پی ایس ایل9؛ عماد وسیم نے کنگز، حسن علی نے یونائیٹڈ کو خیرباد کہہ دیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن سے قبل کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان بڑی ٹریڈ ہوگئی۔

پی ایس ایل 5 کے فاتح کپتان عماد وسیم ٹورنامنٹ کے نویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ جبکہ حسن علی کراچی کنگز کی جرسی میں نظر آئیں گے۔

کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کا پہلا راؤنڈ سلور پک اپنے دوسرے راؤنڈ سلور پک کے بدلے حاصل کیا، یونائیٹڈ نے عماد وسیم کو پلاٹینم کیٹگری جبکہ کراچی کنگز نے حسن علی کو ڈائمنڈ کیٹگری میں پک کیا ہے۔

ٹریڈ کے بعد کراچی کنگز کی انتظامیہ نے سابق کپتان عماد وسیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب 94 وکٹوں کے ساتھ حسن علی پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے بالر ہیں۔

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کے پلئیرز ڈرافٹ سے پہلے فرنچائزز کی جانب سے ریلیگیشن کی کامیاب درخواستوں میں لاہور قلندرز کے مرزا طاہر بیگ، اسلام آباد یونائیٹڈ کے رومان رئیس اور کراچی کنگز کے میر حمزہ (گولڈ اور سلور) کیٹیگری میں شامل ہیں۔

رونالڈو نے سعودی عرب میں اپنے ذاتی میوزیم کا افتتاح کردیا

پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب میں اپنے ذاتی میوزیم کا افتتاح کردیا۔

میوزیم سی آر 7 کے اکاؤنٹ سے فوٹو اَپ لوڈنگ سائٹ انسٹاگرام پر سعودی کلب النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کی مجسمے کے ساتھ فوٹو کھنچوانے کی ویڈیو بھی شیئر کی۔

میوزیم میں رونالڈو کے کیرئیر میں حاصل کیے گئے انفرادی ایوارڈز کی نمائش کے علاوہ قومی ٹیم اور انکے سابقہ ​​کلبز کے ساتھ حاصل کیے گئے بڑے اعزازات کی تصاویر بھی نمایاں ہے۔

اسٹار فٹبالر نے میوزیم کا دورہ ال اخود کے خلاف لیگ میچ میں غیر معمولی کارکردگی کے بعد کیا، اس میچ میں رونالڈو نے دو گولز کرکے ٹیم کو فتحیاب کروایا تھا۔

رونالڈو اِن دو گولز کے ساتھ سعودی لیگ میں سب سے زیادہ گولز کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

میوزیم سی آر 7 یکم دسمبر سے عوام کیلئے کھول دیا جائے گا، جہاں اسٹار فٹبالر کے مداح انکی زندگی کیرئیر سے متعلق دلچسپ معلومات بھی حاصل کرسکیں گے۔

قبل ازیں سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی الشیخ نے ریاض سیزن فیسٹیول کے دوران رونالڈو کا میوزیم بنانے کا اعلان کیا تھا۔

عمران خان نے مائنس ون کی تردید کی ہے وہی پارٹی چیئرمین رہیں گے: لطیف کھوسہ

راولپنڈی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا ہے عمران خان نے مائنس ون خبروں کی سختی سے تردید کی ہے، جو چیئرمین ہیں وہی رہیں گے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی نے مائنس ون کی خبروں کی تردید کی ہے، انٹرا پارٹی الیکشن میں پی ٹی آئی کے موجودہ چیئرمین امیدوار ہوں گے، پی ٹی آئی کے چیئرمین جو ہیں وہی رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی سے ایک ڈیڑھ گھنٹہ بات ہوئی جس میں انہوں نے دو ٹوک بات کی، شیر افضل مروت یا علی ظفر نے جو کہا ان کو شاید غلط فہمی ہوئی ہے۔

فلسطین کی حمایت پر اُشنا شاہ کا انسٹاگرام اکاؤنٹ “شیڈوبین” ہوگیا

  کراچی: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ فلسطین کی حمایت کرنے پر انسٹاگرام نے اُن کا اکاوْنٹ “شیڈوبین” (shadow banned) کردیا ہے لیکن وہ اس پابندی کے باوجود بھی غزہ کے لیے آواز اُٹھاتی رہیں گی۔

