اپوزیشن جماعتیں بھارتی فضائیہ کے حملے کا ثبوت مانگ رہی ہیں اور مودی کے پاس جواب نہیں

نئی دلی(ویب ڈیسک) فضائی حملے میں پاکستان کے بڑے جانی نقصان کے بے سر و پا دعوے کو ثابت نہ کر پانے پر بوکھلاہٹ کے شکار بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی بے پر کی اُڑانے لگے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے بھارت میں جیسے جیسے الیکشن کا وقت قریب آ رہا ہے ویسے ویسے وزیراعظم مودی کے دعوے ہوا میں اُڑتے نظر آرہے ہیں۔ مودی شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور اس دباﺅ میں دیوانے کی بڑ کی طرح منطق سے عاری گفتگو کر رہے ہیں۔انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے حملے میں پاکستانی نقصان کا ثبوت دینے کے بجائے ایک بار پھر بات گول کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فضائیہ کے حملے کو 1 ماہ ہوگیا ہے اور پاکستان اب تک لاشیں گن رہا ہے لیکن ہماری اپوزیشن جماعتیںپاکستان کے علاقے بالا کوٹ میں فضائی حملے کا ثبوت مانگ رہی ہے۔بھارت نے فضائی حملے میں ایک مدرسے کے تباہ ہونے اور بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے نقصان کا دعویٰ کیا تھا جس کا عالمی سطح پر بھی کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا تھا اور بھارت کو سبکی کا سامنا رہا تھا، دوسری جانب بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھی بے سروپا دعوے کے ثبوت مانگے تھے۔واضح رہے کہ بھارت میں اگلے ماہ الیکشن ہو رہے ہیں اور اس الیکشن میں فتح کے لیے بی جے پی حکومت نے پلوامہ حملے اور اس حملے کا بہانہ بنا کر پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی جیسے اقدامات کے ذریعے بچھائی گئی بساط کو پاکستان نے منہ توڑ جواب سے الٹ کر رکھ دیاتھا۔

وزیراعظم نے گوادر میں انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

کوئٹہ(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے دورے میں گوادر میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور کوئٹہ میں بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا۔گوادر میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے علاوہ وزیراعلیٰ بلوچستان، چینی سفیر اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر حکام موجود تھے۔ وزیر اعظم عمران خان کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ گوادر کی ترقی سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا اور گوادر کو بجلی کے نیشنل گرڈ سے جوڑا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈی سیلی نیشن پلانٹ کی تیاری کر رہے ہیں اور پانی کی ری سائیکلنگ کیلئے بھی پلانٹ لگائیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ گوادر اور کراچی کے درمیان فیری سروس بھی شروع کی جائے گی، ریلوے ٹیکنالوجی میں چین سے بھر پور مدد لے رہے ہیں اور گوادر سے کوئٹہ ریلوے ٹریک بنائیں گے۔ وزیراعظم نے خطاب میں کہا کہ وہ اپریل میں چین کا دورہ کریں گے۔قبل ازیں وزیراعظم کوئٹہ پہنچے تو وزیراعلیٰ جام کمال نے ان کا استقبال کیا، جس کے بعد وزیراعظم ہیلتھ کمپلیکس کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کارڈیک انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلیے تعاون پر آرمی چیف کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ اپنے رابطوں کے ذریعے کارڈیک انسٹی ٹیوٹ کے لیے یو اے ای سےفنڈنگ لائے۔وزیراعظم کا کہنا تھا ماضی میں حکمرانوں نے بلوچستان کے وسائل کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا، پرانے پاکستان کے طریقوں نے ہی ملک کو کنگال کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں اب تبدیلی کی سوچ ہے، ملک کو فرسودہ نظام سے نکال کر تبدیلی لائیں گے، بلوچستان حکومت اور فوج کے ساتھ مل کر صوبے میں کینسر انسٹیٹیوٹ بھی بنائیں گے۔وزیراعظم کچلاک تا ڑوب روڈ کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس کے بعد دو روزہ گوادر ایکسپو کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔

مذاکرات سے راہ فرار اختیار کرنے سے بھارت کی بد نیتی دنیا کے سامنے آگئی:گور نر پنجاب

لاہور (ویب ڈیسک)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کر تار پور راہداری منصوبے پر مذاکرات کی منسوخی کے بھارتی فیصلہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات سے فرار اختیار کرنے سے بھارت کی بد نیتی دنیا کے سامنے آگئی ہے۔نر یندر مودی اپنے الیکشن کیلئے امن سمیت سب کچھ داﺅ پرلگا رہا ہے۔پاکستان آج بھی امن اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کر نے کی بات کر رہا ہے۔فاطمہ جناح پاکستانی خواتین کے لیے رول ماڈل ہیں اور اس میںکوئی شک نہیں کہ خواتین کے کردار کے بغیر ملکی ترقی اورخوشحالی ممکن نہیں۔خواتین کو خراج تحسین پیش کر نے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارت میں ایسے لوگ اقتدار میں ہیں جن کا ایجنڈ ہ امن اور مذاکرات نہیں بلکہ سیاسی مفادات ہے جسکی وجہ سے خطے میں کشیدگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کر تار پور کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے جو فیصلہ لیا اس پر نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ پوری دنیا میں بسنے والی سکھ برداری نے بھر پور خوشی کا اظہار کیا ہے اور پاکستان نے کر تار پور راہداری کے حوالے سے انتہائی تیزی کیساتھ ترقیاتی کام شروع کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے باوجود پاکستان کر تار پور راہداری پر تر قیاتی کاموں کو جاری رکھے گا اور ان کو جلد ازجلد مکمل کر نے کیلئے تمام وسائل استعمال کیے جارہے ہیں۔ گور نر نے کہا کہ بدقسمتی سے پوری دنیا میں کچھ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ترقی اور خوشحالی میں اصل کردار مر دوں کا ہوتا ہے مگر حقیت بالکل اسکے بر عکس ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ کسی بھی شعبے میں خواتین کے کردار کے بغیر ترقی نہیں ہوسکتی اور پاکستان میں جتنی تیزی کے ساتھ خواتین تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں آگے بڑھ رہی ہے، اس کے بعد مجھے یقین ہے کہ آنیوالے دس سالوں کے دوران ملک کی بھاگ دوڑ خواتین کے ہاتھوں میں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ہم پاکستان میں خواتین کو ہر شعبے میں مضبوط کر رہے ہیں اور خواتین کو حکومت سے جس قسم کی مدد کی ضرورت ہوگی حکومت اس کی فراہمی کو یقینی بنائی گی۔ ا±نہوں نے کہا کہ ہم سب نے ملکر اپنے ملک کو ترتی یافتہ اور خوشحال بنانا ہے۔

چوتھا ون ڈے: آسٹریلیا کا پاکستان کو جیت کے لیے 278 رنز کا ہدف

دبئی (ویب ڈیسک)پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 278 رنز کا ہدف دیا ہے۔دبئی میں کھیلے جا رہے چوتھے ون ڈے میں آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے کیا لیکن ایرون فنچ 17 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔شان مارش، پیٹر ہینڈس کومب اور اسٹونس بھی یکے بعد دیگرے جلد ہی پویلین لوٹ گئے جب کہ عثمان خواجہ نے 62 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔پانچ کھلاڑیوں کے جلد آﺅٹ ہونے کے بعد گلین میکسویل اور ایلکس کیرے نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔میکسویل 98 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوئے جب کہ کیرے نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے محمد حسنین، عماد وسیم اور یاسر شاہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔شعیب ملک کے انجرڈ ہونے کے باعث قومی ٹیم کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں۔شعیب ملک کی قیادت میں کھیلے گئے ابتدائی تینوں میچوں میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی اور پانچ میچوں کی سیریز میں تین صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کی۔پاکستان نے ٹیم میں شعیب ملک اور امام الحق کی جگہ دو نوجوان کھلاڑیوں سعد علی اور عابد علی کو موقع دیا ہے۔ دونوں کھلاڑی آج اپنا ڈیبو کر رہے ہیں۔

جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کو انصاف کے اعلیٰ ایوارڈ سے نواز دیا گیا

ہیگ(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار جسٹس ایکسیلینس کی جانب سے پاکستان کے سابق چیف جسٹس، جسٹس ریٹائرڈ تصدیق حسین جیلانی کو انصاف کے اعلیٰ ایوارڈ سے نوازا گیا۔جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کو یہ ایوارڈ مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر دیا گیا ہے۔جسٹس ریٹائرڈ جیلانی یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں، انہوں نے پشاور گرجا گھر پر حملے کا از خود نوٹس لیا تھا۔عالمی عدالت انصاف کے صدر نے جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کو ایوارڈ ملنے پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے الفاظ دہرائے اور کہا کہ آپ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہیں، ریاست کے سامنے سب برابر کے شہری ہیں۔

بھارتی جیل میں قید ایک اور پاکستانی قتل

کراچی (ویب ڈیسک)بھارتی جیل میں قید ایک اور پاکستانی کو قتل کر دیا گیا۔پاکستانی ماہی گیر نورالامین کو سمندری حدود کی خلاف ورزی پر بھارت نے گرفتار کیا تھا لیکن2017 میں سزا پوری ہونے کے باوجود پاکستانی ماہی گیر کو رہا نہیں کیا گیا۔نورالامین 4 بچوں کے والد اور گھر کے واحد سربرارہ تھے۔ پاکستانی ماہی گیر نورالامین کی بیٹی کا کہنا ہے کہ 18 دن قبل یہ افسوسناک خبر آئی کہ والد قید کے دوران انتقال کر گئے ہیں۔نورالامین کے اہل خانہ نے حکومت سے میت کی حوالگی کی کوششیں تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان فشر فورک فورم کے مطابق بھارتی جیلوں میں 150پاکستانی ماہی گیر قید ہیں، تین ماہی گیر 20 سال سے قید ہیں جبکہ ایک ماہی گیر امیر حمزہ کینسر کا مریض ہے۔ماہی گیر تنظیمیں کہتی ہیں کہ نورالامین کو ممکنہ طور پر بھارتی جیل میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔نورالامین اس سے قبل بھی 2010 میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہو چکے ہیں، اس وقت 6 ماہ کی قید کے بعد انہیں جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کر دیا کیا گیا تھا۔

صوبائی وزیراطلاعات صمصمام علی بخاری نے وزیراعظم کو مرد قلندر قرار دے دیا

لاہور(ویب ڈیسک)صوبائی وزیراطلاعات صمصمام علی بخاری نے وزیراعظم کو مرد قلندر قرار دے دیا۔مسلمان وہ ہے جو یزیدیت کے سامنے ڈٹ جائے۔عمران خان صرف وزیراعظم نہیں پارٹی چیئرمین بھی ہیں ۔پارٹی چئیرمین کی حیثیت سے انہوں نے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کو پسند نہیں کیا یہ اضافہ بے وقت تھا اس موقع پر یہ اضافہ نہیں ہو نا چاہئے تھا۔میں نے تنخواہوں کے بل کے حق میں ووٹ دیا تھا میں دوسروں کی طرح اپنے اصولی موقع سے پیچھے نہیں ہٹا۔پاکستان میں ڈاکومنٹٹ مزدور طبقے کو کوئی پریشانی نہیں۔جہاں پر مزدوروں کا وہ طبقہ بھی موجود ہے جسے پتہ نہیں ہوتا کہ اسے کل کا رزق کہاں سے ملے گا۔میلہ چراغاں کی خوشبو ہر طرف پھیلی ہوئی ہے۔شاہ حسین کی تعلیمات صرف مسلمانوں کے لئے نہیں تھیں بالکل جہاں بسنے والے تمام اقوام کے لئے تھیں۔عمران خان مرد قلندر ہیں ۔اراکین اسمبلی کی تنخواہوں کو آئین اور قانون کے مطابق درست کر رہے ہیں۔

