احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت کی، جس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جاب سے شاہد خاقان عباسی سمیت تمام ملزمان کے خلاف ریفرنس واپس لے لیا۔
عدالت نے نیب کی ریفرنس واپس لینے کی درخواست منظور کرلی ۔واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں نیب ریفرنس زیر سماعت تھا۔ ذرائع کے مطابق سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق نے نیب کو درخواست دی تھی کہ یہ ریفرنس نہیں بنتا۔ عمران الحق کی درخواست پر نیب حکام نے میرٹ پر ریفرنس واپس لینے کا فیصلہ کیا۔
Monthly Archives: April 2024
سعودی عرب میں کریک ڈاؤن، ایک ہفتے میں 19 ہزار گرفتار
سعودی سیکیورٹی حکام نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک بھر سے رہائش، ملازمت اور سرحدی ضوابط کی خلاف ورزی پر 19 ہزارافراد کو گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد میں سے 11 ہزار 987 افراد رہائشی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئےجبکہ 4 ہزار 367 کو بارڈر سیکیورٹی کی خلاف ورزیوں میں ملوث پایا گیا۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے مملکت کے تمام خطوں میں خلاف ورزی کرنے والوں کو نشاندہی کے بعد گرفتار کیا۔علاوہ ازیں 2 ہزار 696 افراد کو لیبر قوانین کی خلاف ورزیوں پر گرفتار کیا گیا۔ مزید برآں سیکیورٹی اہلکاروں نے مملکت میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک ہزار 11 افراد کو روکا۔
حکام کے مطابق ان افراد میں اکثریت ایتھوپیا اور یمن سے تعلق رکھنے والوں کی تھی جو بالرتیب 61 فیصد اور 36 فیصد تھی۔
پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 4 پیسے کمی کی توقع، ڈیزل بھی 8 روپے فی لیٹر تک سستا ہونے کا امکان
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت گزشتہ دو ہفتوں میں کم ہونے کا رجحان رہا، جس کے نتیجے میں ملک میں کل یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کا امکان ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری ارسال کی جائے گی، تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیر اعظم کی مشاورت سے کرے گی۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 4 پیسے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے، اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی 8 روپے فی لیٹر تک کمی ہو سکتی ہے۔ آج رات حکومت کی جانب سے اعلان میں مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 8 روپے 3پیسے فی لیٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کے ساتھ لائٹ ڈیزل آئل بھی 5 روپے 40 پیسے فی لیٹر تک سستاہونے کا امکان ہے۔
چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی شمولیت، جولائی میں ہونے والی آئی سی سی سالانہ کانفرنس اہمیت اختیار کرگئی
پاکستان کو آخری بار کسی آئی سی سی ایونٹ کے میچز کروانے کا موقع1996میں ملا تھا،اس وقت بھارت اور سری لنکا کے ساتھ مشترکہ میزبانی ملی،اب آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد کرنے کی تیاریاں جاری ہیں.
اتوار کے روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بتایا تھا کہ آئی سی سی کی سیکیورٹی ٹیم پاکستان آئی تو میٹنگ بہت اچھی رہی تھی،انھوں نے انتظامات کا جائزہ لیا، ہمارے طرف سے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا پلان بھی شیئر کیا گیا،ہم مسلسل ان کے ساتھ رابطے میں ہیں،شیڈول بھجوا دیا گیا،اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں کہ بہترین ایونٹ کا انعقاد کروائیں۔
کاؤنٹی کرکٹ، شان مسعود جوئے کی تشہیر سے دور