اُشنا شاہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی درندگی اور نسل کشی کے خلاف مسلسل آواز اُٹھاتی نظر آرہی ہیں، وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے بےگناہ اور معصوم فلسطینیوں کی آواز بنی ہوئی ہیں۔

اداکارہ اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے صارفین میں شعور پیدا کررہی ہیں اور اسرائیل کی منافقت اور جہالت کو پوری دنیا کے سامنے بےنقاب کررہی ہیں۔

اب اُشنا شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر کی گئی اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ “میں انسٹاگرام پر مکمل طور پر شیڈوبین (shadow banned) ہوگئی ہوں، مجھے نہیں معلوم کہ غزہ کے معاملے میں ایکس کیوں اتنی اچھی طرح کام کررہا ہے لیکن ہم خاموش نہیں رہیں گے”۔

اُشنا شاہ نے کہا کہ “شیڈوبین، مشہور شخصیات کو غزہ کے حق میں بولنے سے روکنے کا ایک طریقہ بھی ہے، جو لوگ اپنے فالوورز اور شہرت کھونے سے ڈرتے ہیں وہ شیڈوبین کے بعد خاموش ہوجائیں گے لیکن میں چُپ نہیں رہوں گی”۔

اداکارہ نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “براہِ کرم! شیڈوبین کے ڈر سے خاموش نہیں ہونا، غزہ کے لیے آواز اُٹھاتے رہیں کیونکہ غزہ میں عارضی جنگ بندی ختم ہورہی ہے اور اب اسرائیل فلسطینیوں پر مزید ظلم کرے گا”۔

عمران خان نے پارٹی چیئرمین کیلئے نام منظورکرلیا، بیرسٹر گوہر کے حوالے سے قیاس آرائیاں

چیئرمین پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سینیٹرعلی ظفرنے بتایا ہے کہ عمران خان نے انٹرا پارٹی الیکشن کے تحت نئے پارٹی چیئرمین کے لیے ایک نام کی منظوری دے دی ہے، جسکا اعلان آج (29 نومبر ) کو کیا جائے گا۔عمران خان توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے فیصلے کے تناظر میں خود الیکشن نہیں لڑرہے۔

اس سے قبل ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ عمران خان نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن میں چیئرمین کے عہدے کیلئے بیرسٹر گوہرخان کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔

سپریم کورٹ کے وکیل بیرسٹر گوہرخان کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع بونیرسے ہے، انہوں نے برطانیہ کی والورہیپمٹن یونیورسٹی سے ایل ایل بی اور امریکا کے واشنگٹن سول آف لاء سے ایل ایل ایم کر رکھا ہے۔

اعتزاز احسن کی براہ راست نگرانی میں وکالت کا تجربہ رکھنے والے بیرسٹرگوہر گزشتہ ایک سال سے چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم میں شامل ہیں۔

 

 

گزشتہ روز نائب صدر پی ٹی آئی شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات میں فیصلہ ہو گیا ہے کہ وہ آئینی و قانونی طور پر پارٹی چیئرمین کا الیکشن نہیں لڑ سکتے ہیں۔ اس لیےاتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے جونہی عدالت کی طرف سے توشہ خانہ کیس میں نااہلی کا فیصلہ ختم ہوگا تو عمران خان کو چیئرمین شپ کے لیے لایا جائے گا۔

پی ٹی آئی کی تردید

تاہم کچھ دیر بعد ہی پی ٹی آئی کی جانب سے اس خبر کی تردید کرتے وضاحت کی گئی تھی کہ ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا گیا عمران خان چیئرمین تحریک انصاف نہیں ہوں گے۔

بعد ازاں شیر افضل نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ انہوں نئے انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق جو کچھ بھی کہا وہ درست ہے۔’

