رومان ٹی 20 میں ٹیم کے نمبرون بننے پرخوشی سے سرشار

کراچی(آئی این پی) پاکستانی فاسٹ بولر رومان رئیس کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون ٹیم بننے پر خوشی ہے۔رومان رئیس کا کہنا تھا کہ پاکستان کےساتھ سیریز سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم ویسٹ انڈیز کو شکست دے چکی تھی اور ان کا مورال بلند تھا۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ اگرچہ ٹیم نے بھرپور کوشش کی لیکن ون ڈے سیریز میں کبھی بالنگ نہیں چلی تو کبھی بیٹنگ نے دھوکا دے دیا۔واضح رہے کہ اتوار 28 جنوری کو مانٹ مانگنوئی میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر نہ صرف پاکستان نے سیریز اپنے نام کی بلکہ وہ ٹی ٹوئنٹی کی نمبرون ٹیم بھی بن گئی۔واضح رہے کہ پاکستان نےکیویز کو ان کے ہوم گرانڈ پر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پہلی مرتبہ شکست دی ہے۔اس سے قبل پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا تھا۔

وسیم اکرم ایک بار پھر میدان میں اترنے کو تیار

ملتان (آئی این پی) سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم ایک بار پھر میدان میں اترنے کو تیار ہیں۔تفصیلات کے مطابق وہ چار فروری کو ملتان میں نمائشی میچ میں رنگ جمائیں گے۔ اتوار چار فروری کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں اسٹارز کی بھرمار ہوگی۔

پاکستان سپرلیگ میں شامل ہونے والی چھٹی فرنچائز ملتان سلطانز ماضی اور حال کے مایا ناز کرکٹرز کو اکٹھا کرے گی۔پہلے ملتان سلطانز فرنچائز کی زبردست لانچنگ ہوگی۔ جہاں ٹیم کے کھلاڑیوں کو تعارف بھی ہوگا۔ اس کے بعد ملتان دی مقابلہ کے ہیش ٹیگ سے ایک نمائشی میچ کا انعقاد بھی ہوگا۔اس میچ میں سلطان الیون کی ٹیم طوفان الیون کا مقابلہ کرے گی۔ سلطان الیون کے کپتان وسیم اکرم ہونگے۔فرنچائز کے ڈائریکٹر کرکٹر وسیم اکرم بھی سوئنگ کا جادو جگائیں گے۔ ایونٹ کے لیے کافی پرجوش بھی ہیں۔طوفان الیون کی قیادت سینئربلے باز شعیب ملک کریں گے، جو پی ایس ایل تھری میں ملتان سلطانز کے کپتان بھی ہونگے۔نمائشی میچ میں ماضی کے جارح مزاج بلے باز عمران نذیر بھی رنگ جمائیں گے۔ جبکہ ملتان سلطانز ٹیم میں شامل احمد شہزاد، سیف بدر اور دیگرز کرکٹرز کےساتھ شوبز سے جڑی شخصیات اور مقامی نوجوان کھلاڑی بھی ان ایکشن ہونگے۔میچ کے بعد موسیقی کا تڑکا بھی لگے گا جس میں معروف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کرکےسحر طاری کریں گے۔

کپتان سرفراز کراچی پہنچ گئے , میڈیا سے بات کرنے سے گریز

کراچی(آئی این پی) نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شکست اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور فاسٹ بولر رومان رئیس کراچی پہنچ گئے۔ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ائرپورٹ پر میڈیا نمائندگان سے بات کرنے سے گریز کیا اور اس کی وجہ بتائی کہ پی سی بی نے انہیں میڈیا سے بات کرنے سے منع کیا ہے۔اس موقع پر بولر رومان رئیس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھرپورکوشش کی لیکن ون ڈے میں کبھی بولنگ نہ چلی تو کبھی بیٹنگ۔بولر کا کہنا تھا کہ انہیں ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون ٹیم بننے پر بےحد خوشی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ نیوزی لینڈ میں5 ون ڈے میچوں کی سیریز 5-0صفر سے ہاری، لیکن تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز2-1 سے جیت کر نہ صرف قوم کی تھوڑی بہت لاج رکھی بلکہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبرون ٹیم بھی بن گئی۔

