ماہرہ خان دی ایمی گالا دبئی میں ’آرٹسٹ اِن فیشن‘ کا ایوارڈ لے اڑیں

 دبئی: پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان کو دبئی میں منعقدہ دی ایمی گالا ایونٹ کے چوتھے ایڈیشن میں ’آرٹسٹ اِن فیشن‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

اداکارہ نے ایونٹ میں بہترین ڈیزائن کے کپڑوں کے ساتھ شرکت کی اور وہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔

ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر بھی شیئر کی ہے اور مداح اداکارہ کے مخصوص اسٹائل اور نفاست کو بہت پسند کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ دی ایمی گالا ایک فیشن ایونٹ ہے اور اس میں دنیا بھر میں فیشن کے شعبے میں خدمات سرانجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔

رجب طیب اردوان پاکستان کے سچے اور مخلص دوست ہیں، صدر مملکت

 اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان پاکستان کے سچے اور مخلص دوست ہیں جہنوں نے میرے انتخاب اور رمضان المبارک کے آغاز پر ٹیلی فونک کال کی۔

ان خیالات کا اظہار صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترک بری افواج کے کمانڈر کو نشان امتیاز ملٹری کا اعزاز عطا کرنے کی خصوصی تقریب میں کیا۔

صدر مملکت نے ایوارڈ پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی تعلقات مضبوط بنانے میں خدمات کے اعتراف میں دیا جس کے بعد ترک فوج کے کمانڈر سے اُن کی ملاقات بھی ہوئی جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔

ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاکستان اور ترکی کے باہمی مفادات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر کرتا ہے، ترکی نے ہمیشہ بنیادی مسائل پر پاکستان کی حمایت کی ہے۔

صدر مملکت نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان متعدد منصوبوں میں دو طرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو مزید قریب لانے کے لیے روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ زراعت، تعلیم، فن اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا رجب طیب اردوان پاکستان کے سچے اور مخلص دوست ہیں، انہوں میرے انتخاب اور رمضان المبارک کے آغاز پر ٹیلی فونک کال کی اور دونوں کالز میں پاک ترک تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

ترک بری افواج کے کمانڈر نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون مزید بہتر بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر صدر مملکت نے ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر کو نشان امتیاز (ملٹری) ملنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ترک فوج کے کمانڈر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

ملکی معیشت میں بہتری کے لیے بڑے پیمانے پر اصلاحات کرنے جارہے ہیں، وزیراعظم

ریاض: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم ملک میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کرنے جارہے ہیں کیونکہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے اصلاحات ناگزیر ہوچکی ہیں۔

ریاض میں منعقدہ عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے اختتامی سیشن میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یوکرین جنگ کی وجہ سے عالمی سطح پر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں امن کے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا، فلسطین میں قیام امن بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں مہنگائی سے ترقی پذیر ممالک بہت زیادہ متاثر ہوئے جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے اُس کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں پاکستان سرفہرست ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2022 میں آنے والے سیلاب نے بڑی تباہی مچائی اور پاکستانی معیشت پر گہرے اثرات چھوڑے ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ

ضلع خیبر: سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک

 راولپنڈی: ضلع خیبر میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے ضلع خیبر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن میں دہشت گرد سرغنہ قاری واجد عرف قاری بریال اور دہشت گرد سرغنہ رازق شامل ہیں۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو بھی تباہ کر دیا گیا اور بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

علی رضا عابدی کے قتل میں ملوث چار مجرموں کو عمر قید کا حکم

  کراچی: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کے قتل میں ملوث 4 مجرموں کو عمر قید کی سزا سنادی۔

کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کے قتل کیس کا فیصلہ سنادیا۔ استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔

عدالت نے ایم کیو ایم رہنماء رضا علی عابدی قتل کیس میں جرم ثابت ہونے پر 4 مجرمان کو عمر قید کی سزا سنادی۔  ان میں عبدالحسیب، غزالی، محمد فاروق اور ابو بکر شامل ہیں۔ عدالت نے ملزمان پر ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

عدالت نے مقدمے کے مفرور ملزمان محمد فاروق، حسنین، غلام مرتضیٰ عرف کالی چرن کے خلاف مقدمہ داخل دفتر کردیا اور کہا ہے کہ ملزمان جب بھی گرفتا ہوں عدالت کے سامنے پیش کیے جائیں۔