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ عمران خان نے بیرسٹر گوہرعلی خان، عمیرنیازی، بیرسٹر علی ظفر اور میری موجودگی میں کیا سمجھنے میں ناکام ہوں کہ تضاد کے پیچھے کون ہے اور گمراہ کن بیان کیوں جاری کیا گیا۔

علی ظفر نے صورتحال واضح کردی

معاملہ یہاں ختم نہیں ہوا بلکہ کچھ دیر بعد سینیٹر علی ظفرنے پی ٹی آئی نائب صدر کی یہ الجھن سُلجھا دی۔

علی ظفر نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے شیر افضل کا بیان درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق کوئی کنفیوژن نہیں ہے۔عمران خان سے منگل کو اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی ، انہوں نے الیکشن کمیشن کے آرڈر سے متعلق پوچھا اورمیں نے اپیل کرنے کی رائے دی۔ فیصلہ ہوا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کیا جائے گا۔’

انہوں نے کہا کہ دوسری مشاورت یہ کی گئی کہ انٹرا پارٹی الیکشن پر روز دینا چاہیے۔ عمران خان کو بتایا تھا کہ الیکشن کمیشن اس کوشش میں ہے کسی نہ کسی طرح بلے کا نشان چھین لیا جائے۔

علی ظفرنے مزید بتایا کہ عمران خان نے انکی بات سے اتفاق کیا، جس کے بعد انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے پینلز سے متعلق تفصیلی بحث ہوئی۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ ’ اگر قانونی رائے آتی ہے کہ الیکشن کمیشن عمران خان کہ نااہلی کے باوجود چیئرمین منتخب ہونے پر انٹرا پارٹی الیکشن پر پھرسے اعتراض عائد کر سکتا ہے تو پھرعمران خان الیکشن حصہ نہ لیں۔

سینیٹر علی ظفر کا مزید کہنا تھا کہ آج یہ فیصلہ ہو جائے گا کہ عمران خان نے چیئرمین کا انتخابات لڑنا ہے یا نہیں، اگر وہ کسی کو نامزد کرتے ہیں تو اسکے مطابق الیکشن ہوں گے۔’

ایک سوال کے جواب میں علی ظفرکا نامزد امیدوار کا نام بتائے بغیر کہناتھا کہ کہنا تھا کہ ملاقات میں عمران خان نے یہ رائے دی کہ اگر وہ انتخابات میں حصہ نہ لے سکے تو پھر اس نام کوچیئرمین کیلئے الیکشن لڑوائیں۔ نامزد شخص کے نام کا اعلان آج کر دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے فیصلے سے متعلق انہیں سب پتا ہے اور انہوں نے متعلقہ افراد کو بتا یا ہے۔ جب تک توشہ خانہ کیس کا فیصلہ ختم نہیں ہوتاہماری یہی پوزیشن رہے گی۔ ہم آئین و قانون کے مطابق الیکشن لڑیں گے۔ یہ عارضی فیز ہے۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ، ’عمران خان پارٹی سربراہ رہیں گے اور وہی سرپرستی کرتے رہیں گے، پی ٹی آئی ان کے سوا کچھ نہیں۔ نامزد نام کے ذریعے تکنیکی مرحلہ پورا کر رہے ہیں۔ یہ ایک ”پلان بی“ ہے جسے کافی دیرسے اپنایا ہوا ہے اوراس حوالے سے کوئی کنفیوژن نہیں ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو 20 دن کے اندر نئے انٹرا پارٹی انتخـابات کرانے کا حکم دیا تھا۔ علی ظفر کے مطابق ہفتے یا اتوار (2 اور 3 دسمبر ) کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیاجائے گا۔

اگر لاپتہ افراد بازیاب نہ ہوئے تو وزیراعظم اور وزیر داخلہ کیخلاف مقدمہ درج کرائیں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ

بلوچ طلبا بازیابی کیس کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سے کہا کہ اگر لاپتہ افراد بازیاب نہ ہوئے تو وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے، پھر آپ دونوں کو گھر جانا پڑے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بلوچ طلبہ کی جبری گمشدگی کمیشن عمل درآمد کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس محسن اخترکیانی نے سماعت کی۔

