عراق کی امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی پیشکش

بغداد(ویب ڈیسک) عراق کے وزیر دفاع علی الحاکم نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمسائے ملک پر عائد اقتصادی پابندیوں پر جنگی تناو? پر دونوں ممالک کے درمیان مصالحت کے خواہاں ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے وزیر دفاع محمد ظریف نے بغداد میں عراقی ہم منصب علی الحاکم سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس خطاب کرتے ہوئے عراق کے وزیر دفاع علی الحاکم نے امریکا اور عراق کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی۔عراقی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ہمسائے ملک پر اقتصادی پابندیاں خطے میں عدم استحکام کا باعث ہے، سخت اقتصادی پابندیوں پر ایران کی مدد کریں گے اور امریکا سے پابندیوں کو نرم کرنے کے لیے بات چیت بھی کریں گے تاکہ خطے میں جنگ کا خطرہ ٹل جائے۔اس موقع پر ایران کے وزیر دفاع محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلق رکھنا چاہتے ہیں تاہم کسی بھی قوت کی جانب سے مسلط کی گئی معاشی یا جنگی جارحیت پر اپنا دفاع خود کر ے گا۔ایران کے وزیر دفاع محمد ظریف نے یورپی ممالک سے عالمی جوہری توانائی معاہدے کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا اور امریکا کے معاہدے سے نکل جانے کو عالمی امن کو تباہ کرنے کی سازش قرار دیا۔

تعلیم حاصل کریں، صحت مند رہیں اور طویل عمر پائیں، نئی تحقیق

لندن(ویب ڈیسک) ایک سائنسی سروے سے معلوم ہوا ہے کہ جو طلبا و طالبات اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہیں وہ دیگر کے مقابلے میں صحت مند رہتے ہیں اور ان میں دل کے امراض اور فالج کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے، یعنی ہر 3.6 اضافی سال تعلیم کے بدلے طالب علموں کے باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی) میں ایک یونٹ کی کمی ہوتی ہے۔مطالعہ سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ عین پڑھائی کی مدت میں طلبا و طالبات بلند فشارِ خون (بلڈ پریشر) سے بھی محفوظ رہتے ہیں جو لامحالہ امراضِ قلب، فالج اور دیگر بیماریوں کو جنم دیتا ہے۔برطانیہ کی چار ممتاز جامعات نے یہ تفصیلی سروے کیا ہے جن میں آکسفورڈ، کیمبرج، یونیورسٹی آف برسٹل اور امپیریل کالج لندن شامل ہیں۔ اگرچہ اس میں جسمانی وزن، تمباکو نوشی اور دیگر عوامل کو بھی شامل کیا گیا تھا تاہم ماہرین نے نتیجتاً کہا ہے کہ ہر اضافی ساڑھے تین سال کی تعلیم دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرتی ہے۔واضح رہے کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد اپنی صحت اور دیگر طرز زندگی کا زیادہ شعور رکھتے ہیں اور وہ کم کم بیمار ہوتے ہیں لیکن اس تحقیق میں دیگر عوامل بھی دیکھے گئے ہیں۔اس تحقیق میں 20 ہزار طلبا و طالبات کے علاوہ دیگر 10 لاکھ افراد کا بھی مطالعہ کیا گیا ہے۔ ماہرین نے ان کے ڈی این اے کے ایک مقام سنگل نیو کلیوٹائڈ پولی پارفزم (ایس این پی) پر بھی غور کیا ہے جو تمباکو نوشی، بی ایم آئی اور بلڈ پریشر کے لیے ایک بایو مارکر کے طور پر بھی استعمال ہوتا ہے۔ ماہرین نے یہ جینیاتی تعلق بھی تعلیم یافتہ لوگوں میں بطورِ خاص نوٹ کیا ہے۔ماہرین نے بتایا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ طلبا و طالبات کی 40 فیصد تعداد کم بی ایم آئی، مناسب بلڈ پریشر اور تمباکو نوشی کی جانب رغبت نہ رکھتے ہوئے دل کے امراض اور فالج سے محفوظ رہتی ہے۔اگرچہ اعلیٰ تعلیم اور اس کا شعور بھی اپنی جگہ اہمیت رکھتا ہے لیکن اس رپورٹ میں زور دے کر کہا گیا ہے کہ عام ان پڑھ افراد بھی باقاعدہ ورزش، تمباکو نوشی سے اجتناب اور خوراک کا خیال رکھتے ہوئے ان بیماریوں سے دور رہ سکتے ہیں۔ اگر اس پر عمل کرلیا جائے تو 80 فیصد تک ان بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔

