نادرا سینٹرز پر شہریوں کو 30 منٹ سے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا، وزیر داخلہ

سکھر: وزیر داخلہ محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نادرا دفاتر کے باہر گھنٹوں انتظار کرنے والے شہریوں کو جلد سہولت ملنے جارہی ہے۔

وزیر داخلہ نے یہ ہدایت سکھر میں پاسپورٹ آفس اور نادرا سینٹر کے دورے کے موقع پر کی۔ وفاقی وزيرداخلہ محسن نقوی نے سكھر ميں  پاسپورٹ آفس اور نادرا سينٹر كا بغير اطلاع اچانک دورہ كيا اور پاسپورٹ آفس کی 12 برس سے زير تعمير عمارت كو مكمل نہ كرنے پر برہمي كا اظہار كيا۔

اس موقع پر گفتگو كرتے ہوئے انہوں  نے كہا كہ سكھر شہر كے اندر اور روہڑی ميں  3 ماہ كے اندر 2 نئے نادرا دفاتر بنائے جائيں  گے، پاكستان بھر ميں  نادرا سينٹرز پر 30 منٹ سے زيادہ شہريوں  كو انتظار نہيں كرنا پڑے گا۔

محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس سكھر كي كرائے کی خستہ حال عمارت، صفائی كے ناقص انتظام كے حوالے سے سيكريٹری داخلہ كو ٹاسک ديتے ہوئے كہا كہ پاسپورٹ آفس اس ابتر عمارت ميں  كسي طرح قابل قبول نہيں۔

بعد ازاں  وزيرداخلہ پاسپورٹ آفس سے سبزی منڈی كے قريب نادرا سينٹر پہنچے تو شہر سے دور قائم نادرا سينٹر ميں رش تھا، جہاں خواتين، بزرگ اور معذور شہری گھنٹوں سے اپني باری كے انتظار ميں  كھڑے تھے،

چئيرمين ضلع كونسل و لارڈ ميئر سكھر سيد كميل حيدر شاہ نے نادرا دفاتر كے ليے سكھر شہر اور روہڑی ميں  اراضی دينے كا اعلان كيا جس پر محسن نقوی نے چئيرمين ضلع كونسل سكھر كا شكريہ ادا كيا اور كہا كہ سكھر شہر كے اندر اور روہڑی ميں  2 سے 3 ماہ كے اندر دفتر مكمل كرائے جائيں  گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ پر توہین عدالت پر 9 ہزار ڈالر جرمانہ، جیل بھیجنے کی تنبیہ

 نیویارک: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو رشوت دینے کی رقم چھپانے کے کیس میں گواہوں اور دیگر افراد پر الزامات عائد نہ کرنے کے حکم کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 9 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کردیا گیا اور خبردار کیا گیا کہ مزید حکم عدولی پر جیل بھیج دیا جائے گا۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جاری مقدمے کی سماعت کرنے والے جج جسٹس جووان میرکان نے عدالت کے حکم کی خلاف ورزی پر 9 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا اور کہا کہ اگر خلاف ورزی جاری رکھی تو جیل بھیجنے کے لیے غور کیا جائے گا۔

جج نے تحریری فیصلے میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر عائد جرمانہ کافی نہیں ہے لیکن اس سے زیادہ جرمانہ عائد کرنے کے لیے اس عدالت کے پاس اختیار نہیں ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کو خبردار کیا جا رہا ہے کہ عدالت اپنے قانونی احکامات کی جان بوجھ خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گی اور اگر حالات کے مطابق ضروری سمجھا گیا تو جیل بھیجنے کی سزا بھی سنائے گی۔

خیال رہے کہ عدالت نے ڈونلڈ ٹرمپ پر پابندی عائد کردی تھی کہ وہ گواہوں اور کیس سے منسلک دیگر افراد پر الزامات عائد نہ کریں لیکن سابق صدر دیگر افراد پر مسلسل الزام تراشی کرتے رہے۔

