سید جبران نے علیحدگی سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑ دی

پاکستان کے معروف اداکار سید جبران نے علیحدگی سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑ دی، اداکار کی جانب سے ان افواہوں کی تردید کردی گئی ہے۔

حال ہی میں سید جبران نے ایک پوڈ کاسٹ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پہلی بار سوشل میڈیا پر وائرل اپنی طلاق کی افواہوں پر کھل کر گفتگو کی۔

انہوں نے ان قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری علیحدگی سے متعلق خبریں صرف بے بنیاد قیاس آرائیاں ہیں، میری اہلیہ ان سنی سنائی باتوں پر شدید برہم ہوگئی تھیں، انہیں بہت مشکلوں سے میں نے سنبھالا تھا‘۔

انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق کہا کہ ’ہماری شادی شدہ زندگی میں سب کچھ بالکل ٹھیک ہے، ہم دونوں ایک دوسرے کے ساتھ ہیں‘۔

انہوں نے انٹرویو کے دوران یہ بھی انکشاف کیا کہ اداکاری کے کیریئر کے ابتدا میں ایک بار پاکستانی اداکارہ سعدیہ امام سے ان کی شادی کی افواہیں سرگرم ہونے لگ گئی تھیں۔

سید جبران نے مزید کہا کہ ’اب ایک لمبے عرصے کے بعد طلاق کی یہ افواہیں سامنے آئیں لیکن اس بار پلیٹ فارم مختلف تھا‘۔

ڈراموں میں منفی کردار ادا کرنے والی سید جبران نے اب تک کئی ڈراموں سے مداحوں کے دل جیتے ہیں۔ ’تڑپ‘، ’جن زادہ‘، ’دراڑ‘ اور ’میرے ہمنشیں‘ ان کے مقبول ترین ڈرامے ہیں۔

غزہ پر جنگ جاری رکھو، اسرائیل کے حامی ہزاروں افراد کا واشنگٹن میں مظاہرہ

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں اسرائیل کے حامیوں کی جانب مظاہرہ میں جنگ بندی کی مخالفت کا اعلان کردیا۔

میڈیا کے مطابق منگل کو واشنگٹن میں ہزاروں افراد حماس کے خلاف جمع ہوئے، جو اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے، اس موقع پر انتہائی سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔

مقررین میں اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ، سابق سوویت مخالف اور یہودی ایجنسی کے ایگزیکٹیو چیئر نتن شرناسکی اور سینیٹ کے اکثریتی رہنما شامل تھے۔

چک شومر کی قیادت میں امریکی کانگریس کی سینئر شخصیات کا پرتپاک استقبال کیا گیا کیونکہ انہوں نے عہد کیا کہ اسرائیل اور اس کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔

اسرائیلی صدرنے ​​یروشلم سے ویڈیو لنک کے ذریعے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہودیوں پر یہودی ہونے کی وجہ سے حملہ کیا جا رہا ہے، جسے انہوں نے تمام مہذب لوگوں اور قوموں کے لیے شرمندگی“ قرار دے دیا۔

ریپبلکن ہاؤس کے اسپیکر مائیک جانسن نے مظاہرین سے کہا کہ“جنگ بندی کی یہ آوازیں اشتعال انگیز ہیں“، جس کے رد عمل میں وہاں موجود افراد نے ”جنگ بندی نہیں“ کے نعرے لگائے۔

امریکا میں بہت سے ترقی پسند گروپوں بشمول جیوش وائس فار پیس سمیت دیگر یہودی تنظیموں نے غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائی کے خلاف بڑھتے ہوئے ردعمل کے درمیان جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ وہاں موجود افراد نے غزہ میں لوگوں کی شہادت پر تشویش کا اظہار کیا لیکن انہوں نے سارا الزام حماس پر عائد کردیا ہے۔

