اسلام آباد(ویب ڈیسک) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا، پیٹرول کی قیمت میں 59 پیسے فی لیٹر کمی کرکے نئی قیمت 90 روپے 38 پیسے مقرر کردی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے اوگرا کی سفارشات منظور کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی، پیٹرول فی لیٹر 59 پیسے سستا کردیا گیا ہے۔ کمی کے بعد نئی قیمت 90 روپے 38 پیسے فی لیٹرمقرر کی گئی ہے۔لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 25 پیسے فی لیٹر کمی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت کو برقرار رکھا گیا ہے۔ مٹی کا تیل 73 پیسے سستا ہوگیا ہے اس کی نئی قیمت 82 روپے 25 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے 4 روپے 84 پیسے سستا کیا تھا۔
Monthly Archives: January 2019
سونم کپور نے ’منا بھائی تھری‘ کیلیے انوکھی شرط رکھ دی
ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے معروف فلم سیریز ’منا بھائی تھری‘ میں کام کرنے کے لیے انوکھی شرط رکھ دی۔کئی دنوں سے بالی ووڈ میں ایک بار پھر منا بھائی تھری بنانے کی خبریں زیر گردش ہیں، فلم میکرز کی جانب سے اسکرپٹ پر باقاعدہ کام جاری ہے جس کی تصدیق فلم میں سرکٹ کا کردار ادا کرنے والے ارشد وارثی نے بھی کی تھی۔فلم کے پروڈیوسر نے سونم کپور کی اداکاری سے متاثر ہو کر انہیں اس فلم میں شامل کرنے پر نظر ثانی شروع کردی ہے لیکن اداکارہ نے اس فلم میں شامل ہونے کی انوکھی شرط رکھ دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ سونم کپور نے فلم ’منا بھائی تھری‘ میں شامل کیے جانے کی خبر پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ میں اس وقت یہ فلم کرنے کے لیے تیار ہوں لیکن میری ایک شرط یہ ہے کہ مجھے اس فلم میں مرکزی کردار دیا جائے اور دوسری بات یہ کہ فلم کا نام ’منا بھائی‘ سے تبدیل کرکے ’منی بہن ‘ رکھا جائے۔سونم کپور نے یہ بھی کہا کہ ایک وقت تھا جب میں سال میں ایک فلم کیا کرتی تھی لیکن گزشتہ سال دو سال سے مجھے کیا ہوا مجھے نہیں پتا لیکن اب میں جس فلم میں بھی کام کروں گی اس میں صرف مرکزی کردار ہی ادا کروں گی۔واضح رہے کہ سنجے دت کی مشہور زمانہ فلم منا بھائی 2003ءمیں ریلیز کی گئی جس کی مقبولیت کے بعد فلم کا پہلا سیکوئل 2006ء میں ریلیز ہوا تاہم طویل عرصے بعد فلم کا دوسرا سیکوئل سنیما گھروں کی زینت بننے جارہا ہے۔
ویب سیریز پر فہد مصطفیٰ کی تنقید، مہوش حیات برا مان گئیں
کراچی(ویب ڈیسک)آپ سب کو ہی یاد ہوگا کہ کچھ روز قبل نامور اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے ویب سیریز میں دکھائے جانے والے نازیبا مواد پر تنقید کی تھی اور پھر موقف اختیار کیا کہ یہ تنقید غیر ملکی ویب سیریز کے لیے ہے لیکن اداکارہ مہوش حیات کو یہ تنقید بالکل پسند نہ آئی اور وہ بھڑک اٹھیں۔واضح رہے کہ مہوش حیات، وجاہت رﺅف کی ہدایات میں بننے والی ویب سیریز ’عنایہ‘ میں مرکزی کردار نبھا رہی ہیں۔ویب سیریز ’عنایہ‘ کا آغاز 21 جنوری سے ہوا ہے، جسے ایک طرف مداحوں نے قابلِ ستائش قرار دیا، وہیں بولڈ ڈائیلاگز اور ملبوسات کی وجہ سے اسے تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ایسے میں فہد مصطفیٰ نے بھی ٹوئٹر پر ایک پیغام پوسٹ کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’عریانیت، خراب زبان اور محض جنسی تعلقات کے بارے میں بات کرنا مواد نہیں ہے، اسے آزادی اظہار رائے کا نام مت دیں! اس طرح سے اپنے آپ کو فروخت کرنے والے اداکار بالکل بھی اچھا نہیں کر رہے’۔فہد مصطفیٰ نے یہ بھی مشورہ دیا تھا کہ ’ویب سیریز اور مختصر فلموں کو تھوڑے وقار کا مظاہرہ کرنا چاہیے یا پھر انہیں اسے پورن (فحش مواد) کا نام دے دینا چاہیے۔’