اسلام آباد / کراچی: موسم سرما میں ملک کے مختلف شہروں میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کا سلسلہ دراز ہوگیا جب کہ کراچی میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا۔پنجاب، کے پی کے،بلوچستان اور سندھ کے مختلف شہروں میں سردی بڑھنے سے گیس غائب ہوگئی جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کے باعث کھانا پکانے میں پریشانی ہورہی ہے اور صارفین بلوں کی ادائیگی کے باوجود لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔کراچی میں بھی گیس کا بحران شدید ہوگیا ہے، گھریلوصارفین اور کمرشل سیکٹر کو گیس کی قلت کے باعث دشواری کا سامنا ہے، گھریلو صارفین کی طلب پوری کرنے کے لیے سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز گزشتہ پانچ دن سے بند ہیں۔سوئی گیس کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ پیر کی صبح آٹھ بجے تمام سی این جی اسٹیشن کھول دیے جائیں گےتاہم پیر کو بھی کو اسٹیشنزبند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آج صبح آٹھ بجے سے اگلے چوبیس گھنٹے تک گیس کی ترسیل معطل رہے گی۔سی این جی کی بندش سے پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی کے باعث شہریوں کو اپنی منزل پر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور وہ پرائیویٹ ٹرانسپورٹ پر بھاری کرایے ادا کرنے پر مجبور ہیں، شہریوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں من مانہ اضافہ کردیا ہے
Monthly Archives: December 2019
کانوں میں رس گھولتی نور جہاں کی 19ویں برسی
تمغۂ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس کی حامل فلم انڈسٹری کی معروف گلوکارہ ملکہ ترنم نور جہاں کی 19ویں برسی آج ملک بھر میں منائی جا رہی ہے۔ملکہ ترنم نور جہاں 21 ستمبر 1926 کو قصور میں پیدا ہوئیں، ان کا اصل نام اللہ وسائی جبکہ نور جہاں ان کا فلمی نام تھا۔نور نے اپنے فنی کریئر کا آغاز 1935 میں ‘پنڈ دی کڑی’ سے کیا جبکہ قیام پاکستان کے بعد وہ اپنے شوہر شوکت حسین رضوی کے ہمراہ ممبئی سے کراچی شفٹ ہوگئیں۔1957 میں انہیں شاندار پرفارمنس کے باعث صدارتی ایوارڈ تمغۂ امتیاز اور بعد میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا۔1965 کی جنگ میں انہوں نے میرے ڈھول سپاہیا، اے وطن کے سجیلے جوانوں، ایہہ پتر ہٹاں تے نئی وکدے، او ماہی چھیل چھبیلا، یہ ہواؤں کے مسافر، رنگ لائے گا شہیدوں کا لہو، میرا سوہنا شہر قصورنیں سمیت بے شمار ملی نغمے گا کر قوم اور فوج کے جوش و ولولہ میں اضافہ کیا۔نور جہاں نے مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد غزلیں و گیت گائے جن میں ان کا سب سے پہلا گانا مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ بے پناہ ہٹ ہوا جس نے ملکۂ ترنم کو کامیابیوں کے نئے سفر پر گامزن کر دیا۔یہ بھی پڑھیں: لازوال خوبصورتی کی علامت ’نورجہاں‘ کو میک اپ آرٹسٹ کا خراج تحسینملکۂ ترنم نے کئی فلموں میں کامیاب اداکاری و گلوکاری کے جوہر دکھائے جن میں ایماندار، پیام حق، سجنی، یملا جٹ، چوہدری، ریڈ سگنل، سسرال، چاندنی، دھیرج، فریاد، خاندان، نادان، دہائی، نوکر، لال حویلی، دوست، زینت، گاؤں کی گوری، بڑی ماں، بھائی جان، انمول گھڑی، دل، ہمجولی، صوفیہ، جادوگر، مرزا صاحباں، انار کلی، لخت جگر، پاٹے خان، چھومنتر، نیند، کوئل وغیرہ شامل ہیں۔یاد رہے کہ ملکۂ ترنم نور جہاں 23 دسمبر 2000 کو 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔اگرچہ آج وہ ہم میں نہیں لیکن ان کی غزلیں اور گیت آج بھی عوام کے دلوں میں رس گھول رہے ہیں۔نور جہاں کے مداحوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہیں یاد کرتے ہوئے ٹوئٹس بھی کی
پاکستان نے 13 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز جیت لی
پاکستان نے نسیم شاہ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 263رنز سے شکست دیتے ہوئے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-1 سے اپنے نام کرلی۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے دوسری اننگز 555رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرکے سری لنکا کو جیت کے لیے 476 رنز کا ہدف دیا تھا۔پاکستان کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم صرف 212 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔میچ کے پانچویں اور آخری روز سری لنکن ٹیم نے 212 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو امبلدینیا اور اوشادا فرنینڈو کریز پر موجود تھے۔تاہم پانچویں روز کھیل کے آغاز میں پہلے اوور میں نسیم شاہ کی پہلی گیند پر امبلدینیا اپنے اسکور میں بغیر کسی اضافے کے ہی آؤٹ ہوگئے۔جس کے بعد اگلے اوور میں دوسری اننگز میں سب سے زیادہ اسکور بنانے والے سری لنکن بلے باز اوشادا فرنینڈو 102 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ٹیسٹ میچ کے پانچوٰیں روز کے تیسرے اوور میں سری لنکا کے آخری کھلاڑی وشوا فرنینڈو کوئی رنز بنائے بغیر 212 کے مجموعی اسکور پر نسیم شاہ کی گینڈ پر آؤٹ ہوئے۔وسری اننگز میں نسیم شاہ نے 5 وکٹیں حاصل کیں اور ایک میچ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین فاسٹ باؤلر بن گئے