نیو یارک سے سفر کرنے والے موسیقار جوڈا کلوزنر نے حماس کے سیاسی بیورو کے ایک سینئر رکن غازی حماد کی طرف سے 7 اکتوبر کے حملوں کو ”دوسری، تیسری، چوتھی بار“ دہرانے کی ایک حالیہ دھمکی کو مسترد کرنے کی ایک اچھی وجہ کا حوالہ دیاجو کہ جنگ بندی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ منطق ہے جس کا سامنا اسرائیل کو حماس کے ساتھ جنگ ​​بندی کے ساتھ کرنا ہے، ان کے ایک لیڈر نے بار بار یہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔

اس کےعلاوہ 67 سالہ پال سٹیورٹ جو سابق انجینئر اور ریٹائرڈ اٹارنی ہیں، کہا کہ “میرے خیال میں جنگ بندی نہیں ہونی چاہیے کیونکہ اسرائیل نے فلسطینیوں کو وہاں سے نکلنے کے اختیارات دیئے ہیں لیکن ظاہر ہے کہ حماس کا ان پر کچھ اثر و رسوخ ہے،جو انہیں ٹھہرنے کا کہہ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 11,078 ہوگئی، جن میں 4,506 بچے اور 3,027 خواتین شامل ہیں۔

سرکاری افسران کے لیے ”صاحب“ کا لفظ استعمال کرنے پر پابندی عائد

سپریم کورٹ نے سرکاری افسران کے لیے ”صاحب“ کا لفظ استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی اور کہا ہے کہ صاحب کا لفظ آزاد قوم کی عکاسی نہیں کرتا۔

سپریم کورٹ میں مردان میں 9 سالہ بچے کے قتل کیس کے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

چیف جسٹس نے ناقص پولیس تفتیش پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس تحقیقات کو شرمناک قرار دے دیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ پولیس نے تحقیقات پر کچھ کام نہیں کیا، سپریم کورٹ کو مجسٹریٹ کی عدالت بنا دیا گیا ہے، بچہ مر گیا اور پولیس کی تفتیش کا حال یہ ہے، ناقص تفتیش کر کے کہتے ہیں عدالت نے ملزم چھوڑ دیا۔

،چیف جسٹس نے پولیس اہلکار سے مکالمہ کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آپ کا پیٹ کیوں اتنا نکلا ہوا ہے، آپ ایک فورس ہیں۔

چیف جسٹس نے دوران سماعت سرکاری افسران کے لیے“صاحب“ کا لفظ استعمال پر پابندی عائد کردی اور کہا کہ ڈی ایس پی کے ساتھ ”صاحب“ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے، صاحب کا لفظ آزاد قوم کی عکاسی نہیں کرتا۔

سپریم کورٹ نے قتل کیس کے ملزم کی ضمانت منظور کرلی۔

ورلڈکپ سیمی فائنل؛ بھارتی بورڈ نے پچ تبدیل کر ڈالی

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پچ تبدیل کردی۔

برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آج کھیلے جانے والے سمی فائنل کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی اجازت بغیر پچ کو ہی تبدیل کروا دیا ہے۔

ورلڈکپ میں استعمال ہونے والی تمام پچز آئی سی سی کے کیورٹر اینڈی اٹیکشن کی زیر نگرانی تیار کی جاتی ہیں، میگا ایونٹ کیلئے طے شدہ معاہدے کے مطابق ہر اسٹیڈیم میں مختلف پچز پر نمبر لگائے جاتے ہیں تاکہ نئی تیار کردہ پچ پر میچ کھیلا جاسکے۔

وانکھڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں سیمی فائنل میچ 7 نمبر پچ پر میچ شیڈول تھا جس پر پہلے سے کوئی میچ نہیں ہوا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیمی فائنل کیلئے مختص پچ استعمال نہیں کی جارہی بلکہ یہ میچ اس 6 نمبر پچ پر ہورہا ہے جس پر پہلے ہی 2 میچز کھیلے جاچکے ہیں اور یہ پچ بھارتی اسپنرز کے لیے مددگار ثابت ہوگی۔