بورڈ نے نیا پلیئرز مینجمنٹ پلان ترتیب دیدیا

لاہور(آئی این پی)نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سویپ شکست کے بعد پی سی بی نے پلئیرز مینجمنٹ پلان ترتیب دے دیا۔ دوران سیریز سکواڈ میں شامل تمام کرکٹرز کو کھیلنے کا موقع ملے گا، کھلاڑی اب تمام لیگز بھی نہیں کھیل سکیں گے۔نیوزی لینڈ کےخلاف ون ڈے سیریز میں کلین سویپ شکست نے پی سی بی کی آنکھیں کھول دی۔ بورڈ نے مشیروں کے مطابق ہار کی وجہ کھلاڑیوں کی انجریز ہے۔ بورڈ نے اب پلئیرز مینجمنٹ پلان ترتیب دے دیا ہے۔اب نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا طرز پر روٹیشن پالیسی پر عمل ہوگا۔ سیریز کے دوران سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو موقع ملے گا۔ خاص کر فاسٹ باﺅلرز کو پوری سیریز کی بجائے مخصوص میچز ملیں گے۔ کرکٹرز کو اب تمام لیگز کے لئے این او سی نہیں دیا جائے گا۔ہارون رشید اور مدثر نذر کے اس مشترکہ پلان کا اعلان چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ٹیم منجمنٹ سے مشاورت کے بعد ہوگا۔ پلان میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی 23 کھلاڑیوں کی فہرست تیار کی گئی ہے۔

ان کھلاڑیوں کو مخصوص لیگز میں جانے کی اجازت دی جائے گی۔اور ٹیم میں شامل کھلاڑی سال میں دو سے زائد لیگز نہیں کھیل سکیں گے جبکہ بنگلہ دیش اور ہانگ کانگ طرز کی لیگز میں اہم کھلاڑی نہیں بھیجے جائیں گے۔

نڈر ظالم ما فیا بے لگام

لاہور(خصوصی رپورٹ)صوبائی دارلحکومت میں سوائن فلو کے وائرس گہرے ہوتے ہی مرض کی کی ویکسین اور دوائی ڈرگ مافیا نے شہر میں سوائن فلو کی ویکسین غائب کر دی گئی ہے ناجائز منافع کمانے کے لیے سوائن فلو کی ویکسین کو بلیک میں فروخت کرنے کا دھندہ بھی عروج پر پہنچ گیا ہے چار سو چار روپے والی ویکسین شہر کے مخصوص چین فارمریسیز اور بڑے میڈیکل سٹوروں پر بارہ سے سولہ سو روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔یہ لاہور میں صرف بارہ سے چودہ سٹور ہیں جہاں دستیاب ہے یہ ویکسین سروسز ہسپتال کی انتظامیہ نے چار سو چار روپے میں فی وائل خریدی جبکہ یہی ایچ ون اور این ون انفلوئنزہ وائرس ویکسین ڈی جی آفس نے چار سو چھتیس روپے میں یعنی بتیس روپے مہنگی خرید لی ۔ ڈی جی ہیلتھ آفس میں جب بحران نہیں تھا اس وقت مہنگے داموں یہ ویکسین خرید لی جبکہ سروسز ہسپتال کی انتظامیہ نے جب سوائن فلو کا طوفان ہے اور شہر میں ویکسین نایاب کر دی گئی ہے اس وقت ڈی جی آفس سے بتیس روپے فی وائل سستے داموں خرید کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا مگر اس وقت شہر میں روزانہ آٹھ سے دس مذکورہ وائرس کے مشتبہ مریض سامنے آ رہے ہیں ایسے وقت میں شہریوں کو اس وائرس سے بچانے کے لیے اس وائرس کی ویکسین مارکیٹ سے غائب کر دی گئی ہے اگر کہیں دستیاب ہے تو وہاں بارہ سو سے سولہ سو روپے میں ویکسین مل رہی ہے لوگ اس وائرس سے خود کو اور اپنے بچوں کو بچانے کے لیے اس ویکسین کے حصول کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں مگر ان کو کہیں سے بھی یہ ویکسین مل نہیں رہی۔دوسری طرف سوائن فلو کا شکار مریضوں کے لیے ٹیمی فلو جو کہ کیپسول کی صورت میں استعمال کروائی جاتے ہیں اس کو بھی ڈرگ مافیا نے مارکیٹ سے غائب کروا دیا ہے اور اکادکا جگہوں پر مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں۔ادویات کی ہول سیل مارکیٹ لوہاری مارکیٹ میں بھی یہ ویکسین اور کیپسول موجود نہیں ہے جس سے مریضوں اور عام لوگوں کی زندگیاں خطرے سے دوچار ہو گئی ہیں اس حوالے سے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ اگر ڈی جی آفس میں مہنگے داموں ویکسین کی خریداری ہوئی ہے تو اس کی تحقیقات ہو گی دوسری طرف اگر مارکیٹ میں ویکسین اور ٹیمی فلو کیپسول غائب کر دیے گئے ہیں تو اس پر بھی کاروائی ہو گی ادویات غائب کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں اور ایسے لوگوں کا پیچھا کریں گے۔