پنجاب میں دھند بر قرار ،حادثات 1جاں بحق ،8زخمی ،پروازیں متاثر،موٹر وے بند
لاہور (جنرل رپورٹر) لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں دھند کا راج برقرار، قومی شاہراہ پر حد نگاہ 50 میٹر، موٹروے ایم تھری، فور کو بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز ی ہدایت کر دی، ملتان میں شدید دھند کے سبب پروازوں کا رخ بھی اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔ سندھ کے بھی کئی شہر دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ مختلف ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے۔لاہور اور گردونواح میں دھند کی دبیز چادر پھیل گئی، ٹھوکر، چوہنگ، موہلنوال کے علاوہ مانگامنڈی میں شدید کہر کے سبب ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔پتوکی میں ٹرالر نے موٹرسائیکل سوارکو کچل دیا، وہاڑی میں 5 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس سے 8 افراد زخمی ہو گئے۔ گگومنڈی، قصور، پاکپتن، چنیوٹ، پھولنگر اور پیر محل بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ شجاع آباد، حبیب آباد ،رینالہ خورد، حافظ آباد، منڈی بہاو¿الدین کے علاوہ ڈی جی خان، چیچہ وطنی، کسووال، اقبال نگر، میاں چنوں میں دھند سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ قومی شاہراہ پرحد نگاہ 50 میٹررہ گئی، موٹروے کے بعض مقامات پر حدنگاہ صفر ہونے کے سبب ایم تھری اور فور کو بند کر دیا گیا، موٹروے پولیس نے شہریوں کو دوران سفر فوگ لائٹس کے استعمال اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ دھند کے باعث ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرفلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے، دبئی سے آنے والی پرواز کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔دوسری جانب بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں محکمہ موسمیہات کے ا?ج صبح ریکارڈ کیے جانے والے درجہ حرارت کے مطابق وادی کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ زیارت میں منفی 5، قلات منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ، ڑوب، خضدار 1، دالبندین اور نوکنڈی 3، گوادر، جیونی 16، پنجگور 2، سبی 8 اور تربت میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سردی رہے گی۔
احساس پروگرام ،حکومت کا غریبوں کو مفت راشن دینے کا فیصلہ ہر ماہ 20 کلو آٹا 3کلو گھی ،5کلو چینی ملے گی
اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے احساس پروگرام کے تحت غربا کو راشن کی خریداری کے لیے سربراہ احساس پر وگرام کو رقم دینے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلا ت کے مطابق بہتر معاشی صورت حال کے فوائد غربا تک پہنچانے کے لیے وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ غربا کو آٹا، گھی اور چینی کی خریداری کے لیے رقم ملے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے معیشت میں بہتری کے نتائج مستحق افراد تک پہنچانے کی ہدایت کردی جس کے تحت مستحق افراد کی سہولت کے لئے راشن کی خریداری کے لئے رقم دی جائے گی۔یہ رقمآٹے کا 20 کلو تھیلا، 3 کلو گھی اور 5 کلو چینی کے لیے ہو گی، وزیراعظم نے رقوم کی ادائیگی کا عمل شفاف رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وفاقی حکومت نے معیشت میں بہتری کے نتائج مستحق افراد تک پہنچانے کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا ہے، غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی سہولت کے لئے منصوبہ بندی مکمل ہو گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مستحق اور نادار افراد کو راشن کی خریداری کے لئے رقم کی ادائیگی کی جائے گی اوروزیراعظم عمران خان نے احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو اس حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق مستحق افراد کو ضروری راشن کی خریداری کے لیے رقم ادا کی جائے گی، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ مستحق افراد تک رقوم کی ادائیگی شفاف طریقے سے کی جائے۔وزیراعظم کی ہدایات پر فوری طور پر عملدرآمد شروع کیا جا رہا ہے، مستحق افراد کو کم از کم آٹے کا 20 کلر تھیلا، 3 کلو گھی اور 5 کلو چینی دستیاب ہو سکے گی۔
