چین نے بھارت کی کوششوں پر پانی پھیر دیا ،پاکستان کی حمایت کا اعلان

بیجنگ (آئی این پی ) چین نے سہہ ملکی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں بھارت کی تمام کاوشوں پر پانی پھیرتے ہوئے پاکستان کی حمایت کردی اور کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مخالفت کی ہے، پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ملک رہا ہے، پاکستان اور بھارت کی جانب سے تحمل اور صورت حال کو مزید کشیدہ ہونے سے روکنے کی یقین دہانیوں کا خیر مقدم کرتے ہیں،چین خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، امید ہے موجودہ صورت حال میں بھارت اور پاکستان مذاکرات سے مسئلے کا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کو ایک اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب چین نے تمام تر بھارتی حربوں کے باوجود پاکستان کی حمایت کرتے ہوئے پاک وطن کو امن پسند ملک قرار دے دیا۔چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے روس، چین اور بھارت کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی میزبانی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مخالفت کی ہے، پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ملک رہا ہے۔چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کی جانب سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور صورت حال کو مزید کشیدہ ہونے سے روکنے کی یقین دہانیوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ چین خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے چین کے صوبہ زے جیانگ کے شہر وو جن میں بھارت کی وزیر خارجہ سوشما سوراج سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر وانگ ای نے کہا کہ پچھلے سال چینی صدر مملکت شی جن پنگ اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان چین کے شہر وو ہان میں کامیاب غیر رسمی ملاقات ہوئی جو چین بھارت تعلقات کے فروغ کے نئے دور میں داخل ہونے کی رہنمائی کر رہی ہے ۔ رواں سال فریقین کو دونوں ممالک کے رہنماوں کے اتفاق رائے پر عمل درآمد کرنا چاہیئے تاکہ چین بھارت تعلقات مستحکم طور پر آگے بڑھیں ۔ انہوں نے کہا کہ چین کو جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ وانگ ای نےامید ظاہر کی کہ موجودہ صورت حال میں بھارت اور پاکستان صبروتحمل کا مظاہرہ کریں گے اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔اس موقع پر سوشما سوراج نے کہا کہ فریقین کو سرحدی علاقے میں امن و امان کے قیام اور بھارت چین تعلقات کے مستحکم فروغ کے لئے مشترکہ کوشش کرنی چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ذمہ داری اور صبروتحمل کے ساتھ متعلقہ مسائل کے حل کے لئے کام کرے گا ۔

بھارت کو اچھا جواب گیا، آئندہ ایسی حرکت نہیں کریگا ، دونوں ممالک کو ایٹمی ہتھیار نہیں استعمال کرنے چائیں، مودی نے اینٹی مسلم ماحول پیدا کررکھا ہے : پرویز مشرف کی چینل ۵ سے گفتگو