سرکا ری طلبا کے لیے بڑی خو شخبری

لاہور (نیا اخبار رپورٹ) سرکاری سکولوں میں بچوں میں بیماریوں کی تشخیص کے لئے سکول ہیلتھ اینڈ سکریننگ پروگرام پر آج سے عملدرآمد شروع کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی طور لاہور کے تین سکولوں سے منصوبے کا آٓغاز کیا جا رہا ہے جس کی کامیابی کے بعد منصوبے و شہر کے مزید سکولوں تک توسیع دی جائیگی۔ ابتدائی طور پر جن سکولوں میں منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول خزانہ گیٹ، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لوہاری گیٹ اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لدھڑ شامل ہیں۔ منصوبے کے تحت مختلف بیماریوں کی تشخیص کے لئے سکولوں میں سکریننگ کیمپ لگائے جائیں گے۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف سمیت دیگر عملہ سکولوں کا دورہ کرے گا۔

خبردار ۔۔۔مرغی کا گوشت کھانے سے پہلے یہ خبر ضرور پڑھ لیں

اسلام آباد : پارلیمانی کمیٹی کے سامنے اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ شہریوں کی جانب سے استعمال کیے جانے والے دودھ، انڈوں اور مرغی کے گوشت میں مضر صحت ادویات کے ذرات موجود ہونے کا امکان ہے۔اس بات کا انکشاف بین الصوبائی رابطے سے متعلق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران پاکستان ویٹرنری میڈیکل کونسل کے رجسٹرار ڈاکٹر علمدار حسین ملک نے کیا۔انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ کسانوں کی جانب سے جانوروں اور مرغیوں کی جلد نشو نما کے لیے ادویات کا استعمال کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا امکان ہے کہ جلد بڑی کی گئی اور اینٹی بائیوٹک پر مشتمل مرغیاں مارکیٹ تک پہنچ رہی ہیں، جس کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔مزید پڑھیں: بکرے اور گائے کے گوشت کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہڈاکٹر علمدار کا کہنا تھا کہ دوبڑی وجوہات منہ اور پاو¿ں کی بیماری اور ادویات کے ذرات باقی رہنے سے پاکستان کے جانوروں کی برآمدات محدود یا نہ ہونے کے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ کسان جانوروں کو ذبح کرنے سے قبل 5 روزہ ادویات کے استعمال کا مشاہدہ نہیں کرتے جس کے باعث ان کے گوشت میں ان ادویات کی باقیات رہ جاتی ہیں۔

عدالت نے اہم کیس میں ایک سال کی پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے تلور کے شکار پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا۔ عدالت نے تلور کے شکار پر پابندی کیخلاف درخواستوں پر وکلا کو دلائل کیلئے 8 فروری کو طلب کر لیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے تلور کے شکار پر پابندی کا عبوری فیصلہ واپس لے لیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے چند روز قبل تلور کے شکار پر ایک برس کیلئے پابندی عائد کی تھی۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے تلور شکار پر پابندی کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کمیشن کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے پر مزید حقائق سامنے آئے ہیں، تلور کے شکار پر پابندی سے قبل کمیشن کی رپورٹ پر تفصیلی بحث کی ضرورت ہے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے حکم دیا کہ فریقین کے وکلائ 8 فروری کو پیش ہو کر دلائل دیں۔

