پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ اور کابینہ کے لیے پی ٹی آئی کے نام سامنے آگئے

لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ اور کابینہ کے لیے پی ٹی آئی کے نام سامنے آگئے۔عام انتخابات میں پنجاب میں (ن) لیگ اور تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئی ہیں اور دونوں جماعتوں کی جانب سے صوبے میں حکومت سازی کے لیے رسہ کشی جاری ہے، دونوں جماعتیں سادہ اکثریت کا دعویٰ کررہی ہیں تاہم کوئی حتمی صورتحال واضح نہیں ہوسکی ہے۔پنجاب میں وزیراعلیٰ کے لیے بھی تحریک انصاف میں لابنگ جاری ہے اور اب صوبے کے سربراہ کے لیے پی ٹی آئی کے نام سامنے آگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی وزیراعلیٰ پنجاب کی لسٹ میں یاسر ہمایوں اور میاں اسلم اقبال کے نام شامل ہیں جب کہ نیب نوٹسز کے باعث وزارت اعلیٰ کے مضبوط امیدوار تصور کیے جانے والے علیم خان کے اس منصب پر بیٹھنے کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہےکہ شاہ محمود قریشی کا نام بھی وزارت اعلیٰ کے لیے تاحال فائنل نہیں ہوسکا ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ کے لیے بھی کئی نام سامنے آئے ہیں جن میں ڈاکٹر یاسمین راشد کو وزیر صحت اور سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کو سینئر وزیر بنائے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ سبطین خان، راجہ بشارت، میاں وارث اور مخدوم ہاشم جواں بخت بھی وزرا کی دوڑ میں شامل ہیں۔

67 کروڑ 62 لاکھ کی درجنوں کاریں بلڈوزر پھیر کر تباہ

منیلا(ویب ڈیسک) فلپائن میں اسمگلنگ کے خلاف جاری ایک مہم اس وقت دلچسپ صورتحال اختیار کرگئی جب 67 کروڑ 62 لاکھ روپے مالیت کی درجنوں لگڑری کاروں پر بلڈوزر پھیر کر انہیں تباہ کردیا گیا۔ یہ منظر دیکھنے کےلیے فلپائن کے صدر روڈریگو ڈیوٹرٹے بھی موجود تھے۔
فلپائنی صدر اس منظر سے بہت محظوظ ہوئے جس میں 75 لگڑری کاروں سمیت مہنگی موٹرسائیکلوں کو تباہ کیا گیا۔ یہ سواریاں کسٹم حکام نے اسمگلروں سے ضبط کی تھیں۔ ان میں پورشے، لیمبورگینی، مسٹینگ اور ہیوی بائکس شامل تھیں جن کی مالیت 67 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی جارہی ہے۔

نیا سیاسی بھونچال ، پختونخواہ اور پنجاب کے بعد بلوچستان میں بھی عمران خان کی حکمرانی

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی میں بلوچستان میں حکومت بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی جس میں دونوں جماعتوں میں وفاق اور بلوچستان میں حکومت بنانے پر اتفاق ہوا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر جام کمال خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی کیلیے بی اے پی وفاق میں کسی کے ساتھ چل سکتی ہے تو وہ پی ٹی آئی ہے، ان کے ساتھ ملکر وفاق اور بلوچستان میں ایک بہتر حکومت بنائیں گے جب کہ تحریک انصاف کے ساتھ سینیٹ الیکشن میں بھی تعاون رہا ہے۔جام کمال کا کہنا تھا کہ ایک ٹیم کی صورت میں بلوچستان اور پاکستان کے عوام کیلئے کام کریں گے اور ملکر بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے طریقہ کار نکالیں گے جب کہ ہم نے بغیر کسی شرط کے تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حمایت سے بلوچستان میں سادہ اکثریت سے بھی آگے بڑھ چکے ہیں اور یہاں سے بہت اچھا پیغام لے کر بلوچستان جارہے ہیں۔دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ قوم کومبارک باد دیتا ہوں تمام معاملات طے کرلیے گئے ہیں، بلوچستان اور وفاق میں ٹیم ورک کے تحت کام کریں گے، جام کمال سے بہت مثبت بات چیت ہوئی، تمام نقاط پر ہمارا بلوچستان عوامی پارٹی کے ساتھ اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بی اے پی کا حق ہے کہ وزیراعلیٰ ان کی پارٹی کا ہو۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر ایسے ہیں جو بلوچستان میں عدم استحکام دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ہم نے بلوچستان میں بی اے پی کے ساتھ مل کر چلنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ نئی سوچ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اہم پیشرفت ہوگی۔ادھر ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی تاحال مرکز میں کسی عہدے کے لیے قائل نہ ہوسکے، شاہ محمود قریشی پنجاب میں عبوری وزیراعلیٰ کاسیٹ اپ چاہتے ہیں اور ضمنی الیکشن لڑنے تک پنجاب میں عبوری وزیراعلیٰ کے خواہاں ہیں۔شاہ محمود قریشی پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے بضدذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کا پارٹی میں اپنا گروپ بھی انہیں ابھی تک مرکز میں کسی اور ذمہ داری کے لیے قائل نہ کرسکا تاہم رضا مندی کی صورت میں شاہ محمود قریشی کو مرکز میں مرضی کی وزارت یا قومی اسمبلی کی اسپیکر شپ بھی مل سکتی ہے۔دوسری جانب شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان جو بھی حتمی فیصلہ کریں گے انہیں قبول ہوگا۔

