میاں نواز شریف یورپ روانہ، دو اہم ملاقاتیں شیڈول

دبئی: (خبریں ڈیجیٹل) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف دبئی اور سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے یورپ روانہ ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف تقریباً دو ہفتے تک یورپ میں قیام کریں گے، اس دوران ان کی فیملی کے افراد بھی ہمراہ ہوں گے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ ن لیگ کے قائد اپنے دورے کے دوران تین یورپی ممالک جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کی یورپی ملک میں اہم ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں جب کہ باقی وقت وہ فیملی کے ہمراہ نجی مصروفیات میں گزاریں گے۔

اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان روانگی سے قبل میاں نواز شریف زیادہ وقت اپنی فیملی کے ساتھ گزاریں گے۔

واضح رہے کہ ن لیگ کے اہم رہنماؤں کا اس حوالے سے متعدد مرتبہ یہ مؤقف سامنے آچکا ہے کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل سابق وزیراعظم میاں نواز شریف بیرون ملک سے پاکستان کے لیے روانہ ہو جائیں گے اور انتخابی مہم میں پارٹی کی قیادت کریں گے۔

آئندہ 2 روز کے دوران مون سون بارشوں کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی

ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون کی موسلا دھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہرکر دیا گیا۔ 

محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 روز کے دوران ملک بھر میں مون سون بارشوں کے جاری سلسلے  میں شدت کا امکان ظاہر کیا ہے، بحیرہ عرب سےمون سون ہوائیں ملک کے زیادہ تر علاقوں پر اثر انداز ہو رہی ہیں، ایک مغربی لہر بھی بالائی اور وسطی حصوں پر موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق 28 اور 29 جولائی کے دوران جڑواں شہروں سمیت پشاور، چارسدہ،مردان،نوشہرہ،ایبٹ آباد،مانسہرہ،گوجرانوالہ،گجرات،نارووال، سیالکوٹ،لاہور ،قصور اورفیصل آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

اگلے دو روز کے دوران ڈیرہ غازی خان، شمال مشرقی اورجنوبی بلوچستان کے علاقوں (ژوب ، بارکھان ،کوہلو،سبی، نصیر آباد، موسی خیل،شیرانی، ہرنائی،بولان،لورالائی، خضدار، لسبیلہ،کیچ،تربت، پنجگور، آواران اورگردونواح) میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

جبکہ مری،گلیات،کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخواہ کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کل جمعہ کے روز کشمیر، اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، پنجاب ، خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان ، شمال مشرقی اور جنوبی بلوچستان اور جنوب مشرقی ، بالائی سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران کشمیر، اسلام آباد ، خطۂ پوٹھوہار ، شمال مشرقی ، جنوبی پنجاب ، بالائی /وسطی خیبر پختونخوا اور مشرقی بلو چستان میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم پنجاب، اسلام آباد ،بالائی/وسطی خیبرپختونخوا ، کشمیر ، بلوچستان، سندھ اور بابوسر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقا مات پر موسلادھار بارش بھی ہوئی۔

پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان 80 دن بعد جیل سے رہا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کو پشاور ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد مردان جیل سے رہا کر دیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کی اسی دن کے بعد جیل سے رہائی ملی ہے، گزشتہ 3 ماہ کے دوران علی محمد خان کو 7 بار رہائی ملتے ہی گرفتار کیا گیا تھا،پی ٹی آئی رہنما کو 9 اور 10 مئی کی توڑ پھوڑ کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نےتحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔

جسٹس اعجاز انور اور جسٹس فضل سبحان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے علی محمد خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ اس دوران عدالت نے تھری ایم پی او کے تحت علی محمد خان کی ضمانت منظورکی اور انہیں رہا کرنے کا حکم جاری کیاتھا۔