چین کی حیران کن رفتار والی ٹرین

چین (ویب ڈیسک) چین نے ایسی مسافر ٹرین کو تیار کیا ہے جس کی رفتار 373 میل فی گھنٹہ ہے اور اس کی آزمائش شروع کردی گئی ہے۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق یہ ٹرین چائنہ ریلوے رولنگ اسٹاک کارپوریشن (سی آر آر سی) نے تیار کی ہے اور اس کی مکمل پروڈکشن 2021 میں شروع ہونے کا امکان ہے۔373 میل فی گھنٹہ کی رفتار اتنی زیادہ ہے کہ یہ بیجنگ سے شنگھائی کے درمیان کا فاصلہ محض ساڑھے 3 گھنٹے میں طے کرنا ممکن ہوجائے گا جبکہ لاہور سے کراچی کا فاصلہ یہ ٹرین 2 گھنٹے سے بھی کم وقت میں طے کرسکے گی۔سی آر آر سی کے ڈپٹی چیف انجینئر ڈینگ سان سان کے مطابق اس وقت بیجنگ اور شنگھائی کے درمیان طیارے سے پہنچنے میں ساڑھے 4 گھنٹے لگتے ہیں۔یہ ٹرین مقناخیزی نظام کے تحت سفر کرے گی یعنی ٹرین پٹری کے مقناطیسی میدان پر ہوا میں معلق ہوکر چلتی ہے۔چین میں اس طرح کا دنیا کا تیز ترین کمرشل مقناخیزی سسٹم کام کررہا ہے جو اس وقت 267 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کی سہولت شنگھائی ائیرپورٹ سے شہر کے وسط تک فراہم کرتا ہے۔یہ پہلی ٹرین نہیں جو اتنی تیز رفتار ہو، جاپان میں اسی طرح کی ٹرین نے 2015 میں 375 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔ابھی بھی جاپان ٹوکیو اور ناگویا کے درمیان 314 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑنے والی مقناخیزی ریل لائن پر کام کررہا ہے جس کا 2027 تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔

چاند کی رویت سے متعلق سرکاری ویب سائٹ لانچ

لاہور (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے مطابق چاند کی رویت اور اس حوالے سے دیگر تفصیلات کی معلومات کے لیے سرکاری ویب سائٹ لانچ کردی گئی۔سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مختصر پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ چاند کی رویت کے لیے پاکستان کی ویب سائٹ (http://www.pakmoonsighting.pk) لانچ کردی گئی۔چاند کی رویت کے حوالے سے بنائی گئی ویب سائٹ پر وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے عیدالفطر کی تاریخ کا اعلان بھی کردیا گیا ہے، ویب سائٹ کے مطابق عیدالفطر 5 جون 2019 (بروز بدھ) ہوگی۔اس سے قبل 20 مئی کو فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے سائنسی بنیادوں پر چاند دیکھنے کے معاملے کے لیے قمری کیلنڈر تیار کرلیا، یہ قمری کیلنڈر 5 سال کے لیے تیار کیا گیا ہے اور 5 سال بعد اس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ‘کیلنڈر میں سائنسی طور پر بتایا گیا ہے جس میں پاکستان کی حدود میں چاند کن کن تاریخوں میں نظر آئے گا، غروب ہوگا اور اس پر گرہن کب لگے سے متعلق معلومات ہوں گی’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘قمری کیلنڈر سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کیلنڈر جاری کرنے سے قبل علما سے بھی مشاورت کی جائے گی اور اس سلسلے میں مفتی منیب الرحمٰن اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو دعوت دی جائے گی’۔واضح رہے کہ چند روز قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ‘وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی قمری کیلنڈر 15ویں روزے کو کابینہ کو بھجوائے گی، اب یہ کابینہ پر منحصر ہے کہ وہ چاہے تو منظور کرے یا مسترد کردے۔’انہوں نے کہا کہ مفتی منیب الرحمٰن سمیت دیگر تمام علما کا احترام ہے، وہ علما آج چاند دیکھتے ہیں جنھیں پاس بیٹھا شخص بھی دکھائی نہیں دیتا۔انہوں نے کہا کہ جدید دوربین کو حرام قرار دینے کی سمجھ نہیں آتی جبکہ ہماری پرانی دور بین سو سال پرانی ہے، نماز کے اوقات سورج سے منسلک ہیں اسی طرح چاند کا مسئلہ بھی ایسا ہی ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چاند دیکھنا سائنسی علم ہے اور مذہب انسان کا ذاتی عمل ہے، ہم قوم کے سامنے متبادل طریقہ کار رکھیں گے۔اس سے ایک روز قبل فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چاند کی رویت کا تنازع حل کرنے کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ٹوئٹر’ پر اپنے پیغام میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا تھا کہ کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس کے مطابق چاند کی رویت کے معاملے پر وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی 5 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔5 مئی 2019 کو پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے آئندہ 10 سال تک اسلامی کلینڈرز کے تعین اور چاند کی رویت کے معاملے میں اختلافات کو دور کرنے کے لیے ایک کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا۔یہ اعلان وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا تھا، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چاند کے معاملے پر تنازع کو ختم کرنے کے لیے ایک کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو آئندہ 10 سال کے لیے اسلامی کلینڈر کی تاریخ کا تعین کرے گی۔

