بھارت جان بوجھ کربنگلہ دیش اور سری لنکاسے ہارے گا، باسط علی

کراچی(ویب ڈیسک) سابق بلے باز باسط علی نے دعوٰی کیا ہے کہ بھارت جان بوجھ کر بنگلہ دیش اور سری لنکا کے خلاف میچ ہار جائے گا تاکہ سرفراز الیون عالمی کپ 2019 کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکیں۔ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ بھارت اب تک چھ میچز کھیل چکا ہے اور وہ کبھی نہیں چاہے گا کہ پاکستان سیمی فائنل میں پہنچے۔باسط علی نے کہا کہ بھارت کے بقیہ میچز سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے ساتھ ہیں، سب نے دیکھ لیا کہ کوہلی الیون نے افغانستان کے خلاف میچ کس طرح کھیلا۔جب ان سے اس حوالے سے وضاحت طلب کی گئی تو انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم اس انداز میں کھیلے گی کہ لوگوں کو محسوس نہیں ہو گا کہ یہ ٹیم جان بوجھ کر میچ ہاری ہے۔باسط علی نے 1992 میں سیمی فائنل سے قبل پاکستان کی نیوزی لینڈ کی جیت کو مشکوک قرار دے دیا۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ چانس کا کھیل نہیں ہے، 92 کے ورلڈکپ میں کیویز کی ٹیم جان بوجھ کر پاکستان سے میچ ہاری تھی اور عمران خان بھی میری اس بات سے اتفاق کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ اس لئے میچ ہاری تھی تاکہ وہ اپنے ہوم گراﺅنڈ میں پاکستان کا سیمی فائنل میں سامنا کر سکیں۔

قومی اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے اور فنانس بل 2019 کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ہے، اب بجٹ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ وزیراعظم کو بھیجے گی وزیراعظم منظوری کیلئے صدر کو بھیجیں گے۔قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت ہوا جس میں فنانس بل 2019 منظوری کے لئے پیش کیا گیا، وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر نے فنانس بل 2019 منظوری کے لئے ایوان میں پیش کیا۔ قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ کی منظوری کے مرحلے کا آغاز ہوا، پہلے فنانس بل کوشق وار منظوری کے لئے زیرغور لانے کی تحریک منظور ہوئی، تحریک کی حمایت میں 176 اور مخالفت میں اپوزیشن نے 146 ووٹ دیے۔حکومتی اتحادی بی این پی مینگل بھی فنانس بل کی حمایت میں پیش پیش رہے، اخترمینگل کے علاوہ دیگر تمام ارکان ووٹنگ کے لئے ایوان میں موجود رہے، گزشتہ روز اختر مینگل نے بھی گرانٹس کی منظوری کے موقع پر حمایت میں ووٹ دیا تھا۔دوسری جانب اسپیکر نے وزیر مملکت خزانہ کی فنانس بل کی تحریک کو مکمل پڑھنے سے روکتے ہوئے کہا کہ تحریک کو پڑھا ہوا سمجھا جائے جس پر اپوزیشن ارکان نے اعتراض اٹھایا، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر پڑھا ہوا سمجھا جانا ہے تو پورا فنانس بل پڑھا ہوا ہے، اگر ایسا ہے تو پھر میری ترمیم کو بھی پڑھا ہوا تصور کرلیں۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ آپ ایوان کی روایات کا خیال رکھیں، اس طرح سے ایوان نہ چلائیں جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ مجھے رولز بتادیں اور بعد ازاں انہوں نے ماضی کی مثال دی جس کے بعد اپوزیشن نے تکرار ترک کردی۔اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود قومی اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی اور قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا، قومی اسمبلی کل جاری مالی سال کی ضمنی گرانٹس کی منظوری دے گی اور ضمنی گرانٹس کی منظوری کے ساتھ کل قومی اسمبلی بجٹ اجلاس اختتام پذیر ہو جائے گا۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا امکان