پولیس کے مطابق گھات لگائے حملہ آوروں نے علی رضا عابدی کو اس وقت نشانہ بنایا جب ان کی گاڑی گھر میں داخل ہورہی تھی۔ دہشت گردوں نے نائن ایم ایم پستول استعمال کیا۔ علی رضا عابدی کے سر، گردن اور سینے میں گولیاں لگیں تھیں۔ انہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبرنہ ہوسکے۔

قاتلوں کے خلاف گذری تھانے میں دہشت گردی ایکٹ اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

جناح ہاؤس حملہ: آئندہ سماعت پر ملزمان کو چالان کی کاپیاں تقسیم کرنے کا حکم

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ میں آئندہ سماعت پر ملزمان کو چالان کی کاپیاں تقسیم کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں 266 پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکان کے ٹرائل پر سماعت کی۔

میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید سمیت دیگر کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔

اس کے علاوہ خدیجہ شاہ، طیبہ راجہ، عائشہ علی بھٹہ اور روبینہ جمیل سمیت دیگر ملزمان حاضری کے لیے پیش ہوئے۔

انسدا دہشت گردی عدالت نے پیش ہونے پر طیبہ راجہ کے ورانٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔

عدالت تمام ملزمان میں چالان کی کاپیاں تقسیم کرنے کی ہدایت کردی اور کارروائی 15مئئ تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڑ میں جناح ہاؤس توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج ہے۔

شہباز حکومت نے 190 ملین پاونڈ کیس سے منسلک 8 افراد کے نام ای سی ایل سے نکال دیئے

شہبازحکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر کے خلاف 190 ملین پاونڈ کرپشن کیس سے منسلک آٹھ افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکال دیئے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے نکالے گئے ناموں میں اعظم خان سواتی، راجہ منظور کیانی، عارف رحیم، نوید اکبر، سکندر حیات، نثار محمد، غلام حیدر اور عارف نذیر بٹ شامل ہیں۔

ان افراد کے نام 190 ملین پاؤنڈ کیس سے منسلک ہونے پر ای سی ایل میں شامل کیے گئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے نیب کی سفارش پر نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دی۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے نام ای سی ایل میں برقرار رہیں گے، فرح گوگی اور زلفی بخاری کے نام بھی ای سی ایل میں شامل رہیں گے۔

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں 19 ملین پانڈ کیس کی سماعت کی، اس دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا، ساتھ ہی ان کے وکیل عثمان گل اور ظہیر عباس بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مزید 4 گواہان کے بیان قلم بند کیے گئے، ایک گواہ پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا نے جرح بھی مکمل کی۔

واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مجموعی طور پر 25 گواہان کے بیان قلم بند جبکہ 16 گواہوں پر جرح مکمل ہو چکی ہے۔

بعد ازاں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 3 مئی تک ملتوی کردی۔

انوکھا انداز؛ نیوزی لینڈ ٹی-20 ٹیم کا اعلان 2 بچوں نے کیا

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے ٹی-20 ورلڈکپ 2024 کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹی-20 ورلڈکپ 2024 کی ٹیم کی قیادت کین ولیمسن کریں گے جب کہ بین سیئرز کو بطور ٹریولنگ ریزرو شامل کیا گیا ہے۔

ٹیم میں فن ایلن، ٹرینٹ بولٹ، مائیکل بریسویل، مارک چیپمین، ڈیون کانوے، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری، ڈیرل مچل، جیمی نیشم، گلین فلپس، راچن رویندرا، مائیکل سینٹنر، ٹم ساؤتھی اور ایش سوڈھی بھی شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ ٹیم کے اعلان کے لیے دو بچوں کو پریس کانفرنس کے لیے بھیجا تھا۔ ایک بچے کا نام انگس جب کہ بچی کا نام ماٹلڈا ہے۔

ان دو بچوں نے نیوزی لینڈ کی ٹی-20 ورلڈکپ 2024 کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرکے سب کو حیرت زدہ کردیا۔ دنیائے کرکٹ میں ٹیم کے اعلان کا یہ انوکھا اور نرالہ واقعہ ہے۔ جسے کافی سراہا جا رہا ہے۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ نے ٹیم کے لیے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ویسٹ انڈیز کا موسم، پچز اور مقامی حالات کافی مختلف ہوں گے اور اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔

علی امین گنڈاپور، عمر ایوب اور شبلی فراز کے علاوہ کسی کو بھی اسٹیبلشمنٹ سے بات کا اختیار نہیں دیا,عمران خان