مودی سرکار کے ہتھکنڈوں کے خلاف بھارتی عوام نے بغاوت کر دی ،شاہ محمود قریشی
اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مودی سرکار خطرناک کھیل، کھیل رہی ہے جس سے پورے خطے کا امن متاثر ہو رہا ہے،بھارت میں امتیازی قانون ”متنازع شہریت بل 2019ءکےخلاف دس سے زیادہ ریاستوں میں احتجاج ہو رہے ہیں ،صورتحال سے توجہ ہٹانے کیلئے ہندوستان کوئی فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے ، لائن آف کنٹرول پر ان کی طرف سے اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کا ہماری فورسز نے الحمدللہ بھرپور جواب دیاہے،بھارت میں مودی سرکار کے ہتھکنڈوں کے خلاف عوام نے علم_بغاوت بلند کر دیا ہے،کرسمَس کی تعطیلات کے دوران بھارت کوئی ناٹک رچا سکتا ہے۔اتوار کو جاری اپنے پیغام میں مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے دو روز قبل میں نے ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنی رائے اور تشویش کا اظہار کیا تھا،اس سے پہلے 12 دسمبر کو میں نے سلامتی کونسل کے صدر کو ایک نیا خط لکھا تھا جس میں میں نے اپنے تحفظات اور ممکنہ خطرات سے انہیں آگاہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت امتیازی قانون ”متنازع شہریت بل 2019 ” کے خلاف ہندوستان کی دس سے زیادہ ریاستوں میں شدید احتجاج ہو رہے ہیں، ہندوستان کی پوری اپوزیشن سراپا احتجاج ہے۔ تمام اقلیتیں، بالخصوص مسلمان اس بل کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال آپ کے سامنے ہے، مسلسل کرفیو کو آج ایک سو انتالیس (140) دن ہو چکے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اس ساری صورتحال سے توجہ ہٹانے کیلئے ہندوستان کوئی فالس فلیگ آپریشن بھی کر سکتا ہے ، لائن آف کنٹرول پر انکی طرف سے اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے،میں نے دو روز قبل بھی بھارت کو متنبہ کیا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن اگر بھارت نے کوئی ایسی حرکت کی تو اسے مناسب اور بھرپور جواب ملے گا۔انہوں نے کہا کہ کل جو بھارت نے اشتعال انگیزی کی اس پر ہماری فورسز نے الحمدللہ بھرپور جواب دیا ہے جس میں ان کی ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں اور انکی چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے،ہم اب بھی یہی کہیں گے کہ دنیا کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہئے کیونکہ مودی سرکار خطرناک کھیل، کھیل رہی ہے جس سے پورے خطے کا امن متاثر ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ بھارت میں مودی سرکار کے ہتھکنڈوں کے خلاف عوام نے علم_بغاوت بلند کر دیا ہے، اب پورے ہندوستان میں کرفیو نافذ کرنا ممکن نہیں تھا، (آج ) پیر کو اپوزیشن کی تمام بڑی جماعتوں نے احتجاج کی کال دے دی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ لکھنو میں اویسی صاحب کی قیادت میں ایک بڑی احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے اوردنیا بھر کے مختلف دارلخلافوں میں بھارت کے لوگوں نے، جن میں ہندو، سکھ، مسلمان سب شامل ہیں کی طرف سے احتجاجی مظاہروں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔اسکے علاوہ کینیڈا، امریکہ، شکاکو میں اور یورپ کے دیگر ممالک میں بھی احتجاج ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج آر ایس ایس کی ہندتوا سوچ نے بھارت کو تقسیم کر دیا ہے،سیکولر بھارت کے حامی ایک طرف ہیں اور ہندتوا سوچ کے حامی دوسری جانب دکھائی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پی فائیو کے سفراءکو بھی اس ساری صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے کیونکہ ہمیں خدشہ ہے کہ کرسمَس کی تعطیلات کے دوران جب دنیا کی توجہ کرسمَس کی طرف ہو گی تو اس دوران بھارت کوئی ناٹک رچا سکتا ہے ،بحیثیت وزیر خارجہ میرا فرض بنتا ہے کہ میں ساری صورتحال سے قوم اور دنیا کو آگاہ رکھوں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان حالات میں پوری قوم سے اپیل کروں گا کہ وہ ہندوستان کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح، پاکستان کے جغرافیے اور نظریے کی حفاظت کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو جائیں،5 اگست کے بھارتی اقدام کے بعد ہندوستان کے عزائم کھل کر سامنے آئے، ہم نے عالمی دنیا کی توجہ مبذول کروانے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی تھی۔