فنکار برادری نائلہ جعفری کی امداد کرے

لاہور (شوبز ڈیسک) اداکارہ نیلم منیر نے کہا ہے کہ سینئر اداکارہ نائلہ جعفری کو کینسر کے موذی مرض سے بچانے کے لئے ہمیں حکومت کی بجائے خود اقدامات کرنے ہوں گے ، آج فنکاروں کی منفی خبروں کو شہ سرخی کے طور پر پیش کیا جاتا ہے جبکہ نائلہ جعفری جیسی سینئر اداکارہ کو ہم اکیلے مرنے کے لئے چھوڑ دیتے ہیں ۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ معاشرے کی بے حسی کی وجہ سے کئی فنکار پہلے ہی دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں اور اب نائلہ جعفری کینسر کے موذی مرض کا دلیرانہ مقابلہ کر رہی ہیں ، ان حالات میں حکومت کو خود آگے بڑھ کر ان کے علاج کے لئے تمام وسائل مہیا کرنے چاہیے تھے مگر افسوس کہ کسی نے بھی اس طرف توجہ نہیں دی ۔ نیلم منیر نے کہا کہ میں اپنے تمام ساتھی فنکاروں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ نائلہ جعفری کی زندگی بچانے کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کریں تاکہ بعد میں ہمیں پچھتاوے کا احساس نہ ہو ۔

گلوکاری جنون‘ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں‘

اسلام آباد (شوبز ڈیسک) گلوکارہ حوریہ خان نے کہا ہے کہ مجھے گلوکاری کا جنون ہے اور اپنی اب تک کی کارکردگی سے کافی مطمئن ہوں۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حوریہ نے کہا کہ میں کسی مجبوری نہیں شوق کے تحت گلوکاری کر رہی ہوں اور مجھے آگے بڑھنے کیلئے کسی سفارش کی نہیں شائقین کی محبت کی ضرورت ہے۔ حوریہ خان نے کہا کہ میں نے گلوکاری کے شعبہ کے انتخاب کرنے سے پہلے ایک بار نہیں سو بار سوچا اور مجھے اپنی صلاحیتوں پر پورا یقین ہے اسی وجہ سے میں فلم انڈسٹری میں آئی اور خدا کا شکر ہے کہ میں اب تک کامیاب جا رہی ہوں اور شائقین بھی میری گلوکاری کو پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی اب تک کی کارکردگی سے مطمئن ہوں تاہم سیکھنے کا سفر ہمیشہ جاری رہتا ہے۔

ڈرامہ رائٹر انورمقصود فلم کا سکرپٹ لکھنے میں مصروف

لاہور(کلچرل رپورٹر) ڈرامہ رائٹر،مزاح نگارو میزبان انورمقصود ان دنوں ایک فلم کا سکرپٹ لکھنے میں مصروف ہیں جس کے ڈائریکٹر ملک کی ایک نامور شخصیت ہیں۔اس بات کا انکشاف انورمقصود نے ”خبریں“ سے گفتگو میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ میں نے جب سے لکھنا شروع کیا ہمیشہ اپنی مرضی سے لکھا کیونکہ میں کسی کی ہدایت پر کچھ بھی نہیں لکھ سکتا اور نہ ہی یہ بات میرے مزاج میں ہے اس لئے جن لوگوں کو یہ بات معلوم ہے وہ مجھ سے رابطہ نہیں کرتے کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ میں کسی کے کہنے پر کام نہیں کرتا ۔انہوں نے بتایا کہ میں جس فلم کی کہانی لکھ رہا ہوں اس کے بارے میں قبل ازوقت کوئی دعویٰ نہیں کرسکتا اور نہ ہی مجھے ایسا کرنا اچھا لگتا ہے۔ کسی بھی پراجیکٹ کے دوران میری پوری توجہ صرف اسی پر مرکوزہوتی ہے،پراجیکٹ اچھا تھا برااس کا فیصلہ صرف لوگ ہی کرتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈرامے کی مقبولیت کے لئے آج کل ریٹنگ کا سہارالیا جاتا ہے لیکن میں نہیں سمجھتا کہ چندلوگوں کی رائے پر کسی ڈرامے کو مقبول اور کسی کو فلاپ قراردیا جاسکتا ہے ، ماضی میں ایساکوئی پیمانہ نہیں تھا بلکہ رائٹراور ڈائریکٹر کے علاوہ فنکاروں کو بھی پہلے ہی پتہ ہوتا تھا کہ ان کا ڈرامہ ضرورہٹ ہوگا۔

