چین میں نہر کا رنگ اچانک نیلا ہوگیا، وجہ سامنے نہ آسکی

چین میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے جس میں دریائی نہر کا رنگ اچانک نیلا ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چین میں ایک نہر نے مقامی افراد میں اس وقت تجسس پیدا کر دیا جب اس کا رنگ اچانک سے چمکدار نیلے رنگ میں تبدیل ہو گیا۔
فوٹیج میں متحرک پانی دیکھا جاسکتا ہے جس سے ایسا لگتا ہے کہ اسے کسی کیمیکل کی مدد سے رنگ دیا گیا ہے۔ کچھ علاقوں میں جہاں پانی کا بہاؤ تیز تھا، وہاں پانی کا رنگ تھوڑا ماند پڑتے ہوئے دیکھا گیا۔
مقامی افراد نے خدشات کا اظہار کیا جس میں سے بہت سے لوگوں کا ماننا ہے کہ ایسا ایک قریبی پیٹرول اسٹیشن کی وجہ سے ہو سکتا ہے جو کیمیائی فضلے کو پانی میں ڈال رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر فوٹیج شیئر کرنے والے صارف کا کہنا تھا کہ کہ فوٹیج اصلی ہے نہ کہ اسپیشل افیکٹس۔ صارف نے مزید کہا کہ میں نے ایسا منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
صارف تھوڑی دیر بعد جب جائے وقوعہ پر واپس گیا تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ پانی اپنے معمول کے رنگ پر واپس آ چکا ہے۔ تاہم اس حوالے سے چین کے ایکولوجیکل انوائرمنٹ بیورو نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

کرکٹر عالیہ ریاض نے وقار یونس کے چھوٹے بھائی سے منگنی کرلی

 لاہور: پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑی عالیہ ریاض اور معروف کمنٹیٹر علی یونس نے منگنی کرلی۔

خوشیوں بھری یہ سادہ تقریب واہ کینٹ میں ہوئی، جس میں دونوں خاندانوں کے قریبی افراد نے شرکت کی۔ منگنی کی تقریب میں علی یونس کے بڑے بھائی سابق کپتان وقار یونس بھی شریک تھے۔

دونوں خاندانوں نے منگنی کی اس تقریب کو خفیہ رکھنے کی کوشش کی، تاہم سوشل میڈیا پر آنے والی تصاویر کے بعد کرکٹ کے حلقوں نے ان کو مبارکباد دینے کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

Ali Riaz engagment

واضح رہے کہ 31 سالہ آل راونڈر عالیہ ریاض 62 ایک روزہ اور 83 ٹی20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ عالیہ ریاض فاسٹ بولنگ میں مہارت کے ساتھ پاور ہٹنگ کے حوالے سے بھی مشہور ہیں۔

ہریتھک روشن کی سابقہ اہلیہ اور موجودہ گرل فرینڈ کی ساتھ تصویر وائرل

گوا: بالی ووڈ اسٹار ہریتھک روشن کی سابقہ اہلیہ سوزین خان اور موجودہ گرل فرینڈ صبا آزاد خان کی ساتھ پارٹی کرتے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں سوزین خان نے اپنے بیٹے ہریان روشن کی 18ویں سالگرہ منائی جس کے لیے اُنہوں نے گوا میں ایک شاندار پارٹی کا انعقاد کیا تھا۔

اس پارٹی میں ہریتھک روشن نے اپنی گرل فرینڈ صبا آزاد خان کے ہمراہ شرکت کی تھی جبکہ اُن کے خاندان کے دیگر افراد بھی پارٹی کا حصہ تھے۔

ہریتھک روشن کی گرل فرینڈ صبا آزاد خان اور ان کی سابقہ اہلیہ سوزین خان نے گوا میں بہت اچھا وقت گزارا جس کا اندازہ سوشل میڈیا پر وائرل تصویر سے لگایا جاسکتا ہے۔

پارٹی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جوکہ سوزین خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں شیئر کی تھی۔