جسٹس اعجاز انور ریمارکس دیے ہیں کہ ڈپٹی کمشنر مردان آئندہ سماعت پر پیش ہوں، ایک ڈی سی کو عبرت کا نشان بنائیں گے تو پھر کوئی بھی غیر قانونی کام نہیں کرے گا۔

پشاور ہائی کورٹ نے ڈی سی مردان کو 8 اگست کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے جبکہ کیس کی سماعت بھی 8 اگست تک ملتوی کی گئی ہے۔

بھارتی پارلیمنٹ نے مودی کیخلاف تحریک عدم اعتماد پرووٹنگ کی اجازت دے دی

نئی دہلی :  بھارتی پارلیمنٹ نے ریاست منی پور میں نسلی فسادات کے معاملے پر نریندر مودی کی حکومت کے خلاف اپوزیشن اتحاد کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی اجازت دے دی ہے۔

بھارتی اپوزیشن کی 26 جماعتوں کے اتحاد کا مودی پر عدم اعتماد کا اظہار ، سپیکر اوم برلا کاکہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر بحث اور ووٹنگ کا فیصلہ جلد ہو گا تحریک عدم اعتماد کا مقصدمنی پور میں فسادات پر مودی کی خاموشی توڑنا ہے ۔

عدم اعتماد کی یہ تحریک بھارتی تاریخ کی 28 ویں تحریک عدم اعتماد ہو گی۔

اپوزیشن جماعتوں کا مؤقف ہے کہ بھارتی وزیراعظم کی جانب سے خواتین سے زیادتی کی ویڈیوز سامنے آنے پر بھی کوئی بیان نہیں دیا گیا ، منی پور میں فسادات جاری ہیں ، مشتعل ہجوم نے کئی گھروں، سرکاری دفاتر اور گاڑیوں کو آگ لگادی ۔

ریاست منی پور میں الیکٹرانک میڈیااور سوشل میڈیا کی بندش سے 30 لاکھ افراد کا دوسری دنیا سے رابطہ منقطع ہے ، ہنگاموں میں اب تک 150افراد ہلاک اور 50ہزار سے زائد بے گھر ہوچکے ہیں۔

بھارتی پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد پر بحث کے لیے ابھی وقت مقرر نہیں کیا گیا۔

خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق نریندر مودی کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو 542 کے ایوان میں 301 کی واضح اکثریت حاصل ہے اور عدم اعتماد پر ووٹنگ سے حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

منی پور 32 لاکھ افراد پر مشتمل ایک چھوٹی ریاست ہے جہاں سکیورٹی کے سنگین مسائل کھڑے ہوگئے ہیں اور مودی کی حکومت ناکام ہوگئی ہے جس کا انہیں نقصان مئی 2024 میں ہونے والی قومی انتخابات میں ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ مون سون بارشوں کے حوالے سے جاری سیشن کے دوران منی پور کے واقعات پر وزیراعظم نریندر مودی سے وضاحتی بیان کا مطالبہ کیا اور اس کے لیے پارلیمنٹ میں بحث کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔

پنجاب میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کوریج پر پابندی

لاہور: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی وزراء منصور قادر، عامر میر، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، عسکری و رینجرز کے اعلیٰ حکام، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، سیکرٹریز قانون، کمشنر لاہور ڈویژن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، ڈویژنل کمشنرز اور آر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے، اجلاس میں غیر ملکی شہریوں خصوصاً چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے کئے گئے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

آئی جی پنجاب نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جبکہ عسکری و سول حکام نے رپورٹس بھی پیش کیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 8،9 اور 10 محرم الحرام کو جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کوریج پر مکمل پابندی ہو گی، فوج، رینجرز اور پولیس کے چاک و چوبند دستے فلیگ مارچ کریں گے۔

وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے تمام کمشنرز اور آرپی اوز کو بارشوں کے پیش نظر جلوسوں اور مجالس کیلئے پیشگی پلان تیار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کرائی جائے۔

