آرمینیا آذر با ئیجان کے درمیان خونریز جھڑپیں 2جنگی طیارے 14ڈرون تباہ

اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیوگوتریس نے نگورنو قرہ باغ میں فوری جنگ بندی کی اپیل کر دی،آرمینیاکا آذر بائیجان کی کئی بکتر بند گاڑیاں تباہ کرنے کا دعویٰ،دونوں ممالک نے ٹنک، توپ خانہ اور طیارے سرحد پر تعینات کر دیئے،ایرانی وزیرخارجہ کی دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ سے عالمی قوانین کے مطابق مذاکرات کی اپیل ،ایرانی با کو اور ایروان کشیدگی کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے:ایرانی محکمہ خارجہ

اندرون سندھ سے آنے والی پارٹی کراچی کیلیے کچھ نہیں کرتی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اندرون سندھ سے آنے والی پارٹی کراچی کیلیے کچھ نہیں کرتی جبکہ بیرون ملک دشمن قبائلی علاقے اور خیبر پختون خوا کا انضمام نہیں چاہتا۔

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر مہمند پہنچے جہاں انہوں نے ناحقئی سرنگ اور شیخ زید روڈ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا نظریہ وہ اصول ہے جو مدینہ کی ریاست کے اصول تھے کہ کمزور طبقے کو اوپر لانا ہے، ترقی یہ ہونی چاہیے کہ تمام علاقوں کو اوپر اٹھایا جائے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ ایک علاقہ اوپر چلا جائے اور باقی سب نیچے چلے جائیں، جو پارٹی اندرون سندھ سے آتی ہے وہ کراچی کے لیے کچھ نہیں کرتی اور صرف اندرون سندھ پر توجہ دیتی ہے، اسی لیے کراچی کے برے حالات ہیں، اسی طرح پنجاب میں بھی ایسا ہی تھا کہ صرف ایک شہر لاہور کو اوپر اٹھایا گیا باقی سب پیچھے رہ گئے۔

عمران خان نے کہا ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ فنڈ قبائلی علاقوں پر خرچ کیے جائیں، صوبوں نے الیکشن سے پہلے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنا این ایف سی کا 3 فیصد قبائلی علاقوں کو دینگے، لیکن جب ہماری حکومت آئی تو خیبرپختونخوا کے سوا باقی 3 صوبے اپنا 3 فیصد دینے کو تیار نہیں جس کا انہوں نے وعدہ کیا تھا، باقی صوبوں نے کہا ہے کہ حالات بہت برے ہیں۔ عمران خان نے صوبوں پر اپنا وعدہ پورا کرنے کے لیے زور دیا۔

عمران خان نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمن قبائلی علاقے کے خیبر پختون خوا میں انضمام کے مخالف عناصر کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور انتشار پھیلانے کی پوری کوشش کررہا ہے، بیرون ملک دشمن ان عناصر کی فنڈنگ بھی کرتے ہیں اور اس انضمام میں رکاوٹیں ڈالنے کی بار بار کوشش کرتے ہیں، اس لیے قبائلی علاقوں کی ترقی پر توجہ دینے کی زیادہ ضرورت ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انضمام کے نتیجے میں اور سرحد پر باڑ لگنے سے افغانستان سے تجارت اور اسمگلنگ ختم ہوگئی ہے، اسمگلنگ روکنی ضروری ہے کیونکہ یہ ملک کو نقصان پہنچا رہی ہے، اب ہم بارڈر مارکیٹس کھولنے کی تیاری کررہے ہیں تاکہ افغانستان سے تجارت کرنے والے لوگوں کو روزگار ملے، دعاہے طالبان اور افغان حکومت میں امن مذاکرات کامیاب ہوں، کچھ عناصر اور ممالک نہیں چاہتے افغانستان میں امن ہو،افغانستان میں امن ہوا تو سارے قبائلی علاقے میں تبدیلی آئے گی اور تجارت شروع ہوجائے گی، یہاں سے وسطی ایشیا تک تجارت کا موقع ملے گا اور بہت خوش حالی آئے گی۔

نوازشریف جلد وطن واپس آکر اپوزیشن تحریک کی قیادت کریں گے، مریم نواز

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد پاکستان مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس میں کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری کسی جرم کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے بھائی کے ساتھ کھڑے ہونے کی وجہ سے ہوئی۔

شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد ہنگامی نیوز کانفرنس میں مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کی تقریر اور آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد ہوگا، تحریک چلے گی اور  بھرپور طریقے سے چلے گی، نوازشریف جلد وطن واپس آکر اپوزیشن کی تحریک کی قیادت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کے بیانیے کا بوجھ ہر ایک نہیں اٹھا سکتا، شہباز شریف اپنے بھائی کے ساتھ کھڑا رہے گا، ن لیگ میں سےش نہیں نکلے گی، ایسی باتیں ش لیگ نکالنے میں ناکامی کی چیخیں ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اگر اس ملک میں کوئی قانون ہوتا تو شہباز شریف نہیں بلکہ عاصم سلیم باجوہ گرفتار ہوتے۔

سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں کا حملہ، کیپٹن شہید

جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشتگردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کیپٹن عبداللہ ظفر شہید ہوگئے۔

انٹر سروس پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے اہلکار جنوبی و زیرستان کے علاقے شکئی میں نائٹ پیٹرولنگ پر تھے کہ ان کے قافلے پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن عبداللہ ظفر شہید ہوگئے۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقہ گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ کیپٹن عبد اللہ نے بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور جام شہادت نوش کیا،کیپٹن عبداللہ شہید کا تعلق کوہاٹ کے علاقہ لاچی سے ہے۔

شہباز شریف کی گرفتاری سے حکومت کا کچھ لینا دینا نہیں ، وفاقی وزیراطلاعات

عدالتیں آزاد ہیں انہوں نے جو فیصلہ کیا وہ سب کو قبول کرنا ہوگا ، سینیٹر شبلی فراز کی گفتگو

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری سے حکومت کا کچھ لینا دینا نہیں ، عدالتیں آزاد ہیں انہوں نے جو فیصلہ کیا وہ سب کو قبول کرنا ہوگا۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہماری طرف سے عدالتوں کے ہر فیصلے کا احترام کیا گیا چاہے وہ ہمارے حق میں تھا یا ہمارے خلاف آیا، اس وقت بھی عدالتوں کے فیصلوں میں ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ہے، اس لیے ہم پر تنقید بے جا ہے، آپ نے جو بویا وہی کاٹتے ہیں ، یہ تو قانون فطرت ہے کہ اگر آپ نے کوئی اچھے کام کیے تو پذیرائی ملتی ہے لیکن اگر کچھ بھی خلاف قانون کیا تو آپ جلد یا بدیر گرفت میں ضرور آتے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ ماضی مین دونوں جماعتوں کی طرف سے ایک دوسرے کے خلاف مقدمات کو سنجیدگی سے آگے نہیں بڑھایا گیا کیونکہ یہ خود اس میں ملوث ہوتے تھے، اس لیے ان پر سمجھوتا کیا جاتا تھا، لیکن اس وقت ایسی حکومت ہے جو نہ کسی کو کرپشن کرنے دیتی ہے اور نہ خود کرتے ہیں، کیونکہ عمران خان قوم کی خدمت کرنے آئے ہیں، جبکہ ان دوجماعتوں نے پاکستان کی ترقی اور جمہوریت کو اپنے حصار میں لے رکھا ہے ۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ، جس کے بعد نیب حکام نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو کمرہ عدالت سے حراست میں لے لیا ، لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سردار احمد نعیم اور مسٹر جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی ، جہاں شہباز شریف نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لاہور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی ، جبکہ مسلم لیگ (ن) لاہور کی تنظیم نے اراکین اسمبلی ، رہنمائوں اور کارکنوں کو پارٹی صدر محمد شہباز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور ہائیکورٹ پہنچنے کی ہدایت کر رکھی تھی ، عدالت میں درخواست پر سماعت ہوئی ، جہاں نے دلائل سننے کے بعد شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی گئی ، جس کے بعد نیب کی ٹیم نے شہباز شریف کو گرفتار کر لیا۔