پاکستانی ٹیسٹ کپتان شان مسعود ان دنوں یارکشائر کاؤنٹی کی قیادت کر رہے ہیں، ہفتے کے روز ان کی کاؤنٹی کا بطور آفیشل پارٹنر ’’ڈافا بیٹ‘‘ سے 2 سالہ معاہدہ ہوا،اس کے تحت تینوں فارمیٹس کی کرکٹ میں کھلاڑیوں کی شرٹس کے کالر پر مذکورہ کمپنی کا لوگو موجود ہوگا، انگلینڈ اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک میں جوا قانونی طور پر ہوتا ہے اور اسٹیڈیمز کے باہر بھی شرطیں وصول کی جاتی ہیں۔
’’ڈافا بیٹ‘‘ نے سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ کا سہارا لیتے ہوئے ’’ڈافا نیوز‘‘ کے نام سے پاکستان کرکٹ کو بھی کئی بار اسپانسرکیا تھا، مگر حکومت کی سختی کے بعد اب ملکی کرکٹ میں سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ بند ہو چکی،پی ایس ایل کے دوران محمد رضوان نے بھی اس حوالے سے آواز اٹھاتے ہوئے متنازع لوگو کو اسٹیکر سے چھپا دیا تھا۔
کراچی: شان مسعود انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں جوئے کی تشہیر سے دور ہیں، ان کی شرٹ کے کالر پر کمپنی کا لوگو نہیں لگایا گیا جب کہ دیگر ٹیموں میں شامل پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی اس حوالے سے رعایت دی گئی ہے۔
دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ، اسکواڈ کا اعلان جلد متوقع
لاہور: دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلیے قومی اسکواڈ کا اعلان جلد متوقع ہے جب کہ ممکنہ کھلاڑیوں پر سلیکٹرز کا غور جاری ہے۔
جون میں ہونے والے آئی سی سی ٹی20ورلڈکپ کیلیے 15رکنی اسکواڈز جمع کروانے کی آخری تاریخ یکم مئی ہے،اس کے بعد 25تاریخ تک بغیر کوئی وجہ بتائے تبدیلیاں کرنے کا موقع ہوگا،مختلف ملکوں کی جانب سے اسکواڈز کے اعلان کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، پاکستانی سلیکٹرز بھی سر جوڑ کر بیٹھ گئے۔
آئی پی ایل میں مصروفیات کی وجہ سے وائٹ بال کوچ گیری کرسٹن نے ابھی ٹیم کو جوائن نہیں کیا، اس صورتحال میں بہتر کمبی نیشن بنانا آسان نہیں ہوگا،پاکستان ٹیم کو آئرلینڈ میں 3اور انگلینڈ میں 4ٹی20میچز کھیلنا ہیں،ان ٹورز کیلیے ورلڈکپ کے ممکنہ اسکواڈ میں شامل کرکٹرز کا ہی انتخاب کیا جائے گا۔
یہ بھی ممکن ہے کہ ابتدائی طور پر 18کھلاڑیوں کو منتخب کرتے ہوئے بعد ازاں 3کو ریزروز میں رکھ لیا جائے، پاکستان ٹیم کی آئرلینڈ روانگی7مئی کو ہوگی، اس سے قبل مختصر ٹریننگ کیمپ بھی لگانے کا امکان ہے۔
نیوزی لینڈ سے ہوم ٹی20سیریز میں نوآموز مہمان کرکٹرز کیخلاف میچز میں گرین شرٹس کی کارکردگی میں تسلسل نہیں رہا،فٹنس مسائل خاص طور پر محمد رضوان کی انجری سے کمبی نیشن متاثر ہوا،بعض اہم پوزیشنز پر خلا پْرکرنے کیلیے لائے جانے والے نوجوان کرکٹرز بھی صلاحیتوں سے انصاف نہیں کرپائے،چند سینئرز بھرپور فارم کا مظاہرہ نہیں کرپائے۔
فٹبال لیگ سیری اے، پہلی بار خواتین پر مشتمل ریفریز کا تقرر
میلان: اطالوی فٹبال لیگ سیری اے میں پہلی بار خواتین پر مشتمل ریفریز نے ذمہ داری انجام دی۔
سان سائرو میں انٹرمیلان اور ٹورینو کے درمیان میچ میں ریفری ماریا سول فیریری کاپوٹی اور دونوں اسسٹنٹ تیزائینا ٹریسکٹی اور فرانسیسکا ڈی مونٹے ایکشن میں تھیں، سیری اے میں پہلی بار کسی میچ میں تینوں خواتین میچ آفیشلز نے ذمہ داری انجام دی۔اس مقابلے میں انٹرمیلان کو0-2سے کامیابی حاصل ہوئی۔
پاکستان کا چین سے مل کر سولر پینلز کی تیاری کا منصوبہ
چین کے سرکاری اور نجی شعبے کے ساتھ ملکر حکومت پاکستان نے پاکستان میں سولر پینلز کی تیاری شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جو سبز توانائی پیدا کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، اس اقدام سے پاکستان کو 27 ارب ڈالر کے سالانہ درآمدی بل کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
گوادر پرو کے مطابق متبادل توانائی کے ترقیاتی بورڈ نے سولر پینلز اور اس سے منسلک آلات کی تیاری کی 10 سالہ پالیسی کو حتمی شکل دیدی ہے، چین کی مدد سے سولر پینل کی تیاری 2030 تک پورے پاکستان میں تقریباً 9.7 گیگا واٹ قابل تجدید توانائی کے پاور جنریشن سسٹمز کی تنصیب کیلیے حکومتی کوششوں میں معاون ثابت ہو گی۔
