آرمی چیف کی تاجروں سے ملاقات

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی کراچی میں تاجروں سے ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے تاجروں کی جانب سے آرمی چیف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بجلی، گیس ،پانی کے اداروں کے سربرا ہوں کو کراچی کے مسائل حل کرنے کا پابند بنا یا جائے۔

تاجروں کا ملاقات کے دوران کہنا تھا کہ کراچی 2600 ارب سالانہ ٹیکس دیتا ہے لیکن شہر کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دیتا ہے لہذا اس شہر کے معاشی مسائل جلد از جلد حل کئے جائیں۔

تاجروں نے اپنا مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا اور اہم ترین شہر کراچی دنیا میں سب سے زیادہ بدانتظامی کا شکار ہے اور اس شہر کی تباہی میں تمام اسٹیک ہولڈرز برابر کے شریک ہیں اور کسی ایک کو الزام نہیں دیا جا سکتا ہے ۔

 آرمی چیف سے ملاقات کے دوران تاجروں کا کہنا تھا کہ اس وقت کراچی سالانہ 2600ارب روپے قومی خزانے میں بطور ٹیکس جمع کرواتا ہے اور اگر اس کو ماڈل شہر بنا یا جائے تو یہ شہر قومی خزانے میں 4000ارب روپے سے زیادہ جمع کراسکتا ہے۔

ملاقات کے دوران آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کو حل کر کے تین سال کے عرصے میں مکمل تبدیل کردیا جائے گا۔

آرمی چیف کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ سڑکیں، گیس، پانی، بجلی کے مسائل حل ہوجائیگے۔

انہوں نے ملاقات میں بتایا ہے کہ مرکزی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں بزنس کمیونٹی کو بھی نمائندی دی جائے گی جس کے بعد کراچی کے مسائل کو تیزی سے حل کیا جائے گا۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ کراچی میں بارشوں سے جہاں معاشی، تجارتی، صنعتی اور سماجی سرگرمیاں رک گئی ہیں وہیں بندرگاہوں پر بھی کام بری طرح متاثر ہوا ہے جبکہ ملازمین اور مزدور کام پر نہیں آ پا رہے ہیں۔

دوران ملاقات تاجروں نے بتایا ہے کہ  شہر کی تباہ کن حالت کے باعث ہر قسم کی درآمدات اور برآمدات متاثر ہو رہی ہیں اور اگر صورتحال یہی رہی تو جلد ہی ملک بھر میں ضروری اشیاء کی قلت ہو جائے گی۔

تاجروں نے واضح طور پر کہا ہے کہ جب تک کراچی کے انفراسٹرکچر کو بارش اور دیگر مسائل سے نمٹنے کے قابل نہیں بنایا جاتا ملکی ترقی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔

تاجروں کی جانب سے امید ظاہر کی گئی ہے کہ آرمی چیف سے ملاقات کے مثبت اثرات جلد ظاہر ہونگے۔

پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچزکے شیڈول کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )2020 کے بقیہ میچزکے شیڈول کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے سبب 17 مارچ کو ملتوی  کیے گئے بقیہ چاروں میچز 14، 15اور 17نومبرکو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

14 نومبر کو ایونٹ کا کوالیفائر اور ایلمنٹر ون، ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔ اس کے اگلے روز ایلمنٹر ٹو جبکہ فائنل17 نومبر بروز منگل کو ہوگا۔

ایونٹ کے بقیہ میچوں کی تاریخوں کو چاروں ٹیمزملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اورپشاور زلمی کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے جبکہ میچزکے آغاز کا وقت بعد میں جاری کیا جائے گا۔

ایونٹ کے بقیہ چاروں میچز کورونا پروٹوکولز کے تحت کھیلے جائیں جہاں تمام کھلاڑی، میچ آفیشلز اور متعلقہ اسٹاف بائیو سیکیور ماحول میں رہے گا۔

فی الحال  چاروں میچز بند دروازوں میں کھیلے جانے کا پلان ہے تاہم اس حوالے سے  حتمی فیصلہ اکتوبر میں ہو گا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 2020 ، ایشیاءکپ 2008 کے بعد پاکستان میں منعقدہ  دوسرا بڑا ٹورنامنٹ ہے۔

