All posts by admin

بے بو اب ’فےویکول سی گرل‘ کہلائیں گی

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی وڈ کی خوبرو ادکارہ کرینہ کپور نے فلم ’دبنگ 2‘ کے شاندار آئٹم نمبر گانا ’فے ویکول‘ میں جلوے بکھیرے تھے اور اب اداکارہ ’دبنگ 3‘ کے بھی آئٹم گانے کے لیے پرفارم کریں گی۔جی ہاں بے بو فلم ’دبنگ‘ کی تیسری فرنچائز کے آئٹم نمبر گانا’ فے ویکول سی گرل‘ پر جلوے بکھیرے گی۔بھارتی نیوز سائٹ دکن کرونیکل کی رپورٹ کے مطابق فلم ساز ارباز خان نے ’دبنگ 3‘ کا آئٹم نمبر گانے کے لیے کرینہ کپور کا ہی انتخاب کیا ہے اور وہ اس بار ’فے ویکول سی گرل‘ گانے پر زبردست رقص پیش کریں گی۔فلم ’دبنگ‘ میں ارباز خان کی سابق اہلیہ ملائیکا اروڑا نے ’منی بدنام ہوئی‘ آئٹم گانے پر جلوے بکھیرے تھے جسے مداحوں نے خوب پسند کیا تھا بعدازاں ’دبنگ 2‘ کے آئٹم گانے ’فے ویکول‘ میں کرینہ کپور نے سب کو محظوظ کیا۔واضح رہے کہ کرینہ کپور اس وقت نئی فلم ’گڈ نیوز‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں وہ اداکار اکشے کمار کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔

بھارت :ٹرین حادثے میں 7 مسافر ہلاک، 29 زخمی

جوگ بنی (ویب ڈیسک)میں ٹرین پٹری سے اترنے کے باعث خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 7 مسافر ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست بہار میں جوگ بنی سے آنند وہار کے درمیان سیمانچل ایکسپریس کی 11 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں 7 مسافر ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کاآغاز کرتے ہوئے بوگیاں کاٹ کر مسافروں کو باہر نکالا، زخمیوں میں سے 11 کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔وزیراعظم نریندرا مودی نے ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کو ہر ممکن امداد مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ ریلوے کی جانب سے ہلاک ہونے والوں کے لیے 5 لاکھ فی کس کا اعلان کیا گیا ہے۔صوبہ بہار کی حکومت نے ہلاک ہونے والے مسافروں کے ورثاءکے لیے 4 لاکھ فی کس اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار فی کس کا اعلان کیا ہے۔ یہ امدادی رقم محکمہ ریلوے کی جانب سے دی جانے والی امدادی رقم کے علاوہ ہے۔

تھائی لینڈ سے بھارت آنے والے مسافر کے سامان سے چیتے کا بچہ برآمد

چینائی(ویب ڈیسک) تھائی لینڈ سے بھارت پہنچنے والے مسافر کے سامان میں پلاسٹک کے تھیلے میں چھپائے گئے ایک کلو وزنی چیتے کا بچہ برآمد ہوا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق چیتے کی برآمدگی کا واقعہ بھارتی شہر چینائی کے ایئرپورٹ پر پیش آیا جہاں تھائی لینڈ سے آنے والے مسافر کے بیگ میں سے مشکوک آوازیںآنے پر عملے نے تلاشی تو پلاسٹک کے تھیلے میں سے چیتے کا بچہ برآمد ہوا۔گرفتار شخص اتوار کی صبح بنکاک سے انڈیا کے شہر چنائی پہنچا تھا تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں کہ ملزم کا تعلق کسی بین الاقوامی اسمگلنگ گروہ سے تو نہیں۔کسٹم حکام نے 45 سالہ مسافر کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے تاہم چیتے کے بچے کی برآمدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تفتیش جاری ہے، ملزم کے بارے میں معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔ چیتے کے بچے کو زولوجی پارک منتقل کردیا جائے گا۔

