All posts by saqib

’شکریہ پاک فوج‘، گلگت بلتستان کے ننھے وی لاگر کی خواہش پوری

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ننھے وی لاگر کی خواہش پاک فوج نے پوری کردی۔ کم عمر بچے کے خوابوں سے حقیقت تک کا سفر مکمل ہوگیا، پاک فوج نے ویلاگنگ سے متعلق جدید آلات مہیا کردیے۔

پاک فوج نے ہمیشہ عوام کی فلاح اور بھلائی کو اولین ترجیح دی ہے، سوشل میڈیا پر محمد شیراز نامی کم عمر بچے کی ویڈیو وائرل ہونے پر پاک فوج نے احسن قدم اٹھاتے ہوئے کم عمر بچے کی خواہش پوری کردی۔

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے محمد شیراز کا سوشل میڈیا پر ویلاگنگ کا خواب پاک فوج کی بدولت حقیقت میں تبدیل ہوگیا، اب کم عمر شیراز جدید آلات کی بدولت وی لاگنگ کرسکے گا۔

کچھ روز قبل محمد شیراز کی انٹرنیٹ کے خراب ہونے اور دیگر مسائل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا پاک فوج نے فوراً نوٹس لیا اور اس کے آبائی گھر پہنچ گئی۔

پاک فوج نے بچے کے گھر پہنچ کر اسکی حوصلہ افزائی کی اور ویلاگنگ سے متعلق جدید آلات مہیا کیے۔ بچے کے والدین نے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور علاقہ مکینوں نے پاک فوج کے اس اقدام کو سراہا۔

واضح رہے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 7 سالہ وی لاگر محمد شیراز کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں، کچھ روز قبل محمد شیراز نے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر لگائی جس میں وہ گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ کی اسپیڈ کم ہونے کا گلہ کررہے تھے، تاہم ان کی ویڈیو وائرل ہونے پر پاک فوج کی جانب سے ان کو جدید وی لاگنگ آلات اور انٹرنیٹ ڈیوائس تحفہ میں دی گئی، جس پر محمد شیراز خوشی سے نہال ہوگئے۔

ماہرہ خان کے ولیمے کی تصاویر وائرل

کراچی: پاکستان کی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان کی شادی کے پانچ ماہ بعد اُن کے دعوتِ ولیمہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

اکتوبر 2023 میں ماہرہ خان نے اپنے قریبی دوست سلیم کریم سے شادی کی تھی، اداکارہ کی شادی کی مختلف تقاریب کی تصاویر پاکستان سمیت بھارتی میڈیا کی بھی زینت بنی تھیں۔

ماہرہ خان کی شادی کی تقاریب میں دعائے خیر، مایوں، ڈھولکی، مہندی اور نکاح کی تقاریب شامل تھیں، اداکارہ ہر تقریب میں دلکش اور حسین نظر لگ رہی تھیں۔
سلیم کریم اور ماہرہ خان کی شادی میں شوبز انڈسٹری کی چند معروف شخصیات نے بھی شرکت کی تھی جن میں عائشہ عمر، فواد خان، سرمد کھوسٹ، شہریار منور، مومل شیخ سمیت دیگر شامل تھے۔

اب شادی کے تقریباََ 5 ماہ بعد ماہرہ خان کے ولیمے کی تصاویر منظرِ عام پر آئی ہیں، یہ تصاویر سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ’فاطمہ طارق‘ نامی فوٹوگرافی پیج کی جانب سے جاری کی گئی ہیں، پیج کی جانب سے پوسٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تصاویر ماہرہ خان کے دعوتِ ولیمہ کی ہیں۔

ولیمے کی تصاویر میں ماہرہ خان نے پاکستانی برانڈ ’بنٹو کاظمی‘ کی تیار کردہ سُرخ اور گولڈن رنگ کی ساڑھی زیب تن کی ہوئی ہے جبکہ اداکارہ کا میک اپ انعم فاروق خان نے کیا۔