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے تنازعہ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کی، اس مشاورت میں شیر افضل مروت، بیرسٹر گوہر علی خان، بیرسٹر علی ظفر و دیگر شامل ہوئے۔
صحافی نے بانی پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ آپ کی پارٹی میں چیئرمین پی اے سی کو لے کر تنازعہ چل رہا ہے۔
جس پر عمران خان نے کہا کہ مجھے مشاورت ہی نہیں کرنے دی جا رہی آج مشاورت مکمل ہو جائے گی۔
صحافی نے پوچھا کہ آپ نے شیر افضل مروت کو نامزد کیا ہے کیا وہ ہی نام فائنل ہے؟جواباً عمران خان بولے کہ پی اے سی چیئر مین شپ پر مشاورت کے بعد جواب دوں گا۔صحافی نے کہا کہ اس کا مطلب شیر افضل مروت کا نام واپس لے لیا گیا ہے، کون سا نیا نام تجویز کیا ہے؟جس پر بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ابھی کوئی نام فائنل نہیں کل تک نام فائنل کرلیں گے۔
صحافی نے کہا کہ آپ کسی کو نامزد کرتے ہیں پارٹی لیڈر شپ اس نام کو نہیں مانتی، پارٹی میں کیا چل رہا ہے۔
سج پر عمران خان نے بتایا کہ ہم نے شیر افضل مروت کا نام دیا تھا لیکن ابھی اس معاملے پر مزید مشاورت کررہے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ٹاک پر پابندی لگا کر میرے بنیادی حقوق ختم کردیئے گئے ہیں، میں اداروں کو کیسے نقصان پہنچا سکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ہماری پٹیشن زیرِ التوا ہیں جن پر سماعت نہیں کی جارہی۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے دور حکومت کا موجودہ دور سے موازنہ نہیں ہو سکتا، ملک کے جو حالات ہیں ان میں سرمایہ کاری ہی بچا سکتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور، عمر ایوب اور شبلی فراز کے علاوہ کسی کو بھی اسٹیبلشمنٹ سے بات کا اختیار نہیں دیا۔
خیال رہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے آج ہی میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ کسی ادارے سے بات چیت کا اختیار کسی رہنما کو نہیں ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ مجھے پارٹی رہنماؤں سے صرف تیس منٹ ملاقات کی اجازت ہے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کا اسلام آباد پر قبضے کا بیان درست ہے، مجھے پتا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ تصاویر بنا کر بھی صوبے کا حق نہیں دیا جائے گا۔

اسکاٹ لینڈ کے پہلے مسلم پاکستانی نژاد وزیراعظم کے مستعفی ہونے کا امکان

ایڈن برگ: اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر پاکستانی نژاد حمزہ یوسف آج کسی وقت مستعفی ہونے کا اعلان کرسکتے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے پہلے مسلم فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کو اسکاٹش لیبر پارٹی اور گرین پارٹی کی تحریک عدم اعتماد کا سامنا ہے اور وہ البا پارٹی کے ساتھ اتحاد سے بھی انکار کرچکے ہیں۔

بی بی سی کی رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس صورت حال میں اسکاٹ لینڈ کے پہلے مسلم فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کو شراکت اقتدار کا معاہدہ ختم ہونے پر استعفیٰ دینا پڑ سکتا ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی نژاد حمزہ یوسف پر استعفیٰ دینے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کا شدید دباؤ ہے اور ان کے پاس تحریک اعتماد سے بچنے کے لیے مستعفی ہونے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں بچا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حمزہ یوسف نے اپنی جماعت اسکاٹش نیشنل پارٹی اور گرین پارٹی کے درمیان اقتدار کی تقسیم کا معاہدہ اچانک ختم کر دیا تھا اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر اقلیتی حکومت چلانے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔

تاہم اپوزیشن جماعتوں نے حمزہ یوسف کے ساتھ مل کر نئی کابینہ بنانے کے بجائے تحریک عدم اعتماد پیش کر دی۔

ادھر حکمراں جماعت نے حمزہ یوسف کی جگہ عبوری وزیراعظم کے لیے پارٹی کے سابق رہنما جان سوینی سے رابطہ کیا ہے جس لگتا ہے کہ حمزہ یوسف پر مستعفی ہونے کے لیے پارٹی کی جانب سے بھی دباؤ ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی نژاد حمزہ یوسف کی پارٹی کی حکومت پر گرفت گزشتہ برس فنڈنگ اسکینڈل اور پارٹی کے ایک رہنما کے استعفیٰ کے باعث سے کمزور ہوتی گئی تھی۔

قیادت کے بحران اور اسکاٹش حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد نے حمزہ یوسف کی اسکاٹش نیشنل پارٹی کو درپیش مسائل کو مزید گھمبیر کر دیا ہے اور یہ جماعت اپنی 17 سالہ عوامی حمایت کھوتی جا رہی ہے۔

