All posts by admin

ایک دہائی بعد کسی ترک صدر کا متحدہ عرب امارات کا دورہ

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) صدر طیب اردوان 2 روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے جو ایک دہائی بعد کسی ترک صدر کا پہلا دورہ ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات سے دہائی سے علاقائی تنازعات اور کشیدہ تعلقات کے خاتمے کے لیے ابوظہبی پہنچ گئے جہاں ان کا استقبال ولی عہد شیخ محمد بن زائد النہیان نے کیا۔
ترک صدر طیب اردوان نے یہ دورہ ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر کیا جو نومبر میں ترکی گئے تھے اور تنازعات کے حل کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
نومبر میں شیخ محمد بن زائد کے دورے کے بعد، متحدہ عرب امارات اور ترکی میں سرمایہ کاری کے لیے 10 بلین ڈالر کے معاہدوں کا اعلان ہوا تھا جس سے معیشت کی تباہ حالی اور مہنگائی کے شکار ترکی کو مشکل دور سے نکلنے میں مدد ملنے کی امید ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق صدر اردوان کے متحدہ عرب امارات کے دورے میں میڈیا اور مواصلات سے لے کر اقتصادی اور دفاعی سودوں تک کے 12 معاہدوں پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقاتوں کو خوش آئند قرار دیا اور خطے میں قیام امن اور استحکام کے لیے مذاکرات کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان آئندہ بھی اعلیٰ سطح کے مذاکرات ہوں گے۔
واضح رہے کہ ترکی اور متحدہ عرب امارات کے درمیان لیبیا میں خانہ جنگی کے دوران مخالف فریقوں کی حمایت کرنے پر تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے جس میں 2017 میں اُس وقت اضافہ ہوگیا جب یو اے ای نے ترکی کے اتحادی قطر سے تعلقات منقطع کرلیے تھے۔

پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے تین پیسے اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے ایک مرتبہ پھر عوام پر پٹرول بم گراتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں فی لٹر 12 روپے 3 پیسے کا اضافہ کیا جس کے بعد قیمت 147 روپے 83 پیسے سے بڑھ کر 159 روپے 86 پیسے ہو گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 53 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد نئی قیمت 144 روپے 62 پیسے سے بڑھ کر 154 روپے 15 پیسے ہو گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 10.08 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت 116 روپے 48 پیسے سے بڑھ کر 126.56 روپے ہو گئی ہے۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 9 روپے43 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا اور قیمت 114 روپے 54 پیسے سے بڑھ کر 123 روپے 97 پیسے ہو گئی ہے۔
اس سے قبل اوگرا نے سمری میں 12 روپے 3 پیسے فی لٹر اضافے کی تجویز وزیراعظم آفس کو موصول ہوئی تھی۔ یہ تجویز عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرائط کے مطابق دی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی سمری نظرثانی کےلئے وزارت خزانہ کو واپس بھیج دی تھی۔
اس وقت وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اتنا اضافہ نہیں کر سکتے۔

پی ایس ایل7: پشاور زلمی کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 24 رنزسے شکست

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 24 رنز سے شکست دے دی ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کا دوسرا مرحلہ جاری ہے، ایونٹ کے 22 ویں میچ کے لئے پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے قائد سرفراز احمد کو پہلے فیلڈنگ کی دعوت دی تھی۔
پشاور زلمی کے 186 رنز ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیسن روئے اور ول سمیڈ نے اننگز کا آغاز کیا ، تاہم روئے 13 سکور بناکر ہی پویلین لوٹ گئے جبکہ ول سمیڈی ایونٹ کے دوران مسلسل دوسری مرتبہ بدقسمت ثابت ہوئے، صرف 1 رن کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 3 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 60 گیندوں پر 99 رنز کی اننگز کھیل کر سلمان ارشاد کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، قبل ازیں پشاور زلمی کے ہی خلاف اوپننگ بیٹر 97 سکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔
جیمز ونس صفر، کپتان سرفراز احمد 25 ، افتخار احمد 10 اور عمر اکمل صرف 1 رن پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پشاور زلمی کی جانب سے حضرت اللہ زازائی اور محمد حارث نے اننگز کا آغاز کیا، زازائی 1، محمد حارث 29، لیام لیونگسٹون صفر، شعیب ملک 58،حسین طلعت51، شرفین ردرفورڈ صفر اور بین کٹنگ 36 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ وہاب ریاض1، عثمان قادر صفر پر ناٹ آؤٹ رہے، نسیم شاہ نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، خرم شہزاد، غلام مدثر اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 185 رنز بناسکی۔

اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان شہید

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) مغربی کنارے میں اسرائیلی قابض اہلکاروں کی فائرنگ سے 19 سالہ نیہاد امین برغوطی شہید ہوگیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے نوجوان کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شہر راماللہ کے علاقے نبی صالح میں فلسطینیوں کی جانب سے مظاہرہ جاری تھا جس پر اسرائیلی فورسز نے اُن پر فائر کھول دیئے اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔
فلسطینیوں کے مظاہرے میں نیہاد بھی شامل تھا جو اہلکاروں کی فائرنگ سے شہید ہوگیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق صیہونی اہلکاروں نے نیہاد امین کے پیٹ میں گولیاں ماریں جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نیہاد نے وہیں دم توڑ دیا۔
واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل مغربی کنارے میں ہی ایسا ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں اسرائیلی اہلکاروں نے آپریشن کی آڑ میں 3 فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔

اسرائیلی مظالم کیخلاف پوسٹ کرنے پر2 فلسطینی صحافی ملازمت سے برطرف

برلن: (ویب ڈیسک) جرمنی کے ایک نشریاتی ادارے نے سوشل میڈیا پر اسرائیلی مظالم پر تنقید کو یہودی مخالف پوسٹ قرار دیتے ہوئے 2 فلسطینی صحافیوں کو ملازمت سے برطرف کردیا۔
عالمی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈی ڈبلیو نے زاہی علوی اور یاسر ابو مالک کو سوشل میڈیا پر یہودی مخالف پوسٹیں کرنے پر ملازمت سے برخاست کردیا۔ اس الزام میں ملامتوں سے ہاتھ دھونے والوں کی تعداد 5 ہوگئی۔
دونوں صحافیوں کے خلاف بیرونی انکوائری 2014 میں کی گئی ایک پوسٹ پر شروع کی گئی تھی جس میں دونوں صحافیوں نے اسرائیلی فوج کے فلسطینیوں پر مظالم پر تنقید کی تھی۔
انکوائری کمیٹی نے اس پوسٹ کو یہودی مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس مہم کا حصہ ہے جسے ماضی میں اینٹی سیمیٹیزم یعنی شام دشمنی کہا جاتا تھا اور جس کی بنیاد پر یہودیوں کو نفرت اور تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔
صحافیوں کے خلاف کارروائی ہولوکاسٹ ریمیمبرنس کی جانب سے سام دشمنی یا یہودی مخالف کی تعریف میں متنازع اضافے کے تحت کی گئی ہے جس میں اسرائیلی پالیسیوں اور کارروائیوں پر تنقید کو بھی اینٹی سیمیٹیزم کے ذمرے میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2014 میں اسرائیلی حملے میں 2 ہزار 200 فلسطینی شہید ہوگئے تھے جن میں 551 بچے اور 299 بچے شامل تھے اور دونوں صحافیوں اس کی مذمت کی تھی۔

دہشتگردی پر اکسانے کا الزام ، بانی ایم کیو ایم برطانوی عدالت سے بری

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی عدالت نے بانی متحدہ الطاف حسین کو دہشتگردی پر اکسانے کے دونوں الزامات سے بری کردیا۔
بانی متحدہ پر مقدمے سے متعلق برطانوی عدالت کا بڑا فیصلہ آگیا، جہاں بانی متحدہ پر دہشت گردی پر اکسانے کا جرم ثابت نہ ہوسکا۔
یاد رہے کہ بانی متحدہ نے تقریر میں کارکنوں کو نجی چینلز پر حملہ کرنے کا کہا تھا، تقریر کے بعد کارکنوں نے نجی چینل کے دفتر پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔
کراؤن پراسیکیوشن سروس نے بانی متحدہ کے خلاف ٹیرراازم ایکٹ 2006 کی سیکشن 1 (2) کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
خیال رہے کہ بانی متحدہ کے خلاف مقدمہ کی سماعت 31 جنوری کو کنگسٹن کراؤن کورٹ میں شروع ہوئی تھی۔
بانی متحدہ پر 22 اگست 2016 کی متنازع تقریر پر اکتوبر 2019 میں پولیس نے دہشت گردی کے جرم کا مقدمہ قائم کیا تھا۔
بانی متحدہ کو 11 جون 2019 کو جرائم کی حوصلہ افزائی کرنے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔
جسمانی اور ذہنی کے سبب بانی متحدہ کی مقدمہ ختم کرنے کی درخواست کو سی پی ایس نے مسترد کردیا تھا۔
بانی متحدہ دسمبر کے وسط سے کورونا میں مبتلا ہونے کے سبب تقریباً ایک ماہ ہسپتال داخل رہے تھے۔