اب فہد مصطفیٰ نے تو اپنے خیالات کا اظہار کردیا، لیکن کچھ لوگوں کو شاید یہ لگا کہ انہوں نے اپنی ٹوئیٹ میں ڈھکے چھپے الفاظ میں وجاہت رو¿ف کی ویب سیریز ‘عنایہ’ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔یہی وجہ ہے کہ اپنی اگلی ہی ٹوئیٹ میں فہد مصطفیٰ نے وجاہت رﺅف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنقید غیرملکی ویب سیریز کیلئے ہے، لوگ تو بس بات کابتنگڑ بنا رہے ہیں۔وجاہت رﺅف نے تو خیر فہد مصطفیٰ کی ٹوئیٹ پر کوئی ردعمل نہیں دیا، لیکن مہوش حیات خاموش نہ رہیں اور انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا، ’ انتہائی افسوس ہے کہ کچھ لوگ ’عنایہ‘ کی مکمل سیریز دیکھے بغیر ہی بیان بازی کر رہے ہیں، دو مکالموں کے علاوہ بھی سیریز میں دیکھنے کیلئے بہت کچھ ہے جو کہ آج کی نوجوان نسل کی حقیقی عکاسی ہی نہیں بلکہ مواد اور مناظر کے اعتبار سے بالکل درست بھی ہے‘۔اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’سجھدار بنیں اور اس بات کو مانیں کہ کچھ الفاظ کی وجہ سے قوم خراب نہیں ہوتی۔’اب مہوش حیات نے تو اپنے دل کی بھڑاس نکال لی لیکن انہوں نے کسی کا بھی نام واضح نہیں کیا، تاہم لگتا یہی ہے کہ ان کا اشارہ فہد مصطفیٰ کی ہی جانب تھا۔یاد رہے کہ مہوش حیات اور فہد مصطفیٰ کی جوڑی پاکستانی فلم انڈسٹری کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی جوڑی ہے، دونوں ایک ساتھ ’نامعلوم افراد‘، ’ایکٹر اِن لاء‘ اور ‘لوڈ ویڈنگ’ جیسی کامیاب فلموں میں کام کرچکے ہیں۔
ویسٹ انڈیزویمن ٹیم نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 71 رنز سے شکست دیدی
کراچی(ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 71 رنز سے شکست دے دی۔کراچی کے ساﺅتھ رن کلب میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈین ٹیم کی کپتان میریسا اگولیرا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن کی جانب سے مایوس کن کارکردگی پیش کی گئی اور پوری ٹیم 18 اوورز میں 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔گرین شرٹس کی جانب سے کپتان بسمہ معروف 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں اور جویریہ خان نے 19 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکیں۔ویسٹ انڈیز کی شیمیلا کونیل نے 3، شاکرہ سلمان اور انیسہ محمد نے 2،2، ڈینڈرا ڈوٹن اور فلے فلیچر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں 90 رنز کی اننگز اور ایک وکٹ حاصل کرنے پر ڈینڈرا ڈوٹن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس سے قبل ویسٹ انڈین ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی تو پہلی وکٹ 34 اور دوسری 51 رنز پر گری جس کے بعد تیسری وکٹ پر دیندرا ڈوٹن اور چیڈن نیشن نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 109 رنز کی شراکت قائم کی۔دیندرا ڈوٹن نے 90 اور نیشن نے 50 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آﺅٹ رہیں، پاکستان کی جانب سے نشر ح سندھو نے ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ پہلے میچ میں کامیابی کے بعد مہمان ٹیم کو تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی۔
نیوزی لینڈ نے بھارت کو باآسانی چوتھے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے شکست دے دی
ہیملٹن(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ نے بھارت کو چوتھے ایک روزہ میچ میں باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔کیویز ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر مہمان بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری بھارتی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور کپتان روہت شرما سمیت پوری ٹیم 30.5 اوورز میں صرف 92 رنز بناسکی۔میزبان نیوزی لینڈ نے ہدف باآسانی 14.