آرمی چیف کی توسیع: پہلے نیاوزیراعظم آئے گا پھر ترمیم ہوگی، بلاول کا دعویٰ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پہلے ہمارا وزیراعظم نیا ہوگا اور پھر آئین میں ترمیم ہوگی۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں والد آصف علی زرداری کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آصف زرداری سے ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات ہوئی، پیپلزپارٹی اپنے نظریے اور مو¿قف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہے، پی پی 27 دسمبر کو لیاقت باغ سے ایک بارپھر صاف اور واضح پیغام دے گی۔آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے کیس سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہم سب سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے منتظر ہیں لہٰذا امید ہے کہ عدالتی فیصلے سے ہمیں قانون سازی میں رہنمائی ملےگی، جیسے 18ویں ترمیم پر بھی عدالتی فیصلے سے رہنمائی ملی تھی۔ بلاول کا کہنا تھا کہ ایسا لگ رہاہے کہ وزیراعظم اپوزیشن کےساتھ اتفاق رائے نہیں چاہ رہے، حکومت 3 ماہ میں ایک نوٹی فیکشن نہیں بنا سکی تو مجھے نہیں لگتا کہ حکومت 6 ماہ میں قانون سازی پر اپوزیشن کو اعتماد میں لے پائی گی۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ نے اپوزیشن سے مشاورت کے بعد چیف الیکشن کمشنر کےلیے 3 نام وزیراعظم کو بھجوائے۔وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول نے کہا کہ ہمارا سلیکٹڈ وزیر اعظم ہر موقع پر اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ بناتا ہے، وزیر اعظم ابھی تک کنٹینر پر کھڑے ہیں، وزیراعظم کے رویے کی وجہ سے ملک کا اور ہر ادارے کا نقصان ہو رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں پی پی چیئرمین نے کہا کہ ’جس طریقے سے ہمارا وزیراعظم چل رہا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ پہلے ہمارا نیا وزیراعظم ہوگا، پھر آئینی ترمیم آئے گی‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس طویل عرصے سے چل رہا ہے اور اس کا اب تک فیصلہ نہیں آیا، پی پی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں کچھ بھی نہیں ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ نے حکومت کو 6 ماہ میں قانون سازی کرنے کا حکم دیتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف کی مدت میں 6 ماہ کی مشروط توسیع دی تھی۔حکومتی وزراءکی جانب سے متعدد بار کہا گیا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع 6 ماہ کی مہلت سے قبل ہوجائے گی تاہم پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کا کہنا ہے کہ جن سے ایک نوٹی فکیشن نہیں بن سکا، وہ ایوان میں 6 ماہ میں کیسے اتفاق رائے پیدا کریں گے۔

سابق صدر پرویز مشرف کی طبیعت ناساز ، دبئی کے امریکن اسپتال منتقل

دبئی(ویب ڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف کی طبیعت ناساز ہوگئی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں مقیم سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی گزشتہ رات طبیعت بگڑی جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر کو امریکن اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ سابق صدر کے قریبی ساتھی ڈاکٹر محمد امجد کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف نامعلوم بیماری کی وجہ سے بہت تیزی سے کمزور ہورہے ہیں، اسی وجہ سے وہ غداری کے مقدمات کا سامنا کرنے کیلئے ابھی پاکستان نہیں آسکتے۔یاد رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ خصوصی عدالت نے 28 نومبر کو سنانا تھا تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر کے خلاف فیصلہ سنانے سے روک دیا ہے۔ہائیکورٹ نے غداری کیس کا فیصلہ روکنے کا 2 صفحات پر مشتمل حکمنامہ جاری کیا تھا جس میں عدالت نے وفاقی حکومت کو 5 دسمبر تک سنگین غداری کیس میں نیا پراسیکیوٹر تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے خصوصی عدالت کو تمام فریقین کو سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی اور ریمارکس دیے کہ غداری کیس میں فئیر ٹرائل ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
سنگین غداری کیس کا پس منظر
سابق حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی کا مقدمہ نومبر 2013 میں درج کیا تھا۔ یہ مقدمہ پرویز مشرف پر آرمی چیف کی حیثیت سے تین نومبر 2007ءکو ملک کا آئین معطل کر کے ایمرجنسی لگانے کے اقدام پر درج کیا گیا تھا۔مقدمے میں اب تک 100 سے زائد سماعتیں ہوئیں جب کہ اس دوران 4 جج تبدیل ہوئے۔عدالت نے متعدد مرتبہ پرویز مشرف کو وقت دیا لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔مارچ 2014 میں خصوصی عدالت کی جانب سے سابق صدر پر فرد جرم عائد کی گئی تھی جب کہ ستمبر میں پراسیکیوشن کی جانب سے ثبوت فراہم کیے گئے تھے تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم امتناع کے بعد خصوصی عدالت پرویز مشرف کے خلاف مزید سماعت نہیں کرسکی۔بعدازاں 2016 میں عدالت کے حکم پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل ) سے نام نکالے جانے کے بعد وہ ملک سے باہر چلے گئے تھے۔

وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کی وکالت کا لائسنس پھر معطل

لاہور (ویب ڈیسک)پاکستان بار کونسل نے وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف فروغ نسیم کا لائسنس دوسری بار معطل کر دیا۔گزشتہ دنوں فروغ نسیم نے سپریم کورٹ میں ا?رمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی پیروی کیلئے وزرات قانون سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ وزرات سے استعفے کے باعث پاکستان بار کونسل نے بیرسٹر فروغ نسیم کا لائسنس بحال کردیا تھا تاہم اب ایک بار پھر ان کی وکالت کا لائسنس معطل کردیا گیا ہے۔ پاکستان بار کونسل کے اعلامیے کے مطابق فروغ نسیم نے دوبارہ وفاقی وزیرِ قانون کا قلمدان سنبھال لیا ہے جس کے باعث دوبارہ ان کا لائسنس معطل کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ فروغ نسیم نے استعفے کے 3 روز بعد وزیر قانون کے عہدے کا حلف اٹھالیا تھا۔

فیاض الحسن چوہان ایک بار پھر وزیر اطلاعات پنجاب مقرر

لاہور (ویب ڈیسک)تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی فیاض الحسن چوہان کو دوبارہ صوبائی وزیر اطلاعات بنا دیا گیا ہے۔پنجاب کے وزیر انڈسٹریز میاں اسلم اقبال کی جانب سے اطلاعات کے محکمہ کی اضافی ذمہ داریوں سے معذرت کے باعث صوبائی وزیر کالونیز فیاض الحسن چوہان کو دوبارہ وزارت اطلاعات کا قلمدان بھی دے دیا گیا ہے۔میاں اسلم اقبال کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حلقے کی مصروفیات کے باعث دو وزارتوں کے ساتھ انصاف نہیں کر پا رہا، اطلاعات کے محکمے کی اضافی ذمہ داریاں چھوڑنے کے بارے وزیر اعلیٰ پنجاب کو آگاہ کر دیا ہے۔میاں محمد اسلم کی جانب سے وزارت اطلاعات کی ذمہ داریوں سے معذرت کے بعد فیاض الحسن چوہان کو وزیر اطلاعات بنانے کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ رواں برس مارچ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران فیاض الحسن چوہان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور اس دوران انہوں نے ہندو برادری کے خلاف بھی توہین آمیز جملہ کہا تھا۔فیاض الحسن چوہان نے ہندو برادری کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے جس کا وزیراعظم عمران خان نے سختی سے نوٹس لیا تھا اور انہیں وزرات سے ہاتھ دھونے پڑے تھے۔

مواخذے کی کارروائی: ٹرمپ کا کانگریس کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف مواخذے کی کارروائی کے لیے بنائی گئی کانگریس کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔کانگریس کی جوڈیشری کمیٹی کے چیئرمین جیروڈ نیڈلر کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ یا تو کانگریس کے روبرو پیش ہوں یا پھر مواخذے کی کارروائی کے عمل سے متعلق شکایات بند کر دیں۔کانگریس کمیٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو 4 دسمبر کو طلب کرتے ہوئے یکم دسمبر تک مہلت دی تھی کہ بتایا جائے آپ مواخذے کی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے پیش ہوں گے یا نہیں؟اب وائٹ ہاؤس قانونی مشیر پیٹ کپولون کی جانب سے جیروڈ نیڈلر کو لکھے گئے خط میں آگاہ کیا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ مواخذے کی کارروائی کے لیے کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہو سکتے۔پیٹ کپولون کی جانب سے لکھے گئے جوابی خط میں کانگریس کمیٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نے انکوائری میں شفافیت کے بنیادی اصولوں کو نطرانداز کیا، وائٹ ہاؤس کو تیاری کے لیے مناسب وقت بھی نہیں دیا گیا اور نا ہی گواہوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے یہ وضاحت بھی نہیں کی گئی کہ آیا ٹرمپ مواخذے کی کارروائی کے لیے دوسری سماعت پر پیش ہوں گے یا نہیں؟برطانوی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کانگریس کمیٹی کی جانب سے دوسری بار طلب کرنے پر علیحدہ سے جواب دے گا تاہم تاحال ڈونلڈ ٹرمپ کو دوسری بار طلبی کا کوئی نوٹس جاری نہیں ہوا ہے۔