اس مقصد کے لئے اقوام متحدہ میں وزیر اعظم عمران خان خود تشریف لے گئے اور ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس میں، میں خود شریک ہوا اسکے علاوہ یورپی یونین میں، ہاو¿س آف کامنز سمیت ہر فورم پر ہم نے اس مسئلے کو اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے دنیا کے بہت سے ممالک اس ساری صورتحال کو جاننے کے باوجود ہندوستان کے ساتھ اپنے کمرشل اور اسٹریٹیجک مفادات کی وابستگی کے سبب خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، وہ نجی محافل میں تو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تنقید کرتے ہیں لیکن باہر کھل کر اظہار نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کا بنیادی ممبر ہے اس کی یکجہتی کیلئے پاکستان نے ہمیشہ آواز بلند کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ میں وزیر اعظم عمران خان خود تشریف لے گئے ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس میں، میں خود شریک ہوا۔ انہوںنے کہاکہ یورپی یونین میں، ہاو¿س آف کامنز سمیت ہر فورم پر ہم نے اس مسئلے کو اٹھایالیکن بدقسمتی سے دنیا کے بہت سے ممالک اس ساری صورتحال کو جاننے کے باوجود ہندوستان کے ساتھ اپنے کمرشل اور اسٹریٹیجک مفادات کی وابستگی کے سبب خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں وہ نجی محافل میں تو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تنقید کرتے ہیں لیکن باہر کھل کر اظہار نہیں کرتے ۔ انہوکںنے کہاکہ پاکستان او آئی سی کا بنیادی ممبر ہے اس کی یکجہتی کیلئے پاکستان نے ہمیشہ آواز بلند کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ میں منگل کو ہونیوالے کابینہ کے اجلاس میں او آئی سی کا اجلاس بلانے کی بات سامنے رکھوں گا کیونکہ اب مزید خاموشی نقصان دہ ہو گی ہمیں او آئی سی سے باقاعدہ درخواست کرنا ہوگی کہ وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔انہوکںنے کہاکہ جن ممالک نے اس مسئلے پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے میں ان سب کا بے حد شکر گزار ہوں اور باقی سب سے بھی گزارش کرتا ہوں کہ حالات اس نازک مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں کہ اس پر مزید خاموش نہیں رہا جا سکتا۔
بھارت کی 10ریاستیں میدان جنگ ،مودی کے خلاف مظاہرے ہنگامے ،26ہلاک سینکڑوں زخمی
نئی دہلی، ممبئی، بنگلور، بہار، میرٹھ، بجنور (مانیٹرنگ ڈیسک+ نیوز ایجنسیاں) بھارت بھر میں متنازع شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہا ، بھارتی حکومت نے توڑ پھوڑ کا الزام لگا کر مظاہرین کی پراپرٹیز ضبط کرنا شروع کر دیں۔پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے دوران ہلاکتیں 26ہو گئیں جبکہ سینکڑوں زخمی ہو چکے اور سینکڑوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ مظفر نگر میں 50 دکانیں سیل کر دی گئیں جن کے مالکان پر بھارتی حکام کی جانب سے مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ شہریت کے متنازع قانون کے خلاف مظاہروں میں شدت آ گئی ، اتر پردیش میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں 2 ہفتوں کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 26 ہوگئی۔بھارت میں متنازع بل پر ریاست بہار کے مختلف شہروں میں مظاہرے جاری ہیں، پٹنہ میں مظاہرے کے دوران کارکنوں نے رکاوٹیں توڑ ڈالیں، وشالی میں ہائی وے بلاک کر دی، ٹائر جلائے، دربھنگا میں مظاہرین نے ریلوے لائن پر قبضہ کر لیا، ریاست کرناٹک کے شہر مینگلور میں کرفیو نافذ ہے۔ریاست اتر پردیش میں صورتِ حال کشیدہ ہے، اسکول اور کالج بھی بند رہے ، جب کہ بیشتر حساس اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی ۔نئی دہلی کی جامع مسجد کے باہر بڑا مظاہرہ ہوا، دلی کے 7 میٹرو اسٹیشن بند کر دیئے گئے، پولیس نے ڈرونز کی مدد سے مظاہروں کی نگرانی کی۔مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں ہوئیں جن میں کئی مظاہرین زخمی ہو گئے، کولکتہ، چنائے، لکھنو، پٹنہ، ممبئی سمیت مختلف شہروں میں پولیس کی بھاری تعداد بھی احتجاج نہ روک پائی۔متنازع شہریت بل پر احتجاج کے دوران میرٹھ میں3، بجنور میں 2، ورانسی، فیروز آباد، کان پور اور سنبھل میں 4 افراد کو گولی مار دی گئی، لکھنو میں ایک شخص اور مینگلور میں 2 افراد گولی لگنے سے ہلاک ہوئے، آسام میں 5 افراد کو ہلاک کر دیا گیا ۔