دوسری جانب ورلڈکپ فائنل کیلئے بھی ایسی ہی اطلاعات ہیں کہ بھارتی بورڈ نے احمد آباد کی پچ کو بھی بدلنے کی ہدایت کی ہےتاکہ بھارتی ٹیم کی کامیابی کے امکانات بڑھ سکیں۔

گیس پائپ لائن منصوبہ،پاکستانی وفد بات چیت کے لیے ایران پہنچ گیا

تہران: پاکستانی وفد پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بات چیت کیلیے تہران پہنچ گیا۔

پاکستانی وفد نگران وزیر توانائی محمد علی کی سربراہی میں پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بات چیت کیلیے تہران پہنچ گیا۔

پاکستانی وفد میں پیٹرولیم ڈویژن کی کمپنی انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز کے ایم ڈی ندیم باجوہ بھی شامل ہیں جب کہ نگران وزیر توانائی محمد علی ایرانی ہم منصب سے مذاکرات کریں گے جس میں انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز کے حکام بھی شریک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس پائپ لائن منصوبے میں پاکستان اپنے حصے کی پائپ لائن کی تعمیر کی ڈیڈلائن میں توسیع کی درخواست کرے گا، جرمانے سے بچنے کیلئے پاکستان کو مارچ 2024 تک ایرانی سرحد تک اپنے حصے کی پائپ لائن تعمیر کرنی ہے۔

سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کا جیل ٹرائل روکنے کا تحریری حکمنامہ جاری

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کا جیل ٹرائل روکنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے تحریری حکمنامہ جاری کیا ، جس میں عدالت نے کہا کہ بادی النظر میں چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل کو اوپن ٹرائل نہیں کہا جا سکتا۔ جیل ٹرائل کے لیے پیشگی شرائط پوری کرنے کی کوئی دستاویز ریکارڈ پر نہیں لائی گئی۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر ایسی کوئی دستاویز موجود ہے تو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کی جائے۔ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل کی منظوری دی ہے۔ اٹارنی جنرل وفاقی کابینہ کے فیصلے کی کاپی عدالت کے سامنے پیش نہیں کر سکے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ اٹارنی جنرل وہ سمری بھی پیش نہ کر سکے جس کی بنیاد پر کابینہ نے فیصلہ کیا۔ کیس کے انصاف پر مبنی فیصلے کے لیے مطلوبہ دستاویزات ریکارڈ پر لانا لازم ہے۔ انہی دستاویزات کی روشنی میں اپیل کنندہ کے بنیادی حقوق متاثر کرنے کے قانونی نکتے پر بھی فیصلہ کرنا ہے۔

حکم میں کہا گیا ہے کہ عدالت سائفر کیس کے ٹرائل پر آئندہ سماعت تک حکم امتناع جاری کرتی ہے۔

لوگوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ملک کی ترقی کیلئے ناگزیرہے:وزیراعظم

اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بین الاقوامی مارکیٹ میں روزگار کے تقاضوں کے مطابق تکنیکی اورسائنسی مضامین کے لئے وظائف کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد میں اعلیٰ تعلیمی کمیشن سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں ملک میں سائنس اورانجینئرنگ جیسے مضامین میں وظائف میں اضافہ کے لئے انسانی اورتکنیکی وسائل کو بڑھاناچاہیے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہد ایت کی کہ ملک میں ہنرمندافرادی قوت بالخصوص نرسنگ کے شعبے میں تربیتی پروگرام تشکیل دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ افرادی قوت ہماراقیمتی اثاثہ ہے اور ہم ہنرمندافرادی قوت کے ذریعے عالمی منڈی میں اپنامقام بناسکتے ہیں۔انہوں نے صوبوں میں تعلیمی شعبہ کے مالی مسائل کے حل کے لئے تمام صوبائی حکام کااجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ملک کی ترقی کے لئے ناگزیرہے۔وزیراعظم نے مزیدہدایت کی کہ بیرون ملک زیرتعلیم پاکستانی طالب علموں کے لئے وظائف کے فنڈز کے اجراء میں حائل رکاوٹیں دورکی جائیں۔

