اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بین الاقوامی مارکیٹ میں روزگار کے تقاضوں کے مطابق تکنیکی اورسائنسی مضامین کے لئے وظائف کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد میں اعلیٰ تعلیمی کمیشن سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں ملک میں سائنس اورانجینئرنگ جیسے مضامین میں وظائف میں اضافہ کے لئے انسانی اورتکنیکی وسائل کو بڑھاناچاہیے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہد ایت کی کہ ملک میں ہنرمندافرادی قوت بالخصوص نرسنگ کے شعبے میں تربیتی پروگرام تشکیل دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ افرادی قوت ہماراقیمتی اثاثہ ہے اور ہم ہنرمندافرادی قوت کے ذریعے عالمی منڈی میں اپنامقام بناسکتے ہیں۔انہوں نے صوبوں میں تعلیمی شعبہ کے مالی مسائل کے حل کے لئے تمام صوبائی حکام کااجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ملک کی ترقی کے لئے ناگزیرہے۔وزیراعظم نے مزیدہدایت کی کہ بیرون ملک زیرتعلیم پاکستانی طالب علموں کے لئے وظائف کے فنڈز کے اجراء میں حائل رکاوٹیں دورکی جائیں۔
اجلاس میں ملک کے تعلیمی شعبے میں چربہ سازی کی روک تھام کے لئے ایک حکمت عملی تشکیل دینے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم کوجامعات اورمقامی صنعت کے درمیان اشتراک کے لئے حکمت عملی وضع کرنے کے بارے میں بھی آگاہ کیاگیا۔