محسن رضا نقوی نے مزید کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے، امن کمیٹیوں کے ارکین اور منتخب نمائندے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کریں، غیر ملکیوں کی حفاظت کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث شر پسندوں کے خلاف پراسیکیوشن کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کمشنرز اور آرپی اوز کو 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے ڈسٹرکٹ جے آئی ٹیز کی کارکردگی مانیٹر کرنے کی ہدایت کی۔

کولمبو ٹیسٹ: پاکستان نے سری لنکا کو ایک اننگز اور 222 رنز سے شکست دے دی

کولمبو:  پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا کو ایک اننگز اور 222 رنز سے شکست دیکر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

چوتھا روز

کولمبو میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 563 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تاہم 13 رنز کے اضافے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان نے اننگز 576 پر ڈیکلیئر کر دی اور آئی لینڈرز کے خلاف 410 رنز کی برتری حاصل کر لی، سلمان علی آغا 132 جبکہ محمد رضوان 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کے اوپنر نشان مدوشکا 33، کپتان ڈیموتھ کرونارتنے 41، کوشل مینڈس 11، دھننجیا ڈی سلوا 10، سدیرا سماراوکراما 5، دنیش چندیمل ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، رمیش مینڈس 16 رنز پر سٹمپ آؤٹ ہوگئے، انجیلو میتھیوز 59 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے سری لنکا کے 7 کھلاڑیوں کو نعمان علی نے پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ نسیم شاہ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تیسرا روز

سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز قومی ٹیم نے 178 رنز سے اننگز کا آغاز کیا، عبد اللہ شفیق نے ڈبل سنچری سکور کی، انہوں نے 326 گیندوں پر 19 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 201 بنائے، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بابراعظم 39 جبکہ سعود شکیل 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد 14 رنز بنا کر ہیلمٹ پر گیند لگنے کے باعث ’’ریٹائرڈ ہرٹ‘‘ ہوئے جبکہ آغا سلمان 132 اور محمد رضوان 37 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

سری لنکا کی جانب سے اسھیتا فرنینڈو نے 3 جبکہ پرباتھ جے سوریا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرا روز

سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکا کی پوری ٹیم 166 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جبکہ قومی ٹیم نے 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 12 رنز کی برتری حاصل کر لی ۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے جارحانہ 47 گیندوں پر 51 اور امام الحق 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان بابراعظم 28 جبکہ اوپنر عبداللہ شفیق 87 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

سری لنکا کی جانب سے دونوں کھلاڑیوں کو اسھیتا فرنینڈو نے آؤٹ کیا۔

پہلا روز

گزشتہ روز سری لنکا ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں محض 166 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی جبکہ پاکستان نے کھیل کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے تھے۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو 13 کے مجموعی سکور پر قومی ٹیم کی پہلی وکٹ گر گئی، اوپنر امام الحق 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر عبداللہ شفیق اور شان مسعود دونوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں، شان مسعود 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کو سری لنکا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 21 رنز درکار ہیں، عبداللہ شفیق 74 اور بابر اعظم 8 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

قبل ازیں سری لنکا نے بیٹنگ شروع کی تو 9 رنز کے سکور پر اوپنر نشان مدوشکا رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 4 رنز بنائے، ان کے بعد آنے والے کسال مینڈس 6 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔

سری لنکا کی تیسری وکٹ 35 کے مجموعی سکور پر گری، یہاں اینجلو میتھیوز 9 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، کپتان دیموتھ کرونارتنے 17 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

چوتھی وکٹ گرنے کے بعد دنیش چندی مل اور دھننجیا ڈی سلوا کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنائے گئے لیکن 121 کے مجموعی اسکور پر 34 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔

دنیش چندی مل کے آؤٹ ہوتے ہی سری لنکن بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور چھٹی وکٹ 122 رنز اور ساتویں وکٹ 133 رنز پر گر گئی، وکٹ کیپر بلے باز سدیرا سماراوکراما صفر اور دھننجیا ڈی سلوا 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، میزبان ٹیم کی آٹھویں وکٹ 136 رنز، نویں وکٹ 163 رنز اور آخری وکٹ 166 رنز پر گری۔

