All posts by saqib

رمضان المبارک کے چاند کیلیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد: رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس آج ہوگا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رمضان المبارک 1445 ہجری کے چاند کی رویت کیلیے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کی زیر صدارت مرکزی اجلاس 11 مارچ بروز پیر بمطابق 29 شعبان بعد نماز عصر پشاور میں منعقد ہوگا۔

اس کے علاوہ دیگر زونل و ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر بیک وقت منعقد کیے جائیں گے۔ چاند سے متعلق حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کریں گے۔
مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تمام اہل پاکستان سے اپیل ہے کہ ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کا اہتمام فرمائیں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمارے ملک کو اس دفعہ بھی ایک ہی دن روزہ عطاء فرمائے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے گیارہ مارچ کو ماہ صیام کا چاند نظر آنے کی پیش گوئی کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، 4 روز میں 60 پیشہ وار گدا گروں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، ڈویژنل اور سرکل افسران کو اپنی نگرانی میں کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ سگنلز پر پیشہ ور بھکاریوں اور گداگروں کو فوری ہٹایا جارہا ہے، شہر کی مصروف اور اہم شاہراہوں کو گداگروں سے صاف کیا جائے گا۔

سی ٹی او لاہور نے کہا کہ جعلی معذوری کا روپ دھار کر بھیک مانگنے والوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے، 4 روز میں 60 پیشہ وار گداگروں کے خلاف کارروائی اور مقدمات درج کروائے گئے جبکہ 300 سے زائد بچوں اور بزرگوں کو وارننگ دیتے ہوئے چھوڑ دیا گیا۔

عمارہ اطہر کا کہنا تھا کہ شہری ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی میں ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں، آپ کی محنت کی کمائی دھوکا بازوں کے لیے نہیں۔

کوئٹہ نے لاہور قلندرز کے منہ سے فتح چھین کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا

  کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے 28 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دلچسپ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کا 167 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ کی آخری گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کامیابی کے بعد فائنل فور لائن اپ مکمل ہوگئی اور کراچی کنگز کی اگلے مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں ختم ہوگئی ہیں۔

آخری اوور میں کوئٹہ کو جیت کیلئے 14 رنز درکار تھے، شاہین آفریدی نے پہلی ہی گیند پر  لاری ایونز کو آؤٹ کردیا جس کے بعد محمد وسیم جونیئر بیٹنگ کیلئے آئے، دوسری گیند پر صرف ایک رن بن سکا، تیسری اور چوتھی گیند پر سعود شکیل نے دو چوکے لگائے اور ایک بار پھر جیت کی امید ہوگئی۔

پانچویں گیند پر صرف ایک رن بن سکا، آخری ایک گیند پر کوئٹہ کو جیت کیلئے 4 رنز درکار تھے اور لاہور کے کیمپ میں ممکنہ فتح کی خوشی دیکھی جاسکتی تھی لیکن وسیم جونیئر نے چھکا لگاکر قلندرز کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

سعود شکیل نے 88 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے جبکہ وسیم جونیئر 2 گیندوں پر 7 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

خواجہ نافع نے 26، جیسن رائے 18، ریلی روسو 13، لاری ایوانز نے 7 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی طرف سے شاہین آفریدی اور جہانداد خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔

صاحبزادہ فرحان اور مرزا بیگ نے لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں اوپنرز جلد پویلین لوٹ گئے۔

صاحبزادہ فرحان نے 25 اور مرزا بیگ نے 12 رنز بنائے جبکہ شائی ہوپ صرف 5 رنز بناسکے۔ شاہین آفریدی نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ عبداللہ شفیق 59 اور سکندر رضا 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے ابرار احمد نے 2، محمد عامر اور محمد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: جیسن رائے، سعود شکیل، خواجہ نافے، ریلی روسو (کپتان)، عمیر بن یوسف، لاری ایونز ، عقیل حسین، محمد وسیم جونیئر، محمد عامر، ابرار احمد سہیل خان

لاہور قلندرز: صاحبزادہ فرحان، طاہر بیگ، عبداللہ شفیق، شائی ہوپ، شاہین آفریدی (کپتان)، سکندر رضا، ڈیوڈ ویز، جارج لنڈے، جہانداد خان، زمان خان، طیب عباس

کوئی غیر آئینی اقدام نہیں کیا، مجھ پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ چلانا ہے تو ویلکم: عارف علوی

کراچی: سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں نے کوئی غیر آئینی اقدام نہیں کیا، میرے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ چلانا ہے تو ویلکم چلائیں۔

سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کوجوڑنےکی ضرورت ہے، سیاسی قوتیں اور اسٹیبلشمنٹ اس بات پر توجہ دے، مجھے کسی قسم کی کوئی شکایت نہیں ہے، کچھ ملاقاتیں پبلک، کچھ ملاقاتیں پبلک نہیں ہوئیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہرملاقات میں معاملات کو بہتر کرنے کی کوشش کی لیکن خاطرخواہ کامیابی نہیں ملی، ہر اعتبار سے کوشش کی معاملات کو جوڑا جائے، ملک کو جوڑنے کے لئے سیاسی مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے، پاکستان کو جوڑنے کے لئے اچھا اقدام کیا جائے۔

