وادی: (ویب ڈیسک) مقبوضہ وادی میں بھارتی جبری پابندیوں کو آج 56 روز ہوگئے، صورہ میں سیکڑوں کشمیری سڑکوں پر نکل آئے، وزیراعظم عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔اقوام متحدہ کے اجلاس میں کشمیریوں کی آواز بننے پر مقبوضہ وادی میں وزیراعظم عمران خان کے نعرے گونج اٹھے، صورہ میں سیکڑوں کشمیریوں نے پاکستانی جھنڈے تھام کر بھارت مخالف مظاہرہ کیا۔ وادی کے نوجوانوں نے عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔ کشمیری نوجوان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے بعد عمران خان پر بھروسہ ہے۔بھارتی فوج نے وادی میں 5 اگست سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے، کشمیری اپنے گھروں میں قید ہو کر رہ گئے ہیں، 56 روز سے انٹرنیٹ موبائل سروس اور کاروبار بند ہیں جبکہ ہزاروں نوجوانون کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا جاچکا ہے۔
Monthly Archives: September 2019
ڈینگی کی وبا بے قابو، حکومت بے بس، فیصل آباد میں مزید 2 مریض چل بسے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی بے قابو ہوگیا، فیصل آباد میں ڈینگی کے 2 مریض چل بسے،جبکہ فیصل آباد میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 80 سے زائد ہوچکی ہے۔راولپنڈی میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 5072 ہو گئی، سرکاری ہسپتالوں میں 774 مریض زیر علاج ہیں، جڑواں شہر میں زیر علاج 14 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں گزشتہ تین روز میں 2500 سے مریض لائے گئے۔ ترجمان پمز کے مطابق تین روز کے دوران 500 سے زائد مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی، پمز ہسپتال کے ڈینگی وارڈ میں 80 مریض زیر علاج ہیں۔پولی کلینک میں گزشتہ تین روز میں 1500 سے زائد افراد ڈینگی کے شبے میں لائے گئے۔ ترجمان کے مطابق لائے گئے افراد میں سے 300 سے زائد افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی، پولی کلینک میں ڈینگی کے 100 سے زائد مریض زیر علاج ہیں۔ راولپنڈی میں محکمہ صحت ذرائع کے مطابق اب تک 270 مریض ہسپتالوں میں لائے گئے، 57 مریضوں میں ڈینگی بخار کی تشخیص ہوئی، مجموعی تعداد 937 تک پہنچ چکی ہے۔ متاثرہ افراد میں سے 30 فیصد کا تعلق اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے ہے۔لاہور میں ڈینگی فل بلوم پر ہے، مریضوں کی تعداد 108 تک جا پہنچی ہے، 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 8 مریضوں میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی، شکار ہونے والوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ ملتان میں ڈینگی میں مبتلا مزید 6 مریض نشتر ہسپتال منتقل کئے گئے جس کے بعد مریضوں کی تعداد 68 ہو گئی۔ فیصل آباد میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے احتجاج کے باعث لیبارٹریاں بند رہیں، درجنوں ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ نہ ہوسکے، ڈینگی کے باعث 2 مریضوں کی اموات ہوئیں۔ سول اور الاٸیڈ ہسپتال میں اس وقت 16 مریض زیر علاج ہیں، مریضوں کی تعداد 80 سے زائد ہوچکی ہے۔خیبر پختونخوا میں ڈینگی وار پر وار کر رہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 114 کیس رپورٹ ہوئے، صوبے میں تعداد 3 ہزار 549 ہوگئی۔ پشاور میں مزید 53 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی، صرف پشاور شہر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 819 ہوگئی، صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں 262 افراد زیر علاج ہیں۔ ضلع خیبر میں مزید 11 کیسز رپورٹ ہوئے، متاثرہ افراد کی تعداد 177 ہوگئی۔ صوبے کے دیگر اضلاع سے بھی ڈینگی کے کیسز سامنے آئے ہیں۔