اگر حمزہ یوسف مستعفی نہیں ہوتے اور تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرتے ہیں تو شکست کی صورت میں پارلیمنٹ کو اُن کا متبادل ڈھونڈنے کے لیے 28 دن ہوں گے۔

واضح رہے کہ حمزہ یوسف نے مارچ 2023 میں پارٹی فنڈنگ اسکینڈل پر سابق فرسٹ منسٹر نکولا اسٹرجن کے مستعفی ہونے پر یہ عہد سنبھالا تھا۔ فرسٹ منسٹر بننے سے قبل اسکاٹش حکومت میں صحت اور انصاف کے وزیر رہ چکے تھے۔

عامر خان کی بہن شاہ رخ کی ماں کے روپ میں

شاہ رخ خان کی چار سال سے زائد عرصے کے بعد بڑی اسکرین پر واپسی کے موقع پر جاسوس تھرلر فلم ”پٹھان“ 25 جنوری کو سینما گھروں کی زینت بنی، جس نے دنیا بھر میں 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا۔

فلم میں خان کے ساتھ دپیکا پڈوکون اور جان ابراہم مرکزی کردار میں نظر آئے۔

لیکن سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کا تعلق عامر خان سے بھی ہے۔

عامر خان کی حقیقی بہن نخت خان ہیگڑے نے اس فلم میں شاہ رخ خان کی رضاعی ماں کا کردار ادا کیا ہے۔

عامر خان کی حقیقی بہن نخت خان ہیگڑے نے افغانستان پر مبنی دو اہم مناظر میں شاہ رخ خان کی رضاعی ماں کا کردار ادا کیا ہے۔

یہ بالی ووڈ میں ان کی پہلی انٹری نہیں ہے، کیونکہ وہ اس سے پہلے ”مشن منگل“، ”تاناجیدی ان سنگ واریئر“ اور ”سانڈ کی آنکھ“ جیسی فلموں میں کام کرچکی ہیں۔

نخت خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ کیے گئے مناظر پر ناظرین کی تعریف حاصل کی ہے ، ایک انسٹاگرام صارف نے تبصرہ کیا ، “بہت حیرت انگیز میم ، ایک فریم میں میرے پسندیدہ “ جبکہ دوسرے نے لکھا ، ”ہماری نخت“ ۔

”پٹھان“ وائی آر ایف اسپائی یونیورس کا حصہ ہے، جس میں ”ایک تھا ٹائیگر“، ”ٹائیگر زندہ ہے“ اور ”وار“ شامل ہیں۔

اس فرنچائز کی پانچویں قسط ”ٹائیگر 3“ منیش شرما کی ہدایت کاری میں بنائی گئی ہے، جنہوں نے اس سے قبل شاہ رخ خان کی 2016 کی ایکشن تھرلر فلم ”فین“ کی ہدایت کاری کی تھی۔

ہم پاکستان کو سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے ترجیح دے رہے ہیں، سعودی وزیر تجارت

ریاض: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی وزیر تجارت ماجد القصبی نے آج عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر ملاقات کی۔

سعودی وزیر سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔ آئندہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کے حوالے سے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

اس موقع پر سعودی وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے ترجیح دے رہے ہیں ۔ سعودی کاروباری برادری و تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگلے ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران دونوں ممالک کے معاشی اور تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لئے اہداف کا تعین کیا جا رہا ہے۔

سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی میں پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم رہا ہے، دونوں ممالک کے نوجوانوں اور نئی نسل میں سعودی -پاکستان دوستی کے حوالے سے جذبات مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے.

کے الیکٹرک کی بجلی کی قیمت میں 19 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست

اسلام آباد: کے الیکٹرک نے 9 ماہ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دے دی جس میں 7 ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافے اور دو ماہ کے لیے کمی کی درخواست شامل ہے۔

جولائی 2023 تا مارچ 2024 ایف سی اے کی مد میں وصولیوں کی درخواست دائر کی گئی۔

کے الیکٹرک نے ایف سی اے کی مد میں 7 ماہ کا اضافہ مانگا ہے جبکہ صرف 2 ماہ کے لیے کمی کی درخواست کی ہے۔ 7ماہ کا مجموعی اضافہ 18 روپے 86 پیسے بنتا ہے جبکہ دو ماہ کے لیے کمی کی مد میں 29 پیسے کی درخواست ہے۔

نیپرا کے الیکٹرک کی درخواست پر 9 مئی کو سماعت کرے گا جس کے بعد اتھارٹی ایف سی اے کی مد میں درخواست پر فیصلہ کرے گی۔