اسلام آباد(ویب ڈیسک) اوگرا نے یکم جولائی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے 30 پیسے اضافے کی سفارش کی ہے۔اوگرا کی جانب سے یکم جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات میں رد و بدل کی سمری تیار کرلی گئی ہے، ذرائع کے مطابق یکم جولائی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے 30 پیسے اضافے کا امکان ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 30 پیسے اضافے کا امکان ہے جب کہ پٹرول کی قیمت میں 77 پیسے فی لٹیر کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 26 پیسے اضافے کی تجویز دی ہے جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 94 پیسے کمی کی سفارش کی گئی ہے۔

ڈالر کے بعد سونا بھی سستا ہوگیا

کراچی(ویب ڈیسک) سونے کی قیمت 1900 روپے کمی کے بعد 79 ہزار 600 روپے کی سطح پر آگئی۔ذرائع کے مطابق گزشتہ 2 روز کے دوران ڈالر کی قیمت میں تقریباً 8 روپے کا اضافہ ہوا تاہم آج انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے سستا ہوا اور 164.05 سے کم ہوکر 159 روپے 04 پیسے پر پہنچ گیا جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 2 روپے 50 پیسے کی کمی سے 161 روپے کی سطح پر آگئی۔ڈالر کی کمی کے بعد عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بھی کمی دیکھنے میں آئی اور فی اونس سونے کی قیمت 9 ڈالرکی کمی سے 1414 ڈالر کی سطح پر آگئی، عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی ایک ہی دن میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1900 اور دس گرام سونے کی قیمت میں 1628 روپے کی کمی ہوگئی۔قیمتوں میں کمی کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں می فی تولہ سونے کی قیمت کم ہو کر 79 ہزار 600 روپے جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت کمی کے بعد 68 ہزار 244 روپے ہوگئی۔

اُنچی اُڑان کے بعدڈالر 4 روپے سستا ہوگیا

کراچی(ویب ڈیسک)انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر 4 روپے سستا ہو گیا۔جمعہ کے روز انٹربینک میں کاروبار کے آغاز پر روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی واقع ہوئی اور کاروبار کے اختتام تک ڈالر 4 روپے سستا ہوکر 160 روپے 5 پیسے پر بند ہوا۔انٹربینک میں ڈالر کی قدر گرنے سے اوپن مارکیٹ میں بھی اس کی قیمت میں کمی ہوئی اور ایک ڈالر ڈھائی روپے سستا ہوکر 162 روپے کا ہوگیا۔

ایپل کمپنی کے عہدیدار مستعفی

لاہور(ویب ڈیسک)ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایپل کو اہم مقام دلوانے والے آئی فون کے ڈیزائنر سر جونی آئیو نے کمپنی کو خیرباد کہہ دیا۔سرجوناتھن نے آئی میک، آئی پوڈ اور آئی فون ڈیزائن کیے اور وہ تقریباً 30 سال تک اپیل سے وابستہ رہے جب کہ وہ اب ایپل کے بعد اپنی تخلیقی فرم بنارہے ہیں۔انہیں 1996 میں ایپل کے بدترین معاشی بحران کے دور میں کمپنی کے ڈیزائن اسٹوڈیو کا سربراہ مقرر کیا گیا۔جونی آئیو نے 1998 میں آئی میک اور 2001 میں آئی پوڈ متعارف کرایا جب کہ 2004 میں آئی پوڈ منی، 2007 میں آئی فون، 2008 میں میک بک ائیر، 2010 میں آئی پیڈ، 2015 میں ایپل واچ اور 2016 میں ائیرپوڈز متعارف کرائے۔جونی آئیو کا حال ہی میں ختم ہونے والا پروجیکٹ ایپل پارک ہے جو برطانوی آرکیٹیکچر کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا۔ایپل کے سربراہ ٹم کک نے کمپنی کی تجدید میں جونی آئیو کے کردار کو ناقابل فراموش قرار دیا ہے۔جونی آئیو کا کہنا ہے کہ اپیل کے ساتھ گزرے تقریباً 30 سال اور متعدد پروجیکٹ پر انہیں فخر ہے۔اس سے قبل اپریل میں ایپل کی ریٹیل چیف نے بھی اپنا عہدہ چھوڑا ہے اور سرمایہ کار آئی فون کی گرتی ہوئی فروخت سے پریشان ہیں۔