پیرس فیشن ویک کے دوران ماہرہ خان کی تصاویر کی دھوم
پیرس: (ویب ڈیسک) اداکارہ ماہرہ خان پیرس فیشن ویک میں شرکت کے لیے فرانس میں موجود ہیں، فیشن ویک کے دوران انہوں نے چند تصاویر اُتاریں اور اپنا سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی اور ہر طرف ان تصاویر کی دھوم مچی ہوئی ہے۔اس سے قبل گزشتہ برس ماہرہ خان نے فلمی دنیا کے سب سے بڑے میلے کانزفلم فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کرکے دنیا کو پیغام دیا تھا کہ پاکستانی فنکار بھی کسی سے کم نہیں۔ کانز فلم فیسٹیول کے دوران ماہرہ خان کے لباس اور سٹائل کی بے حد تعریف کی گئی تھی۔
اب نیا عزم لیے ایک مرتبہ پھر اداکارہ پیرس فیشن ویک میں حصہ لینے کے لیے ایک روز قبل پیرس پہچی ہیں جہاں انہوں نے انٹرنیشنل برانڈ لوریال پیرس کی سفیر کی حیثیت سے پیرس فیشن ویک میں پاکستان کی نمائندگی کرنی ہے۔
یہ ایونٹ یکم اکتوبر تک جاری رہے گا، اس میں اداکارہ ماہرہ خان جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔
عمران خان کی تقریر جاندار، مودی کو بے نقاب کردیا، حکومت واپوزیشن
اسلام آباد / لاہور: (ویب ڈیسک)مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم عمران خان کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں تقریرپرردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان نے مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا کے بڑے سفارتی فورم پر موثر انداز میں پہنچائی، وزیراعظم کی تقریر جاندار تھی، ہمیں عمران خان پر فخر ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کردیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے،دنیا کو مظلومان کشمیر کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارت کا سیاہ چہرہ بے نقاب کردیا، وزیر اعظم نے کہا کہ ہم امن اور قانون کی بالا دستی چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو پیغام دیا کہ حق والے باطل کے سامنے نہیں جھکتے۔وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہاکہ پوری قوم کو وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پر فخر ہے، عمران خان نے بھارت کا گھناؤنا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا، آج کشمیری بھائیوں کو اس بات کا یقین ہو گیا کہ ہم ہر صورت ان کے ساتھ کھڑے ہیں اورکشمیر کے حق کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی تقریرمسلم عالمی رہنما کی تقریر تھی، عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا اقوام متحدہ سے خطاب انتہائی مدبرانہ اور دوٹوک ہے،عمران خان نے کشمیریوں کی آواز بننے کا وعدہ ہر لحاظ سے پورا کر دیا ہے۔پاکستان کے دو سابق وزراء خارجہ خورشید قصوری اور حناربانی کھر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے عالمی فورم پر بھرپورنمائندگی کی ہے۔خورشید قصوری نے کہاکہ وزیراعظم نے ایک غیرمعمولی تقریر کرکے سب کو حیران کردیاہے اور حیرانگی کی بات تو یہ ہے کہ انہوں نے یہ تقریر فی البدیہہ کی اور تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا۔