لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر خارجہ خورشید قصوری نے کہا ہے کہ و زیراعظم کا دورہ چین بہت اہمیت کا حامل ہے۔اس دورے سے پاکستان کی بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔چین نے ہر نازک وقت پر پاکستان کا ساتھ دیا چین کی سپورٹ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ رہی۔چین چاہتا ہے پاکستان اپنا اندرونی نظام بہتر کرے۔ چینل فائیو کے پروگرام ”نیوز ایٹ سیون“ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے بہت تشویش میں مبتلا ہے۔ٹرمپ کاروباری ذہن کا مالک ہے وہ چاہتا ہے کہ اگر امریکہ بھارت کی حمایت کرتا ہے تو بدلے میں بھارت کو بھی کچھ کرنا پڑے گا۔اس وقت بھارت امریکہ کا حکم مان لے گا۔ائرمارشل ر شاہد لطیف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ چین انہی دوروںکی کڑی ہے جس کے تحت پاکستان کے تعلقات چین سے مضبوط ہوئے سی پیک ایک سٹریٹجک منصوبہ ہے اس سے پاکستان کی معیشت بہتر ہو گی۔پاکستان کے چین سے تعلقات کا ایک خاص مقام ہے پاکستان کو مزید اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔ایران کے حوالے سے پاکستان کا بیان قومی سلامتی کے خلاف نہیں۔تجزیہ کار افتخار احمد نے کہا کہ کسی کو ایسے نام سے پکارنا جو اس سے متعلق نہ ہو مناسب نہیں اس سے اختلافات بڑھتے ہیں سیاسی مخالفت اپنی جگہ لیکن یہ کوئی سیاست نہیں کہ کسی کو دوسرے ناموں سے بلایا جائے۔ اس سے ذاتیات پر حملے بڑھیں گے۔اسمبلی اراکین کو چاہئے عوامی مسائل حل کریں۔مسلم لیگ ن کا لہجہ دھیما ہے شاید وہ کسی ریلیف کی منتظر ہے۔شوکت بسرا ہے کہا کہ ملک میں معاشی چیلنز ہیں لیکن چالیس سالوں کی گندگی محض آٹھ ماہ میں صاف نہیں ہو سکتی ہمیں لٹا ہوا پاکستان ملا۔ہمیں پتہ تھا حالات خراب ہیں لیکن اب پتہ چلا حالات بہت خراب ہیں۔
Monthly Archives: April 2019
سیاستدانوں کی لفظی جنگ میں عوامی مسائل پیچھے چلے گئے :معروف صحافی ضیا شاہد کی چینل ۵ کے پروگرام ” ضیا شاہد کے ساتھ “ میں گفتگو
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل ۵ کے تجزیوں و تبصروں پرمشتمل پروگرام ”ضیا شاہد کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار ضیا شاہد نے کہا ہے کہ اگر عمران خان نے بلاول بھٹو کو صاحبہ کہہ دیا ہے اور بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو چھوٹا آدمی کہہ دیا ہے تو ایسا پارلیمانی جمہوریت میں لفظی جنگ جاری رہتی ہے۔ نہ تو بلاول کے کہنے سے عمران خان چھوٹا آدمی ہو جائے گا اور نہ ہی عمران خان کے کہنے پر بلاول بھٹو صاحبہ ہو جائے گا۔ عمران خان ملک کے وزیراعظم ہیں وہ عمران خان ہی رہیں گے اس طرح بلاول بھٹو زرداری ایک پارٹی کے سربراہ ہیں پڑھے لکھے ہیں وہ بلاول بھٹو زرداری ہی رہیں گے۔ یہ اتنی سیریس بات نہیں ہے کہ اس کے لئے اسمبلی میں سپیکر کا گھیراﺅ کیا جائے یا اسمبلی میں ہنگامہ کیا جائے۔ اصل بات تو یہ ہے کہ عوام کے ایشوز لوگوں کے مسائل پیچھے چلے گئے ہیں اور فروعی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔ مثال کے طور پر سندھ کے مسائل ہیں جہاں پولیس مقابلوں میں لوگ مارے جا رہے ہیں، ہسپتالوں کی بری حالت ہے، دارالصحت ہسپتال کو بند نہیں کیا گیا۔ صرف ڈسپنسری بند کی گئی۔ ہسپتال سیل نہیں ہوا ڈنڈی ماری گئی ہے اور صرف دکھانے کے لئے کارروائی کی گئی ہے۔ جہاں تک سندھ میں 1500 گھوسٹ ڈاکٹروں کا معاملہ ہے تو یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔ تحقیقات ہونی چاہئے کہ اس سکینڈل کے پیچھے کون ہے کہ 1500 ڈاکٹر گھر بیٹھے تنخواہیں لے رہے تھے۔ لازماً اس کے پیچھے کوئی پیچھے کوئی بگ گن ہو گی۔ جب تک کوئی بڑا آدمی پیچھے نہ ہو ایسا کام نہیں ہو سکتا۔ اب مرتضیٰ وہاب کہہ رہے ہیں کہ مرکز نے صوبہ سندھ کے پیسے روکے ہوئے جس کی وجہ سے مسائل ہیں۔ میں نہیں سمجھتا کہ مرکز سے پیسے نہ ملنے کی وجہ سے سندھ کے مسائل ہیں۔ اگر پولیس مقابلے ہو رہے اور ہسپتالوں کی غلط انجکشن لگانے سے ہلاکتیں ہوتی ہیں۔ کسی ہسپتال میں بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا جاتا ہے تو اس سے مرکز سے ملنے والے فنڈ کا کیا تعلق ہے۔ پہلے قائم علی شاہ وزیراعلیٰ تھے تو تب بھی مسائل تھے پھر نوجوان وزیراعلیٰ آئے تو لوگوں کو بڑی توقعات تھیں مگر مراد علی شاہ کے آنے کے بعد بھی مسائلل جوں کے توں ہیں۔ بڑے دعوے کئے گئے کہ کچرا کا معاملہ حل ہو گا۔ پانی، بجلی، گیس کے مسائل حل کئے جائیں گے ہسپتالوں کے معاملات ٹھیک ہو جائیں گے مگر کچھ بھی تبدیل نہیں ہوا۔
‘بیرون ملک علاج کی درخواست نے ثابت کردیا نواز شریف جیل سے نجات چاہتے ہیں’
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی بیماری کے ڈرامے کا بھی کلائمکس آن پہنچا، بیرون ملک علاج کی درخواست نے ثابت کردیا کہ میاں صاحب جیل سے نجات چاہتے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے حوالے سے کہا کہ وہ کرپٹ ٹولے کی ترجمان ہیں، ان کی ترجمانی پاپڑ والے سے نکلنے والے اربوں روپے نہیں چھپا سکتی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ‘بلاول صاحب آپ کوعوام کے درد کا احساس ہونا کسی تعجب سے کم نہیں، آپ کو مہنگائی کا احساس ہے تو ابو اور پھوپھو سے کہیں لوٹی ہوئی دولت واپس کر دیں’۔معاون خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں جماعتوں نے غریب کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا، کسی نے چوری اور سینہ زوری دیکھنی ہو تو اپوزیشن کی تقریریں اور بیانات دیکھ لے۔فردوس عاشق اعوان نے بلاول کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ ٹھاٹھ باٹھ سے رہتے ہیں، آپ کوکیا معلوم بنیادی ضروری اشیاءکی قیمتیں کیا ہیں؟ بلاول روزمرہ کی چیزوں کے نرخ بتا دیں تو یہ کسی معجزے سے کم نہیں ہوگا’۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ معاشی حالات کی ذمہ دار پی پی اور ن لیگ ہیں، بلاول عوام پر مسلط ہونے کیلئے لوگوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستان کے عوام باشعور ہیں انہوں نے موروثی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے حوالے سے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شاہ محمود قریشی، وزیراعظم عمران خان کی ٹیم کا حصہ ہیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا رجمنٹل سینٹر آزاد کشمیر کا دورہ
راولپنڈی(ویب ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے رجمنٹل سینٹر آزاد کشمیر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل شیر افگن کو اے کے رجمنٹ کے کرنل کمانڈنٹ کے بیج لگائے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے یاد گارِ شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر جوانوں اور افسران سے خطاب میں آرمی چیف نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں رجمنٹ کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر بھی موجود تھے جبکہ تقریب میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران اور جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
نواز شریف نے بیرون ملک علاج کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی
اسلام آباد(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف نے بیرون ملک علاج کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے 15 صفحات پر مشتمل نظر ثانی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت عظمٰی نے 26 مارچ کو 6 ہفتوں کے لیے مشروط ضمانت دی تھی، ضمانت طبی بنیادوں پر دی گئی، 26 مارچ کے حکم نامے میں کہا گیا کہ نوازشریف 6 ہفتوں کے دوران ملک چھوڑ کر نہیں جاسکتے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف کے پاکستان میں علاج کرانے کی پابندی پر نظر ثانی کی جائے، نواز شریف کا علاج اسی ڈاکٹر سے ممکن ہے جس نے برطانیہ میں ان کا علاج کیا تھا سپریم کورٹ نے لکھوائے گئے حکم نامے میں کہا ہے کہ نواز شریف ضمانت میں توسیع کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں تاہم تحریری حکم نامے میں ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کاحصہ شامل نہیں ہے۔سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نواز شریف کی مکمل صحت یابی 6 ہفتوں میں ناممکن ہے جب کہ پاکستان، برطانیہ، امریکا اور سوئٹزرلینڈ کے طبی ماہرین کے مطابق نواز شریف کی زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو دل اور گردوں کے امراض لاحق ہیں، اس کے علاوہ سابق وزیراعظم ہائی بلڈ پریشر، شوگر اور گردوں کے تیسرے درجے کی بیماری میں مبتلا ہیں لہذا صرف پاکستان کے اندر نواز شریف کو علاج کے لیے پابند کرنے کے 26 مارچ کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔
عمران خان آل ٹائم ورلڈکپ بیسٹ الیون کے کپتان مقرر
لاہور(ویب ڈیسک)آل ٹائم ورلڈکپ بیسٹ الیون میں پاکستان سے عمران خان اور وسیم اکرم کو منتخب کیا گیا ہے۔ورلڈکپ کا آغاز 30 مئی سے انگلینڈ اینڈویلز کے 11 مختلف مقامات پر ہورہا ہے، کرکٹ کی ایک ویب سائٹ نے اب تک ہونے والے تمام ورلڈکپ کو سامنے رکھتے ہوئے ایک آل ٹائم بیسٹ الیون کا انتخاب کیا ہے، اس میں 1992 ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کے کپتان عمران خان کے ساتھ پاکستان سے وسیم اکرم کو متفقہ طورپر لیا گیا ہے۔اس ورلڈ بیسٹ ٹیم میں آسٹریلیا سے 4، سری لنکا اور پاکستان کے 2،2 ، جنوبی افریقہ، بھارت اور ویسٹ انڈیز سے ایک ایک کھلاڑی کو ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔ ٹیم کی قیادت عمران خان کریں گے جب کہ دوسرے کھلاڑیوں میں آسٹریلیا سے وکٹ کیپر بیٹسمین ایڈم گلکرسٹ، رکنی پونٹنگ، شین وارن، گلین میگراتھ ، سری لنکا کے کمار سنگاکارا، مرلی دھرن ، بھارت سے سچن ٹنڈولکر، ویسٹ انڈیز کے ویوین رچرڈز، جنوبی افریقہ کے لانس کلوزنر اور پاکستان سے وسیم اکرم شامل ہیں۔
ق لیگ اور تحریک انصاف ایک پیج پر ہیں۔ صوبائی وزیر برائے معدنیات حافظ عمار یاسر
لاہور (صدف نعیم سے) صوبائی وزیر برائے معدنیات حافظ عمار یاسر نے کہا ہے کہ ہم حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی فورم پر ن لیگ سے کوئی رابطہ نہیں کیا جا رہا۔ مخالفین کسی غلط فہمی میں نہ رہیں ق لیگ اور تحریک انصاف ایک پیج پر ہیں۔ اختلافات سیاست کا حسن ہیں۔ ہماری پارٹی وزیر اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے معدنیات حافظ عمار یاسر نے آج اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگی کرپٹ حکومت نے عوام کے کروڑوں روپوں کے ٹیکسوں پر عیش کی جس کا خمیازہ ان کو عام انتخابات میں شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ سابقہ حکومتی چیلے اپنی جیبوں میں بدعنوانی کا کروڑوں روپے بھرنے کے بعد آج موجودہ حکومت کو کرپٹ کہہ رہے ہیں۔ نیب نے جعلی حکمرانوں کو شاباش دینے نہیں بلکہ عوام کا پیسہ لوٹ کر ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کرنے پر سزا دینے کے لیے بلایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میاں برادران نے ماڈل ٹاﺅن کو ہی پاکستان سمجھ کر عوام کو اربوں روپے کا چونا لگایا اور جنگلہ بس کو میٹرو بس کا نام دے کو ہماری نسلوں کو مقروض کر دیا۔ ہماری حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد سب سے پہلے قومی اداروں کی باگ دوڑ سنبھالی اور افسران کو نئے عزم کے ساتھ فرائض سرانجام دے کر نیا پاکستان بنانے کا پیغام دیا۔
حمزہ شہباز اور عائشہ احد ملک کی نیب طلبی
لاہور(صدف نعیم سے) نیب نے حمزہ شہباز اور عائشہ احد ملک کوآمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں طلب کر لیا ۔زرائع کے مطابق حمزہ شہباز کو 30اپریل کو 3بجے سہ پہر جبکہ عائشہ احد ملک کو 3مئی کو دوپہر 12بجے طلب کیا گیا ہے۔
پاکستان اور سعود ی عرب کے تعلقات مضبوط پہاڑ کی مانند ہیں جنہیں کوئی نقصان نہیں پہنچاسکتا: چودھری پرویزالٰہی
وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر چین روانہ
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ اسٹرٹیجک پارٹنرشپ کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے دورہ کررہا ہوں۔سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم عمران خان 4 روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہوگئے ہیں اس موقع پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا، وزیر ریلوے شیخ رشید، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیرتجارت عبدالرزاق داﺅد اور ڈاکٹر عطاءالرحمان وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا مضبوط دوست، ہمسایہ ملک اور آئرن برادر ہے، اسٹرٹیجک پارٹنر شپ کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے چین کا دورہ کررہا ہوں، پاکستان اورچین کے تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہوں۔وزیراعظم نے کہا کہ چینی قیادت کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال ہوگا، چینی صدر سے دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کروں گا اور باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون پر بھی بات چیت ہوگی۔
تحریک انصاف نے ہم سے جو وعدے کیے، ترقی کے جو خواب ہمیں دکھائے وہ کب پورے ہوں گے،چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد
لاہور( صدف نعیم )چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد نے کہا ہے کہ عمران خان ہر بار اپنی تقریر میں عوام کو بے وقوف بناتے ہیں ان کی تقریر ہارے ہوئے شخص کی آواز ہوتی ہے ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکس اضافے کی تجویز کو مسترد کرتے ہیں اور ملکی دولت لوٹنے والوں کو اب حساب دینا پڑے گا ان باتوں کا اظہار انھوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹیریٹ میں ورکرز سے ملاقات میں کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ برابری پارٹی پاکستان وزیر اعظم پاکستان کے جلد پیسہ آنے کے بیان کو ان کی خام خیالی تصور کرتی ہے کیونکہ ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے وزراءاعظم بھی عوام کو ایسے سنہری خواب دکھاتے رہے ہیں اور اب حد تو یہ ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے ملک میں مہنگائی بڑھنے اور ایف بی آر کے اہداف پورے نہ ہونے کا اعتراف تو کیا ہے مگر انھوں نے ساری صورتحال کی ذمہ داری سابق حکومتوں پر تھوپ کر انھیں ملک کی گرتی معیشت کا ذمہ دار بھی قرار دے کر اپنے آپ کو بری ذمہ کرلیا۔