امریکا کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل گیا

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکا کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل گیا، پروسیجرل ووٹ منظور ، بل اب ایوان نمائندگان میں پیش کیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایوان میں کارروائی سے متعلق قرارداد 187 کے مقابلے میں 241 ووٹوں سے منظور کرلی گئی ، ووٹ منظور کیے جانے سے بل پر بحث کا آغاز ہوگیا ہے اور اس پر ووٹنگ کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
قرض کی حد اکتیس اعشاریہ چار کھرب ڈالر تک محدود رکھنے کو معطل کیے جانے کا بل کچھ دیر میں ایوان میں پیش کیا جائے گا۔
ایوان میں 213 ڈیموکریٹس اور 222 ری پبلکنز اراکین جبکہ 29 ری پبلکنز کو بل پر اعتراض ہے، اس طرح بل منظور کرنے کے لیے ری پبلکنز کو حریف ڈیموکریٹس کی بھی حمایت درکار ہے۔
ایوان نمائندگان کے ری پبلکن سپیکر کیون مک کارتھی کا کہنا ہے کہ بل پر ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے آٹھ بجے یعنی پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے پانچ بجے ہوگی اور یہ منظور کرلیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قانون سازی کر لی گئی تو قرض کی حد یکم جنوری 2025 تک معطل کردی جائے گی۔

امریکا کا یوکرین کیلئے 300 ملین ڈالر کے نئے امدادی پیکج کا اعلان

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکا کی جانب سے یوکرین کے لیے 300 ملین ڈالر کے نئے فوجی امدادی پیکج کا اعلان کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ روس نے یوکرین کے خلاف ایک وحشیانہ، مکمل طور پر بلا اشتعال جنگ جاری رکھی ہوئی ہے، مزید فضائی حملے شروع کیے ہیں اور یوکرینی شہروں پر بمباری کی ہے۔
جان کربی کا کہنا تھا کہ روس کے حالیہ حملوں میں صرف مئی میں یوکرین کے دارالحکومت کیف کو نشانہ بنانے والے 17 الگ الگ فضائی حملے شامل تھے اور ان حملوں سے شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے ، اس کے جواب میں امریکا یوکرین کو ایسی چیزیں دینے میں مدد جاری رکھے گا جس کی اسے اپنے دفاع کے لیے ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے امدادی پیکج میں ایونجر ایئر ڈیفنس، اسٹنگر اینٹی ایئر کرافٹ سسٹم، ہائی موبلٹی آرٹلری راکٹ سسٹمز کے لیے گولہ بارود اور دیگر آرٹلری کے ساتھ ساتھ اینٹی آرمر سسٹم بھی شامل ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق بائیڈن انتظامیہ نے فروری 2022 میں روس کے حملے کے آغاز سے لے کر اب تک یوکرین کو 37.6 بلین ڈالر سے زیادہ کی سکیورٹی امداد فراہم کی ہے اور امریکا یوکرین کے دفاعی رابطہ گروپ کے 12 اجلاسوں کی قیادت کر چکا ہے جو 50 سے زائد ممالک کا اتحاد ہے اور یوکرین کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔
کربی نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی یوکرین کی آگے بڑھنے میں مدد کے لیے مضبوطی سے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب پینٹاگون نے ایک پریس ریلیز میں یوکرین کو دیئے جانے والے امدادی پیکج کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نئے پیکج کی مالیت 300 ملین ڈالر ہوگی اور اس میں توپ خانے، اینٹی آرمر سسٹم اور گولہ بارود بشمول چھوٹے ہتھیاروں کے لاکھوں راؤنڈز شامل ہیں۔
پینٹاگون نے یوکرین کو پیش کیے جانے والے ہتھیاروں کی مالیت میں کم از کم 3 بلین ڈالر کا تخمینہ لگایا ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین کے لیے تازہ ترین پیکج بائیڈن انتظامیہ کی طرف سے منظور شدہ 39 واں پیکج ہے۔