حناربانی کھر نے کہا کہ وزیر اعظم اقوام متحدہ کے فورم پر ایسے بولے جیسا کہ بولنا چاہئیے تھا، دہشت گردی کیخلاف ان کی تقریر بہت اچھی تھی۔ وزیراعظم عمران خان کا جنرل اسمبلی سے خطاب مشاہد حسین سید بھی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے ، وزیر اعظم کی تقریر ایک حقیقی پاکستانی کی تقریراور یہ وقت کی ضرورت تھی۔خبر ایجنسی کے مطابق ملک بھر سمیت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے خطاب کو عوامی مقامات پر براہ راست دکھانے کے انتظامات کئے گئے، سپر مارکیٹ میں فردوس عاشق اعوان، علی نواز اعوان اور جواد احمد نے شہریوں کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان کاخطاب براہ راست سنا۔ مظفرآباد اور گلگت بلتستان میں خطاب براہ راست دکھایاگیا۔
چینی لوگ بوڑھے کیوں نہیں ہوتے؟
شنگھائی (ویب ڈیسک )بوڑھاپا کیا ہے؟ کیا یہ وقت کے ساتھ ساتھ جسمانی اعضاء کا کمزور ہونا اور جسم کے ڈھلنے کا نام ہے یا پھر اسے ذہنی و نفسیاتی کمزوری قرار دیا جا سکتا ہے؟انسان بچپن، جوانی اور پھر بوڑھاپے کی سیڑھیاں چڑھتا ہے اور پھر وقت کے ساتھ کمزور ہونا چلا جاتا ہے لیکن کیا اس کی وجہ سے انسان جینا چھوڑ دے اور سوچ لے کہ سب ختم ہو گیا ہے، اب میں بوڑھا ہو گیا ہوں مجھے صرف اور صرف آرام کی ضرورت ہے؟
یہ سوچ، خیال، تصورہمارے ملک پاکستان میں تیزی سے پنپنے لگا ہے۔ بچے جوان ہو جاتے ہیں تو ماں باپ کہتے ہیں اب ہم کیا تیار ہوں، کیا سجیں دھجیں، اب بچوں کا وقت ہے انہیں زندگی کی تمام رعنائیوں سے محظوظ ہونا چاہیئے۔حال ہی میں چین کے دورے کے دوران غیرملکیوں کو دیکھ کر یہ انداز ہوا ہے کہ اس عمر بھی کس جواں مردی سے عمر رسیدہ افراد زندگی کے تمام خوبصورت لمحوں سے فیضاب ہوتے ہیں۔ گویا بوڑھا اور جوان بھی انسان جسمانی کمزوری سے کم اور اپنی سوچ کے زاویوں سے زیادہ ہوتا ہے۔
بیجنگ میں ٹیمپل آف ہیون پارک یوں تو سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز ہے جہاں پر دنیا جہاں سے غیرملکی افراد چینی تہذیب و ثقافت سے آشنا ہوتے ہیں لیکن ٹیمپل آف ہیون پارک کی ایک اور خوبصورتی نے مجھے سب سے زیادہ اپنی طرف متوجہ کیا۔ میں نے دیکھا کہ عمر رسیدہ خواتین اور مرد اس پارک میں جوانوں کے بیچ میں بیٹھ کر لڈو، تاش اور اس جیسے دیگر روایتی کھیل کھیلتے اور ہنستے مسکراتے نظر آئے۔خوشی کا احساس ان کے چہرے کی جھریوں کو مدھم کر دیتا تھا، یہ احساس نہیں ہوتا تھا کہ یہ شخص بوڑھا ہے بلکہ یوں لگتا کہ وہ اپنی زندگی کے تمام لمحوں کو بہترین انداز میں گزار رہا ہے۔
چینی جہاں اپنی خوارک کا بہت زیادہ خیال رکھتے ہیں ، وہی وہ ورزش لازمی کرتے ہیں، وہ زندگی کو بھی بھرپور اندازمیں جیتے ہیں شاید یہی وجہ ہے کہ انکے درمیان بوڑھے اورجوان کا فرق کم محسوس ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انکے بوڑھے بھی جوانوں کے بیچ میں نظر آتے ہیں اور زندگی کی تمام سرگرمیوں میں اپنے بچوں کی خوشیوں کے ساتھ چلتے ہیں۔
چینی اس لیے بھی بوڑھے نہیں ہوتے کہ وہ کسی بھی چیز کو اپنے سر پر سوار نہیں کرتے۔ یہ لوگ صحت مند ہونا، بہترین وقت گزارنا، گھر سے باہر سیر تفریح ، سماجی رابطے اور زندگی کی تمام رنگنیوں سے لطف اندوز ہونے کو ہی زندگی گردانتے ہیں۔
سابق میئر کے گھر سے ساڑھے 13 ٹن سونا برآمد