تمباکو، چینی، سیمنٹ کھاد پر لاگو ٹریک سسٹم میں خامیوں کا انکشاف
ایف بی آر نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو کامیاب بنانے کیلیے ایف بی آر کی پیداواری ڈیٹا اور سیلز ٹیکس کا جائزہ لینے کی صلاحیت بڑھانے، ٹی ٹی ایس پر عمل درآمد کے لیے ٹاسک فورس بنانے اور وزیراعظم یا وزیر خزانہ کے دفتر سے ٹی ٹی ایس کی نگرانی کی تجاویز دیدیں۔ تجاویز ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا جائزہ لینے کیلئے قائم کردہ کمیٹی کی رپورٹ میں دی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹریک اینڈ ٹریس نظام پر عمل درآمد میں صنعتی شعبے نے مزاحمت کی جبکہ بیوروکریسی کی نااہلی اور لائسنس رکھنے والی کمپنی کی ناتجربہ کاری بھی بڑی وجہ بنی اور عدالتی چارہ جوئی اور اسٹے آرڈر بھی ٹی ٹی ایس پر عملدرآمد میں تاخیر کی وجہ بنی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ایف بی آر نے اپنے طور پر اس نظام کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی صلاحیت پیدا نہیں کی۔
وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور کو بھیجا گیا الیکشن کمیشن کا نوٹس معطل
پشاور: عدالت نے وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور کو بھیجا گیا الیکشن کمیشن کا نوٹس معطل کردیا۔
الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی، جس میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے وکیل سید سکندر حیات شاہ اور ملک سمیع اللہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 2024 کے گوشوارے میں انہوں نے اثاثہ جات کی وضاحت دی ہے۔ ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی اسکروٹنی کے وقت اثاثہ جات کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی تھی۔ یہ سب چیزیں الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ الیکشن کمیشن نے 2022/23 گوشواروں کی وضاحت کے لیے نوٹس جاری کیا ہے۔ یہ پچھلے سالوں کے گوشواروں کی وضاحت مانگ رہے ہیں، انہیں اس کا اختیار نہیں ہے۔
بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کا نوٹس معطل کردیا کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا اور 22 مئی کو آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔
نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد کابینہ میں توسیع کا فیصلہ
میاں نواز شریف کا چین اور ہانگ کانگ کا دورہ مکمل کر لیا ۔ نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد کابینہ میں توسیع کی جائے گی ۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف چین اور ہانگ کانگ کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں ۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد وفاقی اور پنجاب کابینہ میں توسیع ہو گی اور نواز شریف سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چینی خلائی جہاز پاکستان سے سامان لے کر چاند پر جائے گا
چین آئندہ دنوں میں ایک روبوٹک خلائی جہاز چاند پر بھیجنے والو ہے جو پاکستان سمیت مختلف ممالک کے پے لوڈز چاند پر پہنچائے گا، یہ مشن چینی عملے کی چاند پر لینڈنگ اور قمری جنوبی قطب پر بیس بنانے کی راہ ہموار کرے گا۔
چین نے2007 میں اپنا پہلا مشن ”چانگ ای“ روانہ کیا تھا، یہ نام چاند کی چینی افسانوی دیوی کے نام پر رکھا گیا ہے، چین امریکہ اور روس کے ساتھ تکنیکی پیچیدگیوں کو کم کرتے ہوئے، چاند پر ریسرچ میں بہت آگے بڑھ چکا ہے۔
2020 میں، چین نے چار دہائیوں سے زائد عرصے میں پہلی بار چانس کے قریب سے نمونے حاصل کئے، اور اب پہلی بار اس بات کی تصدیق کی کہ وہ چاند کی سطح سے زمین پر بغیر عملے کے خلائی جہاز کو بحفاظت واپس لاسکتا ہے۔
اس ہفتے، چین سے توقع ہے کہ وہ 2020 کے مشن کا بیک اپ خلائی جہاز استعمال کرتے ہوئے چانگ ای سکس مشن لانچ کرے گا، اور چاند کی اس سائیڈ سے مٹی اور چٹانیں جمع کرے گا جو مستقل طور پر زمین سے دور ہے۔