بلوچستان میں دہشتگردوں کا سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ، 2 جوان شہید

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔
بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے سنگوان میں پاک ایران سرحد پر سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے بڑا حملہ کیا، پوسٹ پر تعینات اہلکاروں نے دہشتگردوں کے حملے کا بھرپور جواب دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے، فورسز نے دہشت گردوں کو کامیابی سے پیچھے دھکیل دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید اہلکاروں میں 34 سالہ سپاہی حسنین اشتیاق کا تعلق ڈی جی خان اور 27 سالہ سپاہی عنایت اللہ جھل مگسی کے رہائشی تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں فوری طور پر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا، دہشتگردوں کو سرحد پار فرار ہونے سے روکنے کیلئے ایرانی حکام سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن اور استحکام کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔

مشن اسلام آباد : جہانگیر ترین کی اپنی پارٹی کے قیام سے متعلق مشاورت جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جہانگیر ترین کا مشن اسلام آباد ، جہانگیر ترین کا اپنی پارٹی کے قیام سے متعلق مشاورتی عمل جاری ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے کئی رہنماؤں کے پارٹی چھوڑ جانے کے بعد ملک میں سیاسی منظر نامہ تیزی سے بدل ہو رہا ہے ، ایسے میں پی ٹی آئی کے سابق رہنما جہانگیر ترین بھی سیاست میں دوبارہ متحرک ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین آج بھی اسلام آباد میں اہم ترین شخصیات سے ملاقاتیں کرینگے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ پنجاب سے پی ٹی آئی چھوڑنے والی اہم ترین شخصیت کا جہانگیر ترین سے رابطہ ہوا ہے ، علاوہ ازیں جہانگیر ترین نے اپنے گروپ کے مختلف ممبران سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین اہم ملاقاتوں کے بعد آج لاہور روانہ ہوجائیں گے۔

(ق) لیگ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف درخواستوں پر جواب جمع کرادیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ق) نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر اپنا جواب جمع کرادیا۔
(ق) لیگ کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ ایکٹ سے عدلیہ کی آزادی میں کمی نہیں اضافہ ہو گا کیونکہ ایکٹ کا سیکشن 4 سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار کو وسیع کرتا ہے، ایکٹ کا سیکشن 3 عدلیہ کے 184(3) کے اختیار کے استعمال کو کم نہیں کرتا۔
(ق) لیگ نے مؤقف اپنایا کہ سیکشن 3 چیف جسٹس کے ازخود نوٹس کے اختیار کا استعمال سینئر ججز سے مل کر استعمال کا کہتا ہے، کمیٹی کے مقدمات مقرر کرنے اور ازخود نوٹس کے اختیارات کے استعمال سے عوامی اعتماد بڑھے گا۔
(ق) لیگ نے اپنے جواب میں مزید کہا کہ ملک میں چلنے والی وکلاء تحریک کے بعد ریفارمز کے موقع کو گنوا دیا گیا، سابقہ چیف جسٹسز افتخار چودھری ،گلزاراحمد اور ثاقب نثار نے اختیارات کا متحرک استعمال کیا جس کے نتائج سٹیل مل، پی کے ایل آئی اور نسلہ ٹاور کی صورت میں سامنے آئے، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ جیسی قانون سازی سے ایسے نتائج سے بچا جاسکتا تھا، آزاد عدلیہ کا مطلب ہر جج کی بغیر پابندی، دباؤ اور مداخلت کے فرائض کی انجام دہی ہے۔
مسلم لیگ (ق) نے اپنے جواب میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف درخواستیں خارج کرنے کی استدعا کی ہے۔

روپے کی قدر میں بہتری، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کو بڑا جھٹکا