این اے 106 سے رانا ثنااللہ کی جیت برقرار ، عابد شیر علی کی نشست پر ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری

لاہور(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 106 فیصل آباد میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا ثنااللہ کی جیت برقرار ہے جب کہ عابد شیر علی کی نشست پر ووٹوں کی گنتی کا عمل آج بھی جاری رہے گا۔تحریک انصاف کے رہنما نثار جٹ کی درخواست پر این اے 106 فیصل آباد میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل گزشتہ روز مکمل کیا گیا جس کے بعد غیر سرکاری نتیجے کے مطابق رانا ثنائ اللہ کو 2 ہزار 238 ووٹوں کی برتری حاصل کر کے کامیاب قرار پائے۔ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد رانا ثنااللہ کے مجموعی ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 6 ہزار 137 ہے جب کہ پی ٹی آئی کے نثار جٹ ایک لاکھ 3 ہزار 899 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ دوسری جانب قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 فیصل آباد 8 سے شکست کھانے والے ن لیگی امیدوار عابد شیر علی کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی آج بھی جاری رہے گی۔

سپریم کورٹ کا این اے 60 میں دوبارہ الیکشن کا حکم

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 پرانتخاب ملتوی کرنے سے متعلق نوٹی فکیشن کالعدم قراردیتے ہوئے الیکشن کمیشن کوحلقے میں انتخاب کرانے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے این اے 60 پرانتخاب ملتوی کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن کے خلاف شیخ رشید کی درخواست کی سماعت کی۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے شیخ رشید سے مکالمے کے دوران ریمارکس دیئے کہ پہلے کہا تھا کہ الیکشن بروقت ہوں گے، لوگ کہتے ہیں میں شیخ رشید کے ساتھ ملا ہوا ہوں، جس پر شیخ رشید نے کہا کہ آپ قوم کے ساتھ ملے ہوئے ہیں،اللہ نے آپ سے بہت بڑا کام لیا ہے، ملک بھرمیں الیکشن کے انعقاد پر آپ کی عظمت کو سلا م پیش کرتا ہوں۔عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد الیکشن کمیشن کو این اے60میں ضمنی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ جمع کرائے گئے تمام کاغذات نامزدگی منسوخ تصور ہوں گے۔سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ این اے 60 پر میرا ایک مخالف امیدوار نااہل ہو گیا تھا جب کہ دیگر امیدواروں کی اکثریت میرے حق میں دستبردار ہو چکی تھی۔ الیکشن کمیشن نے میرے ساتھ جو کیا اسے بھول چکا ہوں، این اے 60 پرجب بھی الیکشن ہوگا تو راشد شفیع ان کے امیدوارہوں گے۔ چیف جسٹس پاکستان، چیف الیکشن کمشنر اور آرمی چیف کی وجہ سے ملک میں شفاف الیکشن ہوئے، 14 اگست کوعمران خان حلف اٹھا چکے ہوں گے، انصاف اورجمہوریت کے لئے پوری قوم کوعمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔ عمران خان کی جیت پاکستان کی جیت ہے۔واضح رہے کی این اے 60 پرمسلم لیگ (ن) کے امیدوارحنیف عباسی تھے تاہم الیکشن سے چند روزقبل ہی حنیف عباسی کوایفیڈرین کیس میں عمرقید کی سزا سنائی گئی، جس پرالیکشن کمیشن نے حلقے میں انتخاب ملتوی کردیا تھا۔

ویسٹ انڈیز نے بنگلادیش کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے دی