تصویر میں سوزین  خان اور صبا آزاد کو خوشی سے کیمرے کے سامنے پوز دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، تصویر شیئر کرتے ہوئے سوزین نے اپنے سابق شوہر کی گرل فرینڈ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ڈارلنگ صبا! آپ کی محبت اور شرکت کے لیے بہت شکریہ۔

su1

واضح رہے کہ ہریتھک روشن کی سابقہ اہلیہ سوزین خان بالی ووڈ کی مشہور انٹیریئر ڈیزائنرز میں سے ایک ہیں، ہریتھک اور سوزین نے دسمبر 2000 میں بنگلور میں ایک نجی تقریب میں شادی کی تھی۔ ان کے دو بیٹے ہیں لیکن بدقسمتی سے اس جوڑی کے درمیان سال 2014 میں طلاق ہوگئی تھی۔

ایف بی آر، 9 ماہ میں ٹیکس وصولیاں 6700 ارب کے ہدف سے تجاوز

اسلام آباد: رواں مالی سال کے 9 ماہ میں ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں 6700 ارب کے ہدف سے تجاوز کر گئی جب کہ اس دوران انکم ٹیکس وصولی میں نمایاں اضافہ ہوا، جس نے مہنگائی کا باعث بننے والے بالواسطہ ٹیکسیشن پر انحصار کم کر دیا۔
جولائی تا مارچ ایف بی آر کی کل وصولیوں میں انکم ٹیکس کا شیئر قابل ذکر اضافے کیساتھ نصف کے لگ بھگ ہے۔ ایف بی آر کا 9 ماہ کا ہدف 6.707 ٹریلین تھا، غیر حتمی اعدادوشمار کے مطابق ایف بی آر نے اس دوران6.71 ٹریلین وصولیاں کیں، جوکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کی وصولیوں سے 30 فیصد زائد ہیں۔
ایف بی آر کا12.7ارب روپے کی ریکوری کیلیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بنیک اکاؤنٹس ضبط کرنے کا فیصلہ ہدف سے تجاوز کرنے میں معاون ثابت ہوا۔
حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام اور ٹیکس قوانین کے خلاف ورزی کرتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایئرپورٹ اتھارٹی کو 50 ارب روپے کا سالانہ انکم ٹیکس استثنیٰ دیا، مگر ایف بی آر اسے تسلیم نہ کیا اورٹیکس ریکوری پلان پر کام جاری رکھا۔
معاشی استحکام کی جانب بتدریج بڑھنے کے باوجود پاکستان اہم ٹیکسوں، اخراجات اور بیرونی سیکٹرز میں جامع اصلاحات کی ضرورت ہے، ٹیکسوں کے حوالے سے ہول سیل، ریٹیل، تعمیرات اور زراعت ابھی تک کمزور ترین شعبے ہیں۔
آئی ایم ایف کے آئندہ بیل آؤٹ پروگرام میں کم ٹیکس ادا کرنیوالے ان شعبوں کا معاملہ اٹھائے جانے کا امکان ہے، کیونکہ تنخواہ دار اور کارپوریٹ سیکٹر پر مزید ٹیکسیشن کو مزاحمت کا سامنا ہے۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ ریونیو بڑھانے کیلیے ٹیکس ریفنڈ نہ روکے، جس کے نتیجے میں ٹیکس ریفنڈ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، 9 ماہ میںریفنڈ کی مد میں 369 ارب روپے کی ادائیگیاں کیِ گئیں۔
جوکہ گزشتہ مالی سال کی نسبت 45 فیصد زیادہ ہیں۔ ایف بی آر نے انکم ٹیکس کی مد میں 3.27ٹریلین وصولی کی، ہدف 568 ارب تھا، یوں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کی نسبت انکم ٹیکس وصولی میں41 فیصد اضافہ ہوا۔ اس اضافے کے بڑی وجہ بینک ہیں جن کی منافع میں بلند شرح سود کے باعث ریکارڈ اضافہ ہوا۔

کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانے کیخلاف درخواست خارج

لاہور: ہائیکورٹ نے کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانے کے خلاف دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔
جسٹس شاہد کریم نے شہری مشکور حسین کی درخواست پر سماعت کی۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سپریم کورٹ متعدد بار ایسی ذاتی تشہیر سے منع کر چکی ہے، آپ عوام کے پیسے سے تو تشہیر نہیں کر سکتے، حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کیا گیا آفیشل ہینڈ آوٹ ساتھ لف ہے۔
وکیل پنجاب حکومت نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہو رہا اور یہ درخواست وقت سے پہلے آگئی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر حکومت پنجاب ایسا کرے تو آپ دوبارہ درخواست دائر کر دیں۔
شہری کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نواز شریف کی تصویر کے ساتھ کسان کارڈ کی منظوری دی ہے، پبلک فنڈز ذاتی تشہیر کے لیے استعمال نہیں ہو سکتے اس لیے کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانا آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے جبکہ قومی خزانے کو ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کرنا سپریم کورٹ کے فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔[