دپیکا پڈوکون اپنے والد کا کردار ادا کرنے کی خواہش مند

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے والد کے کردار سے متعلق انوکھی خواہش کا اظہار کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق دپیکا پڈوکون نے ایک چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ فلموں میں اپنے والد پراکاش پڈوکون کا کردار نبھانا چاہیں گی کیوں کہ وہ بھارت کے پہلے شخص ہیں جنہوں نے آل انگلینڈ بیڈ منٹن چیمپئن شپ جیتی تھی۔دپیکا نے یہ بھی کہا کہ میں اس بات کو سمجھتی ہوں کہ میرے سامنے صنف کا مسئلہ درپیش ہے لیکن اگر مجھے کسی کھلاڑی کا کردار ادا کرنے کا موقع ملا تو میں اپنے والد کا کردار یا اس دور کے لیجنڈ کھلاڑیوں کا کردار نبھانا پسند کروں گی۔اداکارہ نے یہ کردار ادا کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ والد نے محدود وسائل، فنڈز اور دیگر سہولیات کی کمی کے باوجود جن حالات میں کامیابیاں حاصل کیں اور ان کی لگن اور کامیابی نے انہیں جو مقام دلایا وہ قابل تعریف اور میرے نزدیک بہت اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ اب پہلے جیسے حالات نہیں ہیں۔واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون ان دنوں میگنا گلزار کی فلم ’چھپاک‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں وہ تیزاب گردی کا شکار ہونے والی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں، یہ فلم اگلے سال 2020ءمیں 10 جنوری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

رائل پام کا معاملہ شیخ رشید کے حق میں

لاہور(ویب ڈیسک)فیصلہ ریلوے کے حق میں آنے پر وفاقی وزیر شیخ رشید خوشی سے نہال شیخ رشید وزیراعظم کو میٹھائی کھلانے پہنچ گئے شیخ رشید نے وزیر اعظم کو فیصلے کی تفصیلات سے آگاہ کیا شیخ رشید نے وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو مٹھائی کھلا ئی ریلوے کا خسارہ دور ہونے میں مدد ملے گی، شیخ رشید کی وٰزیر اعظم سے گفتگو اب رائل پام کنٹری کلب کو کون چلائے گا، وزیر اعظم کا شیخ رشید سے استفسار اب انٹرنیشنل ٹینٍڈر ہوگا، عالمی سطح کی کمپنی چلائے گی، شیخ رشید کا جواب۔

فرانس میں مسجد پر فائرنگ سے امام اور نمازی شدید زخمی

پیرس(ویب ڈیسک) فرانس کی مسجد کے مرکزی دروازے پر مسلح شخص نے امام مسجد پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں امام اور ان کے ساتھی شدید زخمی ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے شمال مغربی شہر برسٹ میں واقع مسجد السنہ میں مسلح شخص نے مسجد کے مرکزی دروازے پر فائرنگ کرکے امام مسجد اور معروف مذہبی شخصیت راشد الجیئی کو زخمی کردیا۔فائرنگ کے نتیجے میں امام مسجد کے ایک ساتھی بھی شدید زخمی ہوئے، دونوں کی ٹانگوں پر 6 سے 7 گولیاں لگیں، قریبی میڈیکل اسٹور کے مالک نے ایمبولینس آنے تک دونوں کو ابتدائی طبی فراہم کی جس کے باعث ان کی جانیں بچ گئیں۔فائرنگ کے بعد مسلح شخص اپنی کار میں فرار ہوگیا جس کی تلاش میں پولیس پارٹی روانہ کردی گئیں، کار قریبی علاقے سے مل گئی جس میں مسلح شخص کی گولی لگی لاش بھی موجود تھی۔ ملزم نے اپنی کنپٹی پر گولی مار کر خودکشی کرلی تھی۔پولیس کی جانب سے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے جب کہ زخمیوں کی شناخت بھی خفیہ رکھنے کی کوشش کی گئی تاہم راشد الجیئی کو معروف شخصیت ہونے کے باعث اسپتال میں لوگوں نے پہچان لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی وجوہات کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا، یہ دہشت گردی کا واقعہ بھی ہوسکتا ہے تاہم ملزم کے خودکشی کرنے کے باعث محسوس ہوتا ہے کہ واقعہ شاید ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے۔