قومی ٹیم کی جانب سے لیگ سپنر ابرار احمد نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ 3 اور شاہین شاہ آفریدی ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

بھارتی شہریوں کی نسبت پاکستانیوں میں برداشت زیادہ ہے، عدنان صدیقی

لاہور: (خبریں ڈیجیٹل) معروف پاکستانی اداکارعدنان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کی برداشت بھارتی سامعین سے زیادہ ہے، ہم بھارت کے متعلق اچھی چیزیں قبول کرلیتے ہیں۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بالی ووڈ فلم مام کی عکس بندی کے دوران پیش آنے والے تجربات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ میں نے فلم کے پروڈیوسر بونی کپور سے کہا کہ پرانی دہلی میں کچھ کھانا چاہتا ہوں جس پر فلم کے پروڈیوسر نے کہا کہ آپ کو سکیورٹی میں جانا چاہیے۔

عدنان صدیقی نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں نے سوچا کون مجھے یہاں پہچانے گا، تو میں اس جگہ پہنچا اور حیران رہ گیا کہ لوگ نہ صرف مجھے وہاں پہچانتے تھے بلکہ میرے کام کی تعریف بھی کی۔

یاد رہے کہ بالی ووڈ فلم مام میں سری دیوی، عدنان صدیقی، نوازالدین صدیقی اور سجل علی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے جبکہ فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی پاک بھارت کشیدگی بڑھنے لگی تھی۔

فوج کو بدنام کرنے پر 2 سال قید اور جرمانہ ہوگا: آرمی ایکٹ ترمیمی بل سینیٹ سے منظور

اسلام آباد:  سینیٹ نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل منظور کر لیا، فوج کو بدنام کرنے پر 2 سال قید اور جرمانہ ہوگا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل منظوری کیلئے پیش کیا جسے ایوان نے منظور کر لیا۔

بل کے تحت سرکاری حیثیت میں سلامتی اور مفاد سے متعلق حاصل معلومات کا انکشاف کرنے والے غیر مجاز شخص کو 5 سال تک قید کی سزا ہوگی۔

ترمیمی بل کے مطابق آرمی چیف یا بااختیار افسر کی اجازت سے معلومات ظاہر کرنے والے شخص کو سزا نہیں ہوگی، پاکستان اور افواج کے مفاد کیخلاف انکشاف کرنے والے سے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ کے تحت نمٹا جائے گا۔

بل کے تحت کوئی بھی سرکاری ملازم ریٹائرمنٹ، استعفے اور برطرفی کے 2 سال بعد تک سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے گا، حساس ڈیوٹی پر تعینات شخص 5 سال تک سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکے گا، سیاسی سرگرمی میں حصہ لینے پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے کو 2 سال تک سخت سزا ہوگی۔

مجوزہ بل میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک فوج کیخلاف الیکٹرانک کرائم میں ملوث شخص کو الیکٹرانک کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا، فوج کو بدنام کرنے اور اس کیخلاف نفرت پھیلانے والے کو 2 سال تک قید اور جرمانہ ہوگا۔

بل کی منظوری کے طریقہ کار پر اعتراض

بل کی منظوری کے طریقہ کار کے خلاف رہنما پیپلزپارٹی و سینیٹر رضا ربانی اور جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے اعتراض کیا۔

سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ کچھ بلز ہمیں آج صبح ملے ہیں، ان بلز کا تعلق آرمی ایکٹ، کنٹونمنٹس، ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی ایکٹ سے ہے، اس بل کو متعلقہ قائمہ کمیٹی میں بھیجا جائے، قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھا گیا ترامیم کو خاطر میں نہیں لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی جو بل پاس ہوئے یہ پارلیمان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، اس طریقے سے بلائنڈ قانون سازی ہوئی ہے، ہمیں نہیں پتا بل میں کیا ہے میں اس کے خلاف واک آؤٹ کرتا ہوں۔

