190 ملین پاؤنڈ کیس: 3 سابق وزراء نے نیب کو بیانات قلمبند کرادئیے

لاہور: (ویب ڈیسک) برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے 190 ملین پاؤنڈز کے کیس میں 3 سابق وزراء نے نیب میں اپنے بیانات قلم بند کرا دئیے۔
ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی، فروغ نسیم اور پی ٹی آئی کے سابق رہنما علی زیدی نے بتایا کہ اس رقم سے متعلق معاملہ کابینہ کے ایجنڈے کا حصہ نہیں تھا۔
تینوں وزراء نے نیب میں اپنے بیان قلمبند کرواتے ہوئے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں ہمیں کوئی بریفنگ دی گئی اور نہ دستاویزات، بس کہا گیا کہ منظوری دے دیں۔
نیب نے تینوں سابق وزراء سے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے 190 ملین پاؤنڈز کیس سے متعلق ایک سے ڈیڑھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔

پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی اصولوں پرنہیں ، ذاتی مفادات کیلئے لڑ رہے ہیں :سراج الحق

لاہور : (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کاکہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی لڑائی اصولوں پر نہیں بلکہ ذاتی مفادات کے لیے ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے چاروں طرف غربت ہے، عدالتوں میں انصاف نہیں مل رہا، عام آدمی کے لیے علاج کی سہولیات میسر نہیں ہیں، ساری تباہی اور بربادی کا ذمہ دار کون ہے؟ سرکاری اور غیر سرکاری منصوبوں کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کیا گیا، ساری تباہی کی وجہ موجودہ اور سابق حکمران ہیں۔
انہوں نے کہا ان تمام کی لڑائی اصولی اختلاف پر نہیں ہے، ان کی آپس میں ذاتی اور مفادات کی لڑائی ہے، پی ٹی آئی بھی یہی کہتی تھی کہ ہم نے پرانی حکومتوں کا گند صاف کرنا ہے، پی ڈی ایم کی حکومت بھی یہی کہتی ہے کہ ہم نے پرانی حکومت کا گند صاف کرنا ہے، جماعت اسلامی نے 75 سال اسلام اور پاکستان کے لیے کام کیا، پاکستان ترقی کرے گا تو ہم سب ترقی کریں گے، معاشی خوشحالی ہوگی تو سب خوشحال ہوں گے، اس وقت 95 فیصد عوام مظلوم ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ عوام کیلئے ایک ہی امید کی شمع ہے اور وہ ہے جماعت اسلامی، ہمارے پاس یکساں نظام تعلیم کا پروگرام ہے، ہمارے پاس نوجوانوں کے روزگار کے لیے پروگرام ہے، اس وقت طاقتور ملک وہ ہے جس کی معیشت اچھی ہے، جاپان ایک چھوٹا ملک ہے لیکن معاشی پاور زیادہ ہے، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے پاس قرضوں کا پروگرام ہے، ہمارے پاس روشنی کا پروگرام ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ قوم آزمائے ہوئے لوگوں پر مزید اعتماد نہ کرے، عام آدمی کا ووٹ ایک فیصلہ کن چیز ہے، اگر ملائیشیا ،جاپان آگے بڑھ سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں آگے بڑھ سکتے، امید ہے لوگ جماعت اسلامی پر اعتماد کریں گے، ہم آپ کو ایک روشن پاکستان دے سکتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان پارٹیوں کو 100سال بھی موقع ملے تو پاکستان ایسے ہی چلے گا، پی ڈی ایم کا کوئی علاج نہیں ہے نہ ان کے پاس ملکی مسائل کا کوئی حل ہے۔

کوٹ ادو میں گھر کے اندر دھماکا، 5 افراد جاں بحق

کوٹ ادو: (ویب ڈیسک) پنجاب کے شہر کوٹ ادو میں گھر کے اندر دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کوٹ ادو کے علاقے دائرہ دین پناہ کے ایک گھر میں دھماکے سے 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری بھی علاقے میں پہنچ گئی، دھماکے کی نوعیت جاننے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ماڈل ٹاؤن کچہری میں ایڈیشنل سیشن ججز تعینات کرنے کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) ماڈل ٹاؤن کچہری میں ایڈیشنل سیشن ججز تعینات کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے ماڈل ٹاؤن کچہری میں ایڈیشنل سیشن ججز تعینات کرنے کا حکم دیدیا، تحصیل کے سائلین کو سیشن کورٹ جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، ایڈیشنل سیشن ججز ماڈل ٹاؤن کی تحصیل کے کیسز پر سماعت کریں گے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد رجسٹرار نے ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل سیشن ججز فوری متعلقہ سٹیشنز پر کام شروع کریں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل تحصیل ماڈل ٹاؤن کے سائلین کو فوجداری کیسز کیلئے سیشن کورٹ جانا پڑتا تھا۔