یوکرین کے 2 خطوں کو آزاد تسلیم کرنے کیلئے پارلیمنٹ کا پوٹن پر دباؤ

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی پارلیمنٹ نے صدر ولادمیر پوٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرین کے دو خطوں کو آزاد تسلیم کرے۔
امریکی اخبار دی ہِل کے مطابق روسی پارلیمنٹ میں اکثریت ووٹ سے یہ فیصلہ منظور کیا گیا کہ صدر پوٹن یوکرین کے ڈانیسک اور لوہانسک پیپلز ریپبلک کو آزاد خطے تسلیم کریں جیسا کہ پہلے بھی روس اس نظریے کی حمایت کرتا آیا ہے۔
دوسری جانب کریملن کے ترجمان ڈمیتری پیسکو نے کہا کہ روس کیلئے دونوں خطے اہم ہیں تاہم روس امن معاہدے کا حمایتی بھی ہے۔
اسی طرح یوکرین کے وزیر خارجہ نے روس کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اُس نے سرکاری سطح پر خطوں کو آزاد تسلیم کیا تو امن معاہدہ ٹوٹ جائے گا۔
واضح رہے کہ اگر پوٹن پارلیمنٹ کے اس فیصلے کو سرکاری سطح پر تسلیم کرتے ہیں تو یوکرین اور روس کے مابین جاری تنازع مزید شدت اختیار کرسکتا ہے جبکہ ‘منسک امن معاہدہ’ (ماضی میں یوکرین میں ہوئی جنگ بندی کے عمل) کو توڑنے کے بھی مترادف ہوگا جس میں 15 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

یوکرائن کی سرحد سے روسی فوجوں کی واپسی شروع

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی فوج کے اہلکار یوکرائن کی سرحد سے واپس اپنے فوجی اڈوں میں لوٹنا شروع ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشقوں کے بعد فوجی اہلکاروں کو یوکرائن کی سرحد سے واپس فوجی اڈے بلا لیا گیا ہے۔
یوکرائن کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہم اور ہمارے اتحادی روس کو مزید پیشقدمی سے روکنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا نے پُرمسرت لہجے میں مزید کہا کہ یہ فروری کا وسط ہے اور آپ دیکھ رہے ہیں کہ سفارت کاری مسلسل کام کر رہی ہے۔
یوکرائن پر ممکنہ حملے کے پیش نظر روس اور مغربی ممالک کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوگیا تھا اور نیٹو افواج بھی روسی سرحدوں کے قریب جمع ہونا شروع ہوگئی تھیں۔
مسئلے کے سفارتی حل کے لیے فرانس اور جرمنی بھی متحرک ہوگئے تھے۔ دونوں ممالک کے سربراہان نے روس اور یوکرائن کا دورہ بھی کیا تھا جب کہ امریکی صدر نے روسی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو بھی کی تھی۔
امریکا اور برطانیہ یوکرائن پر حملے کی صورت میں روس پر اقتصادی پابندیوں کا عندیہ دے چکے ہیں جب کہ روس نے بھی مغربی ممالک کے بجائے چین کو ایل این جی کی فروخت کا معاہدہ کیا تھا۔

پی ایس ایل7: زلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 186 رنز کا ہدف

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کےساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 186 رنز کا ہدف دے دیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں پر 185 رنز بنائے،شعیب ملک 58 رنز بناکر نمایاں رہے۔
زلمی کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا، اوپنر حضرت اللہ ززئی ایک جبکہ لیام لیونگسٹن صفر پر پویلین لوٹے۔
2 وکٹیں گرنے کے بعد محمد حارث اور تجربے کار بیٹر شعیب ملک کے درمیان 52 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم حارث 17 گیندوں پر 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ شعیب ملک نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس کے علاوہ حسین طلعت 32 گیندوں پر 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ اختتامی اوور میں بین کٹنگ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت زلمی نے مقررہ اوورز میں 185 رنز بنائے، وہ 14 گیندوں پر 36 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے اضافے کی سمری واپس بھجوادی