اجلاس میں ملک کے تعلیمی شعبے میں چربہ سازی کی روک تھام کے لئے ایک حکمت عملی تشکیل دینے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم کوجامعات اورمقامی صنعت کے درمیان اشتراک کے لئے حکمت عملی وضع کرنے کے بارے میں بھی آگاہ کیاگیا۔

کترینہ کیف نے دیوالی کی تقریبات کی نئی تصویریں شیئر کیں

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف نے دیوالی کی تقریبات کی نئی تصویریں شیئر کیں

مداحوں نے کترینہ کیف کو ایک نیا ہیئر اسٹائل آزمانے پر ان کی تعریف کی جب اس نے اپنے بالوں کو کھردرے بن میں باندھا۔ اس نے دیوالی پر اپنی بالکونی میں پوز دیا۔

پھولوں والی سفید ساڑھی میں تصویریں شیئر کرنے کے ایک دن بعد، کترینہ کیف نے اپنے گھر میں دیوالی کی تقریبات کی تصاویر کا ایک نیا سیٹ شیئر کیا ہے۔

وہ سنہری ریشمی لہینگا میں اپنی سمندری بالکونی میں پوز دیتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ یہ دیوالی ان کے لیے بھی خاص تھی کیونکہ اس موقع پر انہوں نے اپنی فلم ٹائیگر 3 کی ریلیز دیکھی۔

جاپان کی جیلوں میں قید خواتین کو ناروا سلوک کا سامنا ہے، ہیومن رائٹس واچ

ٹوکیو: انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ جاپان کی جیلوں میں قید خواتین کے ساتھ ناروا سلوک کرنے کے علاوہ حاملہ خواتین کو ہتھکڑیاں لگائی جاتی ہیں اور انہیں اپنے نومولود بچوں سے دور رکھا جاتا ہے۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہیومن رائٹس واچ کی نئی رپورٹ میں جاپان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ بعض اوقات زچگی سے قبل اور اس کے فوراً بعد انہیں ہتھکڑیاں لگا دی جاتی ہیں اور عمررسیدہ قیدیوں کی دیکھ بھال کے لیے بھی انتظامات ناکافی ہیں۔رپورٹ میں ایسی 60 خواتین کے انٹرویوز بھی شامل ہیں جو اس سے قبل جیلوں میں رہ چکی ہیں۔

رپورٹ میں جاپان کی وزارت انصاف کا موقف بھی شامل کیا گیا ہے جس میں الزامات کی تردید کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ بچوں کو دودھ پلانے، بچوں کو اٹھانے، انہیں نہلانے یا ڈائپرز تبدیلی کے وقت جیل میں خواتین کو کسی قسم کی پابندی کا سامنا نہیں ہوتا۔وزارت انصاف کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ خواتین قیدیوں کو تمام ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ بعض اوقات ماؤں کو نومولود سے دور کر دیا جاتا ہے۔جیلوں میں قید خواتین کو انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں اور برے سلوک کا سامنا ہے۔

2021 میں جاپان کی جیلوں میں تقریباً 4ہزار خواتین قیدتھیں جن میں سے زیادہ تر خواتین قیدیوں پر چوری اور منشیات سے متعلق الزامات تھے۔وزارت انصاف کے اعداد و شمار کے مطابق 17۔2011کے دوران بچوں کو جنم دینے والی 184 خواتین میں سے صرف تین کو بچوں تک رسائی دی گئی۔تنظیم کا کہنا ہے کہ پیدائش کے بعد بچے اور ماں کی دوری دونوں کی صحت پر منفی اثرات ڈال سکتی ہیں اور دودھ پلانے میں رکاوٹ ماں اور بچے کے درمیان تعلق کو متاثر کر سکتی ہے۔