حکومت مزدورں کے مسائل اُنکی دہلیز پر حل کرے گی،صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر

لاہور(ویب ڈیسک)صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے کہا ہے کہ ہماری حکومت مزدورں کے مسائل اُنکی دہلیز پر حل کرے گی یہ محض دعوے نہیں بلکہ عملی طور پرایسا ہوگا۔ انہوں نے یہ بات آج چوآسیدن شاہ میں مائنز لیبرہسپتال چوآسیدن شاہ میں نئی بننے والی اسسٹنٹ مائنز لیبر ویلفیئر کمشنر کی بلڈنگ کے افتتاح کے موقعہ پر کہی۔ اس موقع پر مائنز لیبر ہسپتال کے زیر اہتمام ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سیکرٹری مائنز اینڈ منزلز عامر اعجاز اکبر ،کمشنر مائنزچوہدری ریاض ،اسسٹنٹ مائنز لیبر ویلفیئر کمشنر عبدالرشید ،ڈپٹی ڈائریکٹر مائنز رانا ساجد ،چیئرمین چیمبر آف کامرس غلام مرتضیٰ ، ہسپتال لیبرویلفیئر کمیٹی کے سربراہ ہارون غنی چیمہ ،چیئرمین پاکستان مائنز ورکرز فیڈریشن راسعید خٹک ، مزدور یونین کے رہنماءشریف الدین سواتی، مائنز اونر اور مزدورں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر معدنیات عمار یاسر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزدور بھائیوں کے بچوں اور فیملیز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اورEOBIپر آپکا مقدمہ میں خود لڑوں گا اور اس ہسپتال کو لاہور اور راولپنڈی کی طرز پر جدید طبی سہولتوں سے آراستہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ پانچ سالوں سے رکی ہوئی شادی اور اموات کی گرانٹس وزیر اعلیٰ پنجاب نے جاری کردیں گئی ہیں ،ہماری حکومت مزدورں کے لئے لیبر کالونیاں بنا رہی ہے آئندہ دو ہفتوں میں مزدورں اور لیز مالکان کے تمام مسائل حل عملی بنیادوں پر کر دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے ہارون غنی چیمہ کو مزدوں کی خدمات کے پیش نظر اعزازی شیلڈ دی۔سیکرٹری مائنز اینڈ منرلز عامر اعجاز اکبر نے تقریب سے خطاب کرنے ہوئے کہا کہ مائن اونر ایسوسی ایشن اور مائن لیبر کے تمام مسائل کا حل نکالا جائے گا اور ہسپتال کو مزیدایک اور ایمولینس دی جائے گی ۔

بنگلا دیش میں جماعت اسلامی کے 4 اور ایک اپوزیشن رہنما کو پھانسی کی سزا

ڈھاکہ(ویب ڈیسک) بنگلادیش میں جماعت اسلامی کے مزید 4 اور ایک اپوزیشن رہنما کو جنگی جرائم کے الزام میں پھانسی کی سزا سنائی گئی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلا دیش کی ایک خصوصی عدالت نے پاکستان کی حامی تنظیم جماعت اسلامی کے 4 رہنماﺅں اور ایک اپوزیشن رہنما کو قتل، اغوا، جلاﺅگھیراﺅ، لوٹ مار اور زیادتی کے الزامات میں سزائے موت سنادی ہے۔وزیراعظم شیخ حسینہ کی جانب سے 1971 کی جنگ کے حوالے سے بنائے گئے متنازع ٹریبیونل کے حکم پر جماعت اسلامی کے 6 سرکردہ رہنماﺅں کو پھانسی دی جاچکی ہے جب کہ جماعت اسلامی پر پاکستان کی حمایت کا الزام لگا کر پہلے ہی پابندی عائد کردی گئی تھی۔اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ یہ نام نہاد ٹریبیونل عالمی قوانین سے متصادم ہے جس میں شفافیت کو برقرار نہیں رکھا گیا اور اب تک سنائے گئے فیصلوں میں ملزمان کو دفاع کا مکمل موقع فراہم نہیں کیا گیا اور نہ ہی ٹھوس شواہد پیش کیے گئے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ٹربیونل آئینی ادارہ نہیں بلکہ سیاسی مخالفین کو کچلنے کا ذریعہ ہے۔واضح رہے کہ مسلسل تیسری بار وزیراعظم منتخب ہونے والی شیخ حسینہ نے اپنی آمرانہ سوچ کا ثبوت دیتے ہوئے اکثر سیاسی مخالفین بشمول سابق وزیراعظم خالدہ ضیاءکو یا تو قید کر رکھا ہے یا پھر جماعت اسلامی جیسی اپوزیشن پر پابندی عائد کرکے اس کے رہنماﺅں کو تختہ دار پر چڑھا دیا ہے۔