میری غلطی پر اپنوں نے ہی مروایا، سرفراز احمد

کراچی(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ نسل پرستانہ جملے کے معاملے پر اپنوں نے مروایا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ساﺅتھ اینڈ کلب قومی ویمن کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی اور انہیں مشورے دیے، بعد ازاں میڈٰیا سے بات کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، امید ہے کہ دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ وکٹ کے پیچھے بولتے رہنا میری عادت ہے اور میری فطرت تبدیل نہیں ہوگی لیکن میری غلطی کو ایشو بنانے کی کوشش کی گئی، اس معاملے میں اپنوں نے ہی مروایا جب کہ میں نے غلطی کی اسے تسلیم کیا اور جنوبی افریقن کرکٹر مطمئن ہوگیا تھا، میں نے واضح کیا کہ ماں کی اہمیت ہوتی ہے، کسی کی بے جا تنقید پر غصہ نہیں ہوں، میں نے تلخیاں بھلا دیں دوسرے بھی معاف کردیں۔سرفراز احمد نے کہا کہ قومی ٹیم کی قیادت کے لیے پر امید ہوں، مستقبل کے ایونٹس کے لیے بھرپور تیاری کریں گے۔ کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور ٹیم اسپرٹ موجود ہے، عالمی کپ کے لیے مضبوط اسکواڈ تشکیل دیں دے گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمد عامر خراب کارکردگی پر ٹیم سے باہر ہوا تھا لیکن اب اچھا کھیل رہا ہے۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میری گراﺅنڈ میں کارکردگی سب کے سامنے ہے، کوشش کروں گا کہ مزید بہتر کروں، انشا اللہ میرا کم بیک ہوگا جب کہ پاکستانی عوام کا شکرگزارہوں کہ اس نے ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی سپورٹ کی اور پی سی بی کی مدد کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

پنجاب میں گورننس سے متعلق بڑی تبدیلی لائی جارہی ہے، فواد چوہدری

لاہور(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پنجاب میں گورننس کے نظام پر تفصیلی غور کیا گیا اور اس حوالے سے بڑی تبدیلی لائی جارہی ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے گیس کے زائد بلوں سے متعلق نوٹس لیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کل صحت کارڈز کے پہلے مرحلے کا افتتاح کیا جائے گا، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے 7 سے 9 لاکھ روپے تک کا علاج مفت ہوگا۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گورننس کے نظام پر تفصیلی غور کیا گیا، پنجاب میں گورننس سے متعلق بڑی تبدیلی لائی جارہی ہے جب کہ محکمہ پولیس میں بھی ریفارمز لائی جارہی ہیں، (ق) لیگ کے ساتھ پی ٹی آئی کے نہ تو کوئی تحفظات ہیں اور نہ کوئی سنجیدہ اختلافات ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق ڈاکٹرز فیصلہ کریں گے اور اس حوالے سے ڈاکٹرز آزاد ہیں جب کہ ان کی قسمت سے متعلق فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے، نواز شریف اور آصف زرداری نے یا تو جیل میں دن گزارنے ہیں یا پھر لندن میں، یہ انتہائی شرم کی بات ہے، یہ لوگ اتنا عرصہ اقتدارمیں رہے اور آخر میں کہہ رہے ہیں کہ ہمیں لندن بھیج دیں۔سانحہ ساہیوال پر وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال پر متاثرین سے اظہار یکجہتی کیاہے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کو آخری ٹی ٹوئنٹی میں شکست دیدی