فلموں میں مصروف ہوں،ڈراموںکیلئے وقت نہیں

کراچی(شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ و ماڈل ماہرہ خان نے کہا ہے کہ فلم ”ورنہ“ کی شوٹنگ مکمل کرچکے ہیں، شعیب منصور کے ساتھ کام کرنا ہمیشہ بہت اچھا لگتا ہے کیونکہ ان کے ساتھ سیکھنے کا عمل بہت تیز ہوتا ہے۔نیو فیس آف ویٹ پاکستان کی تعارفی تقریب میںمیڈیاسے بات کرتے ہوئے اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ وہ فلم”ورنہ“ میں مرکزی کردار کے بجائے معاون اداکار کے طور پر بھی کام کرنا پڑتا تو میں کرتی، میں نے اپنی پہلی فلم”بول“ ان کے ساتھ کی تھی، نہ صرف پہلی فلم بلکہ اداکاری کے میدان میں قدم شعیب منصور کے ساتھ رکھا تھا، وہ مجھے کوئی بھی کردار دیتے میں ضرور کرتی کیونکہ میں کسی بھی پروجیکٹ میں اس کی کہانی کو دیکھتی ہوں اور میرا ماننا ہے کہ شعیب منصور سے بہتر کہانی کوئی نہیں لکھ سکتا۔ماہرہ خان نے کہا کہ ”ورنہ “کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے، فلم مولا جٹ کے لیے پنجابی زبان سیکھ رہی ہوں، زبان کا کردار میں بڑا عمل دخل ہوتا ہے۔، تو پنجاب کے لب و لہجہ کو بہتر طور پر ادا کرنے کی کوشش کے لیے کوئی کمی نہیں چھوڑوں گی۔ماہرہ نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں میں کانٹینٹ کمزور پڑتا دکھائی دیتا ہے اگر کوئی مضبوط و جاندار کہانی ا?فر ہوئی تو ضرور ڈرامہ میں کام کرونگی، فی الوقت فلموں کی شوٹنگ، برینڈ کی شوٹنگ و دیگر عوامل میں مصروف ہوں۔اداکارہ نے کہا کہ بہت خوش ہوں کہ ویٹ نے پاکستان سے بھی ویٹ کے نئے چہرے کا انتخاب کیا گیا، کسی بھی برانڈ کے سفیرمنتخب ہوتے ہوئے تمام پہلو سے ضرور سوچتی ہوں، کیونکہ ہمارا توکام ہے لیکن میرا ویٹ پر اعتماد ہے اس لیے اس کا چہرہ بننے میں کوئی ہرج محسوس نہیں کرتی بلکہ یہ ایک بہت اچھا اقدام ہے میرے بعد دیگر فنکاروں کو بھی ویٹ فیس بننے کا موقع ملا۔علاوہ ازیں اس تقریب کا افتتاح ماہرہ خان نے کیا جہاں پر انھوں نے نئی ویٹ گرل ”ہمیشہ ریڈی ہے“ کے بارے میں بتایا اور کہا کہ کس طرح اس برانڈ کے بارے میں انھیں معلوم ہوا۔ انھوں نے کہا کہ اس برانڈ سے منسلک ہونے پر مجھے بہت خوشی اور اعتماد ملا، انھوں نے کہا کہ ویٹ خواتین کو خود اعتمادی کے ساتھا آگے بڑھنے کا مثبت پیغام دیتی ہے۔ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ میری زندگی کا سفرآسان تھا اور صرف ایک ہی چیز جس نے مجھے حوصلہ دیا وہ میرا اعتماد ہے جس کے تحت میں اس مقام پر ہوں۔

.

احسن خان بہترین اداکار کے 3 ایوارڈ جیتنے میں کامیاب

لاہور ( شوبز ڈیسک) معروف اداکار احسن خان سال2017ءمیں بہترین اداکار کے تین ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ بہترین اداکار کا لکس ایوارڈ جیتنے کے بعد لاہور میں ہونے والے ایوارڈ شو میں احسن خان کو ایک مرتبہ پھر بہترین اداکار اور بہترین منفی اداکار کا ایوارڈ دیا گیا ہے ۔جس کے بعد احسن خان 2017ءمیں تین ایوارڈ حاصل کرنے والے واحد اداکار ہیں ۔