عید کے موقع پرعمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کروانے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عید کے موقع پر بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کروانے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بشریٰ بی بی کی بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔عدالت نے عید کے موقع پر اور ہفتے میں ایک دن بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کروانے کا حکم دیا۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ حکومت کسی کی نجی پراپرٹی کو سب جیل کیسے قرار دے سکتی ہے۔ آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔
اسٹیٹ کونسل نے کہا کہ عدالت کے حکم پر ڈائریکٹر لا نے بنی گالہ سب جیل کا دورہ کرکے رپورٹ جاری کردی ہے۔ عدالت نے اسٹیٹ کونسل کو رپورٹ کی کاپی درخواست گزار کو فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بنی گالہ سب جیل کا دورہ کرنے والی افسر سہولیات سے مطمئن ہوئی ہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل منتقل نہ کرنے اور عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پراڈیالہ جیل کی انتظامیہ اور چیف کمشنر کی کی رپورٹ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب سیاست ہے۔

جسٹس میاں گل حسن نے اسٹیٹ کونسل سے مکالمے میں کہا کہ جنوری 31 کی سزا کے بعد 141 خواتین داخل ہوئیں۔ آپ کہتے تھے جیل اوور کراؤڈڈ ہے۔ آپ کا مطلب ہے کہ بس سیاست ہو۔کمیونٹی سمجھتی ہے کہ بنی گالہ قید کرکے خیرات دے رہے ہیں۔ ایک طرف کہا جا رہا ہے کہ جگہ کم قیدی زیادہ ہیں دوسری جانب 141 خواتین داخل ہوگئیں۔جب نئی خواتین جیل داخل ہوگئیں تو پھر منتقلی نہ کرنے کا جواز تو ختم ہوگیا۔

جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ آپ لوگ عدالت کو مطمئن نہیں کرسکے۔ آپ لوگ تلے ہوئے ہیں کہ رول آف لا کا انڈیکس صفر پر آ جائے۔

شاہین آفریدی خود سے منسوب پی سی بی کے جعلی بیان سے سخت ناخوش

کراچی: شاہین شاہ آفریدی خود سے منسوب پی سی بی کے جعلی بیان سے سخت ناخوش ہیں جب کہ انھوں نے سخت احتجاج بھی ریکارڈ کرایا ہے۔

پی سی بی نے گزشتہ روز شاہین کو کپتانی سے برطرف کر دیا تھا، انھیں اس بات پر رنج تھا کہ بغیر کسی ٹھوس وجہ سے ہٹایا گیا، اتوار کی شام شاہین اس وقت حیرت سے دنگ رہ گئے جب پی سی بی نے قیادت میں تبدیلی کی پریس ریلیز میں ان سے منسوب فرضی جملے بھی شائع کیے۔
ذرائع کے مطابق شاہین نے فوری طور پر بورڈ سے رابطہ کرکے اس پر احتجاج کیا،وہ سوشل میڈیا پر اس کی تردید بھی کرنا چاہتے تھے مگر قریبی شخصیات نے تنازع کھڑا ہونے کے خدشے کی وجہ سے انھیں باز رکھا،البتہ شاہین کا غصہ رات گئے تک ٹھنڈا نہیں ہوا تھا۔

یاد رہے کہ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں شاہین کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنا ایک اعزاز کی بات تھی،وہ ہمیشہ ان یادوں اور مواقع کو یاد رکھیں گے۔

شوال کا چاند 9اپریل کو نظر آنے کا امکان

کراچی: ملک بھر میں شوال کا چاند منگل 9 اپریل کو نظر کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بجکر 21 منٹ پر ہوگی اور 9 اپریل کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہوجائے گی جبکہ غروب آفتاب کے بعد افق پر چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہوگا۔

ملک کے جنوبی علاقوں سمیت زیادہ تر مقامات پر 9 اپریل کو مطلع صاف رہنے کا امکان ہے جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع ابر آلود ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 9 اپریل کو چاند نظر آنے کی صورت میں عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ کو منائی جائے گی۔