ہالی وڈ کے ایکشن ہیرو ون ڈیزل نے گلوکاری کا آغاز کر دیا

لاس اینجلس ہالی وڈ کے ایکشن ہیرو ون ڈیزل نے گلوکاری کا آغاز کر دیا، ان کے گانے کی ویڈیو جلد ریلیز کر دی جائے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ون ڈیزل نے ڈی جے کریگو کے تعاون سے اپنا پہلا گانا ڈو آئی لائیک فیل ریلیز کردیا جو دیکھتے ہی وائرل ہوگیا۔ 53 سالہ ون ڈیزل کافی عرصے سے اپنے مداحوں سے گلوکاری کا وعدہ کرتے چلے آ رہے تھے جو انہوں نے اب نبھا ہی دیا، وہ اس سے قبل مختلف میوزک منصوبوں پر بھی کام کرتے رہے ہیں۔ فی الحال ون ڈیزل کے گانے کے بول جاری کئے گئے ہیں اور جلد ہی گانے کی ویڈیو بھی جاری کردی جائے گی۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 2 نوجوان شہید

سری نگر: قابض بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں سرچ آپریشن کی آڑ میں دو کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مارکر شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پلوامہ میں داخلی و خارجی راستوں کو بند کر کے قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر گھر گھر تلاشی لی جس کے دوران جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے شہید ہونے والے نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کے لیے بے بنیاد الزام لگائے اور ماورائے عدالت قتل کو مقابلہ ظاہر کرنے کی کوشش کی جسے شہداء کے لواحقین اور علاقہ مکینوں نے شواہد پیش کرکے جھوٹا ثابت کردیا۔

قابض بھارتی فوجی نے بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا جس پر سیکڑوں کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور اس ظلم و بربریت کیخلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے آزادی کشمیر کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک ماہ قبل شہید ہونے والے نوجوانوں سے متعلق ثابت ہوگیا ہے کہ تینوں نوجوان تعلیم اور روزگار کی غرض سے وادی میں آئے تھے جنہیں بھارتی فوج نے عسکریت ثابت کرکے گولیاں مار کر جعلی مقابلے میں شہید کردیا تھا۔

سعودی سفیر کا یتیم بچوں کی مدد کا اعلان

ویب ڈیسک : سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے یتیم بچوں کی ہمیشہ مدد کرتے رہنے کااعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان سویٹ ہوم کا دورہ کیا ہے جہاں پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان سویٹ ہوم کا رضاکار ہوں اور جہاں تک ممکن ہو سکا میں اپنا تعاون پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کے لیے جاری رکھوں گا۔

سعودی سفیر نواب بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ مجھے ان بچوں میں ڈاکٹر، انجینئر، جنرل، وکیل اور جج نظر آرہا ہے اور میں بھی اب پاکستان سویٹ ہوم کی ٹیم کا حصہ ہوں۔

بچوں نے گلدستہ پیش کر کے خوش آمدید کہا اور انہوں نے بچیوں اور بچوں کے سر پر ہاتھ رکھا اور بات چیت کی۔

یاد رہے کہ سعودی سفیر کے سوئٹ ہوم کا دورہ کرنے پر پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا ہے۔

زمردخان سرپرست اعلی پاکستان سویٹ ہوم نے سعودی سفیر اور تمام آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ کہ پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں نے میٹرک میں بہترین نمبر حاصل کیے ہیں۔

 پاکستان سویٹ ہوم نے ان یتیم بچوں کے لئے دنیا کا پہلا کیڈٹ کالج بنایا ہے۔

جمیل ہاشمی ریٹائرڈ ایس ایس پی موٹر وے پولیس نے بھی تقریب سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں زمرد خان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے ان تمام بچوں کے سر پر ہاتھ رکھا اور آج یہ اپنے منزل کی جانب  رواں دواں ہیں اورآج کے بعد میں پاکستان سویٹ ہوم کا حصہ ہوں۔

عالمی شہرت یافتہ جاپانی اداکارہ یوکو ٹیکوچی نے خودکشی کرلی

ٹوکیو: مس شرلاک سے عالمی شہرت حاصل کرنے والی جاپان کی معروف اداکارہ یوکو ٹیکوچی اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئی ہیں۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی ہے۔ اداکارہ کے شوہر رات گئے گھر پہنچے تو یوکو ٹیکوچی کو مردہ حالت میں پایا۔ اداکارہ کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کردی گئی۔