سینٹ کٹس (ویب ڈیسک )ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت بنگلادیش کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔امریکا میں کھیلی جارہی تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے تاہم میچ بارش کے باعث متاثر ہوا جس کے بعد کھیل کو 11 اوورز تک محدود کردیا گیا۔ڈک ورتھ لوئس قانون کے مطابق ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 91 رنز کا ہدف ملا جسے ویسٹ انڈین بلے بازوں نے باآسانی 9.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر آندرے رسلز کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے رسلز نے 35 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ پاویل بھی 15 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے، دیگر بلے بازوں میں مارلن سیموئلز 26، آندرے فلیچر 7 اور ایون لیوس 2 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلادیش کی جانب سے محمد اللہ 35، لیٹن داس 24 اور کپتان شکیب الحسن 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ویسٹ انڈیز کے کوک ولیم نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

پی آئی اے اسٹاف نے مسافر کا 7500 پاؤنڈز سے بھرا پرس واپس کردیا

لندن:(ویب ڈیسک)’ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی لاہور سے لندن کی پرواز میں مسافر اپنا پرس طیارے میں بھول گیا تاہم عملے نے اس میں موجود سات ہزار پانچ سو پاؤنڈز مسافر تک پہنچادیے۔اسٹیشن مینیجر سجاداللہ کے مطابق مسافر زاہد شاکر نے پی آئی اے اسٹاف کا شکریہ ادا کیا۔

سجاد اللہ نے کہا کہ اکثر پی آئی اے کو منفی انداز میں پیش کیا جاتا ہے تاہم یہ دکھایا جانا ضروری ہے کہ ہمارا عملہ ایماندار اور محنتی ہے۔

آئمہ بیگ کی آواز کا جادو بھارت میں بھی چلنے کو تیار

گلوکارہ آئمہ بیگ(ویب ڈیسک)’ نے نہایت کم وقت میں اپنی مدھر آواز کے ذریعے پاکستانیوں کو تو اپنا گرویدہ بنا ہی لیا ہے اور اب ان کی آواز کا جادو بھارت میں بھی چلنے والا ہے۔آئمہ بیگ جلد ہی بھارتی گلوکار میکا سنگھ کے ساتھ اپنا گانا ریلیز کرنے جارہی ہیں، جو کسی بھی بھارتی گلوکار کے ساتھ ان کا پہلا گانا ہوگا۔حال ہی میں آئمہ بیگ نے بی بی سی ایشیئن نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ میکا سنگھ کے ساتھ اپنے نئے پروجیکٹ پر کام کر رہی ہیں، جس کے لیے وہ بہت زیادہ پر جوش ہیں۔

ناقص پرفارمنس، عمر اکمل اور احمد شہزاد سینٹرل کنٹریکٹ سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے

پاکستان کرکٹ بورڈ (ویب ڈیسک)'(پی سی بی )کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے فیصلہ کن میٹنگ آج) بدھ کو لاہور میں کرے گا جس میں کپتان سرفراز احمد کو خاص طور پر لاہور مدعو کیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ 30 سے35 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینا چاہتا ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ پر مشاورت مکمل ہونے کے بعد اگلے چند روز میں ایک سال کے لیے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا جائے گا۔پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے جو کمیٹی تشکیل دی ہے اس میں چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ڈائریکٹر کرکٹ ہارون رشید شامل ہیں۔ کمیٹی نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے گذشتہ دنوں مشاورت مکمل کر لی تھی۔ اب سرفراز احمد کو بلاکر ان سے رائے لی جائے گی اور فہرست کو حتمی شکل دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اوپنر احمد شہزاد اور عمر اکمل سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں جبکہ رومان رئیس اور عماد وسیم کی سینٹرل کنٹریکٹ میں شمولیت ان کی فٹنس سے مشروط کی جائے گی جبکہ سینیئر کھلاڑی محمد حفیظ او وہاب ریاض کی بھی تنزلی ہوجائے گی۔

میں پریانکا سے بہتر اداکارہ ہوں، میرا

لالی وڈ ادکارہ(ویب ڈیسک)’ میرا کبھی اپنی گلابی انگریزی کی وجہ سے خبروں کی زینت بن جاتی ہیں تو کبھی اپنے جذبات کا اظہار اس طرح کرتی ہیں کہ سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالیتی ہیں۔اور اب انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ہالی وڈ کو پریانکا چوپڑہ کے بجائے انہیں منتخب رنے کی تجویز دے ڈالی۔واضح رہے کہ حال ہی میں فلم فیئر میگزین نے اپنے ٹوئٹر پیغام یں مداحوں کو اس بات سے آگاہ کیا کہ بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو کرسٹ پریٹ کے ساتھ ہالی وڈ کے نئے پروجیکٹ ’کاؤ بوائے ننجا وِکنگ‘ کے لیے کاسٹ کرلیا گیا ہے۔تاہم جیسے ہی میرا کو اس کی خبر ہوئی، انہوں نے فلم فیئر کی پوسٹ کو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’میں پریانکا چوپڑا سے بہتر اداکارہ ہوں، ہالی وڈ پلیز میرا انتخاب کریں‘۔

