All posts by admin

محکمہ موسمیات کی آج بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کی پیشگوئی

لاہور: (ویب ڈیسک) موسم کا حال بتانے والوں نے آج بھی بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بادل برسنے اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں موسم خشک رہے گا۔ بالائی خیبرپختونخوا میں چترال، مانسہرہ اور سوات میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

پی ایس ایل سیون، بابر الیون آج ٹیبل ٹاپرز کو چیلنج دے گی

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل سیون کے دوسرے راؤنڈ میں آج صرف ایک میچ کھیلا جائے گا، ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ لاہور میں پی ایس ایل سیون کا میلہ جاری، ایونٹ کا 23 واں میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان شیڈول ہے، شام ساڑھے سات بجے قذافی سٹیڈٰیم میں زور کا جوڑ پڑے گا، بابر الیون ٹیبل ٹاپرزکا مقابلہ کرے گی۔ پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیم ملتان نے ایک اور فتح پر نظریں جما لیں۔ دوسری جانب ایونٹ میں مسلسل سات مرتبہ ہار کا سامنا کرنے والی ٹیم کراچی پہلی جیت کی منتظر ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین اب تک ہونے والےسات مقابلوں میں کنگز کو برتری حاصل ہے، ،سلطانز کو 5 مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کرکٹ متوالوں کو بابراعظم اور محمد رضوان میں تگڑے مقابلے کا بے صبری سے انتظار ہے۔

کورونا کی پانچویں لہر مزید 49 جانیں لے گئی، 24 گھنٹے کے دوران 2465 کیسز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح چار اعشاریہ نو سات فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 49 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 877 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 14 لاکھ 91 ہزار 423 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 465 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 96 ہزار 724، سندھ میں 5 لاکھ 60 ہزار 670، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 12 ہزار 78، بلوچستان میں 35 ہزار 133، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 250، اسلام آباد میں ایک لاکھ 33 ہزار 388 جبکہ آزاد کشمیر میں 42 ہزار 180 کیسز رپورٹ ہوئے۔

شاہدرہ : رشتے کے تنازع پر نوجوان نے چچی اور اسکی جواں سال بیٹی ذبح کر ڈالی

لاہور: (ویب ڈیسک) شاہدرہ کے علاقے میں نوجوان نے رشتے کے تنازعہ پر چچی اور اس کی بیٹی کو تیز دھار آلے سے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیااور فرار ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شاہدرہ کے علاقے میں گھر سے 45 سالہ بشری اور اس کی20 سالہ بیٹی ثناء کی گلہ کٹی خون میں لت پت لاشیں ملی ہیں،دونوں ماں بیٹی کو تیز دھار آلے سے واراور گلے کاٹ کر بے دردی سےقتل کیا گیا ہے۔اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔پویس اور فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد اکھٹے کیے اور دونوں لاشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا کر تفتیش شروع کردی ہے۔پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں ماں مبار ک نامی نوجوان نے نے رشتے کی تنازع پر قتل کیاہے۔ مبینہ ملزم مبارک مقتولہ ثناء کے تایا کا بیٹا ہے جبکہ مقتولہ بشری اس کی چچی تھی۔پولیس کے مطابق تفتیش جاری ہے،جلد اصل حقائق سامنے آجائیں گے۔

جنگ سے بچنے کیلئے سکیورٹی مطالبات نہیں مانے گئے: روسی صدر پیوٹن

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ روس جنگ نہیں چاہتا اور مغرب سے بات چیت کے لیے تیار ہوں، جنگ سے بچنے کے لئے متعدد سکیورٹی مطالبات سامنے رکھے جنہیں نہیں مانا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن چانسلر نے ماسکو کا دورہ کیا جہاں پر یوکرین کے معاملے پر روس کے ساتھ مذاکرات ہوئے،دونوں سربراہان کے درمیان ملاقات 3 گھنٹے تک جاری رہی۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ روس جنگ کا خواہشمند نہیں ہے، تبدیل ہوتی صورتحال کے مطابق عمل کریں گے، یوکرین کے علاقے ڈونباس میں نسل کشی ہورہی ہے، ڈونباس کے مسئلے کر حل کرنا ہوگا جبکہ یوکرین کی سرحد سے افواج کے جزوی انخلاء کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
جرمن چانسلر اولاف شولز نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ یورپ کی سکیورٹی کو یقینی بنانے میں روس کا اہم کردار ہے، یورپین پر یہ بات واضح ہے کہ روس کے بغیر یورپ کی سکیورٹی ممکن نہیں بنائی جاسکتی۔
اولاف شولز نے روسی افواج کے جزوی انخلاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسئلے کا حل مذاکرات سے ہی ڈھونڈنا چاہیے، فی الحال نیٹو کے مشرق کی جانب پھیلاؤ کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے اور روس کے مطالبات میں چند پوائنٹس ہیں جن پر بات ہوسکتی ہے۔

