لاہور: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حقائق عمران خان کے کھوکھلے لیکچروں کا منہ چڑا رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 10 بہترین وزارتوں کے وزرا اور مشیروں کے لئے تعریفی اسناد دینے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حقائق عمران خان کے کھوکھلے لیکچروں کا منہ چڑا رہے ہیں۔
ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کا اخلاقیات پر درس اپنی حکومت کی تاریخی کرپشن، ریکارڈ خساروں ، بے روزگاری اور تاریخی نااہلی چھپانے کی کوشش ہے، لیکن وہ کسی کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔
All posts by admin
دہشت گردوں کی سہولت کاری کے الزام میں انیس ایڈووکیٹ سمیت دیگر بری
کراچی: (ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے سابق رہنما انیس ایڈوکیٹ سمیت دیگر نامزد ملزمان کو دہشت گردوں کی سہولت کاری کے الزام سے بری کردیا۔
کراچی کی سینٹرل جیل میں انسداد دہشت گردی کمپلیکس کی خصوصی عدالت نمبر 16 کے روبرو دھماکا خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت ملزمان کے حتمی بیانات ریکارڈ کیے گئے، استغاثہ انیس ایڈووکیٹ سمیت دیگر ملزمان پر لگائے گئے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا۔
عدالت نے دوران سماعت انیس احمد ایڈووکیٹ کو الزامات سے جبکہ دیگر ملزمان کو بارودی مواد اور اسلحہ رکھنے کے مقدمے سے بری کردیا۔ دیگر ملزمان میں عمران بشیر اور علیم الدین شامل ہیں جبکہ ایک ملزم نعیم کا جیل میں انتقال ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی نے مقدمات درج کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را اور ایرانی ایجنسیوں سے رابطوں، فنڈنگ اور دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔ اس معاملے میں سی ٹی ڈی نے ڈاکٹر فاروق ستار کو بھی شامل تفتیش کیا تھا تاہم سی ٹی ڈی فاروق ستار کو پہلے ہی بے گناہ قرار دے چکی ہے۔
‘جا رہا ہوں’ محمد حسنین جلد ٹیم میں واپسی کے خواہشمند
لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی بگ بیش لیگ میں باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیئے جانے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے کہا ہے کہ’جا رہا ہوں پی ایس ایل چھوڑ کر، اپنی ٹیم چھوڑ کر، انشا اللہ جب واپس آؤں گا تو اپنی ساری کمزوریاں دور کرکے آؤں گا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گیلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے باؤلر نے کہا کہ جب بگ بیش کھیل رہا تھا اس سے پہلے ہی میں کافی کرکٹ کھیل چکا تھا، کبھی نہیں سوچا تھا کہ میرا ہاتھ 15 ڈگری سے اوپر جاتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کھیلنے سے قبل کافی کرکٹ کھیل چکا تھااور کبھی نہیں سوچا تھا کہ میرا باؤلنگ ایکشن غیرقانونی قرار دیا جاسکتا ہے، اپنا باؤلنگ ایکشن درست کرنے کے لیے پرعزم ہوں اور جلد ہی ٹیم میں واپس آؤں گا۔
خیال رہے کہ حالیہ بگ بیش لیگ کے دوران محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ کیا گیا تھا اور گذشتہ ہفتے ان کے ٹیسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد پابندی عائد کردی گئی تھی۔