نیپال میں ٹک ٹاک پرپابندی عائد

کھٹمنڈو: نیپال کی حکومت نے معاشرے پر منفی اثرات اور سماجی اقدار میں خلل کا حوالہ دیتے ہوئے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی ہے۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیپال کے وزیر خارجہ نارائن پرکاش ساؤد نے کابینہ کے اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ ٹک ٹاک ایپ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور یہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گی۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک سماجی ہم آہنگی، خیرسگالی میں خلل ڈال رہی ہے اس لئے اس کے استعمال کو ریگولیٹ کرنا ضروری تھا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ نئے قوانین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مزید جوابدہ بنانے کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں، حکومت نے کمپنی سے نیپال میں رجسٹر ہونے، ایک رابطہ دفتر کھولنے، ٹیکس ادا کرنے اور ملکی قوانین پرعمل کرنے کو بھی کہا ہے۔

نیپال کانگریس کے جنرل سیکرٹری گگن تھاپا نے اس حکومتی فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ پابندی کی بجائےایپ کے استعمال کو محدود کر دیا جانا چاہیے تھا کیونکہ پابندی اظہار رائے اور انفرادی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔اس پابندی کو سوشل میڈیا پر کئی لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس فیصلے سے نیپال میں ٹک ٹاک کے لاکھوں صارفین متاثر ہوں گے جو اس سے پیسے کما رہے ہیں۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ چار برسوں کے دوران برطانیہ میں ٹک ٹاک سے وابستہ سائبر کرائم کے 1600 سے زائد کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ چینی کمپنی بائٹ ڈانس کی ملکیت ٹک ٹاک پر بھارت اور افغانستان سمیت متعدد ممالک نے پابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ برطانیہ، آسٹریلیا اور یورپی یونین نے اس کے استعمال کو محدود کر دیا ہے۔متعدد مغربی ممالک میں ارکان پارلیمنٹ کی طرف سے اس ایپ کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

ورلڈ کپ: پہلا سیمی فائنل آج ، بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان میدان سجے گا

لاہور: ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل مرحلے کا آغاز آج سے ہو گا، پہلے سیمی فائنل میں میزبان بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔

باؤلنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ میں عمدہ کارکردگی کے باعث میگا ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم سیمی فائنل جیتنے کیلئے بھی پر اُمید ہے، دوسری جانب کیویز بھی ٹورنامنٹ میں انگلینڈ سمیت بڑی ٹیموں کو شکست دے چکے اور بھارت کا بھر پور مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔

پہلے سیمی فائنل میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھارتی شہر ممبئی کے وانکھیڈے کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی، بھارت نے لیگ مرحلے میں نو میچز کھیلے اور تمام میں کامیابی حاصل کی جبکہ نیوزی لینڈ نے بھی 9 میچز کھیل کر پانچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔

لیگ میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی، ورلڈ کپ 2019ء کے سیمی فائنل میں بھی دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں جہاں کیویز نے 18 رنز سے کامیابی حاصل کی، ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل کل جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

وقار یونس کی دونوں اینڈ سے نئی گیند کا قانون تبدیل کرنے کی تجویز

لاہور: وقار یونس نے ون ڈے کرکٹ میں دونوں اینڈ سے نئی گیند کا قانون تبدیل کرنے کی تجویز پیش کردی۔

ایک انٹرویو میں سابق پاکستانی کپتان وقار یونس نے کہا کہ اس کی وجہ سے ایک روزہ کرکٹ بیٹرز کا گیم بن کر رہ گئی ہے، 30 کے بعد آخری 20اوورز میں ایک ہی گیند استعمال کی جائے تو بولرز کو ریورس سوئنگ سے کچھ مدد ملے گی۔