ایک دہائی بعد کسی ترک صدر کا متحدہ عرب امارات کا دورہ

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) صدر طیب اردوان 2 روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے جو ایک دہائی بعد کسی ترک صدر کا پہلا دورہ ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات سے دہائی سے علاقائی تنازعات اور کشیدہ تعلقات کے خاتمے کے لیے ابوظہبی پہنچ گئے جہاں ان کا استقبال ولی عہد شیخ محمد بن زائد النہیان نے کیا۔
ترک صدر طیب اردوان نے یہ دورہ ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر کیا جو نومبر میں ترکی گئے تھے اور تنازعات کے حل کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
نومبر میں شیخ محمد بن زائد کے دورے کے بعد، متحدہ عرب امارات اور ترکی میں سرمایہ کاری کے لیے 10 بلین ڈالر کے معاہدوں کا اعلان ہوا تھا جس سے معیشت کی تباہ حالی اور مہنگائی کے شکار ترکی کو مشکل دور سے نکلنے میں مدد ملنے کی امید ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق صدر اردوان کے متحدہ عرب امارات کے دورے میں میڈیا اور مواصلات سے لے کر اقتصادی اور دفاعی سودوں تک کے 12 معاہدوں پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقاتوں کو خوش آئند قرار دیا اور خطے میں قیام امن اور استحکام کے لیے مذاکرات کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان آئندہ بھی اعلیٰ سطح کے مذاکرات ہوں گے۔
واضح رہے کہ ترکی اور متحدہ عرب امارات کے درمیان لیبیا میں خانہ جنگی کے دوران مخالف فریقوں کی حمایت کرنے پر تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے جس میں 2017 میں اُس وقت اضافہ ہوگیا جب یو اے ای نے ترکی کے اتحادی قطر سے تعلقات منقطع کرلیے تھے۔

پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے تین پیسے اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے ایک مرتبہ پھر عوام پر پٹرول بم گراتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں فی لٹر 12 روپے 3 پیسے کا اضافہ کیا جس کے بعد قیمت 147 روپے 83 پیسے سے بڑھ کر 159 روپے 86 پیسے ہو گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 53 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد نئی قیمت 144 روپے 62 پیسے سے بڑھ کر 154 روپے 15 پیسے ہو گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 10.08 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت 116 روپے 48 پیسے سے بڑھ کر 126.56 روپے ہو گئی ہے۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 9 روپے43 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا اور قیمت 114 روپے 54 پیسے سے بڑھ کر 123 روپے 97 پیسے ہو گئی ہے۔
اس سے قبل اوگرا نے سمری میں 12 روپے 3 پیسے فی لٹر اضافے کی تجویز وزیراعظم آفس کو موصول ہوئی تھی۔ یہ تجویز عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرائط کے مطابق دی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی سمری نظرثانی کےلئے وزارت خزانہ کو واپس بھیج دی تھی۔
اس وقت وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اتنا اضافہ نہیں کر سکتے۔

پی ایس ایل7: پشاور زلمی کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 24 رنزسے شکست