عدالت نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آن لائن دیے گئے 9 مختلف بیانات پر جرمانہ عائد کیا اور فی بیان ایک ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا ہے اور کہا کہ گواہوں اور کیس میں دیگر افراد پر الزامات عائد کرنے سے روکا گیا تھا لیکن وہ باز نہیں آئے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ پروسیکیوٹر نے ممکنہ خلاف ورزی کے 10 پوسٹیں عدالت کے سامنے رکھے تھے، مذکورہ پوسٹیں 10 اپریل سے 17 اپریل کے دوران کی گئی تھیں اور ان میں ایک مضمون بھی شامل تھا، جس میں ان کے سابق وکیل مائیکل کوہن کو ‘عادی جھوٹا’ قرار دیا گیا تھا۔

عدالت نے ٹرمپ کو مذکورہ الزامات ان کی ویب سائٹ ٹرتھ سوشل کے اکاؤنٹ اور مہم کی ویب سائٹ سے ہٹانے کا بھی حکم دے دیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے عدالت کی جانب سے عائد کیے گئے جرمانے پر خبرایجنسی کی جانب سے رابطہ کرنے کے باوجود کوئی جواب نہیں دیا تاہم وہ کہتے رہے ہیں کہ یہ حکم ان کے آزادی اظہار کے حق کی خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ 2024 کے امریکی صدارتی انتخاب کے امیدوار ہیں اور ان کے خلاف پورن اسٹار اسٹورمی ڈینئیلز کو 2006 میں پیش آنے والے واقعے پر خاموش رہنے کے لیے ادا کیے گئے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر ظاہر نہ کرنے کا الزام ہے اور عدالت میں سماعت ہو رہی ہے۔

رانا ثنا اللہ وزیراعظم کے مشیر تعینات، صدر مملکت نے منظوری دے دی

 اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے رانا ثنا اللہ کی وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی اْمور تعیناتی کی منظوری دے دی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے رانا ثنا اللہ کی وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی اْمور تعیناتی کی منظوری دے دی۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی اْمور رانا ثنا اللہ خان کو وفاقی وزیر کا درجہ حاصل ہوگا۔ صدر مملکت نے رانا ثنا اللہ خان کی تعیناتی کی منظوری وزیرِ اعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 93 کی شق ایک کے تحت دی۔

ججز کے خط سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں پشاور ہائیکورٹ کی تجاویز سامنے آگئیں

 اسلام آباد: اسلام  ہائیکورٹ کے ججز کے خط سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں پشاور ہائیکورٹ کی تجاویز سامنے آگئیں۔

پشاور ہائیکورٹ نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ جب کوئی جج حلف لیتا ہے تو کسی بھی قسم کا دباؤ نہ لینے کی قسم کھاتا ہے، جج کے حلف میں لکھا ہے کہ وہ نہ دباؤ میں آئے گا نہ انصاف کی فراہمی میں ریاستی و غیر ریاستی عناصر کی مداخلت برداشت کرے گا۔

جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ آئینی معاملات میں ہائیکورٹ چیف جسٹس اور ججز پر مشتمل ہوتی ہے، ایسا کوئی ضابطہ نہیں جو انتظامیہ یا ریاستی اداروں کو ججز کے کام میں مداخلت کی اجازت دیتا ہو، صرف سپریم جوڈیشل کونسل ہائیکورٹ و سپریم کورٹ ججز کے خط کے ضابطہ اخلاق کی نمائندگی کرتی ہے۔

ججز کے ضابطہ اخلاق میں عدلیہ کے اندر ہونے والی مداخلت کی  روک تھام کے لیے کوئی رہنمائی موجود نہیں ہے، جبکہ پارلیمانی امور، سیاست اور عدالتی امور میں مداخلت ایک اوپن سیکرٹ ہے۔

پشاور ہائیکورٹ کے جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاسی مقدمات میں ججز ایجنسیوں کی مداخلت کا شکوہ کرتے نظر آتے ہیں، کچھ ججز نے شکایات کیں کہ خفیہ ایجنسیوں نے سیاسی مقدمات میں فیصلے اپنی مرضی کے کروانے کے لیے مداخلت کی، اور بات نہ ماننے کی صورت میں ججز کو افغانستان سے غیر ریاستی عناصر سے جان سے دھمکیاں ملیں۔

ججز کو دھمکیاں ملنے کے بعد محکمہ انسداد دہشتگری کے سامنے اٹھایا گیا لیکن کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، جبکہ ججز کو دھمکی ملنے کے معاملات اعلیٰ سطح پر بھی اٹھایا کیا۔