بھارتی مظالم نے تعلیم یافتہ کشمیری نوجوانوں کو ہتھیار اٹھانے پرمجبورکردیا،امریکی اخبار

سری نگر(ویب ڈیسک) امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی وجہ سے تعلیم یافتہ کشمیری نوجوان بھی مزاحمت کی علامت بن گئے ہیں۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی تحقیقی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی انتہا ہوگئی ہے اور قابض فوج کی جانب سے بڑھتے مظالم کی وجہ سے کشمیری اساتذہ اور پڑھا لکھا طبقہ بھی تحریک آزادی کا حصہ بن رہا ہے اور بھارت کیخلاف اٹھ کھڑا ہوا ہے۔واشنگٹن پوسٹ کے صحافیوں نے مقبوضہ کشمیر کا رخ کیا اور وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیا لیکن صرف سرینگر تک محدود رہنے اور بھارت مخالف افراد سے نہ ملنے کی شرط پر اجازت ملی۔واشنگٹن پوسٹ کی خصوصی رپورٹ کے مطابق قابض بھارتی فورسز کا تضحیک آمیز رویہ، انتہائی تعلیم یافتہ کشمیریوں کو تحریک آزادی کا حصہ بننے پر مجبور کردیا ہے اور خاص طورپر مقبوضہ کشمیربرہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیری نوجوانوں کی بڑی تعداد نے مزاحمت کا راستہ اختیار کیا ہے جب کہ سری نگر میں آج بھی کسی نہ کسی دیوار پر 2016 میں شہید کیے جانے والے نوجوان”برہان وانی” کا نام لکھا نظر آجاتا ہے۔رپورٹ کے مطابق آئے دن تذلیل، خون خرابہ، خواتین کی بے حرمتی اور اپنوں کے جنازوں کا بوجھ کشمیری نوجوانوں کو آزادی کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے کا حوصلہ دیتا ہے جب کہ گزشتہ چند برسوں میں تحریک آزادی کی جدوجہد میں نئی توانائی آگئی ہے۔امریکی اخبار لکھتا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں مظالم کی انتہا کی وجہ سے کشمیرکی مزاحمتی تحریک میں ڈاکٹر،انجینئر اور پروفیسر بھی شامل ہوگئے ہیں، 2013 میں مزاحمتی تحریک میں شامل ہونے والے نوجوانوں کی تعداد صرف 16 فیصد تھی جب کہ 2017 کے مقابلے میں مزاحمتی تحریک میں نوجوانوں کی شرکت 2018 میں 52 فیصد رہی جب کہ 2018 میں 191 کشمیری نوجوانوں نے مزاحمتی تحریک میں شمولیت اختیار کی۔ایک طرف کشمیری نوجوان والدین سے پوچھتے ہیں اسلحہ کے مقابلے میں ڈگریاں لینے کا فائدہ کیا جب بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہی ہونا ہے، دوسری طرف سوشل میڈیا کے سبب پڑھا لکھا طبقہ تحریک میں زیادہ شامل ہورہا ہے۔