پاکستانی معیشت آئی ایم ایف کی یرغمال بن چکی ہے،حمزہ شہباز

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈوبتی معیشت کے پیچھے نیب کا بڑا ہاتھ ہے، دوسری طرف پاکستانی معیشت آئی ایم ایف کی یرغمال بن چکی ہے۔ان خیالات کا اظہار وہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کر رہے تھے، حمزہ شہباز نے کہا کہ اس ملک کو نیب نے یرغمال بنا لیا ہے، غریب آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہوگئی ہے۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ کنٹینر پر چڑھ کر سہانے خواب دکھائے گئے تھے، آج قوم پوچھتی ہے کہاں ہے وہ نیا پاکستان۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ میٹرو بس کے پی کا تخمینہ ایک کھرب سے تجاوز کر چکا ہے، نیب خسرو بختیار سے کیسز سے متعلق نہیں پوچھتی، لیکن نواز شریف، شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی نظر آتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ احتساب تو مشرف نے 10 سال شریف خاندان کا کیا تھا، ہم دوغلے احتساب اور گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے، اللہ نالائقوں کے شر سے پاکستان کو بچائے، نئے بجٹ میں 700 ارب کے نئے ٹیکس لگنے والے ہیں۔خیال رہے کہ حکومت پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی جانب سے مسلسل تنقید جاری ہے، آج لاڑکانہ میں بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کو پتا ہونا چاہیے کہ ان کا حق کہاں کہاں چھینا جا رہا ہے، عوام کو اس بارے بتایا جائے، اسلام آباد میں بیٹھ کر فیصلے کٹھ پتلی کر رہا ہے جسے ہم برداشت نہیں کر سکتے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان وارم اپ میچ بارش کی نذر

کارڈف (ویب ڈیسک) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ورلڈ کپ کا وارم اپ میچ بارش منسوخ کردیا گیا۔عالمی کپ سے قبل آخری مرتبہ پریکٹس کے لیے پاکستان کی ٹیم کو آج کارڈف میں بنگلہ دیش سے مقابلہ کرنا تھا لیکن مستقل بارش کے سبب دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع نہیں ہو سکا۔اس دوران ایمپائرز نے میچ شروع کرنے کے لیے کئی مرتبہ میدان کا معائنہ کیا لیکن وقفے وقفے سے جاری بارش کے سبب میچ کو منسوخ کردیا گیا اور میچ میں ٹاس کی نوبت بھی نہ آ سکی۔پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں افغانستان کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس میچ کے بارش کی نذر ہو جانے کے سبب اب پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ سے قبل مزید پریکٹس کا موقع نہیں مل سکے گا۔یاد رہے کہ عالمی کپ سے قبل شیڈول 13 میچوں میں سے پاکستانی ٹیم مسلسل 11 میچ ہار چکی ہے جبکہ دو میچ بارش کی نذر ہوئے۔پاکستانی ٹیم 31مئی سے ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گی۔