اس موقع پر نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، نگراں وزیر انسانی حقوق خلیل جارج اور لاپتہ بلوچ افراد کے اہل خانہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت کا کہنا تھا کہ مجموعی طور 69 طلباء لاپتہ تھے۔

 

 

اٹارنی جنرل منسور اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکے، مزید 22 بلوچ طلباء بازیاب ہوگئے ہیں جبکہ 28 بلوچ طلباء تاحال لاپتہ ہیں۔

منصور اعوان نے عدالت کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میں یقین دہانی کراتا ہوں تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے کی کوششیں کریں گے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاکہ سوال بہت سادہ ساہے پیش کی گئی رپورٹ سےلگتا ہے پاکستان میں کوئی قانون نہیں، لاپتہ افراد کا الزام ہماری ایجنسیوں پرہے، اگر ہم کلبھوشن کا ٹرائل کرسکتے تو باقیوں کا بھی کرسکتے ہیں۔

وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے بتایا کہ بہت سارے افراد عدالتی مفرور ہیں، کچھ افراد افغانستان چلےگئے، الخانہ کمیشن میں درخواست دے دیتے تو یہ افراد فہرست میں شامل ہو جاتے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ پاکستان میں جس کا جو دل کر رہا ہے وہ کر رہا ہے، المیہ ہے کہ مقدمہ اندراج کے بعد خاموشی چھاجاتی، کیا ہم خود جب لاپتہ ہوں گے تب سمجھ آئے گی؟

جسٹس محسن اختر کیانی کا کہنا تھا کہ کوئی قانون سے ماورا نہیں، قانون کا یہ چکر چلے گا تو وہ لوگ بھی پراسکیوٹ ہوجائیں گے جو جبری گمشدگیاں کر رہے ہیں۔

جسٹس محسن اخترکیانی نے نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنا مائنڈ بتا دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ اگر لاپتہ افراد بازیاب نہ ہوئے تو وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے، پھر آپ کو اور وزیراعظم کو گھر جانا پڑے گا، دو ہفتے میں ان افراد سے ملاقات کریں اور مسئلہ حل کرائیں۔

نگران وزیرداخلہ نے کہا کہ ازخود لاپتہ، جبری گمشدہ اورمسنگ پرسن میں فرق ہے، بیوی سے جھگڑا کرکے جانے والوں کے اہلخانہ بھی لاپتہ کمیشن میں کیسز کردیتے ہیں، البتہ کیس ٹو کیس تحقیقات کریں گے اور گمشدہ افراد کے اہل خانہ کوکھانے پردعوت دے کر ہر فرد سے بات کروں گا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے سرفراز بگٹی سے کہا کہ اس معاملے پر سیکرٹری دفاع کو ہدایات جاری کریں اور ماتحت اداروں کو بلا کر پوچھیں۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت 10جنوری تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ 22 نومبر کو ہونے والی سماعت میں عدالت عالیہ نے وزیراعظم سمیت وزیر دفاع اور وزیر داخلہ کو بھی آج عدالت طلب کیا تھا۔

کپتانی میرے لیے موقع ہے لیکن عہدے عارضی ہوتے ہیں، شان مسعود

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ کپتانی میرے لیے ایک موقع ہے لیکن عہدے عارضی ہوتے ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئےشان مسعود نے کہا کہ میں کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں واپس آیا، جہاں تک میری فارم کی بات ہے تو میں نے صرف ڈومیسٹک کرکٹ کھیلی، انٹرنیشنل نہیں، لہٰذا میری کوشش ہوگی آسٹریلیا کے خلاف اچھی پرفامنس دوں۔

انہوں نے کہا کہ کپتانی میرے لیے ایک موقع ہے لیکن تمام عہدے عارضی ہوتے ہیں، پھر بھی کوشش ہوگی ٹیم کے لیے اچھے سے اچھاکھیلیں اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ میں پوائنٹس حاصل کریں۔

سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ جو ٹیم چاہتے تھے ہمیں وہی ٹیم ملی