پشاور ہائیکورٹ  نے مزید کہا ہے کہ یہاں ہم ایسے فیصلے کا حوالہ دیتے ہیں جس میں انٹیلیجنس ایجنسیوں کی جانب سے سیاسی انجینئرنگ کی حوصلہ شکنی کی گئی، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ایجنسیوں کی سیاست اور عدالتی امور میں مداخلت کی ممانعت کی گئی۔

پشاور ہائیکورٹ نے  اپنی تجاویزمیں کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے جج کو ڈرانے دھمکانے سے روکنے کے لیے فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے پر عمل کیا جانا چاہیے، اور ہائیکورٹس کو اس معاملے پر مربوط لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے،اگر ایک جج کو دھمکی ملتی تو اسے متعلقہ چیف جسٹس کو آگاہ کرنا چاہیے۔

ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ تجاویز کی کاپی سپریم جوڈیشل کونسل اور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کو بھیجی جانی چاہیے، اور چیف جسٹس اور انتظامی کمیٹی کو متاثرہ جج کی شکایت پر فوری ایکشن لینا چاہیے، اور جج کو ملنے والی دھمکی کی روک تھام کے لیے تمام اقدامات کیے جانے چاہیئں۔

اگر ادارے ایسے معاملات میں تعاون نہیں کرتے تو پھر اسے جوڈیشل سائیڈ پر لارجر بینچ کے ذریعے دیکھنا چاہیے، اور متعلقہ لارجر بینچ کو ان اداروں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی سمیت دیگر احکامات جاری کرنے چاییئں۔

تجاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ ( ججز کو دھمکی دینے میں ) ملوث خفیہ اداروں کے افسران کے خلاف فیصلہ دیا جانا چاہیے، اور چیف جسٹس اور انتظامی کمیٹی کو شکایت موصول ہونے کے فوری بعد اس معاملے کو دیکھنا چاہیے، اگر متعلقہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ایسا کرنے میں ناکام ہو جاتے ہیں تو انتظامی کمیٹی کے سامنے سات روز میں معاملہ رکھنا چاہیے۔

پشاور ہائیکورٹ کی تجاویز کے مطابق اگر انتظامی کمیٹی اس نتیجے پر پہنچتی ہے کہ اس معاملے کی مزید انکوائری ہونی چاہیے تو مجوزہ طریقہ کار پر عمل ہونا چاہیے، اور اس بابت ججز کے ضابطہ اخلاق میں ترمیم ہونی چاہیے۔

تجاویز کے مطابق اگر ہائیکورٹ کے کسی جج کو ریاستی یا غیر ریاستی عناصر کی جانب سے دھمکی ملتی ہے یا مداخلت ہوتی ہے تو اسے فوری طور پر چیف جسٹس ہائیکورٹ کو تحریری شکایت کے ذریعے آگاہ کرنا چاہیے، اگر چیف جسٹس یا انتظامی کمیٹی کے کسی ممبر جج کے ساتھ کچھ ہوتا ہے تو پھر ہائیکورٹ رولز کے تحت اس معاملے کو دیکھنا چاہیے۔

خیال رہے  کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط  سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ نے ہائیکورٹس سے تجاویز طلب کی تھیں جس پر پشاور ہائیکورٹ کی تجاویز سامنے آئی ہیں۔

آئی ایم ایف سے 1.1 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں منتقل

  کراچی: آئی ایم ایف نے قرض معاہدے کے تحت اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں 1.1 ارب ڈالر منتقل کردیے، اسٹیٹ بینک نے تصدیق کردی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت دوسرا جائزہ مکمل کرلیا اور پاکستان کے لیے 828 ملین ایس ڈی آر کی رقم منظور کرلی۔

اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف سے اپنے اکاؤنٹ میں 828 ملین ایس ڈی آریا تقریباً 1.1 ارب ڈالرموصول ہوگئے۔

آئی ایم ایف سے موصول ہونے والے فنڈز 3 مئی 2024ء کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے زر مبادلہ ذخائر میں یہ رقم ظاہر ہوگی۔

سعودی عرب میں عالمی رہنماؤں سے باہمی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ پر پیشرفت ہوئی، وزیراعظم