فاسٹ باؤلر نے کہا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے بگ بیش لیگ ادھوری چھوڑ کر پاکستان واپس آگیا تھا، جب یہاں پر آیا تو میں نے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ دیا، پی ایس ایل کے میچز کے دوران اچانک آئی سی سی سے اعلان ہوتا ہے کہ میں آگے اب میچز نہیں کھیل سکتا کیونکہ مجھ پر کچھ وقت کے لئے پابندی لگادی گئی، پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ سے قبل بتایا گیا تھا کہ وہ میں اب باؤلنگ نہیں کرسکتا۔
قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے اپنے ساتھی کرکٹر حسنین کا حوصلہ بڑھانے کے لئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں لکھا کہ دل چھوٹا مت کر میرے سٹار، ہمیں تم پر بھروسہ ہے، تم اور زیادہ رفتار اور مضبوط بن کر واپس آؤ گے۔
ہندوؤں کا ملک بنانے کی تیاریاں، بھارتی جھنڈا تبدیل کرنے کا عندیہ
کرناٹک: (ویب ڈیسک) بھارت کو ہندوؤں کا ملک بنانے کی تمام تیاریاں مکمل ہوگئیں، بی جے پی کے ریاستی وزیر نے ترنگے کی جگہ زعفرانی رنگ کے جھنڈے کو قومی پرچم بنانے کا عندیہ دے دیا ہے۔
ریاست کرناٹک کے وزیر پنچایت ایشوا راپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رام کے زمانے میں تین رنگوں کے جھنڈے کا کوئی وجود نہیں تھا، رام کا جھنڈا زعفرانی رنگ کا تھا اور ایک وقت آئے گا بھارت کا قومی پرچم بھی زعفرانی رنگ کا ہوگا۔
ایشوا راپ نے کہا کہ ماضی میں رام مندر بنانے کی بات ہوتی تھی تو لوگ مذاق اڑاتے تھے اور آج مندر بن رہا ہے۔
ہاؤسنگ سکیم ، ہفتہ وار 7 ارب کی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں: وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہاؤسنگ سکیم کے تحت ہفتہ وار 7 ارب روپے کی درخواستیں موصول ہونے لگی ہیں۔ 1.4 ٹریلین روپے مالیت کے 70,000 سے زیادہ ہاؤسنگ پروجیکٹس کی منظوری دی گئی، تعمیراتی صنعت پر 7.3 ٹریلین روپے کا اثر پڑے گا اور 12 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاوسنگ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء شوکت فیاض ترین، فواد چودھری، وزیر مملکت فرخ حبیب، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، گورنر سٹیٹ بنک، لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، سی ای او روڈا عمران امین، چیف سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کم لاگت کے مکانات کے لیے ایک پائیدار ماحولیاتی نظام تیار کیا گیا ہے، اس پر عمل درآمد کیا گیا ہے جس سے شعبہ تیزی سے ترقی کے قابل ہوا ہے، فورکلوزر قانون کو بالکل صحیح طریقے سے لاگو کیا گیا ہے، سبسڈی والے مارک اپ کے ساتھ طویل مدتی قرضے (20 سال تک) دیے جا رہے ہیں، کم آمدنی والی ہاؤسنگ سکیموں کے لیے 300,000 روپے کی لاگت کی سبسڈی اور 90% ٹیکس معافی کے نتیجے میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا سکیموں کے تحت ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جا رہا ہے، منصوبوں میں اربن، پیری اربن، اربن ری جنریشن، حکومتی مالی اعانت سے چلنے والے اور نجی شعبے کے منصوبے شامل ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 1.4 ٹریلین روپے مالیت کے 70,000 سے زیادہ ہاؤسنگ پروجیکٹس کی منظوری دی گئی ہے، تعمیراتی صنعت پر مجموعی طور پر 7.3 ٹریلین روپے کا اثر پڑے گا اور 12 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوں گی، کل 80,000 درخواستوں میں سے 130 ارب روپے کی 35,420 درخواستوں کو منظور کیا گیا ہے، اب تک 13,407 درخواست دہندگان کو 46 ارب فراہم