شنگھائی:(ویب ڈیسک)چین کے علاقے ڈین زہو کے سابق میئر زوانگ ہو کے گھر سے ساڑھے 13 ٹن سونا اور 268 ارب روپے یوآن برآمد ہوئے۔ چینی پولیس کی جانب سے ڈین زہو کے سابق مئیر ذھانگ ہو کے گھر کی تلاشی لی گئی جہاں ایک خفیہ تہہ خانے سے بڑی مقدار میں نقد رقم کے ساتھ ساتھ ساڑھے 13 ٹن سونا برآمد ہوا۔غیر سرکاری رپورٹس کے مطابق تلاشی کے دوران سونے کے علاوہ میئر کے گھر سے 268 ارب یوآن نقد رقم بھی برا?مد کی گئی۔کارروائی کے دوران چین کے سابق میئر ذوانگ ہو کے پاس سے کئی ہزار مربع میٹر رہائشی املاک، قیمتی پینٹنگس بھی برا?مد کی گئیں جب کہ سابق میئر کئی ٹرکوں کے بھی مالک ہیں۔سابق میئر کی ہزاروں مربع میٹر رقبے کی پ±رتعیش جائیدادیں بھی سامنے ا?ئی ہیں جو کہ انہوں نے کافی عرصے سے چ±ھپا کر رکھی ہوئی تھیں۔واضح رہے کہ چین میں کرپشن کے مقدمات کے حوالے سے قوانین بہت سخت ہیں اور اگر سابق مئیر پر کرپشن ثابت ہو گئی تو انہیں سزائے موت بھی ہو سکتی ہے۔
عمران نے بھرپور چھکا مارا، بھارت کو لینے کے دینے پڑگئے: تجزیہ کار
کراچی: (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان 45 منٹ کے خطاب میں کشمیر پر کھل کر بولے اور کشمیر کا مقدمہ پیش کیا۔انہوں نے خطاب میں پہلے پانچ منٹ گلوبل وارمنگ، اگلے پانچ منٹ منی لانڈرنگ، اس کے بعد تیرہ منٹ اسلامو فوبیا پر اور 23منٹ کشمیر کے حوالے سے تفصیل سے بات کی۔سینئر تجزیہ کار مشرف زیدی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنر ل اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے بھرپور چھکا مارا ، کوئی کسر نہیں چھوڑی،عمران خان کی کوششوں کا اثر ہے کہ کشمیر پر ہر جگہ بات ہورہی ہے، ایلس ویلز نے کل کشمیرپر آدھ گھنٹہ گفتگو کی، امریکن پریس نے ان سے تمام سوالات کشمیر پر کیے، ہندوستان کولینے کے دینے پڑگئے ہیں، مودی سرکار بہت زیادہ گھبرائی ہوئی ہے۔سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میرنے کہا کہ پاکستان ہیومن رائٹس کونسل میں قرارداد پیش نہیں کرسکا تھا جس کی وجہ سے کشمیری رہنماؤں میں مایوسی پائی جاتی ہے، وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیریوں کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی ہے، وزیراعظم عمران خان نے کشمیر ،اسلامو فوبیا اور ناموس رسالت کے معاملات پر بہت تفصیل سے بات کی ہے، عمران خان نے اسلامو فوبیا پر بات کر کے دنیا بھر کے مسلمانوں کی ترجمانی کی ہے۔سابق وزیر خارجہ خورشید قصوری نے کہا کہ عمران خان نے یواین کے فورم پر لکھی ہوئی تقریر نہ کرکے رسک لیا لیکن ان کی تقریر بہت غیرمعمولی تھی، عمران خان نے جس منطق کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو سامنے رکھا اس میں انڈیا کے تمام اعتراضات کا جواب تھا، وزیراعظم نے کشمیر میں آئندہ حالات کے حوالے سے منطقی منظرنامہ پیش کیا جس میں کوئی نکتہ غائب نہیں تھا۔سابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مقدمہ بہت اچھی طرح سے پیش کیا،موسمیاتی تبدیلی کے فوراً بعد کشمیر کے معاملہ پر بات کرتے تو اچھا ہوتا، عمران خان کا ہر عالمی فورم پر جاکر پاکستانی معیشت کا برا حال اور آف شور کمپنیوں کی بات کرنا درست نہیں ہے۔لیگی رہنما سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو اقوام متحدہ کو یاد دلانا چاہئے تھا کہ ایسٹ تیمور اور ساؤتھ سوڈان کا مسئلہ تو حل ہوگیا لیکن 72سال ہوگئے نہ فلسطینیوں کو نہ کشمیریوں کوا نصاف ملا ہے، حکومت کو خارجہ پالیسی کا قبلہ درست کرنا چاہئے۔