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی۔
وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری واپس بھجوائی اور کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر اضافہ بہت زیادہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پر نظرثانی کی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لیٹر 12روپے تک اضافے کی سفارش کی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 12روپے 3 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 9روپے53 پیسے فی لیٹر اضافے کی سمری بھیجی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 10روپے 8پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 9 روپے 46 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی۔

دورہ لاہور: وزیراعظم عمران خان کا ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے بڑھتی ہوئی سیاسی سرگرمیوں کے بعد دورہ لاہور میں ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کل دورہ لاہور کے دوران سرگردھا ،ڈیرہ غازی خان، ساہیوال ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کریں گے، ارکان اسمبلی کو سیاسی صورتحال میں آئندہ لائحہ عمل پرگائیڈ لائنز جاری کی جائے گی۔
عثمان بزدار بھی ملاقات میں صوبے کے امورپر اعتماد میں لیں گے۔ وزیراعلی خانیوال واقعات کے بارے میں اب تک کی تحقیقات پر وزیراعظم کوبریف کریں گے اور گورنر پنجاب بھی ملاقات کرینگے۔
وزیراعظم کو دورہ لاہور میں مصروفیات کا شیڈول تجویز کردیاگیا، دورہ لاہور کےدوران محکمہ مواصلات کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے، پنجاب میں روڑ سیکٹر میں حکومت پنجاب کے اقدامات کاجائزہ لیا جائے گا۔ اس دوران آبپاشی کے حوالے سے بھی اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ پنجاب میں سمال ڈیمز کے حوالے سے بریف کیاجائے گا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا کچھ نہ کچھ کرنا پڑے گا، وزیر خزانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ پچھلی بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں لیکن اس بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا کچھ نہ کچھ کرنا پڑے گا جس کا حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ پچھلی بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا البتہ اس بار قیمتوں کے حوالے سے کچھ نہ کچھ کرنا پڑے گا کیونکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 95 ڈالرز فی بیرل تک پہنچ چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول بڑھانے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کو کرنا ہے، اب سے کچھ دیر بعد وہ فیصلہ کریں گے جس کے بعد معلوم ہوگا پٹرول کی قیمت میں کتنا اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ہر بات تسلیم نہیں کرسکتے، ہم ٹیکس کے معاملے پر عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) سے بات چیت کریں گے تاہم ٹیکس چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے البتہ دکانداروں کو ہراساں نہیں کریں گے۔

یوکرین پر روس کے حملے کا خطرہ سنگین تر ہوگیا، امریکہ نے بڑا قدم اٹھا لیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) یوکرین پر روس کے حملے کا خطرہ سنگین تر ہو گیا ہے اور امریکہ نے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں واقع اپنا سفارتخانہ بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے حکم دیا ہے کہ کیف میں واقع امریکی سفارتخانہ فوری طور پر بند کر دیا جائے اور سفارتخانے کے کمپیوٹرز اور دیگر ریکارڈ کو تباہ کر دیا جائے تاکہ روسی قبضے کی صورت میں یہ ریکارڈ روس کے ہاتھ نہ لگ سکے۔
رپورٹ کے مطابق یوکرین کے بارڈر پر روسی فوج اور جنگی سازوسامان کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ روس کسی بھی وقت یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے۔ مغربی ماہرین کا کہنا ہے کہ روس کی طرف سے یوکرین پر حملہ تیسری عالمی جنگ کا پیش خیمہ ہو سکتا ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن کی طرف سے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو بھی بتایا گیا ہے کہ یوکرین کی صورتحال بہت نازک ہو چکی ہے مگر صدر پیوٹن کو اس حملے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
رپورٹ کے مطابق روس کے سرکاری ٹی وی چینل نے جنگ کے حوالے سے پراپیگنڈہ بھی شروع کر دیا ہے جس کے متعلق مغربی مبصرین کا کہنا ہے کہ روس اس پراپیگنڈے کو یوکرین پر حملے کے جواز کے طور پر پیش کرے گا۔اس پراپیگنڈے میں کہا جا رہا ہے کہ یوکرینی قوم پرست روسیوں کا قتل عام کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