سینیٹر رضاربانی نے کہا کہ ہمیں بل کی کاپیاں نہیں دی گئیں، اچانک 3 بل سینیٹ میں منظوری کیلئے پیش کئے گئے جس کے بعد رضا ربانی سینٹ سے واک آؤٹ کر گئے۔

اس موقع پر سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ میں پہلے بھی درخواست کر چکا ہوں کہ جلد بازی میں اس طرح قانون سازی نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایوان کے طریقہ کار کی خلاف ورزی نہیں کی جانی چاہیے، اس بل کو پہلے کمیٹی میں بھیجا جانا چاہیے تھا۔

خواتین کیخلاف ریمارکس پر خواجہ آصف کا معذرت سے گریز
اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے 2 روز قبل ایوان میں خواتین کے خلاف دیئے جانے والے تضحیک آمیز ریمارکس پر اظہار معذرت کیا اور خواجہ آصف سے بھی معذرت کا اظہار کرنے کی درخواست کی۔

اس موقع پر ایوان سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ میری گفتگو کا پس منظر دیکھا جائے، میں نے کسی مخصوص جنس کے حوالے سے بات نہیں کی تھی، جب سینیٹر علی ظفر نے ایوان کو بلڈوز کرنے کی بات کی تو میں نے کہا کہ وہ لوگ یہ باتیں نہ کریں جنہوں نے اپنے وقت میں ایک، دو منٹ میں 54 بل منظور کر لئے تھے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس دوران میں نے ایک جملہ کہا جو کسی مخصوص جنس سے متعلق نہیں تھا لیکن اگر کوئی اس کو زبردستی کھینچ کر ایسا بنانا چاہتا ہے تو یہ ان کی اپنی مرضی ہے، ہم صنفی برابری کی بات کرتے ہیں لیکن ریمارکس تو مردوں کے خلاف بھی دیئے جاتے ہیں مگر انہوں نے تو کبھی احتجاج نہیں کیا، اگر یہ صنفی برابری کا دعویٰ کرتے ہیں تو اس قسم کے حوالوں کو برداشت کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری قائد مریم نواز شریف کے خلاف جب ریمارکس دیئے گئے اس وقت ان کا ضمیر نہیں جاگا، یہ اس کی معافی مانگیں تو میں بھی معذرت کر لوں گا۔

دریں اثنا پی ٹی آئی کے اراکین پارلیمنٹ نے خواجہ آصف کے ریمارکس کے خلاف ایوان سے احتجاجاً واک آؤٹ کر لیا۔

کنٹونمنٹس ایکٹ ترمیمی بل اور بورڈ اف انویسٹمنٹ ترمیمی بل بھی منظور

علاوہ ازیں سینیٹ نے کنٹونمنٹس ایکٹ ترمیمی بل اور بورڈ اف انویسٹمنٹ ترمیمی بل بھی منظور کر لیا، دونوں بل وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ضمنی ایجنڈے کے طور پر پیش کئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر میں چائنہ ایکسپو سینٹر کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گوادر میں چائنہ ایکسپو سینٹر کا افتتاح کر دیا۔

وزیراعظم نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد اور افتتاح بھی کیا، جن میں بسیمہ۔خضدار روڈ،آواران۔جھلجاؤ روڈ، نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور 132 کے وی کی پنجگور، ناگ، بسیمہ، نل ٹرانسمشن لائن شامل ہیں۔

قبل ازیں گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ نے گوادر پہنچنے پر وزیرِ اعظم کا استقبال کیا، گوادر کے دورے میں وفاقی وزراء بھی وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہمراہ ہیں۔