حامد میر نے کہا کہ مغرب میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توہین پر بھی عمران خان نے کھل کر بات کی ہے، وزیراعظم کشمیر کے معاملہ پر جو کچھ کہہ سکتے تھے انہوں نے کہا ہے، ذوالفقار علی بھٹو کے بعد عمران خان دوسرے لیڈر ہیں جس نے اقوام متحدہ میں انڈین قیادت کو براہ راست اٹیک کیا ہے، وزیراعظم نے نہ صرف مودی کو اٹیک کیا بلکہ آر ایس ایس کا اصل چہرہ بھی بے نقاب کیا۔حامد میر کا کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی سے خطاب میں مودی کا لہجہ معذرت خواہانہ تھا، مودی نے تقریر میں دہشتگردی کا سرسری ذکر کیا جس پر انڈین میڈیامیں بھی تبصرے ہوئے۔نریندرمودی نے جان بوجھ کر زمینی حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے کشمیر کا ذکر نہیں کیا جس کا انہیں نقصان ہوا، عمران خان نے کھل کر جارحانہ اور براہ راست انداز میں تقریر کی، مقبوضہ کشمیر کے سیاسی رہنما پچھلے کچھ دنوں کی پیشرفت سے کافی مایوس تھے لیکن عمران خان کی تقریر کے بعد ان میں حوصلہ پیدا ہوا ہے ۔
ترک صدر رجب طیب اردوان آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرینگے
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان آئندہ ماہ اہم دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔رجب طیب اردوان اسلام آباد میں پاک ترک اعلی سطح کی تزویراتی تعاون کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت ترک صدر طیب اردوان اور عمران خان کی جانب سے مشترکہ طور پر کیے جانے کا امکان ہے،دورے کے دوران باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے تعاون کے مزید شعبوں کی تلاش بھی کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق ترک صدر کے ہمراہ وفد میں سرمایہ کار، کاروباری شخصیات بھی پاکستان آئیں گی، ترک صدر سرمایہ کاری سمیت کئی منصوبوں کی یادداشت پر دستخط کریں گے۔
ان تصاویر نے دنیا میں دھوم کیوں مچا رکھی ہے؟
واشنگٹن:(ویب ڈیسک)اوپر موجود تصویر دیکھیں اور اندازہ لگائیں کہ دنیا بھر میں اس کی دھوم کیوں ہے اور ٹیکنالوجی ماہرین ان کو سراہنے پر کیوں مجبور ہوگئے ہیں؟کیا کوئی اندازہ ہوا؟ اگر نہیں تو بڑے جھٹکے لیے تیار ہوجائیں۔درحقیقت آپ کی طرف دیکھنے والا یہ چہرہ حقیقی نہیں بلکہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) ٹیکنالوجی سے تیار کردہ ہے۔جی ہاں اب اے آئی کی مدد سے ایسی فرضی افراد کی تصاویر بنانا آسان تر ہوتا جارہا ہے جو لوگوں کو یہ ماننے پر مجبور کردیتی ہیں کہ یہ حقیقی شخصیت ہیں۔ایک کمپنی نے ایسے ایک لاکھ چہرے تیار کیے ہیں جو کوئی بھی مفت استعمال کرسکتا ہے اور ان میں سے بیشتر تصاویر جعلی لگتی بھی ہیں مگر متعدد ایسی بھی ہیں جن کو دیکھ کر ان تصاویر سے انہیں الگ شناخت کرنا مشکل ہوجاتا ہے جو اسٹاک فوٹو کمپنیاں لائسنس پر فروخت کرتی ہیں۔آئیکونز 8 نامی ٹیم اس منصوبے کے پیچھے ہے جو ان تصاویر کو ویب سائٹ اور موبائل ایپس سمیت متعدد چیزوں کے ڈیزائن کے لیے استعمال کرنے کی خواہشمند ہے اور اس کی ویب سائٹ جنریٹڈ فوٹوز پر تصاویر کو حاصل کرکے مفت استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔رواں برس اس طرح کے کئی اے آئی پراجیکٹس سامنے آئے ہیں جن میں فرضی شخصیات کے چہروں کو استعمال کیا گیا، جن میں سب سے نمایاں دس پرسن ڈوز ناٹ ایگزسٹ ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ ہے جو کچھ ماہ پہلے وائرل ہوئی تھی۔