چانگ ای سکس کو اپنے 53 دن کے اس مشن کے دوران چاند کے گرد گردش کرنے والے، حال ہی میں تعینات کئے گئے ریلے سیٹلائٹ پر انحصار کرنا ہوگا۔
یہی ریلے سیٹلائٹ 2026 اور 2028 میں بالترتیب چانگ ای 7 اور 8 مشنوں کی مدد کرے گا، جب چین پانی کے لیے قطب جنوبی کو تلاش کرنے اور روس کے ساتھ ایک ابتدائی بیس کی تعمیر شروع کرے گا۔ چین 2030 تک اپنے خلابازوں کو چاند پر بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
بیجنگ کے قطبی منصوبوں نے امریکی خلائی ایجنسی ”ناسا“ کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جس کے منتظم، بل نیلسن نے بارہا خبردار کیا ہے کہ چین چاند پر موجود کسی بھی آبی وسائل پر اپنا دعویٰ کرنے سے گریز کرے۔
تاہم، بیجنگ کا کہنا ہے کہ وہ مشترکہ طور پر مستقبل کی تعمیر کے لیے تمام اقوام کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہے۔
چانگ ای 6 چین، فرانس، اٹلی، سویڈن اور پاکستان سے پے لوڈز لے کر جائے گا اور چانگ ای 7 پر روس، سوئٹزرلینڈ اور تھائی لینڈ سے پے لوڈ جائے گا۔
ناسا پر امریکی قانون کے تحت چین کے ساتھ براہ راست یا بالواسطہ تعاون پر پابندی ہے۔
ناسا کی زیر قیادت آرٹیمس پروگرام کے تحت، امریکی خلاباز 2026 میں قطب جنوبی کے قریب اتریں گے، جو 1972 کے بعد چاند پر پہلا انسان ہوگا۔
چانگ ای 6 وسیع قطب جنوبی آٹکن بیسن کے شمال مشرقی جانب اترنے کی کوشش کرے گا، جو نظام شمسی میں سب سے پرانا گڑھا ہے۔
اب تک کی سب سے زیادہ جنوبی لینڈنگ فروری میں IM-1 کے ذریعے کی گئی تھی، جو ناسا اور ٹیکساس میں قائم نجی فرم انٹیوٹیو مشینز کے درمیان ایک مشترکہ مشن تھا۔
ملاپرٹ اے جو قطب جنوبی کے قریب ایک ایسی جگہ ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا تھا کہ یہ نسبتاً فلیٹ ہے، وہاں ٹچ ڈاؤن کے بعد، جو کہ قمری لینڈنگ کی اعلیٰ خطرے کی نوعیت کی عکاسی کرتا ہے۔
خیال رہے کہ چاند کی قطبی برف زمین سے منتقل ہونے والے مہنگے وسائل پر انحصار کیے بغیر طویل مدتی تحقیقی اڈوں کو برقرار رکھ سکتی ہے۔ 2008 میں لانچ کیے گئے ہندوستان کے چندریان-1 نے قطبی گڑھوں کے اندر برف کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔
چانگ ای 6 کے زریعے نمونوں کی واپسی چاند کے ابتدائی ارتقاء اور اندرونی نظام شمسی پر بھی مزید روشنی ڈال سکتی ہے۔
چانگ ای 6 کامیاب لینڈنگ کے بعد تقریباً 2 کلوگرام (4.4 پاؤنڈ) نمونے مکینیکل سکوپ اور ڈرل کے زریعے جمع کرے گا۔
آرمی چیف سے ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر سے ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل سیلجوک بیرکتار اوغلو نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل سیلجوک بیرکتار اوغلو نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف اور ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلق پر مبنی دیرینہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دونوں مسلح افواج کے درمیان موجودہ فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر نے یاد گار شہداء پر حاضری دی اور پھول رکھے جبکہ پاک فوج کے چاق اور چوبند دستے نے ترک مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل سیلجوک بیرکتار اوغلو نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا،جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر، تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نےترک کمانڈر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
مانڈر جنرل سیلجوک نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔
ملاقات میں سلامتی اور علاقائی امور سمیت دوطرفہ فوجی تعاون کو بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ترک کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
ترک کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا۔