دورہ کے دوران وزیراعظم گوادر یونیورسٹی کے ہونہار طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم اور تقاریب سے خطاب کریں گے، شہباز شریف گوادر کے مستحق ماہی گیروں میں امدادی چیک بھی تقسیم کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے وزیراعظم کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عبدالقدوس بزنجو نے شکوہ کیا ہے کہ بلوچستان مالی مشکلات سے دوچار ہے، وفاق نے صوبے کو مالی بحران سے نکالنے کے وعدے پورے نہیں کئے۔

اٹلی کے شہر میلان سے نیویارک جانے والا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

اٹلی کے شہر میلان سے نیویارک جانے والا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈیلٹا ائیر لائن کی پرواز نمبر 185 نے 2 سو پندرہ مسافروں کیساتھ اٹلی کے شہر میلان سے اڑان بھری تھی لیکن پائلٹ کو کچھ ہی دیر بعد ایمرجنسی لینڈ کرنا پڑگئی۔

رپورٹ کے مطابق طیارے نے جب رن وے سے اڑان بھری تب موسم ساز گار تھا لیکن سفر شروع ہونے کے 15 منٹ بعد ہی تیز ژالہ باری، طوفان اور گرج چمک کیساتھ بارش شروع ہو گئی۔

موسم کی اچانک بگڑتی صورتحال کے باعث طیارے کے فرنٹ اور دیگر حصوں کو نقصان پہنچا، پائلٹس کے لیے طیارے کو کنٹرول کرنا مشکل ہوگیا جس کے بعد ہنگامی طور پر اٹلی کے دارالحکومت روم کے ائیر پورٹ پر طیارے کی ایمرجنسی لینڈ کرنا پڑی ۔

شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات جنہیں جان لیوا بیماریاں لاحق ہیں

شوبز انڈسٹری کی متعدد معروف شخصیات بھی صحت سے متعلق مسائل میں گھِری رہتی ہیں جن سے متعلق کوئی سوشل میڈیا یا اپنے مداحوں کے ساتھ کسی انٹرویو کے ذریعے شیئر کر لیتا ہے تو کچھ سلیبریٹیز اپنے مسائل کو چھپا لیتے ہیں۔

پاکستان شوبز انڈسٹری میں کچھ فنکار ایسے بھی جنہیں موذی، جان لیوا بیماریاں لاحق ہوچکی ہیں، کچھ نے ان سے چھٹکارہ حاصل کر لیا ہے تو کچھ شخصیات صحت سے متعلق اس مشکل صورتحال میں تاحال گھری ہوئی ہیں۔

اس رپورٹ میں معروف شخصیات اور اُنہیں درپیش بیماریوں سے متعلق معلومات درج ذیل ہیں۔

بدترین ذہنی دباؤ کا شکار فنکار 

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار محسن حیدر عباس، اداکارہ صحیفہ جبار خٹک، گلوکارہ مومنہ مستحسن اور گلوکار نعمان جاوید شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہ چکے ہیں۔

یہ وہ فنکار ہیں جنہوں نے اپنے مسائل کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا جبکہ کچھ فنکار اپنے صحت سے متعلق مسائل کو سوشل میڈیا پر لاتے ہوئے بے حد کتراتے ہیں۔

فلم و ٹی وی انڈسٹری کے اداکار فواد خان نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کہ اُنہیں اسکول کے زمانے سے ذیابطیس کا مرض لاحق ہے۔

انہوں نے ذیابطیس سے جنگ لڑنے اور اس مرض کو مات دینے سے متعلق اپنا تجربہ بھی شیئر کیا تھا۔

زیبا بختیار: ٹائپ 2 ڈائیبٹیز 

اداکارہ زیبا بختیار کو بھی ذیابطیس کا مرض لاحق ہے۔

انہوں نے اپنے سابق شوہر عدنان سمیع خان سے طلاق اور پھر بیٹے کی کسٹڈی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے حال ہی میں بتایا ہے کہ 18 ماہ تک بیٹے کی کفالت حاصل کرنے کے لیے قانونی جنگ لڑی اس دوران شدید ڈپریشن کا شکار ہوئی جو بعدازاں ذیابطیس میں تبدیل ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ صرف 25 برس کی عمر میں ذیابطیس جیسے مرض میں مبتلا ہوئی جبکہ اہل خانہ میں سے کوئی بھی اس مرض کا شکار نہیں۔