ڈیڈ لائن ختم, 19لاکھ مہاجرین کہاں جائینگے, حیرت انگیز رپورٹ

پشاور (خصوصی رپورٹ) 19لا کھ سے ز ائد افغان مہاجرین کی وطن واپسی کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد ممکنہ طور پر مزید پانچ مہینے کی توسیع کی منظوری آج وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دیئے جانے کے امکانات ہیں وزارت سیفران کے ذرائع کے مطابق ممکنہ طور پر ان کی توسیع آج ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دیئے جانے کے امکانات ہیں غیررجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کے مراکز بھی بند کردیئے گئے ہیں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رضاکارانہ وطن واپسی موسم سرما کے باعث تین مہینوںکے لئے ملتوی ہیں افغان مہاجرین کی ڈیڈلائن آج ختم ہونے کے باعث ذرائع نے بتایا ہے کہ ان کی ڈیڈ لائن میں مزید پا نچ مہینے کی توسیع کی تجویز ہے گزشتہ روز وزارت سیفران نے اس حوالے سے اجلاس بھی منعقد ہوا پانچ مہینے کی توسیع کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ کی طرف سے آئندہونے والے اجلاس میں دی جائیگی افغان مہاجرین کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد رجسٹرڈ اور غیررجسٹرڈ کاروباری افغان مہاجرین میں شدید خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے افغان حکومت کے دہشت گردی کے الزامات پاکستان حکومت پر عائدکر رہی ہے جبکہ پشاور سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کے سینکڑوں واقعات رونماءہو چکے ہیں ۔

بلیو مون، سپر مون اور چاند گرہن،تینوں آج ایک ساتھ

لاہور(خصوصی رپورٹ)نئے سال کا پہلا چاند گرہن آج ہو گا ،بلیو مون اور سپر مون بھی ایک ساتھ دیکھے جا سکیں گے ۔آج پاکستان سمیت پوری دنیا میں چاند گرہن کا یادگاراور دلفریب واقعہ رونما ہوگا جسے سپر بلڈ بلیو مون بھی کہا جاتا ہے ۔گزشتہ 150سال میں ایسا واقعہ کبھی رونما نہیں ہوا،یہ نظارہ آج بدھ کے روز مغربی شمالی امریکہ، ایشیا، مشرق وسطی اور روس کے علاقوں میں دیکھا جاسکے گا۔اس مکمل چاند گرہن کی خاص بات یہ ہے کہ ایک جانب تو یہ مکمل چاند یعنی بدر ہوگا۔ دوم یہ سپرمون بھی ہے یعنی عام حالات کے مقابلے میں یہ 14 فیصد بڑا دکھائی دے گا اور اس پر چاند کو گرہن لگنے کا منظر ایک دلفریب نظارہ پیش کرے گا۔ اس دوران زمین کا سایہ چاند پر پڑنے سے اس کی رنگت سرخی مائل دکھائی دے گی۔ ان تمام مظاہر کی بنیاد پر اسے سپر بلیو بلڈ مون کا نام دیا گیا ہے ۔ تاریخی لحاظ سے 1866 میں ایسا نظارہ دیکھا گیا تھا۔اور ایسا نظارہ آئندہ 31 دسمبر2028اور اس کے بعد31جنوری2037کو دیکھا جا سکے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سال کا پہلا چاند گرہن 5 گھنٹے 17منٹ طویل ہوگا۔یہ چاند گرہن 6 بج کر31منٹ پر عروج پرہوگا۔جبکہ 3 بج کر51منٹ پر شروع ہوکر9بج کر8منٹ پر ختم ہوگا۔جبکہ محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سال کا دوسرا چاند گرہن 27 اور28جولائی کی درمیانی شب کو وقوع پذیر ہوگا۔جو کہ 6 گھنٹے 14 منٹ طویل ہوگا اور 27جولائی کی شام 10بج کر 15منٹ پر شروع ہوگا اور 28 کی صبح 4 بج کر29منٹ پر ختم ہوگا۔