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹربینک کے بعد اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 19 روپے کمی دیکھی گئی جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 298 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
انٹر بینک میں بھی ڈالر کی قیمت 32 پیسے کم ہوئی ہے، کمی کے بعد انٹربینک میں امریکی کرنسی 285 روپے 15 پیسے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر 285 روپے 47 پیسے پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب ریال کی قیمت میں ایک روپے 40 پیسے کمی ہوئی جس کے بعد سعودی کرنسی 82 روپے پر فروخت ہو رہی ہے جبکہ یو اے ای درہم بھی ایک روپے سستا ہو کر 84 روپے 50 پیسے کا ہوگیا ہے۔

عدالتی حکم کے باوجود شہریار آفریدی کی دوبارہ گرفتاری، آئی جی اسلام آباد کو نوٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کی عدالتی حکم کے باوجود دوبارہ گرفتاری پر آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کردیا گیا۔
شہریار آفریدی کی رہائی کے بعد گرفتاری پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں وکیل شہر افضل مروت نے دلائل میں کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود شہریار آفریدی کی دوبارہ گرفتاری کی گئی اور کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
توہین عدالت کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سٹیٹ کونسل کو ہدایت کی کہ اب تک متعلقہ عدالت میں کیوں نہیں پیش کیا گیا، کل تک اس معاملے پر جواب دیں۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آج ہدایت کے ساتھ ہماری درخواست نمٹا دیں، کل کیس بھی لگا ہوا ہے، شہریار آفریدی کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے، عدالت سے درخواست کی گئی کہ آپ نے ڈیتھ سیل سے نکالنے کا زبانی حکم دیا تھا، تحریری حکمنامہ جاری کردیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دئیے کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ہمارے آرڈر کی تعمیل نہ کی گئی ہو؟ توہین عدالت کا کیس ہے، اس کو ہم نمٹا نہیں رہے، کل دوبارہ سماعت رکھیں گے۔
بعد ازاں عدالت نے شہریار آفریدی کی جانب سے پولیس کے خلاف دائر کی گئی توہین عدالت درخواست کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

پی ٹی آئی کارکنوں کی نظر بندی کالعدم قرار، تمام افراد کی فوری رہائی کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے 9 مئی کے واقعہ کے بعد نظر بند تمام افراد کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس صفدر سلیم شاہد نے 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
عدالت نے فیصلہ دیا کہ لاہور سمیت پنجاب کے 11 اضلاع میں پی ٹی آئی کارکنوں کی نظری بندی کے احکامات غیر قانونی ہیں، عدالت نے نظر بندی کے احکامات کالعدم قرار دے دیئے۔
فیصلے کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر افراد کی نظربندی کے احکامات کو خلاف قانون قرار دیا گیا، اس کے علاوہ لاہور، وزیر آباد، جھنگ، شیخوپورہ، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں کارکنوں کی نظربندی کے احکامات بھی کالعدم قرار دیئے گئے۔
گجرات، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی کارکنوں کی نظربندی کالعدم قرار دے دی گئی۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کے حیران کن واقعہ نے پرامن اور جمہوری ملک کی مسخ شدہ تصویر پیش کی، امن وامان قائم رکھنا حکومت کی ذمہ داری تھی، 9 مئی کو سیاسی لیڈر کی گرفتاری پر ملک بھر میں افسوسناک ردعمل آیا، حکومت نے 9 مئی کے واقعہ پر بغیر سوچے سمجھے لاتعداد نظربندی کے احکامات جاری کئے۔
فیصلے کے مطابق حکومت کے پاس اگر کوئی شواہد موجود تھے تو فوجداری مقدمات میں گرفتاری کیلئے بہت وقت تھا، گرفتار افراد کو الزامات کا پتہ تو ہو تاکہ وہ اپنا دفاع کر سکیں، ڈی سی کے نوٹیفکیشن میں صرف ڈی پی او کی رپورٹ پر شہریوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا، ڈی سی کا نظر بندی کا فیصلہ پبلک مینٹیس آرڈیننس 1960 کے سیکشن 3 کی خلاف ورزی ہے، تمام نظربند افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواستیں خارج