دوسری جانب ایک طالبہ کا کہنا ہے کہ انہیں آزاد بھارت چاہیے، مودی ملک کا مستقبل نہیں، ملک کا مستقبل طلبہ ہیں، وہ فیصلہ کر یں گے کہ ملک کو کیسا ہونا چاہئے۔ادھر بھارت میں متنازع شہریت قانون کے خلاف احتجاج میں شدت سے پریشان مودی حکومت نے بھارتی ٹی وی چینلز کو مظاہروں کی کوریج سے روکنے کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ۔انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ منسٹری نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے ٹی وی چینلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ایسے مواد کو دکھانے سے پرہیز کریں جس سے تشددکو ہوا ملے گی۔ بھارتی شہریت ترمیمی قانون پاکستان، بنگلا دیش اور افغانستان کے غیر مسلم تارکینِ وطن ہندو، عیسائی، پارسی، سکھ اور بدھ مت کے ماننے والوں کو بھارتی شہریت فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے جبکہ مسلمان اس کا حصہ نہیں ہوں گے۔بھارتی شہریت کے ترمیمی بل 2016 کے تحت شہریت سے متعلق 1955 میں بنائے گئے قوانین میں ترمیم کر کے منتخب کیٹیگریز کے غیر قانونی تارکینِ وطن کو بھارتی شہریت کا اہل قرار دیا گیا ۔اس بل کے تحت 31 دسمبر 2014 سے قبل 3 پڑوسی ممالک پاکستان، بنگلا دیش، افغانستان سے بھارت آنے والے ہندوﺅں، سکھوں، بدھ مت، جینز، پارسیوں اور عیسائیوں کو بھارتی شہریت دی جائے گی لیکن مسلمانوں کو یہ شہریت نہیں ملے گی۔ آل آسام اسٹوڈنٹ یونین کے سموجل بھٹا چاریہ نے رائٹرز کو بتایا کہ آسام بھر میں ہونے والے مظاہروں میں ہزاروں خواتین بھی حصہ لے رہی ہیں۔ قانون کے خلاف شروع ہونے والی تحریک دن بہ دن زور پکڑ رہی ہے۔بھارت میں کئی حلقے شہریت کے اس متنازعہ قانون کو مسلمانوں کے خلاف نسلی امتیاز قرار دے رہے ہیں۔ اپنی سیکیولر اقدار پر فخر کرنے والے ملک بھارت میں اس قانون کے تحت شہریت کے حصول کو مذہب سے جوڑا گیا ہے۔خبر رساں ادارے ”الجزیرہ“ کے مطابق حکومت کی اتحادی جماعتیں بھی ایسے بیانات دے رہے ہیں جس سے عوام مزید مشتعل ہو رہی ہے جبکہ کچھ اتحادی جماعتیں یہ کہنے پر مجبور ہو گئی ہیں کہ کالا قانون منظور کرنا غیر مناسب ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں شروع ہونے والے مظاہروں کے بعد یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ مظاہرے فرقہ واریت والے نہیں ، ان مظاہروں میں مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تمام طبقہ ہائے احتجاج کے لیے آ رہے ہیں۔بھارت مظفرنگرمیں مسلمانوں پرقیامت طاری،لوٹ مارقتل وغارت گری شروع ہوگئی ہے اوراطلاعات کے مطابق اس وقت رات کے سخت اندھیروں اوردسمبرکی ٹھنڈی راتوں میں مسلمان خوف کے مارے ادھرادھربھاگ رہے ہیں اوران کو کوئی چھڑانے والا نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق اس وقت صورت اس قدر خراب ہے کہ آر ایس ایس کے غنڈے گروہ درگروہ مسلمانوں پر اس طرح ٹوٹ رہے ہیں جس طرح بھوکا شیرکسی شکارپرلپکتا ہے،مسلمان خاندان جان بچانے کی خاطر ادھر ادھر بھاگ رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ بھی اطلاعات ہیں کہ اس علاقے میں مسلمانوں کی جائیداداملاک کو جلایا جارہاہے،اوریہ بھی اطلاعات ہیں کہ کاروں ،بسوں اوردوسری گاڑیوں کو جلایا جارہاہے اورہرطرف غدرمچا ہوا ہے ،مظفر نگر سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کہ 2002 میں گجرات میں ہونے سانحات کی تاریخ دہرائی جارہی ہے۔ مسلمان سخت خوف کی وجہ سے ادھر ادھر چھپنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ڈاکٹر ،ڈسپنسر کا لیڈی ہیلتھ وزیٹر کو ہراساں کرنا ،تنگ آکر خودکشی کی کوشش المیہ ،ضیا شاہد
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) بستی رانا اقبال چیچہ وطنی میں ڈاکٹر علی فہیم اور ڈسپنسر زبیر چشتی کی طرف سے ہراساں کرنے پر بنیادی مرکز صحت کی لیڈی ہیلتھ وزیٹر رانی منظور کا اقدام خود کشی، خبریں کی خبر پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کا ایکشن متاثرہ ،خاتون ہسپتال منتقل اہل علاقہ کا خبریں اور ڈی پی او کو خراج تحسین۔ دونوں نظور کو جنسی تعلق پر مجبور کرتے تھے۔ خاتون کی شکایت پرخبریں ٹیم علاقہ میں پہنچ گئی خاتون کے مطابق ایس ایچ او عمران بھٹی نے ان کی بات نہ سنی۔ ڈاکٹر تنویر شاہ خاتون کو درخواست واپس لینے پر مجبور کرتا رہا۔ سینئر صحافی ضیا شاہد نے بتایا کہ جنسی ہراسانی کے کیسز کی تعداد اخباروں کی خبروں سے واضح ہیں۔ معاشرے کا ضمیر اتنا مردہ ہو گیا ہے بجائے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے کے انہیں صلح صفائی پر مجبور کیا جاتا ہے۔ چینل ۵کے پروگرام ہیومین رائٹس واچ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے کیسز 90 فیصد سامنے نہیں آتے لوگ عزت کے خوف سے خاموش رہتے ہیں بڑے بھی کہتے ہیں اب چپ رہو جو ہونا تھا ہو گیا بچیوں کو بہت تنگ کیا جاتا ہے۔ جو کیسز سامنے آتے ہیں ان پر سخت ایکشن ہونا چاہئے متاثرہ لڑکی پر دباﺅ نہیں ڈالنا چاہئے۔ معاشرے کا بڑا مسئلہ غربت اور جہالت ہے لوگوں کے لئے دال روٹی چلانا مشکل ہے کالے کوٹ والوں کی فیسیں کہاں سے دیں۔ فری کیس لڑنے کو کوئی تیار نہیں ہوتا وکلا بارے ہمیشہ مجھے شکایت رہی وہ کمیٹی بنائیں ضروری نہیں سب فیس دے سکیں۔وکلاءکی دو قسمیں ہیں ایک وہ جو مقدمات میں مصروف رہتے ہیں جو مصروف نہیں دنگا فساد کرتے ہیں انسانیت کے نام پر دس میں سے کم سے کم ایک کیس فری لڑیں اس سے معاشرے کی اصلاح ہو۔ ہم خود سو میں سے پانچ کیسز کی ہی پیروی کر سکے ہم اپنے وسائل سے وکیل تلاش کرتے ہیں اگر کسی کو انصاف نہیں ملتا اس کی بڑی وجہ وکلاءہی ہیں۔موجودہ کیس کی پیروی بہت ضروری ہے خاتون کا فون لیں بات کریں بیرسٹر صاحبہ کچھ کیسز فری بھی لڑیں انسانی حقوق کے لئے خدمات عزت و وقار کے لئے ہو گا۔ سنا ہے وکلاءکا ایک گروہ ڈاکٹر سے ملا ہے وکیل ہی ملے ہوں تو کیا انصاف ہو گا۔ یہ پانچواں کیس ہے وکلاءکا وزن ظالم کے پلڑے میں ہوتا ہے۔ محتسب ادارے موجود ہیں ۔خبریں میں خبر شائع ہوئی لیکن لاہور میں بیٹھی خاتون محتسب یا اسلام آباد میں کشمالہ طارق نے نوٹس نہیں لیا۔ایسا کیس بنایا جائے کہ کشمالہ طارق کو بھی پارٹی بنایا جائے خواتین محتسب کس چیز کی تنخوا ہ لیتی ہیں ان کی سیلری رکنی چاہئے۔ سفارش یا پیسے یا پھر اثرو رسوخ کے سبب ڈاکٹر فہیم رہا ہو گیا خاتون تاحال مصیبت میں ہے ۔پتہ کیا جائے ڈاکٹر کیوں چھوٹ گیا صرف ذکر کرنے سے کیس حل نہیں ہو گا ٹھوس اقدامات کرنا پڑیں گے۔فارسی میں کہتے ہیں نشستاً گفتناً براخستاً یہ نہیں ہونا چاہئے۔بیرسٹر رمشا نے کہا کہ انسان کے بہت حقوق ہیں لیکن ہمارے معاشرے میں یہ لوگوں کو نہیں پتہ۔ چھوٹے بچوں کی تربیت کرنی چاہئے کہ کسی چیز پر پردہ مت ڈالیں۔ قانون کے مطابق کسی کوہراساں کرنے کی سزا بڑی سخت ہے لوگوں کو سٹینڈ لینے کی ضرورت ہے۔اسلام میں عورت کو بہت تحفظ دیا گیا ہے۔میری لاءفرم بہت سے کیسز فری لڑتی ہے صرف پیسہ سب کچھ نہیں ہوتا۔
بیرونی طاقتوں نے فارن فنڈنگ کے ذریعے عمران خان کی مدد کی، احسن اقبال کا سوات میں تقریب سے خطاب
سوات(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بیرونی طاقتوں نے فارن فنڈنگ کے ذریعے عمران خان کی مدد کی۔سوات میں تقریب سے خطاب کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کی جنگ میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے قربانیاں دی ہے، (ن) لیگ کے قائدین نے دہشت گردی کی جنگ میں قربانیاں دی ہے، ہماری حکومت میں 500 ارب روپے مسلح افواج کو دیئے گئے، ہم امن کی بحالی کے ساڑھے 28 ارب روپے کے منصوبے سی پیک میں لائے۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بیرونی قوتوں کی سازش جاری ہے، سی پیک کا منصوبہ 60 ارب ڈالر تک جانا تھا لیکن پاکستان کے دشمنوں نے سی پیک کو تباہ کیا، (ن)لیگ پاکستان کو ترقی کی راہ پر لائی تو دشمنوں نے اس ملک کے خلاف ایک سازش کی، بیرونی طاقتوں نے فارن فنڈنگ کے ذریعے عمران خان کی مدد کی۔رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ عمران احمد خان نیازی کی حکومت میں چوری میں اضافہ ہوا،وہ عمران خان جو کہتے تھے کہ بھیک نہیں مانگوں گا وہ دنیا کا بڑا بھکاری بن گیا، مہاتیر محمد سے وعدہ کیا کوالالمپور سمٹ میں آو¿ں گا پھر یو ٹرن لے لیا۔مہاتیر محمد کو پتہ نہیں تھا کہ یہ یوٹرن خان ہے۔
بھارت میں شہریت قانون کے خلاف مظاہروں میں شدت، 23 افراد ہلاک
(ویب ڈیسک)بھارت میں شہریت قانون کے خلاف عوامی اجتماع پر پابندی اور متعدد حصوں میں انٹرنیٹ معطلی کے باوجود پرتشدد مظاہروں میں شدت آگئی جبکہ پولیس سے جھڑپوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 23 ہوگئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ریاستی پولیس کے ترجمان پراوین کمار نے بتایا کہ اتر پردیش میں پولیس سے جھڑپوں میں 9 شہری ہلاک ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے زیادہ تر نوجوان تھے۔پراوین کمار نے بتایا کہ ‘متعدد نوجوان فائرنگ سے ہلاک ہوئے لیکن یہ پولیس کی فائرنگ نہیں تھی’۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے مشتعل ہجوم کو خوفزدہ کرنے کے لیے صرف آنسو گیس کا استعمال کیا۔