سابق صدر نے مزید کہا کہ میری کوشش رہی ہے ملک کو جوڑا جائے، ملک میں جس کو مینڈیٹ ملا ہے اس کی قدر کی جائے، غیرآئینی اقدامات کا الزام لگانے والے عدالتوں میں جائیں، میں نے ہمیشہ آئین کی پاسداری کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے آئین کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی، میرے پاس سائفر بھیجا گیا تھا، کشیدگی کو ختم ہونا چاہئے، پاکستان کی فوج ہماری فوج ہے، میں تو جوڑنے کی بات کر رہا ہوں، ملک کو جوڑ دیا جائے تو ترقی کرے گا، پاکستان کو جوڑنے کے لئے سب سے بڑی بات بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے، معیشت 2 سے 3 سال سے زوال کا شکار رہی ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں نے کہا تھا مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہونے تک اسمبلی اجلاس نہ بلاؤ، بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ کہا آرمی چیف کی تعنیاتی میں ترجیح میرٹ ہونی چاہئے، بانی پی ٹی آئی آج بھی میرے لیڈر ہیں۔

سابق صدر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیسا دیانت دار، ایماندار لیڈرنہیں دیکھا، بانی پی ٹی آئی واحد لیڈر جو قوم کو اکٹھا کرسکتا ہے۔

سائفرکی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے: علی امین گنڈا پور کا مطالبہ

پشاور:  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سائفر کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق کا ساتھ دینے والے کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، بانی پی ٹی آئی کے خلاف غیرقانونی مقدمات بنائے گئے، آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے غیرقانونی طریقے سے گاڑیاں لیں، افسوس آصف علی زرداری ملک کا صدر بن گیا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ افسوس شہبازشریف نے منی لانڈرنگ کی وہ آج ملک کا وزیراعظم ہے، بانی پی ٹی آئی کا فیئر ٹرائل اور جلد رہا کیا جائے، سائفر بانی پی ٹی آئی حکومت کے خلاف سازش تھی، سائفر سازش کے پیچھے آلہ کار ایک دن سامنے آئیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان سائفرکیس پرجوڈیشل کمیشن بنائیں، مینڈیٹ چوری کے خلاف ایک کمیشن بنایا جائے، ہمارا مطالبہ ہے تحریک انصاف کا مینڈیٹ واپس دیا جائے، چیف الیکشن کمشنر کو آئین توڑنے والے نظر نہیں آرہے؟

انہوں نے کہا کہ افسوس ڈھٹائی کے ساتھ ہماری مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دی گئیں، ہمیں مجبور نہ کیا جائے، اپنا حق ملنے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم ایک ٹیم بن کر کرپشن، ظلم اور ناانصافی کے خلاف جہاد کریں گے۔

علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ ہم خیبرپختونخوا کوایک مثالی صوبہ بنائیں گے، خیبرپختونخوا میں امن لائیں گے، اسی جنون کے ساتھ ہم اپنا حق بھی لیں گے، وزیراعلیٰ نے ’’ساڈا حق ایتھے رکھ‘‘ کے نعرے بازی بھی کی۔

سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا

ریاض: سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا۔

سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے اتوار کو رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں کل 11 مارچ بروز پیر کو یکم رمضان المبارک 1445 ہجری ہوگا۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز تراویح کا آغاز آج عشاء کی نماز کے بعد ہوگا۔

دوسری جانب آسٹریلیا، فلپائن، سنگاپور، انڈونیشیا، ملائیشیا، برونائی اور عمان میں اتوار کو رمضان کا چاند نظر نہیں آیا جس کی وجہ سے ان ممالک میں 12 مارچ کو رمضان المبارک کا پہلا دن ہوگا۔

جسٹس نعیم اختر افغان کل سپریم کورٹ کے جج کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

اسلام آباد: جسٹس نعیم اختر افغان کل بطور سپریم کورٹ جج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس نعیم اختر افغان سے عہدے کا حلف لیں گے، حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ میں ہو گی، سپریم کورٹ کے ججز، سینئر وکلاء، عدالتی سٹاف حلف برداری میں شریک ہوگا۔

جسٹس نعیم اختر افغان بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔

لاہور میں پی ٹی آئی کا احتجاج؛ سلمان اکرم راجہ، لطیف کھوسہ گرفتار

 لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجہ کو پولیس نے لاہور میں احتجاج کے دوران گرفتار کر لیا۔

لطیف کھوسہ کے بیٹے بلخ شیر کھوسہ نے بتایا کہ ان کے والد لطیف کھوسہ کو پولیس نے صدر گول چکر سے گرفتار کر لیا ہے، گرفتاری کے وقت لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ میں اس وقت پولیس کی حراست میں ہوں۔