پوسٹ میں یہ تصدیق نہیں کی گئی کہ ماہرہ خان کے ولیمے کی تقریب اکتوبر میں منعقد ہوئی تھی یا پھر حال ہی میں اس تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان نے پہلی شادی 2007 میں علی عسکری کے ساتھ کی تھی جن سے اداکارہ کا ایک بیٹا اذلان ہے تاہم شادی کے 8 سال بعد 2015 میں دونوں میں طلاق ہوگئی تھی۔

مراکشی فٹبالر کی سابقہ اہلیہ نے علحیدگی کے ایک سال بعد خاموشی توڑ دی

فیفا ورلڈکپ 2022 میں تاریخی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنے والی مراکشی ٹیم کے پلئیر اشرف حکیمی کی سابقہ اہلیہ حبہ ابوک نے علحیدگی کے ایک سال بعد خاموشی توڑ دی۔

ہسپانوی نیوز آؤٹ لیٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں پیرس سینٹ جرمن اور مراکش کی ٹیم کے پلئیر اشرف حکیمی کی سابقہ اہلیہ حبہ ابوق نے طلاق سے متعلق سوال پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ “خیانت محبت کو ختم کر دیتی ہے”۔

انہوں نے کہا کہ فٹبالر سے طلاق سمیت متعدد چیزوں کے بارے میں بات کی، جو ان کی زندگی کا “سب سے مشکل وقت” تھا، رپورٹر نے سوال کیا کہ آپ اس رشتے سے کیسے نکلیں؟ جس پر ابوق نے جواب دیا کہ آپ کو بہت دیر تک چیزوں کو سوچنا اور سمجھنا ہوتا اس پر مباحثہ کرنا ہوتا بعدازاں نتیجہ نکلتا ہے لیکن دھوکہ محبت کو مار ڈالتا ہے۔

37 سالہ ماڈل حبہ ابوق نے انکشاف کیا کہ انہوں نے فٹبالر کو ایک سے زائد بار معاف کیا، “یہ میرے لیے بہت مشکل فیصلہ تھا کیونکہ میں نے اپنے خاندان کیلئے سب کچھ چھوڑ دیا تھا، میں نے اپنے شوہر کو چھوڑ چکی ہوں اور اب نئی زندگی کی طرف واپس آنے کی کوشش کررہی ہوں۔

سال 2020 اشرف حکیمی اور حبہ ابوق رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، سابق شوہر سے انکے دو بچے امین اور نعیم ہیں۔

واضح رہے کہ سال 2023 میں ایک خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ فٹبالر نے بیوی اور بچوں کی غیرموجودگی میں انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، اس اسکینڈل کے بعد دونوں ایک دوسرے سے الگ رہ رہے تھے۔

انڈونیشیا؛ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ میں 18 افراد جاں بحق

سماترا: انڈونیشیا میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے دوران مختلف واقعات میں 18 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ 5 افراد لاپتا ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے سماترا میں ہونے والی مسلسل بارشوں نے سیلابی صورت اختیار کرلی، سیلابی ریلا رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا اور اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔

بارشوں اور سیلاب کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی ہوئے جن میں 5 سے زائد گھر دب گئے۔ مکانات کے ملبے سے 12 لاشیں نکالی گئی اور 7 کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
ملبے سے دیگر 6 افراد کو بحفاظت نکالا گیا جب کہ 5 تاحال لاپتا ہیں جن کے زندہ ملنے کی امیدیں دم توڑتی جا رہی ہیں۔ مسلسل بارشوں اور خراب موسم کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

سیلاب میں کئی افراد بہہ گئے جب کہ درخت اور ہورڈنگز گرنے سے بھی 6 ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں اس طرح مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 18 ہوگئی جب کہ 10 سے زائد افراد انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔

محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ مزید دو روز جاری ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ارباز خان سے شادی کا فیصلہ کسی کے دباؤ میں آکر نہیں کیا تھا، ملائکہ اروڑا