آئیکونز 8 کے پراڈکٹ ڈیزائنر کونسٹنٹین زیبیسکی کے مطابق ان کا منصوبہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور یہی وجہ ہے کہ کچھ چہرے اصل جیسے نہیں۔اس تخلیقی ٹیم کے پیچھے کمپنی ایک ارجنٹائنی ایون براﺅن کی ہے جو نیویارک میں کام کرتی ہے اور اس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جنریٹڈ فوٹوز لوگوں کو اسٹاک تصاویر کے حوالے سے درپیش مشکلات کا حل ثابت ہوگی۔ترجمان کے مطابق ہمارا مقصد ڈیزائنرز اور دیگر تخلیقی کاروں کو مفت، قانونی اور زیادہ تنوع والی معیاری تصاویر فراہم کرنا ہے اور اس مقصد کے لیے مشین لرننگ ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے چہروں پر مختلف تاثرات اور دیگر عناصر کا اضافہ کیا جاتا ہے۔آئیکونز 8 کے بانی ایون براﺅن نے ایک بلاگ پوسٹ میں لکھا کہ اس مقصد کے لیے جو الگورتھم استعمال کیا گیا، اس کے لیے 3 برسوں کے دوران 69 ماڈلز کی 29 ہزار تصاویر فیڈ کی گئی تاکہ اس کی تربیت کرکے چہروں کو تیار کیا جاسکے۔اور اکثر تصاویر اتنی حقیقی لگتی ہیں کہ یقین کرنا مشکل ہوتا ہے کہ یہ چہرے حقیقی انسانوں کے نہیں، اور اس حوالے سے کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کا غلط استعمال کس طرح روکنا ممکن ہوگا۔کیونکہ لوگوں کو قائل کردینے والے یہ فرضی چہرے ڈیزائنرز کے لیے مددگار تو ثابت ہوسکتے ہیں مگر مستقبل میں اس طرح کے سافٹ وئیر مشتبہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جانے کا امکان رد نہیں کیا جاسکتا۔
فیس بک کا اب تک کے اہم ترین فیچر کو ختم کرنے کا آغاز
واشنگٹن:(ویب ڈیسک)دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک کی مقبولیت کا ایک راز یہ بھی ہے کہ وہ مسلسل نئے فیچرز پر کام کرتی رہتی ہے۔جہاں فیس بک انتظامیہ نئے فیچرز متعارف کراتی ہے، وہیں پرانے اور مقبول ترین فیچرز کو مزید بہتر کرنے پر بھی کام کرتی رہتی ہے۔کچھ عرصہ قبل تک فیس بک پر صرف لائیک کا ہی بٹن ہوتا تھا، تاہم بعد ازاں انتظامیہ نے اس میں ری ایکشن اور فیلنگز کے فیچر کو بھی شامل کرلیا ہے۔تاہم اب فیس بک نے اپنے سب سے اہم ترین اور پرانے ترین فیچر کو تبدیل کرنے پر کام کا آغاز کردیا۔جی ہاں، فیس بک انتظامیہ نے ویب سائٹ سے ’لائیکس‘ ری ایکشنز اور ویڈیو ویوز‘ کو چھپانے کے آزمائشی پروگرام پر کام شروع کردیا۔’سی نیٹ‘ کے فیس بک نے ’لائیکس‘ ری ایکشنز اور ویڈیو ویوز‘ کو دوسرے صارفین سے چھپانے کے کام کا آغاز 26 ستمبر سے آسٹریلیا سے شروع کیا۔فیس بک انتظامیہ نے تصدیق کی کہ اس آزمائشی پروگرام کو شروع کردیا گیا ہے اور ترتیب وار اس پروگرام کو دیگر ممالک تک بڑھایا جائے گا۔فیس بک انتظامیہ کے مطابق کسی بھی صارف کی پوسٹ سے’لائیکس اور ری ایکشنز‘ اور ویڈیو کے ’ویوز‘ کو دوسرے صارفین سے چھپانے یا خفیہ رکھنے کا مقصد دوسرے صارفین کو احساس محرومی سے بچانا ہے۔اس نئے فیچر کے تحت اگرچہ صارف کے ’لائیکس‘ ری ایکشنز اور ویڈیو ویوز‘ دوسرے صارفین کو دکھائی نہیں دیں گے، تاہم پوسٹ کرنے والے صارف کو سب کچھ دکھائی دے گا۔فیس بک کا کہنا ہے کہ دوسروں کی پوسٹ پر بہت سارے لائیکس یا ری ایکشنز دیکھ کر دوسرے صارفین احساس محرومی کا شکار بن جاتے ہیں اور اس عمل کو ختم کرنے کے لیے نیا ا?زمائشی پروگرام شروع کیا گیا ہے۔یہ کہنا غلط نہیں کہ فیس بک کی مقبولیت میں لائیک بٹن کی بہت زیادہ اہمیت ہے اور اس کے بغیر یہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ادھوری سمجھی جاسکتی ہے۔