کراچی(ویب ڈیسک) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ویمن ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 12 رنز سے جیت لیا۔ساﺅتھ اینڈ کلب پر کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر138 رنز ہی بنا سکی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈینڈرہ ڈوٹن نے 29 گیندوں ہر 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 46 رنز کی اننگ کھیلی، چیڈن نے 29 رنز بنائے، کپتان مرییسا نے 14 رنز جوڑے،شمین کیمل 9 رنز بنا سکیں، پاکستان کی طرف سے انعم امین نے 3 اور ثنا میر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔قبل ازیں پاکستان نے ٹا س جیت کر پہلے بیٹنگ کی، پہلی وکٹ 13 رنز پر ہی گرگئی جب جوریہ خان 8 گیندوں پر 10 رنز جوڑ کر شاکیرہ کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوگئیں، پاکستان کو دوسرا نقصان 47 رنز پر اٹھانا،کپتان بسمعہ معروف 16 گیندوں پر 19 رنز جوڑ کر فلیچر کی گیند پف بولڈ ہوگئیں، 70 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی چوتھی عمایمہ سہیل کے اسٹمڈ ہونے پر گری، 24 گیندوں پر 28 رنز بنانے والی عمایمہ کی وکٹ کرشما رام ہیرک کے حصہ میں آئی۔80 رنز پر پاکستان کا چوتھا نقصان ہوا، ارم جاوید 7 گیندوں پر اتنے ہی رنز بنا کر کرشیما کو وکٹ دے بیٹیھیں، ندا ڈار نے 40گیندوں پر 53 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی جس میں 5 چوکے اور دو چھکے بھی شامل تھے،عالیہ ریاض 23 گیندوں پر 24 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہیں،کرشیما نے دو وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ شاکیرہ اور ایفے فلیچر کے حصہ میں ایک ایک وکٹ آئی۔3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-2 سے ویسٹ انڈیز ٹیم نے اپنے نام کرلی۔

ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سنچری مکمل کرنے والی پہلی ایشین پلیئر

کراچی(ویب ڈیسک) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سنچری مکمل کرنے والی پہلی ایشین پلیئر بن گئیں۔پاکستان اور ویسٹ انڈیزکی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ساﺅتھ اینڈگراﺅنڈ کراچی پرکھیلا جائے گا، مہمان ٹیم ابتدائی دونوں میچز جیت کر پہلے ہی ٹرافی اپنے نام کرچکی ہے، پہلے مقابلے میں ویسٹ انڈیز کے سامنے بے بس ہونے والی گرین شرٹس دوسرے میچ میں مہمان ٹیم کیلیے سخت حریف ثابت ہوئی تھیں، نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے پاکستان ویمن ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک کولز کا کہنا ہے کہ سپر اوور تک جانے والے دوسرے میچ میں عمدہ کارکردگی سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔دوسری جانب مایہ ناز پاکستانی کرکٹر اور سابق کپتان ثنا میر اتوار کو میچ میں شرکت کی بدولت ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سنچری مکمل کرنے والی پہلی ایشین پلیئر بن گئیں۔ 33 سالہ ثنا 2005 سے ملک کی نمائندگی کررہی ہیں، وہ 2009 میں آئرلینڈ کیخلاف پاکستان کے پہلے ٹوئنٹی20 میچ میں بھی شامل رہی تھیں، اس کے بعد ثنا صرف انجرڈ ہونے کی وجہ سے 2 میچز میں شریک نہیں ہوپائیں۔ثنا میر مختصر فارمیٹ میں میچز کی سنچری مکمل کرنے والی دنیا کی چھٹی ویمن کرکٹر بنیں گی، ویسٹ انڈیز کی دیندرا ڈوٹن 109 میچز کے ساتھ نمایاں ہیں، ایشیا میں بسمہٰ معروف 94 اور بھارت کی ہرمنپریت کور93 میچز کے ساتھ دوڑ میں شامل ہیں، سیریز کے اختتام پر ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم اتوارکی شب ہی دبئی روانہ ہوجائے گی، وہاں دونوں ملکوں کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ون ڈے انٹر نیشنل سیریز کا انعقاد ہوگا۔

وزیراعظم سے عثمان بزدار کی ملاقات، سانحہ ساہیوال پر پیش رفت سے آگاہ کیا

لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب نے ملاقات کی اور سانحہ ساہیوال پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی جس کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم عمران خان کو سانحہ ساہیوال پر پیش رفت سے آگاہ کیا اور پولیس اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیر اعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھی ملاقات کی جس میں پنجاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ایوان وزیراعلیٰ میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی ہوا جس میں وزیراعظم نے پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر اتھارٹی کے قیام کی اصولی منظوری دیتے ہوئے جلد قانون سازی کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت میڈیا اسٹریجک کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا جس میں وزیر اعظم نے میڈیا کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو عوام کی فلاح و بہبود کے حوالے سے جاری منصوبوں سے آگاہ کیا جائے اور میڈیا میں موثر انداز میں حکومت کا دفاع کیا جائے۔