کیے جا چکے ہیں، ہفتہ وار 7 ارب روپے کی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں جن میں سے 4 ارب روپے منظور اور 2 ارب روپے ہر ہفتے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ظاہر ہوتا ہے وضع کردہ نظام موثر طریقے سے کام کر رہا ہے، حکومت نے کم اور متوسط آمدنی والے طبقے کو کم قیمت مکانات کی فراہمی کے حوالے سے بہت بڑا سنگ میل حاصل کیا ہے، ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج مالیاتی اداروں کی اشرافیہ کی ذہنیت کو تبدیل کرنا ہے، عام لوگوں کو قرضے حاصل کرنے میں سہولت فراہم کرنا تھا، منظور شدہ اور تقسیم شدہ قرضوں کے اعداد و شمار میں 36 لاکھ مالیت کا اوسط قرض ظاہر کرتا ہے، سبسڈی والے قرضوں کا سب سے زیادہ فائدہ متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے آخری تین سالوں میں ہاؤسنگ فنانس میں 148 فیصد اضافہ اور دسمبر 2022 تک 517 ارب روپے کی متوقع منظوری ہے، حکومت کی جانب سے کم لاگت ہاؤسنگ اور تعمیراتی صنعت کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کی عکاسی کرتی ہے، حکومت ہمارے جی ڈی پی کے مقابلے میں ہاؤسنگ فنانس میں ہر سال 1% کا اضافہ کرنے کی سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، کم اور متوسط آمدنی والے طبقے کو مکانات کی تعمیر اور فراہمی میں تیزی آئے گی۔
سوات میں جنگلی جانور کے حملے میں دو خواتین اور کمسن بچی جاں بحق
پشاور: (ویب ڈیسک) سوات کی تحصیل مٹہ کے گاؤں اونڑہ میں خون خوار جنگلی جانور کے حملے میں دو خواتین اور ایک کمسن بچی جاں بحق ہوگئی۔
ڈی پی او سوات زاہد نواز مروت کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ رات کے وقت پیش آیا جب ایک خونخوار جنگلی جانور میر داد کے گھر میں داخل ہوا اور گھر میں موجود خواتین پر حملہ کر دیا، نتیجے میں میر داد کی بیوی 60 سالہ کابلی زوجہ تاج محمد، جہاں بیگم بیوی اور بچی روبینہ 6 سالہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
ڈی پی او سوات زاہد نواز مروت کا کہنا تھا کہ خواتین گھر میں اکیلی تھیں اور گھر کے مرد مزدوری کے لیے پنجاب میں تھے، پولیس کی تفتیشی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کیے، شواہد اور مقامی افراد کے مطابق خواتین اور بچی کی موت خونخوار جنگلی جانور کے حملے سے ہوئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مٹہ سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ انکوائری کی جائے گی۔
گاؤں والوں کا خیال ہے کہ علاقے میں تیندووں کی بڑی تعداد دیکھی گئی ہے اور ان جانوروں پر پہلے بھی حملہ کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ سال اسی علاقے کے قریب ایک پہاڑی میں ایک تیندوا بھی مارا گیا تھا۔
ایون فیلڈ کیس: ثبوت موجود نہ ہوئے تو ہمارا فیصلہ کچھ اور ہو گا: اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایون فیلڈ ریفرنسز کی اپیلوں پرسماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہاہےکہ ثبوت موجود نہ ہوئے تو پانامہ کیس ایک طرف، ہمارا فیصلہ کچھ اور ہو گا۔ والد نے جائیداد غیرقانونی بنا کر بیٹے کو دی تو کیا بیٹی قصور وارہوگی؟ درخواستگزار صرف یہ ثابت کردیں نیب کیس ثابت نہیں کرسکا،باقی کسی چیزکی ضرورت نہیں۔
جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اخترکیانی پرڈویژنل بینچ نےایون فیلڈ ریفرنس اپیلیں پرسماعت کی، عدالت نے استفسارکیاکہ مریم نوازکی درخواست پرنیب کا جواب آگیا اب کارروائی آگے کیسے بڑھائی جائے۔
