وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سی پی این ای کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

لاہور(صدف نعیم سے)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سی پی این ای کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا سی پی این ای کے نو منتخب صدر عارف نظامی، سینئر نائب صدر امتنان شاہد، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک اور دیگر عہدیدران کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہارکیاانہوں نے امید ظاہر کی کہ سینئر صحافی عارف نظامی اور نومنتخب عہدیداران اپنی ان تھک محنت کی بدولت سی پی این ای کو مزید موثر اورمتحرک کرے گی،امید ہے کہ سی پی این ای کی نئی قیادت اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

پی ٹی ایم کے کچھ لوگ بیرونی ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پشتون تحفظ کے کچھ لوگ بیرونی ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور میں خیبرپختونخوا کی مختلف جامعات کے طلبہ سے ملاقات اور بات چیت کی۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پشتون تحفظ موومنٹ بذات خود کوئی مسئلہ نہیں لیکن پی ٹی ایم کے کچھ لوگ بیرونی عناصر کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، بھٹکے ہوئے لوگ عوام کے جذبات مجروح کررہے ہیں لیکن یہ منفی قوتیں اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوں گی۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم اورمسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم کردار ادا کیا، قوم اور پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دیں، قبائلی عوام دہشت گردی سے متاثر ہوئے تاہم فورسز قبائلیوں کے مسائل پر بلاتفریق کام کررہی ہیں۔سربراہ پاک فوج نے کہا کہ پاکستانیوں کا مستقبل باصلاحیت نوجوانوں سے وابستہ ہے اور پائیدارامن کی جانب پیش رفت کے لیے سماجی ترقی پہلا قدم ہے،اب وقت آگیا ہے سماجی اورمعاشی ترقی پرتوجہ دی جائے جب کہ تعلیم اہم شعبہ جس پرتوجہ کی ضرورت ہے۔

اطلاعات تھیں شہباز شریف لندن سے واپس نہیں آئیں گے: فردوس عاشق

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف لندن جا کر اپنی کرپشن کو دفن کرنا چاہتے تھے اور ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ وہ واپس نہیں آئیں گے۔ذرائع سے بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا پاکستان واپس نہ آنا ثابت کرتا ہے کہ ریڑھی والوں کے اکاﺅنٹس کے پیسے وہ انہیں دینے کو تیار نہیں، ایک بھائی فرار ہوگیا اور دوسرا فرار ہونے کی تیاریوں میں ہے، یہ لوگ این آر او لینے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ اور قومی اسمبلی میں شہباز شریف کی جگہ لیگی رکن کو پارلیمانی لیڈر نامزد کیے جانے پر اپنے ردعمل میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ لوگ اپنے گھر سے باہر چوکیدار بھی تعینات نہیں کرتے، نئی نامزدگیوں نے ثابت کردیا کہ شہباز شریف کی بیماری ڈرامہ ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی بیماری سے متعلق اب تک حتمی اطلاعات پاکستان کے عوام کے سامنے نہیں آئیں، خودساختہ جلاوطنی کے لیے ان کی صحت کے امور آڑے آئیں گے اور کسی ڈاکٹر سے رابطے کریں گے جب کہ سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر گردش کرتی ہیں جس میں انہیں شاپنگ مالز میں یا ویڈیو گیمز کھیلتے دیکھا گیا۔معاون خصوصی برائے اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ عوام کو باور کراتی رہی ہے کہ یہ لوگ لوٹے گئے پیسہ کو چھپانے کی حکمت عملی میں مصروف ہیں اور کہیں نہ کہیں عدالتوں کا سہارا لینے یا طبی بنیاد پر بیرون ملک جانے کی کوششوں میں ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریک چلانے والے انتشار کا شکار ہیں، سارا ٹبر خود ساختہ جلاوطنی کے ذریعے اپنے آپ کو ماضی میں کیے گئے کاموں پر بے نقاب کرنے میں مصروف ہے۔

صوبائی وزیراطلاعات صمصام بخاری کی سی پی این ای کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

لاہور (صدف نعیم سے) صوبائی وزیراطلاعات وثقافت سید صمصام علی بخاری نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای)کے نئے منتخب ہونے والے عہدیداران کو مبارکباددی ہے۔ انہوں نے سی پی این ای کے نومنتخب صدر عارف نظامی، سینئر نائب صدر امتنان شاہد اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک کے لئے اپنے تہنیتی پیغام میں امید ظاہرکی ہے کہ سی پی این ای کی نئی قیادت حکومت اور میڈیا کے درمیان خوشگوار تعلقات کے قیام میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے مسائل کے ہر ممکن حل کے لیے کوشاں ہے۔ جمہوریت اور آزادی اظہار آپس میں لازم و ملزوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے۔صحافت ریاست کے چوتھے ستون کے طور پر اہم خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