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی اقتصادی فورم میں عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتوں میں کثیرالجہتی شعبوں میں باہمی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے بعد سعودی عرب کے دورہ کے اختتام پر بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور معاشی شراکت داری کی جہات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کا وفد پاکستان آرہا ہے، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک میں معاشی شراکت داری کی رفتار مزید تیز ہوگی اور قیادت کی سطح پر ہونے والی مفاہمت کو عملی شکل دینے کے لیے پوری محنت سے کام کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی معاشی شراکت داری سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے، دو ماہ کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلیٰ ترین سطح پر ریکارڑ وفود کا تبادلہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا تین روزہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، نہایت مفید بات چیت ہوئی، عالمی اقتصادی فورم میں عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتیں ہوئیں اور کثیرالجہتی شعبوں میں باہمی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں واشگاف انداز میں بیان کیا کہ دنیا کو پرامن بنانا ہے تو غزہ میں مستقل امن قائم کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پرتپاک میزبانی اور پاکستان سے پرخلوص محبت پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے سعودی وزرا کو پاکستان کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں، اس کے لیے بھی بے حد شکر گزار ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے وزرا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیادت کے درمیان مفاہمت پر عمل درآمد کے لیے بھرپور تیاری کی۔

جنگ بندی ہو یا نہ ہو، رفح پر حملہ کریں گے؛ نیتن یاہو کی ڈھٹائی

تل ابیب: اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے دھمکی دی ہے کہ حماس کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ طے ہوجانے کے باوجود اپنے اہداف کے حصول کے لیے رفح پر حملہ کریں گے۔  

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنے تمام مقاصد حاصل کیے بغیر جنگ کو راستے میں روک دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

اسرائیلی وزیراعظم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم پر مسلط کی گئی جنگ کو ادھورا نہیں چھوڑیں گے، اگرایسا کیا تو دوبارہ اسرائیل پر حملے ہونے کا امکان زندہ رہے گا۔

بیان میں جنگ بندی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود رفح میں فوجی آپریشن کریں گے۔  یہ جنگی اہداف کے حصول کے لیے بے حد ضروری ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کے اہم دورے پر سعودی عرب کے بعد اردن پہنچے ہیں اور دورے کے اختتام پر اسرائیل بھی جائیں گے۔

یاد رہے کہ امریکا اور دیگر مغربی ممالک اسرائیلی وزیراعظم سے رفح میں لاکھوں پناہ گزینوں کی زندگیوں کی حفاظت کو یقینی بنائے بغیر کسی بھی فوجی آپریشن سے باز رہنے پر زور دیتے آئے ہیں۔

تاہم اسرائیل کا مؤقف ہے کہ رفح میں حماس کے کئی ایسے کمانڈرز پناہ گزینوں کے بھیس میں موجود ہیں جنھوں نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے میں حصہ لیا یا اس کی منصوبہ بندی کی تھی۔

مریم نواز کا صوبے میں شادی کی تقریبات میں ون ڈش پرسختی سے عملدرآمد کا حکم

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں شادیوں کی تقریبات میں ون ڈش پرسختی سے عمل درآمد کا حکم دیا اور کابینہ اجلاس میں کینسر کے مریضوں کے مفت ادویات کی فراہمی بحال کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا چھٹا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزرا، مشیروں، چیف سیکریٹری، آئی جی پنجاب پولیس، سیکریٹریز اور دیگر افسران نے شرکت کی اور اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں شادی کی تقریبات میں ون ڈش پر سختی سے عمل درآمد کا حکم دیا ہے اور کابینہ نے کینسر کے مریضوں کے لیے مفت ادویات کی فراہمی بحال کرنے کی منظوری دی اور صوبے میں مفت کینسر ادویات پراجیکٹ میں مزید مریض شامل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

صوبائی کابینہ نے نواز شریف کسان کارڈ کے اجرا کی اصولی منظوری دی، گندم کے چھوٹے کاشت کار کو براہ راست نقد سبسڈی دینے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ کاشت کار کے لیے پنجاب کے سارے وسائل حاضر ہیں، آڑھتی اور دیگر مڈل مین کو کسان کے استحصال کی اجازت نہیں دے سکتے، میری نیت ہے اللہ کی مخلوق کے لیے روٹی سستی ہو۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چیف سیکریٹری کو مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے قابل پروفیشنل لوگوں کا ایک پول بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فری ادویات کی گھروں میں فراہمی کا پروگرام مئی میں شروع کر دیا جائے گا۔