یہ فیچر لگ بھگ ایک دہائی سے فیس بک کا مرکزی حصہ ہے مگر حالیہ برسوں میں صارفین کی جانب سے شکایت کی جارہی تھی کہ اس سے ان کی ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور انہیں ہر وقت فکررہتی ہے کہ ان کی پوسٹس پر مناسب تعداد میں لائیکس ملنے چاہیے۔درحقیقت بیشتر افراد تو اس خوف سے ہی پوسٹ نہیں کرتے کہ انہیں لائیکس نہیں مل سکیں گے یا زیادہ لائیکس نہ ملنے پر پوسٹس کو ڈیلیٹ کردیا جاتا ہے۔جسٹن روزینسٹین نامی انجینئر نے یہ فیس بک فیچر 2007 میں تشکیل دیا تھا۔فیس بک سے قبل یہی سلسلہ سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر بھی شروع کیا گیا تھا اور انسٹاگرام پر بھی متعدد ممالک میں پوسٹس پر ’لائیکس‘ ری ایکشنز اور ویڈیو ویوز‘ دوسرے صارفین کو دکھائی نہیں دیتے۔تاہم پاکستان میں اب تک انسٹاگرام صارفین کو دوسروں کے ’لائیکس‘ ری ایکشنز اور ویڈیو ویوز‘ دکھائی دیتے ہیں۔خیال کیا جا رہا ہے کہ ’لائیکس‘ ری ایکشنز اور ویڈیو ویوز‘ کو دوسرے صارفین سے چھپانے والے فیچر کو رواں برس کے آخر تک ایشیا کے چند ممالک میں متعارف کرایا جائے گا اور اگلے سال تک اسے مزید ممالک تک متعارف کرایا جائے گا۔
وٹامن ڈی اور مچھلی کا تیل کینسر اور ہارٹ اٹیک سے بچانے میں مددگار
لاہور:(ویب ڈیسک)روزانہ وٹامن ڈی اور مچھلی کے تیل کے کیپسول کا استعمال کینسر اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔یہ دعویٰ ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے، جس کے نتائج سے اس بحث میں مزید اضافہ ہوا ہے کہ یہ سپلیمنٹس کس حد تک فائدہ مند یا بیکار ہوسکتے ہیں۔امریکا کے 25 ہزار سے زائد افراد پر ہونے والی تحقیق کے دوران رضاکاروں کو 5 سال تک وٹامن ڈی اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈز (مچھلی کے تیل کے کیپسول) کا استعمال کرایا گیا۔کچھ رضاکاروں کو وٹامن ڈی جبکہ کچھ کو مچھلی کے تیل کا استعمال کرایا گیا جبکہ بیشتر کو یہ دونوں استعمال کرائے گئے اور چند افراد ایسے تھے جن کو ان سپلیمنٹس سے دور رکھا گیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ وٹامن ڈی کا استعمال معمول کے وزن کے مالک افراد میں مختلف اقسام کے کینسر سے موت کا خطرہ کم کرتا ہے۔اس کے مقابلے میں مچھلی کے تیل کا استعمال ہارٹ اٹیک کا خطرہ کم کرتا ہے اور تحقیق کے دوران اوسطاً سپلیمنٹس سے دور رکھے جانے والے افراد لوگوں کو فی ہفتہ اوسطاً 3 بار مچھلی کا استعمال کرایا گیا۔اس تحقیق کے نتائج نارتھ امریکن مینوپوز سوسائٹی کے سالانہ اجلاس کے دوران پیش کیے گئے تاہم اب تک ان کو شائع نہیں کیا گیا ہے۔برگھم اینڈ ویمن ہاسپٹل کی جوآن مینسون نے تحقیقی ٹیم کی قیادت کی اور انہوں نے نتائج کے حوالے سے کہا کہا کہ یہ فوائد اور خطرات کا پیچیدہ توازن ہے۔اس سے قبل گزشتہ برسوں میں مچھلی کے تیل کے استعمال کے حوالے سے متعدد فوائد سامنے آئی ہیں جن میں سے گزشتہ سال کی ایک تحقیق میں کہا گیا تھا کہ مچھلی کے تیل کا استعمال کسی فرد کے کسی بھی مرض بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج وغیرہ سے موت کا خطرہ کم نہیں کرتا۔اومیگا تھری فیٹی ایسڈز ایسی ضروری چکنائی ہے جو جسم خود تیار نہیں کرتا اور اس کے حصول کے لیے مچھلی، اخروٹ، السی کے بیج، پتوں والی سبزیاں اور ویجیٹیبل آئل وغیرل کا استعمال کرنا ہوتا ہے۔یہ فیٹی ایسڈز مخصوص ہارمونز بناکر خون اور دل کے ورم کی روک تھام میں مدد دیتے ہیں۔دوسری جانب وٹامن ڈی جسم کو کیلشیئم اور فاسفورس جذب اور برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے جس سے ہڈیوں کی مضبوطی برقرار رہتی ہے، مگر دنیا بھر میں مانا جاتا ہے کہ ایک ارب افراد وٹامن ڈی کی کمی کا شکار ہیں۔وٹامن ڈی جسم کو سورج کی روشنی سے بھی حاصل ہوسکتا ہے جبکہ مچھلی اور دیگر غذائیں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
