ٹرافی پر پاؤں رکھنے کا معاملہ؛ مارش کا جشن پر تنقید کرنیوالے بھارتیوں کو دو ٹوک جواب

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے فائنل میں بھارت کو شکست دینے کے بعد ٹرافی پر پاؤں رکھنے کے معاملے پر آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر مچل مارش نے لب کشائی کردی۔

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل آسٹریلوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے مچل مارش نے کہا کہ ٹرافی پر پاؤں رکھ کر کوئی توہین نہیں کی، میں اس بارے میں زیادہ نہیں سوچا البتہ میگا ایونٹ کے فوراً بعد بھارت کے خلاف سیریز کی وجہ سے جیت جشن مانند پڑگیا۔

آسٹریلوی کرکٹر نے سوال کیا گیا کہ کیا وہ دوبارہ یہ عمل دہرائیں گے، جس پر مارش نے جواب دیا سچ پوچھیں تو، ہاں۔

مچل مارش نے ورلڈکپ کے بعد سیریز پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میگا ایونٹ جیتنے کے بعد شاید ہم جشن منانے اور اپنے اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارنے کے مستحق تھے، امید کریں گے کہ بڑے ٹورنامنٹ کے بعد دوبارہ زیادہ سیریز نہیں ہوں گی۔

ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کے کئی اراکین بھارت میں سیریز کے باعث اسٹیو اسمتھ، ایڈم زمپا، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، جوس انگلیس اور شان ایبٹ کو بھارت میں ہی رکنا پڑا تھا جسکی وجہ سے ٹیم ورلڈکپ کی خوشیاں منانے سے قاصر رہی تھی۔

دوسری جانب ہوم گراؤنڈ پر فائنل میں شکست خودرہ بھارتی مداحوں نے بھڑاس آسٹریلوی کرکٹرز پر نکالتے ہوئے جشن منانے کے طریقوں پر سوالات اٹھائے تھے جبکہ بھارت میں مارش کے کھیلنے پر پابندی لگانے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

پنجاب حکومت کا مارکیٹس ہفتہ اور اتوار معمول کے مطابق کھلے رکھنے کا اعلان

لاہور سمیت پنجاب بھر میں اسموگ کی صورتحال میں بہتری آنے کے بعد ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹس اور تمام کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھلے رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد اسموگ کا اجلاس ہوا جس میں اسموگ کی صورتحال میں بہتری پر اہم فیصلے کیے گئے۔

محسن نقوی نے کہا کہ تعلیمی ادارے کل بروز ہفتہ بند رہیں گے تاہم مارکیٹیں، بازار، ریسٹورنٹس اور دیگر بزنس ہاؤسز بھی کل پرسوں معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

نگراں وزیراعلیٰ نے حکام کو سڑکوں کی صفائی اور پانی کے چھڑکاؤ کا عمل بدستور جاری رکھنے کی ہدایت کی جب کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ٹائرجلانےوالی فیکٹریوں کےخلاف بھی بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے، البتہ اسموگ میں کمی کے لئے جو کچھ انسانی بس میں ہے وہ اقدام اٹھارہے ہیں اور پوری کوشش ہے ایئرکوالٹی انڈیکس کم سے کم رہے۔

’عمران خان زندہ ہیں لیکن ورثاء میں جائیداد پر تنازع شروع ہوگیا‘

سینیئرلیگی رہنما خواجہ آصف نے بشریٰ بی بی اور لطیف کھوسہ کی مبینہ آڈیو لیک پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ابھی زندہ ہیں لیکن ورثاء میں جائیداد پر تنازع شروع ہو گیا ھے۔

گزشتہ روز بیرسٹر لطیف کھوسہ اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو لیک سامنے آئی تھی جس میں عمران خان کی دونوں بہنوں کے اُن سے اختلافات کا انکشاف ہوا تھا۔

خواجہ آصف نے اس آڈیو لیک پرردعمل میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پرکہا کہ عمران خان حیات ہیں لیکن ان کے ورثاء میں جائیداد پرتنازعے کا آغاز ہوچکا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ، ’ کیا کلچر ہے عمران خان کے قریب ترین ساتھیوں نے ان کے خلاف پریس کانفرنسوں کی بھر مارکردی ۔جنہوں نے اقتدارکے مزے لیے انہوں نے ہی پی ٹی آئی چیئرمین کی تمام پالیسیوں کی مذمت کردی۔