کورین ڈائریکٹر نے کانز فلم فیسٹیول کا اعلیٰ ترین اعزاز حاصل کرلیا

کانز(ویب ڈیسک) جنوبی کوریا کے ڈائریکٹر بونگ جون ہو نے فلم ‘پیراسائٹ’ کے لیے کانز فلم فیسٹیول کا اعلیٰ ترین اعزاز ‘پام ڈور’ حاصل کرلیا۔پیراسائٹ، طنز و مزاح سے بھرپور فلم ہے جس کی کہانی دولت مند خاندان میں ملازمت حاصل کرنے والے غریب خاندان پر مبنی ہے۔یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد ‘پیراسائٹ’ فلم، ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی کورین فلم بن گئی ہے۔عالمی میلے کی اختتامی تقریب میں جیوری کے صدر الیجاندرو اناریتو نے کہا کہ 9 افراد پر مشتمل جیوری نے اتفاق رائے سے یہ فلم منتخب کی تھی۔سنو پائرسر اور اوکجا کے ڈائریکٹر کی اب تک کی بہترین فلم تھی جس نے رواں برس کانز میں بھر پور پذیرائی حاصل کی تھی۔خیال رہے کہ کانز فلم فیسٹیول میں ایشیائی ڈائریکٹر کی یہ لگاتار دوسری کامیابی ہے، گزشتہ برس جاپان فلم ساز ہیروکازو کور-ایڈا کی فلم ‘شاپ فلٹرز’ نے یہ ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔دو سال قبل بونگ جون ہو کی فلم اوکجا کانز کے مقابلے میں نامزد کی گئی تھی، یہ فلم شمالی امریکا میں نیٹ فلیکس نے ڈسٹری بیوٹ کی تھی۔اس کے بعد نیٹ فلیکس کی جانب سے ریلیز کی گئی ایک اور فلم نوح باﺅم باچ کی فلم ‘دی میرووٹز اسٹوریز’ نے کانز میں پذیرائی حاصل کی تھی۔بعد ازاں کانز نے مقابلے میں شریک تمام فلموں کے لیے فرنچ تھیٹریکل ڈسٹری بیوشن لازمی قرار دیا تھا اس وجہ سے نیٹ فلیکس مقابلے سے دستبردار ہوگیا۔مقابلے کا دوسرا اہم اعزاز، دی گرینڈ پرائز سینیگال نڑاد فرانسیسی ڈائریکٹر میٹی ڈیوپ کی فلم ‘ اٹلانٹکس’ نے حاصل کیا۔خیال رہے کہ میٹی ڈیوپ کانز مقابلے کی دوڑ میں شامل ہونے والی پہلی سیاہ فام خاتون ڈائریکٹر ہیں۔بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے 2 بھائیوں جین پائیر اور لک ڈارڈین نے ‘ینگ احمد’ کے لیے بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ حاصل کیا۔انتونیو باندیرس نے ‘پین اینڈ گلوری’ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا جبکہ برطانوی اداکارہ ایمیلی بیچم نے ‘لٹل جوئے’ پر بہترین اداکارہ کا اعزاز اپنے نام کیا۔تاہم کچھ لوگوں کی جانب بونگ جون ہو کو بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ دیے جانے پر تنقید کی گئی، بعض افراد کو ا±مید تھی کہ کانز دوسری مرتبہ خاتون فلم ساز کو پام ڈور ایوارڈ دے کر تاریخ رقم کرے گا۔سیلین اسکیاما کی فلم ‘پورٹریٹ آف اے لیڈی آن فائر’ بھی پام ڈور ایوارڈ کی دوڑ میں شامل تھی تاہم اس فلم نے بیسٹ اسکرین پلے کا اعزاز حاصل کیا۔

عمران خان کا مودی کو ٹیلی فون ،انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے پڑوسی ملک بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کر کے دوسری بار انتخابات میں جیت پر مبارک باد دی۔تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کر کے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم سے کہا کہ خواہش ہے اپنے عوام کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں۔ٹیلی فونک رابطے میں وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔یاد رہے کہ تین دن قبل بھی وزیر اعظم عمران خان نے انتخابات میں کام یابی پر ٹویٹر پر نریندر مودی کو مبارک باد دی تھی، جس کا بھارتی وزیر اعظم نے شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے لکھا کہ نریندر مودی اور ان کے اتحادیوں کو الیکشن جیتنے پر مبارک باد دیتا ہوں، نریندر مودی کے ساتھ خطے میں امن، ترقی اور خوش حالی کے لیے کام کرنے کا خواہش مند ہوں۔واضح رہے کہ بھارت کے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں نے 345 نشستیں اپنے نام کی ہیں۔