شان مسعود نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کو اپنے لئے چیلنج سمجھ رہے ہیں، ٹیم سلیکشن کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے، سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ جو ٹیم چاہتے تھے ہمیں وہی ٹیم ملی ہے، سینئرکی مشاورت سے بہترکارکردگی دکھائیں گے۔

قومی کرکٹر بے کہا کہ ٹیسٹ میچز میں 20 آؤٹ کرنے ہوتے ہیں اس لیے اسپنر کھلانا ضروری ہے اور اگر اضافی بیٹر کی ضرورت ہوئی تو اسے لیکر میدان میں اتریں گے، ہماری ٹیسٹ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ چار سال بعد آسٹریلیا میں ان ہی کے خلاف کھیلیں گے تو ظاہر اب کھیلنا مختلف ہوگا، پنڈی اسٹیڈیم میں گیند باؤنس ہوتی ہے، اس لیے وہاں ٹریننگ سیشنز کیے۔ البتہ پاکستانی پچز کو آسٹریلیوی پچز نہیں بنا سکتے، ہر جگہ کی پچ کنڈیشنز مختلف ہوتی ہیں۔

پلان ہے میں تیسرے اور بابراعظم چوتھے نمبر پر کھیلیں

بیٹنگ آرڈر پر ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ اوپننگ میں امام الحق اور عبدا اللہ شفیق اچھی پرفامنس دے رہے ہیں، ہمارا پلان ہے کہ میں تیسرے نمبر پرکھیلوں کیونکہ میں ڈومیسٹک میں بھی اسی نمبر پربیٹنگ کی ہے جب کہ بابراعظم اپنے چوتھے نمبر پر ہی کھیلیں گے۔

بابراعظم کے حوالے سے شان مسعود نے کہا کہ بابراعظم سے میرا ُپرانا تعلق اور اچھی دوستی ہے، ہم نے اسلام آباد کے لیے ایک ساتھ کھیلنا شروع کیا تھا، بابر بیٹنگ گروپ کا لیڈر ہے۔

سرفراز احمد کا ہونا ہی ہمارے لیے بڑی بات ہے

سابق کپتان سرفراز احمد کے حوالے سے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ سرفراز احمد کا ہونا ہی ہمارے لیے بڑی بات ہے، وہ قومی ٹیم کے کامیاب کپتانوں میں سے ایک ہیں۔

کوشش تھی حارث رؤف اسکواڈ میں شامل ہوں لیکن وہ دستیاب نہیں

شان مسعود کا کہنا تھا کہ بولنگ میں نسیم شاہ کی کمی محسوس ہوگی، کوشش تھی حارث رؤف اسکواڈ میں شامل ہوں لیکن وہ دستیاب نہیں ہیں۔

پلیئنگ الیون پر ان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کا آسٹریلیا میں اچھا ٹریک ریکارڈ ہے لیکن وہاں پہنچ کر ہی 11 رکنی اسکواڈ کا فیصلہ کریں گے، ابھی سے کچھ نہیں بتا سکتے۔

آسٹریلیا کا کھیلنے کا انداز ہمارے کنٹرول میں نہیں

اپنی پریس کانفرنس میں شان مسعود نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کا کھیلنے کا انداز ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے لیکن ہمارے کنٹرول میں اپنا کھیلنے کا انداز ہے، مخلاف ٹیم کا مشاہدہ ضرور کر سکتے ہیں اور انہیں ٹف ٹائم دینے کی کوشش کریں گے۔

مجھ سمیت ووٹ مانگنے جانیوالوں کو لگ پتا جائے گا: شیخ رشید

پی این این:عوامی مسلم لیگ کےسربراہ شیخ رشید احمد کاکہنا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے کہہ دیا کہ الیکشن ہونے جا رہےہیں،10تاریخ سے الیکشن مہم شروع کررہا ہوں،اللہ مجھے دونوں سیٹیں جتائے گا،قلم دوات کے نشان پرراولپنڈی کی دونوں سیٹیں نکلیں گی۔مجھ سمیت  ووٹ مانگنے جانیوالوں کو لگ پتا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگوکرتےہوئے کہا کہ عوام میں جذبہ نہیں،بھوک،افلاس اور مہنگائی ہے،جو ووٹ مانگنے جائے گا اس کو لگ پتہ جائے گا،ان کا کہناتھا کہ اچھی خبر یہ ہے آج آبپارہ میں بھی ضمانت کنفرم ہوگئی ہے،مجھ پر 68کیسز بنے ہیں۔