لاہور (چینل ۵ رپورٹ) سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ مجھے پورا یقین ہے کہ وہ جب اپنی کانفرنس کرتے ہیں وار گیمز کرتے ہیں، اس میں وہ ان باتوں کوپورے طریقے سے جائزہ لیتے ہونگے یہ کرنا اتنا آسان کام نہیں ہے پاکستان اگر اپنی نیوکلیئر طاقت استعمال کریگا تو اس کا نقصان بہت زیادہ ہوگا اور وہ استعمال نہ بھارت کو کرنا چاہئے اور نہ پاکستان کو ۔یہ جنگ جس طرح کہ شروع میں کہا جاتا تھا کہ یہ صرف مودی کی الیکشن جیتنے کی خواہش کا نتیجہ ہے اور وہ ایک انتہاپسندانہ پالیسی اختیار کرکے زیادہ سے زیادہ ووٹ لینا چاہتے ہیں ، کیا آپ کو کوئی مشکل نہیں ہوتی ہے کہ مودی کے الیکشن میں کامیابی کی اور کیا اس کے لئے ضروری ہے کہ وہ بھارت میں پاکستان کے خلاف جنگی جنون پیدا کرے۔جنرل پرویز مشرف نے کہا کہ مودی نے جنون پیدا کرکے بھارتی عوام کو اتنا زیادہ اینٹی مسلم کیا ہوا ہے ، انٹی مسلم اور ایک ہندو آسٹیریا ہندو سپریمیسی کے بارے میں کیا ہوا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کو نقصان پہنچائیں، پاکستان کو طاقت میں ہرائیں تو اس کا بڑا فائدہ پبلک ری ایکشن میں بڑا پازیٹو ہوتا ہے ، یہ مودی نے خود ماحول پیدا کردیا ہوا بدنیتی سے یہ تو اس کا مقابلہ ہم بھی کرسکتے ہیں کہ ہم ان کو وہی جواب دیں جو ابھی ہم نے دیا ہے ایسا جواب آپ دیتے رہیں گے تو مجھے پورا یقین ہے کہ بھارت جو ہے وہ اس سمجھے گا اور آئندہ ایسا نہیں کریگا۔ ضیا شاہد نے پوچھا کہ آپ نے اپنی زندگی میں بہت سے واقعات کو قریب سے دیکھا ہے ، آپ انڈیا اور پاکستان کے معاملات سے بخوبی واقف ہیں، آپ کے خیال میں جو صورت حال مقبوضہ کشمیر میں اس وقت پائی جاتی ہے اور جس خوفناک طریقے سے انڈین آرمی اس وقت جو ہے گلی محلوں میں دندناتی پھر تی ہے اور عوام کو عام شہریوں کو دھمکاتی ہے ، کشمیری قوم کا مستقبل کیا نظر آتا ہے آپ جب کہ پوری دنیا میں ہیومن رائٹس کی بات ہوتی ہے ، اگر ہیومن رائٹس کی بات نہیں ہوتی تو مقبوضہ کشمیر کے بارے میں نہیں ہوتی نہ بڑی طاقتیں نہ یورپی یونین جس کو ایک شہری کی بڑی فکر پڑی ہوتی ہے کہ فلاں ملک میں فلاں شہری کو حقوق نہیں مل رہے لیکن مقبوضہ کشمیر کے سلسلے میں ان کو سانپ سونگھ گیا ہے ان کو اور وہ بالکل قطعی طور پر کسی قسم کی کوئی دلچسپی نہیں رہے اس کی وجہ کیا ہے ، عالمی ضمیر اس پر کیوں نہیں جاگتا۔ خیر پرویز مشرف نے کہا کہ بھارت چونکہ اندرونی لحاظ سے طاقتور ہے اس لئے اس کو زیادہ سنا جاتا ہے اور وہ کامیاب ہوتا ہے ، اب آپ اپنے آپ کو اندرونی طور پر طاقتور کرلیں تو انشاءاللہ سارے ہماری بات سنیں گے اور ہماری طرف دیکھا کرینگے، فی الحال ہم اتنا نہیں ہیں جتنا بھارت کر لیتا ہے ، بھارت کا اثر و رسوخ دنیا میں زیادہ ہے ، اس لئے وہ مینج کر جاتے ہیں، امریکہ ان کے ساتھ ہے، ضیا شاہد نے سوال کیا کہ پاکستان کے اندر جس قسم کی سیاسی کنڈیشن پائی جاتی ہے آج کل اس سے لگتا ہے کہ پکڑ دھکڑ ہے، اک دوسرے کے خلاف اور جن کو پکڑا جارہاہے وہ حکومت کو برا بھلا کہہ رہے ہیں اور تنقید کررہے ہیں لیکن کل اور پرسوں دو دنوں میں پارلیمنٹ کے اندر جس طرح سبھی سیاسی جماعتیں مشترکہ طور پر ایک زبان ہوکر انڈیا کی مخالفت میں آواز بلند کی اور یہ کہا کہ انڈیا کے خلاف ہم سب اکھٹے ہیں اس صورتحال پر آپ کی رائے کیا ہے ، پرویز مشرف نے کہا کہ اب وہی سوال کررہے ہیں ہم نے اپنا موقف منوانا ہے دنیا میں بھی اور ہندوستان سے اور اس کا ایک ہی طریقہ ہے کہ آپ طاقتور ہو جائیں ، آپ کی جتنی طاقت اندرونی طور پر ہوگی اتنی وہ آپ کی بات سنیں گے اور کا کہا مانا کرینگے، پہلا کام یہی ہے آپ اندرونی طور پر طاقتور ہو جائیں ، آپ کی اکانومی اچھی چل رہی ہو ،آپ کی انڈسٹری چل رہی ہو ، آپ کی ایکسپورٹ چل رہی ہو آپ کو انوسٹمنٹ ہو رہی ہو، یہ سارا کچھ ہو جائے تو پھر یہ ساری باتیں ختم ہو جائیں گی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے تک اضافے کی سفارش