مریم نوازکے وکیل عرفان قادر نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے کیس میں بنیادی جزیات ہی پوری نہیں کیں، اثاثے کی اصل قیمت اورذرائع پہلے نہیں بتائے۔ نیب آرڈیننس کی سیکشن نائن اے 5 کے تقاضے پورے نہیں کئے، عدالت چاہے تومریم نوازکوآج ہی بری کرسکتی ہے۔
جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ سپریم کورٹ کی آبزرویشنزابتدائی نوعیت کی 184/3 میں تھیں، شواہد دیکھ کر نہیں، ہم ٹرائل کا ریکارڈ دیکھیں گے، دیکھنا ہے نیب شواہد سے ثابت کرسکا یا نہیں، درخواستگزار صرف یہ ثابت کردیں نیب کیس ثابت نہیں کرسکا،باقی کسی چیزکی ضرورت نہیں۔
جسٹس محسن اخترکیانی نے کہاآج کوئی التوا نہیں ملے گا، نیب پہلے سوالات کا جواب دے۔
نیب پراسیکیوٹر سردار مظفرنے کہا کہ مریم نوازنے جائیداد کی ٹرسٹی ہونے کا دعویٰ کیا تھا، نیب نے شواہد کیساتھ ان کا بینیفشل مالک ہونا اور ٹرسٹ ڈیڈ میں جعلسازی ثابت کی ، سپریم کورٹ میں جمع ٹرسٹ ڈیڈ کی جے آئی ٹی کےسامنے تصدیق کی۔
عدالت نے کہاکہ ٹرسٹ ڈیڈ کے فونٹ پر بعد میں آتے ہیں کہیں سے ثابت ہوا کہ مریم نوازیا حسین نوازکے ٹرسٹ ڈیڈ پر دستخط نہیں؟ نیب بولا نہیں ایسا بھی کہیں ثابت نہیں ہوا۔
جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ پھر تو ڈاکومنٹ جعلی نہیں، پری ڈیٹڈ کہلائے گا،دونوں دستخط کرنے والے آج بھی ڈیڈ کو مانتے ہیں، کیپٹن صفدرکو صرف اس بات پرسزا ہوئی کہ یہ ان دستخطوں کے گواہ تھے۔
نیب پراسیکیورٹر نے بتایاکہ ٹرسٹ ڈیڈ کی دستاویز مریم نوازنے سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی، عدالت نے تمام فریقین کوکیس پیپردیکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 17 فروری تک ملتوی کردی۔
جو وزرا ذمہ داریاں ادا نہیں کرتے وہ ایوارڈ کے حق دار ٹھہرتے ہیں، علی محمد خان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ جو وزرا اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کرتے، ایوارڈ کے حق دار ٹھہرتے ہیں۔
وزیراعظم کی طرف سے بعض وزرا کو کارکردگی ایوارڈ دینے پر حکومتی بینچوں میں بھی چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں اور بعض وزرا زیر لب گلہ کرنے لگ گئے۔ وزیر پارلیمانی امور بھی شکوہ گروپ میں شامل ہوگئے اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں میں اظہار کرگئے ۔
علی محمد خان نے کہا کہ جو وزرا اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کرتے، متعلقہ قائمہ کمیٹیز میں نہیں آتے، ایوارڈ کے حق دار ٹھہرتے ہیں، چیئرمین یقین دہانی کمیٹی کی جانب سے ایجنڈے کے مطابق متعلقہ وزرا، سیکرٹریز بلانے کی حمایت کرتا ہوں، بطور پارلیمانی امور وزیر حکومتی وزرا کی طرف سے ان کی وزارتوں سے متعلق یقین دہانی کراتا ہوں، بعض وزرا ان یقین دہانیوں سے ایوان میں اظہار لاتعلقی کردیتے ہیں مگر ایوارڈ کے حق دار بھی وہی ہیں۔
دوسری جانب فواد چوہدری نے بھی دبے لفظوں میں کہا کہ ہم اس لیے جگہ نہیں بناسکے کہ کارکردگی ان پروجیکٹس پرعملدرآمد سے جانچی جاتی ہے جو وزارت وزیراعظم آفس کودیتی ہے۔
عامر لیاقت کا شادی پر تنقید کرنے والوں کو سخت جواب
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین نے تیسری شادی پر باتیں بنانے والوں کے لیے پیغام جاری کردیا۔