قبائلی نوجوانوں کو اکسانے کیلئے بیرون ملک سے سازش ہورہی ہے، وزیراعظم

مہمند(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قبائلی نوجوانوں کو اکسانے کے لیے بیرون ملک سے سازش ہورہی ہے۔ضلع مہمند میں ڈیم کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جو کام انہوں نےکیا وہ کام عدلیہ کا نہیں حکومت کا تھا تاہم سابق چیف جسٹس نے مجبوری میں ڈیمز بنانے کی ذمہ داری اٹھائی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج نے وادی تیراہ میں امن کی بڑی جنگ لڑی، پاک فوج کو تیراہ سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے پر سلام پیش کرتاہوں، اس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بیروزگاری ہے، ملک میں جتنازیادہ امن ہوگا اتنی سرمایہ کاری آئے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں حکومتیں عوام کے بارے میں سوچنے میں ناکام رہیں تاہم ہم نے پاکستان کو چین کی طرح ترقی یافتہ بنانا ہے، چین نے غریب لوگوں کو اوپر اٹھا کر ترقی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو، افغانستان سے تجارت کھولنے کا مطالبہ پورا کروں گا جب کہ قبائلی نوجوانوں کو اکسانے کے لیے بیرون ملک سے سازش ہورہی ہے لہذا قبائلی علاقوں کو اٹھانے کے لیے چاروں صوبے 3 فیصد شیئر دیں۔وزیراعظم نے کہا کہ آپ پر کوئی الزام لگتا ہے تو جواب دیں، میں نےایک سال میں 60 دستاویزات عدالت میں پیش کیں، طاقتور سے پیسے کا حساب مانگو تو سیاسی انتقامی کارروائی کا الزام لگاتا ہے، ان پر کرپشن کا الزام ہے تاہم بجائے صفائی پیش کرنے کے پارلیمنٹ میں شور مچایا جارہا ہے اور کہتے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پیسہ چوری کرنے والا کہتا ہے کہ باہر جاکرعلاج کراناہے، ایسے ملک نہیں چلتا، اربوں روپے کی چوری میں ملوث شخص کہتا ہے ذہنی دباﺅ ہے، 10 سالوں میں ملک کا قرضہ 6 ہزار ارب سے 30 ہزار ارب تک پہنچ گیا، اپوزیشن کے شور کا مقصد این آر او مانگنا ہے تاہم کرپٹ لوگوں کو این آر او دیا تو قوم سے غداری کروں گا۔

وزیراعظم عمران خان نے مہمند ڈیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

مہمند(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے مہمند ڈیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے مہمند ڈیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، تقریب میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سمیت وفاقی وزراءاور چیئرمین واپڈا لیفٹینٹ ریٹائرڈ مزمل حسین نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم عمران خان
ضلع مہمند میں ڈیم کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جو کام انہوں نےکیا وہ کام عدلیہ کا نہیں حکومت کا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے وادی تیراہ میں امن کی بڑی جنگ لڑی، پاک فوج کو تیراہ سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے پر سلام پیش کرتاہوں جب کہ قبائلی نوجوانوں کو اکسانے کے لیے بیرون ملک سے سازش ہورہی ہے۔
وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ا?بی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ 34 سال پہلے بننے والے ڈیمز اب تک کیوں نہ بنے جب کہ وزیراعظم احتساب کا عمل کبھی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مجھے سکھایا تھا کہ کرسی اہم نہیں ہوتی کام اہم ہوتاہے، دشمن قوتوں نے ملک کو بنجر بنانے کی پوری کوشش کی، یہ قوم ملک کے لیے مہنگائی سمیت ہر پریشانی برداشت کرنے کے لیے تیار ہے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ قوم نے وزیراعظم کو ووٹ اس لیے دیا ہے کہ ان ڈاکوو¿ں سے پیسہ وصول کریں، اس قوم کے ساتھ بڑا ظلم ہوا ہے، قوم کہتی ہے کہ 200 روپے کا پیٹرول بھی برداشت کرلیں گے اور پیٹ پر پتھر بھی باندھ لیں گے لیکن احتساب کا عمل کسی صورت ختم نہیں ہوگا۔
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار
اس موقع پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اس ڈیم کے لیے جو آپ زمین کا ٹکڑا دے رہے ہیں اس کا احسان نہیں چکاسکتے، ڈیم کے لئے اپنی زمین دینے سے بڑی قربانی اور کوئی نہیں ہوسکتی، ڈیم کے حوالے سے اپنا فرض ادا کیا کوئی احسان نہیں کیا،امید ہے یہ ڈیم اپنے مقررہ وقت پر پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔واضح رہے کہ مہمند ڈیم کی اونچائی 700 فٹ ہے جب کہ ڈیم 800 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے مہمند ڈیم میں 1293 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی جب کہ منصوبے پر کام جولائی 2024 میں مکمل ہو گا۔

شہباز شریف کی جگہ رانا تنویر پی اے سی کے چیئرمین نامزد

لاہور(ویب ڈیسک)مسلم لیگ (ن) نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جگہ رانا تنویر کو پی اے سی کا چیئرمین نامزد کردیا۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی جگہ سابق وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا چیئرمین نامزد کردیا اور اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ان دنوں علاج کی غرض سے لندن میں ہیں جس کی وجہ سے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے اجلاس نہیں ہورہے ہیں، اسی وجہ سے پارٹی کی جانب سے رانا تنویر احمد کو پی اے سی کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔واضح رہے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے رانا تنویر قومی اسمبلی میں (ن) لیگ کے پارلیمانی لیڈر تھے لیکن اب ان کی جگہ سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف کو پارلیمانی لیڈر نامزد کردیا گیا ہے۔