تمنا بھاٹیا کی فلم ”باہو بلی 2“کا امریکن باکس آفس پرتیسرا نمبر

نیویارک (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ تمنا بھاٹیا کی فلم باہو بلی ٹو نارتھ امریکن باکس پر بھی چھا گئی،ایک ارب 6 کروڑ روپے کا بزنس کر کے تیسرے نمبر پر آ گئی ۔ فلم فیٹ آف دی فیوریس اب تک بیس کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرچکی ہے اور باکس آفس پر ایک نمبر پر ہے جبکہ ہاﺅ ٹو بی اے لیٹن لوور دوسرے نمبر پر آگئی۔فلم نے ریلیز کے ابتدائی تین دنوں میں ایک ارب پچیس کروڑ روپے کا بزنس کیا۔جو فلم تیسرے نمبر پر رہی اس کا تعلق ہالی ووڈ سے نہیں بلکہ بالی ووڈ سے ہے اور یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کوئی بھارتی فلم نارتھ امریکن باکس آفس پر تیسرے نمبر پر رہی اور فلم کا نام ہے باہو بلی ٹو جس نے ویک اینڈ پر ریلیز ہونے کے بعد صرف تین دنوں میں ایک ارب چھ کروڑ کا بزنس کیا ۔

معطل کرکٹرز کو بچانے سیاسی رہنماءمیدادن میں کود پڑے

کراچی(آئی این پی) پی ایس ایل سکینڈل میں معطل کرکٹرز کو بچانے کیلئے سیاسی رہنما میدان میں آگئے،شاہ زیب اور شرجیل خان کے قریبی رشتہ دار شخصیات کا پی سی بی حکام پر دباو¿ کا انکشاف،کھلاڑیوں سے نرمی برتنے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق سیاست اور کرکٹ کا ہمیشہ سے ہی چولی دامن کا ساتھ رہا ہے،کھلاڑیوں کی ٹیم میں انٹری ہو یا کرکٹ بورڈ میں عہدوں کی جنگ،ہر سطح پر سیاسی دباو نے اپنا رنگ دکھایا،پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ میں معطل کھلاڑی شرجیل خان اور شاہ زیب حسن کو بھی سیاستدانوں کی حمایت حاصل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کرکٹرز کو بچانے کے لئے سیاسی رابطے شروع ہوگئے ہیں،سیاسی دباو سے کرکٹرز کے کیس میں نرمی برتے جانے کا امکان ہے۔

باکسر عامر اورانکی اہلیہ فریال مخدوم نے بچہ گود لینے کا فیصلہ کرلیا

لاہور(اے این این) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اپنے فلاحی کاموں میں ایک قدم اور آگے بڑھ گئے،سٹار باکسر اور ان کی اہلیہ فرالں مخدوم نے ایک بچہ گود لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے فلاحی کاموں میں بھی سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔اپنی فانڈیشن کی جانب سے مستحق لوگوں کی مدد کیلئے وہ افریقی ملک گیمبیا پہنچے،مایہ ناز باکسر کا کہنا تھا کہ وہاں بچوں کی حالت دیکھ کر انہیں بہت افسوس ہوا،ان کی خواہش تھی کہ وہ ہر بچے کو اپنے ساتھ لے جائیں لیکن اس نیک کام کا آغاز وہ ایک بچے کو گود لے کر کریں گے۔ان کی اہلیہ فرالے مخدوم نے کہا ہے کہ ہمارا مذہب یتیموں کی کفالت کا درس دیتا ہے، شروع سے ہی پلان تھا کہ کسی بچے کو گود لے کر اچھی پرورش کریں،عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ غریب ممالک میں ہسپتالوں اور یتیم خانوں کا زیادہ سے زیادہ قیام کرنا چاہتے ہیں تا کہ غریبوں کی مدد ہو

یونس کے پاس عمران کا مین آف دی میچ کا ریکارڈ توڑنے کا سنہری موقع

باربڈوس(آن لائن) یونس خان کے پاس اپنے کیریئر کے آخری دو ٹیسٹ میچز میں عمران خان کا ریکارڈ اپنے نام کرنےکا سنہری ”موقع“ ہاتھ آگیا ہے۔ یونس اب تک اپنے 17 سالوں پر محیط ٹیسٹ کیریئر میں اب تک 10مین آف دی میچ ایوارڈز حاصل کرچکے ہیں۔ اور سیریزکے بقیہ دونوں میچوں میں شاندار کلاس کارکردگی دکھاکر مرد میدان کا ایوارڈ حاصل کرنے کی صورت میں وہ قومی ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں جو88ٹیسٹ میچز میں 11 مین آف دی میچ ایوارڈزکرکے ساتھ وسیم اکرم کے بعد دوسرے نمبرپربراجمان ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے زیادہ 17مین آف دی میچ ایوارڈز 104ٹیسٹ میچز کھیلنے والے وسیم اکرم نے حاصل کر رکھے ہیں، عمران خان11،یونس خان10،انضمام الحق9، محمدیوسف7اور وقاریونس 6 مرتبہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

