مہنگائی کو کونسا وائرس لگا ہے لیکن ان تمام وائرس کا نام عوام جانتے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان میٹروبس کو جنگلا بس کہتے تھے کہ اسے نہیں بناؤں گا لیکن انہوں نے پشاور میں بی آر ٹی بنائی جو چل کم اور جل زیادہ رہی ہے، سارے نہیں صرف دو سلیکٹرز مل کر حکومت کی بس کو دھکا لگا رہے ہیں مگر بی آر ٹی کی طرح یہ بس بھی نہیں چل پارہی۔

انہوں نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ تمہارے ہر وعدے کی طرح ’جنوبی پنجاب صوبہ‘ بھی فراڈ تھا، اناڑی پاکستان کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا ہے، علیمہ باجی نے سلائی میشن سے اربوں روپے کما لیے لیکن بندہ ایماندار ہے، بنی گالہ کا محل بن گیا لیکن بندہ ایماندار ہے، 6 سال سے فارن فنڈنگ کیس میں مفرور ہے لیکن بندہ ایماندار ہے جبکہ جان بوجھ کر ایل این جی کی درآمد میں تاخیر کی گئی لیکن بندہ ایماندار ہے۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ کہتے ہیں میں کاروبار نہیں کرتا تو بھائی کاروبار محنت کرنے والے کرتے ہیں، جب ساری زندگی دوسروں کی جیبوں پر گزارا کرنا ہے تو محنت اور کاروبار کی کیا ضرورت، جنہوں نے کشمیر کو نریندر مودی کی جھولی میں ڈال دیا وہ اسرائیل کی بات کر رہے ہیں، عوام پوچھتی ہے کہ پاکستان میں اسرائیل کی حمایت کی مہم کون چلا رہا ہے، نواز شریف کے دور میں روٹی 5 روپے کی تھی آج 30 روپےکی ہے، نواز شریف کے دور میں چینی 50 روپے کی تھی صادق اور امین کے دور میں 130 روپے ہے، نواز شریف کے دور میں 30 روپے کلو آٹا تھا آج 100 روپے میں بھی نہیں مل رہا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ پی ڈی ایم آیندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے خود حکومت چھوڑ دو، پی ڈی ایم فیصلہ کرنے والی ہے پھر نہ کہنا کہ بتایا نہیں جبکہ عوام سے وعدہ ہے کہ مشکلات سے نکالنے کے لیے جیل بھی جانا پڑا تو کوئی پرواہ نہیں۔

قبل ازیں لاہور میں جاتی امرا سے ملتان جلسے کے لیے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اس وقت میرے والد اور خاندان یہاں موجود نہیں ہیں اور لوگ دادی کے انتقال پر تعزیت کے لیے آرہے ہیں تو شاید میں اپنی سرگرمیاں ایک 2 دن ملتوی کردی اور ملتان جلسے میں نہ جاتی لیکن جس طرح انہوں نے غنڈہ کردی کا مظاہرہ کیا اور پرامن کارکنان پر تشدد کرکے انہیں گرفتار کیا وہ ظلم مجھے آج کھینچ کر ملتان لے جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راستے میں جتنی گرفتاریاں اور ناکے لگے ہوئے ہیں وہ سب ان کے خوف کے عکاس ہیں اور اب یہ جلسہ چاہے اسٹیڈیم کے اندر ہو یا باہر ہو یا ملتان کی کسی سڑک پر ہو لیکن جلسہ تو ہوگا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ جلسہ اپنے ہونے سے پہلے کامیاب ہوچکا ہے کیونکہ حکومت کی جو حالت نظر آرہی ہے انہیں اپنا خاتمہ نظر آرہا ہے۔

ملتان کے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک پر ایک مشکل دور آیا ہوا ہے، نالائقوں اور نااہلوں کی حکومت مسلط ہے لہٰذا اس کے لیے جدوجہد کرنا پڑے گی، میری ملتان کے شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ باہر آئیں اور حکومت کے خلاف آخری دکھے میں شامل ہوں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سنا ہے جب گھروں پر مشکلات آتی ہیں تو گھروں کی بیٹیاں باہر نکلتی ہیں اور جب قوم اور پاکستان پر مشکل آئی ہے تو میں نے سنا ہے آصفہ بھٹو آرہی ہیں کیونکہ بلاول کو کورونا ہے۔

آخر میں ان کا کہنا تھا کہ جب ملک اور قوم پر مشکل آئی تو پاکستان کی بیٹیاں آصف بھٹو اور مریم نواز اپنی قوم کے لیے باہر نکلیں گی۔

ساتھ ہی لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ یہ حکومت اپنی آخری سانسوں پر ہے، انہیں اپنا گھر جانا نظر آرہا ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ حکومت گھر جارہی ہے اور جدوجہد کے آخری چند دن ہیں اور پوری قوم اس میں شامل ہے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج ملتان میں پاور شو کرنے جارہی ہے تاہم حکومتی اجازت نہ ہونے کے باعث جلسہ گاہ کے اطراف رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں جبکہ پی ڈی ایم جماعتوں کے کارکنان کی پکڑ دھکڑ بھی جاری ہے۔

ملتان جلسے کے لیے اپوزیشن اتحاد نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کا انتخاب کیا تھا اور اس سلسلے میں جلسےسے 2 روز قبل وہاں دھاوا بول کر انتظامی رکاوٹیں ہٹا دی تھیں تاہم انتظامیہ اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جلسہ گاہ کو خالی کروا لیا تھا اور کئی گرفتاریاں بھی ہوئی تھیں۔

آج کے جلسے میں پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری بھی شریک ہورہی ہیں جو ان کے سیاسی سفر کا آغاز ہے۔

یہ مدنظر رہے کہ حکومت کی جانب سے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر جلسے اور جلوسوں پر پابندی لگائی گئی تھی تاہم اس کے باوجود پی ڈی ایم نے بغیر اجازت کے پشاور کا جلسہ کیا تھا اور اب مزید 2 جلسے کرنے کےلیے تیار ہے۔

تاہم حکومت کی جانب سے یہ خبردار کیا جاچکا ہے کہ جلسے کے منتظمین اور سیاسی رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا دورہ خبریں،خبریں کی 28 ویں سالگرہ پر کیک کا ٹا

فردوس عاشق اعوان کا دورہ خبریں،خبریں کی 28 ویں سالگرہ پر کیک کا ٹا
کیک کاٹنے کی تقریب میں ایڈیٹر خبریں امتنان شاہد اور خبریں کا سٹاف بھی شریک ہوا
حکومت اور میڈیا کے درمیان ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے بھرپور تعلق جوڑا جائے گا:فردوس عاشق اعوان
معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ روز خبریں ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور ایڈیٹر خبریں گروپ امتنان شاہد کے ہمراہ خبریں کی 28 ویںسالگرہ کا کیک کاٹا۔اس موقع پر خبریں کا سٹاف بھی موجود تھا۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وہ میڈیا کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیںاور اس حوالے سے انہوں نے ٹریننگ سیشن کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔ان کا کہنا تھا کے پہلے مرحلے میں ڈی جی پی آر کے افسران کو ڈیجیٹل میڈیا کے حوالے سے تربیت دی جائے گی۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے بھر پور تعلق جوڑا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کے اگلے مرحلے میں ہم میڈیا کے دیگر افراد کی جدید تربیت کا بھی اہتمام کریں گے اور خواہش رکھتے ہیں کہ خبریں گروپ اس تربیتی پروگرام میں ہمارا ساتھ دے۔