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 روپے 44 پیسے تک اضافے کی سفارش کر دی۔ اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی ہے۔ ذرائع کے مطابق سمری میں پیٹرول کی فی لٹر قیمت میں 4 روپے 71 پیسے اور ڈیزل فی لٹر 9 روپے 44 پیسے اضافے کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اوگرا کی جانب سے مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 6 پیسے اور لائٹ ڈیزل 5 روپے 12 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے یا نہ کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت سے ہو گا۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پیٹرول کی فی لٹر قیمت میں 59 پیسے کی کمی کی گئی تھی۔

بھارت میں کشمیری طلباءکیخلاف ہندو انتہاپسندوں کی کاروائیاں

سرینگر (وائس آف ایشیا) مقبوضہ کشمیر میں والدین اپنے بچوں کوبھارت کے ان تعلیمی اداروں میں واپس بھیجنے پرتذبذب کا شکا رہیں جو مختلف بھارتی ریاستوں میں حملوں کے بعد واپس اپنے گھر آئے تھے ۔پلوامہ واقعے کے بعدکشمیریوںبالخصوص بھارت کی مختلف ریاستوں میں زیر تعلیم طلباءپر حملے اورہراساں کرکے تعلیمی ادارے چھوڑنے پر مجبور کیا گیا تھا۔ ان حملوں سے ہزاروں کشمیری طلباءکی تعلیم شدید متاثر ہوئی ہے اور وہ تعلیم ادھوری چھوڑکر واپس اپنے گھروں کو آگئے ہیں۔ سرینگر کے ایک رہائشی ہاشم اندرابی نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کا بیٹا دہرادون کے دیو بھومی کالج میں ہندو انتہا پسندوں کے حملے میں بال بال بچ گئے جہاں وہ انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کررہا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ میں اب اس کو وہاں دوبارہ بھیجنے کا خطرہ مول نہیں لوں گا۔ شاہینہ پنڈت نے جن کی بیٹی اترا کھنڈ کے پی جی کالج میں زیر تعلیم تھی ، کہاکہ میر ا دل بیٹھا جارہا ہے جب میں یہ سوچتی ہوں کہ میر ی بیٹی کے ساتھ کیا ہوسکتا تھاکیونکہ وہ ایک ہجوم سے بڑی مشکل سے بچ نکلی ہیں۔ وہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے گھر واپس پہنچ گئی ہے لیکن اب ہم اس کو وہاں بھیجنے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے۔ مدثر حسن نے جو پلوامہ اور سرینگر میں ملینیم سکول آف ٹریننگ اینڈ ٹیکنالوجی کا ادارہ چلارہے ہیں،کہا کہ کشمیری طلباءشدید خوف اور دباﺅ میں ہیں اور بھارت میں ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کی وجہ سے طلباءکے وہاں جانے میں کمی ہوگی کیونکہ والدین اب اپنے بچوں کو بھارت کے تعلیمی اداروں میں بھیجنے سے ہچکچائیں گے۔