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ڈانسر ملائکہ اروڑا نے کہا ہے کہ اُنہوں نے اپنے سابق شوہر ارباز خان سے شادی کا فیصلہ گھر والوں کے دباؤ میں آکر نہیں کیا تھا بلکہ یہ اُن کا اپنا ذاتی فیصلہ تھا۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں ملائکہ اروڑا سے سوال کیا گیا کہ انہوں نے 25 سال کی عمر میں شادی کرنے کا فیصلہ کیوں کیا تھا؟ اس سوال کے جواب ملائکہ نے کہا کہ جس فیملی سے میرا تعلق ہے وہاں لڑکیوں پر شادی کا کوئی دباؤ نہیں ہوتا، میرے والدین نے مجھے یہی کہا تھا کہ تم اپنی مرضی سے زندگی گزارو، باہر جاؤ، کیریئر بناؤ لیکن اس سب کے دوران میرے ذہن میں شادی کا خیال آگیا تھا۔

ملائکہ اروڑا نے کہا کہ میں 22 سے 23 سال کی عُمر میں ہی شادی کرنا چاہتی تھی، مجھے جلدی شادی کرنے کے لیے کسی نے مجبور نہیں کیا تھا، پھر میں نے 25 سال کی عُمر میں ارباز خان سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ یہ اس وقت میرے پاس بہترین آپشن تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ شادی کے کچھ سال بعد مجھے احساس ہوا کہ میں زندگی میں کچھ اور کرنا چاہتی ہوں، میں اپنے بیٹے کی خوشی چاہتی تھی ، زندگی میں خود کو مطمئن کرنا اور خوش محسوس کرنا چاہتی تھی۔

ملائکہ اروڑا نے مزید کہا کہ جب میں نے طلاق لینے کا فیصلہ کیا تو اُس وقت مجھے اندازہ نہیں تھا کہ ہماری انڈسٹری میں خواتین طلاق کے بعد بھی اپنے کیریئر میں آگے بڑھ سکتی ہیں کیونکہ طلاق یافتہ خاتون کو ہر کوئی حقیر نظر سے دیکھتا ہے۔

واضح رہے کہ ملائکہ اروڑا نے 1998 میں سلمان خان کے بھائی ارباز خان سے شادی کی تھی جس سے ان کا ایک بیٹا ہے۔ بعد ازاں اس شادی کا اختتام 2016 میں ہوگیا تھا، دونوں میں علیحدگی کی وجہ ارجن کپور کو قرارد یا جارہا تھا لیکن بہت عرصے تک ارجن اور ملائکہ نے اپنے رشتے کو پبلک نہیں کیا تھا۔

بعد ازاں دونوں نے 2019 میں اپنے تعلق کی تصدیق کردی تھی، میڈیا میں ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور دونوں کو عمر کے درمیان فرق کی وجہ سے کئی بار تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاچکا ہے۔

اسرائیلی فوج کی نصیرات کیمپ پر بمباری، 13 خواتین اور بچے شہید

غزہ: اسرائیل نے غزہ کے علاقے نصیرات پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں تقریباََ 13 خواتین اور بچے شہید ہوئے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر حملے تیز کر دیے ہیں، غزہ کے علاقے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں ہونے والے حالیہ اسرائیلی حملے کے دوران کم از کم 13 خواتین اور بچے شہید ہوگئے جبکہ رفع میں ایک رہائشی ٹاور بھی اسرائیلی بمباری سے تباہ ہوگیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شمالی غزہ میں غذائی قلت کے باعث ایک شیر خوار بچہ اور ایک نوجوان خاتون شہید ہوئی جس کے بعد غزہ میں غذائی قلت سے شہید ہونے والوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کی انٹیلی جنس ایجنسی نے کہا ہے کہ حماس کے سربراہ کی اسرائیل کے اتحادیوں سے غزہ میں جنگ بندی کے لیے بات چیت جاری ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر ہونے والے اسرائیلی حملوں میں تقریباََ 30 ہزار 960 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جب کہ 72 ہزار 524 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں اور درجنوں فلسطینیوں کو اسرائیل نے یرغمال بھی بنایا ہوا ہے۔