خواجہ آصف کے مطابق، ، ’جو چند لوگ آج بھی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں وہ رُل گئے۔ خالی پلاٹ کی حفاظت کے لیے بزدار 2 کو بٹھا دیا ہےاور رشتے دار خواتین قبضے کے لیے دست و گریباں ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ کہانی کا پلاٹ دلچسپ ہوگیا ہے، خالی پلاٹ کا کیا بنے گا، انتظارفرمائیں۔

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کےلیے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری کردی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کےلیے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری کردی۔

الیکشن کمیشن کےمطابق ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت حلقہ بندیاں مکمل کی گئیں اور انہی کے مطابق حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری کی گئی۔

فہرست کے مطابق قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 266 ہوگی۔ پنجاب میں قومی اسمبلی کی 141، سندھ میں 51 ، کے پی کے میں 45 جبکہ بلوچستان میں قومی اسمبلی کی 16 نشتیں ہوں گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی داارلحکومت اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی 3 نشستیں ہوں گی۔

حلقہ بندیوں کی فہرست کے مطابق پنجاب اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 297 ، سندھ اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 130، کے پی کے اسمبلی میں 115 اور بلوچستان اسمبلی کی جنرل نشتیں 51 ہوں گی۔

الیکشن کمیشن کی نئی حلقہ بندیوں میں سندھ کی قومی اسمبلی کی نشستوں میں ردوبدل کیا گیا ہے، حلقہ بندیوں میں سانگھڑ کی قومی اسمبلی کی ایک نشست کم ہوگئی، سانگھڑ کی قومی اسمبلی کی نشستیں 3 سے کم ہوکر 2 رہ گئیں۔

اسی طرح حلقہ بندیوں میں کراچی سائوتھ کی قومی اسمبلی کی ایک نشست میں اضافہ ہوگیا، کراچی سائوتھ کی قومی اسمبلی کی نشستیں 2 سے بڑھ کر 3 ہوگئیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق خیرپور، سانگڑ اور ٹھٹھہ کی صوبائی اسمبلی کی ایک ایک نشست کم ہوگئی، خیرپور کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 7 سے کم ہوکر 6 ،سانگھڑ کی 6 سے کم ہوکر 5 اور ٹھٹھہ کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 3 سے کم ہوکر 2 ہوگئیں۔

ملیر، کراچی ایسٹ اور کراچی سینٹرل کی صوبائی اسمبلی کی ایک ایک نشست میں اضافہ ہوگیا، ملیر کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 5 سے بڑھ کر 6، کراچی ایسٹ کی 8 سے بڑھ کر 9 اور کراچی سینٹرل کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں بھی 8 سے بڑھ کر 9 ہوگئیں۔

سمجھتا ہوں بلوچستان کے عوام کیساتھ سب سے بڑی نا انصافی ہورہی ہے، بلاول بھٹو

سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں بلوچستان کے عوام کے ساتھ سب سے بڑی نا انصافی ہورہی ہے۔

کوئٹہ میں بلوچستان ہائی کورت بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھتو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کل 56 واں یوم تاسیس منایا، ہمیں صوبے کے عوام کے دکھ اور تکلیف کا احساس ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیغام دیا گیا کہ بلوچستان کے عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں، 8 فروری کو الیکشن ہونے جارہے ہیں، اس حوالے سے بتایا جا رہا ہے 3 بار وزیراعظم بننے والا چوتھی بار بن کر ملک کو مسائل سے نکالے گا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میرا یہ اعتراض بلکل نہیں کہ یہ بزرگ بن چکے ہیں، عمر سے کوئی فرق نہیں پڑتا، بزرگ ہو کر بھی ملک کے لیے نئی سمت کا تعین کرسکتے ہیں۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ نوجوانوں، بلوچ عوام سے درخواست ہے کہ 8 فروری کو سرپرائز دیں اور نفرت، تقسیم، مسائل نظرانداز اور خون سستا کرنے والی سیاست کو پھر موقع نہ دیں، ملک کی قسمت ان دواشخاص کے حوالےنہ کریں جن کا پرانہ طرز سیاست ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وقت آگیا کہ ہم پاکستان کے مستقبل کے فیصلے عوام کو کرنے دیں، عوام فیصلہ کرلیتے ہیں تو دنیا میں کوئی بھی راستہ نہیں روک سکتا۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں عوام کے لیے فیصلہ کرلیا ہے، 70 سال سے چلنے والے نظام نے کیا شہریوں کو انصاف دلایا؟، اسلام آباد کے بابوؤں کی سوچ اور ذہنیت آج تک وہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں بلوچستان کے عوام کے ساتھ سب سے بڑی نا انصافی ہورہی ہے، سی پیک کی بنیاد آصف زرداری نے رکھی تھی مگر افسوس ہے آصف زرداری کی سوچ اور ارادے کے مطابق عملدرآمد نہیں ہورہا۔