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 24 رنز سے شکست دے دی ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کا دوسرا مرحلہ جاری ہے، ایونٹ کے 22 ویں میچ کے لئے پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے قائد سرفراز احمد کو پہلے فیلڈنگ کی دعوت دی تھی۔
پشاور زلمی کے 186 رنز ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیسن روئے اور ول سمیڈ نے اننگز کا آغاز کیا ، تاہم روئے 13 سکور بناکر ہی پویلین لوٹ گئے جبکہ ول سمیڈی ایونٹ کے دوران مسلسل دوسری مرتبہ بدقسمت ثابت ہوئے، صرف 1 رن کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 3 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 60 گیندوں پر 99 رنز کی اننگز کھیل کر سلمان ارشاد کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، قبل ازیں پشاور زلمی کے ہی خلاف اوپننگ بیٹر 97 سکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔
جیمز ونس صفر، کپتان سرفراز احمد 25 ، افتخار احمد 10 اور عمر اکمل صرف 1 رن پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پشاور زلمی کی جانب سے حضرت اللہ زازائی اور محمد حارث نے اننگز کا آغاز کیا، زازائی 1، محمد حارث 29، لیام لیونگسٹون صفر، شعیب ملک 58،حسین طلعت51، شرفین ردرفورڈ صفر اور بین کٹنگ 36 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ وہاب ریاض1، عثمان قادر صفر پر ناٹ آؤٹ رہے، نسیم شاہ نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، خرم شہزاد، غلام مدثر اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 185 رنز بناسکی۔

اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان شہید

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) مغربی کنارے میں اسرائیلی قابض اہلکاروں کی فائرنگ سے 19 سالہ نیہاد امین برغوطی شہید ہوگیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے نوجوان کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شہر راماللہ کے علاقے نبی صالح میں فلسطینیوں کی جانب سے مظاہرہ جاری تھا جس پر اسرائیلی فورسز نے اُن پر فائر کھول دیئے اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔
فلسطینیوں کے مظاہرے میں نیہاد بھی شامل تھا جو اہلکاروں کی فائرنگ سے شہید ہوگیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق صیہونی اہلکاروں نے نیہاد امین کے پیٹ میں گولیاں ماریں جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نیہاد نے وہیں دم توڑ دیا۔
واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل مغربی کنارے میں ہی ایسا ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں اسرائیلی اہلکاروں نے آپریشن کی آڑ میں 3 فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔

اسرائیلی مظالم کیخلاف پوسٹ کرنے پر2 فلسطینی صحافی ملازمت سے برطرف

برلن: (ویب ڈیسک) جرمنی کے ایک نشریاتی ادارے نے سوشل میڈیا پر اسرائیلی مظالم پر تنقید کو یہودی مخالف پوسٹ قرار دیتے ہوئے 2 فلسطینی صحافیوں کو ملازمت سے برطرف کردیا۔
عالمی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈی ڈبلیو نے زاہی علوی اور یاسر ابو مالک کو سوشل میڈیا پر یہودی مخالف پوسٹیں کرنے پر ملازمت سے برخاست کردیا۔ اس الزام میں ملامتوں سے ہاتھ دھونے والوں کی تعداد 5 ہوگئی۔
دونوں صحافیوں کے خلاف بیرونی انکوائری 2014 میں کی گئی ایک پوسٹ پر شروع کی گئی تھی جس میں دونوں صحافیوں نے اسرائیلی فوج کے فلسطینیوں پر مظالم پر تنقید کی تھی۔
انکوائری کمیٹی نے اس پوسٹ کو یہودی مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس مہم کا حصہ ہے جسے ماضی میں اینٹی سیمیٹیزم یعنی شام دشمنی کہا جاتا تھا اور جس کی بنیاد پر یہودیوں کو نفرت اور تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔
صحافیوں کے خلاف کارروائی ہولوکاسٹ ریمیمبرنس کی جانب سے سام دشمنی یا یہودی مخالف کی تعریف میں متنازع اضافے کے تحت کی گئی ہے جس میں اسرائیلی پالیسیوں اور کارروائیوں پر تنقید کو بھی اینٹی سیمیٹیزم کے ذمرے میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2014 میں اسرائیلی حملے میں 2 ہزار 200 فلسطینی شہید ہوگئے تھے جن میں 551 بچے اور 299 بچے شامل تھے اور دونوں صحافیوں اس کی مذمت کی تھی۔