40 سالہ اداکارہ یوکو ٹیکوچی کے شوہر کا تعلق بھی شوبز انڈسٹری سے ہے اور وہ دو بچوں کی ماں ہیں۔ پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اداکارہ نے خودکشی کی ہے تاہم حتمی طور پر فرانزک لیب اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی کہا جاسکتا ہے۔

یوکو ٹیکوچی جاپان کی مقبول ترین اور ایوارڈ یافتہ اداکارہ تھیں جنہوں نے ایک ہارر فلم میں اپنی عمدہ اداکاری سے شہرت کی بلندی کو چھوا تھا اور ہالی ووڈ نے بھی اس فلم کا ری میک بنایا تھا۔ یوکو ٹیکوچی نے 2004 سے 2007 مسلسل تین بار بہترین اداکارہ کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

یہ بات ابھی تصدیق طلب ہے کہ اداکارہ یوکو ٹیکوچی کی موت خودکشی سے ہوئی تاہم رواں برس جاپان میں دو بظاہر کامیاب اداکاروں اور ایک ریسلر نے اپنے ہاتھوں سے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کیا۔

جاپان حکومت نے خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپریشن میں مبتلا افراد کی مدد کا اعلان کیا ہے۔

شہبازشریف کووزیراعظم کے حکم پرگرفتار کیاگیا : مریم اورنگزیب

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو گرفتار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر کی گرفتاری کے پیچھے نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے ۔ نیب نے عمران خان کے حکم پر شہباز شریف کو گرفتار کیا، ان کا کہنا تھا کہ آج سے اے پی سی پروگرام کی شروعات ہو گئی ہے،  اے پی سی کے لائحہ عمل پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہر مخالف آواز کو بند کیا جا رہا ہے، شہباز شریف کی گرفتاری اے پی سی کو مفلوج کرنے کے لیے ہے۔ یہ  نااہل ، چور اور کرپٹ ہیں۔ہمارے رہنماؤں کو گرفتار کرنے کے بعد بھی اپنے آپ کو نہیں بچاسکتے،  آج 22 کروڑ پاکستانیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی کا فیصلہ کر لیا ہے، لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ایک ایک چیز کا مقابلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ آج  پاکستان مسلم لیگ( ن) کے صدر شہباز شریف کو نیب نے گرفتار کرلیا ہے ، لاہور ہائیکورٹ نے  منی لانڈرنگ اورآمدن سے  زائد اثاثہ جات کیس  میں ان کی عبوری ضمانت مسترد کردی گئی تھی۔

کے پی حکومت کا دلیپ اور راج کمار کے گھروں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک : خیبر پختونخوا (کے پی) حکومت نے دارالحکومت پشاور میں موجود بولی وڈ کے لیجنڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کمار کے آباؤ اجداد کے گھروں کو سرکاری تحویل میں لے کر میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

محکمہ آثار قدیمہ و میوزیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالصمد نے ڈان نیوز کو بتایا کہ دونوں بولی وڈ لیجنڈز کے آبائی گھروں کو خریدنے کے لیے سرکاری سطح پر کارروائی شروع کردی گئی۔

ڈاکٹرعبدالصمد کے مطابق دونوں اداکاروں کے گھروں کے حالیہ مالکان وہاں کمرشل پلازہ بنانے کے خواہاں ہیں اور انہوں نے اسی سلسلے میں دونوں تاریخی عمارتوں کی توڑ پھوڑ بھی شروع کردی تھی۔

محکمہ آثار قدیمہ و میوزیم کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور کو ایک مراسلہ جاری کردیا گیا ہے، جس میں مذکورہ دونوں گھروں کی خرید و فروخت کے حوالے سے دفعہ 144 نافذ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ آثار قدیمہ نے بتایا کہ دلیپ کمار اور راج کمار کے آبائی گھروں کے حالیہ مالکان کی جانب سے توڑ پھوڑ شروع کیے جانے کے بعد کارروائی کرکے 10 افراد کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے اور دونوں گھروں کو خریدنے کے لیے ضروری کارروائی کا آغاز بھی کردیا گیا۔

ان کے مطابق دلیپ اور راج کمار کے گھروں کو حکومت خرید کر وہاں تزئین و آرائش کے بعد دونوں جگہوں کو میوزیم میں تبدیل کرکے سیاحت کو فروغ دے گی۔