40 سال سے ملک میں ڈاکے مارنے والے اور اندھیروں میں دھکیلنے والے درس دے رہے ہیں، فیصل واوڈا

مہمند(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ قوم 200 روپے کا پیٹرول بھی برداشت کرلے گی اور پیٹ پر پتھر بھی باندھ لے گی۔مہمند ڈیم منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ 40 سال سے ملک میں ڈاکے مارنے والے اور اندھیروں میں دھکیلنے والے درس دے رہے ہیں کہ ہمیں حکومت کیسے چلانی ہے، ہمیں کہتے ہیں کہ مہنگائی ہوگئی۔فیصل واوڈا نے کہا کہ قوم نے وزیراعظم کو ووٹ اس لیے دیا ہے کہ ان ڈاکوﺅں سے پیسہ وصول کریں، اس قوم کے ساتھ بڑا ظلم ہوا ہے، قوم کہتی ہے کہ 200 روپے کا پیٹرول بھی برداشت کرلیں گے اور پیٹ پر پتھر بھی باندھ لیں گے لیکن احتساب کا عمل کسی صورت ختم نہیں ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے مجھے سکھایا تھا کہ کرسی اہم نہیں ہوتی کام اہم ہوتاہے، دشمن قوتوں نے ملک کو بنجر بنانے کی پوری کوشش کی، یہ قوم ملک کے لیے مہنگائی سمیت ہر پریشانی برداشت کرنے کے لیے تیار ہے۔فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ مہمند اور دیامر بھاشا ڈیم کو ملاکر 25 سے 28 ہزار نوکریاں ہیں جو ہم دیں گے، رمضان المبارک کے پہلے 10 روز میں اپنی مدد آپ سے 200 سے 400 نوکریاں دیں گے۔

سپریم کورٹ نے لال مسجد آپریشن از خود نوٹس نمٹا دیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) حکومت کی جانب سے جامعہ حفصہ کی تعمیر اور زمین دینے کی یقین دہانی پر سپریم کورٹ نے لال مسجد آ پریشن از خود نوٹس کیس نمٹا دیا۔جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے لال مسجد آ پریشن از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے حکومت کی جانب سے جامعہ حفصہ کی تعمیر اور زمین دینے کی یقین دہانی پر از خود نوٹس کیس نمٹا دیا۔اٹارنی جنرل نے لال مسجد اور جامعہ حفصہ سے متعلق سربمہر رپورٹ جمع کراتے ہوئے کہا کہ حساس معاملہ ہونے کے باعث سربمہر رپورٹ پیش کررہا ہوں۔ جسٹس یحییٰ آ فریدی نے کہا کہ اگر سربمہر رپورٹ سے متعلق کوئی قانون نہیں تو رپورٹ دیکھنا فریقین کا حق ہے۔جسٹس گلزار نے کہا کہ جامعہ حفصہ سے متعلق رپورٹ میں ایسی کوئی خفیہ بات نہیں، یہ تو ایک مجسٹریٹ کا دستخط شدہ کاغذ ہے، کیا آپ جامعہ حفصہ کو پلاٹ دے رہے ہیں؟۔ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ پہلے پلاٹ کے برابر 200 گز کا پلاٹ جامعہ حفصہ کی تعمیر کیلئے دیا جائے گا، سپریم کورٹ کے سابقہ حکم مطابق جامعہ حفصہ حکومتی ملکیت ہوگی۔جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ ہمارے سامنے صرف پلاٹ کا ہی ایشو ہے باقی معاملات حکومت جانے، ہم کسی بھی نئے ایشو میں نہیں جائیں گے۔ جسٹس یحییٰ آ فریدی نے کہا کہ عدالت پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی۔جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ حکومتی جائیداد پر تعمیر ہونے والا مدرسہ بھی حکومت کا ہوگا، جب پلاٹ حکومت دے رہی ہے تو پھر کنٹرول بھی حکومت کا ہی ہو گا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ زمین اور تعمیر کی یقین دہانی کے بعد کیس چلانے کا مقصد نہیں رہتا۔ یہ کہہ کر عدالت نے لال مسجد آپریشن از خود نوٹس نمٹادیا۔وکیل لال مسجد نے کہا کہ کیس میں بہت سے ایشوز ہیں ایسے ختم نہیں کیا جاسکتا، یہ کیس صرف ایک پلاٹ کیلئے نہیں تھا، دیت ،لال مسجد آپریشن سمیت مختلف ایشوز تھے۔ جسٹس گلزار نے کہا کہ جو ایشو ہیں بتا دیں سن لیتے ہیں، دیت کا فیصلہ تو سیشن کورٹ کرے گی، کیس نمٹا چکے ہیں لیکن آپکے ایشوز کو وقفہ کے بعد سن لیں گے۔