بھارتی مسافر طیارے کی چھت کیسے ٹپکی، ائر انڈیا نے وضاحت جاری کردی

بھارت کی قومی ائر لائن ’ائر انڈیا‘ میں پانی ٹکپتی ایک وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا کو سرگرم کردیا تھا۔

یہ وائرل ویڈیو بھارتی ائرلائن کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ثابت ہورہی تھی، جس کے ائر انڈیا نے اس پر وضاحت پیش کردی۔

ایئر انڈیا نے اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ ’24 نومبر 2023 کو گیٹ وک سے امرتسر جانے والی پرواز اے آئی 169 کے کیبن کے اندر کنڈینسیشن ایڈجسٹمنٹ کا ایک نایاب واقعہ پیش آیا تھا۔ متاثرہ قطاروں میں بیٹھے ہمارے کچھ مہمانوں کو فوری طور پر دوسری خالی نشستوں پر منتقل کردیا گیا اور حالات کو دیکھتے ہوئے کیبن کریو نے مہمانوں کے آرام کویقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی تھی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ایئر انڈیا جہاز میں سوار مہمانوں کی حفاظت اور آرام کے لئے پُرعزم ہے اور ہمیں اس غیر متوقع واقعہ پر افسوس ہے‘۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو 24 نومبر کی ہے، یہ پرواز گیٹ وک سے امرتسر جا رہی تھی جس دوران یہ واقعہ پیش آیا۔

ویڈیو میں مسافروں کی نشستوں پر اوور ہیڈ ڈبوں سے مسلسل پانی ٹپکتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

چونکہ ابتدائی طور پر پانی کے ٹپکنے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا تھا، لہذا سوشل میڈیا پر صارفین نے بھارتی ائرلائن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

عمران خان کی جیل ٹرائل کے حکم نامے کے خلاف درخواست

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے جیل ٹرائل کے حکم نامے کے خلاف درخواست دائر کردی گئی۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ اسپیشل کورٹ کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کی عدالت میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اس عدالت نے 23 نومبر 2023ء کو حکم دیا کہ 28 نومبر کو ملزمان کو جوڈیشل کمپلیکس پیش کیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت نے 28 نومبر کو جیل ٹرائل کا حکم دے دیا۔ 23 نومبر کے حکم نامے کی موجودگی میں 28 نومبر کا حکم نامہ غیر قانونی ہے۔ لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ 23 نومبر 2023ء کے حکم نامے پر عملد رآمد کروائے۔

چیف جسٹس آف پاکستان کو دی گئی شاہانہ گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اہم فیصلہ کیا ہے، جس کے مطابق چیف جسٹس کو دی گئی شاہانہ گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے سیکرٹری کابینہ اور چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھ دیا، جس کے مطابق 2020ء میں خریدی گئی 61 ملین کی مرسڈیز بینز نیلام کی جائے گی جب کہ پنجاب حکومت کی فراہم کی گئی بلٹ پروف لینڈ کروزر بھی نیلام کی جائے گی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ آئینی عہدوں کے لیے لگژری گاڑیاں درآمد کرنا مناسب نہیں۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے دونوں گاڑیاں استعمال نہیں کیں۔ گاڑیوں کی نیلامی سے حاصل رقم پبلک ٹرانسپورٹ پر خرچ کی جائے۔
رجسٹرار کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے علم میں آیا ہے کہ سپریم کورٹ نے چیف جسٹس کے لیے ستمبر 2020ء میں 6 کروڑ 10 لاکھ کی نئی مرسیڈیز بینز خریدی ۔ چیف جسٹس کے لیے ایک بالکل نئی بلٹ پروف ٹویوٹا لینڈ کروزر بھی حکومت پنجاب نے فراہم کی۔ دونوں گاڑیاں جی او آر لاہور میں سپریم کورٹ ریسٹ ہاؤس میں کھڑی ہیں ۔

