لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے اینٹی کرپشن کو خفیہ مقدمات میں سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کل تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس طارق سلیم شیخ نے عثمان بزادر کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے اینٹی کرپشن سے کل تک جواب طلب کر لیا، عدالت عالیہ نے معاونت کیلئے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی طلب کر لیا۔
All posts by admin
پنجاب، کے پی انتخابات: الیکشن کمیشن کی نظر ثانی درخواست پر اعتراض عائد
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے الیکشن کمیشن کی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ پر نظر ثانی کی درخواست پر اعتراض لگا دیا۔
ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس نے نظر ثانی درخواست میں فریقین کی نا مکمل تعداد کی نشاندہی کر دی، رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراض عائد کیا گیا کہ نظر ثانی درخواست میں رہنما تحریک انصاف محمود الرشید کا نام شامل نہیں ہے۔
ذرائع رجسٹرار آفس کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید کا نام فریقین میں شامل تھا، نظرثانی درخواست میں بھی محمود الرشید کا نام شامل ہونا ضروری ہے۔
سپریم کورٹ کا آڈٹ: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے رجسٹرار کوطلب کرلیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سپریم کورٹ کے آڈٹس کے معاملے پر رجسٹرار سپریم کورٹ کو 16 مئی کو طلب کرلیا۔
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان کے مطابق سپریم کورٹ کے 2010-11 سے 2020-21 تک کے آڈٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے اس حوالے سے رجسٹرار سپریم کورٹ کو 16 مئی کو اجلاس میں طلب کیا گیا ہے۔
نور عالم خان نے آڈیٹرجنرل کو صدر، وزیراعظم، چیف جسٹس، وفاقی وزرا ، ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور مراعات کا تقابلی جائزہ پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔
نورعالم خان کا کہنا تھا کہ اگر کل رجسٹرار سپریم کورٹ نہ آئے تو وارنٹ جاری کروں گا، جس پر کمیٹی کے رکن ڈاکٹر ملک مختار نے کہا کہ اس پر تو اسٹے ہو جائے گا، چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ اگر اسٹے آیا تو میں دوبارہ طلب کروں گا۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں جمعرات تک مزید بارش کی پیشگوئی
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں میں جمعرات تک مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے بعد پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام محکموں کو الرٹ جاری کر دیا۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق جمعرات تک راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات سمیت خطہ پوٹھو ہار اور میانوالی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور میں بھی بارش کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ جھنگ، سرگودھا اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تیز آندھی اور بارش کا امکان جبکہ منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، ساہیوال، اوکاڑہ اور بہاولپور میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، بہاولنگر، لیہ، بھکر، ملتان اور ڈی جی خان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے
لاہور: (ویب ڈیسک) اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے۔ وفاقی دارالحکومت سمیت پشاور کے کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے باجوڑ میں بھی محسوس کیے گئے۔ شدید زلزلے کے باوجود ڈاکٹرز نے مریض کا آپریشن نہیں چھوڑا، ویڈیو وائرل ہنگو، کوہاٹ، سوات، لوئر دیر، کرم، صوابی اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.7 جبکہ گہرائی 187 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز افغان ریجن میں کوہ ہندوکش تھا۔
تیسرا ون ڈے: نیوزی لینڈ کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں کیویز نے شاہینوں کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان تیسرا ون ڈے آج کراچی میں کھیلا جارہا ہے میچ کیلئے نیوزی لینڈ ٹیم نے ٹاس جیت پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس کے بعد کی گئی گفتگو میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم میں3 تبدیلیاں کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر حارث رؤف، احسان اللہ اور اسامہ میر ڈراپ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 5 ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان کو دو صفر کی برتری حاصل ہے۔
قومی سکواڈ
قومی سکواڈ میں بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سلمان علی آغا، شاداب خان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونیئر اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
مراد سعید نے مقدمات کی تفصیلات اور حفاظتی ضمانت کیلئے لاہورہائیکورٹ سے رجوع کرلیا
لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے مقدمات کی تفصیلات لینے اور حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں رہنما تحریک انصاف مراد سعید نے وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے ۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مراد سعید سابق وفاقی وزیر رہ چکے ہیں ، ان پر سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کیے جارہے ہیں اور متعلقہ ادارے مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کررہے ہیں ۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ درج مقدمات میں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوکر ضمانت کروانا چاہتا ہوں ، درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت متعلقہ عدالتوں تک رسائی کے لیے کارروائی روکنے اور درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔
عدالت پیشی سے بچنے کیلئے شوکت خانم سے جھوٹی رپورٹ بنوائی گئی، رانا ثناء اللہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عدالت اور پولیس کے سامنے پیش نہ ہونا ہو تو معائنہ سرکاری ہسپتال سے ہوتا ہے، شوکت خانم سے عدالت نہ پیش ہونے کیلئے جھوٹی رپورٹ بنوائی گئی ہے۔
اپنے ایک بیان میں (ن) لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پہلے پلستر باندھ لیا، پھر بالٹی چڑھا لی، ریلی نکالی تو بالکل ٹھیک تھا، عدالتوں میں ٹرائل شروع ہیں، 10 دن آرام کا مشورہ اصل میں مقدمات سے بچنے کا مشورہ ہے، الیکشن کی رٹ بھی مقدمات سے بچنے کیلئے تھی، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں بھی مقدمات سے بچنے کیلئے توڑی گئیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عدالت سے شامل تفتیش ہونے کا حکم آتے ہی عمران نیازی کو بیماری کا دورہ پڑ گیا، عمران نیازی کو توشہ خانہ، ٹیریان کے ابو، فارن فنڈنگ سمیت دیگر چوریوں کے مقدمات میں جواب دینا ہے، کوڑے والی بالٹی سے بھی کام نہیں چلا تو مکمل آرام کا بہانہ چلا لیا تاکہ عدالت نہ جانا پڑے، جواب نہ دینا پڑے۔
آزادی صحافت کے عالمی دن کی مناسبت سے وزیراعظم کا خصوصی پیغام
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آزادی صحافت کے عالمی دن کی مناسبت سے دنیا بھر کے صحافیوں کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزادی صحافت کے دن پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، صحافی عوام کو معلومات اور آگاہی دینے کے حوالے سے شاندار کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چیلنجز اور خطرات کے باوجود صحافی اپنی ذمہ داریوں سے کبھی صرف نظر نہیں کرتے، صحافت کے نگران کردار نے جمہوریت اور شفاف حکمرانی کے نظریات کو جلا بخشی ہے۔
زمان پارک پولیس تشدد کیس: ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی عدالت طلب
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے زمان پارک پولیس تشدد کے واقعات کی قائم جے آئی ٹی کے خلاف درخواستوں میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب اور آئی جی پنجاب کو طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں 3 رکنی فل بنچ نے زمان پارک میں تشدد کے واقعات کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی کے خلاف درخواستوں کی سماعت کی۔
سماعت کے آغاز پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سرور نہنگ نے بتایا کہ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو عدالتوں میں پیش ہونے سے روکنا سرکار کا استحقاق ہے، پراسیکیوٹر جنرل حکومت کا ملازم ہے، اپنی مرضی سے جواب جمع کرانے کا پابند نہیں ہے۔
پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے بتایا کہ پراسیکیوٹر جنرل کا عہدہ آزاد اور خود مختار ہے، پراسیکیوٹر جنرل ریاست کا ملازم ہے حکومت کا نہیں۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ہر فوجداری مقدمے میں تو پراسیکیوٹر ریاست کی نمائندگی کرتا ہے، اس کیس میں کیسے کہہ سکتے پیں کہ پراسیکیوٹر حکومت کی نمائندگی کرتا ہے، کابینہ نے کس قانونی جواز کے ساتھ پراسیکیوٹر جنرل کو عدالتوں میں پیش ہونے سے روکا، آگاہ کیا جائے۔
لاہور ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ زمان پارک میں وارنٹ گرفتاری اور پولیس آپریشن کا ریکارڈ عدالت میں طلب کیا تھا، زمان پارک آپریشن کے لیے کس نے کب منظوری دی۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل غلام سرور نہنگ نے بتایا کہ زمان پارک میں پولیس آپریشن نہیں بلکہ تصادم ہوا تھا، وارنٹ گرفتاری کا ریکارڈ تو اسلام آباد پولیس کے پاس ہے، زمان پارک میں امن وامان برقرار رکھنے کے لیے پولیس تو پہلے سے موجود تھی۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اسلام آباد پولیس پنجاب کی حدود میں داخل ہوتے ہی آپ کے زیر اثر آگئی، آپ ملبہ اسلام آباد پولیس پر ڈالنا چاہتے ہیں، کیا پنجاب کے ہوم ڈیپارٹمنٹ سے عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے اسلام آباد پولیس کی کوئی خط و کتابت ہوئی تھی۔
جس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے آپریشن سے پہلے ہوم سیکرٹری سے کوئی خط وکتابت نہیں کی۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر ریکارڈ پیش نہیں کیا جا رہا تو ذمہ دار افسروں کو بلا لیتے ہیں۔