ایونٹ کی کُل انعامی رقم 10 لاکھ امریکی ڈالر مقرر ہے ۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی کے علاوہ پانچ لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔ رنرزاپ کے لیے 2 لاکھ امریکی ڈالر کی رقم مقرر ہے۔

شیڈول:

14 نومبر بروز ہفتہ: کوالیفائر(ملتان سلطانز بمقابلہ کراچی کنگز)، قذافی اسٹیڈیم لاہور

14 نومبر بروز ہفتہ:ایلمنٹر ون (لاہور قلندرز بمقابلہ پشاور زلمی) ، قذافی اسٹیڈیم لاہور

15 نومبر بروز اتوار:  ایلمنٹر ٹو (کوالیفائر ہارنے والی ٹیم بمقابلہ ایلمنٹر ون جیتنے والی ٹیم) ، قذافی اسٹیڈیم لاہور

17 نومبر بروز منگل: فائنل، قذافی اسٹیڈیم لاہور

جنید جمشید کی تیسری اہلیہ کی درخواست پر جائیداد کی منتقلی اور فروخت پر پابندی

سندھ ہائی کورٹ نے نامور نعت خواں جنید جمشید کی تیسری اہلیہ کی درخواست پر جنید جمشید کی جائیداد کی منتقلی اور فروخت پر پابندی سے متعلق  حکم امتناع میں توسیع کردی۔

سندھ ہائی کورٹ میں جنید جمشید کی تیسری اہلیہ رضیہ مظفرکی جانب سے جائیداد میں حصہ نہ ملنے کے خلاف دائر دعوے کی سماعت ہوئی۔

اس موقع پر جنید جمشید کے بیٹوں اور اہلیہ زارا جنید کی جانب سے شارق رزاق ایڈووکیٹ نے وکالت نامہ جمع کرادیا،جنید جمشیدکی کمپنی جزاء فوڈز کی جانب سے شفیق الرحمٰن عدالت میں پیش ہوئے اور وکیل کرنے کے لیے مہلت طلب کرلی۔

 عدالت نے جنید جمشید کی جائیداد کی منتقلی اور فروخت پر پابندی سے متعلق جاری حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے نجی بینکوں اور بحریہ ٹاؤن کو از سر نو نوٹس کرنے کا حکم دیتے ہوئےدرخواست کی مزید سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کردی۔

 خیال رہےکہ جنید جمشید کی اہلیہ اسلام آباد کی رہائشی رضیہ مظفر کی جانب سے دائر  درخواست میں مؤقف اختیارکیاگیا ہے کہ جنید جمشید سے 20 اکتوبر 2009 میں شادی ہوئی تھی، جنید جمشید کی پہلی بیوی کے بچے جائیداد میں سے حصہ نہیں دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ دسمبر 2016 میں جنید جمشید قومی ائیرلائنز  (پی آئی اے) کے چترال سے اسلام آباد جانے والے طیارے میں سوار تھے تاہم بدقسمت طیارہ حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا جس میں جنید جمشید اور ان کی دوسری اہلیہ نیہا سمیت طیارے میں سوار تمام 48 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے۔

وزیراعظم کی خواتین قیدیوں کی رہائی کیلئے سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے خواتین قیدیوں کی رہائی کے لیے سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کردی۔

اپنے بیان میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری عملدرآمد کا فیصلہ وزارت انسانی حقوق، اٹارنی جنرل اور بیرسٹرعلی ظفر سے مشاورت کے بعد کیا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کےفیصلے پر پورا اترنے والی زیر سماعت مقدمات میں نامزد اور سزایافتہ خواتین قیدیوں کی رہائی ہوگی جب کہ غیر ملکی خواتین قیدیوں سے متعلق بھی فوری رپورٹ طلب کی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سزائے موت پانےوالی خواتین کے معاملےکا بھی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جائزے کے لیے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے مقدمہ نمبر 299/2020 میں خواتین قیدیوں سے متعلق فیصلہ دیا تھا۔

گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے ملک کی جیلوں میں خواتین قیدیوں کی حالت زار کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی بنائی تھی۔

نئی 5 سالہ تجارتی پالیسی کا مسودہ تیار، ’میڈ ان پاکستان‘ ترجیحات میں شامل

وزارت تجارت نے 2 سال کی تاخیر کے بعد بالآخر 5 سالہ تجارتی پالیسی کا مسودہ تیار کر لیا۔

وزارت تجارت کے حکام کے مطابق 5 سالہ تجارتی پالیسی 25-2020کا حتمی ڈرافت تیار کر لیا ہے جس میں برآمدات کے فروغ اور ‘میڈ ان پاکستان’ پالیسی ترجیحات ہیں۔

حکام کے مطابق نئی پالیسی میں برآمداتی اہداف ملکی اور عالمی سپلائی چَین کو مد نظر رکھ کر تجویز کیےگئے ہیں۔

آئندہ تجارتی پالیسی میں صعنتوں کی پیداواری لاگت کم کرنے، خام مال کی درآمد پر ٹیرف کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے اور صعنتوں کے لیے شارٹ اور لانگ ٹرم فنانسنگ کی تجاویز دی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق آٹو پارٹس، فارماسیوٹیکل، انجینیئرنگ اور کیمیکل صعنت کو ریلیف دینے کی تجویز شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تجارتی پالیسی کے تحت پہلے برآمدات کا ہدف 2025 تک 46 ارب ڈالر تک بڑھانے کا پلان تھا تاہم نئے پلان کے تحت برآمدات 36 ارب ڈالر تک کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ آخری تجارتی پالیسی گزشتہ دور حکومت میں 2015 میں پیش کی گئی تھی، اس کے بعد سے نئی تجارتی پالیسی نہیں لائی جاسکی۔

شہباز شریف کی آصف زرداری سے ملاقات، اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور  پر تبادلہ خیال کیا۔

شہباز شریف کی بلاول ہاؤس آمد پر آصف علی زرداری نے خود ان کا استقبال کیا، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فرحت اللہ بابر، نوید قمر جب کہ ن لیگ کی جانب سے احسن اقبال، مریم اورنگزیب اور محمد زبیر و دیگر رہنماموجود تھے۔

بعد ازاں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔

 یہ وقت مل کر کام کرنے کا ہے : نوید قمر

رہنما پیپلزپارٹی نوید قمر کا کہنا تھا کہ شہبازشریف مشکل وقت میں زخموں پر مرحم رکھنے کے لیے کراچی آئے ہیں، صرف سندھ نہیں دیگر صوبوں میں بھی سیلاب کا خطرہ ہے، یہ وقت مل کر کام کرنے کا ہے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا نہیں۔

نوید قمر کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن کو مل کر ایک مشترکہ لائحہ عمل بنانا چاہیے تھا، اب وقت آگیا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ دی جائے۔

فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ وفاقی پارلیمانی نظام کو چھیڑنے کی کوشش کی گئی تو  نتیجہ بھیانک ہوگا، بنیادی جمہوی اصولوں اور پارلیمان کی بالادستی کے لیے مل کر کام کریں گے۔

 حکومت کی نااہلی اور ناکامی ملک کیلئے عذاب بن چکی ہے: احسن اقبال

ن لیگ کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم سندھ میں بارش سے متاثرین سے اظہاریکجہتی کے لیے آئے ہیں، سندھ کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پورا ملک ان کے دکھ میں شریک ہے، متاثرین کی بحالی کے لیے قومی سطح پر بھرپور آواز اٹھائیں گے، متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے لیے وفاق سندھ حکومت کی مدد کرے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اس حکومت کی نااہلی اور ناکامی ملک کے لیے عذاب بن چکی ہے، حکومت کی نا اہلی کے باعث ملک کی معیشت خطرے میں ہے، کشمیر کے عوام پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں اور حکومت کو سمجھ نہیں آرہی کہ کیا کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں نے میثاق جمہوریت کے اصولوں کی تجدید کی ہے، میثاق جمہوریت کے اصولوں کے تحت جدوجہد میں ہمارے اختلافات رکاوٹ نہیں بنیں گے، اس حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے تمام آپشنز کو بروئے کار لانا ہے، رہبر کمیٹی میں مشاورت کے بعد آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔

ایف اے ٹی ایف قوانین ہر صورت پارلیمنٹ سے پاس کروائیں گے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) قوانین ہر صورت پارلیمنٹ سے پاس  کروائیں گے، اس کی مخالفت قومی اہداف کی مخالفت ہے۔ 

وزیراعظم عمران خان نے پیر سے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔

عمران خان نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے ہرممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، مکمل توجہ معاشی اور سماجی حالات کی بہتری پرمرکوزکررکھی ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان سے ہونے والی ملاقات میں کیا۔

وزیراعظم اور  بابراعوان کی ملاقات میں اہم آئینی قانونی اور ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی اورپارلیمانی معاملات پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔

بابراعوان نے وزیراعظم کو ایف اے ٹی ایف قانون سازی سے متعلق بریفنگ دی اور اس موقع پر وزیراعظم نے پیر سے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف قوانین ہرصورت پاس کروائیں گے، ایف اے ٹی ایف قانون کی مخالفت قومی اہداف کی مخالفت ہے۔

بابر اعوان نے وزیراعظم کو مختلف وزارتوں کے زیر التواء بلز  پر بھی بریفنگ دی جس پر وزیراعظم نے زیرالتواء بلز فوری پارلیمانی امور کی وزارت کو بھیجنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی سلامتی اور عوامی مفاد کی قانون سازی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، مکمل توجہ معاشی اور سماجی حالات کی بہتری پر مرکوز کر رکھی ہے۔

اس موقع پر بابر اعوان نے کہا کہ عوامی ریلیف کے لیے حالیہ حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج مل رہے ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کر کے عوام کو ریلیف دیا گیا۔

فیس بک نے پاکستان میں غلط و گمراہ کن مواد روکنے کی نئی سہولت متعارف کرادی

اسلام آباد: فیس بک نے پاکستان میں غلط معلومات کے پھیلاؤ کی روک تھام اور اس کا پلیٹ فارم استعمال کرنے والے صارفین کو اضافی پس منظر کے ہمراہ ایک سال سے زائد پرانی تصاویر شیئر کرنے والی ممکنہ نقصان دہ اور گمراہ کن معلومات پر مبنی پوسٹس کو محدود کرنے کے لئے نئی سہولت متعارف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دنیا بھر میں انٹرنیٹ تک رسائی بڑھنے کے ساتھ ساتھ تصاویر اور ویڈیوزکی شکل میں غلط معلومات پھیلنے کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے اور اس کے حل کے لیے فیس بک پر کافی دباؤ بھی ہے۔

ایسی تصاویر جن کا غیرمتعلقہ پس منظر ہے، وہاں فیس بک کی نئی سہولت غلط معلومات کو روکنے کے لیے تین جہتی طریقے ہٹانے، محدود کرنے، آگہی پر کاربند ہے۔

فیس بک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ “ہم لوگوں کو گمراہ کن مواد کی پہچان کے لیے بااختیار بنا رہے ہیں۔”

اس نئی سہولت کے تحت پاکستان میں صارفین کو اس وقت ایک پیغام ظاہر ہوگا،جب وہ مخصوص اقسام کی تصاویر بشمول ایک سال پرانے فوٹوز شیئر کرنے کی کوشش کریں گے اور جو فیس بک کی پرتشدد مواد سے متعلق گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی سے قریب ہوں گی۔

صارفین کو وقتاً فوقتاً انتباہی پیغام بھی ملیں گے کہ جو تصویر وہ شیئر کرنے والے ہیں وہ نقصان دہ یا گمراہ کن مواد پر مبنی ہے جس کی نشاندہی مصنوعی ذہانت اور انسانی جائزوں کے امتزاج سے کی جائے گی۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ، بابر اعظم بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ٹی ٹوئنٹی  کی نئی پلئیرز رینکنگ جاری کر دی۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم 869 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ محمد حفیظ اور شاہین آفریدی کی ترقی ہوئی ہے۔