بلخ شیر نے بتایا کہ والد کی گاڑی تھانے میں ہے لیکن وہ یہاں نہیں ہیں، فکر مند ہیں کہ وہ کہاں ہیں، ان کی گاڑی لاہور کے تھانہ شمالی چھاؤنی میں موجود ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ کو بھی پولیس نے اچھرہ سے گرفتار کر لیا ہے، پولیس نے ایڈووکیٹ محمد مہر سلیم کو کارکنان سمیت گرفتار کر لیا۔

پی ٹی آئی کا لاہور اور راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں احتجاج جاری ہے۔

پی ایس ایل 9؛ لاہور قلندرز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف بیٹنگ کا فیصلہ

  کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے 28 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میچ کا آغاز شام 7 بجے ہوگا۔ پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 میچز کھیلنے کے بعد 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

پلے آف مرحلے میں پہنچنے کیلئے کوئٹہ کیلئے آج کا میچ جیتنا اہم ہوگا کیونکہ چوتھی پوزیشن کیلئے کراچی کنگز بھی میدان میں موجود ہے جس کا ابھی ایک میچ رہ گیا ہے اور وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے تاہم آج کا میچ ملاکر کوئٹہ کے دو میچ باقی ہیں۔

لاہور قلندرز پر آج کے میچ کا کوئی دباؤ نہیں ہوگا اور وہ صرف پی ایس ایل 9 کو خوش اسلوبی کے ساتھ ختم کرنے کی کوشش کرے گئی۔

اعزاز کے دفاع میں ناکام لاہور قلندرز 9 میچز میں سے 7 میں شکست کھاچکی ہے، وہ محض ایک کامیابی اور ایک میچ فیصلہ کن نہ ہونے کے سبب 3 پوائنٹس کے ساتھ ایلیمنٹری راؤنڈ کی دوڑ سے الگ ہو کر چھٹے اور آخری نمبر پر ہے۔

آصف زرداری نے صدر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

 اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے دوسری مرتبہ صدر پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے آصف زرداری سے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں چاروں صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ موجود تھے، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔

تقریب میں سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، قائد مسلم لیگ ن نواز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، بلاول بھٹو، بختاور بھٹو، آصفہ بھٹو زرداری شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

گزشتہ روز، ملک کے 14 ویں صدر کے انتخاب کے لیے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہوئی۔ قومی اسمبلی میں پریزائیڈنگ افسر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق رہے، صدارتی الیکشن میں سینیٹر شیری رحمان آصف علی زرداری کی پولنگ ایجنٹ رہیں جبکہ سینیٹر شفیق ترین محمود خان اچکزئی کے پولنگ ایجنٹ مقرر کیے گئے تھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوئے۔ نتائج کے مطابق حکومتی اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری نے 411 الیکورل ووٹ حاصل کر کے انتخاب جیت لیا جبکہ سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے 181 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے۔

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب

ملک میں رمضان المبارک سن 1445ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل پشاور میں ہوگا۔

رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا محمد عبد الخبیر آزاد نے کل 11 مارچ بروز پیر کو اجلاس طلب کیا ہے۔

اس کے علاوہ مولانا محمد عبدالخبیر نے پاکستانی عوام سے بھی چاند دیکھنےکی اپیل کی ہے۔

اس موقع پر مولاناعبدالخبیرآزاد نے کہا کہ خواہش ہے ملک بھر میں ایک ہی دن رمضان المبارک کے بابرکت ماہ کا آغاز ہو۔

دوسری جانب امریکا اورکینیڈا میں کل سے رمضان المبارک کا آغاز ہو جائے گا۔

امریکا اورکینیڈا میں طے شدہ مسلم کیلنڈرپر چلنے والے سینٹرز  پیر 11 مارچ کو پہلاروزہ رکھیں گے۔

امریکا کینیڈا میں چاند دیکھ کر آغاز رمضان والی مساجد اور تنظیمیں آج رویت ہلال اجلاس کریں گی۔

رمضان المبارک کے چاند کیلیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا

 اسلام آباد: رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس کل ہوگا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رمضان المبارک 1445 ہجری کے چاند کی رویت کیلئے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کی زیر صدارت مرکزی اجلاس 11 مارچ بروز پیر بمطابق 29 شعبان بعد نماز عصر پشاور میں منعقد ہوگا۔

اس کے علاوہ دیگر زونل و ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر بیک وقت منعقد کیے جائیں گے۔ چاند سے متعلق حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کریں گے۔

مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تمام اہلیان پاکستان سے اپیل ہے کہ ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کا اہتمام فرمائیں، اللہ تعالیٰ سے دعاء ہے کہ ہمارے ملک کو اس دفعہ بھی ایک ہی دن روزہ عطاء فرمائے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے گیارہ مارچ کو ماہ صیام کا چاند نظر آنے کی پیش گوئی کی ہے۔