پشاور میں موٹرسائیکل پر بارودی مواد لے جانے کے دوران دھماکا، 2 مبینہ دہشتگرد ہلاک

پشاور کے علاقے بورڈ بازار کے قریب موٹرسائیکل میں دھماکے سے 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

پشاور کے علاقہ بورڈ بازار میں صبح سویرے دہشت گردی کی کوشش ناکام ہوگئی، مبینہ دہشت گرد خود اپنے گھناؤنے منصوبے کا شکار بن گئے۔

دہشت گرد بارودی مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے کہ دھماکا ہوگیا، ایک ملزم موقعے پر ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا اسپتال میں دم توڑ گیا۔

دھماکے میں زخمی ہونے والا تیسرا ملزم خیبرٹیچنگ اسپتال میں زیرعلاج ہے، ملزم سے تفتیش میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کے مطابق بورڈ بازار ناصر باغ روڈ کی مرکزی شاہرہ پر موٹر سائیکل پر بارودی مواد سے دھماکا ہوا، دھماکے کی نوعیت اور بارودی مقدار کے حوالے سے تفتیش ہورہی ہے۔

کاشف آفتاب عباسی نے مزید کہا کہ جائے وقوعہ سے انسانی جسم کے اعضاء ملے ہیں، دھماکے کی نوعیت کو جانچنے کے لیے ٹیمیں کام کررہی ہیں، دھماکے میں زخمی اور ہلاک ہونے والوں کی تصدیق کررہے ہیں۔

ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کی میڈیا سے گفتگو
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے کہا کہ بی ڈی یو کی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 4 سے 5 کلو بارودی مواد استعمال ہوا، سفر کے دوران ہی دھماکا ہوا، دھماکا پلان کے مطابق تھا یا نہیں، یہ قبل از وقت ہوگا۔

کاشف آفتاب عباسی نے کہا کہ دھماکے میں 2 ملزمان ہلاک اور ایک زخمی ہے، دھماکا خودکش تھا یا نہیں ابھی نہیں کہہ سکتے، بارودی مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جایا جارہا تھا، بارودی مواد کو لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دھماکا ہوا، ٹارگٹ کس کو کررہے تھے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے، پولیس مزید تفتیش کررہی ہے، تینوں ملزمان ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کرلی
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے بورڈ بازار دھماکے کی مذمت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے انسپیکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی۔

وزیراعظم کی شدید مذمت
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پشاور کے بورڈ بازار میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔

سعودی عرب نے گوادر کے بارش متاثرین کیلئے امداد کا اعلان کردیا

سعودی عرب کی جانب سے گوادر کے بارش متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کر دیا گیا۔

اسلام آباد میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ سعودی اور پاکستانی عوام بھائی بھائی ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کی بھرپور مدد کریں گے۔

سعودی سفیر نے متاثرین بلوچستان کے لیے سعودی عرب کی طرف سے امدادی سامان کی فراہمی کا اعلان کیا، امدادی سامان میں 9 ہزار شیلٹرز کیمپس اور 9 ہزار راشن بیگز شامل ہیں۔

نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ گوادر اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے یہ سعودیہ کی جانب سے تحفہ ہے، پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، آئندہ بھی پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات مضبوط ہوں گے۔

اس موقع پر سعودی سفیر نے اردو میں گفتگو کرتے ہوئے ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ بھی لگایا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر کے بارش متاثرین کی امداد کے لیے سعودی عرب کی طرف سے امدادی سامان فراہم کر رہے ہیں، گوادرمیں ریکارڈ بارش ہوئی، گوادر میں بارشوں سے بہت بڑی تباہی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گوادر میں طوفانی بارش کے متاثرین کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں، بلوچستان حکومت تملام چیلنجر کا مقابلہ کرے گی، وفاقی حکومت نے آتے ہی گوادر کے لوگوں کو ریلیف دینا شروع کردیا ہے، وزیراعظم کے ہمراہ گوادر متاثرین سے ملے، گوادر میں کبھی اتنی بارشیں نہیں ہوئیں جتنی اس بار ریکارڈ کی گئی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگلے 20 دن میں ایک ایک فشر مین کے نقصان کا ازالہ کریں گے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ہے، ماحولیاتی تبدیلی میں بلوچستان اور پاکستان کا کوئی حصہ نہیں۔