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، مارٹن گپٹل 14 اور کپتان کین ولیمسن 11 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ہینری نکولس نے 30 اور روس ٹیلر نے 37 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر ٹرینٹ بولٹ کو ‘مین آف دی میچ’ کے اعزاز سے نوازا گیا۔اس سے قبل کپتان ویرات کوہلی کی غیر موجودگی میں نیوزی لینڈ کا سامنا کرنے والی بھارتی ٹیم نے مایوس کن کارکردگی پیش کی، دسویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے یزوندرا چاہل سب سے زیادہ 18 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے اور ناٹ آﺅٹ رہے جب کہ 7 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔کپتان روہت شرما 7، شیکر دھاون 13، ہاردک پانڈیا 16 اور کلدیپ یادیو 15 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جب کہ شبمن گل 9، کیدر یادیو اور بھونیشور کمار ایک ایک اور امباتی رائیڈو اور دنیش کارتھ بغیر کوئی رنز بنائے آﺅٹ ہوئے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، کولن گرینڈہوم نے 3، ٹوڈ ایسٹل اور جیمز نیشام نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔یاد رہے کہ 5 ایک روزہ میچز میں بھارت کو پہلے ہی 1-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے جس کی وجہ سے کپتان ویرات کوہلی نے آرام کرتے ہوئے چوتھے میچ کا حصہ نہ بنے۔
سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف مہم ختم، 106 بلین ڈالر کی رقم وصول
ریاض(ویب ڈیسک) سعودی حکومت نے کرپشن کے خلاف مہم ختم کردی تاہم اس دوران لوٹی گئی 106 بلین ڈالر کی رقم قومی خزانے میں واپس جمع کرائی گئی۔سعودی حکومت کی جانب سے گزشتہ 2 سال سے جاری انسداد کرپشن مہم کے خاتمے کا اعلان کردیا گیا ہے، کرپشن کے خلاف کریک ڈاﺅن میں شہزادہ الولید بن طلال سمیت 11 شہزادے اور 4 وزرا سمیت درجنوں سابق وزرا کو گرفتار کرکے تفتیش کی گئی جس کے نتیجے میں قومی خزانے میں لوٹی گئی 106 بلین ڈالر کی رقم واپس جمع کرائی گئی۔سعودی حکومت کے مطابق مہم کے دوران 381 افراد کو نوٹس جاری کئے گئے اور 87 کے قریب افراد نے اپنے جرم کا اعتراف کیا، 106 بلین ڈالر کی رقم جائیداد، کمپنیز اور نقد رقم سمیت دیگر اثاثوں کی صورت میں جمع کرائی گئی۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے بنائی گئی انسداد کرپشن کمیٹی نے گزشتہ روز اپنی رپورٹ جمع کرائی جس میں کہا گیا تھا کہ کمیٹی نے اپنا کام مکمل کرلیا ہے، کمیٹی کی رپورٹ پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دستخط کیے جس کے بعد کرپشن کے خلاف آپریشن ختم کردیا گیا۔واضح رہے کہ نومبر 2017 میں سعودی حکومت کی جانب سے کرپشن اورمنی لانڈرنگ کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اینٹی کرپشن کمیٹی بنائی گئی جس کے بعد شہزادہ الولید بن طلال سمیت 11 شہزادے اور 4 وزرا سمیت درجنوں سابق وزرا کو گرفتار کیا گیا تھا۔
امریکا میں تاریخ کی شدید ترین سردی سے 8 افراد ہلاک
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکا میں انتہائی شدید سردی کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے اور درجنوں افراد کی حالت غیر ہونے کے باعث اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔امریکا کے وسطی اور مغربی علاقے غیر معمولی طور پر شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں جس کے نتیجے میں نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے۔ سردی کی وجہ ’پولر ورٹیکس‘ کو قرار دیا جارہا ہے جس کا مطلب ہے کہ وہاں قطب شمالی سے آنے والی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ملک کے تیسرے بڑے شہر شکاگو میں درجہ حرارت منفی 30 تک اور شمالی ڈاکوٹا میں منفی 37 تک گر چکا ہے۔ سردی اتنی زیادہ ہے کہ صرف دس منٹ باہر سردی میں کھڑے رہنے سے فراسٹ بائٹ ہوسکتا ہے اور اعضا گل سکتے ہیں۔