نئے چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت اقبال حمید الرحمٰن نے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی شرعی عدالت کے نئے چیف جسٹس اقبال حمید الرحمٰن نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے چیف جسٹس شرعی عدالت اقبال حمید الرحمٰن سے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل اور وکلاء نے شرکت کی۔
صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس اقبال حمید الرحمٰن کو وفاقی شرعی عدالت کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد وزارتِ قانون و انصاف نے ان کی تقررری کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا تھا۔
جسٹس اقبال حمید الرحمٰن کو 3 سال کے لیے وفاقی شرعی عدالت کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے، ان کی مدت حلف لینے کے دن یعنی آج سے شروع ہو گی۔
جسٹس اقبال حمید الرحمٰن اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور بعد ازاں سپریم کورٹ کے جج بھی رہ چکے ہیں ۔
اقبال حمید الرحمٰن کا تعلق قانونی چارہ جوئی کرنے والوں اور ججز کے خاندان سے ہے، ان کے والد مرحوم جسٹس حمود الرحمٰن کو 1953 میں مشرقی پاکستان کا ایڈووکیٹ جنرل مقرر کیا گیا جہاں سے 1954 میں انہیں ڈھاکا ہائی کورٹ میں جج کے طور پر ترقی دی گئی۔

وزیر خارجہ اردن کے ولی عہد کی شادی میں شرکت کریں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اردن کے شاہی خاندان کی دعوت پر آج ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ دوئم کی شادی میں شرکت کریں گے۔
اردن کے ولی عہد حسین بن عبداللہ دوئم اور سعودی دوشیزہ رجوہ آل سیف کی شادی کی مرکزی تقریب آج شام عمان کے زہران پیلس میں منعقد ہو رہی ہے ، اس تقریب میں دنیا بھر سے معزز مہمان، سربراہان مملکت، سیاسی و سفارتی شخصیات اور قریبی دوست اور شاہی خاندانوں کے افراد شرکت کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اردن کا دورہ کریں گے، وہ شاہی خاندان کی دعوت پر شاہی شادی میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق اردن سے وزیرخارجہ 5 سے 7 جون تک عراق کا دورہ کریں گے جہاں وہ عراقی قیادت اور اپنے ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔
دورے کے دوران اہم معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے ، وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری عراق کا دورہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد کی دعوت پر کررہے ہیں۔

پاک آرمی کے ویٹرنز کا جناح ہاؤس کا دورہ، 9 مئی واقعات کی مذمت

لاہور: (ویب ڈیسک) پاک آرمی کے ویٹرنز کے وفد نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا اور 9 مئی کو پیش آنے والے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ویٹرنز آف آرمڈ فورسز کے وفد کا کہنا تھا کہ یہ بہت ہی رنجیدہ کر دینے والا واقعہ ہے، بابائے قوم کے گھر کو جلانے والے اور پاکستان کی سرحدوں کے محافظوں کی بے حرمتی کرنے والے شرپسند کسی طور پر بھی قابلِ قبول نہیں۔
وفد نے کہا کہ ان واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، 9 مئی کے دلخراش واقعات کے بعد شہداء کے لواحقین سمیت غازیانِ پاک فوج کے دل بھی صدمے سے دوچار ہیں اور وہ دُکھ کے عالم میں ہیں۔
ویٹرنز آف آرمڈ فورسز نے مطالبہ کیا کہ جو لوگ بھی اس افسوسناک شرپسندی میں ملوث ہیں ان کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیے کیونکہ کوئی بھی محبِ وطن پاکستانی ایسا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی۔
اس بار کراچی سپر ہائی وے کی بجائے مویشی منڈی ناردرن بائی پاس پر لگائی گئی ہے، شہریوں کو منڈی تک پہنچنے کے لیے جمالی پل سے تقریباً 7 کلو میٹر کے بعد ٹریفک سائن بورڈ سے بائیں جانب مڑنا ہو گا پھر 10 کلومیٹر مزید فاصلہ طے کرنا ہو گا۔
راستے میں 8 مقامات پر پولیس کی چوکیاں قائم کی گئی ہیں جبکہ رات میں روشنی کا بھی مؤثر انتظام کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 40 ہزار سے زائد چھوٹے بڑے جانور منڈی پہنچ گئے ہیں جبکہ خریدار، فیملیز اور شوقین افراد کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔

پاکستان مسلسل تیسری بار جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

صلالہ: (ویب ڈیسک) پاکستان نے جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا، قومی ٹیم نے سیمی فائنل میں ملائیشیا کو شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔
ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائیشیا کو 2 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دی، پاکستان کی جانب سے عبدالرحمٰن نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 گول سکور کیے۔ملائیشیا کے پیرابو تنگراجا نے 21 ویں منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کی ، 42 ویں منٹ میں پاکستان کے محمد صفیان نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
44 ویں منٹ میں عبدالرحمٰن نے پاکستان کو برتری دلائی، اگلے منٹ ملائیشیا نے مقابلہ برابر کیا، 47 ویں منٹ میں عبدالحنان شاہد نے فیلڈ گول کرکے پاکستان کو پھر برتری دلادی۔
عبدالرحمٰن نے 48 ویں اور 51 ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کی برتری مستحکم کی، 58 ویں منٹ میں ارباز احمد نے گول کرکے اسکور پاکستان کے حق میں 2-6 کردیا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے مسلسل تیسری اور مجموعی طور پر ساتویں بار ٹورنامنٹ فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔
یاد رہے کہ جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔

ملاقات میں عافیہ صدیقی بار بار کہتی رہیں “مجھے اس جہنم سے نکالو”: سینیٹر مشتاق احمد

ٹیکساس: (ویب ڈیسک) امریکی جیل میں دو پاکستانی بہنوں نے مسلسل دوسرے روز بھی ملاقات کی، جس میں ڈاکٹر عافیہ بار بار کہہ رہی تھیں مجھے اس جہنم سے نکالو۔
ڈاکٹر عافیہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ میں قائم امریکی جیل ایف ایم سی کارزویل میں قید ہیں۔
دوسری ملاقات میں جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان اور انسانی حقوق کے وکیل کلائیو اسمتھ بھی موجود تھے، سینیٹر مشتاق خان نے ٹوئٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کا احوال بیان کیا۔
انھوں نے لکھا ’’ڈاکٹر عافیہ سے 3 گھنٹے ملاقات ہوئی، گفتگو مکمل ریکارڈ ہو رہی تھی، عافیہ صدیقی کی صحت کمزور، بار بار ان کی آنکھوں میں آنسو آ رہے تھے۔‘‘
سینیٹر مشتاق خان کے مطابق ملاقات میں ڈاکٹر عافیہ بار بار کہہ رہی تھی مجھے اس جہنم سے نکالو، ملاقات کے اختتام پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو زنجیروں میں لے جایا گیا۔
سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی چابی واشنگٹن نہیں اسلام آباد میں پڑی ہے، حکمرانوں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا کراؤ۔

کراچی سمیت سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ کے تعلیمی اداروں میں آج سے 2 ماہ کی تعطیلات کا آغاز ہوگیا جبکہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
کراچی سمیت سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں آج سے 2 ماہ کی موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز ہوگیا ہے۔
دوسری جانب اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت انٹر کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کے گرم علاقوں کے پرائمری سکولوں میں بھی آج سے دو ماہ کی چھٹیوں کا آغاز ہو رہا ہے۔

ریاست مخالف جذبات ابھارنے والے شخص کو ایئر ٹائم نہ دیا جائے : پیمرا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا ) نے تمام ٹی وی چینلز کو ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔
پیمرا کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات میں کہا گیا کہ 9 مئی کے واقعات میں سرکاری املاک کو تباہ کیا گیا ، انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالا گیا اور وفاق کو کمزور کرنے کے لیے ریاست مخالف جذبات کو ابھارا گیا۔
پیمرا کے مطابق ریاست مخالف سرگرمیاں سیاسی جماعت کے مشتعل کارکنان نے کیں جس کا مقصد اداروں اور ریاست کو نقصان پہنچانا تھا۔
احکامات میں کہا گیا کہ یہ ایک خوفناک رجحان ہے جس کی مذمت کرنی چاہیے اور ایسی سرگرمیوں کو فروغ دینے والوں کا میڈیا بائیکاٹ ہونا چاہیے۔
پیمرا کی جانب سے مزید کہا گیا کہ نفرت پھیلانے والوں کا بلیک آوٹ کیا جائے اور ریاست مخالف جذبات ابھارنے والے شخص کو ایئر ٹائم نہ دیا جائے۔

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف درخواستوں پر سماعت آج ہوگی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجرایکٹ کیخلاف درخواستوں پر سماعت آج ہو گی، چیف جسٹس کی سربراہی میں 8 رکنی لارجر بنچ سماعت کرے گا۔
حکومت کی جانب سے پیش کیا گیا سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023 پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد صدر مملکت کے دستخط سے قانون بن گیا ہے۔
عدالت نے نئے قانون پر عمل درآمد روکنے کا عبوری حکم دیا تھا، عدالت نے گزشتہ سماعت پر پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ بھی طلب کیا تھا۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے نیا قانون کالعدم قرار دینے کی استدعا بھی کر رکھی ہے۔