لاہور: (ویب ڈیسک) عدالت نے 9 مئی کو ہونے والے پرتشدد واقعات پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواستیں خارج کردیں۔
درخواست گزاروں کی جانب سے 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی استدعا کی گئی تھی، جس پر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے محفوظ فیصلہ سنا دیا، جس میں عدالت نے 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواستیں خارج کردیں۔
لاہور ہائی کورٹ نے درخواست گزاروں کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جب کہ سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے درخواستوں کی مخالفت کی تھی۔

کیا آئین شہریوں کی کالز ریکارڈنگ کی اجازت دیتا ہے؟ عدالت نے جواب طلب کرلیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے آڈیولیک تحقیقات کے لیے قائم خصوصی کمیٹی کی تشکیل کے خلاف درخواست پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹےکی طلبی کا سمن معطل کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے 7 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔
تحریری حکم نامے میں عدالت نے عام افراد کی ٹیلیفونک گفتگو کی ریکارڈنگز اور آڈیولیکس پر اٹارنی جنرل سے معاونت طلب کی ہے۔
عدالت نے وفاق، وزارت داخلہ، وزارت دفاع اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو بھی پٹیشن میں فریق بنانے کی ہدایت کی ہے، سیکرٹری قومی اسمبلی سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے شق وار جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عدالت نے اعتزاز احسن، مخدوم علی خان، رضا ربانی اور محسن شاہنواز رانجھا کو عدالتی معاونین مقرر کیا ہے۔
تحریری حکم نامے میں عدالت نے کہا ہے کہ بتایا جائے کیا آئین اور قانون شہریوں کی کالز کی سرویلنس اور خفیہ ریکارڈنگ کی اجازت دیتا ہے؟ اگر فون ریکارڈنگ کی اجازت ہے تو کون سی اتھارٹی یا ایجنسی کس میکنزم سے یہ کام کرسکتی ہے؟ آڈیو ریکارڈنگ کو خفیہ رکھنے اور اس کا غلط استعمال روکنے سے متعلق کیا سیف گارڈز ہیں؟ اگر اجازت نہیں تو شہریوں کی پرائیویسی کی خلاف ورزی پر کون سی اتھارٹی ذمہ دار ہے؟
عدالت نے سوال کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر ریکارڈ کی گئی کالز کو ریلیز کرنے کی ذمہ داری کس پر عائد ہو گی؟ بتائیں کہ کیا پارلیمنٹ کسی پرائیویٹ شخص کے معاملے پر انکوائری کرسکتی ہے؟ کیا رولز اجازت دیتے ہیں کہ سپیکر عام افراد کی گفتگو لیک ہونے پر خصوصی کمیٹی بنائیں؟ پارلیمنٹ کے احترام اور تحمل کرتے ہوئے خصوصی کمیٹی کا نوٹیفکیشن معطل نہیں کر رہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم نامے کے مطابق پٹیشنر نجم الثاقب کو خصوصی کمیٹی کی طلبی کا سمن معطل ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی شہر میں جاری ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شہر میں جاری میگا ترقیاتی پراجیکٹس کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت لاہور کے میگا پراجیکٹس پر پیشرفت بارے جائزہ اجلاس ہوا، صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، متعلقہ سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن ڈی جی ایل ڈی اے، نیسپاک، ایف ڈبلیو او اور ڈی جی پی ایچ اے اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس میں ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے، نوازشریف انٹرچینج انڈر پاس، کیولری سگنل فری روڈ پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، ارفع کریم ٹاور، فیروز پور روڈ تا پائن ایونیو، ستوکتلہ نالہ اور مین بلیو وارڈ تا والٹن، سی بی ڈی پراجیکٹ پر رپورٹس وزیراعلیٰ کو پیش کی گئیں۔
محسن نقوی نے شہر میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس کو جلد مکمل کرنے اور نئے پراجیکٹس کے تعمیراتی کام کے آغاز کو جلد از جلد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے ایئر پورٹ پر شجر کاری اور لینڈسکیپنگ پراجیکٹ کے لئے پی ایچ اے کو جلد ازجلد کارروائی مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی، محسن نقوی نے مال روڈ کی گرین بیلٹ کی حالت بہتر بنانے کے لئے بھی احکامات جاری کر دیئے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فلاح عامہ کے پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کیلئے ٹائم لائن مقرر کر دی، وزیراعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں ترقیاتی پراجیکٹس کے تعمیراتی کاموں کو مقرر کردہ مدت میں مکمل کیا جائے گا، ایئرپورٹ پر رن وے کے ساتھ لینڈ سکیپنگ کی جائے گی، تمام چوراہوں اور سڑکوں پر شجرکاری کی جائیگی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پراجیکٹس کے آغاز کے لئے ڈیزائن اور دیگر ضروری امور فی الفور طے کئے جائیں، عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پراجیکٹس پر تعمیراتی کاموں کے دوران متبادل ٹریفک کا بہترین پلان تیار کیا جائے، شہریوں کو آمدورفت میں پریشانی سے بچانے کے لئے ٹریفک مینجمنٹ کے ذریعے متبادل روٹ تجویز کئے جائیں۔