خواتین مودی زندہ باد کہنے پر شوہر کو کھانا نہ دیں، دہلی کے وزیر اعلٰی کی اپیل

دہلی کے وزیرِ اعلیٰ اروند کیجری وال نے خواتین سے کہا ہے کہ اگر شوہر وزیر اعظم مودی زندہ باد کا نعرہ لگائے تو اسے کھانا مت دو۔

دہلی میں ’مکھیہ منتری مہیلا سمان یوجنا‘ کے تحت ’مہیلا سمان سماروہ‘ سے خطاب کرتے ہوئے اروند کیجری وال نے کہا کہ ہم نے بجلی اور بس کا سفر مفت کردیا ہے۔ اب دہلی میں ہر عورت کے لیے ہزار روپے کی اسکیم لائی جارہی ہے۔ مودی سرکار نے خواتین کے لیے کیا کیا ہے؟

دہلی کے وزیر اعلیٰ نے عام آدمی پارٹی کی حمایت کرنے والی خواتین سے کہا کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی خواتین سے کہیں کہ اروند کیجری وال تمہارا بھائی ہے جو ہر مشکل گھڑی میں تمہارے ساتھ کھڑا رہے گا۔

انہوں نے خواتین سے کہا کہ وہ گھر کے دیگر افراد کو بھی عام آدمی پارٹی کا حامی بنانے کی کوشش کریں کیونکہ بگڑے ہوئے معاملات کو درست کرنے میں خواتین کلیدی کردار ادا کرسکتی ہیں۔

اروند کیجری وال کا کہنا تھا کہ خواتین کو خود مختار بنانے کے نام پر آج تک انہیں دھوکا ہی دیا گیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ خواتین کا مکمل احترام یقینی بناکر ایک حقیقی معاشی و معاشرتی انقلاب برپا کرنے کی راہ ہموار کی جائے۔

دہلی کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے اروند کیجری وال نے حیرت انگیز انداز سے نظم و نسق سنبھالا ہے۔ انہوں نے دہلی میں غریب ترین گھرانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ایسے اقدامات کیے ہیں جو مالدار طبقے کو زیادہ پسند نہیں۔ اروند کیجری وال نے بجلی اور بس کے سفر کے معاملے میں لوگوں کی مشکلات بہت حد تک دور کردی ہیں۔

چیک ری پبلک کی حسینہ نے مس ورلڈ 2024 کا ٹائٹل جیت کر بھارت کو مات دیدی

ممبئی: یورپی ملک چیک ری پبلک کی حسینہ کرسٹینا پیزکووا نے مِس ورلڈ 2024ء کا ٹائٹل جیت کر بھارتی حسینہ سینی شیٹھی کا خواب چکنا چُور کر دیا۔

مس ورلڈ 2024 کا میلہ 28 سال بعد بھارت میں سجا جس کی فائنل تقریب 9 مارچ کو ممبئی میں واقع جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی، اس مقابلے میں دنیا بھر کی حسیناؤں نے حصہ لیا۔

مقابلے کی ٹاپ 8 حسیناؤں میں بھارت کی سینی شیٹھی بھی شامل تھیں جس کے بعد یہی اندازہ لگایا جارہا تھا کہ اس بار مس ورلڈ 2024 کا تاج بھارتی حسینہ کے سر ہی سجے گا لیکن جب مقابلے کی ٹاپ 4 حسیناؤں کا اعلان ہوا تو سینی شیٹھی ٹائٹل جیتنے کی دوڑ سے باہر ہوگئیں۔
اس طرح چیک ری پبلک کی حسینہ کرسٹینا پیزکووا نے مس ورلڈ 2024 کا ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ لبنان کی حسینہ یاسمینہ زیتون فرسٹ رنر اپ قرار پائیں۔