امریکی جامعہ میں رحم دلی کا انوکھا ادارہ قائم
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکا کی ایک مشہور جامعہ میں ’رحم دلی انسٹی ٹیوٹ‘ قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد لوگوں کو رحم دلی کی ترغیب دینا اور ساتھ ساتھ عالمی رہنماؤں میں بھی انسان دوستی اور ہمدری جگانا ہے۔یونیورسٹی آف کیلی فورنیا لاس اینجلس (یوسی ایل اے) میں ’کائنڈنیس انسٹی ٹیوٹ‘ قائم کیا گیا ہے جہاں رحم دلی کی تدریس اور اس رویّے پر تحقیق کی جائے گی۔دوسری جانب انسٹی ٹیوٹ کا مقصد یہ بھی ہے کہ رحم دلی اور ہمدردی کےانسانی اثرات اور نفسیاتی فوائد پر تحقیق کی جائے گی۔ مثلاً کسی بوڑھے کی مدد کرنا یا کسی نابینا کو سڑک پار کروانے جیسے چھوٹے اقدام بھی انجام دینے والے پر بہتر اثرات ڈالتے ہیں۔ دوسری جانب ہمدردی اور انسان دوستی سے معاشرہ بہتر ہوتا ہے اور نیکی کی ہوا پوری سوسائٹی میں پروان چڑھتی ہے۔امریکا میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا انسٹی ٹیوٹ ہے جس کا نام ’بیداری کائنڈنیس انسٹی ٹیوٹ‘ رکھا گیا ہے۔ یو سی ایل اے میں سماجی علوم کے ڈین ڈارنیل ہنٹ نے کہا ہے کہ معاشرے اور دنیا کو مزید انسان دوست بنانے کےلیے یہ ادارہ قائم کیا گیا ہے جو تشدد سے بھری دنیا کےلیے ایک تریاق ثابت ہوسکتا ہے۔ادارے کے شریک بانی پروفیسر میتھیو ہیرس نے کہا ’حالیہ عالمی سیاست میں عداوت اور تشدد عروج پر ہے اور اس کی شدت کم کرنے میں یہ ادارہ اہم کردار ادا کرے گا۔ اس ضمن میں مختلف پروفیسر اور ماہرین انسٹی ٹیوٹ کےلیے رہنما اصول وضع کریں گے۔‘جس دنیا میں ہم رہ رہے ہیں وہاں رحم دلی اور انسانیت ہم سب میں موجود ہے۔ اس ضمن میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ آخر کس طرح دنیا سے ہمدردی اور رحم دلی کم ہوتی جارہی ہے۔ دوسروں کی مدد کرنا اور ہمدردی کا رویہ خود انسانی صحت و نفسیات کےلیے بھی بہت مؤثر ہوتا ہے اور ادارہ اس پہلو پر بھی بات کرے گا۔
خیبر پختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور عملےکی ہڑتال کا چوتھا روز
پشاور: (ویب ڈیسک)خیبر پختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری ہے، جس کی وجہ سے او پی ڈی سروس، آپریشن تھیٹر اور دیگر سہولیات کی فراہمی معطل ہے۔دوسری جانب سرکاری ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی نمائندہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا ہے کہ 15 کے قریب ڈاکٹرز کو گرفتار کیا گیا ہے جو ابھی تک جیل میں ہیں، حکومت جلد از جلد تمام ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف کو رہا کرے۔ اگر حکومت نے تمام مطالبات پورے نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ پورے ملک تک پھیلائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لیڈی ریڈںگ اسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈٰکل اسٹاف پر پولیس کی لاٹھی چارج اور شیلنگ سے متعدد ڈاکٹرز شدید زخمی ہوئے تھے۔