دہشتگردی پر اکسانے کا الزام ، بانی ایم کیو ایم برطانوی عدالت سے بری

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی عدالت نے بانی متحدہ الطاف حسین کو دہشتگردی پر اکسانے کے دونوں الزامات سے بری کردیا۔
بانی متحدہ پر مقدمے سے متعلق برطانوی عدالت کا بڑا فیصلہ آگیا، جہاں بانی متحدہ پر دہشت گردی پر اکسانے کا جرم ثابت نہ ہوسکا۔
یاد رہے کہ بانی متحدہ نے تقریر میں کارکنوں کو نجی چینلز پر حملہ کرنے کا کہا تھا، تقریر کے بعد کارکنوں نے نجی چینل کے دفتر پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔
کراؤن پراسیکیوشن سروس نے بانی متحدہ کے خلاف ٹیرراازم ایکٹ 2006 کی سیکشن 1 (2) کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
خیال رہے کہ بانی متحدہ کے خلاف مقدمہ کی سماعت 31 جنوری کو کنگسٹن کراؤن کورٹ میں شروع ہوئی تھی۔
بانی متحدہ پر 22 اگست 2016 کی متنازع تقریر پر اکتوبر 2019 میں پولیس نے دہشت گردی کے جرم کا مقدمہ قائم کیا تھا۔
بانی متحدہ کو 11 جون 2019 کو جرائم کی حوصلہ افزائی کرنے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔
جسمانی اور ذہنی کے سبب بانی متحدہ کی مقدمہ ختم کرنے کی درخواست کو سی پی ایس نے مسترد کردیا تھا۔
بانی متحدہ دسمبر کے وسط سے کورونا میں مبتلا ہونے کے سبب تقریباً ایک ماہ ہسپتال داخل رہے تھے۔

یوکرین کے 2 خطوں کو آزاد تسلیم کرنے کیلئے پارلیمنٹ کا پوٹن پر دباؤ

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی پارلیمنٹ نے صدر ولادمیر پوٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرین کے دو خطوں کو آزاد تسلیم کرے۔
امریکی اخبار دی ہِل کے مطابق روسی پارلیمنٹ میں اکثریت ووٹ سے یہ فیصلہ منظور کیا گیا کہ صدر پوٹن یوکرین کے ڈانیسک اور لوہانسک پیپلز ریپبلک کو آزاد خطے تسلیم کریں جیسا کہ پہلے بھی روس اس نظریے کی حمایت کرتا آیا ہے۔
دوسری جانب کریملن کے ترجمان ڈمیتری پیسکو نے کہا کہ روس کیلئے دونوں خطے اہم ہیں تاہم روس امن معاہدے کا حمایتی بھی ہے۔
اسی طرح یوکرین کے وزیر خارجہ نے روس کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اُس نے سرکاری سطح پر خطوں کو آزاد تسلیم کیا تو امن معاہدہ ٹوٹ جائے گا۔
واضح رہے کہ اگر پوٹن پارلیمنٹ کے اس فیصلے کو سرکاری سطح پر تسلیم کرتے ہیں تو یوکرین اور روس کے مابین جاری تنازع مزید شدت اختیار کرسکتا ہے جبکہ ‘منسک امن معاہدہ’ (ماضی میں یوکرین میں ہوئی جنگ بندی کے عمل) کو توڑنے کے بھی مترادف ہوگا جس میں 15 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

یوکرائن کی سرحد سے روسی فوجوں کی واپسی شروع

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی فوج کے اہلکار یوکرائن کی سرحد سے واپس اپنے فوجی اڈوں میں لوٹنا شروع ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشقوں کے بعد فوجی اہلکاروں کو یوکرائن کی سرحد سے واپس فوجی اڈے بلا لیا گیا ہے۔
یوکرائن کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہم اور ہمارے اتحادی روس کو مزید پیشقدمی سے روکنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا نے پُرمسرت لہجے میں مزید کہا کہ یہ فروری کا وسط ہے اور آپ دیکھ رہے ہیں کہ سفارت کاری مسلسل کام کر رہی ہے۔
یوکرائن پر ممکنہ حملے کے پیش نظر روس اور مغربی ممالک کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوگیا تھا اور نیٹو افواج بھی روسی سرحدوں کے قریب جمع ہونا شروع ہوگئی تھیں۔
مسئلے کے سفارتی حل کے لیے فرانس اور جرمنی بھی متحرک ہوگئے تھے۔ دونوں ممالک کے سربراہان نے روس اور یوکرائن کا دورہ بھی کیا تھا جب کہ امریکی صدر نے روسی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو بھی کی تھی۔
امریکا اور برطانیہ یوکرائن پر حملے کی صورت میں روس پر اقتصادی پابندیوں کا عندیہ دے چکے ہیں جب کہ روس نے بھی مغربی ممالک کے بجائے چین کو ایل این جی کی فروخت کا معاہدہ کیا تھا۔