کسی کوعلم نہیں تھا تحریک انصاف تحریک تباہی بن جائے گی، شہباز شریف

سابق وزیراعظم اورصدرمسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسی کوعلم نہیں تھا تحریک انصاف تحریک تباہی بن جائے گی۔

احتساب عدالت لاہورمیں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں عدلیہ کا بے حد احترام ہے، عدالتوں میں حاضری کو اپنا فرض سمجھتے ہیں، شریف خاندان اور لیگی رہنماؤں نے سختیاں جھیلیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے سامنے ان کی بیٹی کو گرفتارکیا گیا، نواز شریف نے دو بارجلاوطنی برداشت کی، لیگی قائد نے وطن واپس آکر خود کو قانون کے سامنے پیش کیا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی حکومتیں گرائی گئیں، نواز شریف کی حکومت کا 2017 میں تختہ الٹا گیا، بلوچستان میں بھی ن لیگ کی حکومت گرائی گئی تھی۔

 

سابق وزیراعطم نے کہا کہ آپ نے دیکھا 6 سال بعد آج ملک کہاں کھڑا ہے، نواز شریف 2013 میں مخلوط حکومت بنا سکتے تھے، البتہ کسی کوعلم نہیں تھا تحریک انصاف، تحریک تباہی بن جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن بروقت ہونے چاہئیں، نواز شریف بھرپورالیکشن مہم چلائیں گے۔

9 مئی واقعات پر شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کے آلہ کاروں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے، اس روز پاکستان کے خلاف سازش اور غداری کی جس کی ملک بھر میں مذمت کی گئی۔

190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس؛ عمران خان کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ نیب تحقیقات اور 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں جیل ٹرائل کا نوٹی فکیشن جاری ہوگیا۔

دونوں مقدمات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے جیل ٹرائل کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے وزارت قانون و انصاف نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق احتساب عدالت اڈیالہ جیل میں ان مقدمات کی سماعت کرے گی۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں بھی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا ٹرائل جیل ہی میں کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔

خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے منگل کے روز جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں سائفر کیس کی سماعت کی ، جس میں جیل حکام نے عدالت میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ملزمان عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو پیش نہیں کرسکتے۔ اسلام آباد پولیس کو اضافی سیکورٹی کے لیے خط لکھا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کو سنجیدہ نوعیت کے سکیورٹی خدشات ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹرائل جیل ہی میں ہوگا ۔ میڈیا کو بھی جیل ٹرائل کور کرنے کی اجازت ہوگی، جو بھی ٹرائل دیکھنے کی خواہش رکھتا ہو اسے بھی اجازت ہوگی۔

بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان، صارفین پر 40 ارب کا اضافی بوجھ

اسلام آباد: بجلی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کیے جانے کا امکان ہے، جس سے صارفین پر 40 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بجلی کی قیمت میں 3 روپے 53 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ یہ اضافہ اکتوبر 2023ء کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے، جس پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سی پی پی اے کی درخواست پر آج سماعت کی۔

فیول پرائس اور بقایا جات کی مد میں سی پی پی اے کی درخواست پر بجلی کی قیمت میں من و عن اضافے کی صورت میں جی ایس ٹی سمیت بجلی صارفین پر تقریباً 40 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

نیپرا کے مطابق سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت مکمل ہو چکی ہے۔ اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کیا جائے گا۔

بلوچ طلبا بازیابی کیس؛ نگراں وزیراعظم اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش نہ ہوئے

اسلام آباد: بلوچ طلبا بازیابی کیس میں نگراں وزیراعظم انوار الحق عدالتی حکم کے باوجود اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش نہ ہوئے۔