انہوں نے بتایا کہ ‘شمالی شہروں رام پور، سنبھل، مظفر نگر، بجنور اور کان پور میں مظاہرین کے توڑ پھوڑ کے دوران ایک درجن کے قریب گاڑیوں سمیت ایک پولیس اسٹیشن کو نذر آتش کردیا گیا۔علاوہ ازیں شمال مشرقی سرحدی ریاست آسام میں جہاں 10 دن معطل رہنے کے بعد انٹرنیٹ بحال کیا گیا تھا اور ریاست کے دارالحکومت گوہاٹی میں سیکڑوں خواتین نے شہریت قانون کے خلاف دھرنا دیا۔آل آسام اسٹوڈینٹس یونین کے رہنما سموجل بھٹاچاریہ نے کہا کہ ‘ہمارا پرامن احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ اس غیر قانونی اور غیر آئینی شہریت کے قانون میں ترمیم کو ختم نہیں کیا جاتا ہے’۔انہوں نے آسام کے وزیر اعلی سربانند سونووال کی بات چیت کی پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت اس وقت ہوسکتی ہے جب حکومت کچھ سمجھوتہ کرنے کی امید کر رہی ہو۔واضح رہے کہ دو امریکی صدارتی امیدواروں الزبتھ وارن اور سین برنی سینڈرز ٹوئٹر پر بھارت کے نئے قانون کی مذمت کرچکے ہیں۔علاوہ ازیں ملائشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے کوالالمپور میں اسلامی سربراہی اجلاس کے اختتام کے بعد ایک نیوز کانفرنس میں شہریت کے نئے قانون پر تنقید کی۔مہاتیر محمد نے کہا کہ بھارت ایک سیکولر ریاست ہے اور لوگوں کو مذہب کی بنیاد پر شہریت حاصل کرنے سے نہیں روکنا چاہیے۔
پیپلز پارٹی میں جمہوریت ہوتی تو فاطمہ بھٹو چیئرمین ہوتیں، فردوس عاشق اعوان
سیالکوٹ (ویب ڈیسک)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو سیلکٹڈ کا طعنہ دینے والے پہلے اپنی پارٹی میں جمہوریت لے کر آئیں۔سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک پرچی پر پارٹی چیئرمین بن کر سیاست میں آئے، اگر پیپلز پارٹی میں جمہوریت ہوتی تو فاطمہ بھٹو منتخب ہوتیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کو ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو صرف انتخابات اور ان کی برسی پر یاد آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ٹھیک کہتے ہیں کہ یہ وہ جمہوریت نہیں جس کے لیے ان کے کارکنوں نے قربانیاں دیں کیونکہ اب کریشن کے لائسنس تقسیم نہیں کیے جاتے، گٹھ جوڑ کی سیاست دم توڑ چکی ہے اور خوانچہ فرش کے بینک اکاونٹ میں رات و رات کروڑوں روپے نہیں آتے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹو نے جس جمہوریت کی تمنا کی تھی اس میں بچوں کی فکر نہیں بلکہ قوم کے بچوں کو مقروض کرنا مقصود تھا۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 برس میں پارلیمنٹ میں بیٹھ کر جمہوریت کے نام پر جو گٹھ جوڑ کیا اور جمہوریت کے نام پر جس طرح آمریت مسلط رہی۔معاون خصوصی نے کہا کہ ‘بلاول بھٹو جمہوریت کا راگ الاپتے ہیں جو قطعی مذاق ہے’۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو نے پشاور میں پیپلز پارٹی کے ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ وہ جمہوریت نہیں ہے کہ جس کے لیے ہمارے لوگوں نے کوڑے کھائے اور شہادتیں دیں۔اپنے خطاب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ ‘اگر آپ 2018 میں بھی صاف و شفاف انتخابات نہیں کراوسکتے تو پھر کس قسم کی جمہوریت ہے؟ سیلکٹڈ حکومت ہر محاذ پر فیل ہوچکی ہے، حکومت چلا سکتے ہیں اور نہ ہی معیشت یہاں تک کہ وہ ایک نوٹیفکیشن بھی ٹھیک سے جاری نہیں کرسکتے‘۔
‘کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ سندھ کو آزاد کردیں’
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ‘صوبہ سندھ میں جمہوریت لائیں اور وزیر اعلیٰ کو آزاد کریں جو آپ کے حکم پر کارفرما رہتے ہیں’۔انہوں نے کہا بلاول بھٹو کے اشاروں پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بیمار قیدی (آصف علی زرداری) کو سرکاری ہیلی کاپٹر فراہم کیا۔ان کا کہنا تھا کہ جب آپ اپنی پارٹی اور خاندان میں جمہوریت لائیں گے تو اس کے مثبت اثرات نمایاں ہوں گے۔’کیا آپ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ دفن کرکے جارہی ہیں؟’
علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اپنی پارٹی اور ووٹرز کو چھوڑ کر بیرون ملک جانے کی مسلسل کوششیں کررہی ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ ‘کیا آپ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ دفن کر کے جارہی ہیں؟’ان کا کہنا تھا کہ ‘مسلم لیگ (ن) جب اقتدار میں ہوتی ہے تو اپنوں کا سہارا تلاش کرتی ہے اور جیسے ہی اپوزیشن نشستوں پر بیٹھتی ہے تو بیرون ملک روانہ ہونے کی کوشش کرتے ہے’۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نکلوانے کے لیے ایک مرتبہ پھر لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کا 2 رکنی بینچ 23 دسمبر کو مریم نواز کی درخواست پر سماعت کرے گا۔اس سے قبل مریم نواز نے 7 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ میں ایل سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست جمع کروائی تھی۔علاوہ ازیں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک میں مہنگی گیس کی فراہمی کی اصل وجہ سمجھنے کی ضرورت ہے اور جس نے مہنگی گیس خریدی وہ (شاہد خاقان عباسی) مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کیس میں نیب کے زیر حراست ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب مہنگی گیس خریدی گئی تو عوام کو کیسے کم قیمت میں گیس فراہم کی جاسکتی ہے۔واضح رہے کہ 18 جولائی کو نیب نے سابق وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں گرفتار کیا تھا۔
‘آر ایس ایس کی سوچ بے نقاب ہوگئی’
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارت میں شہریت بل کے باعث افراتفری پھیلی ہوئی ہے اور اب تک متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں تاہم بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ غیر انسانی رویے سے لگتا ہے دو قومی نظریہ جیت گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے آر ایس ایس کے انتہا پسند نظریے کو بھانپ لیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ‘بھارت اپنی اندرونی افراتفری سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی پر اشتعال انگیزی کررہا ہے’۔
سری لنکا کیخلاف 4سنچریاں، پاکستانی بلے بازوں نے تاریخ رقم کردی
کراچی (ویب ڈیسک)پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں چار بلے بازوں کی سنچریوں کی بدولت ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 191رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔اس کے جواب میں سری لنکن ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 271رنز بنا کر 80رنز کی برتری حاصل کی تھی جس کے بعد پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار نظر آتی تھی لیکن پاکستانی بلے بازوں نے توقعات کے برخلاف تمام تر خدشات کو غلط ثابت کردیا۔پاکستان کی جانب سے اوپنرز شان مسعود اور عابد علی نے شاندار سنچریاں اسکور کر کے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا جس کے بعد کپتان اظہر علی اور بابر اعظم نے بھی بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سنچریاں اسکور کیں۔اس کے ساتھ ہی میچ میں پاکستان کے ابتدائی چار بلے بازوں شان مسعود، عابد علی، اظہر علی اور بابر اعظم نے سنچریاں بنا کر نئی تاریخ رقم کردی۔یہ کرکٹ کی تقریباً ڈیڑھ سو سال طویل تاریخ میں محض دوسرا موقع ہے کہ کسی ٹیم کے ابتدائی چاروں بلے بازوں نے سنچری اسکور کی ہو جبکہ پاکستان کرکٹ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے۔یہ کارنامہ سب سے پہلے بھارتی ٹیم نے 2007 میں بنگلہ دیش کے خلاف انجام دیا تھا جس کے بعد سے کوئی اور ٹیم یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکی تھی تاہم پاکستان نے 12سال بعد دوبارہ یہ کارنامہ انجام دے دیا۔بھارت کی جانب سے مذکورہ میچ میں دنیش کارتھک، وسیم جعفر، راہول ڈراوڈ اور سچن ٹنڈولکر نے سنچریاں اسکور کی تھیں۔
ڈیبیو کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں بھی سنچری، عابد علی پہلے پاکستانی بن گئے
قومی ٹیم کے سلامی بلے باز عابد علی ڈیبیو کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں بھی سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئے۔عابد علی نے سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں ڈیبیو کیا تھا اور ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انہوں نے سنچری اسکور کی تھی۔عابد علی نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کی تو وہ ون ڈے کے بعد ٹیسٹ ڈیبیو میں سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے مرد کھلاڑی بنے تھے۔اب پنڈی کے بعد کراچی ٹیسٹ میں بھی سنچری کر کے عابد علی پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں جنہوں نے ڈیبیو کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں بھی سنچری اسکور کی ہے۔عابد علی سے قبل یہ کارنامہ اظہرالدین، بل پونزفورڈ، ڈاگ والٹرز، ایلون کالی چرن، گریگ بلیویٹ، ساروو گنگولی، روہت شرما اور جمی نیشام بھی انجام دے چکے ہیں۔بھارت کے سابق کپتان اظہرالدین دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے اپنے ابتدائی تین ٹیسٹ میچز میں سنچریاں اسکور کیں