کابینہ نے پنجاب میں فراہمی اور نکاسی آب کے منصوبے لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ کی اجازت سے مشروط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کو نواز شریف آئی ٹی سٹی کے قیام کے لیے 10ارب سیڈ منی دینے پر بھی اتفاق کیا گیا، چینی کمپنیوں کو نواز شریف آئی ٹی سٹی لاہور میں کیمپس قائم کرنے پر قائل کرنے پر سی ای او سی بی ڈی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریاض سے سعودی اکیڈمی بھی نواز شریف آئی ٹی سٹی میں کیمپس کھولنے کے لیے تیار ہے، آئی ٹی سٹی میں 10 ٹاور بنیں گے، فوری طور پر ٹوئن ٹاور بنائے جائیں گے اور مئی میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کا افتتاح کیا جائے گا۔

اجلاس میں پنجاب میں دفعہ 144کے نفاذ کے اختیارات ڈپٹی کمشنرز کو تفویض کرنے اور عوامی نمائندوں کے انتخاب تک بلدیاتی اداروں میں اے ڈی سی آر کی جگہ اے ڈی سی کو چارج دینے کی منظوری بھی دی گئی۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں گاڑی کے لیے پلاٹینم کیٹگری نمبر پلیٹ کی فیس 10لاکھ مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا اور پرسنلائزڈ ، وینٹی نمبر پلیٹس کے ڈیزائن کی منظوری کے لیے افسرکی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔

پنجاب کی ہر وزارت کی کارکردگی کا آڈٹ کرنے پر اتفاق کیا، کابینہ نے مری کے نواحی گاؤں پرینہ میں لینڈ سلائیڈ سے متاثرہ افراد کی مالی امداد کے لیے فنڈز کی منظوری دی، جس کے مطابق 10لاکھ روپے فی گھر ملیں گے۔

محکمہ اسپیشلائز اینڈ ہیلتھ کیئر میڈیکل ڈپارٹمنٹ، ٹیچنگ ہسپتالوں اوردیگر فیلڈ دفاتر کے لیے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کی کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کی منظوری دی گئی۔

ضلع چکوال کے علاقے چوا سیدن شاہ کے سیمنٹ پلانٹ پراجیکٹ میں 350ملین ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری اور 3 نئے سیمنٹ پلانٹ قائم کرنے اور چار سیمنٹ پلانٹس کی توسیع کے لیے این او سی کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔

صوبائی کابینہ نے اسموگ کے سدباب کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے قیام اور پنجاب اسمبلی کے پہلے پارلیمانی سال کے سالانہ کیلنڈر، صوبے میں تعلیم کا معیار اور رسائی پراجیکٹ کے مجوزہ نتائج کے حوالے سے مذاکرات اور یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر کی تعیناتی کے لیے سرچ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی اور انٹرویو کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے وائس چانسلرز امیدوار کے لیے 75فیصد سے 80 فیصد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

پاکستان کا تاریخی لونر مشن جمعے کو خلاء میں لانچ کیا جائے گا

اسلام آباد: پاکستان کا تاریخی لونر مشن (آئی کیوب-کیو) جمعے کے روز چین سے خلاء میں لانچ کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں قائم اِنسٹیٹیوٹ آف اسپیس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی ایس ٹی) کے مطابق سیٹلائیٹ آئی کیوب-کیو کو آئی ایس ٹی نے چین کی شینگھائی یونیورسٹی اور پاکستان کی قومی خلائی ایجنسی سپارکو کے اشتراک سے بنایا ہے۔

آئی کیوب-کیو آربِٹر میں چاند کی سطح عکس بند کرنے کے لیے دو آپٹیکل کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

سیٹلائیٹ کی کامیاب آزمائش کے بعد آئی کیوب-کیو کو چینگ‘ای 6 مشن کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے جس کو تین مئی بروز جمعے کو خلاء میں لانچ کیا جائے گا۔

چینگ‘ای 6 چین کے چاند کی تحقیق پر جانے والے مشنز کی سیرز میں چھٹا مشن ہے۔

لانچ کےعمل کو آئی ایس ٹی کی ویب سائٹ اور آئی ایس ٹی سوشل میڈیا پر پر لائیو نشر کیا جائے گا۔