پاکستان کشمیری عوام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، وزیرخارجہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا موقف انتہائی واضح اور دو ٹوک ہے۔ذرائع کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کشمیر کانفرنس میں شرکت کے لیے لندن روانہ ہوگئے، جہاں وہ کل برطانوی پارلیمنٹ میں منعقدہ انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس سے خطاب کریں گے۔اس موقع پر وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ لندن میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نہتے کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم اور جبر استبداد کے خلاف بھر پور آواز اٹھائیں گے، مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا موقف انتہائی واضح اور دو ٹوک ہے، کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور کردہ قراردادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے لئے ہائی کمشنر کے دفتر (اوایچ سی ایچ آر) اوربرطانوی پارلیمانی گروپ کی حالیہ رپورٹس نے پاکستانی موقف کی تائید کی ہے۔دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لندن روانگی سے قبل آل پارٹیز حریت کانفرنس کی سینیئر قیادت سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے لندن میں ہونے والے پروگرام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

حمزہ شہباز ای سی ایل سے نام خارج ہونے کے بعد لندن روانہ

لاہور(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز لندن روانہ ہوگئے۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز لاہور کے علامہ اقبال ائر پورٹ سے قطر ایئرویز کی فلائٹ نمبر 629 کے ذریعے لندن روانہ ہوئے۔ وہ پہلے دوحہ جائیں گے جہاں سے برطانیہ پہنچیں گے۔حمزہ شہباز 10 روز بعد 13 فروری کو قطر ایئرویز کی فلائٹ 628 سے وطن واپس آئیں گے۔حمزہ شہباز کے خلاف نیب کی جانب سے کرپشن مقدمات میں تحقیقات جاری ہیں جس کی وجہ سے انہیں 11 دسمبر کو لندن جانے سے روک دیا گیا تھا۔ انہوں نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جس کے بعد ان کا نام ای سی ایل سے نکالا گیا۔حمزہ شہباز نے لاہور ہائی کورٹ کو بیرون ملک روانگی سے متعلق آگاہ کردیا ہے اور ان کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے اپنے موکل کی 10 روز میں واپسی کی یقین دہائی کرائی ہے۔

نقیب اللہ قتل کیس میں مفرور پولیس اہلکاروں کے اشتہارات شائع

کراچی(ویب ڈیسک) نقیب اللہ قتل کیس میں مفرور پولیس اہلکاروں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے حکم پر نقیب اللہ محسود قتل کیس میں مفرور پولیس اہلکاروں کو اشتہاری قرار دینے کے لیے اخبارات میں اشتہارات شائع کرادیے گئے۔مفرور ملزمان میں سب انسپکٹر شیخ محمد شعیب عرف شعیب شوٹر، سب انسپکٹر امان اللہ مروت، اے ایس آئی گدا حسین، ہیڈ کانسٹیبل محسن عباس، ہیڈ کانسٹیبل صداقت حسین شاہ، پولیس اہلکار راجہ شمس مختار، رانا ریاض احمد شامل ہیں۔ان ملزمان کے قتل، اغوا برائے تاوان، غیر قانونی اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد رکھنے کی دفعات کے تحت الگ الگ اشتہارات شائع کیے گئے ہیں۔ عدالتی اشتہارات میں کہا گیا کہ یہ ملزمان نہیں مل رہے، اگر 9 فروری تک عدالت میں پیش نہ ہوئے تو انہیں اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔واضح رہے کہ 13 جنوری 2018 کو کراچی کے ضلع ملیر میں ایس ایس پی ملیر راﺅ انوار اور ان کی پولیس ٹیم نے جعلی مقابلے میں نقیب اللہ سمیت 4 بے گناہ نوجوانوں کو قتل کردیا تھا۔