عدالت نے زمان پارک پولیس تشدد کے واقعات کی قائم جے آئی ٹی کے خلاف درخواستوں میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب اور آئی جی پنجاب کو طلب کرتے ہوئے سماعت 4 مئی تک ملتوی کردی۔
ملک کے بڑے ایئرپورٹس پر برڈ ریپیلنٹ سسٹم لگانے کا فیصلہ
کراچی: (ویب ڈیسک) سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے طیاروں کو پرندوں کے ساتھ تصادم سے بچانے کا منصوبہ بناتے ہوئے بڑے ایئرپورٹس پر برڈ ریپیلنٹ سسٹم لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سی اے اے نے برڈ ریپیلنٹ سسٹم لگانے کے لیے بین الاقوامی سطح پر ٹینڈر جاری کردیا ہے، کراچی، اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس پر برڈ ریپلینٹ سسٹم لگے گا۔
سی اے اے کی ٹینڈر سکیورٹی فیس 5 کروڑ 29 لاکھ روپے درخواست کے ساتھ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، ایئرپورٹس پر برڈ ریپلینٹ سسٹم لگنے سے طیاروں کے محفوظ فلائٹ آپریشن میں مدد ملے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طیاروں سے پرندے ٹکرانے سے ایئر لائنز کو سالانہ کئی ملین ڈالرز کا نقصان ہوتا ہے۔
ہر سال پاکستان کے ایئرپورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے درجنوں واقعات رپورٹ ہوتے ہیں، جبکہ طیاروں سے پرندے ٹکرانے سے بڑے حادثے کا خدشہ بھی ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں بڑے ایئرپورٹس پر پرندوں سے طیاروں کو محفوظ رکھنے کے لیے برڈ ریپلینٹ سسٹم نصب ہے۔
شاہ چارلس کی تاج پوشی، وزیراعظم تقریب میں شرکت کیلئے لاہور سے لندن روانہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ غیر ملکی دورے پر لاہور سے لندن روانہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف خصوصی طیارے میں اپنے وفد کے ہمراہ دورے پر روانہ ہوئے ہیں ، شہباز شریف لاہور سے براہ راست لندن پہنچیں گے جہاں وہ ہفتے کو برطانوی حکومت کی دعوت پر بادشاہ کی تاج پوشی کی شاہی تقریب میں شرکت کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر برطانیہ روانگی سے قبل ایک بیان میں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات مشترکہ تاریخ میں پیوست ہیں اور دونوں ممالک کے مابین کثیرالجہتی روابط کئی دہائیوں کے دوران مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ برطانوی شاہی خاندان ہمیشہ پاکستان کا عظیم دوست رہا ہے، کنگ چارلس تھری کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کےعلاوہ میں دولت مشترکہ رہنماؤں کی کانفرنس میں بھی شرکت کروں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس موقع پر عالمی رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ بات چیت اور تبادلہ خیال کا موقع بھی میسر آئے گا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف کی برطانیہ میں نوازشریف سے بھی ملاقات ہوگی ، وزیراعظم موجودہ سیاسی معاشی اور پارٹی کی صورتحال سے نوازشریف کو بریف کریں گے۔
اتحادی حکومت پریس کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، مریم اورنگزیب
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت پریس کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے۔
پریس فریڈم ڈے کے موقع پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادی صحافت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، پاکستان کا آئین آزادی صحافت اور شہریوں کی درست اطلاع تک رسائی کے حق کی ضمانت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن ان صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہوں گی جنہوں نے سچ کی تلاش میں اپنی جانیں گنوا دیں، پاکستان میں 2018ء سے 2022ء تک صحافت ایک کٹھن دور سے گزری، پی ٹی آئی کے 4 سالہ دور میں ایک ایسی ”پراسرار سنسرشپ“ جاری تھی جس نے صحافیوں کو خوفزدہ کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2017ء میں ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان 139 ویں نمبر پر تھا، پی ٹی آئی کی میڈیا دشمن پالیسیوں کے باعث درجہ بندی میں 12 پوائنٹ کی مزید کمی ہوئی، وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھے شخص کو پریس فریڈم پریڈیٹر کا شرمناک خطاب دیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے نہ صرف صحافیوں کی آواز بند کی بلکہ ان کے قلم توڑے، انہیں اغواء کیا، پیٹ میں گولیاں ماریں، پی ٹی آئی کا 4 سالہ دور صحافیوں کیلئے خطرناک دور تھا، عمران خان نے صحافت پر قدغنیں لگائیں، اس طرح قدغنیں لگانے سے دو چار دن تو اپنا مؤقف دیا جا سکتا ہے مگر بالآخر سچائی ماننا پڑتی ہے۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ سابقہ حکومت نے ریاست کی طرف سے صحافیوں کی زبان بندی کیلئے دباﺅ بڑھایا، اپنی غلطیوں پر نظرثانی کرنے کے بجائے اپنی ناکامیوں کا غصہ صحافیوں اور صحافتی اداروں پر نکالا، آج ملک میں صحافت مکمل طور پر آزاد ہے، حکومت صحافیوں کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات اٹھاتی رہے گی۔