عامر لیاقت حسین نے آج صبح اپنی تیسری شادی کا اعلان کرتے ہوئے دلہن اور اپنی تصویر شیئر کی، جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کا نشانہ بنایا۔
اس پر عامر لیاقت نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’میری تیسری شادی کیا ہوئی؟ گویا آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ لگ گئی!!! جلو، بھائی جَلو میں تو پیچھے مڑ کر دیکھتا تک نہیں ہوں‘۔
انہوں نے اپنی اہلیہ کی ویڈیو وائرل ہونے کا تذکرہ کیے بغیر لکھا کہ میاں بیوی کی ایک ساتھ تصویر بس ’سہاگ رات‘ کی نہیں ہوتی۔ عامر لیاقت نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ اچھا ویسے ایک بات کہوں، سب کام پر لگ جاؤ، غیبتوں، اندازوں، افواہواں اور بدگمانیوں کے سفر پر گامزن ہوجاؤ، ہم تو گھومنے جارہے ہیں۔
جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق شاہ محمود کا شہباز، بلاول کو دوبارہ دعوتی خط
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کو جنوبی پنجاب کے نئے صوبہ سے متعلق دوبارہ دعوتی خط لکھ دیا۔
وزیر خارجہ نے خطوط پارلیمنٹ میں دونوں رہنماؤں کے چیمبرز میں موصول کرواتے ہوئے کہا کہ 19 جنوری 2022ء کے خط کے تسلسل میں یہ مکتوب تحریر کررہا ہوں، پہلے بھی توجہ الگ صوبے کے قیام کے اہم مسئلے کی طرف مبذول کرائی تھی۔ دعوت دی تھی آئینی ترمیمی بل پر اتفاق پیدا کرنے کے لیے رائے دیں۔
انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے لکھا کہ آپ سے اپنی جماعت کے دو ارکان نامزد کرنے کی بھی درخواست کی تھی، بدقسمتی سے خط کا آج تک کوئی جواب نہیں آیا، مطالبہ کرتا ہوں ہ مرکزی سیاسی جماعت کے صدر کے طورپر آپ فوری جواب دیں، رپورٹ بھجوا رہا ہوں جس میں جنوبی پنجاب صوبے کا سب سے پسماندہ ترین خطہ بتایا گیا ہے۔
خط میں شاہ محمود قریشی نے مزید لکھا کہ جنوبی خطے کی 55 فیصد دیہی آبادی 50 فیصد سے کم فی کس آمدن پر زندگی گزار رہی ہے، جنوب میں 31 فیصد آبادی قومی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کررہی ہے۔ صرف 56.2 فیصد آبادی کو نسبتا بہتر صحت وصفائی کی سہولیات استعمال میسر ہیں، جنوبی پنجاب میں شیرخوار بچوں کی اموات کی شرح صوبے بھر سے زیادہ ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں جنوبی پنجاب کے الگ صوبے کے قیام کے لئے فی الفور عمل کرنا ہوگا، اسی تناظر میں میں ایک بار پھر آپ کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ساتھ دینے کی دعوت دیتا ہوں، اس مقصد کے حصول کے لئے میں آپ کی جماعت کی طرف سے دو ارکان کی نامزدگی کا منتظر ہوں، میں قومی اہمیت کے اس مسئلے پر آپ کی حمایت کا منتظر ہوں۔
لیبیا کے وزیر اعظم پر قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے
تریپولی: (ویب ڈیسک) لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ پر قاتلانہ حملہ ہوا، حملے میں اس وقت بال بال بچ گئے جب ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ ان کی کار پر کئی گولیاں لگیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عبدالحمید الدبیبہ جب گھر واپس لوٹ رہے تھے تو اس وقت ان کی گاڑی پر مبینہ طور پر حملہ کیا گیا۔ یہ واقعہ ان کی جگہ کسی دوسرے شخص کو وزیر اعظم مقرر کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں ہونے والی ووٹنگ سے قبل پیش آیا ہے۔