انتظامیہ نے وسکونسن، الینوائے اور مشی گن سمیت 5 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ کئی ائیر پورٹس پر سیکڑوں پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں اور ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے۔ریاست آیووا میں حکام نے لوگوں کو گہرا سانس نہ لینے اور کم بات چیت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ زیادہ تر ہلاکتیں حفاظتی اقدامات کے بغیر سخت ٹھنڈ میں باہر نکلنے سے ہوئیں۔آئندہ دنوں میں سردی میں مزید اضافے کا خدشہ ہے جس کے باعث ملک بھر میں کم سے کم دو کروڑ افراد متاثر ہوسکتے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ہزاروں بے گھر افراد کے لیے عارضی مراکز قائم کردیے گئے ہیں۔
بینکاک میں بدترین فضائی آلودگی سے اسکول بند
بینکاک(ویب ڈیسک) بینکاک میں فضائی آلودگی اپنی بد ترین سطح پر پہنچ گئی جس کی وجہ سے حکومتی نوٹس پر اسکول ایک ہفتے کے لیے بند کر دیے گئے۔تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں زہریلے اسموگ اور بچوں کو اس کے نقصان دہ اثرات سے بچانے کے لیے 400 سے زائد اسکول ایک ہفتے کے لیے بند کروا دیے گئے ہیں۔ بینکاک کو تاریخ کی بد ترین فضائی آلودگی کی سطح کا سامنا ہے اور اس کی وجہ گرد کے بے انتہا باریک ذرات بتائے جا رہے ہیں جنہیں پی ایم 2.5 کا نام دیا جا رہا ہے۔تعمیراتی کام، فصلوں کو جلانا اور فیکٹریوں سے ہونے والی آلودگی کو اس آلودہ دھند کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔سرکاری سطح پر فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے ابھی تک کی جانے والی تمام کوششیں ناکام ثابت ہورہی ہیں۔حکومت کی جانب سے مصنوعی بارش برسانے والے بادل، سڑکوں پر ٹریفک میں کمی اور گلیوں کو اوپر سے ڈھک دینے جیسے اقدامات نے کوئی خاص فرق نہیں ڈالا۔یہاں تک کہ سرکاری حکام کی جانب سے ہوا میں میٹھے پانی کا اسپرے بھی کروایا گیا۔جب کہ آئندہ ہفتے منائے جانے والے نئے قمری سال کی تعطیلات میں عوام کو آتش بازی سے منع کیا گیا ہے۔ورلڈ ائیرکوالٹی انڈیکس پراجیکٹ کے مطابق بینکاک کا ائیر کوالٹی اینڈیکس ابھی 170 ہے جس کی وجہ سے یہ فضا صحت کے لیے نقصان دہ ہوجاتی ہے۔لیکن ابھی بھی بینکاک کی فضائی آلودگی بھارتی شہر نیو دہلی کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔رپورٹ کے مطابق نیو دہلی میں فضائی آلودگی کی سطح 390 کے قریب ہے۔
آئی ایم ایف کے پاس جانا آسان راستہ تھا ، وزیراعظم
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آئی ایف ایم کے پاس جانے سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا جب کہ اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ عارضی بحران پرقابو پانے کے لیے سمندر پار پاکستانی بینکوں کے ذریعے پیسے ملک میں بھجیں۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے’پاکستان بناﺅ سرٹیفکیٹ‘ اجراءکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا یہ سب سے مشکل وقت ہے ان حالات میں آئی ایم ایف کے پاس جانا آسان راستہ تھا لیکن ان کی شرائط کڑی تھی جس سے مہنگائی مزید بڑھتی یا پھردوست ممالک سے اتنے پیسے لیتے کہ گزارا کرتے، اس لیے آئی ایم ایف کے پاس فوری نہ جانے کا فیصلہ کیا اور کوشش ہے کہ پہلے معیشت کو بہتر کریں پھر عالمی مالیاتی فنڈ کے پاس جائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ’پاکستان بناﺅ سرٹیفکیٹ‘ خریدیں اور سرمایہ کاری کریں، یہ اقدام ہمیں مشکل حالات سے نکلنے کے لیے مددگار ثابت ہوگا، آج بھی شوکت خانم کےلیے آدھی رقم بیرون ملک سے آتی ہے، سمندر پار مقیم پاکستانی اس سے منافع حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی مدد بھی کرسکتے ہیں، ہم ملک کو پاﺅں میں کھڑا کریں گے، سبز پاسپورٹ کی دنیا بھر میں عزت کروائیں