آج جو بھی جیتے پاکستان ڈائر یکٹ کہاں پہنچے گا؟

پاکستان:(ویب ڈیسک)ورلڈکپ 2019 کے نصف سے زائد میچز کھیلے جا چکے ہیں اور اس میں شریک تمام 10 ٹیموں کی کارکردگی بھی کھل کر سامنے آچکی ہے۔34 مقابلوں کے بعد فی الحال صرف ایک ہی ٹیم سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر پائی ہے اور وہ ہے آسٹریلیا جب کہ دیگر تین میں اپنی جگہ بنانے کے لیے بھارت، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، بنگلہ دیش، پاکستان اور سری لنکا کی دوڑ جاری ہے۔

معیشت کی بہتری کیلئے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے،آرمی چیف

پاکستان:(ویب ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مشکل معاشی صورتحال مالیاتی بدانتظامی کا نتیجہ ہے،اس حوالے سےمشکل فیصلوں سے قوموں کی کامیابی کی مثالیں موجود ہیں۔مشکل فیصلے کرنا ہونگے، انشااللہ معاشی مشکلات سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔قومی معیشت کے حوالے سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ معیشت اور سیکیورٹی کا آپس میں گہراتعلق ہے،اقتصادی استحکام کےبغیر خودمختاری کا کوئی تصور نہیں ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قومی اہمیت کے امور پر کھل کر بات کرنے کی ضرورت ہے،ملک کو مشکل معاشی حالات کا سامنا ہے۔ حکومتی اقدامات کی کامیابی کےلیے سب کو کردارادا کرناہوگا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ وقت آگیا ہے سب کو ایک قوم بن کر سوچنا ہوگا،اس طرح کے سیمیناراورمذاکرات نہایت ضروری ہیں،ہم سب کو اپنی ذمہ داری نبھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں مشکل معاشی فیصلے نہ کرنے سے مشکلات بڑھیں۔ مسلح افواج نے اقتصادی محاذمیں اپنا حصہ ڈال دیا ہے۔ معیشت کی بہتری کےلیے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملک نہیں بلکہ خطے ترقی کرتے ہیں،مشکل معاشی صورتحال مالیاتی بدانتظامی کا نتیجہ ہے، مشکل معاشی فیصلوں سے قوموں کی کامیابی کی مثالیں موجود ہیں،انشااللہ معاشی مشکلات سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔

افغان صدر اشرف غنی کی گورنر ہاﺅس میں آمد

گورنر ہاﺅس ، لاہور:(ویب ڈیسک)افغان صدر اشرف غنی کی گورنر ہاﺅس میں آمد افغان صدر اشرف غنی کی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاﺅس میں ملاقات گورنر ہاﺅس میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال امن کے فروغ کے لئے تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال اہلیہ گورنر پنجاب بیگم سرور بھی موجود

ورلڈ کپ: جنوبی افریقا کا سری لنکا کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

ڈرہم: (ویب ڈیسک)کرکٹ ورلڈکپ کے 35ویں میچ میں جنوبی افریقا نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ڈرہم کے چیسٹر لی اسٹریٹ گراو¿نڈ میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔سری لنکن ٹیم ایونٹ میں بقا کے لیے جنوبی افریقا سے ٹکرائے گی جب کہ پروٹیز ٹیم پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔سری لنکن ٹیم ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیل چکی ہے جس میں اسے 2 میں کامیابی اور 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ 2 میچز بارش کی نذر ہوئے، اس طرح پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکن ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