ہائی کورٹ میں بلوچ طلبا بازیابی کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کیس کی سماعت ہوئی۔ نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی ، نگران وزیر انسانی حقوق خلیل جارج ، لاپتہ بلوچ افراد کی فیملیز عدالت کے سامنے پیش ہوئیں۔

عدالت نے کہا کہ مجموعی طور 69 طلباء لاپتہ تھے۔

اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وزیراعظم بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکے، مزید 22 بلوچ طلباء بازیاب ہوگئے ہیں، 28 بلوچ طلباء تاحال لاپتہ ہیں، میں یقین دہانی کراتا ہوں تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے کی کوششیں کریں گے۔

نگراں وزیراعظم کا بل گیٹس سے ٹیلی فونک رابطہ، پولیو کی روک تھام پر گفتگو

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں پولیو کی روک تھام پر گفتگو کی گئی۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو آج شام بل گیٹس کی کال موصول ہوئی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

یاد رہے کہ نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اس وقت متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سرکاری دورے پر ہیں۔

ٹیلی فون کال کے دوران نگراں وزیراعظم اور بل گیٹس نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی اپنی ملاقات کا ذکر کیا۔

انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کو پولیو سے محفوظ ملک بنانے کی حکومت کی کوششوں میں گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔

انہوں نے ملک کو پولیو وائرس سے نجات دلانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

اس سلسلے میں نگراں وزیراعظم نے بل گیٹس کو پاکستان بھر میں جاری پولیو ویکسینیشن مہم کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان غذائی قلت کے مسائل اور میٹرنل ہیلتھ کے موضوعات پر بھی گفتگو ہوئی۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حکومت اور بی ایم جی ایف کے درمیان بہترین تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ حکومت پاکستان ایک صحت مند اور محفوظ پاکستان کے لیے پرعزم ہے اور اس کوشش میں بی ایم جی ایف جیسے قابل اعتماد شراکت داروں کی مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سرکاری دورے پر کویت روانہ

دوسری جانب نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دورہ مکمل کویت کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے۔

نگراں وزیراعظم ابوظہبی کے البطین ہوائی اڈے سے کویت سٹی کے لیے روانہ ہوئے، یو اے ای کے وزیر توانائی سہیل محمد المزروعی اور پاکستانی سفارتی عملے نے انوار الحق کاکڑ کو رخصت کیا۔

دورے کے دوران نگراں وزیرِاعظم کویت کے ولی عہد شيخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور وزیرِاعظم شيخ احمد النواف الاحمد الصباح سے ملاقات کریں گے۔

نگراں وزیراعظم کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور مختلف شعبوں جن میں افرادی قوت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات و کان کنی، غذائی تحفظ، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔

نگراں وزیراعظم کا ابوظہبی میں شیخ زائد گرینڈ مسجد کا دورہ

ادھر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ابوظہبی میں شیخ زائد گرینڈ مسجد کا دورہ کیا اور کہا کہ شیخ زاید کے پاکستان کی قیادت اورعوام کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات تھے۔

نگراں وزیراعظم نے آج ابوظہبی میں شیخ زاید گرینڈ مسجد کا دورہ کیا اور مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ شیخ زاید کے پاکستان کی قیادت اور عوام کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات تھے۔

نگراں وزیراعظم نے مزید کہا کہ شیخ زاید مسجد کا عظیم پیغام باہمی، رواداری کے لیے کشادہ دلی کے تصورات کو اجاگر کرتا ہے، یہ پیغام متحدہ عرب امارات کے بانی کی شاندار میراث سے متاثر ہے۔

نگراں وزیراعظم کو اسلامی ثقافت کے حقیقی جوہر کو اجاگر کرنے میں مسجد کے اہم کردار کے بارے میں بتایا گیا، شیخ زید گرینڈ مسجد جدید اسلامی فن تعمیر کا ایک شاہکارنمونہ ہے، جس میں 40 ہزار سے زائد نمازیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، شیخ زید مسجد متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی اور دنیا کی تیسری بڑی مسجد ہے۔

واضح رہے کہ مسجد کے دورے کے دوران نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمزی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