پاکستان میں بارشوں سے تباہ کاریاں، یو اے ای نے امداد ی سامان فراہم کردیا

پاکستان میں حالیہ بارشوں سے ہونے والی تباہ کاریوں پر  یواے ای حکومت نے امداد ی سامان فراہم کردیا۔

تفصیلات  کے مطابق  خلیفہ بن زید النہیان فاؤنڈیشن کی جانب سےپاکستان کو بارشوں کےباعث صورتحال سے نمٹنےکے لیے ضروری امدادی  سامان فراہم کیا گیا ہے۔

خلیفہ فاؤنڈیشن کی امدادی ٹیم نے سندھ کے جنوبی علاقوں میں تقریباً 75،000 افراد میں ادویات ، خیمے ، کمبل اور دیگرسامان تقسیم کیا ہے۔

یہ امداد دنیا کے متعدد ممالک میں فاؤنڈیشن کے امدادی اور ترقیاتی اقدامات کاتسلسل ہے۔

واضح رہے کہ صوبہ سندھ  سمیت تقریباً پورے پاکستان میں مون سون کی معمول سے زیادہ حالیہ بارشوں نے تباہی مچادی ہے جس سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔

حلقہ بندیوں کی فہرستیں 25 اکتوبر کو شائع ہوں گی، الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں کی فہرستیں 25 اکتوبر کو شائع ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق   الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ  کی زیر صدارت چاروں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس میں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے انتظامات پر کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ  پنجاب اور کے پی کے میں حلقہ بندیوں کا کم جاری ہے ، حلقہ بندیوں کی فہرستیں 25 اکتوبر کو شائع  ہوں گی۔

بریفنگ  میں مزید بتایا گیا کہ صوبائی الیکشن کمشنرز سے ڈی آر او ، آر او اور اے آر او کی تعیناتی کے لیے تجاویز مانگ لی  گئی ہیں۔

پنجاب اور کے پی کے میں الیکشن میٹریل کے لیے ضروری اقدامات  بھی شروع کردیے گئے ہیں۔الیکشن میٹریل کی خریداری و حصول کے لیے متعلقہ اداروں سے ابتدائی میٹنگ ہوئی  ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں انتخابات کے انعقاد کےلیے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیاہے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت نے بار ہا یاد دیانی کے باوجود پنجاب لوکل گورنمنٹ الیکشن رولز شائع نہیں  کیے  جس کی وجہ سے انتخابات کے انعقاد میں دشواری آ رہی ہے۔

بلوچستان میں انتخابات میں حائل رکاوٹوں کو بروقت دور کرنے کےلیے ضروری قانون سازی کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن  نے الیکشن کے انعقاد کے لیے کیے جانے والے اب تک کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

امریکی شہری سنتھیا رچی کو 15 روز میں پاکستان چھوڑنے کا حکم

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے سنتھیا رچی کی ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد کردی۔

 امریکی شہری سنتھیا رچی کے ویزے کی مدت 31 اگست کو ختم ہوچکی ہے اور انہوں نے ویزے کی توسیع کے لیے درخواست دی تھی تاہم وزارت داخلہ نے ان کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔

وزارت داخلہ کےمطابق سنتھیا رچی کو 15 دن کے اندر پاکستان چھوڑنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

واضح رہےکہ امریکی شہری سنتھیا رچی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سابق وزیر داخلہ رحمان ملک اور مخدوم شہاب الدین پر سنگین نوعیت کے الزامات لگائے تھے جسے وہ پولیس اور عدالت کے سامنے ثابت کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

پی پی رہنما رحمان ملک نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اس سلسلے میں ایک درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو سنتھیا رچی کے ویزہ میں توسیع کے معاملے پر فیصلہ کرنے کا کہا تھا۔