گے، یہ ملک ترقی پزیر ممالک کے لیے ایک مثال بنے گا، ہم نے تمام سفارتخانوں کو اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آسانیاں اور سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنا خسارہ پہلے کبھی نہیں تھا، توقع نہیں تھی کہ اداروں کےحالات اتنے برے ہوں گے، پہلے تو ہمیں پتا ہی نہیں تھا کہ اداروں میں کیا ہورہا ہے، حکومت میں آنے کے 5 ماہ بعد پتا چلا کہ حالات خراب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عارضی بحران پرقابو پانے کے لیے سمندر پار پاکستانی بینکوں کے ذریعے پیسے ملک میں بھجیں جب کہ ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے ایف بی آر میں اصلاحات لارہے ہیں۔
ای سی ایل میں شامل 32 ناموں کو نظر ثانی کیلئے کمیٹی کو بھیج دیا، وزیر اطلاعات
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے مشرق وسطیٰ میں سفارتی سطح پر تعلقات کوبدل کر رکھ دیا،سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی پاکستان آرہے ہیں، آج ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں 172 ناموں پر مشتمل ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کا جائزہ لیا گیا اور 32 کیسز کو نظرثانی کیلئے کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے۔اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔وزیراعظم ہاﺅس میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال سمیت 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ایجنڈے کے مطابق کابینہ کو پاکستانی ویزا پالیسی میں نرمی سے متعلق بریفنگ دی گئی گی جب کہ وزیراعظم کے مشیر عشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات پر کابینہ کو رپورٹ پیش کی۔قومی انسداد منشیات پالیسی 2018 کابینہ اجلاس میں پیش کی گئی جب کہ کابینہ نے حج پالیسی 2019 کی منظوری بھی دی جس میں کسی قسم کی کوئی سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے آکر مشرق وسطیٰ میں سفارتی سطح پر تعلقات کو بدل کر رکھ دیا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی پاکستان آرہے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ افغانستان میں گیم چینجر معاملہ چل رہا ہے،پاکستان کا کردار بڑھا ہے، کچھ چیزیں ابھی شیئر نہیں کرسکتے، افغانستان میں امن ہوگا تو خطے کے معاشی حالات بدل جائیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکا اب جس طرح سے پاکستان کا نکتہ نظر سمجھتا ہے پہلے ایسا نہیں تھا، پاکستان نہیں اب امریکا پاکستان کے نکتہ نظر کوفالو کررہا ہے، پہلی بار عمران خان کے وڑن سے سمت بدل گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت حسین نے اداروں میں اصلاحات پر رپورٹ پیش کی ہے، 172 ناموں کی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کا جائزہ لیا گیا، 32 کیسز کو نظرثانی کیلئے کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی وزارتوں اور اداروں کے سیکریٹری کے مالیاتی اختیارات بڑھا نے کافیصلہ کیا ہے، ملک بھر میں 43 ادارے و کارپوریشنز جو کام ہی نہیں کررہے ان کو بند کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ کوئٹہ، فیصل آباد سے سعودی عرب کیلئے پروازیں شروع ہوں گی۔فواد چوہدری نے کہا کہ خرم حسین کو تین سال کے لیے پاک لیبیا ہولڈنگ کمپنی کا سربراہ لگا دیا گیا ہے، عرفان آفریدی کو پی پی آئی بی کا سربراہ بنایا گیا ہے، وزیراعظم یوتھ ٹریننگ پروگرام کیلئے 97 کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اطلاعات کے مطابق حفیظ پاشا اور نوید حامد کو مانیٹری پالیسی کمیٹی کا رکن بنادیا گیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ نواشریف اور آصف علی زرداری کی سیاست ختم ہوچکی ہے، آصف زرداری تو اب پکے ای سی ایل میں ہیں۔18 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ 18 ویں ترمیم میں 100 حصے ہیں،کئی بہت اچھی چیزیں ہیں، کچھ پر بات ہونی چاہیے۔خورشید شاہ اور آصف زرداری سے کرپشن کے پیسے کا حساب مانگیں تو 18 ویں ترمیم کی بات شروع کردیتے ہیں، اصل معاملہ 18 ویں آئینی ترمیم کا نہیں این ایف سی ایوارڈ کے حصے کی تقسیم کا ہے۔