شاداب گزشتہ 8سالوں میںٹیسٹ ڈیبیو کرنےوالے کم عمر ترین ملکی کرکٹر

بارباڈوس(آئی این پی) شاداب خان پاکستان کی جانب سے گزشتہ 8سال کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنےوالے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔ شاداب 18سال اور 208 دن کی عمر میں ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھنے والے پاکستان کے 227 ویں کرکٹربن گئے۔ ، انہیں ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران 10 ہزار ٹیسٹ رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے ریکارڈ ساز کرکٹر یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے پر قومی ٹیم کی کیپ دیکر اعزاز سے نوازا، وہ 4 ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 10 جب کہ 3 ون ڈے میچز میں 5 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

رومن رینز ایک بار پھر زخمی …. مداحوں کیلئے بری خبر

لندن( آن لائن ) گزشتہ شب ڈبلیو ڈبلیو ای ایونٹ پے بیک میں رومن رینز ایک بار پھر براﺅن اسٹرومین کے ہاتھوں شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ ڈبلیو ڈبلیو ای کے اس ایونٹ میں رومن رینز کا سامنا براﺅن اسٹرومین سے ہوا جنھوں نے آسانی سے اس مقبول ریسلر کو ہرا دیا۔مگر بات یہی ختم نہیں ہوئی براﺅن اسٹرومین نے لوہے کی سیڑھی رومن رینز کے سینے پر دے ماری تھی جس کے بعد وہ رنگ میں خون کی الٹیاں کرنے لگے۔میچ میں کامیابی کے بعد بھی براﺅن اسٹرومین نے بیک اسٹیج رومن رینز پر حملہ کیا ہے جس کے بعد انہیں ایمبولینس میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔اب کہا جارہا ہے کہ رومن رینز بری طرح زخمی ہونے کے بعد کچھ ہفتوں کے لیے ڈبلیو ڈبلیو ای سے دور ہوگئے ہیں۔اس سے قبل اپریل کے شروع میں بھی منڈے نائٹ را میں براﺅن اسٹرومین نے رومن رینز پر اچانک حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا تھا۔اس حملے کے باعث رومن رینز کو پسلیوں اور کندھے میں انجریز کا سامنا کرنا پڑا تھا۔توقع کی جارہی ہے کہ انجریز کے باعث رومن رینز اب کچھ عرصے تک ڈبلیو ڈبلیو ای رنگ میں ان ایکشن نظر نہیں آسکیں گے اور ان کی واپسی کب ہوتی ہے اس بارے میں ابھی کچھ کہنا ممکن ہے۔اس حوالے سے ابھی تک ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے بھی کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا

بھارت کے چمپئنزٹرافی کھیلنے پرسوالیہ نشان برقرار

دبئی(نیوزایجنسیاں)آئی سی سی میں بگ تھری کے خاتمے اور نئے مالیاتی نظام پر مایوس ہندوستانی کرکٹ بورڈ کا اجلاس اتوار کو ہو گا جس میں عالمی گورننگ باڈی کی نئی پیشکش پر غور کیا جائے گا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاسوں میں اپنی من مانیوں کیلئے مشہور ہندوستانی کرکٹ بورڈ کو کونسل کے نئے مالیاتی نظام پر ایک مقابلے میں 13 ووٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا جہاں 2015 سے 2023 تک آئی سی سی کے مالیاتی نظام پر ازسر نو غور کر کے اس میں تبدیلی کی گئی۔اس نئے مالیاتی نظام کے تحت ہندوستان کو کم و بیش 200 سے 250 ملین ڈالرز کا نقصان ہوا جہاں اسے 293ملین ڈالرز کی پیشکش کی گئی لیکن دوسری جانب بورڈ 2014 کے ماڈل کے تحت 570 ملین ڈالرز دینے کا مطالبہ کر رہا ہے۔اس معاملے کے بعد ہندوستان نے چیمپیئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کی دھمکی دی اور اسکواڈ کے اعلان کی آخری تاریخ 25 اپریل گزر جانے کے باوجود اپنے اسکواڈ کا تاحال اعلان نہیں کیا۔آئی سی سی کے صدر ششانک منوہر نے بی سی سی آئی کو منانے کیلئے اضافی 100ملین ڈالر کی پیشکش کرتے ہوئے 400ملین ڈالر کی آفر بھی کی۔ اور انڈین بورڈ اس نئی پیشکش پر اپنے اجلاس میں بحث کرے گا۔بی سی سی آئی کا انتظام اس وقت عدلیہ کی جانب سے قائم کی گئی چار رکنی کمیٹی چلا رہی ہے جس کی سربراہی سنو رائے کر رہے ہیں جنہوں نے بتایا کہ ابھی چیمپیئنز ٹرافی میں انڈیا کی عدم شرکت کی بات قبل از وقت ہے۔یاد رہے کہ ہندوستان چیمپیئنز ٹرافی کا دفاعی چیمپیئن ہے اور سابق کرکٹرز سمیت ایک بڑا حلقہ اس بات پر زور دے رہا ہے کہ ہندوستان کو ایونٹ میں ضرور شرکت کرنی چاہیے تاکہ وہ اس ایونٹ کا کامیابی سے دفاع کر سکیں۔چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز یکم جون سے ہو گا اور ایونٹ 18 دن تک انگلینڈ اینڈ ویلز میں جاری رہے گا۔ہندوستان کی جانب سے ایونٹ کے بائیکاٹ کی صورت میں ممکنہ طور پر ویسٹ انڈیز کو ایونٹ میں شامل کر لیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی کو آئی سی سی میں بگ تھری کو ختم کروانے کاانعام مل گیا

لاہور(نیوزایجنسیاں)پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم نواز شریف نے چیئر مین شہریار خان کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق چیئر مین پی سی بی شہریار خان نے اپنا استعفی وزیر اعظم ہاﺅس بھجوایا تھا تاہم وزیر اعظم نواز شریف نے شہریار خا ن کا استعفی نامنظور کرتے ہوئے پی سی بی میں اعلی سطح کی انتظامی تبدیلی کا معاملہ موخر کردیا ہے جس کے بعد اب موجود ہ سیٹ اپ برقرار رہے گا۔ذرئع کے مطابق شہریار خان کو آئی سی سی میں بگ تھری کو ختم کروانے کاانعام ملا ہے اور وہ اب اپنی 3سالہ مدت 16اگست کو ختم ہونے کے بعدباضابطہ طور پر کرکٹ بورڈ سے رخصت ہوں گے جس کے بعد پی سی بی کا گورننگ بورڈ اگلے 3سال کے لیے نئے چیئر مین کا انتخاب کرے گا،اگست میں پی سی بی گورننگ بورڈ کے کئی اہم ارکان بھی اپنی ذمہ داریوں سے سبک دوش ہوں گے۔اس سے قبل اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے شہریارکا کہنا تھا کہ وہ اگست میں مدت پوری ہونے پر عہدے سے الگ ہونے کا اعلان کر چکے ہیں اور مدت ملازمت میں توسیع کی درخواست کا بھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ استعفیٰ وزیر اعظم کو ارسال کر چکے جو منظور ہو یا نہیں لیکن وہ ایک اور مدت کیلئے عہدہ نہ سنبھالنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی کوشش ہے کہ آئندہ سال پاکستان سپر لیگ کے مزید میچز پاکستان میں کھیلے جائیں جس میں چھٹی ٹیم بھی شامل کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں ان کی نجم سیٹھی سے بھی بات ہو چکی ہے۔ شہریارنے کہا ہےسلمان بٹ اور محمد آصف اپنی کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں واپس آسکتے ہیں جن کی راہ میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں اور ان کی کارکردگی بہتر رہتی ہے تو انہیں سلیکشن کیلئے قابل غور سمجھا جائے گا۔ انہوں نے بلوچستان کے بیٹسمین صاحبزادہ فرحان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لا کر مستقبل کیلئے تیار کرنا چاہتی ہے اور صاحبزادہ فرحان نے حالیہ پاکستان کپ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے جن کا مستقبل تابناک دکھائی دے رہا ہے۔ شہریار خان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی ہی پاکستان کا مستقبل ہیں جن کو آگے بڑھنے کے مواقع دے کر قومی ٹیم میں شامل کرنے کی کوشش جاری رہے گی۔