بھارت ،افغانستان سے حملے ،فوجی جوان شہید ،کیپٹن ،میجر سمیت 7زخمی،2دہشتگرد مارے گئے

راولاکوٹ، بنوں، میرانشاہ، راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول(ایل او سی) پر رکھ چکری اور راولاکوٹ سیکٹر پربلا اشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے دو افسر زخمی ہوگئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ بھارتی فوج نے پاکستانی چوکیوں پر مارٹر گولے بھی داغے۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ ے ایک کیپٹن اور ایک میجر زخمی ہوئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2افسران زخمی ہوگئے ہیں۔ شمالی وزیرستان میرانشاہ میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ، ایک اہلکار شہید پانچ زخمی ہوگئے ہندی خیل میں بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کر دی ، فورسز نے بھی جوابی فائرنگ شروع کر دی فائرنگ کے نتیجے میں لانس نائیک عمران شہید، نائیک تسلیم، افتخار،سپاہی سلیم، عصمت اور ذیشان زخمی ہو گئے ہیں اُدھر ہندی خیل جانی خیل لاری اڈہ دینی مدرسہ کے قریب سے بارودی مواد بر آمد کیا گیا سکیورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر بی ڈی ایس ا سکواڈ کو طلب کیا پولیس بی ڈی پارٹی نے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا ہے اور آمد ورفت کے راستے کو ٹریفک کیلئے کھول دیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی اہلکاروں کی جانب سے جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2دہشتگرد مارے گئے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے 31سالہ محمد عمران کا تعلق جمرود سے تھا۔

مودی سرکار نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ،پٹرول پاکستان سے دو گنا مہنگا

نئی دہلی (نیٹ نیوز)بھارت میں سرکاری تیل کمپنیوں نے اتوار کے روز بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے جس کے باعث وہاں پٹرول پاکستان سے بھی زیادہ مہنگا ہوگیا ہے۔انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں پٹرول کی قیمت 5 پیسے بڑھائی گئی ہے جس کے باعث اس کی قیمت 74 روپے 95 پیسے ہوگئی ہے۔ حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور اس کی قیمت 65 روپے 78 پیسے پر رقرار ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد انڈیا میں پٹرول سال 2019 کی مہنگی ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔اگر پاکستان سے انڈیا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے تو وہاں ایک لٹر پٹرول پاکستانی روپوں میں 161 روپے 84 پیسے کا فروخت ہورہا ہے،یعنی پاکستان میں پٹرول انڈیا کے مقابلے میں بہت زیادہ سستا ہے۔پاکستان میں ہفتے کے روز پٹرول کی قیمت میں 25 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی قیمت 113 روپے 99 پیسے ہوگئی ہے۔ اگر دونوں ملکوں میں پٹرول کی قیمتوں کا ڈالر کے حساب سے تقابل کیا جائے تو بھی انڈیا میں پاکستان کے مقابلے میں پٹرول مہنگا بک رہا ہے۔بھارت میں ڈالر کی قیمت 71 روپے 75 پیسے ہے اور اس حساب سے وہاں پٹرول کی قیمت 1 ڈالر اور 4 سینٹ بنتی ہے۔ پاکستان میں امریکی ڈالر کی قیمت 154 روپے 94 پیسے ہے اور اس حساب سے یہاں پٹرول کی قیمت 74 سینٹ بنتی ہے، یعنی انڈیا میں پاکستان کے مقابلے میں پٹرول 30 سینٹ مہنگا فروخت ہورہا ہے۔