بلاول بھٹو نے فوری طور پر شہباز شریف کو رہا کرنے کا مطالبہ کردیا

اپوزیشن سے وابستہ سیاست دانوں کو نوٹس بھیجنا اورگرفتار کرنا عمران خان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے،حکومت نے جو کرنا ہے کرلے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سفرنہیں رکے گا ،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے فوری طور پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی رہائی کا مطالبہ کردیا۔ بلاول بھٹو نے شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت فی الفور اپوزیشن لیڈرشہباز شریف کو رہا کرے۔ حکومت پر تنقید کرتے ہوئےبلاول بھٹوکا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن سے وابستہ سیاست دانوں کو نوٹس بھیجنا اورگرفتار کرنا عمران خان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے عمران خان نیب کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کرنا بند کریں ۔سنگین الزامات میں مفرورڈکٹیٹرکو نہ کوئی نوٹس بھیجا جاتا اورنہ گرفتارکیا جاتی ہے عمران خان کی ہمشیرہ اور معاونین خصوصی پرسنگین الزامات ہیں مگرانہیں نیب طلب نہیں کرتا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہاکہ نیب کی جانب سے اپوزیشن کے سیاست دانوں کو نشانہ بنانے سے عوامی مزاحمت کا راستہ نہیں رک سکتا،حکومت نے جو کرنا ہے کرلے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سفرنہیں رکے گا ۔

نیب نے آج منی لانڈرنگ کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو گرفتار کر لیا ہے۔اسی حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو نیب نیازی گٹھ جوڑ نے گرفتار کیا۔جن لوگوں نے پاکستان کی خدمت کی انہیں نشان عبرت بنایا جا رہا ہے۔گذشتہ دو سال سے نیب نیازی گٹھ جوڑ اپوزیشن کی آواز کو دبانا چاہتا ہے۔ عمران خان کے حکم پر آج نیب نے شہباز شریف کو گرفتار کیا۔پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ پر کوئی سوال نہیں اٹھاتا،ہر مخالف کی آواز کو بند کیا جا رہا ہے۔مسلم لیگ ن کی قیادت دلیر اور بہادر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عدالت کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں۔عمران خان کی ہمشیرہ اور معاونین خصوصی پر سنگین الزامات ہیں، انہیں نہیں بلایا جاتا۔ اربوں کھربوں کھانے والوں کو کوئی نہیں پوچھتا،پی ٹی آئی حکومت نے گلگت بلتستان کے الیکشن میں دھاندلی کا فیصلہ کر لیا ہے۔شہباز شریف کی گرفتاری اے پی سی کا ری ایکشن ہے۔

ملک میں احتساب و انصاف ہوتا تو عاصم باجوہ گرفتار ہوتے: مریم نواز

ویب ڈیسک  : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے اپنے بھائی نواز شریف کے خلاف کھڑے ہونے کے بجائے جیل جانے کو ترجیح دی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ شہباز شریف نے اپنے بھائی کے خلاف استعمال ہونے سے انکار کر دیا تھا اس لیے انہیں گرفتار کیا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف نے بھائی کے خلاف کھڑے ہونے کے بجائے جیل جانے کو ترجیح دی، شہباز شریف آپ کو سلام۔

نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ اگر ملک میں احتساب اور انصاف ہوتا تو شہباز شریف نہیں عاصم سلیم باجوہ گرفتار ہوتے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہر مخالف آواز کو بند کیا جا رہا ہے، نیب نے عمران خان کے حکم پر شہباز شریف کو گرفتار کیا، شہباز شریف کی گرفتاری اے پی سی کو مفلوج کرنے کے لیے ہے۔

مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی حکومت نے گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی کا فیصلہ کر لیا ہے، لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ایک ایک چیز کا مقابلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی پروگرام کی شروعات آج سے ہو گئی ہے، آج سے اے پی سی کے لائحہ عمل پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجا ظفرالحق نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی گرفتاری انتہائی افسوسناک ہے۔

راجا ظفرالحق کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کے ساتھ یہ سلوک ملک کو ایک نئی آزمائش میں گرفتار کر سکتا ہے۔