خط میں کہا گیا ہے کہ قواعد کے مطابق چیف جسٹس اور ہر جج کو دودو گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں ۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نہ تو مرسیڈیز استعمال کر رہے ہیں اور نہ ہی بلٹ پروف گاڑی ۔ آئینی اور عوامی عہدیداروں کے استعمال میں قیمتی امپورٹڈ گاڑیاں قومی خزانے پر غیر مناسب بوجھ ہے ۔ دونوں گاڑیاں فروخت کر کے یہ رقم پبلک ٹرانسپورٹ پر خرچ کی جائے ۔

امریکا نے بھارت پر دباؤ بڑھا دیا، خفیہ اہلکار کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ ہم ان الزامات کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں کہ بھارتی حکومت کا ایک اہلکار امریکا کی سرزمین پرسکھ رہنما گروپتونت سنگھ پنون کے قتل کی ”ناکام سازش“ میں ملوث تھا۔

اسرائیل کے دورے کے دوران دارالحکومت تل ابیب میں جمعرات کو انٹونی بلنکن نے کہا کہ وہ اس معاملے پر تفصیلی تبصرہ نہیں کر سکتے کیونکہ یہ عدالت میں زیرغور ہے لیکن انہوں نے گروپتونت سنگھ پنون کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے بارے میں بھارت کی جانب سے شروع کی جانے والی تحقیقات کا خیر مقدم کیا۔

اعلیٰ امریکی سفارت کارنے صحافیوں کو بتایا کہ میں کہہ سکتا ہوں کہ یہ وہ معاملہ ہے، جسے ہم بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں، گزشتہ ہفتوں میں ہم میں سے بہت سے لوگوں نے اسے براہ راست بھارتی حکومت کے ساتھ اٹھایا ، حکومت نے آج اعلان کیا کہ وہ تحقیقات کر رہی ہے اور مناسب نتائج دیکھنے کی منتظر ہے۔

اس سے قبل وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت ایک اسٹریٹجک پارٹنر ہے اور ہم بھارت کے ساتھ اس اسٹریٹجک شراکت داری کو بہتر اور مضبوط کرنے کے لیے کام جاری رکھیں گے، ایک ہی وقت میں ہم اس معاملے سے متعلق الزامات اور اس تحقیقات کو ہم بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔

وہ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے بھارتی شہری نکھل گپتا پر فرد جرم عائد کرنے کے بارے میں ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔

امریکی محکمہ قانون نے بدھ 30 نومبرکو سکھ رہنما گرپتونت سنگھ کے قتل کی سازش میں 52 سالہ بھارتی شہری نکھل گپتا پر چارج شیٹ بھی عائد کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کا اہلکاراس قتل کیلئے نکھل گپتا کو ہدایات دے رہا تھا اور اسی اہلکار نے کینیڈا میں سکھ رہنما نجار سنگھ کو قتل کروایا۔

جان کربی نے اس معاملے پر بھارت کے ردعمل کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ”ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ بھارت بھی اس کی تحقیقات کے لیے اپنی کوششوں کا اعلان کرکے اسے سنجیدگی سے لے رہا ہے، اسے مناسب طریقے سے جوابدہ ہونا ہے۔“

فنانشل ٹائمز نے گزشتہ ہفتے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکا نے گرپتونت کو قتل کرنے کی سازش کو ناکام بنا دیا تھا اور پھر بھارت کو ان خدشات پر ”انتباہ جاری“ کیا تھا کہ نئی دہلی اسے ختم کرنے کی سازش میں ملوث ہے۔

بھارت نے پنون کے قتل کی ناکام سازش سے متعلق الزامات کی تحقیقات کے لیے پہلے ہی ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے جمعرات کو امریکا کی جانب سے ایک بھارتی اہلکار کو مبینہ سازش کے الزام میں گرفتار شخص سے جوڑنے کو تشویش کا معاملہ اور حکومتی پالیسی کے خلاف قرار دیا۔

غیر قانونی افغان شہریوں کی بے دخلی کیس میں وفاق اور اپیکس کمیٹی کو نوٹس جاری

سپریم کورٹ آف پاکستان نے غیر قانونی افغان شہریوں کی بے دخلی کیس میں وفاقی حکومت، اپیکس کمیٹی، وزرات خارجہ اوراٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔

جسٹس سردارطارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے غیر قانونی افغان شہریوں کی بے دخلی کیس کی سماعت کی، بینچ میں جسٹس یحیٰ آفریدی اور جسٹس عائشہ ملک بھی شامل ہیں۔

درخواستگزار فرحت اللہ بابر نے موقف اپنایا کہ نگراں حکومت کے پاس غیر قانونی شہریوں کی بے دخلی کا مینڈیٹ نہیں، جن افغان شہریوں کو بے دخل کیا جا رہا ہے وہ سیاسی پناہ کی درخواستیں دے چُکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس عدالت کے پاس شہریوں کے حقوق کے تحفظ کا اختیار ہے، آرٹیکل 4،9 ،10 اے اورآرٹیکل 25 کے تحت بنیادی انسانی حقوق متاثر ہوئے ہیں۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ 40 سال سے جو لوگ یہاں رہ رہے ہیں کیا وہ یہاں ہی رہیں اس پرعدالت کی معاونت کریں۔

جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ اقوام متحدہ کے معاہدے مہاجرین کے حقوق کو تحفظ دیتے ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کے ان معاہدوں کا پابند ہے۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت، ایپکس کمیٹی سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

ایف بی آر نے 5 ماہ کیلیے محصولات کاہدف کامیابی سے حاصل کرلیا

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جاری مالی سال کے پہلے 5ماہ کے لیے محصولات کاہدف کامیابی سے حاصل کرلیا۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق نومبرمیں ایف بی آرنے 736 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے، نومبرمیں ایف بی آر کے محصولات میں ماہانہ بنیادوں پر 38 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق ایف بی آر نے کامیابی گزشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سال 54 فیصد زیادہ ری فنڈز کی ادائیگی کے باوجود حاصل کی ہے۔

سی پیک شراکت داری کو بلندیوں پر لے جائیگا، چینی قونصل جنرل

کراچی: چینی قونصل جنرل ایچ ای یانگ یونڈونگ نے کہا ہے کہ سی پیک شراکت داری کو بلندیوں پر لے جائیگا۔

کراچی میں چینی قونصل جنرل ایچ ای یانگ یونڈونگ نے سی پیک کے امید افزا مستقبل کو اجاگر کیا۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ CPEC کی توجہ اعلیٰ معیار کی ترقی پر مرکوز ہے، یہ چین پاکستان اسٹریٹجک شراکت داری کو بلندیوں تک لے جائے گا۔

چینی قونصل جنرل نے اعلیٰ وفد کے ہمراہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ چینی قونصل جنرل نے کہا کہ EPZA میں موجود صنعتکار اور سرمایہ کار اپزا میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں،چیئرمین EPZA نے اپنے تعارفی کلمات میں EPZA کا دورہ کرنے والے کاوفد کاپرتپاک استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان چین میں تیسرے فریق کو سی پیک انتظامات میں حصہ دار نہ بنانے پر اتفاق

انھوں نے عصر حاضر میں پاک چین تعلقات کی اہمیت اور پاکستان کی اقتصادی تبدیلی اور علاقائی خوشحالی کے لیے چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کی سٹریٹجک اہمیت پر زور دیا۔

چیئرمین EPZA نے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ EPZA پہلے ہی سے موجود ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

دورہ آسٹریلیا؛ حسن علی کس کھلاڑی سے باتیں حفیہ رکھنا چاہتے ہیں؟

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران عثمان خواجہ سے آن فیلڈ باتیں خفیہ رکھنے کی کوشش کریں گے۔

سڈنی پہنچنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر حسن علی نے کہا کہ پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ سے محتاط رہیں گے، وہ اردو زبان جانتے ہیں، اس لیے انکے سامنے کوئی اسٹریٹجی ڈسکس نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عثمان خواجہ کراچی ٹیسٹ میں ہماری آن فیلڈ پلاننگ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو بتاتے رہے ہیں۔ جنوبی ایشیائی ٹیموں کے لیے دورہ آسٹریلیا ہمیشہ مشکل رہتا ہے، اضافی باؤنس کی وجہ سے ایشیائی ٹیموں کو یہاں 20 وکٹیں حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مزید پڑھیں: ’’سیریز کیلئے آسٹریلیا جارہے ہیں یا ہنی مون کیلئے! مداحوں کا سوال‘‘

فاسٹ بولر نے کہا کہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز سب سے زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں جبکہ شاہین نئی بال سے وکٹیں لینے کا ہنر جانتے ہیں۔