روز نا مہ خبریں نے سب سے پہلے مسئلہ اٹھا یا تھا ن لیگ کے حما یتیوںکو ہٹا یا جا ئے، پنجاب حکومت نے انسداد دہشتگردی عدالت میں استغاثہ ٹیم کو تبدیل کر دیا

لاہور(نیوز رپورٹر) پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کیس کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے انسداددہشتگردی عدالت میں استغاثہ کی ٹیم کوتبدیل کردیا ۔پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن میں دہشت گردی عدالت میں دائرمقدمات کا جلد فیصلہ کرنے کے لیے پراسیکیوشن ٹیم تبدیل کردی ہے، پنجاب حکومت نے ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل حافظ اصغر، شیخ سعید اوروقارعابد بھٹی کی جگہ ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل عبدالرﺅف وٹو، امتیازسپرا اورآزر سلطان کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری سے ٹیلی فونک گفتگوکی تھی جس میں انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے لواحقین کو جلد انصاف فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

راولپنڈی میں بھی ننھی پری سے زیادتی ، پولیس کی سر پرستی میں ملزم فرار ، متاثرہ فیملی کا ” خبریں ہیلپ لائن “ میں مطالبہ

راولپنڈی (ہیلپ لائن) قصور کی طرح راولپنڈی میں بھی ایک ننھی زینب وحشی درندے کی جنسی ہوس کا نشانہ بن گئی اور پولیس متاثرہ بچی کے والدین کی مدد کرنے اور ملزم کو گرفتار کرنے میں نہ صرف تاحال بری طرح ناکام ہے بلکہ مبینہ طور پر جنسی تشدد کی میڈیکل رپورٹ بدلنے اور ملزموں کی پشت پناہی کرنے میں بھی ملوث ہے اسلئے اہالیانِ علاقہ نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سفاک واقعہ کا ازخود نوٹس لیں اور متاثرہ خاندان کی دادرسی کرنے اور بچی کیساتھ جنسی تشدد کرنے والے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے متعلقہ پولیس افسران کو احکامات صادر کریں۔ تفصیلات کے مطابق مبینہ ملزم ارسلان عرف حسنین ولد جاوید خان سکنہ کوہاٹی بازار راولپنڈی نے شادی کی ایک تقریب میں شریک آٹھ سالہ (ز) کو ورغلا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور فرار ہو گیا جس کے بعد اہالیانِ محلہ اور بچی کے رشتہ داروں کے پرزور احتجاج پر متعلقہ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ تو درج کرلی لیکن مبینہ طور پربھاری رشوت کے عوض میڈیکل رپورٹ اور تفتیشی رپورٹ بدل ڈالی جو کہ انصاف کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ ننھی (ز) کے گھر والے ملزمان اور پولیس کی جانب سے ہونے والی اس زیادتی پر چیف جسٹس سے انصاف کے طلب گار ہیں اور اپیل کرتے ہیں کہ سووموٹو ایکشن لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