یاد رہے کہ آسٹریلوی پیسر مچل اسٹارک نے بھی بیٹ اور بال میں توازن لانے کیلیے دونوں اینڈ سے الگ گیندیں استعمال کرنے کے قانون کی مخالفت کردی تھی۔

بالی ووڈ اداکارہ “تبو” کس پاکستانی اداکار کی بیٹی ہیں؟

بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی جانداری اداکاری کے باعث شہرت پانے والی بالی ووڈ اداکارہ “تبو” پاکستانی اداکار کی بیٹی نکلیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ “تبو” کے والد جمال ہاشمی ماضی میں ایک معروف پاکستانی اداکار تھے، یہ 1970 کی دہائی کی بات ہے کہ جب پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف پروڈیوسر اور ہدایت کار علی آفان صدیقی کو اپنی فلم کے لیے ایک چہرے کی تلاش تھی جو پہلے کبھی کسی فلم میں نظر نہیں آیا ہو، اسی دوران اُنہیں جمال ہاشمی کا معلوم ہوا اور اُنہوں نے اپنی فلم کے لیے جمال ہاشمی کا انتخاب کرلیا۔

علی آفان صدیقی کی پروڈیوس کردہ فلم “سزا” نے ریلیز کے بعد خوب مقبولیت حاصل کی جس کے بعد جمال ہاشمی کا نام فلمی دُنیا میں جمیل ہاشمی رکھ دیا گیا۔

جمال ہاشمی نے بھارتی شہر حیدرآباد کے مسلمان گھرانے میں رضوانہ نامی خاتون سے شادی کی، رضوانہ دراصل بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی کی رشتے دار تھیں، رضوانہ پیشہ ورانہ طور پر ٹیچر تھیں، شادی کے بعد وہ اپنے شوہر جمال ہاشمی کے ہمراہ پاکستان منتقل ہوگئیں اور پنجاب کے شہر لاہور میں رہنے لگیں۔

جمال ہاشمی کی ازدواجی زندگی مسائل کا شکار رہی، اُن کی شادی شدہ زندگی میں لڑائی جھگڑے اس قدر بڑھ گئے تھے کہ بات طلاق تک آگئی، اُس وقت تک جمال ہاشمی پاکستانی فلم انڈسٹری کو خیرباد کہہ چکے تھے اور بھارت منتقل ہوگئے۔

اس جوڑی کے ہاں دو بیٹیوں کی پیدائش ہوئی جن میں بالی ووڈ اداکارہ “تبو” اور اُن کی بہن فرح ناز شامل ہیں، “تبو” کا اصل نام تبسم فاطمہ ہاشمی ہے وہ 4 نومبر 1971 کو پیدا ہوئیں۔

تبو نے جب بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تو اُن کے والد جمال ہاشمی اُن کے بےحد خلاف تھے، وہ نہیں چاہتے تھے کہ اُن کی بیٹیاں فلموں میں کام کریں لہٰذا وہ اپنی بیٹیوں کو چھوڑ کر گمنامی کی زندگی گزارنے لگے۔

بعدازاں، تبو کی بہن فرح ناز نے اپنے والد کو ڈھونڈا اور اُنہیں اپنے ساتھ لے جانا چاہا لیکن اُنہوں نے یہی کہا کہ وہ اپنے گھر کی عورتوں کے فلموں میں کام کرنے کے سخت خلاف ہیں لہٰذا اُنہوں نے بیٹی کے ساتھ جانے سے انکار کردیا۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ تبو نے بھارتی فلم نگری میں اپنے فنی کیرئیر کا آغاز 1994 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’پہلا پہلا پیار‘‘ سے کیا جس کے بعد انہوں نے اپنی جانداراداکاری کی بدولت فلم نگری میں مقام بنایا جبکہ اداکارہ نے اپنے فلمی کیرئیر میں مختلف کردار ادا کرکے شائقین کو محظوظ کیا۔