اورنج ٹرین ،ہزاروں چولہے ٹھنڈے ،عوام میں شدید پریشانی

لاہور (خصوصی رپورٹ) ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی روٹس کی بندش کیلئے ایل ٹی سے مشاورت شروع۔ ایل ڈی سی کے بی ٹی اور بی فور نجی ٹرانسپورٹ کے روٹ نمبر 105‘ 107‘ 102 اور 103 بند کردیئے جائیں گے۔ اورنج ٹرین منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے ٹریک سے ملحقہ پبلک ٹرانسپورٹ کے سات روٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے روٹس کی بندش کے لیے ایل ٹی سی سے مشاورت شروع کر دی۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات اورنج لائن منصوبہ کی نذر ہونے لگیں۔ اورنج ٹرین کے ٹریک کی تعمیر کے بعد پبلک2 ٹرانسپورٹ کے سات روٹس بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے گیارہ روٹ بالواسطہ متاثر ہوں گے۔ 7 روٹس بند کرنے کے بعد چار پبلک ٹرانسپورٹ روٹس کو از سر نو ترتیب دیا جائے گا۔ ٹھوکر نیاز بیگ جی ٹی روڈ اور ریلوے سٹیشن سے چلنے والے ایل ٹی سی کے دو روٹس بی ٹو اور بی فور کو بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ جبکہ ملتان روڈ، ملتان چونگی، سبزہ زار، سکیم موڑ، چوبرجی، جی ٹی روڈ اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کے پانچ روٹس 105،107،104،102 اور 103 بھی بند کر دئیے جائیں گے۔ اورنج ٹرین منصوبے کی تکمیل کے بعد ٹریک کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اور ایل ٹی سی پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش پر عمل درآمد بھی کرائے گی۔

ن لیگ باغی پرپھر مہربان

لاہور (خصوصی رپورٹ) مسلم لیگ (ن) نے سینٹ کے انتخابات میں تحریک انصاف چھوڑ کر آنے والے جاوید ہاشمی کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کر لیا۔ باخبر ذرائع کے مطابق مخدوم جاوید ہاشمی کو سینٹ کی اسی جنرل سیٹ کیلئے امیدوار بنایا جا رہا ہے جس پر 2012ءمیں موجودہ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سنیٹر بنے تھے اور پھر مئی 2015ءمیں گورنر پنجاب بنائے جانے سے یہ نشست خالی ہوئی تھی۔ جس پر سعود مجید کو مئی 2015ءمیں سینٹ کیلئے منتخب کروایا گیا۔

کپتان کی سادگی خیبرپختو نخواحکومت کو لے ڈوبی،کپتان کی حرکت سے سب پریشان

پشاور (خصوصی رپورٹ)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹرز کا دل کھول کر مفت استعمال کیا اور ہیلی کاپٹر کو رکشہ بنادیا اور انہوں نے 18ہزار کلومیٹر کا سفر صرف 21لاکھ میں کیا وہ سرکاری طور پرکیا ۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے خیبرپختونخوا کے ہیلی کاپٹر وں میں وزیراعلی پرویز خٹک کی منظوری سے مسافت کے لحاظ سے تقریبا آدھی دنیا کا مفت سفر کیا۔ ان کے 40 فضائی سفروں پر اٹھنے والے اخراجات کی رقم تو کروڑوں روپے میں ہے تاہم صوبائی حکومت کی سرکاری دستاویز میں ہیلی کاپٹرز کے استعمال کی مد میں صرف 21 لاکھ7 ہزار 181 روپے کے اخراجات کا تذکرہ ہے۔ دستاویز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کے دو ہیلی کاپٹروں ایم آئی 171 اور ایکیوریل پرتقریبا 74 گھنٹے اڑان بھری۔ عمران خان نے ایم آئی 171 ہیلی کاپٹر پر 22 گھنٹے سفر کیا جس پر 12 لاکھ 70 ہزار 306 روپے کے اخراجات آئے جبکہ اسی طرح ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52 گھنٹے سفر کیا گیا جس پر 8لاکھ 36 ہزار 875 روپے خرچہ آیا۔ دستاویز کے مطابق عمران خان نے کل 74 گھنٹے سرکاری ہیلی کاپٹرز پر پرواز کی اور اس پر مجموعی طور پر 21 لاکھ7 ہزار 181 روپے کے اخراجات آئے، اس حساب سے فی گھنٹہ سفر کا اوسط خرچہ 28 ہزار 475 روپے بنتا ہے لیکن وزیراعلی کے پرنسپل ایڈوائزر برائے ٹیکنیکل ٹریننگ اور ایوی ایشن محمد امین کے مطابق سرکاری ہیلی کاپٹر پر فی گھنٹہ ڈیرھ سے دو لاکھ روپے خرچہ آتا ہے اور ڈیڑھ لاکھ روپے فی گھنٹہ کے حساب سے عمران خان کے 74 گھنٹوں کا خرچہ ایک کروڑ 11 لاکھ روپے بنتا ہے۔