چیک ری پبلک کی حسینہ کرسٹینا پیزکووا کو پولینڈ کی کیرولینا بلواسکا نے مس ورلڈ 2024 کا تاج پہنایا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرسٹینا پیزکووا نے ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم بھی جاری رکھی ہوئی ہے، وہ قانون اور بزنس کی تعلیم مکمل کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ کرسٹینا پیزکووا چیک ری پبلک کی دوسری حسینہ ہیں جنہوں نے مِس ورلڈ کا تاج پہنا ہے، اس سے قبل سال 2006ء میں بھی چیک ری پبلک کی حسینہ یہ ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہیں۔

پنجاب؛ مخصوص نشستوں پر ن لیگ کی 9 خواتین کی اضافی فہرست جاری

اسلام آباد / لاہور: پنجاب سے مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ ن کی 9 خواتین کی اضافی فہرست جاری کر دی گئی۔

اضافی مخصوص نشستوں پر سائرہ افضل تارڑ، بشریٰ انجم بٹ، ہما اختر چغتائی، ماہ جبیں، گلناز شہزادی، شمائلہ رانا، مریم اکرام، شازیہ فرید اور سیدہ امنہ بتول نئی فہرست میں شامل ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کو خواتین کی نشستیں نہ ملنے کے باعث خالی نشستیں مسلم لیگ ن کو مل گئیں۔

8 ماہ میں زرمبادلہ کے ذخائر میں 3.860 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ

اسلام آباد: زر مبادلہ کے ملکی ذخائر میں جاری مالی سال کے آغاز سے لے کر اب تک نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق جون2023 کے اختتام پرزر مبادلہ کے ملکی ذخائر کا حجم 9.160 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جویکم مارچ 2024کوبڑھ کر 13.020 ارب ڈالر ہو گیا۔

جاری مالی سال کے آغاز سے لے کر یکم مارچ تک زر مبادلہ کے ملکی ذخائر میں مجموعی طور پر 3.860 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ سال جون کے اختتام پر اسٹیٹ بینک کے پاس زر مبادلہ کے ذخائر کا حجم 4.445ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھاجو یکم مارچ 2024 کو بڑھ کر 7.896 ارب ڈالر ہو گیا۔

پاکستانی پھلوں کی زمینی راستوں سے روس تک ترسیل شروع

علاقائی تجارت کا سنگ میل عبور کرلیا گیا، پاکستان کے باغات سے زمینی راستے کے ذریعے روس تک پھلوں کی ترسیل شروع کردی گئی۔

این ایل سی کی گاڑیوں کا قافلہ کینو کی کھیپ لے کر روس پہنچ گیا، مجموعی طور پر 16 گاڑیاں کینو لے کر سرگودھا سے روانہ ہوئیں، گاڑیوں نے مجموعی طور پر 6 ہزار کلومیٹر فاصلہ طے کیا۔

14 گاڑیاں روس کے شہر دربنت اور 2 گروزنی پہنچیں، این ایل سی کی گاڑیاں 3 ممالک سے ہوتی ہوئی روس میں داخل ہوئیں، این ایل سی ریفر سروس کا اجراء زرعی شعبے کے لئے اہم پیش رفت ہے۔

کولڈ چین کی عدم دستیابی کی وجہ سے 40 فیصد تازہ زرعی پیداوار خراب ہوجاتی ہیں، ریفر سروس کی بدولت پھلوں کی دوران ترسیل تازگی برقرار رہتی ہے۔

پاکستانی ٹرکوں کے دربنت پہنچنے پر استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ یونین کے نمائندگان،روس کے کسٹمز حکام، پاکستانی سفارت خانے کے افسران اور تاجر برادری نے شرکت کی۔

روسی حکام کی جانب سے این ایل سی کی اس کاوش کا خیرمقدم کیا گیا، این ایل سی کے اس قدم سے پاکستان اور روس کی باہمی تجارت کو فروغ ملے گا، این ایل سی ماضی میں بھی کیلے، گوشت اور سی فوڈ قازقستان ازبکستان کرغستان اور چین پہنچا چکا ہے۔