مستونگ: مسافر وین اور بس میں تصادم ، خاتون سمیت 4افراد جاں بحق

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع مستونگ کےقر یب قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت 4افراد جاں بحق ہوگئے۔
افسوس ناک حادثہ مستونگ کےقر یب قومی شاہراہ پر جنگل کراس کے قریب پیش آیا جہاں کوئٹہ سے خضدار جانیوالی مسافر ویگن اور مستونگ سے کوئٹہ جانیوالی بس آپس میں ٹکرا گئیں ۔
حادثے میں ایک خاتون سمیت 4 افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ 7 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں اور لاشوں کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کردیا ۔

حکمرانوں کا لالچ ذلت اور رسوائی کی آخری حد تک پہنچ چکا ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریاست اور سیاست میں ریاست لازم و ملزوم ہے، جس طرح چادر اور چاردیواری کی بے حرمتی اور تھانوں میں رشوت وصول کی جا رہی ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے لے کر آسٹریلیا تک اور چین سے لے کر سعودی عرب تک سب سمجھا رہے ہیں کہ عقل کے ناخن لیں لیکن حکمرانی کی لالچ ذلت اور رسوائی کی آخری حد تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کھوٹا سکہ ثابت ہوئی، غریب حقیر و ذلیل ہوگیا، امیر فقیر و رسوا ہوگیا، کاروبار تباہ ہوگئے، ڈالر 320 کا بھی نہیں مل رہا، سیاسی، معاشی، اقتصادی تباہی ہو رہی ہے، میں 50 سال سے ایک سیٹ کی سیاست کرتا ہوں اور میری اپنی پارٹی عوامی مسلم لیگ ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ 4 مرتبہ میرے گھروں پر وحشیانہ چھاپے مارے اور توڑپھوڑ کی گئی ہے، پولیس افسران جو ہمیشہ میرے گھروں سے میری دونوں گاڑیاں اغوا کرنے اور ملازموں پر تشدد کرنے کے شوقین ہیں، ان کی ویڈیوز موجود ہیں۔
اشفاق وڑائچSHOشفقت SHOاوراُنکےافسران جوہمیشہ میرےگھروں سےمیری دونوں گاڑیوں کےاغواکرنےاورملازموں پرتشددکرنےکےشوقین ہیں انکی وڈیوزموجودہیں صرف موسم بہارکاانتظارکریں قانون کےشکنجے میں آکررہیں گےKPKمیں پولیس ڈرتی ہےپنجاب اوراسلام آباد میں بیویوں بیٹوں کی بےحرمتی کرتی ہےلیکن آخرکب تک؟
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ صرف موسم بہار کا انتظار کریں، قانون کے شکنجے میں آ کر رہیں گے، خیبر پختونخوا میں پولیس ڈرتی ہے، پنجاب اور اسلام آباد میں بیویوں ،بیٹیوں کی بے حرمتی کرتی ہے لیکن آخر کب تک۔