کسان اتحاد نے پنجاب بھر میں احتجاج کی کال دے دی

کسان اتحاد کے مرکزی چیئرمین خالد حسین باٹھ نے پنجاب بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے۔

خالد حسین باٹھ نے اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہوئے، ہمیں سیکرٹری سے مذاکرات کیلئے ملاقات کا کہا گیا ہے مگر ہم سیکرٹری سے ملاقات نہیں کریں گے۔

خالد حسین باٹھ نے کہا کہ کسان اتحاد اب پنجاب بھر میں اجتجاج کی کال دے رہا ہے، ہم پنجاب کے ہر ضلع اور تحصیل کی سطح پر احتجاج کریں گے۔

انہوں نے کہا کسان اپنی گندم کی فصل، ٹریکٹر اور اپنے بچوں سمیت سڑکوں پر نکلیں گے، پنجاب کی ہر اہم شاہراہ پر اجتجاج ہوگا اور کسان وہاں بیٹھیں گے۔

خالد حسین باٹھ کا کہنا تھا کہ مریم نواز کسانوں کو بھیک نہ دیں ہمیں ہمارا حق ہمیں دیں۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ کار وسیع کریں گے۔

چئریمین کسان اتحاد نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان بھر کے کسانوں کو اجتجاج کیلئے مجبور کیا جا رہا ہے، کسان سڑکوں پر نکل آیا تو کوئی کنڑول نہیں کر سکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسانوں پر جی پی او چوک پر تشدد بڑا افسوس ناک عمل تھا، کسانوں میں شدید ردعمل دینے کا جذبہ ہے مگر ہم کسان پُرامن ہیں اور رہیں گے۔

خالد حسین باٹھ نے کہا کہ ہر محکمہ میں کام کرنے والا شخص کسان کا بیٹا ہے، ہم پر تشدد کرتے ہیں تو کرلیں۔

اسلام کوٹ کے گاؤں میں آتشزدگی، 20 مکانات جل گئے

تھرپارکر میں اسلام کوٹ کے گاؤں مھتار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

آتشزدگی کے باعث 20 سے زائد کچے مکانات جل گئے۔

علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائر بریگیڈ عملہ اطلاع ملنے کے باوجود پہنچ نہ سکا تھا۔

فلم ڈیڈ پول کے اداکار ابوظہبی کے ’’یاس آئی لینڈ‘‘ کے چیف آفیسر مقرر

معروف ہالی ووڈ فلم ڈیڈ پول سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے ہالی ووڈ اداکار ریان رینالڈس کو ابوظہبی کے یاس آئی لینڈ کا چیف آفیسر مقرر کردیا گیا۔

ہالی ووڈ اداکار، ڈائریکٹر اور ویلش فٹبال کلب کے مالک نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا کہ وہ ابوظہبی کے یاس آئی لینڈ پر اسکائی ڈائیونگ کرتے نظر آرہے ہیں۔

ویڈیو میں ریان رینالڈس بتایا کہ انہیں یاس آئی لینڈ کی بطور چیف آفیسر ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
اس سے قبل امریکی اداکار جیسن ماموا اور کیون ہارٹ بھی اس عہدے پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔

ٹی20 ورلڈکپ اور پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے انگلینڈ کے اسکواڈ کا اعلان

انگلینڈ نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 اور پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
غیرملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق تقریباً ایک سال بعد کہنی کی انجری سے نجات حاصل کرنے والے فاسٹ بولر جوفرا آرچر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ جوز بٹلر کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔
جوز بٹلر کی قیادت میں انگلش ٹیم ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی، گزشتہ ایڈیشن میں انگلینڈ نے فائنل میں پاکستان کو شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
انگلینڈ کا اسکواڈ:
کپتان جوز بٹلر، معین علی، جوفرا آرچر، جوناتھن بیرسٹو، ہیری بروک، سیم کرن، بین ڈکٹ، ٹام ہارٹلی، ول جیکس، کرس جارڈن، لیام لیونگ اسٹون، عادل رشید، فل سالٹ، ریس ٹوپلی اور مارک ووڈ شامل ہیں۔