جواد احمدکا مزید کہنا تھا کہ بار بار روپے کی قدر گرنا بذات خود بڑی کرپشن ہے جس کے سبب مہنگائی بڑھی،ادویات کی قیمتوں میں 300 سے 400 فیصد اضافہ ہوا، گیس کی قیمتیں بڑھ گئیں،جس کا سیدھا اثر غریب اور متوسط طبقے پر پڑا اور یہ طبقہ اب سوچنے پر مجبور ہے کہ تحریک انصاف نے ہم سے جو وعدے کیے، ترقی کے جو خواب ہمیں دکھائے وہ کب پورے ہوں گے۔
کینیڈین نژاد مراکشی اداکارہ نورا فتیحی کی پاکستانی فلم سائن کرنے کی تردید
لاہور (ویب ڈیسک ) کینیڈین نڑاد مراکشی اداکارہ نورا فتیحی سے متعلق افواہیں تھیں کہ وہ ماہرہ خان کی نئی فلم ’سپر اسٹار‘ میں آئٹم نمبر گانے پر پرفارم کریں گی جس کی انہوں نے تردید کردی ہے۔نورا فتیحی بالی وڈ کی متعدد فلموں میں آئٹم نمبر گانوں پر پرفارم کرچکی ہیں لیکن سب سے زیادہ شہرت جان ابراہم کی فلم ’ستیا مے جیاتے‘ میں سشمیتا سین کے ماضی کے مقبول گانے ’دلبر دلبر‘ پر ڈانس کر کے سمیٹی۔سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ نورا فتیحی نے پاکستانی فلم ’سپر اسٹار‘ جس میں ماہرہ خان مرکزی کردار نبھا رہی ہیں، اس میں آئٹم نمبر گانے پر پرفارم کریں گی۔
ناسا نے مریخی زلزلے کی پہلی ریکارڈنگ جاری کردی
لاہور (ویب ڈیسک ) پیساڈینا، کیلیفورنیا: ناسا کی جانب سے مریخ پر اتارے گئے جدید ترین خلائی کھوجی ”انسائٹ مارس لینڈر“ نے انسانی تاریخ میں پہلی مرتبہ ’مارس کوئیک‘ یعنی مریخی زلزلے کو ریکارڈ کرتے ہوئے اس کی گڑگڑاہٹ بھی گرفت میں لی ہے۔ماہرین نے اسے ’مارس کوئیک‘ یعنی مریخی زلزلے کا نام دیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرخ سیارہ مریخ اب بھی ارضیاتی طور پر سرگرم ہے۔ اس سے قبل ماہرین نے کہا تھا کہ مریخ پر رونما ہونے والے زلزلے کے جھٹکے اس پر چلنے والی ہوا یا فضا کی بجائے اندرونی زلزلوں سے واقع ہورہے ہیں اور اب اس بات کی تصدیق ہوچکی ہے۔سائنسدانوں کا خیال ہے کہ مریخی زلزلوں کو جان کر ہم اس کی اندرونی ارضیاتی ساخت کو سمجھ سکتے ہیں۔ انسائیٹ خلائی جہاز گزشتہ برس نومبر میں مریخ پر اترا تھا اسے خاص طور پر مریخ کی اندرونی خبر دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ جدید ترین آلات سے لیس انسائیٹ مریخ کا اندرونی درجہ حرارت، مٹی کی کیفیت، اس کی گردش اور زلزلہ جاتی سرگرمیوں پر تحقیق کے لیے بنایا گیا ہے۔ مریخی زلزلے اس پراسرار سیارے کے متعلق ہماری معلومات میں بہت اضافہ کرسکتے ہیں۔انسائیٹ میں نصب سیسمک ایکسپیریمنٹ فار انٹیریئر اسٹرکچر (ایس ای آئی ای ایس) نے مریخی زلزلے کی پہلی آواز 6 اپریل کو ریکارڈ کی ہے جس پر ماہرین بہت خوش ہیں۔ ایس ای آئی ای ایس ٹیم کے سربراہ فلپ لاگنون نے بتایا، ’کئی ماہ سے ہم اس سگنل کے منتظر تھے۔ یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ مریخ اب بھی ارضیاتی لحاظ سے سرگرم ہے اور اس کی بدولت مریخ کی اندرونی کیفیت کو جاننے میں بھی مدد ملے گی۔‘
لیکن ماہرین نے زلزلے کے مزید تین جھٹکے بھی محسوس کئے ہیں تاہم ان کی شدت بہت ہی کمزور ہے۔ اب اگر قسمت مہربان رہی تو ا?گے بھی ایسے زلزلے وقوع پذیر ہوتے رہیں گے اور یوں مریخ کو سمجھنے میں مزید مدد ملے گی۔ انسائیٹ سے وابستہ مرکزی سائنسداں بروس بینرٹ کہتے ہیں کہ اب تک مریخ پر اس کے پس منظر کی ا?وازیں ہی ریکارڈ ہوئی تھیں لیکن پہلی مرتبہ ہم مریخی زلزلوں کے مشاہدے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