بھارت کی قومی ائر لائن ’ائر انڈیا‘ میں پانی ٹکپتی ایک وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا کو سرگرم کردیا تھا۔
یہ وائرل ویڈیو بھارتی ائرلائن کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ثابت ہورہی تھی، جس کے ائر انڈیا نے اس پر وضاحت پیش کردی۔
ایئر انڈیا نے اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ ’24 نومبر 2023 کو گیٹ وک سے امرتسر جانے والی پرواز اے آئی 169 کے کیبن کے اندر کنڈینسیشن ایڈجسٹمنٹ کا ایک نایاب واقعہ پیش آیا تھا۔ متاثرہ قطاروں میں بیٹھے ہمارے کچھ مہمانوں کو فوری طور پر دوسری خالی نشستوں پر منتقل کردیا گیا اور حالات کو دیکھتے ہوئے کیبن کریو نے مہمانوں کے آرام کویقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی تھی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ایئر انڈیا جہاز میں سوار مہمانوں کی حفاظت اور آرام کے لئے پُرعزم ہے اور ہمیں اس غیر متوقع واقعہ پر افسوس ہے‘۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو 24 نومبر کی ہے، یہ پرواز گیٹ وک سے امرتسر جا رہی تھی جس دوران یہ واقعہ پیش آیا۔
ویڈیو میں مسافروں کی نشستوں پر اوور ہیڈ ڈبوں سے مسلسل پانی ٹپکتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
چونکہ ابتدائی طور پر پانی کے ٹپکنے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا تھا، لہذا سوشل میڈیا پر صارفین نے بھارتی ائرلائن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