ایک سال میں ہزار کاریں تباہ کرنے والا بزرگ شہری

ویگو (ویب ڈیسک ) اسپین میں بزرگ شخص نے سال بھر میں ایک ہزار سے زائد قیمتی گاڑیوں کو بری طرح نقصان پہنچایا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپین کے شہر ویگو میں شہریوں کی قیمتی گاڑیوں کو پر اسرار طور پر بری طرح نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔ رات کو گاڑی کھڑی کرنے کے بعد صبح گاڑی بری حالت میں ملتی۔
کبھی تو گاڑی پر بے ہنگم اسکریچ پڑے ہوتے ہیں تو کبھی شیشے ٹوٹے ہوتے اور کبھی گاڑی پر کوئی ڈینٹ پڑا ہوتا یا گاڑی پنکچر ہوتی۔ ہر طرح کی کوشش کے باوجود پر اسرار شرارت کرنے والا ہاتھ نہیں ا?رہا تھا۔
سی سی ٹی وی فوٹیجز سے انکشاف ہوا یہ شرارت کرنے والا کوئی عادی مجرم نہیں بلکہ ایک 79 سالہ بزرگ شہری ہے۔ وارداتیں عام ہونے ہر شہریوں نے اپنی مدد ا?پ کے تحت چوکیداری نظام شروع کیا۔

میڈیا حکومت گرانے کیلئے ساتھ دے : آصف زرداری

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت گرانے کے لیے میڈیا ہمارا ساتھ دے ہم صحافیوں کی مشکلات میں ان کا ساتھ دیں گے۔ اسلام آباد میں مسئلہ کشمیرسے متعلق اے پی سی میں خطاب کے دوران آصف زرداری نے کہا کہ سیاسی معاملات پر سیاسی جماعتوں کی پوزیشن مختلف ہو سکتی ہے لیکن مسئلہ کشمیر پر تمام پاکستانیوں کا ایک ہی موقف ہے، ہم کشمیر کو خود سے الگ نہیں کر سکتے کشمیر ہمارے خون میں شامل ہے، کشمیر ہم سے اور کشمیر سے جدا نہیں ہو سکتے۔صدر آصف علی زرداری نے میڈیا کو مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم میڈیا کی مد کرنے کوتیار ہیں، آپ ہمارے ساتھ اس حکومت کو گرانے میں کندھا لگائیں گے۔ کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آج کل کی مشکلات زیادہ ہیں، ہم آپ کو اس میں مدد کرنے کو تیار ہیں، آپ ہمارے ساتھ اس حکومت کو گرانے میں کندھا لگائیں ہم آپ کے ساتھ کندھا لگائیںگے۔آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر کاز پر تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہو گا، کشمیر ہم سے اور ہم کشمیر سے جدا نہیں ہو سکتے، آمروں نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا ہے کشمیر کے ہر گھر میں شہیدوں کی فہرستیں ہوں گی، انشاءاللہ اپنی زندگی میں کشمیر کو آزاد دیکھوں گا۔سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے 70کی دہائی میں کشمیر کی بات کی، بے نظیر بھٹو نے راجیو گاندھی سے کشمیر کے مسئلے پر بات کی، اس وقت پاکستان میں آمر کی حکومت تھی، بھارت کے ساتھ جتنی بھی کشیدگی پھیلی وہ آمروں کے دور میں لگی ہے، آمروں نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا، کشمیر کے ہر گھر میں شہیدوں کی فہرست ہو گی، ان کی قربانیاں کوئی نہیں بھلا سکتا، مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے تمام سیاسی قوتوں کو اکٹھا ہونا چاہیے، میں نے اپنی صدارت کے دوران مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھایا، پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی کشمیر پر ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، کشمیر ہم سے اور ہم کشمیر سے جدا نہیں ہو سکتے، ہم کشمیر کو کبھی نہیں بھول سکتے، مودی کو سمجھنا ہو گا کہ کشمیر پر پاکستان کا موقف تبدیل نہیں ہو گا،جتنی بھی مخالفت ہو سیاسی جماعتیں کشمیر کے مسئلے پر ایک ہیں، انشاءاللہ کشمیر کو اپنی زندگی میں آزاد دیکھوں گا۔