لیڈی گاگا سال میں آسکر4ایوارڈ جیتنے والی پہلی خاتون بن گئیں

لاس اینجلس (شوبز ڈیسک)امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا کے گانے ’شیلو‘ کو رواں سال منعقد ہوئی 91ویں اکیڈمی ایوارڈ کی تقریب کے دوران بہترین اوریجنل گانے کا آسکر ایوارڈ دیا گیاتھا۔ یہ گانا لیڈی گاگا کی زندگی پر بننے والی فلم”اے سٹار اِز بارن“ کا ہے۔اس ایوارڈ کو حاصل کرنے کے ساتھ ہی لیڈی گاگا ایک ہی سال میں آسکر، گولڈن گلوب، بافٹا اور گریمی ایواڈ جیتنے والی پہلی خاتون بھی بن گئیں ہیں۔لیڈی گاگا نے اپنا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے جذباتی تقریر سے ناظرین کا دل بھی جیت لیا۔گلوکارہ کا کہنا تھا کہ اصل بات جیتنا نہیں بلکہ کبھی ہار نہ ماننا ہے، اگر آپ ایک خواب رکھتے ہیں تو اس کو پورا کرنے کے لیے کوشش کرتے رہیں۔ لیڈی گاگا آسکرز کے ریڈ کارپٹ سے لے کر مرکزی تقریب تک چھائی رہیں‘ اس تقریب کے دوران انہوں نے اداکار بریڈ لی کوپر کے ساتھ شاندار پرفارمنس بھی دی۔ان کی پرفارمنس پر مداحوں نے سوشل میڈیا پر ایسا خیال ظاہر کیا کہ یہ دونوں ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہیں۔
لیڈی گاگا آسکرز کی تقریب میں سیاہ رنگ کے جوڑے میں نظر آئیں جبکہ ان کی جیولری بھی آسکر2019 میں مرکز نگاہ رہی۔ انہوں نے جیولری کے مشہور برانڈ ٹفنی کا ہار پہن رکھا تھا جو کہ اس سے قبل 1961 میں مشہور برطانوی اداکارہ آڈرے ہیپ پرن نے زیب تن کیا تھا۔

فضا علی نے پہلی فلم ” قاف کنگنا “کی شوٹنگ میں حصہ لیا

لاہور(شوبزڈیسک )معروف اداکارہ فضا علی اپنی پہلی فلم قاف کنگنا کی شوٹنگ میں مصروف ہیں ۔ گزشتہ روز اداکارہ فضا علی نے مقامی فارم ہاﺅس میں فلم کی شوٹنگ میں حصہ لیا اور بڑے پر اعتماد طریقے سے اپنے حصے کے سین کی عکسبندی کروائی جبکہ انکے ہمراہ ساجد حسن ،راشد محمود اور دیگر اداکاروں نے بھی شوٹنگ میں حصہ لیا ۔فلم میں فضا علی ایک ہندو لڑکی انجلی کے کردار میں نظر آئیں گی جبکہ انکے والد کا کردار اداکار ساجد حسن ادا کررہے ہیں ۔ فلم کے رائٹر و ڈائریکٹر خلیل الرحمن قمر ہیں جو اس سے قبل کامیاب ڈرامہ سیریل اور فلمیں بھی بنا چکے ہیں ۔توقع کی جا رہی ہے کہ یہ فلم مکمل ہونے کے بعد عید الفطر پر ریلیز کی جائے گی ۔فضا علی ایک نجی ٹی وی چینل کے مزاحیہ شو کی میزبانی کے فرائض بھی انجام دے ری ہیں۔

ہم دشمنوں کےساتھ بھی اچھا سلوک کرتے ہیں : شاہد آفریدی

دبئی (صباح نیوز)سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے ، شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ ہم دشمنوں کے ساتھ بھی ایسا سلوک کرتے ہیں، بھارت کی جانب سے شروع کیا جانے والا جنگ کا فتور ختم ہونا چاہیے۔شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ ہم امن سے محبت کرنے والی قوم ہیں اورحالیہ کشیدگی کا واحد حل دونوں ملکوں کے مذاکرات ہیں جس کا وزیر اعظم عمران خان اپنی تقریر میں بھی ذکر کرچکے ہیں۔خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی وہ ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اسے چائے پیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس ویڈیو میں بھارتی پائلٹ نے مشتعل ہجوم سے اپنی جان بچانے والے پاک فوج کے افسران کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