سابق وزیرداخلہ رحمان ملک نے سنتھیا رچی پر ہتک عزت کا دعویٰ بھی دائر کیا تھا۔

شوگر کمیشن رپورٹ کالعدم قرار دینے کا سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے شوگر کمیشن رپورٹ کالعدم قرار دینے کا سندھ ہائیکورٹ کافیصلہ معطل کردیا اور کہا شوگر اسکینڈل  پر  متعلقہ ادارے تحقیقاتی عمل جاری رکھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس سپریم کورٹ گلزار احمد کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے شوگر کمیشن رپورٹ کالعدم دینے کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کمیشن میں مختلف شعبوں کےماہرین شامل ہونے چاہئیں تھے، جس پر ا ٹارنی جنرل نے بتایا کہ رپورٹ میں سزا تجویزنہیں کرنا تھی، مزید تحقیقات محکموں نے خود کرنا تھی، سندھ ہائیکورٹ نے تکنیکی بنیادپر کمیشن کو کالعدم قرار دیا۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایک اعتراض یہ تھا کہ کمیشن کا نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوا تھا تو ا ٹارنی جنرل نے کہا سندھ ہائی کورٹ نے قرار دیا کمیشن کا نوٹیفکیشن گزٹ میں شائع نہیں ہوا ، گزٹ نوٹیفکیشن میں تاخیر سے کمیشن کا کام متاثر کیسے ہوسکتا ہے؟

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ کمیشن نے انکوائری میں صرف حقائق کا تعین کیا تھا ، ہائی کورٹ حقائق کو کالعدم کیسے قرار دے سکتی ہے؟ کابینہ کی منظوری سے کمیشن میں آئی ایس آئی نمائندہ شامل کیا گیا، کابینہ نے صرف انکوائری کیلئے معاملہ متعلقہ اداروں کوبھجوایا۔

اٹارنی جنرل نے مزید بتایا کہ متعلقہ اداروں کو معاملہ بھجوانے میں کیا مسئلہ ہو سکتا؟ سندھ ہائیکورٹ میں وہ ملزگئیں جن کاآڈٹ بھی نہیں ہوا تھا، شوگر مل مالکان کو کمیشن کے قیام کا علم تھا۔

سپریم کورٹ نے شوگر کمیشن رپورٹ کالعدم قرار دینے کا سندھ ہائیکورٹ کافیصلہ معطل کرتے ہوئے کہا شوگراسکینڈل پر متعلقہ ادارے تحقیقاتی عمل جاری رکھیں گے، اس دوران سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد معطل رہے گا۔

سپریم کورٹ نے 20شوگر ملز کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کہا کہ کیس کی سماعت ایک ماہ بعد ہوگی۔

یاد رہے 17 اگست کو سندھ ہائی کورٹ نے شوگر انکوائری کمیشن اور رپورٹ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے نئی آزادانہ تحقیقات کا حکم دیا تھا، ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ نیب اور ایف بی آرگزشتہ کمیشن رپورٹ سے ہٹ کر غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے اور کمیشن میں شوگر انڈسٹری سے متعلق معلومات رکھنے والوں کو بھی شامل کیا جائے۔

عدالت نے حکم نامے میں کہا تھا کہ ایف بی آر ٹیکس قوانین کے مطابق تحقیقات کرے جب کہ ایف آئی اے بھی اس حوالے سے از سر نو تحقیقات کرے۔

بعد ازاں وفاقی حکومت نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، اپیل میں کہا گیا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ نے شوگرکمیشن کی رپورٹ تکنیکی نکات پرکالعدم قراردی، سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے سے شوگرمافیا کو فائدہ پہنچا اور عوام شدید متاثر ہوئے ہیں۔

حکومت نے جانب سے اپیل میں کہا تھا کہ شوگرمافیا انتہائی مہنگے داموں چینی فروخت کرکےدونوں ہاتھوں سےلوٹ رہی ہے، سندھ ہائیکورٹ کافیصلہ کالعدم قراردے کر شوگرکمیشن رپورٹ بحال کی جائے تاکہ شوگرکمیشن رپورٹ کی روشنی میں تحقیقات ہوسکیں۔