اسما عباس: کینسر

اداکارہ اسما عباس کو چھاتی کا کینسر لاحق ہوا تھا، اس دوران اداکارہ کئی پروجیکٹس میں مصروف تھیں، انہوں نے اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنا علاج بھی کروایا اور اس جان لیوا مرض کو مات دی۔

آغا علی: چنبل (اسکن ڈیزیز) میں مبتلا ہیں

ورسٹائل اداکار آغا علی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران خود کو لا حق، لاعلاج بیماری سے متعلق انکشاف کیا تھا۔

آغا علی کا انٹرویو کے دوران اپنی بیماری سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 14 برسوں سے چنبل (psoriasis) نامی جِلدی بیماری کا شکار ہیں اور اُنہیں یہ بیماری کیریئر کے آغاز میں لگی تھی، اس بیماری نے اُن پر طاقتور حملہ کیا تھا، آغاز ہی میں اُن کے جسم پر سیکڑوں کی تعداد میں زخم بن گئے تھے۔

آغا علی کا اپنی اس بیماری سے متعلق مزید بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چنبل کو ادویات کے ذریعے کنٹرول کیا جاسکتا ہے لیکن دنیا میں ابھی تک اس کا مکمل طور پر علاج سامنے نہیں آیا ہے۔

اداکارہ ایمان علی: ’ملٹی پل اسکلیروسز ‘

معروف اداکارہ ایمان علی جان لیوا بیماری ’ملٹی پل اسکلیروسز‘ میں مبتلا ہیں۔

ایمان علی نے ایک انٹرویو کے دوران اپنی بیماری اور کیرئیر میں درپیش آنے والے مسائل اور اس کے ساتھ رہتے ہوئے زندگی کی جدوجہد سے آگاہ کیا تھا۔

ایمان علی کا کہنا تھا کہ 2006ء  میں وہ اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں، ہر میگزین کے سرورق پر اُن کی تصویر ہوتی تھی ایسے میں اُن میں ’ملٹی پل اسکلیروسز ‘ جیسی جان لیوا بیماری کی تشخیص ہوئی۔

ایمان علی نے بتایا کہ اُس وقت یہ میری زندگی کا سب سے بڑا چیلنج بن گیا تھا، انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس بارے میں پتہ ہی نہیں ہے کہ ’ملٹی پل اسکلیروسز‘ میں ہوتا کیا ہے، اس کے زندگی گزارنا کتنا اذیت ناک ہے۔

نادیہ جمیل؛ کینسر 

اداکارہ نادیہ جمیل میں 2020ء میں  موزی مرض کینسر کی تخشیص ہوئی تھی۔

نادیہ جمیل بریسٹ کینسر (چھاتی کا سرطان) کا شکار وئی تھیں، اداکارہ نے سلسلہ وار ٹوئٹس میں بتایا تھا کہ اُن میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور 4 روز سے وہ اس بیماری کا علاج کروا رہی ہیں۔

اذان سمیع خان: Genetic predisposition

اذان سمیع خان ’جینیٹک پری ڈِسپوزیشن‘ نامی بیماری میں مبتلا ہیں۔

یہ ایک جینیاتی بیماری ہے جس میں ایک یا ایک سے زیادہ جینیاتی تغیرات یا خاندانی تاریخ میں کسی بیماری کی موجودگی کی بنیاد پر کسی خاص بیماری کے پیدا ہونے کے امکانات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