ایک ایسے وقت جب ملک کو کنٹرول کرنے کے لیے لیبیا کے مشرقی خطے کی پارلیمان اور الدبیبہ کی قومی اتحاد پر مبنی حکومت کے درمیان رسہ کشی جاری ہے، مبینہ طور پر حملے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کی تفتیش کے احکامات دے دیے گئے ہیں۔
رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حملہ اس وقت ہوا جب وزیر اعظم عبدالحمید الدبیبہ صبح صبح گھر لوٹ رہے تھے۔ واضح طور پر اس واقعے کو انہیں قتل کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
اگر اس بات کی حتمی تصدیق ہو جاتی ہے کہ وزیر اعظم عبدالحمید کو قتل کرنے کی کوشش ہو رہی ہے تو اس سے لیبیا کا سیاسی بحران مزید وسیع ہو سکتا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز مشرقی پارلیمنٹ میں ان کی جگہ کسی دوسرے شخص کو وزیر اعظم مقرر کرنے لیے جو ووٹ ڈالے جانے ہیں وہ اسے نظر انداز کر دیں گے۔
سعودی عرب میں ائیرپورٹ پرحوثی باغیوں کا ڈرون حملہ ناکام ،4 افراد زخمی
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں عرب اتحاد نے ابھا ائیرپورٹ پرحوثی باغیوں کا ڈرون حملہ ناکام بنا دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق عرب اتحاد نے سعودی عرب میں ابھا ائیرپورٹ پرحوثی باغیوں کا ڈرون حملہ ناکام بنا دیا۔ عرب اتحاد نے مسلح ڈرون کوہدف تک پہنچنے سے پہلے تباہ کردیا۔ کارروائی میں 4 افراد معمولی زخمی ہوئے۔
حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے مختلف علاقوں کواکثر بیلسٹک میزائل اورڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
عرب اتحاد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اورسعودی شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
کیا باحجاب خواتین کو ڈرانا ’’مردانگی‘‘ ہے؟ جاوید اختر پھٹ پڑے
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی اسکرپٹ رائٹ اور شاعر جاوید اختر باحجاب بھارتی طالبہ کو ہراساں کرنے والے ہندو انتہا پسندوں پر پھٹ پڑے۔
بھارتی ریاست کرناٹک کی حکومت کی جانب سے اسکولوں اور کالجوں میں حجاب پر پابندی کے بعد ریاست میں زبردست ہنگامہ آرائی اور احتجاجی مظاہرے دیکھنے میں آئے ہیں۔
حال ہی میں ایک باحجاب طالبہ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں ہندو انتہاپسندوں کا ہجوم ایک نہتی طالبہ کو ہراساں کرنے اور ڈرانے دھمکانے کی کوشش کرتا ہے۔ لیکن طالبہ ان جنونیوں سے ڈرے بغیر ان کے سامنے ڈٹ جاتی ہے اور نعرہ تکبیر بلند کرتی ہے۔
طالبہ کے اس اقدام کو نہ صرف سراہا جارہا ہے بلکہ ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے طالبہ کو ہراساں کرنے کے خلاف کئی مشہور شخصیات نے آواز بھی اٹھائی ہے۔ بھارت کے معروف اسکرپٹ رائٹر اور شاعر جاوید اختر نے بھی حجاب والے معاملے پر اپنا شدید ردعمل دیا ہے اور لڑکیوں کو ڈرانے اور دھمکانے کے واقعے کی مذمت کی ہے۔
جاوید اختر نے ٹوئٹر پر لکھا ’’میں کبھی حجاب یا برقع کے حق میں نہیں رہا اور میں اب بھی اپنے موقف پر قائم ہوں۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ مجھے غنڈوں کے اس ہجوم سے نفرت ہے جو لڑکیوں کے ایک چھوٹے گروپ کو ڈرانے کی کوشش کررہے ہیں اور وہ بھی ناکام۔ کیا یہ ’’مردانگی‘‘ ہے؟ نہایت افسوس کی بات ہے‘‘۔
واضح رہے کہ ریاست کرناٹک کے کالج میں پیش آنے والے واقعے کے خلاف جاوید اختر کی اہلیہ اداکارہ شبانہ اعظمی، سوارا بھاسکر، پوجابھٹ اور اداکار علی گونی سمیت کئی لوگوں نے آواز اٹھائی ہے۔