ترقی کے بہترین سفر کا آغاز ہوگیا ہے، دسمبر کے مہینے میں 50 کروڑ ڈالر کا خسارہ کم ہوا، وزیر خزانہ
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ترقی کے بہترین سفر کا آغاز ہوگیا ہے۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ ادائیگیوں کے توازن میں خاصی بہتری آئی ہے، دسمبر کے مہینے میں 50 کروڑ ڈالر کا خسارہ کم ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بناﺅ سرٹیفکیٹ سے بیرون ملک پاکستانیوں کو بہت فائدہ ملے گا، منافع آپ کا اور مستقبل بہتر ہوگا پاکستان کا جب کہ ترقی کے بہترین سفر کا آغاز ہوگیا ہے۔
مِنی بجٹ سے کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ کم ہو گا: موڈیز
لاہور(ویب ڈیسک) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کے مطابق مِنی بجٹ سے پاکستان کا کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ کم ہو گا۔موڈیز انوسٹرز سروس کی جانب سے حکومت پاکستان کی جانب سے حال ہی میں پیش کیے گئے مِنی بجٹ پر تبصرہ کیا گیا ہے۔ریٹنگ ایجنسی کے تجزیے کے مطابق مِنی بجٹ میں برآمدات اور صنعتی شعبے پر توجہ دی گئی ہے، حکومت کی توجہ اخراجات کم کرنے اور آمدنی بڑھانے پر نہیں تھی۔موڈیز کے مطابق مِنی بجٹ میں ٹیکس وصولی بہتر بنانے پر توجہ رہی، بجٹ خسارے کا ہدف 5.1 فیصد ہے اور خسارہ 6 فیصد رہے گا۔ایجنسی کے مطابق رواں سال بجٹ خسارہ بلند ہو گا جب کہ مِنی بجٹ سے کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ کم ہو گا۔موڈیز کے تجزیے کے مطابق آئی ایم ایف معاہدہ بیرونی فنڈنگ کا مستحکم ذریعہ ہو گا، فنڈ معاہدہ معیشت کو استحکام اور ریفارمز پروگرام میں معاونت فراہم کرے گا۔موڈیز کے مطابق رواں سال کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ 4.7 فیصد رہے گا جب کہ مالی سال 2018 میں کرنٹ خسارہ 6.1 فیصد تھا۔عالمی ریٹنگ ایجنسی کے مطابق مالی سال 2020 میں کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ 4.2 فیصد رہے گا۔
کابینہ نے حج پالیسی کی منظوری دیدی، سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی 2019 کی منظوری دے دی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں حج پالیسی 2019 پیش کی گئی اور حج اخراجات اور سہولیات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس سال وفاقی حکومت نے فی حاجی 45 ہزار سبسڈی دینے کافیصلہ کیا ہے تاہم اس فیصلے کو مسترد کردیا گیا اور رواں برس سبسڈی نہ دینے کا فصیلہ کیا گیا ہے۔حج کے اخراجات کو دو زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، شمالی زون کے حج اخراجات 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے اور جنوبی زون کے حج اخراجات 4 لاکھ 26 ہزار روپے ہوں گے،اجلاس میں پالیسی کے مندرجات پر غور کے بعد حج پالیسی 2019 کی منظوری دے دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران بریفنگ کابینہ کو بتایا گیا کہ اس سال 80 سال یا زائد عمر کے افراد کو بغیر قرعہ اندازی حج پر بھجوایا جائے گا اور مسلسل 3 سال ناکام رہنے والوں کو بھی اس سال بغیر قرعہ اندازی حج پر بھجوایا جائے گا جب کہ سرکاری کوٹا 60 اور نجی ٹورز آپریٹرز کا کوٹا 40 فی صد ہوگا، حج درخواستیں 20 فروری سے وصول کی جائیں گی اور اس سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔اجلاس میں مستقبل کے ورک پلان سے متعلق سمری پیش کی جائے گی اور سول سروس ریفارمز اورری اسٹرکچرنگ سے متعلق سمری بھی پیش کی جائے گی۔