اس بیماری کے بڑھتے ہوئے خطرے کے سبب فرد والد یا والدہ کی جانب سے ایک جینیاتی بیماری لے سکتا ہے، جینیاتی بیماری ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ایک فرد بیماری پیدا کرے گا بلکہ وہ بیماری کو عام افراد کے مقابلے میں جَلدی پکڑ لیتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ فوجداری کیس کا ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد:  سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس کا ٹرائل روکنے کی چیئرمین پی ٹی آئی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔

سپریم کورٹ میں جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل پر سماعت کی.۔

دو رکنی بنچ نے کیس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھیج دیا، جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس میں کہا کہ درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں،ٹرائل کورٹ کو کیسے حکم کردیں۔

سپریم کورٹ نےاسلام آباد ہائیکورٹ کو ٹرائل کورٹ کے دائرہ اختیاراور جج ہمایوں دلاور پراعتراضات سے متعلق پی ٹی آئی چیئرمین کی درخواستوں پر ایک ساتھ فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیاتھا۔

گزشتہ روزچیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر سماعت کے لیے سپریم کورٹ کا 2 رکنی بینچ تشکیل دیا تھا۔

کیس کی سماعت کے آغازمیں ہی جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے کہا کہ مناسب ہوگاکہ فریقین کوبھی بلا لیں۔

بعداازاں الیکشن کمیشن سمیت دیگرفریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کردی تھی ۔

دوبارہ سماعت کے آغاز پر درخواست گزار چیئرمین  پی ٹی آئی  کمرہ عدالت میں موجود تھے ، جسٹس یحیی آفریدی نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث سے مکالمہ کیا کہ ’مجھے امید ہے آپ مکمل تیاری سے آئے ہیں‘ جس کے   جواب میں خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہماری دو درخواستیں زیر التواء ہیں۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نےاستفسار کیا کہ ’آپ نے ان درخواستوں کا ذکراس درخواست میں کیا ہے؟‘ جس پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کے دائرہ اختیار اور جج ٹرانسفر کی درخواستیں زیر سماعت ہیں۔

انہوں نے درخواستوں کے نمبر اور متن پڑھ کرسنائے جس پر جسٹس یحییٰ آفریدی نے استفسار کیا، ’آپ یہ چاہتے ہیں ہائیکورٹ دونوں اپیلوں پر فیصلہ کرے‘۔

اس پر خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ جی بالکل  ہم چاہتے ہیں ان کا فیصلہ ہو ، جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ، درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہیں تو ٹرائل کورٹ کو حکم کیسےدیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ کو کہہ رہے ہیں آپ کی اپیل اور تمام درخواستوں پرایک ساتھ فیصلہ کرے، تاہم ٹرائل کورٹ کی کارروائی میں مداخلت مناسب نہیں ہوگی۔

سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کو کیس کا جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کی ٹرائل نہ کرنے کی درخواست نمٹا دی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس قابل سماعت ہونے کا معاملہ واپس ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 4 جولائی 2023 کو ٹرائل کورٹ کو چیئرمین پی ٹی آٸی کو دوبارہ سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

کولمبو ٹیسٹ: شاہینوں کی گرفت مضبوط ، 5 وکٹوں کے نقصان پر 563 رنز بنا لیے

کولمبو:  پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 563 رنز بنا کر سری لنکا کیخلاف 397 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔

کولمبو میں کھیلے جارہے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز قومی ٹیم نے 178 رنز سے اننگز کا آغاز کیا، عبداللہ شفیق نے ڈبل سیچری اسکور کی، انہوں نے 326 گیندوں پر 19 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 201 بنائے، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بابراعظم 39 جبکہ سعود شکیل 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد 14 رنز بناکر ہیلمٹ پر گیند لگنے باعث ’’ریٹائرڈ ہرٹ‘‘ ہوئے جبکہ آغا سلمان 132 اور محمد رضوان 37 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں، لنکا کی جانب سے اسھیتا فرنینڈو نے 3 جبکہ پرباتھ جے سوریا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل بارش کے باعث وقت سے پہلے ہی ختم کردیا گیا تھا۔