این اے 53میں ٹکٹ کیلئے زلفی بخاری کے والداور سسرنے کوششیں شروع کر دیں

اسلام آباد(آئی این پی ) اسلام آباد کے حلقے این اے 53میں ٹکٹ کیلئے زلفی بخاری کے والد واجد بخاری اور سسر سید ظفر علی شاہ نے کوششیں شروع کر دیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 5نشستوں پر قومی اسمبلی کا الیکشن جیتا،اب عمران خان نے میانوالی کی نشست رکھنے جبکہ بنوں ،لاہور،کراچی اور اسلام آباد کی نشست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔عام انتخابات میں این اے 53میں عمران خان نے اپنے قریبی ساتھی زلفی بخاری کو انتخابی مہم کا انچارھ مقرر کیا تھا۔ذرائع کے مطابق عمران خان کی جانب سے این اے53کی نشست چھوڑنے کے فیصلے کے بعد انکی انتخابی مہم کے انچارج زلفی بخاری کے والد واجد بخاری اور زلفی بخاری کے سسر سید ظفر علی شاہ نے این اے53کی ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔سید ظفر علی شاہ الیکشن سے قبل مسلم لیگ(ن)چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے جبکہ زلفی بخاری کے والد واجد بخاری مشرف دور میں نگران وزیر بھی رہ چکے ہیں۔

آسٹریلیا نے پاکستان سے اسپن جنگ کیلیے کمرکس لی

سڈنی: (ویب ڈیسک)’ آسٹریلیا نے پاکستان سے اسپن جنگ کیلیے ابھی سے کمرکس لی سیریز سے قبل سلو بولرز کو تیاری کیلیے اے ٹیم کے ساتھ بھارت بھیجا جائے گا سیریز کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان 2 روز میں متوقع ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا میں دہائیوں سے جاری کرکٹ جنگ کا اگلا دور رواں برس یو اے ای میں ہوگا جہاں پر اسپنرز کا راج رہتا ہے، 2 ٹیسٹ کی مختصر سیریز کے دونوں مقابلے روایتی انداز میں دن کی روشنی میں ہی کھیلے جائیں گے، جلد ہی کینگروز سے دبئی اور ابوظبی میں کھیلی جانے والی سیریز کا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔ گذشتہ سال سری لنکا نے پاکستان کو دبئی میں نائٹ ٹیسٹ میں 68 رنز سے شکست دی تھی۔اس مقابلے میں خاص طور پر پاکستان کے اہم ہتھیار لیگ اسپنر یاسر شاہ کو گیند پر گرپ میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اب آسٹریلیا کو یاسر سے زیادہ خوف محسوس ہورہا ہے جو28 ٹیسٹ میں 29.44 کی اوسط سے 165 وکٹیں لے چکے اور میچ ونر کا درجہ رکھتے ہیں۔دبئی میں انھوں نے 37 اور شیخ زید اسٹیڈیم میں 22 شکار کیے ہیں۔ آسٹریلیا بھی اسپن کنڈیشنز کا توڑ کرنے کیلیے اپنی پلاننگ کرچکا، ناتھن لیون امیدوں کا محور ہوں گے، وہ بھارت اور بنگلہ دیش میں اچھی کارکردگی دکھا چکے، اسی طرح ٹیم میں ایشٹون ایگر، جان ہالینڈ اور مچل سویپسن بھی موجود ہوسکتے ہیں۔ ان میں سے ٹیسٹ تجربے کے حامل ایگر اور ہالینڈ کے ساتھ ناتجربہ کار لیگ اسپنر سویپسن کو اپنا کیس مضبوط کرنے اور کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع فراہم کرنے کیلیے اے ٹیم کے ساتھ بھارت بھیجا جارہا ہے جہاں رواں ماہ سیریز طے ہے، اے سائیڈ کے کپتان مچل مارش یو اے ای میں ٹم پین کے نائب ہوسکتے ہیں۔ 2014 میں پاکستان نے آٹریلیا کو 2-0 سے وائٹ واش کیا تھا۔